Author: رافع حسین

  • عظیم قائد کے مزار پر حاضری باعث اعزاز ہے: امریکی ناظم الامور

    عظیم قائد کے مزار پر حاضری باعث اعزاز ہے: امریکی ناظم الامور

    کراچی: امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور قائد کی قبر پر گل دستہ رکھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے گزشتہ روز مزار قائد پر حاضری دیتے ہوئے مہمانوں کی کتاب پر اپنے قیمتی تاثرات درج کیے۔

    اینجلا ایگلر نے کہا کہ جمہوریت، رواداری اور برداشت میں یقین رکھنے والے عظیم قائد کے مزار پر حاضری ان کے لیے باعث اعزاز ہے۔

    امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر مزار قائد پر حاضری دے رہی ہیں

    انھوں نے کہا امریکا اور پاکستان کے درمیان پائیدار تعلقات کی بنیاد رکھنے والے اس مدبر کو امریکی عوام کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔

    اینجلا ایگلر نے اس موقع پر شہید ملت لیاقت علی خان اور مادر ملت فاطمہ جناح اور سردار عبد الرب نشتر کے مزار پر بھی حاضری دی۔

    امریکی ناظم الامور نے مزار قائد کی طرز تعمیر کی تعریف کرتے ہوئے اس سے متاثر ہونے کا بھی اظہار کیا۔

    فلپائن کے تین جزائر کی ملکہ مزار قائد پہنچ گئیں

    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں فلپائن کے تین جزائر کی ملکہ سلطانہ ماریہ بھی کراچی کے دورے پر جب آئیں تو انھوں نے سب سے پہلے مزار قائد پر حاضری دی۔

    ملکہ نے مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور فلپائن میں سیاحتی سماجی تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اب میری کوشش ہوگی کہ فلپائن کے لوگوں کو پاکستان بھیجوں۔

  • سی ایس ایس امتحان، کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی خوش خبری

    سی ایس ایس امتحان، کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی خوش خبری

    کراچی: شہر قائد کے باسیوں کے لیے سی ایس ایس امتحان کے حوالے سے خوش خبری دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے فریئر ہال میں ایک خصوصی کارنر قائم کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر کا افتتاح کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ سی ایس ایس کے امتحان میں بیٹھنے والے افراد کے لیے یہاں مفت کورسز کرائے جائیں گے۔

    ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ موجودہ اور سابق بیورو کریٹس، سفارت کار اور سینئر افسران کورسز کے شرکا کی مدد کریں گے۔

    انھوں نے کہا سی ایس ایس کورس کے شرکا کو کتابیں بھی مفت فراہم کی جائیں گی، کام یابی کے لیے اچھی کتابوں کا مطالعہ ضروری ہے، گوگل آپ کو انفارمیشن فراہم کرتا ہے، علم نہیں، اس لیے کامیابی کے لیے اپنے سبجیکٹ پر بھرپور توجہ دی جائے۔

    افتخار شالوانی کا کہنا تھا کراچی کے شہری سی ایس ایس امتحان میں کام یابی کے لیے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں، سینئر افسران اور بیوروکریٹس اپنے تجربات کی روشنی میں شرکا کو امتحان کی تیاری کرائیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ سی ایس ایس آپ کی صلاحیتوں کا بھرپور امتحان ہے، اس میں سُرخ رُو ہونا فخر کی بات ہے۔

  • قومی زبان کیخلاف اچکزئی کی ہرزہ سرائی، شہری سراپا احتجاج

    قومی زبان کیخلاف اچکزئی کی ہرزہ سرائی، شہری سراپا احتجاج

    کراچی : پی ڈی ایم جلسے میں قومی زبان اردو کے خلاف تقریر کے خلاف وفاقی اردو یونیورسٹی کے باہر شہریوں نے احتجاج کیا۔

    کسی بھی قوم کی زبان اس کی شناخت اور پہچان ہی نہیں ہوتی بلکہ اس ملک اور اس کے بسنے والوں کی تہذیب، ثقافت اور تاریخ کی گواہ اور امین ہوتی ہے. پاکستان میں جہاں متعدد زبانیں اور بولیاں رائج ہیں، وہیں اردو کو قومی زبان کا درجہ حاصل ہے۔

    گزشتہ دنوں اچکزئی کا اردو زبان سے متعلق بیان متنازع حیثیت اختیار کر گیا جس کے بعد ایک طرف سیاسی حلقوں میں اس کی مذمت کی گئی وہیں‌ دانشور طبقہ اور اردو کے چاہنے والوں کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے جناح گراؤنڈ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں اردو کے خلاف تقریر کرنے پر محمود خان اچکزئی کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی جبکہ مظاہرین نے محمود خان اچکزئی سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ اردو ہمارا تشخص اور قومی زبان ہے، اسکی توہین برداشت نہیں کریں گے، پی ڈی ایم کے جلسے میں قومی زبان کی توہین کرنے پر نوٹس لیا جائے۔

    اردو کے متوالوں نے اردو یونیورسٹی کے بعد مظاہرہ کرتے ہوئے اردو زبان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

  • کراچی: کرپشن کا الزام، میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ معطل

    کراچی: کرپشن کا الزام، میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ معطل

    کراچی: کرپشن کے الزامات پر محکمہ بلدیات سندھ نے ایک میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ کو معطل کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق غیر قانونی طریقے سے من پسند کمپنیوں کو اشتہارات کے ٹھیکے دینے اور سرکاری فیس وصولی میں خرد برد کے معاملے پر محکمہ بلدیات سندھ نے ایکشن لے لیا ہے۔

    سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ضلع شرقی کے میونسپل کمشنر وسیم سومرو اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ جاوید کلوڑ کو معطل کر دیا گیا۔

    سیکریٹری محکمہ بلدیات نے معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، افسران کے خلاف الزامات کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئیں۔

    دونوں افسران کو ضلع شرقی میں من پسند کمپنی کو مجاز اٹھارٹی کی اجازت کے بغیر اشتہارات کے ٹھیکے دینے پر معطل کیا گیا ہے، نوٹی فکیشن میں معطل افسران کو سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ رپورٹ کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا۔

    کراچی میں انتظامی تبدیلیاں بھی بہتری نہ لا سکیں، فنڈز میں‌ خرد برد کا انکشاف

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر ٹھیکے کی اجازت میں صوبائی لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے شقوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

    مذکورہ افسران پر من پسند کمپنی کو ٹھیکے دینے کے ساتھ سرکاری فیس کی وصولی میں کمپنی کو فائدہ پہنچانے اور فیس وصولی میں خرد برد کا بھی الزام ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق افسران نے کم رقم کے چالان جاری کیے جس سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا۔

    دونوں افسروں کو جلد چارج شیٹ دی جائے گی، ذرایع کا کہنا ہے کہ بلدیہ شرقی میں غیر قانونی طور پر لگائے گئے اشتہاری بورڈز، ان کے ٹھیکوں اور فنڈز میں کرپشن پر محکمہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

  • نیشنل بینک کے سابق صدر کے خلاف ایک اور تحقیقات کا آغاز

    نیشنل بینک کے سابق صدر کے خلاف ایک اور تحقیقات کا آغاز

    کراچی: قومی احتساب بیورو(نیب) نے نیشنل بینک کے سابق صدر سعید احمد کے خلاف ایک اور تحقیقات کا آغاز کردیا، نیب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے سیکرٹری بورڈآف ڈائریکٹرز کو خط لکھ کر ریکارڈز مانگ لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سعید احمد کے خلاف ایک اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، نیب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے سیکرٹری بورڈآف ڈائریکٹرز کو خط لکھ دیا جس میں مختلف امور سے متعلق ریکارڈ مانگا گیا ہے، نیشنل بینک کے سابق صدر کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں اور ترقیاں دینے پر تحقیقات جاری ہیں۔

    اس حوالے سے ذرایع کا کہنا ہے کہ سعید احمد نے 2017میں اہم شخصیت کے کہنے پر من پسندافراد کو بھرتی کیا، اوجی تھری کے افسران کو ایس ای وی پی کے عہدے پر ترقی کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔

    ذرائع کے مطابق بھرتی افراد کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی اپروول کے نوٹ بھی طلب کیے گئے ہیں، بھرتی افراد کی لسٹ اور طریقہ کار کی تفصیلات بھی نیب نے منگوائی ہیں۔

    نیب نے خط میں سوالات اٹھائے ہیں کہ جن افراد کو بھرتی کیا گیا ان کے لیے کیا پوسٹ کی تشہیر کی گئی؟ بھرتی افراد کو کتنی تنخواہ دینی ہے کیا قوانین رکھا گیا؟۔

    سابق صدر سید احمد پر اختیارات سے تجاوز اور سیاسی شخصیات کو فائدہ پہنچانے کا بھی الزام ہے۔

  • سابق پی ایس پی رہنماؤں نے آئی جی مبینہ اغوا پر سوالات اٹھادئیے

    سابق پی ایس پی رہنماؤں نے آئی جی مبینہ اغوا پر سوالات اٹھادئیے

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے  سابق رہنماوں نے آئی جی سندھ پولیس کے اغوا پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے انتہائی حساس اور اہم اداروں کو لے کر دانستہ یا نادانستہ طور پر شکوک و شبہات کو ہوا دی جا رہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار پی ایس پی کے سابق سینئر وائس چیئرمین انیس ایڈووکیٹ اور پی ایس پی کے سابق سیکریٹری جنرل رضا ہارون نے آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کے جبری طور پر مبینہ اغوا پر کیا، انہوں نے سوال اٹھایا کہ آئی جی سندھ نے اس مبینہ اغوا یا زبردستی کے خلاف نہ تو ایف آئی آر درج کروائی ہے اور نہ ہی مجاذ اتھارٹی کوتحریری شکایت کی ہے۔

    دونوں رہنماوں نے کہا کہ معاملہ کی حساس نوعیت اور اداروں کی ساکھ کو سامنے رکھتے ہوئے بلاوجہ کی سیاسی بیان بازی و قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایک سینئر پولیس افسر کو سب سے پہلے کیا کام کرنا چاہیے تھا؟

    رضا ہارون اور انیس ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ مبینہ واقعہ پر سندھ کی صوبائی حکومت، وفاقی اور پنجاب کی حکومت اور پی پی پی اور مسلم لیگ ن کے رہنما سیاسی مقاصد کیلئے متضاد بیان بازی کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک کے انتہائی حساس اور اہم اداروں کو لے کر دانستہ یا نادانستہ طور پر شکوک، شبہات اور سوالات کو ہوا دی جا رہی ہے۔

    سابق پی ایس پی رہنماؤں نے کہا کہ میڈیا پر گفتگو اور تبصرہ کرنے والا کوئی فرد اس معاملہ کا نہ تو عینی گواہ ہے اور نہ ہی اسے آئی جی سندھ نے اپنا ترجمان مقرر کیا ہے۔

    رضا ہارون اور انیس ایڈوکیٹ نے کہا کہ امید ہے کہ انکوائری کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کو درست معلومات دی جائیں۔

  • کیپٹن صفدرکی گرفتاری اور پولیس افسران کی چھٹیوں کی درخواست پر تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

    کیپٹن صفدرکی گرفتاری اور پولیس افسران کی چھٹیوں کی درخواست پر تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

    کراچی : سندھ حکومت نے کیپٹن صفدرکی گرفتاری اور پولیس افسران کی چھٹیوں کی درخواست پرتحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ، کمیٹی تحقیقات مکمل کرکے وزیراعلی ٰسندھ کومکمل رپورٹ پیش کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کیپٹن صفدرکی گرفتاری اورافسران کی چھٹیوں کی درخواست پر تحقیقات کیلئے حکومت سندھ نے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ، کمیٹی کےقیام کانوٹیفکیشن آج جاری کیےجانےکاامکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق کمیٹی میں ناصرحسین شاہ ، سعیدغنی،مرتضیٰ وہاب اوردوصوبائی وزراشامل ہوں گے، کمیٹی تحقیقات مکمل کرکے وزیراعلی ٰسندھ کومکمل رپورٹ پیش کرے گی، رپورٹ کو سندھ اسمبلی میں اراکین کےسامنےبھی لایاجائے گا۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعلیٰ سندھ کا کیپٹن (ر) صفدر کے واقعے پر وزارتی کمیٹی بنانے کا اعلان

    یاد رہے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے واقعے پر وزارتی کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس اور اداروں سے پوچھ کر حقائق سامنے لائیں گے، ہم وقاص کو بھی بلائیں گے کہ کمیٹی میں آئیں اور اپنا مؤقف دیں۔

    واضح رہے مزارقائد تقدس پامالی کیس میں کیپٹن(ر)صفدر کو گرفتار کر لیا گیا تھا ، کیپٹن(ر)صفدرکی گرفتاری نجی ہوٹل سےعمل میں لائی گئی، مزار قائد کے تقدس کی پامالی کامقدمہ وقاص احمد نامی شہری کی مدعیت میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سمیت دو سو نامعلوم افراد کیخلاف بریگیڈ تھانے میں درج کیا گیا تھا، مقدمہ میں قائداعظم مزار آرڈیننس کی خلاف ورزی جان سے مارنے اور ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل کی گئی۔

    بعد ازاں عدالت نے کیپٹن(ر)صفدر کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

  • کراچی دھماکا، سندھ حکومت کا زخمیوں کے مفت علاج کا اعلان

    کراچی دھماکا، سندھ حکومت کا زخمیوں کے مفت علاج کا اعلان

    کراچی: سندھ حکومت نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع مسکن چورنگی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کے مفت علاج کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب دھماکے کے زخمیوں کے علاج معالجہ سرکاری خرچ پر کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں نجی اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑے اور  اسپتال اخراجات کے حوالے سے تمام بلز محکمہ صحت سندھ کو بھیجے۔

    واضح رہے کہ زخمیوں کے  اہلخانہ کی جانب سے شکایات سامنے آئی تھیں کہ اسپتال انتظامیہ نے علاج سے قبل 50 ہزار روپے جمع کروانے کا مطالبہ کیا جس کے نتیجے میں ان کا پیارا دم توڑ گیا۔

    مزید پڑھیں: نجی اسپتال کا رقم کا مطالبہ، کراچی دھماکے کا زخمی دم توڑ گیا

    نوجوان کی موت کے بعد اہلخانہ مشتعل ہوگئے اور ان کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا، زخمی بھانجے کے علاج کے لیے ٹھوکریں کھاتی خاتون بھی اسپتال انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف پھٹ پڑیں، ان کا کہنا تھا کہ مزدور سے اتنا پیسہ مانگا جارہا ہے اسپتال کو آگ لگادو۔

    صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی فوری طبی امداد سے متعلق قانون موجود ہے، اسپتال انتظامیہ کو قانون کا معلوم ہونا چاہئے، ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے حکام اسپتال پہنچ گئے ہیں اور اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز گلشن اقبال کے علاقے میں واقع مسکن چورنگی  کے قریب گیس لیکیج دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق  اور 26 زخمی ہوگئے تھے۔

  • اٹلی کا  بزنس ویزا ، پاکستانی صنعت کاروں کیلئے بڑی خبر

    اٹلی کا بزنس ویزا ، پاکستانی صنعت کاروں کیلئے بڑی خبر

    کراچی : اٹلی کے نئے قونصل جنرل نے گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ملاقات میں کہا کہ اٹلی نے پاکستانی صنعت کاروں کو بزنس ویزا دینا شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل سے اٹلی کے نئے قونصل جنرل کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تجارتی و سفارتی تعلقات اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبہ میں سماجی شعبہ کی ترقی میں اٹلی کے تعاون پر بات چیت کی گئی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا پاک اٹلی دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ وقت کی ضرورت ہے ، سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

    اس موقع پر اٹلی کے نئے قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ اٹلی نے پاکستانی صنعت کاروں کو بزنس ویزادینا شروع کردیا ہے۔

    یاد رہے پاکستانی سفیر جوہر سلیم نے کہا تھا اٹلی نے پاکستانی ورکرز کے لیے ورک ویزے کی اجازت دے دی ہے، اٹلی رواں سال 30 ہزار ورک ویزے جاری کرے گا۔

    جوہر سلیم کا کہنا تھا کہ 2 سال کی کوششوں کے بعد پاکستان دوبارہ ورک ویزا لسٹ میں شامل ہوا ہے، اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کا بھی مطالبہ تھا کہ پاکستانی ورکرز کو ویزا دیا جائے، ورک ویزوں کے اس موقع سے شعبہ زراعت، سیاحت، تعمیرات اور فریٹ سے منسلک لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستانی ورکرز اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

  • وزیراعظم نے گورنر سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا

    وزیراعظم نے گورنر سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا

    کراچی / اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ کو فوری طور پر اسلام آباد طلب کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سندھ کی موجودہ صورت حال کے بعد وزیراعظم عمران خان نے عمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کچھ دیر میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔

    دریں اثناء سندھ پولیس کے آئی جی سمیت ڈی آئی جی رینک کے تمام افسران نے چھٹیوں پر جانے کی درخواست جمع کرائی جبکہ  اسیپشل برانچ کے ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب نے بھی دو ماہ چھٹی کی درخواست دے دی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایسے ماحول میں کام نہیں کرسکتا۔

    مزید پڑھیں: کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری ، آئی جی سمیت اعلیٰ افسران احتجاجاً چھٹیوں پر چلے گئے

    آئی جی،ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جیزکےبعدایس ایس پیزبھی چھٹی پرجانےلگے، ایس ایس پی ایسٹ ساجدامیرسدوزئی نے بھی رخصت پر جانے کی درخواست دے دی۔ 

     آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر آج دفتر نہیں اور انہوں نے 15 روز کی چھٹیوں کی درخواست دے دی۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل اور ڈی آئی جی رینک کے افسران نے بھی چھٹیوں پر جانے کی درخواست جمع کرادی ہے۔

    بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس

    بعد ازاں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیا اور چیف آف آرمی اسٹاف، ڈی جی آئی ایس آئی سے واقعے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔

    آرمی چیف کا نوٹس 

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کراچی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کورکمانڈر کراچی کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔

    آرمی چیف نے کورکمانڈر کراچی کو تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ ’حالات کاجائزہ لےکرحقائق سامنےلائےجائیں‘۔