Author: رافع حسین

  • کراچی میں 27 ہزار والدین کا پولیو ویکسین پلانے سے انکار کا انکشاف

    کراچی میں 27 ہزار والدین کا پولیو ویکسین پلانے سے انکار کا انکشاف

    کراچی : وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی کے ستائیس ہزار والدین نے پولیو ویکیسن پلانے سے انکار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیو مہم کا آغاز وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سہراب گوٹھ سے بچوں کو قطرے پلا کر کیا، اس موقع پر وزیر صحت نے انکشاف کیا کہ شہر میں ستائیس ہزار والدین نے پولیو ویکسین پلانے سے انکار کر دیا ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے والدین کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کے دشمن نہ بنیں، کیونکہ پولیو کا کوئی علاج نہیں جبکہ کینسر کا علاج موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھی مسلمان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، لیکن ہمارے ہاں اسے غلط رنگ دے کر بچوں کے مستقبل سے کھیلا جا رہا ہے۔

    وفاقی وزیر صحت نے واضح کیا کہ کسی کو زبردستی پولیو ویکسین نہیں پلائی جائے گی اور نہ ہی پولیس والدین کو مجبور کرنے کے لیے گھروں میں جائے گی، تاہم والدین کو سوچنا ہوگا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے بغیر وہ اپنے ہی بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

    اس موقع پر افغانی قونصل جنرل عبدالجبار نے بھی والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے پولیو ویکسین لازمی پلائیں۔

    وزیر صحت نے علاقہ عمائدین کو بھی مہم میں شامل کرنے کا اعلان کیا تاکہ والدین کو بہتر انداز میں آگاہی دی جا سکے۔

    این ای او سی کے مطابق ملک بھر میں دو کروڑ اسی لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

  • ویڈیو رپورٹ: 1952 میں دوسرے گورنر جنرل خواجہ ناظم  الدین کے نام سے آباد علاقہ اب برباد

    ویڈیو رپورٹ: 1952 میں دوسرے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین کے نام سے آباد علاقہ اب برباد

    1952 میں دوسرے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین کے نام سے آباد کیا جانے والا علاقہ ناظم آباد اب برباد ہے!

    کراچی کا علاقہ ناظم آباد بارش کے بعد اُبلتے گٹروں، سیوریج کے بد حال نظام اور تباہ حال انفرا اسٹرکچر سے جھوجھ رہا ہے۔ علاقے میں اٹھتا تعفن، کھلے گٹر شہریوں کے لیے ذہنی کوفت کا باعث بن چکے ہیں۔ شہریوں کی شکایات کے باوجود نہ نکاسی ہو سکی نہ سیوریج لائن کی درستگی ممکن ہوئی۔

    پاکستانی نوجوان نے موبائل سے گاڑی چلا کر سب کو حیران کر دیا

    بارش کے بعد مختلف بلاکس میں کھلے مین ہول، ابلتے گٹر، سیوریج کا بوسیدہ نظام اور تباہ حال انفرا اسٹرکچر ہر طرف بربادی کی داستان بیان کرتے ہیں۔ معروف شخصیات، کھیل کے میدان، لائبریریاں، مشہور کالجوں سے جانا جانے والے ضلع وسطی کے اس پوش علاقے کی پہچان اب گرد آلود فضا، کئی کئی عرصے سے جمع تعفن زدہ سیوریج کا پانی اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں بن چکی ہیں۔

    علاقہ مکین کہتے ہیں شکایتیں بہت کر لی ہیں، کوئی سننے والا نہیں۔ بد حال بلدیاتی نظام کے باعث علاقے میں قائم سرکاری کالج، پلے گراؤنڈ اور اسکول سمیت شہری بھی متاثر ہیں، جب کہ سڑکوں پر کچرے کے ڈھیر نے علاقہ مکینوں کو ذہینی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے لیکن متعلقہ ادارے ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہیں۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • کراچی: بارش کے پانی کی نکاسی کا کام کہاں کہاں مکمل ہوگیا؟ رپورٹ کمشنر کو پیش

    کراچی: بارش کے پانی کی نکاسی کا کام کہاں کہاں مکمل ہوگیا؟ رپورٹ کمشنر کو پیش

    کراچی (24 اگست 2025): کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی کے کام سے متعلق تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کو رپورٹ پیش کر دی۔

    ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو کی رپورٹ کے مطابق ایم اے جناح روڈ، عبداللہ ہارون روڈ، چاکیواڑہ، کورٹ روڈ، برنس روڈ، ڈاکٹر ضیاء الدین روڈ، ٹاور، اولڈ سٹی روڈ اور شاہراہ ایران کلئیر کر دی گئی۔

    جاوید نبی کھوسو نے رپورٹ میں بتایا کہ اُردو بازار، شاہراہ لیاقت، زیب النساء روڈ، ایمپریس مارکیٹ، مرزا آدم روڈ، مائی کلاچی اور نیو کو اپریٹیو کلاتھ مارکیٹ میں کام مکمل کر لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی کی رپورٹ کے مطابق ضلع کورنگی کی تمام سڑکوں پر نکاسی کر دی گئی ہے، علاقے مہران کالونی اور اللہ والا ٹاؤن کے نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارشوں کے بعد سمندری آلودگی میں اضافہ

    ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو کی رپورٹ کے مطابق ملیر میں ائیر پورٹ، قائداباد، داؤ چورنگی، میمن گوٹھ، گلشن حدید اسٹیل ٹاؤن، کڈنی سینٹر، لانڈھی جیل، ملیر پندرہ، مہران ہائی وے یوسی بختیار روڈ کلئیر کر دیے گئے۔

    سلیم اللہ اوڈھو نے بتایا کہ ضلع ملیر میں پریم ولاز نزد صفوران، سب ڈویژن ائر پورٹ، جٹ پاڑا سب ڈویژن ابراہیم حیدری میں نکاسی کا کام جاری ہے، ضلع شرقی میں اوکھائی میمن، صفورا، گلشن اقبال، سوک سینٹر کلئیر ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر عربی کی رپورٹ کے مطابق ضلع عربی میں مومن آباد یو سی نو، منگھو پیر، مری روڈ پر نکاسی مکمل کر لی گئی ہے۔

    ڈی سی وسطی طحہ سلیم کی رپورٹ کے مطابق وسطی ضلع میں نارتھ ناظم آباد، گلبرگ بندھانی کالونی، لیاقت آباد نزد کلیانی، نیو کراچی اورناظم آباد میں نکاسی مکمل کر لی گئی ہے۔

    ناظم آباد کی بعض اندرون گلیو ںاور بلاکس میں نکاسی شروع نہ ہو سکی۔ ڈی سی سینٹرل نے بتایا کہ نکاسی آب کیلیے ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

    کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ اندرونی سڑکوں سمیت بارش کے پانی کی نکاسی کیلیے ترجیحی کوششیں کی جائیں، ضلعی بلدیات کے تعاون سے نکاسی جلد مکمل کی جائے۔

  • کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ

    کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ

    کراچی (20 اگست 2025): گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کے بعد ہونے والی تباہی کے بعد کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے شہر قائد کے بارش سے شدید متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت سے کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔

    فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات نے کراچی کو صوبے سے الگ کر کے رکھ دیاہے۔ اگر شہر کا کچرا صاف کر لیا جائے تو چالیس ملی میٹر گنجائش والے نالے بھی سارا پانی نکال سکتے ہیحں۔

    ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا صرف وزیراعظم کو فون کرنے سے ان کی ذمہ داری پوری نہیں ہوگی، ہم سے بھی رابطہ کرنا ہوگا۔

    ایم کیوایم پاکستان کا کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ ،، فاروق ستار نے کہاحکومتی اقدامات نے کراچی کو سندھ سے الگ کرکے رکھ دیا۔شہر کا کچرا صاف کرلیاجائے تو چالیس ملی میٹر کیپسٹی والے نالے ساراپانی نکال سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ کو فون کرنے سے وزیراعظم کی ذمے داری پوری نہیں ہوگی،، ہم سے بھی رابطہ کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کے دعوے کل کی بارش کیساتھ بہہ گئے۔ گزشتہ روز بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں نے رات سڑکوں پر گزاری۔ کراچی میں بارش کے دوران جن لوگوں کے نقصانات ہوئے، وہ کون پورا کریگا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کو مانے۔ لوگوں کی آنکھوں میں کب تک دھول جھونکیں گے۔ وسائل، اختیارات سمیت سب کچھ تمہارے پاس ہے تو کام تو کرو۔ سندھ حکومت کو 22 ہزار ارب روپے ملے، ان کا حساب دیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق مزید دو روز تک بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

    گزشتہ روز ہونے والی بارش میں مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ سڑکوں پر  پانی کھڑا ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    ہزاروں لوگ اپنی گاڑیوں سمیت برساتی پانی میں پھنس گئے جب کہ کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو اذیت ناک تکلیف کا سامنا ہے۔

  • فاروق ستار کا میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    فاروق ستار کا میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    کراچی (20 اگست 2025): ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے رات گئے موسلادھار سے متاثرہ سرجانی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کراچی کے میئر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

    انھوں نے علاقوں سے نکاسئ آب نہ ہونے پر غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا بلدیاتی نمائندوں کے دعوے کراچی کے گلی محلوں میں بہہ گئے ہیں، تنخواہ اور مراعات کا خرچہ اٹھا لیں گے مگر میئر کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔

    فاروق ستار نے کہا ایسا لگتا ہے کہ قومی اتفاق رائے ہے کہ کراچی برباد ہو، وفاق کو بھی اپنا رویہ بدلنا ہوگا، ہم یہ نہیں کہے رہے کہ کراچی کو آفت زدہ قرار دیں لیکن کم از کم اس کٹھن وقت میں کراچی کو ٹیکس میں چھوٹ دیں۔

    کراچی کی سڑکوں پر درجنوں گاڑیاں لاوارث کھڑی ہونے کا انکشاف

    ایم کیو ایم رہنما نے بارش کے بعد پیدا شدہ صورت حال کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی بلدیاتی حکومت ہے، بتائیں کتنے نالے صاف ہوئے کیا صورت حال ہے، کوئی رین ایمرجنسی بنا، اس کے نمبرز کیا ہیں؟

    گورنر سندھ کی تعریف کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے پاس سرکاری وسائل، فنڈز یا عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ نہیں ہے، گورنر کا عہدہ ایک نمائشی ہوتا ہے لیکن اس عہدے کو کامران ٹیسوری نے مثالی بنا دیا ہے، ہم صبح سے نکلے ہوئے تھے اور اب جا کر کراچی کا دورہ مکمل کیا، ایم کیو ایم نے ایک اور وعدہ پورا کیا۔

  • کامران ٹیسوری نے بارش متاثرین کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھول دیے

    کامران ٹیسوری نے بارش متاثرین کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھول دیے

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بارش متاثرین کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھول دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ بارش میں پھنسے شہری گورنر ہاؤس آسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے ساری رات کھلے ہیں، یہ آپ کا گھر ہے آئیں اور قیام کریں۔عوامی گورنر کا خطاب دینے والے اس مشکل کی گھڑی میں میرے قریب ہیں۔

    علاوہ ازیں گورنر سندھ نے کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے احوال پوچھا۔

    انہوں نے بارش میں بند گاڑیوں کو دھکا بھی لگایا اور شہریوں میں پینے کے پانی کی بوتلیں تقسیم کیں۔

    یہ پڑھیں: کراچی میں بدھ کو عام تعطیل کا اعلان

    گورنر سندھ نے وفاق سے تعاون کرنے کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

    انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے رابطہ کرکے کراچی میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال سے آگاہ کیا۔

    کامران ٹیسوری نے وفاق سے کراچی کی صورتِ حال بہتر بنانے میں مدد کی درخواست کی۔

    انہوں نے کاہ کہ کراچی ڈوب رہا ہے، وفاق فوری مشینری اور افرادی قوت میں مدد کرے، شہر ستر فیصد ریونیو دیتا ہے، اب وفاق شہر کی مدد کے لیے آگے آئے۔

  • گورنر سندھ معروف گلوکار علی ظفر کے ہمراہ ڈھابے پر پہنچ گئے (ویڈیو)

    گورنر سندھ معروف گلوکار علی ظفر کے ہمراہ ڈھابے پر پہنچ گئے (ویڈیو)

    (11 اگست 2025) گورنر سندھ کامران ٹیسوری حیدرآباد میں میوزک کنسرٹ کے بعد معروف گلوکار علی ظفر کے ہمراہ ڈھابے پر جا پہنچے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایک بار پھر عوامی انداز اختیار کیا اور حیدرآباد میں معرکہ حق جشن آزادی کے کامیاب گرینڈ میوزک کنسرٹ کے بعد کراچی واپسی سے قبل معروف گلوکار علی ظفر کو لے کر ایک ڈھابے پر جا پہنچے۔

    اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیو ایم کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ گورنر سندھ نے گلوکار کے ہمراہ ڈھابے پر چائے پی اور چوکر کی روٹی کھائی۔

    فارروق ستار نے بتایا کہ چوکر کی روٹی نہ صرف ذائقہ دار بلکہ نظام ہاضمہ کے لیے بھی بہترین ہوتی ہے۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے معرکہ حق جشن آزادی کے سلسلے میں حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں باغ مصطفیٰ گراؤنڈ میں میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

    اس میوزیکل کنسرٹ میں عالمی شہرت یافتہ راحت فتح علی خان، علی ظفر سمیت دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور شہریان حیدرآباد کو محظوظ کیا۔

  • ’نمبر پلیٹ کا جو ٹھیکہ 55 کروڑ کا تھا وہ اب 6 ارب روپے کا ہوگیا‘

    ’نمبر پلیٹ کا جو ٹھیکہ 55 کروڑ کا تھا وہ اب 6 ارب روپے کا ہوگیا‘

    کراچی (6 اگست 2025): رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹ کا جو ٹھیکہ 2014 میں 55 کروڑ کا تھا وہ اب 6 ارب روپے کا ہوگیا۔

    انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ثقافت کو قانون اور جغرافیہ میں قید کریں گے تو مخالفت ابھرے گی، سندھ حکومت نے غلطی کی ہے کہ ثقافت کو نمبر پلیٹ پر لا کر اس کا تماشہ بنایا ہے، نمبر پلیٹ کا ٹھیکہ 6 ارب کا ہوگیا یہ پیسہ کراچی والوں کی جیب سے جا رہا ہے جو ظلم ہے۔

    خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ جعلی ڈومیسائل دیہی و شہری تفریق کو مزید بڑھا رہا ہے، اس کے باعث احساس محرومی نفرت میں بدل رہی ہے، اس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ملوث ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: نئی نمبر پلیٹ پر اعتراض کرنا جرائم کی سہولت کاری کے مترادف ہے، سندھ حکومت

    رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہم نے جعلی ڈومیسائل معاملے پر نیب سے بھی رابطہ کیا ہے کہ وطن کی شناخت بیچنے والے افسران کو برطرف کیا جائے، جعلی ڈومیسائل جاری کرنے والوں سے جرمانے کی صورت میں ریکوری کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے منصوبے صرف ورلڈ بینک اور کلک پراجیکٹ سے چل رہے ہیں سندھ حکومت صرف فیتہ کاٹنے تک محدود ہے، سائیں سرکار کو سمجھنا ہوگا کہ اپوزیشن کو شامل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، ہمارے ایم این ایز کے اربوں کے فنڈز ٹینڈر نہ ہونے سے ضائع ہو رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا 27ویں ترمیم کا معاہدہ مسلم لیگ (ن) سے ہوا ہے، اس کے آڑے پی پی کی مطلق العنان سوچ ہے، پیپلز پارٹی سندھ میں وڈیرانہ تسلط برقرار رکھنا چاہتی ہے، وہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کرنا چاہتی، وہ ایک سو چالیس اے کو آئینی تحفظ دینا نہیں چاہتی۔

    خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ آنے والے دنوں میں لگتا ہے پارلیمان میں (ن) لیگ کے ساتھ سادہ اکثریت ہوگی، دو تہائی اکثریت سے 27ویں ترمیم کی منظوری کی کوشش کریں گے۔

  • آفاق احمد نے گاڑی پر اجرک کی بجائے پاکستانی پرچم والی نمبر پلیٹ لگا لی

    آفاق احمد نے گاڑی پر اجرک کی بجائے پاکستانی پرچم والی نمبر پلیٹ لگا لی

    کراچی (03 اگست 2025): آفاق احمد نے گاڑی پر اجرک کی بجائے پاکستانی پرچم والی نمبر پلیٹ لگا لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے گاڑی پر نئی نمبر پلیٹ لگا دی، تاہم انھوں نے اجرک والی پلیٹ کی بجائے پاکستانی پرچم والی لگائی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آفاق احمد نے نمبر پلیٹ پر اجرک والی پٹی پر اپنے ہاتھوں سے پاکستانی پرچم والا اسٹیکر چسپاں کیا۔

    یاد رہے کہ آفاق احمد نے یکم اگست سے نمبر پلیٹ پر قومی پرچم لگانے کی مہم کا اعلان کیا تھا، گزشتہ روز انھوں نے گاڑی کی پلیٹ پر قومی پرچم والا اسٹیکر لگا کر مہم کا آغاز کردیا ہے۔

    چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا تھا کہ عوام کے پاس آپشن ہونا چاہیے کہ وہ اجرک والی پلیٹ لگائیں یا قومی پرچم والی، انھوں نے مؤقف اختیار کیا کہ موٹر سائیکل یا گاڑی کی خریداری کے وقت نمبر پلیٹ اجرا کی فیس لائف ٹائم وصول کی جاتی ہے، شہریوں سے دوبارہ رقم کا مطالبہ کرنا غلط ہے۔

  • سندھ اسمبلی میں آوارہ کتوں کے خلاف تحریک التویٰ جمع

    سندھ اسمبلی میں آوارہ کتوں کے خلاف تحریک التویٰ جمع

    کراچی (02 اگست 2025): سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم نے آوارہ کتوں کے خلاف تحریک التویٰ جمع کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے واقعات کے خلاف ایم کیو ایم رکن اسمبلی نے سندھ اسمبلی میں تحریک التویٰ جمع کرا دی۔

    رکن سندھ اسمبلی عامر صدیقی نے تحریک التویٰ میں مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کو مارنا حل نہیں ہے، سندھ حکومت اس سلسلے میں مؤثر حکمت عملی بنائے، کیوں کہ روزانہ بچے اور بزرگ آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہو رہے ہیں، جس سے خوف اور بے چینی پھیل چکی ہے۔

    آوارہ کتے ایم کیو ایم سندھ اسمبلی
    ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی میں ہفتے کو آوارہ کتوں کے حوالے سے تحریک التویٰ جمع کرا رہے ہیں

    تحریک التویٰ کے مطابق عامر صدیقی نے کہا ہے کہ آوارہ کتوں کو ریبیز ویکسین دی جائے، اور ہر تحصیل میں ڈاگ شیلٹرز قائم کیے جائیں، نیز عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔

    ایم کیو ایم رکن اسمبلی نے تجویز دی کہ مسئلے کے حل کے لیے ماہرین اور این جی اوز کی مشاورت سے حکمتِ عملی بنائی جا سکتی ہے، یہ عوام کی صحت اور تحفظ کا مسئلہ ہے، جس پر فوری، سنجیدہ اور ہمدردانہ اقدامات ناگزیر ہیں۔


    کے فور منصوبے پر کتنے ارب روپے خرچ ہو چکے، کتنا کام ہو گیا؟


    واضح رہے کہ سندھ سمیت پاکستان میں کتے کے کاٹے کے تکلیف دہ واقعات کس حد تک بڑھ چکے ہیں اور حکومت اس حوالے سے کتنی خاموش ہے، اس کا اندازہ گزشتہ برس جون کے محض ایک ہفتے کی رپورٹ سے ہوتا ہے، این آئی ایچ نے بتایا تھا کہ ایک ہفتے میں ملک میں کتے کے کاٹے کے سب سے زیادہ 5 ہزار 259 کیسز پنجاب سے رپورٹ ہوئے تھے، جب کہ سندھ میں 1 ہزار 886 شہری آوارہ کتوں کا نشانہ بنے۔ خیبر پختونخوا میں 635، بلوچستان میں 110، آزاد کشمیر میں 66، گلگت بلتستان میں سگ گزیدگی کا 1 کیس رپورٹ ہوا۔