Author: رافع حسین

  • بائیس گاؤں کے واحد قبرستان پر لینڈ مافیا کا قبضہ

    بائیس گاؤں کے واحد قبرستان پر لینڈ مافیا کا قبضہ

    کراچی: سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود شہر قائد اور اس کے گردونواح میں لینڈ مافیا کی کارستانیاں جاری ہے، لینڈ مافیا کے کارندوں نے تاریخی قبرستان پر بھی قبضہ جمالیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملیر میں بائیس گوٹھوں کے واحد تاریخی قبرستان "پپری” پر بھی لینڈ مافیا نے قبضہ کرلیا ہے، بااثر لینڈ مافیا کے کارندوں نے قبرستان کی دیوار گرا کر اس کے احاطے میں غیر قانونی تعمیرات شروع کردیں ہیں، جس کے باعث قبرستان کےاحاطے میں پرانی اور قدیم قبروں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تاریخی قبرستان پر قابض ہونے والے لینڈ مافیا اس قدر طاقت ور ہیں کہ قبرستان کی زمین پر قبضے کیخلاف مقامی پولیس ، ایڈمنسٹریٹر ،ڈپٹی کمشنر ملیر سب بے بس نظر آتے ہیں، اہل علاقہ کی جانب سے قبرستان میں غیر قانونی تعمیرات کی شکایات تین روز قبل اعلیٰ حکام تک پہنچائی گئیں تھی، شکایت کے باوجود تین روز سے جاری غیرقانونی تعمیرات نہ رکیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ریلوے حکام کی بڑی کارروائی، 42 ایکڑ زمین واگزار

    دوسری جانب گذشتہ دس دنوں میں پاکستان ریلوے نے قبضہ مافیا کے خلاف تیسری بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کی 42 ایکڑ زمین واگزار کرالی ہے، قبضہ مافیا کے خلاف یہ کارروائی کراچی کے علاقے جمعہ گوٹھ میں عمل میں لائی گئی۔

    ریلوے حکام کے مطابق قبضے میں کی گئی اس زمین پر کپڑوں کی مشہوربرینڈکا پچیس سال سےگودام تھا، ماضی میں زمین واگزار نہ کرانے پر کئی افسران کو محکمانہ کارروائی کا سامنا رہا تھا۔

    چند روز قبل بھی پاکستان ریلوے نے شاہراہ فیصل پر ریلوے کی زمینوں پر قائم غیر قانونی پیٹرول پمپ کو سیل کیا تھا۔

  • کراچی: لاعلاج اور موذی امراض میں مبتلا سزا یافتہ قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم

    کراچی: لاعلاج اور موذی امراض میں مبتلا سزا یافتہ قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم

    کراچی : محکمہ داخلہ سندھ نے لاعلاج اور موذی امراض میں مبتلا سزا یافتہ قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نےآٹھ سزا یافتہ قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے، یہ قیدی حیدرآباد اور سکھر سینٹرل جیل میں قید ہیں،ابتدائی طور پر ان قیدیوں کو چار ماہ کی رہائی دی گئی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سزا یافتہ قیدیوں کے اہلخانہ  دو لاکھ کےبانڈ یا شخصی ضمانت جمع کرائیں گے، موذی امراض میں مبتلا سزا یافتہ قیدیوں کی مستقل رہائی میں توسیع کی جاسکے گی۔

    واضح رہے کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نےجیل سے متعلق 125سالہ قدیم قانون کوتبدیل کیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ذہنی مریضوں کو سزائے موت دینے کا کیس سماعت کے لئے مقرر

    دوسری جانب سپریم کورٹ نے ذہنی مریضوں کو سزائےموت دینےکا کیس سماعت کے لئے مقرر کردیا ہے، جسٹس منظور ملک کی سربراہی میں5 پانچ رکنی لارجر بینچ پانچ جنوری کو کیس کی سماعت کریگا، بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل ہیں۔

    اس سے قبل رواں سال انیس اکتوبر کو ذہنی مریضوں کی سزائے موت دینے سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے حکم دیا تھا کہ ایڈووکیٹ حیدر رسول مقامی اور بین الاقوامی آئینی نکات کے بارے میں آگاہ کریں۔ بتائیں جو بندہ ذہنی معذور ہو کیا اسے پھانسی دی جا سکتی ہے؟۔

  • نیوایئر نائٹ : کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خوشخبری سنا دی

    نیوایئر نائٹ : کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خوشخبری سنا دی

    ون وے، تیزفتاری اور ٹریفک لین کی خلاف ورزی پر بھی کارروائی ہوگی کراچی : ٹریفک پولیس نے نیوایئر نائٹ کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا، شہریوں کیلئے نیو ائیرنائٹ پر کسی شاہراہ کو بند نہیں کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے کمشنرکراچی کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ پر سخت پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف دفعہ144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    نیو ائیرنائٹ سے متعلق روٹ پلان جاری کرتے ہوئے ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سال نو کی خوشی میں شہریوں کی بڑی تعداد تفریحی مقامات کارخ کرے گی، شہریوں کیلئے نیوائیرنائٹ پر کسی شاہراہ کو بند نہیں کیا جائے گا۔

    ۔ ٹریفک پولیس کے روٹ پلان کے مطابق سائلنسر نکال کر موٹرسائیکل چلانے والوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا،ون وے، تیزفتاری اور ٹریفک لین کی خلاف ورزی پر بھی کارروائی ہوگی۔

    ٹریفک پلان کے مطابق سی ویو سے متصل روڈ پر ٹریفک یکطرفہ چلےگی، سی ویو، شارع فیصل، عبداللہ ہارون روڈ، ضیاالدین احمد روڈ پر پارکنگ ممنوع ہوگی، اس کے علاوہ مائی کلاچی، کورنگی،ایم ٹی خان روڈ پربھی گاڑیوں کی پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ نیو ائیرنائٹ کے موقع پر تمام ہیوی ٹریفک کو شام چھ بجے سے شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • سردی کی نئی لہر، سندھ حکومت کا بے گھر افراد کے لیے بڑا اقدام

    سردی کی نئی لہر، سندھ حکومت کا بے گھر افراد کے لیے بڑا اقدام

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بے گھر  افراد کو عارضی پناہ گاہیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت سردی کے پیش نظر صوبے بھرمیں‌ بے گھر افراد کو عارضی پناہ گاہیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی، مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص گلیوں، سڑکوں ، فٹ پاتھوں پر سردی سے پریشان نہ ہو۔

    اس سلسلے میں حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص کے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عارضی پناہ گاہوں کے انتظام تک بے گھر افراد کو کمبل پہنچائے جائیں، تمام ڈپٹی کمشنرز بے گھر افراد کو ضروری اشیا اپنی نگرانی میں فراہم کریں۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ سردی میں اضافہ ہورہا ہے، سخت سردی کے باعث بے گھر افراد مشکلات کا شکار ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں سردی کی لہر برقرار ہے، آج کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کا کہناتھا کہ گزشتہ شب سرد ترین رات تھی اور آئندہ دو سے تین روز سردی کی لہر اسی طرح برقرار رہے گی۔

  • کرونا کے بڑھتے کیسز، کراچی کے مختلف علاقے سیل کرنے کا فیصلہ

    کرونا کے بڑھتے کیسز، کراچی کے مختلف علاقے سیل کرنے کا فیصلہ

    کراچی: شہر قائد کے ضلع وسطی میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا جس کا اطلاق 30 دسمبر کی رات 12 بجے سے ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورونا کیسز میں اضافہ کے باعث ضلع وسطی کے تین سب ڈویژنز کے 17 مختلف علاقوں گلبرگ، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد کی 12 یوسیز میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    ضلعی وسطی کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ لاک ڈان آج 30 دسمبر سے ہوگا جو 13 جنوری 2021 تک نافذ العمل رہے گا۔

    اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ عزیز آباد، علی آباد، کریم آباد، یاسین آباد، دستگیر، ناظم آباد، اصغر علی شاہ اسٹیڈیم، شادمان ٹاؤن، مسلم ٹاؤن اور فردوس کالونی میں کیا گیا ہے جبکہ ضلع وسطی کے 17 علاقوں میں مخصوص گھروں کو سیل بھی کیا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں شہریوں کی نقل و حرکت پر سختی سے پابندی عائد ہوگی جبکہ ہر گھر سے ایک شخص کو کھانے پینے کی اشیا کی خریداری کی مشروط اجازت دی جائے گی، باہر جانے والے شخص کو اپنا شناختی کارڈ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دکھانا ہوگا۔

    مذکورہ علاقوں میں گھر میں کسی بھی قسم کی تقریبات کی اجازت نہیں ہوگی،  رہائشی افراد سے ملاقات کے لیے آنے والوں کو ٹھوس وجہ بتانے پر ہی جانے دیا جائے گا۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق متعلقہ علاقوں میں ڈبل سواری،سماجی تقریبات، تجارتی سرگرمیوں، غیرمتعلقہ افراد پر پابندی ہوگی جبکہ کریانہ اور میڈیکل اسٹورز کو مخصوص اوقات تک کھلا رکھا جاسکے گا علاوہ ازیں  تمام دیگر کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں گی۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’ ان علاقوں میں آنے والےصنعتی یونٹ مکمل طور پر بند رہیں گے، رسٹو رینٹس کو ٹیک آوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت نہیں ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی سروسز کو بھی علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق مریض کے ساتھ صرف ایک تیماردار کو گھر سے اسپتال جانے کی اجازت دی جائے گی، اسمارٹ لاک ڈاؤن والی گلیوں اور علاقوں میں حکومت ضرورت مند افراد کوراشن فراہم کرے گی۔

  • کراچی، سالِ نو پرسیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی اقدامات کا فیصلہ

    کراچی، سالِ نو پرسیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی اقدامات کا فیصلہ

    کراچی: شہر قائد میں نئے سال کے موقع پر سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز ، پولیس اور متعلقہ افسران کا اجلاس ہوا جس میں نئے سال کے موقع پر سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

    کمشنر کراچی نے کہا کہ نیو ایئر پر کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھ کر اقدامات کیے جائیں، تفریحی مقامات ، شاہراہوں ، ساحل سمندر پر سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیو ایئر کے موقع پر اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ ، ون ویلنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہوائی فائرنگ پر پابندی کے لیے دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

    کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ رش کے پیش نظر ریسٹورنٹس ، تجارتی مراکز 5 بجے بند کردئیے جائیں گے، ساحل سمندر پر متوقع ٹریفک دباؤ کے پیش نظر خصوصی پلان تیار کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی ٹریفک پلان بنائیں گے ، عملدرآمد کے لیے خصوصی عملہ متعین کریں، ڈپٹی کمشنر ، پولیس، رینجرز کے ساتھ رابطہ و تعاون سے اقدامات کریں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

    وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر ان کی توجہ سندھ میں گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی جانب مبذول کرائی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ غیر قانونی ہے، آئین کے تحت پہلے سندھ کوگیس فراہم کرنی چاہیے، وزیر اعظم عمران خان قانون پر عمل درآمد کو ممکن بنائیں۔

    خط کے متن میں وزیر اعلیٰ نے کہا بد قسمتی سے جس صوبے میں 68 فی صد گیس پیدا ہو رہی ہے اُسی صوبے کے گھریلو اور صنعتی صارفین گیس سے محروم ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا گیس لوڈشیڈنگ کی شکایت پر فوری نوٹس، اہم فیصلہ

    خط میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گیس کی گھریلو بندش کی وجہ سے کھانا پکانے اور دیگر امور متاثر ہو رہے ہیں تو صنعتوں کی گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے یومیہ اجرت والے افراد بے روزگار ہو رہے ہیں۔

    خط کے مطابق سندھ سے 2500 سے 2600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا ہو رہی ہے، اور صوبے کو صرف 900 سے 1000 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جا رہی ہے جو کہ آئین کے آرٹیکل 158 کی بھی خلاف ورزی ہے۔

    خط میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو 1500 سے 1600 ایم سی سی ایف ڈی گیس کی ضرورت ہے۔

  • سینئر رہنما  ایم کیو ایم  عامرخان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    سینئر رہنما ایم کیو ایم عامرخان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما عامرخان کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم سینئر رہنما عامرخان کرونا سے متاثر ہوئے ہیں، عامر خان نے علامات محسوس ہونےپر کروناٹیسٹ کرایا تھا، جس کی رپورٹ مثبت آگئی ہے۔

    کرونا کی ٹیسٹ مثبت آنے پر ایم کیو ایم رہنما نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، عامر خان نے کارکنا ن اور عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

    گذشتہ روز پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی پیر نور محمد جیلانی کرونا کے باعث انتقال کرگئے تھے ، پیر نور محمد جیلانی کووڈ کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔اس سے قبل اکیس دسمبر کو مسلم لیگ نواز کی سینیٹر محترمہ کلثوم پروین بھی کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں تھیں، سینیٹر کلثوم پروین گزشتہ گئی ہفتے سے کرونا وائرس کا شکار تھیں۔

    سترہ دسمبر کو سینئرصحافی طارق محمود بھی کرونا کے باعث انتقال کرگئے تھے۔

    دس دسمبر کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشیر اعجاز شاہ شیرازی بھی کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے۔

    اس سے قبل چودہ نومبر کو نجی ٹی وی سے وابستہ سینئر صحافی ارشد وحید چوہدری بھی کرونا کے باعث انتقال کرگئے تھے، ارشد وحید چوہدری نیشنل پریس کلب کےسینئر نائب صدر بھی تھے۔

    رواں سال نومبر میں سابق صوبائی وزیر اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سابق رکن عادل صدیقی کرونا کے باعث نجی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کرونا کے باعث انتقال کرگئے

    بارہ نومبر کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے، اسی روز سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے، راجہ پرویز اشرف کے کوویڈ 19 میں مبتلا ہونے کی تصدیق ان کے صاحبزادے نے ٹوئٹ کے ذریعے کی جو بعد ازاں کرونا وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

    پاکستان میں اس وقت کرونا وبا کی دوسری لہر شدت کے ساتھ جاری ہے، عالمی وبا میں مبتلا ہوکر کئی سیاستدان، مذہبی رہنما اس دنیا سے کوچ کرگئے ہیں۔

  • اتحادی جماعت حکومت سے ناراض، علیحدگی کا اشارہ دے دیا

    اتحادی جماعت حکومت سے ناراض، علیحدگی کا اشارہ دے دیا

    کراچی: متحدہ قومی موؤمنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے مردم شماری کے معاملے پر وفاقی حکومت سے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اتحاد ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    اسلام آباد پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنونیئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ حکومت نے ابھی تک کسی بھی ایک وعدے پر عمل نہیں کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ جب حکومت وعدے پورے نہیں کررہی تو پھر ہم اُس کا ساتھ کیوں دیں، کراچی کے عوام مسائل میں گھرے ہوئے ہیں مگر کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ’ہمارا وعدہ تھا حکومت گرنے نہیں دیں گے، اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے کیے وعدے پورے کریں‘۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ’تحریک انصاف کو یہ بھی یاد نہیں رہتا کہ کراچی میں سب سے بڑا مینڈیٹ اُن کا ہی ہے،  مردم شماری میں کراچی کی آبادی کم جبکہ ووٹرز کی تعداد زیادہ دکھائی گئی‘۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے کنونیئر کا کہنا تھاکہ ’ضلع وسطی کی آبادی 38 لاکھ ہے جبکہ شناختی کارڈ 39 لاکھ ہیں، مردم شماری میں پچاس فیصد عوام کو کم گنا گیا ہے‘۔

    خالد مقبول صدیقی کا  کہنا تھا کہ ’ اس مردم شماری کی وجہ سے سندھ سیکریٹریٹ اب سندھی سیکریٹریٹ بن چکا ہے جبکہ سندھو کا اعلان بھی باقی رہ گیا ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ایوانوں سے مایوس ہوکر سڑکوں پر آنے اور اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھنے کے علاوہ اب ہمارے پاس کوئی اور دوسرا راستہ نہیں بچا، ہم نے حکومت کو قائم رکھنے کا وعدہ نہ صرف نبھایا بلکہ اُس پر قائم بھی رہے ہیں‘۔

    دوسری جانب کنونیئر ایم کیو ایم پاکستان نے کل رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، اس ضمن میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق کو بھی اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے غور کیا جائے گا جس کے بعد پریس کانفرنس کی جائے گی جس میں اہم اعلانات متوقع ہیں۔

  • کراچی والے ہوجائیں تیار، سردی مزید بڑھنے کا امکان

    کراچی والے ہوجائیں تیار، سردی مزید بڑھنے کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں 28 دسمبر سے سردی میں اضافے کی پیش گوئی کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید سردی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 دسمبر سے پارہ پھر گرنا شروع ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 28 دسمبر کے بعد کچھ روز تک درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں رہنے کا امکان ہے، 28 دسمبر سے شروع ہونے والی سردی کی لہر پچھلی لہر سے زیادہ ٹھنڈی ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی کراچی میں شدید کے باعث درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/temperature-dropped-to-8-degrees-the-meteorological-department-predicted-more-cold/

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ہواؤں کی رفتار 6 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد ریکارڈ ہوا تھا۔

    گزشتہ ماہ بھی کراچی میں درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جو گزشتہ 10 برسوں میں نومبر میں سب سے کم تھا، اس سے قبل نومبر 2017 میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نومبر 2010 میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔