Author: رافع حسین

  • کراچی میں سبزیوں کی کاشت کے لیے پانی چوری کرنے کا انکشاف

    کراچی میں سبزیوں کی کاشت کے لیے پانی چوری کرنے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد میں سبزیوں کی کاشت کے لیے بھی پانی چوری کا انکشاف ہوا ہے، نیز کاشت کے لیے سرکاری زمین پر قبضہ بھی کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں پانی چوری کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، ملیر میں ابراہیم حیدری کی حدود میں سرکاری زمین پر مافیا کا قبضہ ہے، جس پر با اثر افرد نے غیر قانونی طور پر سبزیاں کاشت کر لی ہیں۔

    سبزیوں کی کاشت کے لیے پانی چور مافیا نے غیر قانونی طور پر پانی کی لائنیں بھی لے رکھی تھیں، پانی چوری کے لیے لائنوں کو درمیان سے توڑ کر پائپ ڈالے گئے تھے، جہاں سے پانی چوری کر کے سرکاری زمین پر سبزیوں کے فارم کو پانی فراہم کیا جاتا تھا۔

    تاہم انتظامیہ نے اس پر ایکشن لے لیا ہے، ڈپٹی کمشنر ملیت گھنور لغاری قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی پانی کی لائنیں توڑ ڈالیں، اس کارروائی کے دوران علاقہ پولیس اور بھاری مشینری موقع پر موجود تھی۔

    پانی چوری کرنے کے لیے کراچی میں غیر قانونی روڈ کٹنگ کا انکشاف

    ڈپٹی کشمنر کا کہنا تھا کہ سرکاری زمین پر قائم سبزیوں کے فارم کو ختم کر کے زمین وا گزار کرا لی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل اے آر وائی نیوز نے ایک رپورٹ دی تھی کہ کراچی کے علاقے بڑا بورڈ سے لسبیلہ تک میں پانی کی لائن مرمت کرنے کے بہانے روڈ کٹنگ کر کے پانی کی چوری کی جا رہی ہے۔ ذرایع نے بتایا تھا کہ پانی کی لائن مرمت کرنے کے بہانے روڈ کٹنگ کرنے کے لیے اجازت بھی نہیں لی گئی ہے، کے ایم سی کے قانون کے مطابق 25 سال تک روڈ کٹنگ نہیں کی جا سکتی۔

  • کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر سے گورنر سندھ کی اہم ملاقات

    کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر سے گورنر سندھ کی اہم ملاقات

    کراچی: شہر قائد کے نئے ایڈمنسٹریٹر افتخار شلوانی سے گورنر سندھ نے اہم ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی، جس میں شہر قائد کے ترقیاتی منصوبوں، اس ضمن میں ترجیحی امور، فنڈز کے شفاف استعمال، ترقیاتی منصوبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    افتخار شلوانی نے کہا مجھ پر اعتماد کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کا شکر گزار ہوں، اپنے فرائض کی بجا آوری میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کو استعمال کروں گا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ بہ طور ایڈمنسٹریٹر آپ پر بہت بھاری ذمہ داری آ گئی ہے کہ کراچی کے لیے وزیر اعظم کے اعلان کردہ پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کرائیں۔

    انھوں نے کہا کراچی پیکج ایک تاریخی اقدام ہے، اس سے کراچی کے مسائل کو دیرپا بنیادوں پر حل ہونے میں مدد ملے گی، بہتر شہری سہولیات کی دستیابی کراچی کے باسیوں کا حق ہے، کراچی کے مسائل حل کرنے کی اس سے زیادہ سنجیدہ کوشش ماضی میں نہیں دیکھی۔

    گورنر سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، تمام شہری ادارے، کنٹونمنٹ بورڈز، این ڈی ایم اے مل کر شہر کو ٹھیک کریں گے، بطور ایڈمنسٹریٹر آپ پر بہت بھاری ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کرائیں۔

  • محکمہ تعلیم نے ایس او پیز جاری کر دیے

    محکمہ تعلیم نے ایس او پیز جاری کر دیے

    کراچی: سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو پوسٹ کو وِڈ کی صورت حال میں محفوظ رکھنے کے لیے حکمت عملی وضع کر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ میں بھی اسکول و کالجز کھولے جانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اسکول و کالجز ایس او پیز کے تحت ہی کھلیں گے، اس سلسلے میں محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    اسکول انتظامیہ، والدین، اساتذہ، طلبہ، ٹرانسپورٹرز اور اسکول منیجمنٹ کمیٹیوں کو پانچ حصوں میں تقسیم کر کے 76 نکاتی ایس او پیز کا الگ الگ پروفارما تیار کر لیا گیا ہے۔

    ایس او پیز کے مطابق ماسک اور سینی ٹاٸزر کا استعمال، اسکول و کالجز اور ٹرانسپورٹ میں فاصلہ رکھنے سمیت اعلیٰ معیاری ماحول کی فراہمی ضروری قرار دی گئی ہے، نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جاری سال کے سلیبس میں تدریس کے محدود دنوں کے دوران ہی سلیبس کی تکمیل کی جائے گی۔

    والدین کیلئے اہم خبر، مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق تاریخوں کو اعلان

    ہدایت کی گئی ہے کہ 4 صفحات پر مشتمل ایس او پیز پر عمل کو یقینی بنانا ہوگا، تمام کلاسز میں فاصلوں کو یقینی بنایا جائے گا، ٹیچرز کی ٹائمنگ کو شفٹ کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جائے، اسکول ٹائمنگ میں سب ماسک پہنیں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ہر ہفتے اسکول کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا، اسکول کے باہر ٹھیلے لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام اجازت نامے منسوخ کر دیں، اگر اسکول کے باہر کوئی ٹھیلہ لگاتا ہے تو پولیس کو اطلاع دی جائے۔

    نوٹیفکیشن میں طلبہ کے کلاس رومز کے نقشہ جات بھی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • سندھ حکومت کے ساتھ طے ہوا تھا کراچی مسائل پر سیاست نہیں ہوگی: گورنر سندھ

    سندھ حکومت کے ساتھ طے ہوا تھا کراچی مسائل پر سیاست نہیں ہوگی: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے ساتھ طے ہوا تھا کہ کراچی مسائل پر سیاست نہیں ہوگی، معلوم نہیں بلاول بھٹو بار بار اعداد و شمار کیوں بتا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی میں ریس کورس میں بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بہترین پیکج کا اعلان کیا، 1100 ارب میں 62 فی صد وفاق اور 28 فی صد سندھ حکومت دے گی، کراچی اور سندھ کے مسائل کے لیے تمام ادارے ساتھ بیٹھ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا ترقیاتی منصوبہ کراچی تک محدود نہیں، یہ اندرون سندھ بھی جائے گا، معلوم نہیں بلاول بھٹو بار بار اعداد و شمار کیوں بتا رہے ہیں، لگتا ہے انھیں کوئی غلط گائیڈ کر رہا ہے، سندھ حکومت کے ساتھ طے ہوا تھا کہ کراچی مسائل پر سیاست نہیں ہوگی۔

    وزیر اعظم کو پیکج پر دوبارہ غور کرنا چاہیے: بلاول بھٹو زرداری

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے مہرباں بن کر آتے آتے بہت دیر کی ہے، کراچی کے لیے تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں، یونس سائیں نے کل وزیر اعظم سے ملاقات کی اور سندھ کا مقدمہ سامنے رکھا، جس پر وزیر اعظم نے وعدہ کیا کہ وہ جلد اندرون سندھ کا دورہ کریں گے۔

    دریں اثنا، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں ایک بیٹھک ہوئی، جس میں وفاقی وزرا اسد عمر اور علی زیدی نے پی ٹی آئی کراچی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی، ملاقات میں کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وفاقی وزرا اور اراکین اسمبلی کے درمیان کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تفصیلی گفتگو ہوئی، اراکین اسمبلی نے پلان کے لیے وزیر اعظم اور وفاقی وزرا کی کاوشوں کو سراہا، اور وفاقی وزرا کو اپنی تجاویز پیش کیں۔

    ارکان اسمبلی نے امید اظہار کی کہ سندھ حکومت بھی سنجیدگی سے کراچی کے لیے کام کرے گی۔

  • پانی چوری کرنے کے لیے کراچی میں غیر قانونی روڈ کٹنگ کا انکشاف

    پانی چوری کرنے کے لیے کراچی میں غیر قانونی روڈ کٹنگ کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد میں پانی چوری کرنے کے لیے غیر قانونی روڈ کٹنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں پانی کی لائن مرمت کرنے کے بہانے روڈ کٹنگ کر کے پانی کی چوری کی جا رہی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں بڑا بورڈ سے لے کر لسبیلہ تک پانی کی لائن مرمت کرنے کے بہانے روڈ کٹنگ کی گئی ہے، جب کہ روڈ کٹنگ کے ذریعے غیر قانونی طور پر اضافی پانی کی لائنیں لگائی جا رہی ہیں۔

    ذرایع نے بتایا کہ پانی کی لائن مرمت کرنے کے بہانے روڈ کٹنگ کرنے کے لیے اجازت بھی نہیں لی گئی ہے، کے ایم سی کے قانون کے مطابق 25 سال تک روڈ کٹنگ نہیں کی جا سکتی۔

    پانی چور مافیا نے کچھ عرصہ قبل ہی بننے والی روڈ کو پھر سے کھود ڈالا ہے، جہاں پانی کی لائن چوری کے لیے ڈالی گئی ہے وہاں میگا منصوبہ گرین لائن پراجیکٹ بھی ہے۔

    کراچی، واٹر بورڈ کی مین لائنوں پر دھات کی پلیٹیں لگا کر پانی چوری کا انکشاف

    یاد رہے کہ ماضی میں نارتھ کراچی میں واٹر بورڈ کی مین لائنوں سے پانی چوری کے لیے ان پر دھات کی پلیٹیں لگائی گئی تھیں، چور مافیا اس ترکیب سے علاقے کا پانی بند کر کے کمرشل صارفین کو فروخت کر رہا تھا۔

  • کراچی میں فٹ بال گراؤنڈ کچرے کے ڈمپنگ پوائنٹ میں تبدیل، انتظامیہ لا علم

    کراچی میں فٹ بال گراؤنڈ کچرے کے ڈمپنگ پوائنٹ میں تبدیل، انتظامیہ لا علم

    کراچی: شہر قائد میں انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث فٹ بال گراؤنڈ کچرے کا ڈمپنگ پوائنٹ بنا دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد میں بچوں کے لیے بنایا گیا فٹ بال گراؤنڈ کچرے اور ویسٹیج سے بھر دیا گیا، روزانہ کی بنیاد پر ڈمپر دوسرے علاقوں سے کچرا لا کر گراؤنڈ میں پھنکنے لگے۔

    گراؤنڈ کچرے سے بھرنے کے باعث علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں ختم ہو گئیں، علاقے میں بدبو اور تعفن بھی پھیلنے لگا ہے، جس سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

    منوں ٹنوں کچرا گراؤنڈ میں کس نے پھینکا، ڈمپر کہاں سے کچرا لاتے ہیں، انتظامیہ اس بارے میں مکمل طور پر لا علم ہے، سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ نے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا۔

    سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ کچرا پھینکنے والے مافیا اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے کوئی انتظامات نہیں کر سکی ہے، علاقہ مکینوں نے وزیر اعلی سندھ اور وزیر بلدیات سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں کھیل کے میدانوں کی تعداد کم ہوتی جا رہی ہے، گزشتہ کچھ برسوں میں کھیل کے میدانوں پر قبضہ کر کے غیر قانونی پلازے بھی بنائے گئے۔

  • الیکشن کمشنر سندھ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    الیکشن کمشنر سندھ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    کراچی: الیکشن کمیشن میں بڑی تبدیلی، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ جاوید آفریدی کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر سندھ جاوید آفریدی اور جوائنٹ الیکشن سندھ محمد فرید آفریدی کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    عہدے سے ہٹائے گئے دونوں افسران کو الیکشن کمیشن آف پاکستان سیکریٹریٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
    اعجاز انور چوہان نئے الیکشن کمشنر سندھ تعینات کیے گئے ہیں۔اعجاز انور چوہان ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ تھے۔

    ضلعی الیکشن کمشنر جام شورو کو سجاول اور سجاول کے الیکشن کمشنر کو جام شورو تعینات کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک جانب حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا گیا تو دوسری جانب سندھ میں بڑی عہدوں پر تبدیلی کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر سندھ کے افسران کی تبدیلی عمل میں لائی گئی ہے۔

  • سندھ میں بڑا سیلاب آ رہا ہے، الرٹ جاری

    سندھ میں بڑا سیلاب آ رہا ہے، الرٹ جاری

    کراچی: پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سندھ میں بڑا سیلاب آ رہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سندھ نے بڑے سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپر مون سون کی بارشوں کی تباہی کے بعد بڑا سیلابی پانی سندھ آ رہا ہے۔

    اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے ڈی ڈی ایم اے اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ دیا، جس میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ سندھ میں سکھر اور کچے کے علاقوں میں سیلابی پانی آئے گا۔

    پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر میں سیلاب کے حوالے سے الرٹ ہے، 8 ستمبر اور 9 ستمبر کو سکھر بیراج اور گڈو بیراج سے سیلابی ریلا گزرے گا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب سے کچے کے علاقے زیر آب آ سکتے ہیں اس لیے وہاں کے لوگوں کو فوری منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔

    آج دریائے سندھ کے بیراجوں پر پانی کے زیادہ بہاؤ کی وجہ سے کہیں درمیانے اور کہیں نچلے درجے کے سیلاب کی صورت حال رہی، گڈو بیراج پر درمیانے درجے اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب آیا۔

    گڈو بیراج پر پانی کی آمد 400296 اور اخراج 394076 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 307025 جب کہ اخراج 291125 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، کوٹڑی بیراج پر پانی کی آمد 176442 جب کہ اخراج 176092 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

  • وزیراعظم دورہ کراچی کے دوران کن منصوبوں کا اعلان کریں گے؟ جانیے

    وزیراعظم دورہ کراچی کے دوران کن منصوبوں کا اعلان کریں گے؟ جانیے

    اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان دورہ کراچی کے دوران کیا اعلانات کریں گے؟ اے آر وائی پر تفصیلات سامنے لے آیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم کراچی کے لیے 50 سے زائد منصوبوں کا اعلان کریں گے، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان تیار ہے، ترقیاتی منصوبوں پر 802 ارب خرچ ہوں گے۔

    تین سو ارب مالیت کا کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ بھی ٹرانسمیشن پلان میں شامل ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 250 ارب روپے چینی حکومت فراہم کرے گی۔

    ماس ٹرانزٹ سسٹم کے منصوبوں پر 447 ارب 45 کروڑ خرچ ہوں گے، پلان کے تحت ماس ٹرانزٹ سسٹم کے چھ منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔۔

    سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا تخمینہ 62 ارب 30 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ واٹر ڈرینز کے دو منصوبوں کی لاگت کا تخمینہ 4 ارب 60 کروڑ روپے ہے۔

    سیوریج کے آٹھ منصوبوں کا تخمینہ 162 ارب 60 کروڑ روپے ہےجب کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے چار منصوبوں پر چودہ ارب 86کرولا روپے خرچ ہوں گے۔

    وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔وزیراعظم عمران خان ہفتے کی دوپہر کراچی پہنچیں گے۔ وفاقی وزراء این ڈی ایم اے کے حکام اور پارٹی قائدین بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    وزیراعظم کل گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے الگ الگ ملاقات کریں گے جب کہ وزیراعظم سے اراکین اسمبلی، تاجر برادری اور اتحادی جماعتوں کے رہنماوں کی ملاقات بھی ہوگی۔

    وزیراعظم کی جانب سے کراچی اور سندھ بھر کیلئے پیکج کا اعلان متوقع ہے۔ وزیراعظم کراچی کو اربوں روپے کا وفاقی پیکج دینے کا بھی اعلان کریں گے۔

  • وزیراعظم کے دورہ کراچی کو حتمی شکل دیدی گئی

    وزیراعظم کے دورہ کراچی کو حتمی شکل دیدی گئی

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان ہفتے کی دوپہر کراچی پہنچیں گے۔ وفاقی وزراء این ڈی ایم اے کے حکام اور پارٹی قائدین بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    وزیراعظم کل گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے الگ الگ ملاقات کریں گے جب کہ وزیراعظم سے اراکین اسمبلی، تاجر برادری اور اتحادی جماعتوں کے رہنماوں کی ملاقات بھی ہوگی۔

    وزیراعظم کی جانب سے کراچی اور سندھ بھر کیلئے پیکج کا اعلان متوقع ہے۔ وزیراعظم کراچی کو اربوں روپے کا وفاقی پیکج دینے کا بھی اعلان کریں گے۔

    وزیراعظم کراچی کے ساتھ ساتھ سندھ بھر کیلئے بڑے پیکج کا اعلان کریں گے۔ کراچی ٹرانفرمیشن پلان میں شہر اور نالوں کی صفائی اور نکائی آب کے منصوبے شامل ہوں گے۔

    صاف پانی کی فراہمی اور کچرا ٹھکانے لگانے کے منصوبے بھی کراچی ٹرانسفرمیشن پلان کا حصہ ہیں۔ وزیراعظم کراچی میں ٹرانپسورٹ کر نظام اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاقی فنڈز کا اعلان کریں گے۔