Author: رابعہ نور

  • کوہسار یونیورسٹی مری کے پنجاب ہاؤس کیمپس میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

    کوہسار یونیورسٹی مری کے پنجاب ہاؤس کیمپس میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

    کوہسار یونیورسٹی مری کے پنجاب ہاؤس کیمپس میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء نے مختلف پرفامنسسز پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم اینڈ ہاسپیٹلیٹی مینجمنٹ نے ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز اور ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی کے اشتراک سے کوہسار یونیورسٹی مری کےخوبصورت پنجاب ہاؤس کیمپس میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلطان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر محسن اقبال، ڈاکٹر عبدالصمد انچارج فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ مینجمنٹ اور دیگر فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔

    ڈاکٹر محسن حسن خان ہیڈ میڈیا اینڈ سوشیالوجی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب کے دوران طلباء نے لائیو تھیٹر پرفامنسسز، سنگنگ اور مختلف گیمز میں حصہ لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد سلطان نے کہا اس طرح کی تقریبات چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے اہم ہیں اور ان کا کثرت سے انعقاد کیا جانا چاہیے۔ آخر میں ڈاکٹر عدنان احمد ڈوگر، انچارج پنجاب ہاؤس کیمپس نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

  • اسپرنگ فیسٹیول: کوہسار یونیورسٹی مری میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب

    اسپرنگ فیسٹیول: کوہسار یونیورسٹی مری میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب

    ‎کوہسار یونیورسٹی مری کے زیرِ اہتمام دو روزہ اسپرنگ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ جاوید اختر محمود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈپٹی چیف آف کمیشن امریکن ایمبیسی اینڈریو جیمز شافر، لارنس کالج کے پرنسپل برگیڈئیر (ر) مجاہد عالم اور نیشنل انکیوبیشن سنٹر کے ڈائریکٹر پرویز عباسی سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔

    فیسٹیول میں طلبہ اور اسٹاف کی جانب سے مختلف اسٹالز لگائے گئے جن میں دیسی پکوان، روایتی کلچر، آرٹ کی نمائش، لیب ٹیسٹنگ، فزکس کے جدید پراجیکٹس کی نمائش، پودوں کی نمائش اور گیمنگ زون شامل تھے۔

    اس موقع پر یونیورسٹی کے طلبہ نے آرٹس کونسل مری کے اشتراک سے مختلف علاقائی اور تاریخی ڈرامے پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

    فیسٹیول کے دوران پنجابی کے معروف لوک گلوکار فضل عباس جٹ نے علاقائی موسیقی پر مبنی اپنی بہترین پرفارمنس پیش کر کے شرکا کو محظوظ کیا۔ فیسٹیول میں طلبہ نے روایتی علاقائی رقص بھی پیش کیا جس سے حاضرین خوب لطف اندوز ہوئے۔ فیسٹیول کے دوران بیت بازی کے مقابلے اور آرٹ کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔

    اس موقع پر سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر ذاکر اللہ، کرنل اقبال تاج اور سینیئر سیشن جج جہانگیر بخاری نے بطورِ مہمان شرکت کر کے طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔

    فیسٹیول کے اختتام پر وائس چانسلر کوہسار یونیورسٹی مری پروفیسر ڈاکٹر حبیب علی بخاری نے آرگنائزرز کی خدمات کو سراہا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس فیسٹیول کا بنیادی مقصد سیاحت اور ثقافت کا فروغ اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

  • معاوضہ لے کر داتا دربار پر دعا کرنے والا ’فری لانسر‘

    معاوضہ لے کر داتا دربار پر دعا کرنے والا ’فری لانسر‘

    دنیا بھر کے نوجوان فری لانسنگ ویب سائٹس پر اپنی صلاحیتوں اور ہنر کے ذریعے لاکھوں کروڑوں روپے کما رہے ہیں، لاہور کے ایک نوجوان نے بھی انوکھا کاروبار شروع کر کے اپنی آمدن شروع کردی۔

    لاہور سے تعلق رکھنے والے نوجوان ولید عارفین نے فری لانسنگ کی ویب سائٹ پر اشتہار دیا ہے کہ وہ کسی بھی خواہش مند کے لیے داتا دربار پر دعا کرسکتے ہیں۔

    ولید نے اپنے اشتہار میں 3 پیکجز کی پیشکش کی ہے، پہلے پیکج میں داتا دربار پر صرف دعا کرنا ہے، دوسرے پیکج میں دعا کے ساتھ دیا یا چراغ جلانا ہے، جبکہ تیسرے پیکج میں لنگر تقسیم کرنا ہے۔

    تینوں پیکجز کی قیمت بالترتیب 25، 45 اور 100 ڈالر ہے۔

    ولید کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ کام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے شروع کیا ہے جو کسی وجہ سے پاکستان نہیں آسکتے، لیکن کسی نہ کسی بزرگ کے سلسلے سے ان کا تعلق ہے اور ان بزرگان دین کے دربار پر مانگی جانے والی منتوں اور دعاؤں پر یقین رکھتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ صرف داتا دربار ہی نہیں بلکہ لاہور میں موجود دیگر مزارات پر بھی اگر کوئی دعا کروانا چاہے تو وہ ان کا یہ کام کردیں گے۔

    ولید کا کہنا ہے کہ وہ فی سبیل اللہ بھی کسی کے لیے دعا کرسکتے ہیں تاہم ان کی طلب شدہ رقم ان کے سفری اخراجات کے لیے ہے۔

    ولید کو اب تک 15 سے زائد آرڈرز موصول ہوچکے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ان کا یہ تجربہ کامیاب ٹھہرے گا۔

  • خواتین کا ایک روزہ کاروباری میلہ

    خواتین کا ایک روزہ کاروباری میلہ

    لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل میں ایک روزہ خواتین کاروباری میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں خواتین کا ایک روزہ کاروباری میلہ منعقد کیا گیا، جس میں لاہور کالج کی طالبات، کنیئرڈ کالج اور جی سی یو کے زیر اہتمام مباحثے کا مقابلہ کیا گیا۔

    تقریب میں نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار، سیکریٹری این سی ایس ڈبلیو عارف انور بلوچ اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

    نیلوفر بختیار کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں خواتین پر تشدد کے خلاف 16 دن کی مہم چلائی جا رہی ہے، اس سلسلے میں مقامی سماجی اداراہ بھی سلسلہ وار تقریبات کا انعقاد کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا نیشنل کمیشن کا مقصد خواتین کے خلاف تشدد اور گھریلو تشدد کی روک تھام اور مقابلہ کرنے کے قانون کی تعمیل میں تشدد کے مقدمات کا جواب دینے کے لیے مقامی حکام کی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔

    چیئرپرسن اے پی ڈبلیو اے اور ممبر این سی ایس ڈبلیو روحی سید نے اپنے خیر مقدمی نوٹ میں ایک مطالعاتی دورے اور ایک بین الاقوامی سیمینار کے ذریعے سرکاری عہدے داروں کے درمیان خواتین کے خلاف تشدد بشمول جنسی تشدد کے کیسز کے بارے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ضرورت کے بارے میں بیداری بڑھانے پر زور دیا۔

    تقریب کے آخر میں طالبات کو نقدی انعامات اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔

  • معروف کردار ہیری پوٹر کا جادو لاہور پہنچ گیا

    معروف کردار ہیری پوٹر کا جادو لاہور پہنچ گیا

    لاہور : گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں طلسماتی ہیری پوٹر فیسٹیول جاری ہے۔ یونیورسٹی کی ڈیڑھ سو سال پرانی عمارت جادوئی اسکول ہوگ وارٹ کا منظر پیش کرنے لگی۔

    یہ کوئی جادونگری نہیں بلکہ لاہور کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے مناظر ہیں جسے طلبا و طالبات نے ہیری پوٹر فلم میں ہوگورٹ اسکول کے طور پرپیش کیا ہے۔

    gcu lahore harry potter

    ہیری پوٹر فیسٹیول میں ناصرف یہ فلم دکھائی جا رہی ہے بلکہ طلبا و طالبات نے یونیورسٹی کے ایک ہال کو اس انداز میں سجایا ہے کہ ایسا لگتا ہے ہیری پوٹر فلم کے کسی جادوئی منظر میں پہنچ گئے ہوں۔

    جی سی یونیورسٹی لاہور میں کہیں جادوئی جھاڑو ہوا میں معلق ہے، تو کہیں چمگادڑیں الٹی لٹکی ہیں، اسی طرح چھ دن تک اس فیسٹیول میں ہیری پاٹر کاجادو چلتا رہے گا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کالج کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے کہا کہ جادو کی دنیا پر مبنی اس فلم میں کالج کے طالب علموں نے اپنے محدود وسائل سے نئی تاریخ رقم کر ڈالی ہے۔

    ہیری پوٹر جی سی یونیورسٹی میں پہنچ گیا

    ڈاکٹر اصغر زیدی کا طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ طالب علموں نے جادو اور فکشن سے بھرپور یہ فلم بناکر ثابت کر دیا کہ ان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔

    ہیری پورٹر کی مصنفہ نے 'ہیری پورٹر ایٹ ہوم کلب' متعارف کروادیا

     

  • لاہور: پاکستانی طلبہ کے لیے انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح

    لاہور: پاکستانی طلبہ کے لیے انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح

    لاہور: امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور نے 214 پاکستانی طلبہ کے لیے انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں امریکی قونصل جنرل ولیم مکانیولے نے انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے طلبہ اور اساتذہ میں ڈیجیٹل ٹیبلیٹس تقسیم کیے۔

    یہ تقریب اس لیے منعقد کی گئی تھی کہ کووڈ 19 کی وبا کو روکنے کے لیے انگلش ورکس پروگرام آن لائن منعقد کیا جا سکے۔

    اس موقع پر قونصل جنرل ولیم مکانیولے کا کہنا تھا کہ پروگرام سے حاصل کی گئی صلاحیتیں طلبہ و طالبات کو ان کی تعلیم اور عملی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے میں مددگار ہوں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ تربیت طلبہ کو خوش حال اور پُر امن پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کرنے والا سماجی رہنما بنائے گی۔

    اس موقع پر قونصل جنرل کا کووڈ 19 کی ویکسینیشن سے متعلق آگہی کے لیے موسیقی کی دھن پر گایا ہوا گیت بھی پیش کیا گیا۔

  • لاہور : ڈاکٹر نادیہ معذوری کے باوجود ہمت اور حوصلے کی مثال بن گئیں

    لاہور : ڈاکٹر نادیہ معذوری کے باوجود ہمت اور حوصلے کی مثال بن گئیں

    لاہور : ملک و قوم کی خدمت کا مقصد اور جذبہ سچا ہو تو جسمانی معذوری اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، اور یہ کام لاہور کی ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر نادیہ نے کر دکھایا ہے۔

    لاہور کی ڈاکٹر نادیہ کسی بھی رکاوٹ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ہمت اورحوصلے کی مثال بن گئیں، انہوں نے پولیو سے ہونے والی معذوری کو اپنی طاقت بنالیا وہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے جنگ لڑ رہی ہیں۔

    ڈاکٹر نادیہ جو نو ماہ کی عمر میں پولیو جیسے موذی مرض کا شکار ہوگئی تھیں لیکن تمام ترمصائب کے باوجود انہوں نے اپنی معذوری کو مجبوری نہ بننے دیا اور آج بطور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ لاہور میں انسداد پولیو مہم چلارہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نادیہ نے بتایا کہ بچپن میں میری ایکسی نیشن اس طرح سے نہیں ہوئی جس طرح ہونے چاہیے تھی لیکن مین چاہتی ہوں کہ پاکستان کا کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔

    ڈاکٹر نادیہ خود تمام پولیو ٹیموں کو مانیٹر کرتی ہیں تاکہ ہر بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پیے اور کوئی بھی ان کی طرح کوئی معذوری کاشکار نہ ہو۔

    ڈاکٹر نادیہ اپنی لگن اور محنت کی وجہ سے تمام پولیو ورکرز کے لئے مشعل راہ بن گئی ہیں، نادیہ کی پولیو کےخلاف جنگ تو پیدا ہوتے ہی شروع ہوگئی تھی لیکن پانچ سال سے وہ بطور ذمہ دار افسر مہم کا باقاعدہ حصہ ہیں۔

    روزانہ دفتر میں پولیو سے متعلق امور کے انجام دہی کے بعد اپنی ٹیم کے ساتھ علاقے کی گلیوں میں سرگرم رہتی ہیں تاکہ کوئی بچہ پولیو قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے، محکمہ صحت کے افسران کی جانب سے پولیو مہم کو موثر بنانے کیلئے ڈاکٹرنادیہ کی مثال قابل تقلید ہے۔

  • لاہور کے ننھے بھائیوں نے طبلہ بجا کر لوگوں کو حیران کردیا

    لاہور کے ننھے بھائیوں نے طبلہ بجا کر لوگوں کو حیران کردیا

    لاہور سے تعلق رکھنے والے دو سگے بھائیوں نے طبلے پر پاکستان کا قومی ترانہ اور اے آر وائی نیوز کی موسیقی کی دھن بجاکر لوگوں کو حیران کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گیارہ سالہ رائن زار اور آئزک زار انتہائی ذہین ننھے بھائی ہیں، جنہوں نے انگلیوں کا جادو جگاکر سب کو حیران کیا، دونوں بھائی ایسا زبردست طبلہ بجاتے ہیں کہ بڑے بڑے دنگ رہ جاتے ہیں، اب یہ استاد رستم فتح
    علی سے گلوکاری بھی سیکھ رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں آئزک زار کا کہنا تھا کہ مجھے گانا گانے کا بہت شوق ہے، میری خواہش ہے کہ جب اپنی گلوکاری مکمل کروں تو سب سے پہلے اذان دو، ساتھ ہی آئزک زار نے طبلے کے ساتھ گہری وابستگی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب میں طبلہ بجاتا ہو تو مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ میں اس میں سماں گیا ہو، پھر مجھے کچھ یاد نہیں رہتا۔

    تعلیم کے حوالے سے آئزک زار کا کہنا تھا کہ بڑے ہوکر ایئر لائن جوائن کرنے کی خواہش ہے۔

    رائن  زار نے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران بوریت ختم کرنے کے لئے وائلن اور پیانو پر عبور حاصل کیا، طبلے بجانے کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم پر بھی بہت توجہ دیتا ہوں اور بڑے ہوکر پلاسٹک سرجن بننا چاہتا ہوں۔

  • باحجاب نیزہ باز تحریم فاطمہ پاکستان کا نام دنیا میں روشن کرنے کیلئے پرعزم

    باحجاب نیزہ باز تحریم فاطمہ پاکستان کا نام دنیا میں روشن کرنے کیلئے پرعزم

    لاہور : پاکستان کی پہلی باحجاب خاتون نیزہ باز تحریم فاطمہ نے گھڑ سواری اور نیزہ بازی کے میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے، ان کا کہنا ہے کہ اب وہ پاکستان کی پہلی خاتون ٹرینر بھی بننا چاہتی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز  سے گفتگو کرتے ہوئے تحریم فاطمہ نے کہا کہ نیزہ بازی ہرگز آسان کام نہیں لیکن مردوں کے مقابلے میں مہارت سے یہ کھیل کھیلتی ہوں اور حجاب کبھی میری راہ میں حائل نہیں ہوا۔

    تحریم فاطمہ نے کہا کہ میں نیزہ بازی گزشتہ دو تین سال سے کررہی ہوں اور میں پہلی خاتون کھلاڑی ہوں کہ جس نے گزشتہ سال ملکی سطح پر کھیل میں حصہ لیا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کھیل میں پاکستان کی قومی ٹیم نہیں ہے میری خواہش ہے کہ میں خواتین کی ایسی ٹیم تشکیل دوں جو ملک سے باہر جاکر پاکستان کی نمائندگی کرے۔

    حجاب کے ساتھ نیزہ بازی کا مشکل کھیل شاندار انداز میں کھیل کر تحریم فاطمہ خواتین کیلئے گھڑ سواری کے میدان میں بھی نئی راہیں کھول رہی ہیں۔

  • لاہور میں بیوٹی پارلر کھلتے ہی خواتین سجنے سنورنے پہنچ گئیں

    لاہور میں بیوٹی پارلر کھلتے ہی خواتین سجنے سنورنے پہنچ گئیں

    لاہور : صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بیوٹی پارلر کھلتے ہی خواتین سجنے سنورنے پہنچ گئیں۔

    ‌تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بیوٹی پارلر کھولنے کی اجازت ملنے کے بعد لاہور میں خواتین نے خوبصورت نظر آنے کے لیے بیوٹی پارلر کا رخ کر لیا۔

    ایم پی اے سعدیہ سہیل بھی پارلر کھلنے کے انتظار میں بیٹھی تھیں، ایس او پیر چیک کرنے گئیں تو لیزر ٹریٹمنٹ بھی کروا لیا۔

    اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے سعدیہ سہیل نے کہا کہ میں یہاں آئی اور دیکھا کہ یہ کتنے ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں۔ایم پی اے کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عمل کرنے کے حوالے سے مطمئن ہونے کے بعد میں نے بھی ٹریٹمنٹ کر وا لیا۔

    پارلر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ان دنوں خواتین کا کافی رش ہوتا تھا، لیکن کرونا کی وجہ سے اب اتنا رش نہیں، اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ایک وقت میں ایک کسٹمر کو ڈیل کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے پنجاب میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے پیش نظر بیوٹی پارلر، جم، حجام اور ہیلتھ کلب کے لیے ایس او پیز جاری کیے تھے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ بیوٹی پارلر اور حجام کی دکانوں میں ایک وقت میں ایک گاہک کی حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ رش نہ ہو۔