Author: رافع حسین

  • سانحہ کشمور، اے ایس آئی کو سول ایوارڈ، ماں کو سرکاری ملازمت، بچی کو اسکالر شپ دینے کا اعلان

    سانحہ کشمور، اے ایس آئی کو سول ایوارڈ، ماں کو سرکاری ملازمت، بچی کو اسکالر شپ دینے کا اعلان

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سانحہ کشمور میں ملزمان کو گرفتار کرنے والے اے ایس آئی کو سول ایوارڈ، ماں کو پانچ لاکھ روپے اور بچی کو تاحیات اسکالر شپ سمیت متاثرہ خاتون کو میری ٹائم میں ملازمت دینے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون سے ملاقات اور بچی کی عیادت کی۔

    پروفیسرڈاکٹر جمال رضا نے گورنرسندھ کو بچی کےعلاج سےمتعلق  آگاہ کیا۔ عمران اسماعیل نے ہدایت کی کہ بچی کی مکمل صحت یابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ گورنر سندھ نے بتایا کہ وزیراعظم نے حکم دیا ہے کہ  بچی کو اگر علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنا پڑا تو اُسے بھیج دیں گے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اے ایس آئی محمد بخش  کی جرأت کو سلام پیش کرتا ہوں،انہوں نے جس انداز سے بچی اور ماں کو بازیابی کروا کے ملزمان کو گرفتار کیا اُس پر پوری قوم کو اُن پر فخر ہے۔

    مزید پڑھیں: سانحہ کشمور کیس میں گرفتار مرکزی ملزم ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک

    گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ اے ایس آئی محمد بخش کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیا جائے گا، ان تمام پولیس اہلکاروں کا ذاتی طور پر مشکور ہوں جو ایکشن کےوقت موجود تھے،سندھ پولیس نے ایک ملزم کو جہنم واصل کردیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم اس واقعے پر سخت افسردہ اور رنجیدہ ہیں، انہوں نے محمد بخش کو فون کر کے شاباش بھی دی ہے، وزیراعظم بہت جلد اے ایس آئی سے ملاقات کریں گے کیونکہ وہ ہمارے وطن کا ہیرو ہے‘۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’سندھ پولیس کو ملزمان کی گرفتاری پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، گرفتارمجرموں کو عدالتیں قرار واقعی سزا دیں گی‘۔

    گورنر سندھ نے بچی کی والدہ کو پانچ لاکھ روپے اور بچی کو تاحیات اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزارت بحری امور بچی کو تاحیات اسکالر شپ دے گی جبکہ والدہ کو میری ٹائم میں ملازمت بھی دی جائے گی‘۔

    کیس کا پس منظر

    کراچی کے جناح اسپتال میں ملازمت کرنے والی خاتون کو  چالیس ہزار روپے تنخواہ کی ملازمت کا جھانسہ دے کر کشمور بلایا گیا تھا، وہ اپنی چار سالہ بچی کے ساتھ ملازمت کی غرض سے کشمور پہنچی تھیں۔

    تین روز قبل ملزمان نے خاتون کو مزید خواتین لانے کی شرط پر رہا کیا اور بچی کو اپنے پاس روک لیا تھا، ملزمان نے خاتون کو دھمکی دی تھی کہ اگر اُس نے واقعے سے متعلق کسی کو بتایا تو وہ بچی کو قتل کردیں گے۔

    ملزمان نے خاتون کو رہا کیا تو وہ سیدھی کشمور تھانے پہنچیں جہاں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق پولیس حکام کو آگاہ کیا۔

    ملزم کی گرفتاری اور بچی کی بازیابی کیسے ممکن ہوئی؟

    کشمور تھانے میں تعینات سندھ پولیس کے اے ایس آئی محمد بخش نے زیادتی کا نشانہ بننے والی ماں اور اس کی کمسن بیٹی سے زیادتی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے اپنی بیٹی اور بیوی کی قربانی دی۔

    اے ایس آئی نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے ان کی خواہش پر متاثرہ خاتون کے موبائل سے اپنی بیٹی اور بیوی کی ملزم سے بات کروائی انہیں ہوٹل پر بلایا جس کے بعد پولیس نے ایک رفیق نامی ملزم کو گرفتار کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کشمور واقعہ: پولیس افسر کی بیٹی کیلئے انعام کا اعلان

    رفیق کی نشاندہی پر پولیس نے اُس کے گھر سے چار سالہ بچی (خاتون کی بیٹی) کو بازیاب کروایا، پولیس حکام کے مطابق بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔

    میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت

    پولیس نے متاثرہ ماں اور بچی کو اسپتال منتقل کیا جہاں دونوں کا میڈیکل کیا گیا تو ڈاکٹرز نے زیادتی کی تصدیق کی جبکہ دونوں کے جسموں پر تشدد کے گہرے نشانات موجود تھے۔ ایس ایچ او کشمور اکبر چنا نے بھی تصدیق کی کہ میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوئی ہے۔

    سندھ حکومت کا پولیس افسر کے لیے نقد انعام کا اعلان

    سندھ حکومت نے ماں اوربیٹی سے زیادتی کے ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والے پولیس افسر کی بیٹی کیلئے دس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ایسی بہادری دکھانے پر  وفاقی حکومت سے پولیس افسر کو سول ایوارڈ دینے کی سفارش بھی کریں گے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کشمورمیں تعینات اےایس آئی محمدبخش نے ملزمان کی گرفتار کے لیے جس انداز سے کارروائی کی اُس پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، انہوں نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وحشیانہ کارروائی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا۔

    گرفتار ملزم کی ہلاکت

    پولیس نے رفیق ملک نامی ملزم کو گرفتار کیا جس کے بعد جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بلوچستان کے علاقے سوئی فرار ہونے والے دوسرے اہم ملزم رحمت اللہ بگٹی کو  گرفتار کیا گیا، پولیس رفیق ملک کو اپنے ہمراہ شناخت کے لیے لے کر گئی کہ اسی دوران رحمت اللہ بگٹی نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ملزم رفیق ہلاک ہوگیا تھا۔

  • جی بی الیکشن: ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت سامنے آ گئی

    جی بی الیکشن: ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت سامنے آ گئی

    کراچی: گلگت بلتستان انتخابات کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، اس یادداشت پر دو دن قبل دستخط کیے گئے ہیں۔

    مفاہمتی یادداشت کے تحت ایم کیو ایم نے 2 نشستوں پر اپنے امیدوار تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دست بردار کرائے، معاہدے پر دستخظ ایم کیو ایم کے امین الحق اور تحریک انصاف کے زلفی بخاری کی جانب سے کیے گئے ہیں۔

    ایم کیو ایم نے مذکورہ دونوں نشستوں (اسکردو 1 اور دیامیر 1) پر تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا، ایم کیو ایم کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام سے تحریک انصاف کے امیدواروں کی مکمل حمایت اور ووٹ ڈالنے کی اپیل بھی کی گئی تھی۔

    گلگت بلتستان انتخابی معرکہ: بلے پہ ٹھپہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    یادداشت کے مطابق ایم کیو ایم نے 9 نکاتی ایجنڈے پر پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

    اس مفاہمتی یادداشت میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کو جلد آئینی صوبہ بنایا جائے گا، جی بی کے لیے جلد میڈیکل اور انجینئرنگ یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔

    دیامر بھاشا ڈیم کے ذریعے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع پر پہلا حق گلگت بلتستان کا ہوگا، فوری طور پر ایسے اقدامات کیے جائیں گے جس سے عوام کو 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکے۔سست ڈرائی پورٹ کو پورا سال کھلا رکھتے ہوئے ٹیکس کی خصوصی چھوٹ دی جائے گی، گلگت بلتستان کو سی پیک سے پہلے مستفید ہونے والا صوبہ قرار دیتے ہوئے ترقیاتی منصوبے دیے جائیں گے۔

    یادداشت کے مطابق اگر گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوتی ہے تو وہ ایم کیو ایم کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی مشاورتی ٹیم کا حصہ بناتے ہوئے حکومت میں شریک کرے گی۔

  • کورونا میں مبتلا عامر لیاقت حسین کی طبیعت بگڑ گئی، اسپتال منتقل

    کورونا میں مبتلا عامر لیاقت حسین کی طبیعت بگڑ گئی، اسپتال منتقل

    کراچی: کورونا وائرس میں مبتلا پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی طبیعت بگڑ گئی، عامر لیاقت کو شدید کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

    اہل خانہ کے مطابق طبیعت بگڑنے پر عامر لیاقت حسین کو نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت حسین کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے اور گھر میں قرنطینہ تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی کرونا میں مبتلا ہوگئے

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، ٹوئٹر پر این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے 9 نومبر سے قرنطینہ میں ہیں اور گھر سےاپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں جان لیوا کرونا وائرس کی دوسری لہر اب تک ہزاروں افراد کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے، جن میں ملک کی نامور سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات بھی شامل ہیں۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا   ضلع کیماڑی کے قیام کو چیلنج کرنے کا اعلان

    ایم کیو ایم پاکستان کا ضلع کیماڑی کے قیام کو چیلنج کرنے کا اعلان

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان نے ضلع کیماڑی کے قیام کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ، کیماڑی ضلع کے قیام کے خلاف درخواست آج سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے نئے ضلع کیماڑی اور ڈی ایم سی کیماڑی کا قیام کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ،
    اس سلسلے میں درخواست تیار کرلی گئی ہے۔

    کیماڑی ضلع کے قیام کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی جائے گی، ایم کیو ایم کی طرف سے سلمان مجاہد بلوچ ایڈووکیٹ اور رکن اسمبلی حمید الظفر پٹیشن جمع کرائیں گے۔

    ایم کیو ایم نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ضلع غربی کی تقسیم کرکے ضلع کیماڑی اور کیماڑی ڈی ایم سی کا قیام غیرآئینی ہے، ضلع کیماڑی کی تقسیم سے پہلے مقامی طور پر مردم شماری نہیں کی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ رویونیو قوانین کے مطابق کسی بھی ضلع کے قیام سے قبل عوامی سماعت کی جاتی ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا، یہ انتظامی نہیں سیاسی فیصلہ ہے۔

    ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ دو ہزار اٹھارہ کی مردم شماری کی حتمی فہرست جاری نہیں ہوئی اس سے قبل ایسا اقدام غیر آئینی و غیر قانونی ہے ، ضلع کیماڑی کے حدود کے تعین کا بھی کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

    درخواست کے مطابق سندھ حکومت کا ایسے اقدام کا مقصد جیری مینڈرنگ ، قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں اور بلدیاتی انتخابات میں اثر انداز ہونے کے مترادف ہے ، ضلع کیماڑی کے قیام کے حوالے سے پٹیشن عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود ڈی ایم سی کیماڑی کا نوٹی فکیشن نکال دینا بدنیتی کا ثبوت ہے۔

    ایم کیو ایم نے درخواست میں کہا ہے کہ ایس ایل جی اے کے قوانین کے تحت کسی بھی کونسل کو توڑنے یا نئی کونسل بنانے کے لیے عوام سے رائے لی جاتی ہے جو نہیں لی گئی ، سندھ حکومت کا فیصلہ صرف سیاسی فوائد حاصل کرنے اور قانون و آئین کے منافی ہیں۔

  • پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، گورنر سندھ

    پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل سے پاکستان فلم  پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفدنے ملاقات کی جس میں فلم کے شعبے کی ترقی و فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر گفتگو کی گئی۔

    ملاقات میں وفاقی حکومت کی مدد، اقدامات سمیت اہمیت کےحامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال  کیا گیا۔ پرڈیوسرز ایسوسی ایشن نے گورنر سندھ سے درخواست کی کہ فلمی شعبے کو باقاعدہ صنعت کا درجہ کیا جائے۔ وفد نے فلمیں بنانے کے لیے پروڈیوسز کو آسان شرائط پر قرض دینے اور بڑے پروجیکٹس مین سینیما ہالز کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔

    وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ’ ماضی میں پاکستانی فلموں نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی، ایک وقت ایسا تھا کہ ناظرین کو پاکستانی فلموں کا بڑی بے چینی سے انتظار رہتاتھا، ہم  چاہتےہیں کہ ایک بار پھر پاکستانی فلمیں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریں‘۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی، وزیراعظم نے اصولی منظوری دے دی

    اُن کا کہنا تھا کہ ’فلم کے شعبہ کی بحالی کےلئے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کریں گے کیونکہ حکومت  عوام کیلئےتفریحی مواقع  یقینی بنانےکےلئے پُرعزم ہے‘۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’فلموں کی کامیابی کے لئے اچھی اور معیاری کہانی سب سے زیادہ ضروری ہے، فلموں میں تفریح کے ساتھ معاشرے کی اصلاح کا پہلو رکھنا بھی بہت ضروری ہے‘۔

  • اربوں کے اثاثے، ریٹائرڈ آئی جی کے خلاف نیب نے تحقیقات شروع کر دیں

    اربوں کے اثاثے، ریٹائرڈ آئی جی کے خلاف نیب نے تحقیقات شروع کر دیں

    کراچی: سندھ پولیس کے ریٹائرڈ آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن بھی نیب کے ریڈار پر آ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کے خلاف نیب نے تحقیقات شروع کر دیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب کراچی نے نصرت حسین منگن کے 7 ارب سے زائد اثاثوں کا سراغ لگا لیا ہے۔

    نصرت منگن کے اثاثہ جات کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں نیب حکام کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ میں نصرت منگن کی اراضی کی تصدیق کے لیے ڈپٹی کمشنر سے بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

    نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ نصرت منگن اور ان کی فیملی کے ارکان کے نام ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں 96 ایکڑ ارضی ہے۔

    نصرت منگن کے سرکاری اور 4 نجی بینکوں کے اکاؤنٹس کی بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، نصرت منگن نجی بینک میں پیر سرمد کے نام سے کھلنے والے اکاؤنٹ کو بھی آپریٹ کرتے رہے، اس اکاؤنٹ سے سابق آئی جی جیل کے اکاؤنٹ میں کروڑوں کی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔

    سابق آئی جی جیل خانہ جات نصرت حسین منگن

    ذرایع کے مطابق نجی بینک میں چند دیگر اکاؤنٹس بھی مشتبہ ہیں، نیب نے عائشہ خاتون اور میرا نامی خاتون کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ نصرت منگن کی ملکیت میں رانی پور میں سی این جی اسٹیشن بھی ہے۔

    نیب زدہ اور نااہل قرار دیے گئے افسر کی کراچی میں بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی

    واضح رہے کہ نصرت منگن رواں سال ریٹائرڈ ہوئے ہیں، تحقیقات کا سامنا کرنے والے پولیس افسر کی زیادہ پوسٹنگ سینٹرل جیل کراچی میں رہی، دوران سروس بھی نصرت منگن مخلتف الزامات کا سامنا کرتے رہے ہیں۔

  • گرینڈ الائنس، عامر لیاقت کا جلا وطن رہنماؤں سے رابطہ

    گرینڈ الائنس، عامر لیاقت کا جلا وطن رہنماؤں سے رابطہ

    کراچی: شہر قائد میں مہاجر قیادت کی جانب سے گرینڈ الائنس کی تشکیل کے سلسلے میں ایم این اے ڈاکٹر عامر لیاقت نے بھی بیرون ملک مقیم جلا وطن رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بننے والے عامر لیاقت بھی کراچی کے مسائل حل نہ ہونے اور شہری سندھ کے استحصال پر دلبر داشتہ ہو گئے ہیں۔

    عامر لیاقت نے شہری سندھ کے مسائل کے حل کے لیے گرینڈ الائنس اور مہاجر قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کا خیر مقدم کیا ہے، اس سلسلے میں انھوں نے بیرون ملک مقیم اہم شخصیات سے رابطہ بھی کیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت نے رابطے میں شہری سندھ کے مسائل کے حل، مہاجروں کے حقوق کے لیے مل کر جدوجہد کرنے، اور مل کر ساتھ چلنے پر بات چیت کی، عامر لیاقت نے بیرون ملک مقیم اور جلا وطن رہنماؤں کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کے لیے کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔

    پاکستان آئیں گے اور وائس آف کراچی کے پلیٹ فارم سے آئیں گے، واسع جلیل

    انھوں نے کہا تمام رہنما جلد وطن لوٹیں، مل کر سنجیدگی اور مثبت سوچ کے ساتھ ملکی سالمیت اور کراچی کے مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے ، میرے لیے ایم این اے شپ معنی نہیں رکھتی، اپنے لوگوں کی ترقی اور خوش حالی کے لیے کراچی کو بنانے کے لیے کسی کے ساتھ بھی ڈائیلاگ اور مل بیٹھنے کے لیے تیار ہوں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے جلا وطن رہنماؤں کی وطن واپسی کی اطلاعات پر اے آر وائی نے امریکا میں مقیم ایم کیو ایم پاکستان کے سابق سینئر رہنما واسع جلیل سے رابطہ کیا تھا، انھوں نے بتایا کہ وطن واپسی کے حوالے سے جب فیصلہ کریں گے تو ضرور بتاؤں گا اور علی الاعلان وطن لوٹیں گے۔

    انھوں نے کہا جب بھی واپس آؤں گا وائس آف کراچی کے پلیٹ فارم سے آؤں گا، اس کے چیئرمین ندیم نصرت نے شہری سندھ کے مسائل کے حل کے حوالے سے مہاجروں کے اتحاد کی بات کی ہے ، وہ مہاجروں کے اتحاد کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، مہاجر اتحاد اور شہری سندھ گرینڈ الائنس کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • خورشید شاہ کو پے رول پر رہا کر دیا گیا

    خورشید شاہ کو پے رول پر رہا کر دیا گیا

    کرپشن الزامات پر گرفتار پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کو پے رول پر رہا کر دیا گیا۔

    رہنما پیپلزپارٹی سیدخورشید شاہ کی بھتیجی کےانتقال پر انہیں 4 روز کے لیے پے رول پر رہائی دی گئی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ رہائی کانوٹیفکیشن جاری بھی جاری کر دیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق سیدخورشید شاہ کو 7 نومبر سے11نومبر تک پے رول پر رہا کیا گیا ہے، پے رول پررہائی کےدوران سکھرپولیس خورشیدشاہ کی نگرانی کرےگی۔

    نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ خورشیدشاہ کو 96 گھنٹے کےلیے پےرول پر رہائی دی گئی ہے۔ خورشید شاہ اپنی بھتیجی کی آخری رسومات اور سوئم میں شرکت کرسکیں گے۔

    خورشید شاہ کےچھوٹےبھائی وحیدشاہ کی بیٹی علالت کے بعدانتقال کرگئی تھی جس پر وزیرٹرانسپورٹ سندھ نے حکومت کوخورشیدشاہ کی پےرول پررہائی کی درخواست کی تھی جو منظور کر لی گئی۔

  • پاکستان آئیں گے اور وائس آف کراچی کے پلیٹ فارم سے آئیں گے، واسع جلیل

    پاکستان آئیں گے اور وائس آف کراچی کے پلیٹ فارم سے آئیں گے، واسع جلیل

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما واسع جلیل کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان آئیں‌گے اور وائس آف کراچی کے پلیٹ فارم سے آئیں‌ گے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق رہنما واسع جلیل کا کہنا ہے کہ مہاجر حقوق کے لیے گرینڈ الائنس بنائیں گے، پیپلزپارٹی مہاجر قوم کے خلاف مذموم سازشیں کرتی ہے، پاکستان ہمارا وطن ہے واپس آکر کردار ادا کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ چیئرمین وائس آف کراچی ندیم نصرت نے گرینڈالائنس کے قیام کی بات کی ہے، شہری سندھ اور مہاجرقیادت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی بات کی ہے، ندیم نصرت نے گرینڈ الائنس کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی بات کی ہے، اس معاملے پر اراکین سے جو رابطے ہوئے ہیں ان کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ 72 سال میں سندھ میں بسنے والوں کا استحصال کیا گیا، پیپلزپارٹی سندھ میں رہنے والوں کا استحصال کررہی ہے، سندھ میں بسنے والوں کا استحصال کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔

    واسع جلیل نے کہا کہ مہاجر قوم کو تیسرے درجے کا شہری بنانے کیلئے پیپلزپارٹی مذموم سازشیں کرتی رہتی ہے، تعلیم، روز گار، کوٹہ سسٹم میں استحصال مکمل طور پر نظر آرہا ہے۔

    سابق ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ وائس آف کراچی کی ٹیم بہت جلد قوم کو اس متعلق آگاہ کرے گی، میری پاکستان واپسی سے متعلق پروپیگنڈا کیا گیا، یقیناً ہم پاکستان آئیں گے، ہم پاکستان آئیں گے اور وائس آف کراچی کے پلیٹ فارم سے آئیں گے۔

    واسع جلیل نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، اس کی تعمیر اور ترقی میں کردار سے کوئی نہیں روک سکتا، ندیم نصرت کا ایک پلیٹ فارم پر آنا اور متفقہ لائحہ عمل دینا وقت کی ضرورت ہے۔

  • سندھ میں کورونا پابندیاں مزید سخت، نئے احکامات جاری

    سندھ میں کورونا پابندیاں مزید سخت، نئے احکامات جاری

    کورونا کیسزمیں اضافے کے بعد سندھ حکومت نےمزید سختی کر دی۔ محکمہ داخلہ سندھ نےنیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق این سی او سی کے 3نومبر کے فیصلوں پرمکمل عملدرآمدکیاجائے گا۔

    احکامات

    ہر شخص کوماسک پہننا لازمی قرار، سینٹائزرکا استعمال لازمی کیا جائے، ہرجگہ پر ایس او پی کا خاص خیال رکھا جائے۔

    مذہبی مقامات، دکانوں، بازاروں، شاپنگ سینٹرز پر ایس اوپیز کو فالو کیاجائے۔

    عبادت گاہوں پرکوئی میٹ نہ بچھایاجائے، کم تعدادکو اورفاصلوں کو یقینی کوبنایاجائے۔

    گاڑیوں میں ایک تہائی سےزائدمسافرسفرنہ کریں، ٹرانسپورٹ میں ایس اوپی کو فالو کیاجائے۔

    55سال کی عمر کےافراد کو دفاتر میں کام پربلانےپرپابندی عائد، صرف ضروری اسٹاف کو دفتربلایاجائے۔

    کھانسی،نزلہ زکام والےافرادگھروں سےباہرنکلنےمیں احتیاط کریں، کسی بھی کام کی جگہ پرمحکمہ صحت کورونا ٹیسٹ کرسکےگا۔

    کاروباری افراد اپنے وزٹر کی تعداد کو کم کریں، جہاں وزٹرز آئیں اس روم کاخاص طور سینٹائز کریں۔

    فیکٹری مالکان ایس او پیز پر عمل کرائیں۔

    محکمہ داخلہ کے حکم نامہ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنر کونوٹس جاری کرنےکی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنےوالےادارےایس اوپی پرعمل کرائیں، جہاں خلاف ورزی ہورہی ہےاس کے خلاف ایکشن لیاجائے، آنےوالےدنوں میں کیسزبڑھتےتومزیدسختی ہوگی۔

    کورونا لہر، ملک بھر میں نئی پابندیاں عائد

    کورونا کی دوسری لہر کے بعد نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کابڑا اقدام،ملک بھر میں احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلےکےکل سےنفاذ ہوگا۔


    ماسک نہ پہننےوالوں کو100 روپےجرمانہ

    دوسرےمرحلےمیں فیس ماسک کیلئےگلگت بلتستان ماڈل پرعملدر آمدہو گا۔ گلگت بلتستان طرزپرماسک نہ پہننےوالوں کو100 روپےجرمانہ عائدہوگا جب کہ ماسک نہ پہننےوالوں کوجرمانہ کرکے3ماسک فراہم کئےجائیں گے۔

    سرکاری ونجی دفاترمیں 50 فیصد عملہ

    سرکاری ونجی دفاتر کیلئے ورک فرام ہوم پالیسی7 نومبرسےنافذہوگی۔سرکاری ونجی دفاترمیں 50فیصدعملہ بلانےکی اجازت ہوگی۔

    کوروناکےہاٹ سپاٹ ایریاز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کئےجائیں گے۔احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کیلئے چاروں صوبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    ان ڈور شادی تقریبات پرپابندی 

    احتیاطی تدابیرکے دوسرے مرحلےمیں ان ڈور شادی تقریبات پرپابندی ہوگی تاہم اس پابندی کا نفاذ20 نومبر سے ہو گا۔ شادی کی تقریبات کھلی فضامیں منعقدکرنےکی اجازت ہو گی۔کھلی فضامیں شادی کی تقریب میں ایک ہزار مہمان شریک ہو سکیں گے۔