Author: راجہ محسن اعجاز

  • مخصوص نشستوں کا کیس، سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا

    مخصوص نشستوں کا کیس، سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا

    اسلام آباد: مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے کا الیکشن کمیشن اور پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔

    جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہم کیس کو سماعت کے لیے منظور کر رہے ہیں اور الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کو معطل کر رہے ہیں، تاہم فیصلوں کی معطلی صرف اضافی سیٹوں کو دینے کی حد تک ہوگی۔

    جسٹس منصور علی شاہ نے کہا عوام نے جو ووٹ دیا اس مینڈیٹ کی درست نمائندگی پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے، وکیل الیکشن کمیشن نے کہا مخصوص نشستیں ایک ہی بار تقسیم کی گئیں، دوبارہ تقسیم کا معاملہ ہی نہیں، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا آپ پھر الیکشن کمیشن کا حکمنامہ پڑھ کر دیکھ لیں، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا آپ کوئی بھی نام دیں تناسب سے زیادہ نشستیں ان جماعتوں کو دی گئیں نا۔

    جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کیا زیادہ نشستیں بانٹنا تناسب کے اصول کے خلاف نہیں؟ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا میں بتاتا ہوں الیکشن کمیشن نے اصل میں کیا کیا ہے، جس پر جسٹس منصور نے کہا ہمیں الیکشن کمیشن نے کیا کیا اس سے نہیں آئین کیا کہتا ہے اس سے غرض ہے۔

    جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں سوال اٹھائے کہ بغیر معقول وجہ بتائے مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں میں بانٹی گئیں، کیا دوسرے مرحلے میں مخصوص نشستیں دوبارہ بانٹی جا سکتی ہیں؟ اگر مزید کچھ سیٹیں بچ جائیں ان کا کیا کرنا ہے؟

    سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ دوسری جماعتوں کو نشستیں دینے کا فیصلہ معطل رہے گا، اور فیصلے کی معطلی اضافی سیٹوں کی حد تک ہوگی۔ سپریم کورٹ میں کیس کی مزید سماعت 3 جون کو روزانہ کی بنیاد پر ہوگی، واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اضافی نشستیں لینے والے ارکان ایوان کی کارروائی کا حصہ نہیں بن سکیں گے، اور سپریم کورٹ حتمی فیصلے تک ان ارکان کی رکنیت بھی معطل رہے گی۔

  • پاکستان کسی غیر ملکی حکومت یا ملٹری کو اڈے فراہم نہیں کرے گا،ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان کسی غیرملکی حکومت یاملٹری کواڈے فراہم نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اس وقت گیمبیا کے دورے پر ہیں، جہاں وہ کشمیر میں بھارتی مظالم،اسلامو فوبیا اور غزہ کی صورتحال پر بات کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اپوزیشن لیڈر کے اڈے فراہم کرنے کے بیان پر سوال کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ
    پاکستان کسی غیرملکی حکومت یاملٹری کواڈے فراہم نہیں کرےگا، اپوزیشن لیڈر کےاڈے فراہم کرنے کے بیان پر ان سے ہی پوچھا جائے۔

    انھوں نے بتایا کہ امریکی وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، دونوں ممالک کے درمیان تجارت،سرمایہ کاری سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت ہوئی، پاکستان امریکہ کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے بات چیت جاری رکھے
    گا۔

    غزہ کی صورتحال کے حوالے سے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کے غیر انسانی اقدامات کی مذمت کرتا ہے، اسرائیل لیڈرز کے رفع پر حملہ کے بیانات تشویشناک ہیں، عالمی برادری اسرائیل کو مظالم سے روکے اور غزہ کا محاصرہ ختم کروائے۔

    مقبوضہ کشمیر سے متعلق ترجمان نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور پاکستان کشمیریوں کی املاک چھیننے کے بھارتی عمل کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    ترجمان نے شہزاد اکبر کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اپنے شہریوں کو نشانہ بنانا ہماری پالیسی نہیں، ان کے الزامات بے بنیاد اور سیاسی ہیں جبکہ دعوے بھی غلط ہیں۔

    دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت میں منشیات اسمگلنگ میں پاکستانیوں کی گرفتاری کی رپورٹس دیکھی ہیں، ہم اس حوالے سے تفصیلات موصول ہونے کا انتظار کر رہے ہیں، تفصیلات موصول ہونے پر اپنا ردعمل دیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے. کہ ایل او سی پر امن ہونا چاہیے اور ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ اشتعال بڑھانے والے اقدامات سے گریز کرے۔

  • پاکستان نے انسانی حقوق سے متعلق امریکا کی رپورٹ مسترد کردی

    پاکستان نے انسانی حقوق سے متعلق امریکا کی رپورٹ مسترد کردی

    اسلام آباد: پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ مسترد کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کے مندرجات غیرمنصفانہ، غلط معلومات پر مبنی اور زمینی حقائق سے ہٹ کر ہیں۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہا انسانی حقوق 2023 کنٹری رپورٹ کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں، امریکی رپورٹس کی تیاری کی سالانہ مشقوں میں معروضیت کا فقدان ہے، رپورٹ پھرعالمی ایجنڈے کی معروضیت کی کمی اورسیاست کی وجہ سے نمایاں ہے۔

    ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ یہ رپورٹس واضح طورپردہرے معیار کو ظاہر کرتی ہیں، اس میں غزہ اورمقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو نظرانداز یا کم کیا گیا ہے۔ کیا رپورٹ میں غزہ کی تشویشناک  صورت حال کو نظرانداز کیا جاسکتا ہے؟ کیا رپورٹ میں غزہ میں شہریوں کے قتل عام کو نظرانداز کیا جاسکتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی پرامریکا کی خاموشی نام نہاد رپورٹس میں بیان مقاصد کیخلاف ہے، پاکستان عالمی انسانی حقوق کے ایجنڈے کو فروغ دینے کیلئے ثابت قدم ہے، پاکستان معروضیت کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے عزم پرثابت قدم ہے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ پیچیدہ مسائل کاجائزہ لیتے وقت مستعدی سےکام لے، رپورٹس کو حتمی شکیل دینے میں معروضیت کا مظاہرہ کرے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ رپورٹس غیرجانبداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے، سچ بولنے کے لیے اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

  • ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان پہنچ گئے

    ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور اعلیٰ سطح وفد بھی شامل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ وہ لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کریں گے۔ عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

    ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 23 اپریل کو کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزرا و دیگر موجود ہوں گے۔

    شہر میں اعلیٰ سطحی وفد کی نقل و حمل کے دوران شہریوں کی آسانی کیلیے پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سکیورٹی وجوہات پر کچھ سڑکیں عارضی طور پر بند رہیں گی۔

    ایرانی صدر کی آمد سے قبل ہی سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا تھا، اس سلسلے میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    8 فروری کے بعد اپوزیشن کے رویے نے عوام کو بددل کردیا، وزیراعظم

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے پاس پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، رابطے، توانائی، زراعت اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا وسیع ایجنڈا ہوگا۔

  • ایران کے صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

    ایران کے صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

    اسلام آباد: ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی 22 سے 24 اپریل تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کل پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں، عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا، ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔

    ایرانی وفد میں وزیر خارجہ، کابینہ اراکین، اعلیٰ حکام کے علاوہ ایک بڑا تجارتی وفد بھی شامل ہوگا، دورے کے دوران صدر رئیسی صدر پاکستان اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے، ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کریں گے، اور صوبائی قیادت سے ملیں گے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، رابطے، توانائی، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا وسیع ایجنڈا ہوگا۔

    دونوں ممالک علاقائی اور عالمی پیش رفت اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون پر بھی بات کریں گے، ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخ، ثقافت اور مذہب میں جڑے مضبوط دو طرفہ تعلقات استوار ہیں، یہ دورہ پاکستان ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔

  • کیا بابراعظم نیوزی لینڈ کیخلاف نہیں کھیل رہے؟ ہیڈکوچ کا اہم بیان

    کیا بابراعظم نیوزی لینڈ کیخلاف نہیں کھیل رہے؟ ہیڈکوچ کا اہم بیان

    قومی ٹیم کے ہیڈکوچ اظہرمحمود نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہو سکتا ہےکہ بابراعظم کو آرام دیا جائے ایسا نہیں کہ بابراعظم یا کوئی کھلاڑی آرام نہیں کرسکتا۔

    راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہرمحمود نے کہا کہ پاکستان کے پاس باؤلر اور بیٹرز باصلاحیت ہیں جب کہ ٹاپ آرڈر کافی مضبوط ہے، محمدعامر اور عماد وسیم کے آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا اسکواڈ نیا ہے لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں ان میں ٹیلنٹ کافی جلدی سامنے آ جاتا ہے ٹی ٹونٹی میں کوئی بھی ٹیم ہلکی نہیں ہوتی، نیوزی لینڈ کی بی یا سی ٹیم نہیں کہوں گا۔

    اظہرمحمود نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا فائنل اور سیمی فائنل کھیلا لیکن چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے بعد بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیتے، پاکستان کو ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں نظرانداز نہیں کر سکتے بہتری کی گنجائش ہمیشہ ہوتی۔

    ٹیم کمبی نیشن سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ باؤلنگ بیٹنگ کے پلان پر کام جاری ہے کھلاڑیوں کو کہا کہ 6 جون کو پہلا ورلڈکپ کا میچ کھیلیں تو ہمارا بہترین اسکواڈ ہو، پاکستان کے پاس ایسے پلیئرز ہیں جو مستقل میں بڑے ریکارڈ بنا سکتے ہیں، ہو سکتا ہےکہ بابراعظم کو آرام دیا جائے ایسا نہیں کہ بابراعظم یا کوئی کھلاڑی آرام نہیں سکتا، روٹیشن پالیسی کو مدنظر رکھ کر پلیئنگ الیون بنائی جائےگی بارش کے باعث دو اسپنرز کے ساتھ بھی جایا جاسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹاپ ٹیموں کا آج کل پہلے بیٹنگ کرنے کا اوسط اسکور 170 ہے پاکستان کا پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوسط اسکور 160 کے آس پاس ہے مجھے عامرجمال بہت پسند ہے باصلاحیت ہے، پی ایس ایل اور دورہ آسٹریلیا پر عامرجمال کو کھیلتے دیکھا، کمال کھیلا، عامرجمال جینوئن آل راؤنڈر ہیں پاکستان کو پلئیرز بنانے پڑیں گے، جلد بازی سے کام نہیں لینا چاہے صبر کرنا پڑےگا۔

    اوپنرز سے متعلق ہیڈکوچ نے واضح کیا کہ ہم نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کون اوپننگ کرےگا،  فخر، رضوان، بابر، صائم کون اوپن کرےگا؟ 18 اپریل کو معلوم ہوجائےگا، شاہین آفریدی مکمل فٹ ہیں انہیں کوئی انجری نہیں میں نے بھی سنا ہے کہ شاہین آفریدی پہلا میچ نہیں کھیلیں گے لیکن ابھی ایسا کچھ فیصلہ نہیں ہوا۔

  • ایران نے اسرائیلی ارب پتی کے جہاز پر موجود پاکستانیوں کو جانے کی اجازت دے دی

    ایران نے اسرائیلی ارب پتی کے جہاز پر موجود پاکستانیوں کو جانے کی اجازت دے دی

    پاکستانی دفتر خارجہ کی کوششیں رنگ لے آئیں ایران نے تحویل میں لیے گئے اسرائیلی ارب پتی کے جہاز پر موجود پاکستانیوں کو جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو سفارتی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایران نے تحویل میں لیے گئے اسرائیلی ارب پتی کے جہاز پر موجود پاکستانیوں کو جانے کی اجازت دے دی ہے۔ ایران کی جنب سے یہ اجازت پاکستانی دفتر خارجہ کی کوششوں پر دی گئی ہے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے مطلع کیا ہے ایم ایس سی ایریز پر پاکستانی عملہ جب چاہے وطن واپس جانے کیلیے آزاد ہے اور یہ جہازکے کپتان کا اختیار ہے کہ وہ جب بھی عملے کو اجازت دے اور وہ جہاز سے اتر کر چلے جائیں۔

    ذرائع  نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں ایرانی سفیر نے گزشتہ روز ایرانی سفارتی حکام کے ہمراہ دفتر خارجہ میں حکام سے ملاقاتیں کی تھیں اور ان ملاقاتوں میں ان پاکستانیوں کی رہائی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

  • جہاز پر موجود پاکستانیوں کی موجودگی، حکومت کا ایران سے رابطہ

    جہاز پر موجود پاکستانیوں کی موجودگی، حکومت کا ایران سے رابطہ

    ایرانی افواج کی جانب سے قبضے میں لیے گئے جہاز پر 2 پاکستانیوں کی موجودگی کا معاملہ دفترخارجہ نے ایرانی حکومت کے سامنے اٹھا دیا۔

    ذرائع کے مطابق ایرانی سفارتخانے کو دونوں پاکستانیوں کی تفصیلات موصول ہو گئی ہیں۔ اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے نے معلومات تہران تک پہنچا دیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز پر موجود پاکستانیوں کی جلد رہائی کا امکان ہے۔

    آبنائے ہرمز میں ایرانی فورسز نے اسرائیلی کمپنی کے پرتگالی جہاز پر قبضہ کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی قبضے میں لیے گئے جہاز پر فلپائن کا 20 رکنی عملہ بھی موجود ہے۔ قبضے میں لیے گئے جہاز کا رخ فی الحال ایران کی طرف ہے۔

    ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکا خطے کی صورتحال کو بہت قریب سے دیکھ رہا ہے۔

  • سانحہ 9 اور 10 مئی کے 20 مجرمان کو رہا کر دیا گیا

    سانحہ 9 اور 10 مئی کے 20 مجرمان کو رہا کر دیا گیا

    اسلام آباد: فوج کے زیر حراست سانحہ 9 اور 10 مئی کے 20 مجرمان کو رہا کر دیا گیا۔

    اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو تحریری طور پر آ گاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ 9 اور 10 مئی کے 20 مجرمان کو رہا کر دیا گیا ہے۔

    سپریم کورٹ کو دی گئی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے 8 افراد کو ایک ایک سال کی قید بامشقت سنائی گئی تھی، لاہور کے 3، گجرانوالہ کے 5 مجرمان کو بھی ایک ایک سال قید بامشقت دی گئی تھی۔

    رہا ہونے والوں میں دیر کے 3 اور مردان کا ایک مجرم بھی شامل ہے، تمام مجرمان کو 6 اور 7 اپریل کو رہا کیا گیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی مجرم نے سزا مکمل نہیں کی، بلکہ آرمی چیف نے عید سے قبل سزا میں رعایت دی۔

  • پاک ایران تناؤ کے بعد دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کا گراف بلند سطح پر

    پاک ایران تناؤ کے بعد دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کا گراف بلند سطح پر

    اسلام آباد: پاک ایران تناو کے بعد دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کا گراف بلند سطح پر پہنچنے لگا۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی آئندہ ہفتے کے اختتام پر پاکستان کا دورہ کریں گے، پاک ایران تناو میں کمی کے فوری بعد یہ ایرانی قیادت کا اعلی ترین سطح پر پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ تناو کے بعد ایرانی صدر کی بطور پہلے سربراہ مملکت دورہ پاکستان کی خواہش پر وہ دورہ کر رہے ہیں، ایرانی صدر 22 اپریل کی سہ پہر پاکستان پہنچیں گے، ان کا استقبال نور خان ائیربیس پر اعلی پاکستانی حکام اور ایرانی سفیر کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کے ہمراہ ایک وفد بھی پاکستان پہنچے گا، ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان 3 روزہ ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے صدر پہلے عالمی راہنما ہیں جو کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، دورے میں ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی انفرادی و وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوں گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ دورہ پاکستان کے دوران ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف سمیت سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں ہوں گی، ان ملاقاتوں میں پاک ایران باہمی تعلقات، سیکیورٹی توانائی کے شعبوں میں اضافہ کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق دورے میں پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے امور پر خصوصی طور پر غور کیا جاے گا، ایران سے گوادر کو بجلی کی رسد میں اضافہ اور مزید سرحدی گزر گاہوں کو کھولنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سرحدی انتظامات، انسانی و منشیات کی اسمگلنگ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران متعدد شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔

    سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ 17 جنوری کو پیدا ہونے والے پاک ایران تناو کے بعد فوری طور پر دونوں ممالک تناو میں کمی کے لیے فعال ہوئے۔