Author: رافع حسین

  • یو اے ای کا ویزہ ! پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری  آگئی

    یو اے ای کا ویزہ ! پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    کراچی : متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزہبی نے پاکستانیوں کو ویزے کے حوالے سے بڑی خوشخبری سنادی ، اب پاکستانی پانچ سال کا یو اے ای کا ویزہ حاصل کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ممتحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزہبی نے گورنر ہاوس کا دورہ کیا، جہاں گورنر سندھ سے اہم ملاقات کی، اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرومیتھی بھی موجود تھے۔

    گورنرسندھ نے صوبہ بالخصوص کراچی میں سرمایہ کاری کرنے پر متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزہبی کا شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر حماد عبید الزہبی نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ویزے کے مسائل حل ہوگئے ، پاکستانی پانچ سال کا ویزہ لے سکتے ہیں۔

    یو اے ای کے سفیر نے گورنر سندھ کو کراچی میں قائم ویزہ سینٹر آنے کی دعوت بھی دی اور کہا گورنراینیشیٹیو کے تحت جاری منصوبے لائق تحسین ہیں۔

    یو اے ای کے سفیر نے گورنر ہاوس میں شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا اور پرچم کشائی بھی کی،مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔

    UAE News- متحدہ عرب امارات کی خبریں

  • میری مرسڈیز پر اعتراض ہے تو کیا میئر کراچی چنگچی پر آفس جاتے ہیں؟ گورنر سندھ

    میری مرسڈیز پر اعتراض ہے تو کیا میئر کراچی چنگچی پر آفس جاتے ہیں؟ گورنر سندھ

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کو میری مرسڈیز پر اعتراض ہے تو کیا وہ خود چنگچی پر آفس جاتے ہیں؟

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے میئر کراچی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف نیوز کانفرنسز کرتے ہیں کوئی کام بھی کرلیں، کبھی افطار تو کبھی شہداء کے اہل خانہ کی مدد پر تنقید سن رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ مرتضٰی وہاب کو پڑھا لکھا آدمی سمجھتا تھا لیکن انہوں نے بہت چھوٹی بات کی ہے، مجھے کہا کہ بڑی گاڑی میں آتا ہوں، تو آپ کیا چنگچی میں آتے ہو؟

    اس موقع پر انہوں نے مرتضی وہاب کو موٹر سائیکل پر ساتھ بیٹھ کر کراچی کا چکر لگانے کی پیشکش کردی۔ انہوں نے کہا کہ آئیں پورا شہرگھومتے ہیں، میں بائیک چلاؤں گا آپ پیچھے بیٹھ جائیں۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ لاشوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، کسی کی ذات، قومیت کا مسئلہ نہیں، لاشوں پر سیاست نہیں ہوگی ہم نے شہر سے ٹریفک حادثات کو ختم کرنا ہے، کراچی میں رہنے والے ہر شہری کا مقدمہ میں لڑ رہا ہوں۔

    مزید پڑھیں : گورنر سندھ نے وزیراعظم سے کراچی کیلیے 100 ارب روپے کی گرانٹ مانگ لی

    واضح رہے کہ گورنر سندھ نے وزیراعظم شہباز شریف سے صوبے کیلیے100 ارب روپے کی گرانٹ مانگ لی۔

    اس سلسلے میں کامران ٹیسوری نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا، میئر کراچی کی جانب سے منصوبوں کی فہرست بھی ارسال کردی گئی ہے۔

  • گورنر سندھ نے وزیراعظم سے کراچی کیلیے 100 ارب روپے کی گرانٹ مانگ لی

    گورنر سندھ نے وزیراعظم سے کراچی کیلیے 100 ارب روپے کی گرانٹ مانگ لی

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے خط لکھ دیا۔

    گورنر نے ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 100 ارب کی گرانٹ مانگ لی ہے۔

    مئیرکراچی کی جانب سے منصوبوں کی فہرست بھی وزیراعظم کو بھیج دی گئی ہے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میئر کراچی کو چیلنج کیا تھا کہ وہ 100 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کی سمری لائیں تو وہ وفاق سے رقم دلوا دیں گے۔

    گورنر سندھ نے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی کل 100 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کی سمری میرے پاس لائیں تو میں وفاق سے انہیں یہ رقم دلوا دوں گا۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ جب تک عوامی مسائل حل نہیں ہوتے، تب تک گورنر ہاؤس میں عوامی عدالت لگتی رہے گی۔
    یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد وزیر اعلیٰ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے بتایا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے 100 ارب روپے دینے کیلیے خط لکھا، مراد علی شاہ سے کہتا ہوں ففٹی ففٹی کر لیتے ہیں، پچاس آپ دیں اور پچاس کا میں بندوبست کرتا ہوں۔

    اس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میئر کراچی اور گورنر سندھ میں نوک جھونک رہتی ہے۔

  • کراچی میں نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع کہاں ہوگا؟

    کراچی میں نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع کہاں ہوگا؟

    کراچی : شہر قائد میں نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں ہوگا، نمازعید کے بعد ملکی سلامتی امن اور اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی جائے گی۔

    ا ےآر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عیدگاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں عیدالفطر کی نماز مفتی اعظم پاکستان مفتی تقی عثمانی کی اقتدا میں ادا کی جائے گی۔

    رپورٹ کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری عید کی نماز گورنر ہاؤس میں ادا کریں گے، گورنرہاؤس میں عید الفطر کی نماز ساڑھے 7بجے ادا کی جائے گی۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر سید خالد مقبول صدیقی بھی گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کے ہمراہ نماز عید ادا کریں گے۔

    اس کے علاوہ مفتی منیب الرحمان نماز عیدالفطر ٹی گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا میں سوا7بجے پڑھائیں گے، مفتی نعمان نعیم کی اقتدا میں نماز عید مرکزی جامع مسجد میں6:40 پر ادا کی جائے گی۔

    نماز عید

    دوسری جانب اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نمازِ عیدالفطر صبح 7:30 بجے ادا کی جائے گی۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی دعوہ اکیڈمی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نمازِ عید کی امامت کریں گے اور عیدالفطر کا خطبہ پیش کریں گے۔

  • گورنر سندھ کی کراچی میں ٹریفک حادثات پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل

    گورنر سندھ کی کراچی میں ٹریفک حادثات پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل

    کراچی میں بڑھتے ٹریفک حادثات میں شہریوں کی اموات پر گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا جس میں جان لیوا واقعات کی روک تھام کے لیے  نوٹس لینےکی اپیل کی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں ڈمپر اور ٹینکرز کے حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ انتہائی تشویشناک ہے، 24 مارچ کو ملیرہالٹ میں دلخراش واقعہ پیش آیا اس حادثے میں والدین اور ان کا نوزائیدہ بچہ جاں بحق ہوئے۔

    گورنر نے جان لیوا حادثات کا باعث بننے والی انتظامی کوتاہیوں کا نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل اموات، انتظامی اقدام نہ ہونے پر سپریم کورٹ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے، عدالت متعلقہ حکام کو معاملہ حل کرنے کیلئے فوری اور فیصلہ کنُ کارروائی کے احکامات دے۔

    گورنر نے کہا کہ کراچی کے عوام اب عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں سپریم کورٹ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے، عدالت حادثات کا باعث بننے والے مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کے احکامات دے توقع ہے کہ سپریم کورٹ اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لےگی اور سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کارروائی شروع کرے گی، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کیےجائیں۔

  • ملیر ہالٹ  حادثہ:  آفاق احمد کا  12 اپریل کو تمام مافیاز کے خلاف احتجاج کا اعلان

    ملیر ہالٹ حادثہ: آفاق احمد کا 12 اپریل کو تمام مافیاز کے خلاف احتجاج کا اعلان

    کراچی : چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے بارہ اپریل کو تمام مافیاز کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ملیر ہالٹ ٹریفک حادثے پر چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد ہوئے سیخ پا ہوگئے۔

    چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہر کو تعصب کی نظر اور مافیاز کے حوالے کردیا ہے ، یہاں تھانوں سمیت ہر چیز بکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہیوی ٹریفک کو قتل کا لائسنس سندھ حکومت نے دیا ہے اور ، ٹریفک پولیس چوکیاں ٹھیکے پر دے دی گئی ہیں۔

    چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے مزید کہا شہر کا انفراسٹرکچر پیپلز پارٹی حکومت نے تباہ کیا ، 241 لوگ جاں بحق ہوگئے ، پیپلز پارٹی قیادت ٹینس کھیل رہی ہے۔

    انھوں نے بے حس رویے پر بارہ اپریل کو تمام مافیاز کے خلاف گرینڈ احتجاج کا اعلان کردیا اور سیکیورٹی اداروں سے ہیوی ٹریفک روکنے کی اپیل کردی۔

  • امید ہے احسن اقبال 31 مارچ تک ترقیاتی فنڈ کی فراہمی کی بات پوری کریں گے، امین الحق

    امید ہے احسن اقبال 31 مارچ تک ترقیاتی فنڈ کی فراہمی کی بات پوری کریں گے، امین الحق

    کراچی: ایم کیو ایم رہنما امین الحق نے موجودہ سیاسی صورت حال پر اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں وفاقی حکومت سے امید ہے کہ وہ شہری سندھ سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی، اور اسی بنیاد پر ایم کیو ایم وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

    امین الحق نے بتایا کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے 31 مارچ تک کراچی و حیدرآباد کے ترقیاتی فنڈز کے لیے 15 ارب ریلیز ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے، امید ہے وہ اپنی بات کو پورا کریں گے۔

    انھوں نے کہا پیپلز پارٹی کی 17 سالہ دور حکومت میں کراچی و حیدرآباد دشمنی و بے حسی کھل کر سامنے آ گئی ہے، انھوں نے اپنے دور اقتدار میں شہری سندھ کو کچھ نہیں دیا، یہ عمل ثابت کرتا ہے کہ پیپلز پارٹی شہری سندھ کے ساتھ مخلص نہیں ہے۔

    امین الحق نے کہا کہ میئر ہو، وزیر اعلیٰ ہو یا کوئی وزیر، جو بھی کوئی بات کرتا یا دعویٰ کرتا ہے، اس پر کہیں عمل درآمد ہوتا دکھائی نہیں دیتا، ایم کیو ایم اس طرز عمل کے باوجود سمجھتی ہے کہ شہر کے مفاد کے لیے پی پی کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہونا چاہیے۔

    انھوں نے پارٹی کے فیصلوں کے حوالے سے کہا کہ ایم کیو ایم میں سارے فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں، مستقبل میں جو فیصلہ ہوں گے وہ خالد مقبول اور مرکزی کمیٹی مل کر کرے گی۔

  • ٹینکر مافیا کا جینا حرام کردوں گا، گورنر سندھ

    ٹینکر مافیا کا جینا حرام کردوں گا، گورنر سندھ

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ٹینکر مافیا کیخلاف اعلان جنگ کردیا ان کا کہنا ہے کہ ٹینکر مافیا کا جینا حرام کردوں گا۔

    کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ میں ٹینکر کی ٹکر سے میاں بیوی اور نوزائیدہ بچے کی ہلاکت کی خبر پر گورنر سندھ نے شدید برہمی اور غم و غصے کا برملا اظہار کیا۔

    گورنر ہاؤس میں افطار پارٹی کے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں آج بھی ٹینکر نے 3افراد قتل کردیے، اس حوالے سے قانون سازی ہونی چاہیے۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کراچی میں ’ٹریفک گردی‘ کے خلاف مؤثر آواز بلند کررہا ہوں، لیکن میری باتوں سے کئی لوگوں کو تکلیف ہورہی ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، ڈمپراور ٹینکر مافیا کان کھول کر سن لے میں ان کا جینا حرام کردوں گا، اس مافیا کے خلاف عوامی عدالت میں فیصلہ کروں گا۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ کے قریب واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے حاملہ خاتون شوہر سمیت جاں بحق ہوگئی، جنم لینے والا نومولود بھی دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار خاتون حاملہ تھی جس نے زخمی حالت میں بچے کو جنم دیا تاہم بچہ بھی دم توڑ گیا۔

  • مرتضیٰ وہاب مجھ سے حسد نہ کریں، گورنر سندھ

    مرتضیٰ وہاب مجھ سے حسد نہ کریں، گورنر سندھ

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مئیر کراچی کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب مجھ سے حسد نہ کریں۔

    گورنر ہاؤس میں افطار ڈنر کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ  نے کہا کہ مئیر کراچی مخالفت برائے اصلاح کریں لیکن لوگوں کی محبت دیکھ کر مجھ سے حسد نہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ زبان خلق سے حسد کی بجائے خدمت سے عوام کا دل جیتنے کی کوشش کریں، میں نے ماہ رمضان میں خود کو سحر و افطارمیں لوگوں کی خدمت کیلئے وقف کر رکھا ہے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج سعودیہ، ایران، عمان اور دیگر ممالک کے قونصل جنرلز کو افطار کرایا، عوام کی خدمت کے ساتھ ثواب حاصل کرنے کا مجھے موقع مل رہا ہے۔

    گورنرسندھ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اس ماہ رمضان میں یہ ثابت کیا ہے کہ کراچی کے تمام شہری مجھے یکساں عزیز ہیں، مہاجر ہی نہیں سندھی، پنجابی، بلوچ اور پٹھان سب مجھے اپنا بھائی اور بیٹا سمجھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : وفاق سے کراچی کو 100 ارب کیسے ملیں گے؟ گورنر سندھ نے بتا دیا

    یاد رہے کہ میئر کراچی نے اپنے بیان میں سوال کیا تھا کہ گورنر صاحب 100 ارب لے کر کب آ رہے ہیں، ہم کام کرنے کیلیے ساتھ کھڑے ہو جائیں؟ وعدے اور اعلان نہیں کراچی کیلیے پیسے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ تب حل ہوگا جب 100 ارب روپے کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں آئیں گے، مجھے پیسے ملیں گے تو گورنر کو سلام پیش کروں گا۔

    گورنر سندھ کی جانب سے عید فیسٹیول کا آغاز

    واضح رہے کہ گورنر ہاؤس کے باہر بچوں اور فیملیز کے لیے عید فیسٹیول کا میدان سج گیا، گورنر ہاؤس ، ایوان صدر روڈ اور میٹروپول روڈ کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔

    اس موقع پر بچوں کے لیے فری تفریح کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں جس میں جمپنگ کیسٹل ، جھولے، ریل گاڑی کے علاوہ خواتین کے لیے مہندی لگانے اور چوڑیوں کے اسٹال بھی لگائے جائیں گے۔

    فیسٹیول آج سے عید کی تین دن تک جاری رہے گا، شہریوں کے لیے کھانے پینے کے اسٹال بھی لگائے جائیں گے، عید فیسٹیول تمام شہریوں کے لیے بلکل فری ہے۔

  • ایم کیو ایم کا حکومت چھوڑنے کا انتباہ، وفاقی وزیر نے رابطہ کر لیا

    ایم کیو ایم کا حکومت چھوڑنے کا انتباہ، وفاقی وزیر نے رابطہ کر لیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفاقی حکومت چھوڑنے کے انتباہ پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے رابطہ کر لیا۔

    احسن اقبال نے ایم کیو ایم رہنماؤں کے ساتھ سعودی عرب سے بذریعہ ویڈیو لنک پر میٹنگ کی جس میں خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، امین الحق، اظہار الحسن اور جاوید حنیف نے شرکت کی جبکہ متعلقہ حکام بھی شریک رہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ احسن اقبال نے ایک ہفتے کے دوران فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی اور میٹنگ کے دوران ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کے کسی بھی رہنما کے بیان کو ہم سنجیدہ نہیں لیتے، شرجیل میمن

    میٹنگ میں احسن اقبال نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا، ایم کیو ایم پریشان نہ ہو کراچی کی ترقی ہمارا بھی مشن ہے۔

    ذرائع کے مطابق امین الحق نے عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں اپنے آپشن وفاقی وزیر کو بتا دیے۔

    اکتوبر 2024 میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ایم کیو ایم وفد نے آئین کے آرٹیکل 140 اے سے متعلق مجوزہ بل بھی 26ویں آئینی ترمیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    ملاقات میں آئی پی پیز کے معاہدوں، بجلی کے ریٹ میں کمی پر بات چیت ہوئی تھی۔ وزیر اعظم نے آئی پی پیز کے معاملے پر ایم کیو ایم کے کردار کو سراہا اور عوامی مفادات اور نچلی سطح تک اختیارات منتقلی کی ترامیم کی حمایت کی تھی۔

    ایم کیو ایم وفد نے کہا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کا مجوزہ مسودہ ڈاکٹر فاروق ستار کو مل گیا۔

    شہباز شریف نے حکومتی وفد کو معاملات پر فوری ایم کیو ایم سے مشاورت کی ہدایت کی تھی۔ ملاقات میں اسحاق ڈار، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ اور خواجہ سعد رفیق موجود رہے جبکہ ایم کیو ایم وفد میں فاروق ستار، امین الحق اور کامران ٹیسوری شامل تھے۔