Author: رافع حسین

  • سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام، ڈائریکٹر حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی معطل

    سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام، ڈائریکٹر حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی معطل

    کراچی: سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر بشیر اعوان کو معطل کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ ڈی اے کے 19 گریڈ کے افسر بشیر اعوان کو معطل کر دیا گیا، ان پر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے احکامات پر بشیر اعوان کے خلاف محکمہ بلدیات نے تحقیقات شروع کر دیں۔ محکمہ بلدیات نے ڈائریکٹر ایچ ڈی اے کی معطلی اور تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا۔

    محکمہ بلدیات کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر ایچ ڈی اے بشیر اعوان پر سرکاری فنڈز میں بڑے پیمانے پر خرد برد کا الزام ہے، وزیر بلدیات کی ہدایت پر کرپشن کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

    یہ کمیٹی کرپشن کے الزامات کے حوالے سے 10 دن میں اپنی رپورٹ وزیر بلدیات ناصر حسین کو پیش کرے گی۔

    کرپشن الزامات پر ایس بی سی اے کے 3 افسران معطل

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کرپشن کی شکایات پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 3 افسران کو معطل کیا گیا تھا، وزیربلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کے احکامات پر معطل کیے گئے افسران میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ندیم شیخ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رفیع رضا اور بلڈنگ انسپکٹر شامل تھے۔

  • فواد چوہدری کی کراچی میں الیکٹرک بسیں متعارف کروانے کیلئے معاونت کی پیشکش

    فواد چوہدری کی کراچی میں الیکٹرک بسیں متعارف کروانے کیلئے معاونت کی پیشکش

    اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کراچی میں الیکٹرک بسیں متعارف کروانےکیلئے معاونت کی پیشکش کردی ، جس پر گورنر سندھ نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا ، جہاں گورنرسندھ کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر فواد چوہدری نے کراچی میں الیکٹرک بسیں متعارف کروانےکیلئےمعاونت کی پیشکش کی ، جس پر گورنر سندھ نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

    گورنر سندھ اور فواد چوہدری کے درمیان ملاقات میں ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی سندھ حکومت کو ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق بھی تعاون کی پیشکش کی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی کی ترقی تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران اسماعیل نے فواد چوہدری کی سربراہی میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی کارکردگی کی تعریف کی۔

  • ایس او پیز کی خلاف ورزیاں: کراچی میں 6 دن میں 12 شادی ہالز ،193 ریسٹورنٹس اور 23 دکانیں سیل

    ایس او پیز کی خلاف ورزیاں: کراچی میں 6 دن میں 12 شادی ہالز ،193 ریسٹورنٹس اور 23 دکانیں سیل

    کراچی : شہر قائد میں چھ دن میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کرنے پر 12 شادی ہالز ، 193 ریسٹورنٹس، 23 دکانیں اور 4 تعلیمی اداروں کو سیل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کوروناوائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث شہر بھر میں ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف ایکشن تیزی سے جاری ہے ، چھ ڈسٹرکٹس میں مختلف ہوٹلز ، بازار ، دکانوں اور شادی ہولز کے خلاف کارروائی کی گئی۔

    کارروائیو ں کے دوران کورونا ایس او پیز کو نظر انداز کرنے والوں کے خلاف جرمانے کیے گئے اور کئی جگہوں کو سیل کردیا گیا ، چھ دن کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے 12 شادی ہالز کو سیل ، 5 کو جرمانے کیے گئے جبکہ 47 شادی ہالز کو فائنل وارننگ جاری کی گئی۔

    انتظامیہ کے مطابق چھ دن کے دوران مختلف اضلاع میں 193 ریسٹورنٹس کو سیل کیا گیا ، خلاف ورزی کرنے پر 38 ریسٹورنٹس پر جرمانے اور 229 کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر 23 دکانوں کو سیل اور 10 کو جرمانے عائد کیے گئے۔

    تعلیمی اداروں میں بھی ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر ایکشن لیتے ہوئے ضلع جنوبی میں 4 تعلیمی اداروں کو سیل کردیا گیا جبکہ ضلع غربی میں 9 ، ضلع ملیر میں 5 جبکہ ضلع کورنگی میں 2 تعلیمی اداروں کو وارننگ جاری کی گئی۔

  • ایم کیو ایم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو 12 نکاتی قرارداد جمع کرا دی

    ایم کیو ایم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو 12 نکاتی قرارداد جمع کرا دی

    اسلام آباد: شہری سندھ کے مسائل پر ایم کیو ایم پاکستان نے ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کو بارہ نکاتی قرارداد جمع کرا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دو دن قبل ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے شہری سندھ کے مسائل پر 12 نکاتی قرارداد اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرائی ہے، جس میں کراچی کے سلسلے میں اہم مطالبے کیے گئے ہیں۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں میں کراچی کو آفت زرہ قرار دیا گیا ہے اس لیے تمام ٹیکس معاف کیے جائیں، NFC ایوارڈ آدھا کراچی کو دیا جائے، کراچی سندھ کو 95 فی صد ریوینیو دیتا ہے تو اس میں سے 25 فی صد کراچی پر خرچ کیا جائے۔

    کراچی کے نوجوانوں کو آئین کے لحاظ سے سرکاری روزگار دیا جائے، سندھ میں پولیس اسٹریٹ کرائمز روکنے میں ناکام ہے، پولیس میں ریفارمز کر کے سندھ پولیس میں مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے۔

    مردم شماری، الیکشن کمیشن اور نادرا کی ووٹر لسٹوں کے ڈیٹا میں جو فرق ہے اس کو دور کیا جائے، سندھ حکومت نے آئین سے بغاوت کر کے لوکل گورنمنٹ کے جو اختیارات منتقل نہیں کیے ہیں پارلیمنٹ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے اختیارات لے کر مقامی حکومتوں کو منتقل کرائے۔

    قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کراچی سے جڑی ہے لیکن صوبائی حکومت نے کراچی کو نظر انداز کیا ہوا ہے، اس لیے میگا پراجیکٹس کے فور، ایس تھری، سرکلر ریلوے، ماس ٹرانزٹ منصوبے جلد مکمل کیے جائیں۔

    سندھ حکومت کی متعصبانہ پالیسیوں، کوٹہ سسٹم کے تحت جاری ناانصافیوں، جعلی ڈومیسائل کے ذریعے نوکریوں کی بندر بانٹ پر آزاد کمیشن تشکیل دے کر نا انصافیوں کا تدارک کیا جائے، نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں شہری سندھ کو اس کا جائز حق دلانے کے لیے ایوان اپنا کردار ادا کرے۔

    کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ، اوور بلنگ اور لوٹ مار کا وفاقی حکومت نوٹس لے اور کسی اور کمپنی کو کام کرنے کا موقع فراہم کرے اور عوام کی شکایات کا ازالہ کرے۔

  • سندھو دیش کے خواب خاک ہوجائیں گے، خالد مقبول صدیقی

    سندھو دیش کے خواب خاک ہوجائیں گے، خالد مقبول صدیقی

    حیدرآباد: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کی اصل جدوجہد کے لیے کھڑے ہیں، سندھو دیش کے خواب خاک ہوجائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم کو کھونے نہیں دیا اکٹھا کھڑا کردیا، پاکستان کے خالقوں کی اولاد ہیں، غداری کرہی نہیں سکتے، جو وفاداری ہم نے ملک سے دکھائی کوئی سیاست جماعت نہیں دکھا سکتی۔

    انہوں نے کہا کہ مہاجروں کی آواز بلند ہوچکی، کوئی بٹھائے بھی تو نہ بیٹھے گی، آباؤ اجداد نے پاکستان بنایا ہم بچانے نکلے ہیں، یہ بیمار بوسیدہ نظام بچے گا نہ اس کی حفاظت کرنے والی حکومت بچے گی، اب تیرکمان سے نکل چکا، جب ہم نکلتے ہیں تو تقدیر بدل جاتی ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اب فیصلے کا وقت آچکا، جاگیردار، وڈیرے حکمران نہیں بچیں گے، ایم کیو ایم سے جو جہاں گیا واپس آجائے، دل و دماغ آپ کے لیے کھلے ہیں، واپس آجائیں اس سے پہلے حقدار ہونے کے لیے حق پرست شرط بن جائے۔

    پیپلزپارٹی نے پاکستان کو دولخت کیا، عامر خان

    ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پاکستان کو دولخت کیا، پیپلزپارٹی سندھو دیش کے لیے کام کررہی ہے، تمہارے حلق سے صوبہ نکال کر رہیں گے۔

    عامر خان نے کہا کہ حیدرآباد کے لوگوں کو ایم کیو ایم کا ساتھ چھوڑنے کے لیے ڈرایا دھمکایا گیا، حیدرآباد میں ہمارے لوگوں کی 250 لاشیں گرادی گئیں، دھمکیاں دی گئیں لاشیں گرجائیں گی حیدرآباد یونیورسٹی نہیں بنے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو وڈیروں، جاگیرداروں نے غلام بنا رکھا ہے، پیپلزپارٹی حکومت کو کرپشن کے بغیر کھانا ہضم نہیں ہوتا، ان کے ہوتے ہوئے سندھ ترقی نہیں کرسکتا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ایک مہاجر ملا جسے ایڈمنسٹریٹر لگایا ہو؟ ایم کیو ایم متحد رہے گی آنے والا الیکشن بتائے گا، ایسا کرارا جواب دیں گے تمہارا الیکشن میں کھڑا ہونا بھی محال ہوجائے گا۔

    پیپلزپارٹی پر بھروسہ نہیں، حقوق نہ ملے تو دھرنا دیں گے، خواجہ اظہار

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پیپلزپارٹی پہلے دن سے پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لے رہی ہے، پی پی کہتی ہے یہ تو صوبہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں،پی پی پر بھروسہ نہیں، حقوق نہ ملے تو دھرنے دیں گے۔

    خواجہ اظہار نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے روش نہ بدلی تو پورا شہری سندھ وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرسکتا ہے، ہمارے آٹھ سال میں جو ترقیاتی کام ہوا پاکستان کی تاریخ میں ایسا کام نہیں ہوا۔

  • کراچی: دھوبی گھاٹ کے اطراف مکینوں کی قسمت جاگ اٹھی

    کراچی: دھوبی گھاٹ کے اطراف مکینوں کی قسمت جاگ اٹھی

    کراچی: شہرقائد میں صدر پارکنگ پلازہ کے عقب میں رہائش پذیر شہریوں کی قسمت جاگ اٹھی، پیپلزپارٹی کی ریلی کی وجہ سے سیوریج کے نکاسی آب کا کام شروع کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پارکنگ پلازہ کے عقب میں دھوبی گھاٹ کے اطراف کے مکینوں کی بڑی پریشانی دور ہوگئی، پیپلزپارٹی کی کراچی یکجہتی ریلی کی گزرگاہ ہونے کے باعث کئی مہینوں سے سڑک پر جمع سیوریج کے پانی کی نکاسی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے گئے۔

    واٹر بورڈ کی بھاری مشینری اور گاڑیوں نے رات گئے سیوریج کے پانی کی نکاسیی کے لیے اقدامات گئے، ریلی کی گزرگاہ ہونے کی وجہ سے جہاں سڑکیں ٹوٹی ہوئی تھیں ان کی مرمت بھی کی گئی۔

    پیپلزپارٹی کی کراچی یکجہتی ریلی آج نکلے گی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ کئی مہینوں سے شکایات درج کروانے کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہورہا تھا لیکن اب ریلی نکل رہی ہے تو کام کیا جارہا ہے۔

    لوگوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کی خدمت نہیں بلکہ اپنے مفاد کے لیے کام کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ دھوبی گاٹ کے علاوہ شہر کی کئی ایسی سڑکیں ہیں جہاں سیوریج اور بارش کا پانی تاحال موجود ہے۔

  • ’’پیپلزپارٹی نے سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کو تقسیم کر رکھا ہے‘‘

    ’’پیپلزپارٹی نے سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کو تقسیم کر رکھا ہے‘‘

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کو تقسیم کررکھا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی جس طاقت کا مظاہرہ کررہی ہے وہ سرکاری طاقت ہے، ہم کسی طاقت کا نہیں عوامی مظاہرہ کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ کورونا کورونا کررہے ہیں دوسری طرف عوام کو سڑکوں پر لارہے ہیں، ہم نے اپنے حصے کی قربانی دی، اب ان کی باری ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ووٹ کی قدر نہیں ہوگی تو سڑکیں بولتی ہیں اور دیواریں رنگین ہوتی ہیں، دنیا سے جب انصاف نہیں ملتا تو پھر سڑکیں انصاف کرتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کسی کی جاگیر نہیں، جو ایم کیو ایم میں رہتا ہے اسے پارٹی قوانین کو ماننا پڑتا ہے، فاروق ستار یا ایم کیو ایم سے الگ ہونے والوں کو صحیح غلط کا سوچنا چاہئے، فاروق ستار کا مستقبل ان کے ہاتھ میں ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے کہا کہ نواز شریف اداروں پر تنقید کررہے ہیں ان سے پوچھا جاسکتا ہے، کوئی اور ایسی باتیں کرتا تو وہ غدار تھا، حالات تبدیل ہوگئے کوئی اس طرح کی باتیں کررہا ہے تو ہم کس سمت کھڑے ہیں، ہم ان بیانات کے بعد تاریخ کے بائیں یا دائیں طرف کھڑے ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نواز شریف کو آج دھاندلی نظر آرہی ہے، جب دوسرے کہتے تھے تو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جاتے تھے۔

  • کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ایکشن ،  متعدد شادی ہالز اور ریسٹورنٹس سیل

    کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ایکشن ، متعدد شادی ہالز اور ریسٹورنٹس سیل

    کراچی: کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ سے صورتحال تشویش ہو تی جا رہی ہے ، کورونا ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر متعدد شادی ہالز اور ریسٹورنٹس سیل کردیئے گئے جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد کورونا ایس اوپیزکی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن جاری ہے، شہر بھر میں ڈپٹی کمشنرز نے حدود میں ریسٹورنٹ ،شادی ہالز، مٹھائی کی دکانوں کا معائنہ کیا اور ایس اوپیزپرعمل نہ کرنے والوں پر جرمانے، ریسٹورنٹ اور دیگر مقامات کو سیل کردیا۔

    مختلف علاقوں میں7شادی ہال کی چیکنگ کی گئی ،جن میں سے 2 کو سیل اور 5 کو وارننگ دی گئی جبکہ کوروناایس اوپیزکی خلاف ورزی پر 41 ریسٹورنٹس سیل کئے گئےاور 67 ریسٹورنٹس کو وارننگ دے کر 2 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کردیئے۔

    ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 2 شادی ہالز کو جرمانے، 3 ریسٹورنٹس سیل اور 4 پر جرمانے کئے گئے، ضلع جنوبی میں 2 دکانیں اور ایک سپراسٹور کو سیل کیا گیا ،ضلع کورنگی میں 2شادی ہالزجبکہ 9ریسٹورنٹس کوسیل کردیاگیا جبکہ 10ریسٹورنٹس پربھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

    ضلع شرقی میں 14ریسٹورنٹس سیل اور 10 کو 30 ہزار سے زائد کے جرمانے کئے، کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ کسی کوبھی ایس او پیزکی خلاف ورزی کرنےکی اجازت نہیں۔

    خیال رہے کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد سے شہر کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

  • ملک میں قریباً ایک کروڑ ووٹرز کا اضافہ

    ملک میں قریباً ایک کروڑ ووٹرز کا اضافہ

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نےحتمی انتخابی فہرستوں کے اعداد و شمار جاری کر دئیے۔ملک میں 97 لاکھ 93 ہزار ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا کام مکمل ہونے کے بعد حتمی انتخابی فہرستوں کے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔
    سندھ میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 13,443,983 اور خواتین رائے دہندگان کی تعداد 10,907,267 اور خواجہ سراء رائے دہندگان کی تعداد 431ہے، سندھ کے کُل رائے دہندگان کی تعداد 24,351,681 ہے۔

    پنجاب میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 36,371,326، خواتین رائے دہندگان کی تعداد 29,862,932 اور خواجہ سراء رائے دہندگان کی تعداد 1,886ہے، پنجاب کے کُل رائے دہندگان کی تعداد 66,236,144 ہے۔

    خیبر پختونخواہ میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 11,076,630، خواتین رائے دہندگان کی تعداد 8,457,201 اور خواجہ سراء رائے دہندگان کی تعداد133 ہے، اس طرح خیبر پختونخواہ کے کُل رائے دہندگان کی تعداد 19,533,964ہے۔

    بلوچستان میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 2,753,946، خواتین رائے دہندگان کی تعداد 2,047,104 اور خواجہ سراء رائے دہندگان کی تعداد81 ہے ، اس طرح بلوچستان کے کُل رائے دہندگان کی تعداد 4,801,131ہے۔

    اسلام آباد میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 432,731، خواتین رائے دہندگان کی تعداد 393,095 اور خواجہ سراء رائے دہندگان کی تعداد7 ہے ، اس طرح اسلام آباد کے کُل رائے دہندگان کی تعداد 825,833ہے۔

    مجموعی طور پر پاکستان میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 64,078,616، خواتین رائے دہندگان کی تعداد 51,667,599 اور خواجہ سراء رائے دہندگان کی تعداد 2,538ہے، اس طرح پاکستان کے کُل رائے دہندگان کی تعداد 115,748,753 ہے۔

    جنرل الیکشن -2018 کے وقت رائے دہندگان کی کُل تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 تھی جس میں 97 لاکھ 93 ہزار 344 کے اضافہ کے بعد اب کُل تعداد 11 کروڑ 57 لاکھ 48 لاکھ 753 ہوگئی ہے۔

    حتمی انتخابی فہرستیں 4 اکتوبر 2020 سے عوام کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ، رجسٹریشن آفیسروں کے دفاتر میں آویزاں کردی جائیں گی۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا حیدرآباد میں پاور شو دکھانے کا اعلان

    ایم کیو ایم پاکستان کا حیدرآباد میں پاور شو دکھانے کا اعلان

    کراچی: متحدہ قومی مؤومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان نے 4 اکتوبر کو حیدرآباد میں سیاسی پاور شو دکھانے کا اعلان کردیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ’پیپلزپارٹی نے 13 سالوں میں کراچی سمیت پورے سندھ کو کھنڈر بنا کر تباہ کر دیا، کراچی کی ریلی میں عوام نے ثابت کیا کہ وہ ایم کیوایم کے ساتھ ہیں، چار اکتوبر کو حیدرآباد مارچ کا آغاز کررہے ہیں‘۔

    اُن کا کہنا تھا  کہ ’ہم آئینی حدود میں رہتے ہوئے صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں، سندھ میں نیا صوبہ بننا چاہیے تاکہ شہری علاقوں کے مسائل حل ہوں‘۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ ’جعلی ڈومیسائل پر شہری علاقوں میں پیپلزپارٹی نے اپنےلوگوں کو نوکریاں فراہم کیں، فنڈز نہ دے کربلدیاتی نظام  ناکام کرنے کی کوشش کی گئی، صوبائی حکومت نے سندھ کے تعلیمی نظام کو بھی تباہ کردیا‘۔

    ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنونیئر نے الزام عائد کیا کہ ‘پیپلزپارٹی نے جعلی مردم شماری کے ذریعے کراچی میں اپنی اکثریت قائم کی، شہری اور دیہی علاقوں کے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی‘۔

    مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی کا ایم کیوایم کی ریلی کے جواب میں ریلی نکالنے کا اعلان

    عامر خان کا کہنا تھا کہ ’جمہوریت کی دعوے دار حکومتوں نے بلدیاتی الیکشن نہیں کرائے، پیپلزپارٹی کو ہمیشہ سندھ کے شہری علاقوں نے مسترد کیا کیونکہ پی پی نے جمہوریت کی آڑ میں ڈکٹیٹر شپ قائم کر رکھی ہے، سندھ اور ملک کا بیڑہ  غرق کرنے والی جماعت پیپلزپارٹی ہی ہے‘۔

    خواجہ اظہار الحسن کا پی پی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل

    دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کا پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’کراچی مارچ کی کامیابی کے بعد پیپلزپارٹی کے اوسان خطا ہوگئے اور نیندیں اڑ گئی ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’پیپلزپارٹی کی کراچی ریلی چوری اوپر سے سینہ زوری کے مترادف ہے، اندرون سندھ سے جعلی اکثریت کے بل بوتے شہری سندھ میں ریلی نکالی جارہی ہے، پیپلزپارٹی کراچی میں ریلی شوق پوراکرے کیونکہ یہاں کے لوگ جانتے ہیں اس حکومت نے بارہ سال میں شہر کو تباہ کردیا۔‘

    خواجہ اظہار نے الزام عائد کیا کہ ’پیپلزپارٹی اندرون سندھ کے جاگیرداروں و ڈیروں کی غنڈہ گردی کے ذریعے منتخب ہوکر شہری سندھ پر حکومت کررہی ہے، کراچی کے لوگ پیپلزپارٹی کی ریلی کومستردکردیں گے، یہ ریلی صرف سرکاری ملازمین اور اندرونِ سندھ کے کارکنان کی ریلی ثابت ہوگی‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ایم کیوایم پاکستان کی کامیاب ریلی سے ثابت ہوچکا کہ شہری سندھ نے پیپلزپارٹی کی لسانی سیاست کومسترد کردیا،یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیراعظم پاکستان بھی سمجھتے ہیں کہ اندرون سندھ سے لوگ شہری سندھ پر مسلط ہورہے ہیں، پیپلزپارٹی کا منشور صرف شہری سندھ اور دیہی سندھ کے عوام میں نفرت ڈالنا ہے، ماضی کی طرح مستقبل میں بھی شہری سندھ ہر بار پیپلزپارٹی کی سیاست کو مسترد کرتا رہے گا‘۔