Author: راجہ محسن اعجاز

  • جج کے چیمبر سے نگرانی کے آلات کی برآمدگی کی خبر پر سپریم کورٹ کا اعلامیہ جاری

    جج کے چیمبر سے نگرانی کے آلات کی برآمدگی کی خبر پر سپریم کورٹ کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اس کے ایک جج کے چیمبر سے نگرانی کے آلات کی برآمدگی کی خبر بے بنیاد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک جج کے چیمبر سے نگرانی کے آلات کی برآمدگی کی خبر پر سپریم کورٹ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر من گھڑت اور جھوٹی ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسا کوئی بھی واقعہ پیش نہیں آیا، غلط خبر کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور عدلیہ کے وقار کو ٹھیس پہنچانا ہے، عدالت عظمیٰ نے سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی خبر کو مسترد کیا ہے۔

    ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ اس خبر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور خبر کی اشاعت کا مقصد عدلیہ کو متنازع بنانا ہے۔

  • چیف جسٹس  20 ویں ایس سی او چیف جسٹسز کانفرنس میں شرکت کریں گے

    چیف جسٹس 20 ویں ایس سی او چیف جسٹسز کانفرنس میں شرکت کریں گے

    اسلام آباد : چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ہانگژوچین میں ہونے والی 20 ویں ایس سی او چیف جسٹسز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی 20 ویں ایس سی او چیف جسٹسز کانفرنس میں شرکت کریں گے، کانفرنس 22 سے 26 اپریل تک ہانگژوچین میں منعقد ہوگی۔

    ترجمان سپریم کورٹ نے کہا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ایک اعلیٰ سطح وفد کی قیادت کریں گے، وفد میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد وحید شامل ہوں گے جبکہ گوادر سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر جان ، لکی مروت سے سینئر سول جج نادیہ گل وزیر وفد میں شامل ہوں گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کے ججز کی شمولیت عدالتی شمولیت پسندی کی عکاس ہے، سپریم کورٹ پاکستان اور سپریم پیپلز کورٹ چین کے درمیان تاریخی ایم او یو پر دستخط ہوں گے،ایم او یو سے عدالتی روابط، تربیت، معلومات کے تبادلے میں پیشرفت ہوگی۔

    اعلی عدلیہ کے ترجمان نے کہا کہ ایم او یو میں بین الاقوامی کمرشل لا، ثالثی، سائبر کرائم، مالیاتی جرائم شامل ہوں گے، موسمیاتی تبدیلی، عدالتی ٹیکنالوجی اور تنازعات کے حل میں تعاون شامل ہوگا جبکہ عدالتی فیصلوں کے نفاذ اور شہری مقدمات میں باہمی قانونی معاونت کا نظام بہتر ہوگا، دونوں ممالک عدالتی خودمختاری اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔

    جسٹس شاہد وحید کانفرنس میں کلیدی خطاب کریں گے، خطاب کا موضوع ‘عدالتی نظام میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال’ ہوگا، پاکستان میں آرٹیفیشل انٹیلی سے متعلق اقدامات اور منصوبے بھی پیش کیے جائیں گے

    ای ٹی ایچ زیورخ اور دیگر اداروں سےآرٹیفیشل انٹیلی پر عالمی اشتراک کا ذکر کیا جائے گا اور عدالتی ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور قانونی تحقیق میں آرٹیفیشل انٹیلی کا استعمال اجاگر کیا جائے گا ساتھ ہی آرٹیفیشل انٹیلی میں شفافیت، نگرانی، ڈیٹا سیکیورٹی اور تربیت کے اخلاقی اصول بیان کیے جائیں گے اور سپریم کورٹ میں آرٹیفیشل انٹیلی ایپلی کیشن کی نگرانی کیلئے اخلاقی کمیٹی کے قیام کی تجویز دی جائے گی۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ایرانی چیف جسٹس سے دو طرفہ عدالتی تعاون پر بات چیت کریں گے،ایرانی عدلیہ سے روابط پاکستان کے عالمی عدالتی تعاون کے عزم کا ثبوت ہیں۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی 63ویں یوم تاسیس پر ترک آئینی عدالت کی دعوت پر استنبول جائیں گے، ترکیہ کا دورہ دونوں ممالک کے عدالتی اداروں میں شراکت داری کو فروغ دے گا، سپریم کورٹ ان روابط کو عدالتی بہتری اور انصاف تک رسائی میں سنگ میل سمجھتی ہے۔

  • مصنوعی ذہانت کا استعمال ، سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز تیار کرنے کی سفارش

    مصنوعی ذہانت کا استعمال ، سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز تیار کرنے کی سفارش

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر گائیڈ لائنز تیار کرنے کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق عدالتی نظام میں آرٹیفشل انٹیلی جنس کے استعمال پر اہم فیصلہ جاری کردیا گیا ، جسٹس منصور علی شاہ نے 18 صفحات پرمشتمل فیصلہ جاری کیا۔

    سپریم کورٹ نے مصنوعی ذہانت کےاستعمال پر گائیڈ لائنز تیار کرنے کی سفارش کردی اور کہا چیٹ جی پی ٹی،ڈیپ سیک عدالتی استعداد کار بڑھا سکتے ہیں۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ دنیامیں کئی ججزکی جانب سےاےآئی استعمال سےفیصلوں میں معاونت کااعتراف کیاگیا، اے آئی کوفیصلہ لکھنےمیں ریسرچ اورڈرافٹ تیاری میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ اے آئی صرف معاون’’ٹول‘‘ہے،ایک جج کی فیصلہ سازی کامتبادل نہیں، اے آئی کوکسی صورت عدلیہ میں مکمل انسانی فیصلےکی خود مختاری کامتبادل نہیں ہوناچاہیے، فیصلہ

    اے آئی صرف اسمارٹ قانونی ریسرچ میں سہولت کیلئے ہے، عدالتی اصلاحاتی کمیٹی اور لا اینڈ جسٹس کمیشن کو گائیڈ لائنز تیار کرنی چاہئیں اور گائیڈ لائنز میں طے کیا جائے جوڈیشل سسٹم میں اے آئی کا کتنا استعمال ہوگا۔

  • سپریم کورٹ کا  9 مئی  سے متعلق کیسز کے حوالے سے اہم حکم جاری

    سپریم کورٹ کا 9 مئی سے متعلق کیسز کے حوالے سے اہم حکم جاری

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو 4 ماہ میں 9 مئی سے متعلق کیسز کا فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نو مئی ملزمان کی ضمانت منسوخی کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس کی سربراہی میں3رکنی بینچ نےضمانت منسوخی اپیلوں پرسماعت کی۔

    چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ٹرائل کورٹ کو چار ماہ میں کیسز کا فیصلہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔

    حکم نامہ میں کہا گہا ہے انسداد دہشتگردی عدالتیں ہر پندرہ دن کی پراگرس رپورٹ متعلقہ چیف جسٹس کو پیش کریں گی، ٹرائل کورٹ میں ملزمان کے دیگر درج مقدمات کی وجہ سے حقوق متاثر نہ ہوں۔

    وکیل خدیجہ شاہ نے کہا کہ 4ماہ میں ٹرائل کیسےمکمل ہوگا،موکلہ کیخلاف کئی مقدمات ہیں،وکیل فیصل چوہدری کا بھی کہنا تھا کہ 35مقدمات ہیں،اتنےکم عرصے میں ٹرائل مکمل نہیں ہوگا۔

    چیف جسٹس نے فیصل چوہدری سے استفسار کیا آپ کس کے وکیل ہیں؟ تو انھوں نےجواب دیامیں شریک ملزم فواد چوہدری کاوکیل ہو، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کونہیں سنیں گےکیونکہ آپکامقدمہ سماعت کیلئےمقررنہیں، ،وکیل کا کہنا تھا کہ پھرہمارامقدمہ سماعت کیلئےمقرر کردیں۔

    چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے مشال خان قتل کیس کا3میں ٹرائل مکمل ہوا، میں اُس وقت پشاورہائیکورٹ کا چیف جسٹس تھا، انسداد دہشت گردی عدالت پر اعتماد کریں، انسداد دہشت گردی عدالت پرفارم کرسکتی ہے،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

    دوران سماعت ملزمہ خدیجہ شاہ کے وکیل نے موقف اپنایا موکلہ کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیاجائے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے انسداد دہشت گردی عدالتوں پراعتماد کریں، کیسز چلنے دیں، قانون واضح ہے انسداد دہشت گردی عدالتوں میں ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر ہوگا، آپ محض تاثر کی بنیاد پربات کر رہے ہیں حقوق متاثر ہوں گے۔

  • قیمتی معدنیات کے شعبے میں مفادات کا فروغ، سینیئر امریکی عہدے دار پاکستان کے دورے پر آئیں گے

    قیمتی معدنیات کے شعبے میں مفادات کا فروغ، سینیئر امریکی عہدے دار پاکستان کے دورے پر آئیں گے

    اسلام آباد: جنوبی وسطی ایشیائی امور بیورو کے ایرک میئر کی قیادت میں امریکی وفد آئندہ ہفتے پاکستان کے دورے پر آئے گا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سینئر عہدے دار ایرک مائیر 8 سے 10 اپریل تک اسلام آباد کا دورہ کریں گے جہاں وہ پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    ترجمان کے مطابق ایرک مائیر پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کریں گے، ان کے دورے کا مقصد قیمتی معدنیات کے شعبے میں امریکی مفادات کو فروغ دینا ہے۔

    علاوہ ازیں، وہ پاکستانی حکام سے امریکی کمپنیوں کے مواقع پر بات کریں گے، وفد میں مختلف اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے جبکہ پاکستانی حکام سے دہشتگردی کے خلاف تعاون پر بات چیت ہوگی۔

    ایرک مائیر کا دورہ پاک امریکا تعاون کا تسلسل ہے۔

  • والد کے بعد بیٹی کو ملازمت ملے گی، تحریری فیصلہ آگیا

    والد کے بعد بیٹی کو ملازمت ملے گی، تحریری فیصلہ آگیا

    اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے سرکاری ملازم کی وفات کے بعد اس کی شادی شدہ بیٹی کو ملازمت نہ دینے کا فیصلہ غیر قانونی اور امتیازی قرار دینےکا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    اعلیٰ عدالت نے مرحوم والد کی جگہ بیٹی کو ملازمت کے لیے اہل قرار دے دیا، کرک سے تعلق رکھنے والی خاتون کی درخواست پر جسٹس منصور نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    درخواست گزار کو 17مارچ 2023 کو متوفی سرکاری ملازم کے کوٹے پر ٹیچر بھرتی کیا گیا تھا، دو ماہ بعد 15 مئی2023 کو ضلعی تعلیمی افسر نے تقرری کا حکم واپس لے لیا تھا۔

    وضاحتی مراسلے میں کہا گیا تھا کہ شادی شدہ بیٹی کو متوفی سرکاری ملازم کے کوٹے پرملازمت کا حق نہیں ہے۔

    تحریری فیصلہ کے مطابق عورت کی شناخت، قانونی حقوق اور خود مختاری شادی کے بعد ختم نہیں ہوتی، قوانین کے تحت مرحوم یا طبی بنیادوں پر ریٹائرڈ ملازم کے تمام بچے ملازمت کے اہل ہیں۔

    فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ سیکشن افسر کا ایک وضاحتی خط کے ذریعے رولز کو تبدیل کرنا غیر قانونی عمل ہے، ایسی ایگزیکٹو ہدایات قانون سے بالاتر نہیں ہوسکتیں۔

    سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق شادی سے عورت کی قانونی حیثیت، اس کی ذات اور خود مختاری ختم نہیں ہوجاتی، عورت کے یہ حقوق شادی پر منحصر نہیں ہوسکتے، عورت کی مالی خود مختاری ایک بنیادی حق ہے۔

    آئین ازدواجی اکائیوں یا سماجی کرداروں کی بنیاد کی بجائے ہر شہریوں کو انفرادی حقوق دیتا ہے، اسلام میں بھی عورت کو اپنی جائیداد، آمدنی اور مالی معاملات پر مکمل اختیار حاصل ہے۔

    پاکستان نے خواتین کے خلاف امتیازی سلوک کے خاتمے کے عالمی کنونشن کی توثیق کی، ایسی روایات کو ختم کرنا چاہیے جو شادی کی بنیاد پر عورتوں کو عوامی حقوق سے محروم کرتی ہیں۔

    جنرل پوسٹ آفس اسلام آباد ودیگر بنام محمد جلال کیس کے فیصلے کا اطلاق موجودہ کیس پرنہیں ہوتا، سپریم کورٹ کے اُس فیصلے کا اطلاق ان تقرریوں پر نہیں ہوتا جو پہلے ہی کی جا چکی ہیں۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے عمومی طور پر آئندہ کے لیے لاگو ہوتے ہیں، خاتون کو نوکری سے برخاست کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے، متعلقہ محکمہ درخواست گزار کی تقرری کو تمام سابقہ مراعات کے ساتھ بحال کرے۔

  • چین کا  امریکی صدر کی جانب سے جوابی ٹیرف پر ردعمل

    چین کا امریکی صدر کی جانب سے جوابی ٹیرف پر ردعمل

    بیجنگ : چین نے امریکا سے”جوابی ٹیرف” عائد کرنے پر بڑا مطالبہ کردیا اور برابری، احترام اور باہمی فائدے پر مبنی مذاکرات کا مشورہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کا امریکی صدر کی جانب سے جوابی ٹیرف پر ردعمل سامنے آگیا، جس میں امریکا سے "جوابی ٹیرف” کے غلط اقدام کو درست کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    چین نے امریکا کو برابری، احترام اور باہمی فائدے پر مبنی مذاکرات کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی جوابی ٹیرف عالمی تجارتی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا۔

    بیجنگ نے واشنگٹن کو انتباہ کیا کہ تحفظ پسندی کسی مسئلے کا حل نہیں، چین اپنے جائزحقوق اورمفادات کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے گا۔

    چین نے امریکا سے عالمی تجارتی نظام کو نقصان نہ پہنچانے کی اپیل بھی کی۔

    یاد رہے امریکا نے ٹیرف جنگ کو دنیا بھر میں پھیلا دیا اور یورپی یونین سمیت سو ملکوں پر بھاری ٹیکس عائد کردیا ، جس میں پاکستان سمیت پچیس ملکوں پر جوابی ٹیرف لگایا۔

    مزید پڑھیں : ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان سمیت مختلف ممالک پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

    صدر ٹرمپ کا پاکستان پر انتیس فیصد، بھارت پر چھبیس فیصد، برطانیہ پر دس، یورپی یونین پر بیس، چین پر چونتیس، جاپان پر چوبیس، اسرائیل پرسترہ، سعودی عرب، قطر اورافغانستان پر دس دس فیصد ٹیرف عائد کیا۔

    بعد ازاں امریکی ٹیرف کے جواب میں دنیا بھر نے شدید ردعمل دیا، یورپ نے امریکی ٹیرف کو تجارتی جنگ قرار دے دیا۔۔ یورپی یونین کا جوابی اقدامات کا اعلان کیا جبکہ چین نے بھی اسے بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے جوابی اقدامات کے عزم کا اظہار کیا۔

  • روس نے پاکستانیوں کے لیے 30 ٹن خوراک، دوائیں، کپڑے و دیگر ضروری اشیا کا تحفہ بھیج دیا

    روس نے پاکستانیوں کے لیے 30 ٹن خوراک، دوائیں، کپڑے و دیگر ضروری اشیا کا تحفہ بھیج دیا

    اسلام آباد: روس نے ضرورت پاکستانیوں کے لیے 30 ٹن خوراک، دوائیں، کپڑے و دیگر ضروری اشیا کا تحفہ بھیچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر روس کی طرف سے پاکستان میں ضرورت مندوں کے لیے خصوصی امداد کا تحفہ بھیجا گیا ہے۔

    روس

    روس کی جانب سے آنے والی امداد تیس ٹن کی خوراک، ادویات، کپڑوں، اور دیگر بنیادی ضروریات کی اشیا پر مبنی ہے، روسی وزارت برائے ہنگامی حالات کی خصوصی فلائٹ کے ذریعے امدادی سامان پاکستان پہنچایا گیا۔


    پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے ریمارکس کا نوٹس لے لیا


    پاکستان میں متعین روسی سفیر البرٹ خوریف نے امدادی سامان ہلال احمر پاکستان کے حوالے کیا، سامان کی حوالگی کی تقریب میں روسی سفیر البرٹ خوریف اور ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان شریک ہوئے، روسی سفیر نے پاک روس تعلقات میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کو اجاگر کیا، اور کہا روس پاکستان کے عوام کی مدد کے لہے ہمیشہ تیار ہے۔

    واضح رہے کہ آج دفتر خارجہ کے ترجمان نے بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان روس اور یوکرین کے درمیان محدود جنگ بندی کا خیر مقدم کرتا ہے، امید ہے موجودہ اقدامات سے مستقل اور پائیدار جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی۔

  • پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے ریمارکس کا نوٹس لے لیا

    پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے ریمارکس کا نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے ریمارکس کا نوٹس لیا ہے، احتجاج کرنے والے عام مظاہرین نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیموں کے کارکن تھے۔

    ترجمان نے آج جمعرات کو بریفنگ میں کہا کہ احتجاج کرنے والوں کی دہشت گردی کا بڑا ثبوت سول اسپتال کوئٹہ پر حملہ، اور دہشت گردوں کی لاشوں پر قبضہ ہے، یو این ادارے کی پریس ریلیز دہشت گردی کے خلاف سپورٹ کے برعکس، دہشت گردوں کو تقویت دیتی ہے۔

    ترجمان نے کہا حکومت اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی پابند ہے، مذہبی، نسلی پس منظر سے قطع نظر حکومت شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اور دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے لیے کوئی رعایت نہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم کی ہدایت پر نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کابل کا دورہ کیا، 21 مارچ کو محمد صادق کی افغان عبوری وزیر خارجہ و وزیر تجارت سے ملاقات ہوئی، پاکستان اور افغانستان نے اعلیٰ سطح پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی ذرائع سمیت کئی سطح پر جامع بات چیت ہوئی ہے، امریکا یا کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات افغانستان کا اپنا معاملہ ہے، بگرام ایئر بیس کے حوالے سے اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں۔


    گوادر : کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد نے 6 مسافروں کو قتل کردیا


    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا پاکستان روس اور یوکرین کے درمیان محدود جنگ بندی کا خیر مقدم کرتا ہے، امید ہے موجودہ اقدامات سے مستقل اور پائیدار جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی، ترجمان نے کہا پاکستان مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کے گھروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    ترجمان نے کہا پاکستان امریکی ایوان نمائندگان میں متعارف بل سے آگاہ ہے، پاکستان آزادی اظہار، انسانی حقوق اور آئین پر عمل درآمد کرتا ہے، ایوان نمائندگان میں آنے والا بل ایک رکن کا بل ہے جسے ابھی کئی مراحل سے گزرنا ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ مجوزہ بل امریکی انتظامیہ کی پالیسی نہیں ہے۔

    ترجمان نے کہا حکومت پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل کی اطلاعات سے آگاہ ہے، پاکستان کا پاسپورٹ اسرائیل کے لیے کارآمد ہے نہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرتا ہے، دہری شہریت کے حامل شہری کسی دوسرے پاسپورٹ پر سفر کر سکتے ہیں، تکنیکی طور پر پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کا سفر ممکن نہیں۔

  • پاکستانی قوم اقبال اور قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کرنے میں کامیاب رہی، روسی سفیر البرٹ خوریف

    پاکستانی قوم اقبال اور قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کرنے میں کامیاب رہی، روسی سفیر البرٹ خوریف

    اسلام آباد: یوم پاکستان پر روسی سفیر نے تہنیتی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے کہا میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    روسی سفیر نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قرارداد پاکستان کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں نے ایک بے مثال آزاد اسلامی جمہوریہ قائم کرنے کی بنیاد رکھی۔

    روسی سفیر البرٹ خوریف نے کہا شدید مشکلات کے باوجود پاکستانی قوم نے اپنی روایتی اقدار کو برقرار رکھا ہے، پاکستانی قوم شاعر مشرق علامہ اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل کرنے میں کامیاب رہی۔

    البرٹ خوریف کا کہنا تھا کہ پاکستان زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور صلاحیتوں کا حامل ملک ہے، پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ اس کے محنتی اور مخلص لوگ ہیں۔


    جاپانی قائم مقام قونصل جنرل ناکاگاوا یاسوشی کی اردو میں قرارداد پاکستان کی مبارک باد کی ویڈیو


    روسی سفیر نے پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔