Author: رافع حسین

  • کراچی لاک ڈاؤن ، ایم کیو ایم وفد کی وزیراعظم سے اہم ملاقات

    کراچی لاک ڈاؤن ، ایم کیو ایم وفد کی وزیراعظم سے اہم ملاقات

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے  کہ کرونا سے کراچی کے عوام اور تاجر برادری کے مسائل کا ادراک ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سےایم کیوایم پاکستان کےوفدکی ملاقات ہوئی، ایم کیو ایم کے وفد میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، اقبال محمد علی، سید صلاح الدین اور اسامہ قادری سمیت دیگر شامل تھے،

    ملاقات میں سندھ کی صورتحال،کراچی اوراندرون سندھ سےمتعلق عوامی مسائل پرگفتگو اور  ترقیاتی منصوبوں سمیت پی ٹی آئی و ایم کیوایم میں اتحادی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایم کیو ایم کے وفدنےکرونا صورت حال میں عوامی ریلیف کیلئے وزیراعظم کےاقدامات کوسراہا اور حکومتی کاوشوں میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

    ایم کیو ایم اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت کےریلیف اقدامات میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے، اجلاس میں کراچی کی ترقیاتی ضروریات، لوکل گورنمنٹ کو بااختیار اور دیگرمعاملات سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سندھ کےعوام کے مسائل کونظراندازکیاجاتارہا، ملک کی ترقی کراچی کی  تعمیر و ترقی سے وابستہ ہے، کروناسےکراچی کے عوام اورتاجربرادری کے مسائل کا احساس ہے، ہماری اولین ترجیح غریب عوام کے لیے سہولیات اور آسانیاں فراہم کرناہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہےماضی میں عام آدمی کی بجائےاشرافیہ کیلئے پالیسیاں بنائی گئیں، ہماری ترجیح سندھ کےعوام ہیں، خصوصاً کراچی کی تعمیر و ترقی میں وفاق اہم کردار ادا کرے گا۔

  • سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس مسترد

    سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس مسترد

    کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس مسترد کردیا اور اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا بجلی،گیس بل میں کمی اور کٹوتی یا رعایت صوبائی حکومت کا دائرہ اختیارنہیں، یہ دائرہ اختیار وفاق کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کوروناایمرجنسی ریلیف آرڈیننس پراعتراضات لگادئیے، عمران اسماعیل نے کوروناایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کی ذیلی شقوں پر اعتراض کیا۔

    گورنر سندھ نے اعتراض میں کہا بجلی اور گیس بل میں کمی، کٹوتی یا رعایت صوبائی حکومت کا دائرہ اختیارنہیں، یہ دائرہ اختیاروفاق کاہے، بجلی،گیس کے بل میں کمی یارعایت وفاقی حکومت کااختیارہے، بجلی،گیس بل میں رعایت کاوفاقی حکومت پہلےہی فیصلہ کرچکی ہے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہرگزرتےدن کےساتھ وفاقی حکومت ریلیف کاکام بڑھارہی ہے، آئین کےتحت بجلی،گیس کےمعاملات وفاق کےکنٹرول میں ہیں، وفاق ملک بھرکےعوام بشمول سندھ میں ریلیف فراہم کررہاہے۔

    انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ریلیف سرگرمیوں کادائرہ بڑھایاجارہاہے، حکومت کسی خوف،امتیازی سلوک کےبغیر ریلیف کا کام جاری رکھےگی۔

    خیال رہے سندھ کابینہ نے27اپریل کوکوروناریلیف آرڈیننس منظوری کے لیے گورنر کو بھیجا تھا۔

    یاد رہے سندھ کابینہ نے کوروناوائر س آرڈیننس کی منظوری دی تھی، آرڈیننس کے تحت کسی بھی ملازم کونوکری سے نکالانہیں جاسکتا اور پرائیویٹ سیکٹرمیں کام کرنے والے ملازم کو تنخواہ لازمی دینا ہوگی۔

    آرڈیننس کے مطابق اسکولوں کی فیس20فیصدمعاف کرنی ہوگی اور بجلی کے بلوں میں مرحلہ وار رعایت دینی ہوگی جبکہ گھروں کے کرایوں میں ہرصورت رعایت دینی ہوگی۔

  • کراچی لاک ڈاؤن، دلہا اپنی دلہن کو موٹرسائیکل پر رخصت کر کے لے آیا

    کراچی لاک ڈاؤن، دلہا اپنی دلہن کو موٹرسائیکل پر رخصت کر کے لے آیا

    کراچی: شہر قائد سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے کرونا لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شادی کی اور دلہن کو موٹرسائیکل پر رخصت کر کے ہی گھر لے آیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل سے تعلق رکھنے والا ریحان نامی دلہا گلستان جوہر سے اپنی دلہن کو موٹرسائیکل پر بٹھا کر لے آیا۔ دلہا دلہن عروسی جوڑے میں تھے اور موٹرسائیکل ریحان خود ہی چلا رہا تھا۔

    ریحان کے مطابق لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی کو انتہائی مختصر رکھا اور نکاح اور بارات کی تقریب میں صرف 6 افراد نے شرکت کی۔ دلہا کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی سادگی سے کرنے کا موقع ملا ۔

    ریحان کا کہنا تھاکہ جب دلہن کو لے کر گھر پہنچ گیا تو خاتون کے ساتھ ڈبل سواری پر پابندی کا علم ہوا ورنہ اگر پہلے خبر ہوتی تو رخصتی کے لیے کچھ اور بندوبست کرتا۔

    یاد رہے کہ سندھ حکومت نے کرونا کے پیش نظر صوبے بھر میں دفع ایک سو چوالیس نافذ کی ہوئی ہے جس کے تحت تین سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہے۔

  • رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ 25 اپریل کو ہوگا

    رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ 25 اپریل کو ہوگا

    کراچی: مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ 25اپریل بروز ہفتہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیےمفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، یکم رمضان 25اپریل بروز ہفتہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی حصے سے قابل قبول شہادت موصول نہیں ہوئی، یکم رمضان المبارک 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا، علما سے اپیل کرتا ہوں 20نکاتی ایس اوپی پر عمل درآمد کرایا جائے۔

    ملکی تاریخ میں پہلی بار وزارت سائنس، رویت ہلال کمیٹی میں شامل

    مفتی منیب نے علما اور مساجد انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ تمام مساجد سے قالین وغیرہ ہٹا دیں، ہر مسجد میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے، مساجد کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔

    چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی جبکہ تمام زونل کمیٹیوں کا اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز ہوا، جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج چاند نہ نظر آنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں رمضان کا چاند 24 اپریل کو بروز جمعہ نظر آنے کا قوی امکان ہے کیونکہ 23 اپریل جمعرات کو شعبان کی 29 ویں تاریخ ہوگی اور چاند افق پر پانچ ڈگری سے کم ہوگا۔

  • سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں، کمشنر کراچی

    سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں، کمشنر کراچی

    کراچی: کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں ہے، جو دکاندار بغیر اجازت کاروبار شروع کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ جن کو حکومت سندھ نے اجازت دی ہے صرف وہی کاروبار کرسکتے ہیں، تاجروں نے دکانیں کھولیں تو ان کو گرفتار کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ یکم رمضان سے تمام مارکیٹس کھول دیں گے، تاجر رہنما شرجیل گوبلانی کا کہنا تھا کہ حکومت کے کسی وزیر، مذاکراتی ٹیم سے ملاقات نہیں کریں گے۔

    الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت وقت ضائع کررہی ہے، تاجروں اور مزدوروں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن ، کراچی کے تاجروں کا دکانیں کھولنے سے متعلق بڑا اعلان

    تاجر رہنما الیاس میمن کا کہنا تھا کہ وفاق، سندھ حکومت تاجروں کا معاشی دیوالیہ نکالنا چاہتی ہے، مارکیٹس بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے، بجلی، پانی، بل ٹیکسز دینے کی پوزیشن میں نہیں رہے۔

    تاجروں کی جانب سے خود احتجاجاً گرفتاری دی گئی، پولیس حکام

    دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاجروں کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، تاجروں کی جانب سے خود احتجاجاً گرفتاری دی گئی، تاجروں سے مذاکرات جاری ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق لوگوں کو جمع ہونے سے منع کرنے کے لیے نفری تعینات کی، تاجروں کی جانب سے خلاف ورزی پر گرفتاری، قانونی کارروائی ہوگی، ٹمبر، آئرن مارکیٹ کے تاجروں کو دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں۔

  • امریکا میں پھنسے پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن اِن چیف کی حکومت سے مدد کی اپیل

    امریکا میں پھنسے پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن اِن چیف کی حکومت سے مدد کی اپیل

    اسلام آباد: پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن ان چیف رمیش سنگھ نے پاکستانی حکومت سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن ان چیف نے ایک ویڈیو میں پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سمیت کئی پاکستانی اس وقت امریکا میں پھنسے ہوئے ہیں جنھیں مدد کی ضرورت ہے۔

    رمیش سنگھ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث نظام زندگی مفلوج ہے، امریکا میں پھنسے ہونے کی وجہ سے پاکستان میں ہم سب کی فیملیز بہت پریشان ہیں، وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود اور اوورسیز کے وزیر زلفی بخاری سے اپیل ہے کہ امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کی جلد واپسی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    جرمنی، آسٹریلیا، کوریا سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم امریکا سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی فلائٹ چلانے کا اعلان کریں، وزیر اعظم کا دوسرے ممالک سے پاکستانیوں کو لانے کا اقدام قابل تحسین ہے۔ پیٹرن ان چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا میں موجود پاکستانی سفارت خانہ اور پاکستانی سفیر ان سے رابطے میں ہیں، امید ہے وزیر اعظم ہماری مدد کریں گے۔

    خیال رہے کہ متعدد ممالک میں اس وقت پاکستانی شہری لاک ڈاؤن کے باعث پھنسے ہوئے ہیں، جن کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں پی آئی اے کی خصوصی فلائٹس کا آپریشن جاری ہے، آج بھی دبئی میں پھنسے 200 سے زائد پاکستانیوں کر لے کر ایک فلائٹ آج رات پشاور پہنچے گی، دبئی سے پشاور پہنچنے والے مسافروں کی مکمل طبی جانچ کی جائے گی، اور انھیں قرنطینہ بھیجا جائے گا۔

  • شہید امجد صابری کے ہمنوا سلیم صابری کا احتجاج رنگ لے آیا

    شہید امجد صابری کے ہمنوا سلیم صابری کا احتجاج رنگ لے آیا

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے معروف قوال شہید امجد صابری کے ہمنوا سلیم صابری کی بے روزگاری اور معاشی تنگ دستی نوٹس لیتے ہوئے ہر ممکنہ مالی معاونت کا اعلان کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز  کے مطابق سلیم صابری نے معاشی تنگ دستی اور بےروزگاری سے تنگ آکر گزشتہ دنوں کراچی پریس کلب کے باہر بچوں سمیت احتجاج کیا تھا۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ مالک مکان مقررہ تاریخ پر کرائے کی ادائیگی کا بول رہا ہے، گھر میں کھانے کو کچھ نہیں اور اب نوبت فاقہ کشی تک پہنچ گئی ہے۔

    سلیم صابری نے بتایا تھا کہ وہ اور اُن کے اہل خانہ گزشتہ کئی سالوں سے کسمپرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں، حکومت سندھ نے چار سال قبل  امداد کا وعدہ کیا مگر وہ وفا نہ ہوسکا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سلیم صابری کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں بچوں کے ہمراہ گورنر ہاؤس طلب کرلیا۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’سلیم صابری ملک کا اثاثہ ہیں، انہوں نے شہید امجد صابری کے ساتھ شوکت خانم کے لیے عطیات جمع کرنے میں بھی خدمات انجام دیں، ہم اُن کی خدمات کو فراموش نہیں کرسکتے‘۔ گورنر سندھ نے شہید امجد صابری کے ہمنوا کی ہر ممکن مالی معاونت  کا اعلان بھی کیا۔

  • کے ایم سی تشخیصی کٹس سے محروم، میئر کراچی کے خط کے جواب میں سندھ حکومت کی خاموشی

    کے ایم سی تشخیصی کٹس سے محروم، میئر کراچی کے خط کے جواب میں سندھ حکومت کی خاموشی

    کراچی: کے ایم سی کے ماتحت اسپتالوں کو کرونا وائرس کی تشخیصی کٹس نہیں ملیں، میئر کراچی کے خط کے جواب میں سندھ حکومت نے بھی خاموشی اختیار کر لی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے ایم سی کے ماتحت اسپتالوں کو کرونا کٹس کی عدم فراہمی پر میئر کراچی وسیم اختر نے اظہار برہمی کیا، انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ان کے لکھے گئے خطوط کا کوئی جواب نہیں ملا۔

    مئیر کراچی نے کرونا تشخیصی کٹس کی فراہمی کے لیے سندھ حکومت، پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کو خطوط لکھے ہیں، سندھ حکومت کا جواب نہ ملنے پر مئیر کراچی نے دیگر مختلف اداروں کے تعاون سے کرونا وائرس تشخیصی کٹس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    سندھ حکومت نے 50ہزار کرونا ٹیسٹنگ کٹس درآمد کرلیں

    لانڈھی کارڈیک ایمرجنسی سینٹر، کے آئی ایچ ڈی، عباسی شہید اسپتال کو کٹس فراہم کیے جائیں گے، میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ان تینوں سینٹرز میں کرونا کا ٹیسٹ مفت کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 11 اپریل کو سندھ حکومت کی جانب سے درآمد کردہ 50 ہزار کرونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس کراچی پہنچی تھیں، بتایا گیا تھا کہ یہ کٹس کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھیجی جائیں گی، یہ بھی کہا گیا تھا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کٹس کی قلت کا خدشہ تھا جس کے پیش نظر ہزاروں کٹس برآمد کی گئیں۔

  • کراچی لاک ڈاؤن، مجبوری میں گھر  سے نکلنے والے شہریوں پر بھی بڑی پابندی عائد

    کراچی لاک ڈاؤن، مجبوری میں گھر سے نکلنے والے شہریوں پر بھی بڑی پابندی عائد

    کراچی: شہر قائد کی ضلعی انتظامیہ نے لاک ڈاؤن کی پابندیوں سے متعلق نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس میں بتایا گیا ہے کہ تندور اور بیکریوں کو کام کرنے کی مشروط اجازت ہوگی جبکہ گھر سے نکلنے والے شہری ماسک استعمال کرنے کے پابند ہوں گے۔

    کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کیا جس میں تمام ڈپٹی کمشنر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

    نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اگر کوئی مجبوری میں باہر نکلے گا تو اُسے ماسک استعمال کرنا لازم ہوگا۔

    مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے تاجروں کی سن لی

    نوٹی فکیشن میں تندوروں اوربیکریوں کو صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک کام کی اجازت دی گئی ہے جبکہ گھروں پر کھانا پہنچانے والے ریسٹورنٹس کو بھی ان ہی اوقات میں کام کی اجازت دی گئی۔

    کمشنر کراچی نے تمام تندور ، بیکری اور ریسٹورنٹس مالکان کو ہدایت کی کہ وہ ہر ملازم کا معائنہ کریں اور اگر کوئی بھی کارکن کھانسی یا بخار میں مبتلا ہو تو اُسے داخل نہ ہونے دیں۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مالکان پر لازم ہوگاکہ وہ کام کی جگہ کوجراثیم سےپاک رکھیں، کام کر نے والوں کے درمیان سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں، ملازمین  کو ماسک،سینی ٹائزرز،صابن فراہم کریں۔

    اسے بھی پڑھیں: یہ کہنا کراچی میں تمام اموات کرونا سے ہوئیں قبل ازوقت ہوگا،ظفر مرزا

    کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ  تمام مالکان بائیو میٹرک مشینوں کو  استعمال کے بعد جراثیم سے پاک کرنے کا انتظام بھی کریں اور درجہ حرارت چیک ہونے کے بعد ہی کسی بھی شخص کو دکان میں داخلے کی اجازت دیں۔

  • کراچی میں 326 اموات کی اصل کہانی سامنے آگئی

    کراچی میں 326 اموات کی اصل کہانی سامنے آگئی

    کراچی: شہر قائد میں 6 ماہ میں کتنی اموات ہوئیں، کراچی کے 31 بڑے قبرستانوں میں کتنی میتیں دفنائی گئیں اے آر وائی نیوز نے ڈیٹا حاصل کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس سے بڑے پیمانے پر اموات کی خبریں غلط نکلیں، شہر میں گزشتہ ایک ماہ میں ہونے والی تمام اموات کی وجہ کرونا نہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق 15 مارچ سے 13 اپریل تک ہونے والی 759 اموات کی وجہ کچھ اور ہے، ایدھی ہومز میں غسل دی گئی میتوں کے زیادہ تر لواحقین سے رابطہ کیا گیا تو پتا چلا کہ 31 مارچ کو انتقال کرجانے والی خاتون کے علاوہ کسی کی بھی موت کرونا سے نہیں ہوئی تھی۔

    ایدھی ذرائع کے مطابق 15 مارچ سے 31 مارچ تک 371 میتوں کو غسل دیا گیا جن میں 249 مرد اور 121 خواتین شامل تھیں۔

    مرحومین کے لواحقین کا کہنا ہے کہ اکثر افراد طویل عرصے کسی نہ کسی عارضے میں مبتلا تھے اور مرنے والوں کے اہلخانہ کے پاس اسپتالوں کے ساتھ ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں وجہ موت درج ہے۔

    مزید پڑھیں: کورونا جیسی علامات ، کراچی میں2 ہفتے میں 300سے زائد پر اسرار اموات ، ماہرین پریشان

    لواحقین کے مطابق اکثر افراد کا انتقال دل کا ادورہ یا فالج کے اٹیک سے ہوا، کینسر، جگر اور گردے کی بیماریاں بھی انتقال کی وجہ بنیں، ایک شخص چھالیہ گلے میں پھس جانے سے انتقال کرگیا۔

    ذرائع کے مطابق 15 سے 31 مارچ تک غسل دی گئی میتوں میں اکثر کی عمر 50 سال سے زائد تھیں، انتقال کرجانے والوں میں سے 358 افراد کی عمر 41 سے 88 سال کے درمیان تھیں۔

    پندرہ مارچ سے 31 مارچ تک غسل دی گئی میتوں میں اکثر کی عمر 50 سال سے زیادہ تھی۔