Author: رافع حسین

  • ’’نمبر پلیٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے کا نیا طریقہ ناقابلِ قبول ہے‘‘

    ’’نمبر پلیٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے کا نیا طریقہ ناقابلِ قبول ہے‘‘

    کراچی: ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے کراچی میں نمبر پلیٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے کی مذمت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اسمبلی اراکین نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نمبر پلیٹ کے اجرا کا عمل شفاف اور فوری بنایا جائے، اور اس مسئلے کے حل ہونے تک شہریوں کو مہلت دی جائے۔

    اراکین اسمبلی نے نمبر پلیٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے کا نیا طریقہ ناقابلِ قبول قرار دیا، اور کہا حکومت سندھ نے پولیس اور ٹریفک پولیس کے ذریعے شہریوں پر بھاری جرمانے عائد کر کے ان کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کا نیا طریقہ اپنایا ہے۔

    انھوں نے کہا شہریوں کو ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نمبر پلیٹ جاری کرنے میں کئی ماہ کی تاخیر کا سامنا ہے، اور عملے کی جانب سے رشوت طلب کرنا معمول بن چکا ہے، شہریوں کو 4 سے 5 ماہ بعد کی تاریخیں دی جا رہی ہیں، اور اس کے باوجود بھی رشوت کے بغیر ان کا کام نہیں کیا جاتا۔


    گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے حوالے سے اہم فیصلہ


    ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ پولیس اور ٹریفک پولیس مخصوص نمبر پلیٹ نہ ہونے کی بنیاد پر موٹر سائیکل اور گاڑی مالکان پر ہزاروں روپے کے جرمانے عائد کر رہی ہے، یہ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔

    اراکین سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ اس لوٹ مار کو بند کرے، ورنہ احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔

  • محرم میں شکایات کے ازالے کے لیے گورنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم

    محرم میں شکایات کے ازالے کے لیے گورنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم

    کراچی: محرم الحرام میں کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے گورنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ہدایت پر گورنر ہاؤس میں ایک مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سیل قائم کیا گیا ہے، جو یوم عاشور تک 24 گھنٹے کام کرے گا۔

    یہ مانیٹرنگ سیل حکومتی و قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت بلدیاتی اداروں سے رابطے میں رہے گا، خصوصی سیل کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام سے رابطے کرے گا۔


    پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا


    کنٹرول روم مجالس یا جلوس کے راستوں میں مسائل پر بلدیاتی اداروں سے بھی رابطے میں رہے گا، خصوصی سیل روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ گورنر سندھ کو بھیجے گا۔

    شکایتی سیل کا خصوصی ہیلپ لائن اور واٹس ایپ نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ شہری ہیلپ لائن نمبر 1366/02199204748 پر یا واٹس ایپ نمبر 03162971504 رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • ایم کیو ایم اور حکومتی وفد میں ملاقات کا اندرونی احوال، اتحادی جماعت نے کیا مطالبات رکھے؟

    ایم کیو ایم اور حکومتی وفد میں ملاقات کا اندرونی احوال، اتحادی جماعت نے کیا مطالبات رکھے؟

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور حکومتی وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات کا اندرونی احوال سامنے آگیا۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے حکومتی وفد کے ساتھ ملاقات میں کے فور اور کراچی حیدرآباد ترقیاتی پیکج بڑھانے کا مطالبہ رکھا۔

    ذرائع نے بتایا کہ حکومتی وفد نے مطالبے پر بجٹ میں کے فور منصوبے کی مختص رقم بڑھا کر 10 ارب روپے، کراچی ترقیاتی پیکج 15 ارب سے بڑھا کر 25 ارب اور حیدراباد پیکج کی رقم 5 ارب سے بڑھا کر 10 ارب کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

    یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم نے کراچی اور حیدرآباد سے متعلق خوشخبری سنا دی

    اتحادی جماعت نے ملاقات میں شکوہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان پی ڈی ایم وقت سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے لیکن پھر بھی ہمیں پھنسا کر رکھا گیا ہے، کراچی سمیت شہری سندھ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔

    حکومتی وفد نے یقین دہانی کروائی کہ پی ایس ڈی پی میں وفاق کی اسکیمیں پی آئی ڈی سی ایل کے تحت مکمل کی جائیں گی، کے فور اور گرین لائن کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا۔

    اتحادی جماعت کا اپنے مطالبات کے حوالے سے پیر یا منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد اتحادی جماعت بجٹ منظوری میں حکومت کا ساتھ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گی۔

    واضح رہے کہ اتحادی جماعت کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے جبکہ حکومتی وفد میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور احسن اقبال تھے۔

  • ان مقامات پر داخلہ بند، کراچی میں بڑی پابندی عائد

    ان مقامات پر داخلہ بند، کراچی میں بڑی پابندی عائد

    کراچی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو  ساحلی پٹی پر جانے سے روکنے کے لیے پابندی عائد کر دی گئی۔

    کمشنر کراچی نے دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے 8 دن کے لیے پابندی عائد کردی جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پابندی کا اطلاق کل سے تیرہ جون تک ہوگا

    پابندی کینپ بیچ ، سنہرا بیچ ، مبارک بیچ ، ٹرٹل بیچ اور دعا چوک بیچ پر لگائی گئی ہے۔  شہریوں کو ان جگہوں پر جانے ، نہانے یا دیگر تفریحی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

    پابندی میونسپل کمشنر کی درخواست پر لگائی گئی ہے۔

    موسم کی خرابی  اور اونچی لہروں کے باعث کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کے لیے پابندی لگانے کی درخواست کی گئی تھی۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعلقہ افسران کو کارروائی کے اختیارات بھی تفویض کر دئیے گئے ہیں۔

  • گورنر سندھ عیدالاضحیٰ پر 100 اونٹ، 100 بکرے اور 50 بیل قربان کریں گے

    گورنر سندھ عیدالاضحیٰ پر 100 اونٹ، 100 بکرے اور 50 بیل قربان کریں گے

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس بار بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر گورنر ہاؤس کراچی میں غریبوں کے لیے بڑی قربانی کا انتظام کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے اس سال عیدالاضحیٰ پر 100 اونٹ، 100 بکرے اور 50 بیل اللہ کی راہ میں قربان کیے جائیں گے۔

    جانوروں کی قربانی کے بعد مستحقین میں یہ گوشت راشن پیکٹ کے ساتھ تقسیم کیا جائے گا۔

    عیدالاضحیٰ پر قربانی کے لیے خریدے جانے والے اونٹ گورنر ہاؤس پہنچا دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گزشتہ برس بھی اپنی جانب سے عیدالاضحیٰ پر 100 اونٹ، 100 بکرے اور 10 بیل قربان کیے تھے اور ان کا گوشت مستحقین میں تقسیم کیا تھا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد سے متعلق بڑی خوشخبری سنا دی

    ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد سے متعلق بڑی خوشخبری سنا دی

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کراچی اور حیدرآباد سے متعلق بڑی خوشخبری سنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں پارٹی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے ارکان، ایم کیو ایم سینیٹرز اور اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے شرکت کی، جس میں شہری سندھ کے لیے ترقیاتی پیکجز اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    خالد مقبول نے اراکین کو خوشخبری دی کہ آئندہ مالی سال میں کراچی کے لیے 25 ارب جب کہ حیدرآباد کے لیے 10 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج آ رہے ہیں۔

    ایم کیو ایم چیئرمین نے کہا کہ وفاق سے ترقیاتی منصوبوںکی تکمیل سمیت دیگر عوامی منصوبوں پر گفتگو جاری ہے۔ وسائل اور اختیارات کی بندر بانٹ کے باعث مشکلات ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پانی، بجلی اور گیس کی عدم دستیابی پر اراکین اسمبلی اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ رابطے میں رہیں اور اگر احتجاج کی ضرورت پڑے تو اس کا بھی حصہ بنیں اور عوامی نمائندے روزانہ کی بنیاد پر بہادر آباد مرکز پر اپنی موجودگی یقینی بنا کر عوامی مسائل حل کریں۔

    ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اراکین اسمبلی وفاقی شیڈو بجٹ سے متعلق تجاویز پیش کریں اور عوامی ذمہ داریوں پر توجہ دیں۔

  • کراچی میں کہاں کہاں سے مویشی منڈیاں ختم کر دی گئیں؟

    کراچی میں کہاں کہاں سے مویشی منڈیاں ختم کر دی گئیں؟

    کراچی: شہر قائد میں کئی مقامات پر سے غیر قانونی طور پر قائم ہونے والی مویشی منڈیاں ختم کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جا بہ جا مختلف جگہوں پر غیر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام پر ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے نوٹس لے کر ان منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔

    ضلع وسطی میں پیالہ ہوٹل، سیون ڈی اسٹاپ پر مویشی منڈیاں ختم کر دی گئیں، پیپلز چورنگی، نارتھ ناظم آباد بلاک کے، بلاک آئی اور شپ اونر چورنگی سے بھی غیر قانونی مویشی منڈی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم کے مطابق کمشنر کراچی نے شہر میں غیر قانونی منڈیوں کے خلاف دفعہ 144 لگا رکھی ہے، عوام کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں جن پر ان غیر قانونی موبائل مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔


    ‘دبنگ’ نامی 35 من وزنی بچھڑے کی دھوم مچ گئی، ویڈیو ملاحظہ کریں


    ان کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کے تحت پولیس کے اختیارات ہیں کہ وہ ان کے خلاف فوری کارروائی کریں، انتظامیہ کی جانب سے صرف 14 آفیشل مقامات پر مویشی منڈی لگانے کی اجازت ہے۔

    واضح رہے کہ نادرن بائی پاس پر واقع ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں ملک کے طول و عرض سے اعلیٰ نسل کے قربانی کے جانور لائے گئے ہیں، جہاں قربانی کے جانوروں کی قیمتیں اس وقت بلند ترین سطح پر ہیں، بیوپاری کہتے ہیں کہ اس منڈی کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں 10 لاکھ سے لے کر 40 لاکھ تک کا جانورو بھی فروخت ہو جاتا ہے۔

    ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی 12 سو ایکڑ پر محیط ہے جہاں اب تک 3 لاکھ سے زائد جانور لائے جا چکے ہیں اور فروخت کیے جانے والے قربانی کے جانوروں کی تعداد 1 لاکھ سے زائد ہے۔ ملتان، ساہیوال، گجرات سمیت اندرون سندھ اور بلوچستان کے بیوپاری بھی کراچی کی مویشی منڈی کو ترجیح دیتے ہیں۔

  • گوداموں میں اربوں روپے مالیت کی گندم ضائع ہونے کی عدالتی انکوائری کا مطالبہ

    گوداموں میں اربوں روپے مالیت کی گندم ضائع ہونے کی عدالتی انکوائری کا مطالبہ

    کراچی: ایم کیو ایم نے کراچی کے مختلف گوداموں میں اربوں روپے مالیت کی گندم ضائع ہونے کی عدالتی انکوائری کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی کے مختلف گوداموں میں اربوں روپے مالیت کی گندم ضائع ہونے کی عدالتی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

    اراکین نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ کا محکمہ خوراک کرپشن کی مائن بن چکا ہے، ہزاروں ٹن گندم مارکیٹ پہنچنے کی بجائے گودام میں پڑے پڑے سڑ گئی ہے، انھوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کے جھوٹے سیاسی نعرے کے دعویدار عوام میں ایکسپوژ ہو چکے ہیں۔

    ایم کیو ایم ارکان نے سوال اٹھایا کہ کیا اتنے بڑے ذخیرے کو چھپایا جانا عام شہریوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف نہیں؟ انھوں نے کہا کہ محکمہ خوراک سندھ کے گوداموں میں سالوں سے ہزاروں ٹن گندم ذخیرہ ہے، جو خراب ہو چکا ہے، گندم کا خراب ہونا محکمہ خوراک کے کرپٹ افسران اور ذخیرہ اندوزوں کے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے۔


    اٹک میں گندم کی فصل کی کٹائی، سرکاری ریٹ کم ہونے پر کسان پریشان


    انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی محکمہ خوراک عدالتوں کے سامنے بیان جمع کروا چکا کہ ہزاروں ٹن گندم چوہے کھا گئے، یا پھر خراب ہو گئی، سندھ کا محکمہ خوراک ہر سال اپنی کرپشن کے ریکارڈ توڑ رہا ہے، صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی ملی بھگت مصنوعی مہنگائی کی ذمّہ دار ہے۔

    سندھ اسمبلی کے اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ خوراک کے کرپٹ افسران کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا لایا جائے اور اس معاملے کی پس پردہ محرکات کو سامنے لا کر ذمّہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • پولیو ویکسین سے انکاری والدین میں واضح کمی، مصطفیٰ کمال کی گیٹس فاؤنڈیشن کے عہدیدار سے ملاقات

    پولیو ویکسین سے انکاری والدین میں واضح کمی، مصطفیٰ کمال کی گیٹس فاؤنڈیشن کے عہدیدار سے ملاقات

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے گلوبل ڈیولپمنٹ ڈاکٹر کرس ایلس نے ملاقات کی ہے، جس میں وزیر صحت نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا۔

    ملاقات میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا گیا، مصطفیٰ کمال نے کہا وفاقی و صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیو کے خاتمے کے لیے یکسو ہیں۔

    مصطفیٰ کمال نے ڈاکٹر کرس ایلس کو بتایا کہ اعلیٰ معیار کی مہمات اور کمیونٹی کے تعاون کی بدولت حالیہ مہم میں ویکسین سے انکاری والدین میں واضح کمی آئی ہے، اور رواں سال کے اختتام تک پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہم پر عزم ہیں، ڈاکٹر کرس ایلس نے انسداد پولیو اقدامات کو سراہا اور 2025 میں ہدف کے حصول کی امید ظاہر کی۔


    انسداد پولیو کے لیے مائیکرو سطح پر مزید توجہ دی جائے، ڈبلیو ایچ او


    وفاقی وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ پولیو خاتمے کی مہم کے لیے مکمل معاونت اور وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان پولیو کے خاتمے کے لیے قریبی تعاون جاری ہے، دونوں ممالک میں بہ یک وقت پولیو مہمات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ فروری اور اپریل میں قومی انسداد پولیو مہمات کامیابی سے مکمل کی گئیں، اور اب ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز 26 مئی سے کیا جا رہا ہے، جس کے دوران 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

  • بجٹ 2025-26: ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے درمیان اہم ملاقات آج متوقع

    بجٹ 2025-26: ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے درمیان اہم ملاقات آج متوقع

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان(ایم کیو ایم) اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے درمیان آج اعلیٰ سطحی ملاقات متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے درمیان آج اعلیٰ سطحی ملاقات متوقع ہے جس میں بجٹ تجاویز، ترقیاتی اسکیموں اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات آج کراچی میں متوقع ہے، اجلاس میں گورنر سندھ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار سمیت ایم کیو ایم کے دیگر رہنما شریک ہوں گے۔

    جبکہ مسلم لیگ ن کے وفد کی قیادت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے، ملاقات میں بجٹ سفارشات، کراچی کے تاجروں کے مسائل، بجٹ تجاویز سمیت ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز پر بات چیت ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ایم کیو ایم اپنی سفارشات بھی ن لیگی وفد کو پیش کرے گی اس کے علاوہ اس ملاقات میں سندھ کے شہری علاقوں کے لیے ترقیاتی پیکج، پانی کے منصوبے سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹر نسرین جلیل نے بھی بجٹ سفارشات کے حوالے سے  وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کم کرنے کی اپیل کی تھی۔