Author: رافع حسین

  • کرونا لاک ڈاؤن کے دوران راشن فنڈز میں‌ خرد برد پر ڈپٹی کمشنر کا تبادلہ

    کرونا لاک ڈاؤن کے دوران راشن فنڈز میں‌ خرد برد پر ڈپٹی کمشنر کا تبادلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے غیر قانونی کاموں میں ملوث ہونے پر کراچی کے ضلع ویسٹ میں تعینات ڈپٹی کمشنر کا تبادلہ کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر ویسٹ فیاض عالم سولنگی کو کرپشن ، زمینوں کی الاٹمنٹ اور کرونا متاثرین کے راشن فنڈز میں خرد برد پر ہٹایا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر فیاض سولنگی نے کرونا لاک ڈاؤن کے دوران سیکڑوں شہریوں کے ناموں کی جعلی فہرستیں بنا کر راشن کے فنڈز میں خرد برد کی تھی۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق فیاض سولنگی کے تبادلے کے بعد محکمہ فنانس کے افسر سلیم اوڈھو کو ڈپٹی کمشنر ویسٹ تعینات کردیا گیا۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق سابق ڈپٹی کمشنر فیاض عالم سولنگی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کا آغاز بھی کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کمشنر کراچی اور سیکٹری بلدیات نے بھی فیاض عالم کے خلاف رپورٹ تیار کیں اور پھر انہیں وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کیا تھا۔

    ڈی جی ایم ڈی اے سہیل خان نے بھی ڈپٹی کمشنر ویسٹ کی شکایت کی تھی کہ وہ اسکیم 45 میں غیر قانونی طور سے سرکاری زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے میں ملوث ہیں۔

  • تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کا سندھ حکومت کے خلاف انوکھا احتجاج

    تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کا سندھ حکومت کے خلاف انوکھا احتجاج

    کراچی: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور سماجی تنظیم فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان نے گجر نالے کے کچرے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تصویر لگا کر انوکھا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں متوقع مون سون کی بارشوں کی پیش گوئی کے بعد بھی سندھ حکومت نے نالوں کی صفائی کا کام بروقت مکمل نہیں کیا جس کی وجہ سے شہر میں اربن فلڈ کا خطرہ ہے۔

    سماجی تنظیم کے بانی عالمگیر خان نے گجر نالہ پہنچ کر سندھ حکومت کے خلاف انوکھے انداز میں احتجاج ریکارڈ کرایا اور وزیر اعلیٰ کی تصویر کچرے پر لگا دی. فکس اٹ کے بانی کا کہنا تھا کہ ’وزیراعلی سندھ ادھر آئیں اور اپنی رین ایمرجنسی کے دعوؤں کو دیکھ لیں‘۔

    رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ ’گجرنالے پر تاحال صفائی کے اقدامات نہیں کیے گئے،  بارش سے تین روز پہلے مشینری حاصل کر کے بس صفائی کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے‘۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں مون سون کی آمد، مٹی کا طوفان اور بوندا باندی

    اُن کا کہنا تھا کہ ’این ڈی ایم اے نے اربن فلڈ کی  وارننگ جاری کی اُس کے باوجود شہر کے 30 سے زائد نالوں کو نکاسی کے قابل نہیں بنایا گیا،  ہم گزشتہ چار سالوں سے نالوں کی صفائی کا مطالبہ کررہے ہیں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ لوگ کرونا سے کم جبکہ سندھ حکومت کی نااہلی سے زیادہ مریں گے، سندھ حکومت کے وزرا صرف فوٹو سیشن کیلیے نالوں کا دورہ کررہے ہیں۔

  • کراچی کی دوسری اسٹریٹ لائبریری کے قیام کے لیے کام کا آغاز

    کراچی کی دوسری اسٹریٹ لائبریری کے قیام کے لیے کام کا آغاز

    کراچی: کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا ہے کہ لیاری میں اسٹریٹ لائبریری ضلعی کارپوریشن جنوبی کے تعاون سے قائم کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی دوسری اسٹریٹ لائبریری کے قیام کے لیے کام کا آغاز کر دیاگیا، لیاری کے بلوچ چوک پر اسٹریٹ لائبریری قائم ہوگی۔

    کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا کہ کراچی اور ملک کی دوسری اسٹریٹ لائبریری سے مطالعہ کو فروغ ملےگا،لائبریری ضلعی کارپوریشن جنوبی کے تعاون سے قائم کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لائبریری میں ادب،شاعری،تاریخ اور معلومات عامہ کی کتابیں ہوں گی،اسٹریٹ لائبریری میں بچوں کے ادب کاخصوصی شیلف قائم کیا جائے گا، بچوں کو ادب سے روشناس کرانے پر توجہ دی جائےگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال قائد اعظم محمد علی جناح کی پیدائش پر کراچی میں پہلی اسٹریٹ لائبریری کا افتتاح کیا گیا تھا، سڑک کنارے قائم اس کتب خانے کا مقصد مسافروں کو دوران سفر اورسواری کے انتظار میں وقت گزاری کے لیے کتابیں پڑھنے کا موقع فراہم کرنا ہے، اس منفرد لائبریری کے قیام کو شہری خوش آئند قدم قرار دیا ہے۔

  • فشریز کے سابق چیئرمین نثار مورائی کے گرد نیب کا شکنجہ مزید سخت

    فشریز کے سابق چیئرمین نثار مورائی کے گرد نیب کا شکنجہ مزید سخت

    کراچی : قومی احتساب بیورو نے فشریز کے سابق چیئرمین نثار مورائی کے گرد شکنجہ مزید تنگ کردیا، نثار مورائی کو دہشت گردی اور سہولت کاری کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق چیئرمین نثار مورائی کے اربوں روپے کے اثاثوں کا سراغ لگالیا جس کے بعد نثار مورائی کے گرد نیب کا شکنجہ مزید سخت ہوگیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین فشریز نثار مورائی شوگر مل کے حصے دار بھی نکلے، نثارمورائی، فیملی کے اکاؤنٹ میں پنگریو شوگر ملز سے کروڑوں جمع کرائے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے پنگریو شوگر مل کے چیف ایگزیکٹو کا بیان ریکارڈ کرلیا، جس کے بعد جائیداد کی تصدیق کیلئے بدین ، ٹنڈو محمد خان کے ڈی سیز سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

    نیب حکام کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، متحدہ عرب امارات میں جائیدادوں کا پہلے ہی سراغ لگایا جاچکا ہے، نثار مورائی کو دہشت گردی اور سہولت کاری کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔

    یاد رہے کہ نیب نے 2018 میں سابق چیئرمین فشریز نثار مورائی کو غیرقانونی بھرتیوں اور کرپشن کےالزام میں گرفتار کیا تھا، ملزم کا شمار آصف زرداری کےقریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔

  • کراچی گرین لائن میٹرو بس منصوبے میں‌ اہم پیشرفت، وفاقی حکومت کا بڑا اقدام

    کراچی گرین لائن میٹرو بس منصوبے میں‌ اہم پیشرفت، وفاقی حکومت کا بڑا اقدام

    کراچی: وفاقی حکومت نے کراچی گرین لائن میٹرو بسوں کی خریداری کے لیے انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت میں گرین لائن میٹرو بس منصوبے کے لیے 80 بسوں کی خریداری کا انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کیا جس کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں میٹرو بس چلنے کی امید نظر آنے لگی۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے گرین لائن میٹرو منصوبے کےلیے بسوں کی خریداری،آئی ٹی ایس کی تنیصب کے لیے بھی فنڈز مختص کردئیے، ٹیندرنگ کا مرحلہ تین ماہ میں مکمل ہوگا جس کے بعد  بولی میں کامیاب ہونے والے ادارے سےچھ سے آٹھ ماہ میں میٹرو بسیں درآمد کی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں: گرین لائن بسیں رواں سال دسمبر سے آنا شروع ہو جائیں گی،گورنر سندھ

    ایس آئی ڈی سی ایل ذرائع کے مطابق گرین لائن میٹرو بس منصوبے کو تین سال تک وفاقی حکومت چلائے گی، منصوبے کا فیز ون فروری 2021میں فنکشنل ہونے کا امکان  ہے۔

    ایس آئی ڈی سی ایل کے ذرائع نے بتایا کہ منصوبے کے لیے بسوں کی پہلی کھیپ جنوری میں کراچی پہنچنے کا امکان ہے جبکہ سندھ حکومت نے ایدھی اورنج لائن میٹرو بس منصوبہ بھی وفاق کے سپرد کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق کو سپرد کیے جانے کے معاہدے کے تحت مرکزی حکومت ایدھی اورنج لائن بی آر ٹی منصوبے کے لیے 20 بسوں کی خریداری کرے گی، وفاقی حکومت تین سال تک اورنگی تا بورڈ آفس اورنج لائن (4 کلومیٹر) بی آرٹی بس کا آپریشن چلائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: گرین لائن میٹروبس منصوبہ، سندھ اور وفاق میں معاہدہ طے پاگیا

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ حکومت ایدھی اورنج لائن بی آر ٹی منصوبےکے لیے 2 ارب روپے ایس آئی ڈی سی ایل کو فراہم کرےگی۔

  • کراچی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، فاروق ستار کا کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

    کراچی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، فاروق ستار کا کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم تنظیم بچاؤ کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلنگ کا سلسلہ بند نہ ہونے پر کےالیکٹرک کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

    کراچی پریس کلب پر لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں جس گھر کا بل تین ہزار روپے مہینہ آتا تھا وہاں 15 ہزار روپے کا بل بھیجا جارہا ہے، لوگوں کی آمدنی میں تو اضافہ نہیں ہوا مگر بجلی کے بلوں میں اضافہ کردیاگیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں دو روپے سے زائد کا اضافہ کردیا، حکومت اوراقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کو خدا مان لیا ہے، حکومت کے الیکٹرک کے جرائم میں برابر کی شریک ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا کہ ’اگر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اضافی بلنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو آئندہ احتجاج کے الیکٹرک کے مرکزی دفتر کے باہر کریں گے‘۔

    مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا کےالیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ واپس لینے مطالبہ

    صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اے ڈی بی کے قرض سے نالےصاف کررہی ہے، کراچی میں جمع ہونے والا ٹیکس کہاں ہے؟ نالوں کی صفائی کے لیے قرضہ کیوں لیاجارہاہے، ہمیں سہولت نہیں دی گئی تو کراچی بھی ٹیکس نہیں دےگا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کہتےہیں میرےعلاوہ کوئی آپشن نہیں ہے،ہم سڑکوں پر نکلے ہیں اب ہم بتا دیں گے کہ آپشن کون ہے۔

  • کراچی، پولیس اہلکاروں پر ممکنہ حملوں کا خطرہ، نئی ایس او پی تیار

    کراچی، پولیس اہلکاروں پر ممکنہ حملوں کا خطرہ، نئی ایس او پی تیار

    کراچی: شہر قائد میں پولیس اہلکاروں پر ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر نئی ایس او پی تیار کرلی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں پولیس اہلکاروں پر ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر نئی ایس او پی تیار کرلی گئی جس کے مطابق پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی پر آتے اور جاتے وقت وردی، جوتے نہیں پہنیں گے۔

    ایس او پی کے مطابق پولیس اہلکار ڈیوٹی پر آتے یا جاتے ہوئے مختلف راستوں کا انتخاب کریں، ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد بھی وردی نہ پہنی جائے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایس او پر عملدرآمد نہ کرنے پر محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، نئی ایس او پی گزشتہ روز پولیس اہلکار کی شہادت کے بعد جاری کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے محمود آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار نعمان جاں بحق ہوگیا تھا۔

    ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ مقتول اہلکار ون فائیو پولیس مددگار ساؤتھ میں تعینات تھا، مقتول وردی میں دفتر جارہا تھا۔

    ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے تیس بور کے گولیوں کے تین خول ملے ہیں، پولیس حکام نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • وفاقی حکومت کا اہم قدم، کراچی میں میٹرو بس چلنے کی بڑی امید

    وفاقی حکومت کا اہم قدم، کراچی میں میٹرو بس چلنے کی بڑی امید

    کراچی: ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں میٹرو بس چلنے کی امید پیدا ہو گئی ہے، وفاقی حکومت نے گرین لائن میٹرو کے لیے 80 بسوں کی خریداری کا انٹرنیشنل ٹیںڈر جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے گرین لائن میٹرو منصوبے کے لیے بسوں کی خریداری اور آئی ٹی ایس کی تنصیب کے لیے وفاقی حکومت نے تمام فنڈز مختص کر دیے ہیں۔

    ذرایع کے مطابق ٹیندرنگ پراسس 3 ماہ کا اور کامیاب بولی دہندگان 6 سے 8 ماہ میں میٹرو بسیں امپورٹ کریں گے، گرین لائن میٹرو بس منصوبے کو 3 سال تک وفاقی حکومت چلائے گی۔

    ایس آئی ڈی سی ایل (سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ) حکام نے کا کہنا ہے کہ گرین لاین میٹرو بس منصوبے کا فیز ون فروری 2021 میں فنکشنل ہونے کا امکان ہے، اس سلسلے میں ایس آئی ڈی سی ایل نے بسوں کی پہلی کھیپ جنوری میں آنے کی نوید بھی سنا دی ہے۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ایدھی اورنج لائن میٹرو بس منصوبہ بھی وفاق کے سپرد کر دیا ہے، معاہدے کے تحت ایدھی اورنج لائن بی آر ٹی کے لیے 20 بسوں کی خریداری بھی وفاقی حکومت کرے گی۔

    گرین لائن بسیں رواں سال دسمبر سے آنا شروع ہو جائیں گی،گورنر سندھ

    وفاقی حکومت تین سال تک 4 کلو میٹر اورنگی تا بورڈ آفس اورنج لائن بی آر ٹی بس آپریشن چلائے گی، جب کہ سندھ حکومت ایدھی اورنج لائن بی آر ٹی منصوبے کے لیے 2 ارب روپے ایس آئی ڈی سی ایل کو فراہم کرے گی۔

  • کم تنخواہ، لمبی ڈیوٹی اور جان ہتھیلی پر، اپنی زندگی کی پروا نہیں صرف عوام کا خیال

    کم تنخواہ، لمبی ڈیوٹی اور جان ہتھیلی پر، اپنی زندگی کی پروا نہیں صرف عوام کا خیال

    کراچی : کم تنخواہ اور لمبی ڈیوٹی کے باوجود جان ہتھیلی پر رکھ پر اسٹاک ایکسچینج حملے کو ناکام بنانے والے مرد مجاہد سیکیورٹی گارڈز ہی تو ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کم تنخواہ، لمبی ڈیوٹی اور ہتھیلی پر جان، کون خوشی سے ایسی نوکری کرے، لیکن ایسے بھی مرد مجاہد ہیں جنہیں اپنی زندگی کی پروا نہیں صرف عوام کا خیال ہے، بینک، بازاروں سمیت دیگر مقامات پر تعینات سیکیورٹی گارڈز جان ہتھیلی پر رکھ کر شہریوں کی حفاظت کرتے ہیں۔

    نجی کمپنیوں کے سیکیورٹی گارڈز جو ہمی وقت عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے تیار رہتے ہیں، جن کے پاس نہ تو جدید اسلحہ ہے نہ ہی بلٹ پروف جیکٹ لیکن ان کے پاس دہشت گردوں سے لڑنے کا عزم ضرور ہے۔

    ایسے ہی جانبازوں میں سے ایک سیکیورٹی گارڈ صفدر بھی ہیں جو اپنے گھر کا واحد کفیل ہے اور ماہانہ 18 ہزار روپے تنخواہ پر بطور سیکیورٹی گارڈ اپنی خدمات پیش کرتا ہے۔

    موسم کا کوئی بھی رنگ ہو، محمد صفدر ہاتھوں میں اسلحہ اٹھائے جان ہتھیلی پر رکھے شہریوں کی حفاظت کے لیے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    سیکورٹی گارڈ صفدر اور ان کے ساتھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں اپنے شہید ساتھیوں کی بہادری اور جرات پر سلام پیش کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انھیں فخر ہے کہ وہ ملک کے لیے قربان ہوئے لیکن حکومت سے گلہ بھی ہے کہ ان کے لیے نہ کسی امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا اور نہ ہی انھیں سہولیات دی جاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ ہر آنے جانے والے پر نظر رکھنا اور مشکوک سرگری کو بھانپ لینا، مختلف اداروں کے مرکزی دروازوں پر تعینات یہ سیکورٹی گارڈز دہشت گردوں کے سامنے مضبوط چٹان ہیں اور کسی بھی حملے کی صورت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوتے ہیں جس کا مظاہرہ کل دہشت گردوں نے بھی پی ایس ایکس کے سیکیورٹی گارڈز کی صورت میں کرلیا۔

  • ایم کیو ایم کا وزیر اعظم کے عشائیے میں شرکت کا فیصلہ

    ایم کیو ایم کا وزیر اعظم کے عشائیے میں شرکت کا فیصلہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں اراکین قومی اسمبلی کا وفد وزیر اعظم ہاؤس میں عشائیے میں شریک ہوگا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ عشائیے میں اتحادیوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور اتحادیوں کی شکایات و مطالبات پر بھی گفتگو ہوگی، ایم کیو ایم وزیر اعظم سے ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا معاملہ بھی سامنے رکھے گی، جب کہ بجٹ کو منظور کرانے کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئیں گے۔

    دریں اثنا، آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی کے وزیر تعلیم سعید غنی نے ایم کیو ایم کے حوالے سے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ایم کیو ایم نے صرف ایک بیان دیا، اگر ایم کیو ایم کو اعتراض ہے تو اسے وفاقی حکومت سے علیحدہ ہو جانا چاہیے، ایم کیو ایم وفاق کا حصہ ہے وہ ان کے فیصلوں سے خود کو لاتعلق نہیں کر سکتی۔

    وزیر اعظم نے حکومتی، اتحادی اراکین کو عشائیے پر مدعو کر لیا

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج بجٹ منظوری سمیت ملکی معاملات پر مشاورت کے لیے حکومتی اور اتحادی اراکین کو عشائیے پر بھی بلایا ہے، عشائیے کا اہتمام وزیر اعظم ہاؤس میں کیا گیا ہے، وزیر اعظم ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے اور اتحادی جماعتوں کے تحفظات بھی سنیں گے۔

    یہ عشائیہ وزیر اعظم اور اتحادیوں کے درمیان خوش گوار ماحول میں ملاقات کا اہم موقع ہوگا، اور وزیراعظم کے اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ عشائیے کے لیے روایتی طریقہ کار نہیں اپنایا جائے گا، ماضی میں کیے گئے روایتی عشائیوں جیسا پُر تکلف اہتمام نہیں ہوگا، وَن ڈِش پالیسی پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری مہم پر بھی مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل نے مطالبات کی عدم منظوری اور حکومت سے علیحدگی کے باعث عشائیے میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ حکومت کے اہم اتحادی اور کرونا وائرس انفیکشن سے حال ہی میں صحت یاب ہونے والے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد آرام کی غرض سے عشائیے میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔