Author: Rao Muhammad Khalid

  • پشاور دھماکا، دہشتگرد پولیس لائنز میں کیسے داخل ہوئے؟ سوال اٹھ گئے

    پشاور میں مسجد میں دوران نماز خودکش دھماکے کے بعد سخت سیکیورٹی کے باوجود دہشتگرد کیسے پولیس لائنز میں داخل ہوا؟ اس پر سوال کھڑا ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق 87 افراد جام شہادت نوش کرچکے ہیں جب کہ 170 کے لگ بھگ زخمی ہیں۔

    پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کے بعد یہ سوال اٹھ گیا ہے کہ سخت سیکیورٹی اقدامات کے باوجود دہشتگرد کیسے پولیس لائنز جیسے انتہائی حساس علاقے میں داخل ہوا۔

    سیکیورٹی حکام نے پولیس لائنز تک جانے والے دونوں راستوں پر مکمل چیکنگ اور کیمروں کی سخت نگرانی کا دعویٰ کر رکھا تھا۔ ان دعوؤں کو مدنظر رکھا جائے تو پولیس لائنز تک پہنچنے کے لیے متعدد سیکیورٹی حصاروں اور سی سی ٹی وی کیمروں سے اوجھل ہوئے بغیر گزرنا ناممکن ہے۔

    دوسری جانب پشاور دھماکے کی تحریری رپورٹ مرتب کرلی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق دھماکا نماز ظہر کے وقت مسجد کے مین ہال میں ہوا، جس سے مسجد کی چھت منہدم ہوگئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوع سے اہم شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔ سی سی ٹی وی سمیت اہم شواہد کی مدد سے تفصیلی رپورٹ مرتب کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے ریسکیو آپریشن مکمل ہونے اور ملبہ ہٹانے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ اور تفتیشی ٹیمیں مزید تحقیقات کریں گی۔

    پشاور دھماکا اور سانحہ کوہاٹ پر آج خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔ آج صوبے بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: پشاور اور کوہاٹ سانحات، کے پی میں آج یوم سوگ، قومی پرچم سرنگوں رہے گا

    واضح رہے کہ پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کی ذمے داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) قبول کرچکی ہے۔

  • مائیکل جیکسن کا ’’بھوت‘‘ آگیا، ویڈیو دیکھیں

     عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کو دنیا سے گزرے ایک دہائی کا عرصہ گزر گیا لیکن ان کا بھوت بھارت کی سڑک پر ڈانس کرتا دیکھا گیا ہے۔

    دنیا میں بریک ڈانس متعارف کرانے والے عالمی شہرت یافتہ گلوکار اور ڈانسر مائیکل جیکسن کو اس دنیائے فانی سے گزرے لگ بھگ ایک دہائی گزر چکی ہے تاہم ان کی شہرت آج بھی برقرار ہے اور کسی نہ کسی حوالے سے وہ میڈیا میں خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔

    مائیکل جیکسن کو چاہنے والے دنیا بھر میں کروڑوں کی تعداد میں موجود ہیں جو آج بھی اپنے ہیرو کو کسی نہ کسی طور پر اپنے درمیان موجود رکھنے کی کوشش کرتے ہیں ایسا ہی کچھ گزشتہ دنوں بھارت میں ہوا جب مائیکل جیکسن کا بھوت وہاں گانا گاتا اور ڈانس کرتا دیکھا گیا۔

    بھارتی ریاست میزورام میں مائیکل جیکسن کا بھوت آیا اور چھا گیا۔ امریکی پاپ گلوکار کے مداح نے بھوت کا روپ دھارا اور ان کے گانے پر ایسی لاجواب پرفرمانس دی کہ لوگوں کے ذہنوں میں مائیکل جیکسن کی حقیقی پرفرمانس کی یادیں تازہ ہوگئیں۔

     

    میزورام میں مائیکل جیکسن کے بھوت کو گاتے اور تھرکتے دیکھنے والوں نے اس پرفارمنس کو بے حد سراہا اور سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل بھی ہوگئی۔

    واضح رہے کہ مائیکل جیکسن کے انتقال کے کچھ سال بعد دنیا میں یہ شوشا بھی اٹھا تھا کہ گلوکار زندہ ہیں اور اس وقت سوشل میڈیا پر ایسی کئی ویڈیوز شیئر کی گئی تھیں جس میں انہیں عوامی ہجوم کے درمیان دکھایا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: کیا مائیکل جیکسن زندہ ہے؟

    اسی حوالے سے کچھ لوگوں کا یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ مائیکل جیکسن کے گھر میں اکثر ان کا بھوت بھی دیکھا گیا ہے جو گھر میں چہل قدمی اور ڈانس کرتا ہے۔

  • بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کے چرچے

    بنلگہ دیش پریمیئر لیگ میں پاکستان کے فاسٹ بولرز چھا گئے ہیں اور اعلیٰ کارکردگی پر ہر طرف ان کے ہی چرچے ہو رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ جاری ہے جس میں پاکستانی بلے بازوں کے ساتھ فاسٹ بولرز بھی چھا گئے ہیں اور اعلیٰ کاردگی کے باعث اب ہر طرف ان کے ہی چرچے ہو رہے ہیں۔

    پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈیبیو کیا اور آتے ہی چھاگئے۔ انہوں نے اپنے ڈیبیو پر کومیلا کی جانب سے تباہ کن اسپیل کرکے ڈھاکا کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ انہوں نے چار اوورز میں صرف 12 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    مخالف بلے بازوں پر دھاک بٹھانے میں قومی پیسر حارث روؤف بھی پیچھے نہیں رہے اور رنگپور کی نمائندگی کرتے ہوئے چیٹو گرام کے تین بلے بازوں کا شکار کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: وہاب ریاض‌ نے اہم اعزاز حاصل کرلیا، پہلے پاکستانی بولر بن گئے

    واضح رہے کہ گزشتہ ایک اور قومی فاسٹ بولر وہاب ریاض نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں چار وکٹیں لے کر اہم اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

  • مہنگائی سے پریشان باپ نے 3 بچیوں سمیت زہر کھالیا، ایک دم توڑ گئی

    مسلسل بڑھتی مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا رائیونڈ میں مہنگائی سے تنگ مجبور باپ نے تین بچیوں کو زہر دینے کے بعد خود بھی کھالیا ایک بچی دم توڑ گئی۔

    مسلسل بڑھتی مہنگائی نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے اور ان کے لیے جینا دشوار ترین ہوگیا ہے۔ بھوک سے بلکتے بچے اور اپنی بے بسی نے کئی لوگوں کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ گزشتہ دنوں سندھ میں ماں اور باپ نے بچوں کو روٹی نہ دینے پر دلبرداشتہ ہوکر موت کو گلے سے لگا لیا تھا اور آج لاہور میں اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں مہنگائی سے پریشان باپ سے اپنی بیٹیوں کی بھوک نہ دیکھی گئی تو اس نے اپنے بچوں سمیت زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پہلے تینوں بچیوں کو زہر کھلایا اور پھر خود بھی کھالیا۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق باپ اور تینوں بیٹیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ایک بچی دم توڑ گئی جب کہ باقی دو بچیاں اور باپ زیر علاج ہے۔ بچیوں کی عمریں 8 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔ تاہم متاثرہ شہری اور بچیوں کے نام نہیں بتائے گئے ہیں۔

    ٹنڈوالہیار میں ایک اور ماں کی خودکشی:

    اس کے علاوہ ٹنڈوالہیار کے گاؤں موریو ساند میں ایک اور افسوس ناک واقعے میں غربت سے تنگ آکر 8 بچوں کی ماں 45 سالہ سیتا نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔

    یہ بھی پڑھیں: گھر میں آٹا ختم، ماں باپ کی دو دن کے وقفے سے خود کشی

    واضح رہے کہ چند روز قبل بھی صوبہ سندھ کے اسی شہر ٹنڈوالہیار میں غربت کا شکار میاں بیوی سے بھوک سے بلکتے بچے نہ دیکھے گئے اور انہوں نے دو دن کے وقفے سے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا تھا۔

  • چاند پر قدم رکھنے والے دوسرے خلا نورد کی بڑھاپے میں چوتھی شادی

    نصف صدی قبل نیل آرم آرمسٹرانگ کے ساتھ چاند پر قدم رکھنے والے دوسرے خلا نورد بز ایلڈرن نے 93 برس کی عمر میں چوتھی شادی کرلی۔

    نصف صدی قبل نیل آرمسٹرانگ کے ہمراہ چاند پر قدم رکھنے والے امریکی خلائی مشن کے دوسرے خلا نورد بز ایلڈرن نے زندگی کی چوتھی نئی اننگ کا آغاز کرتے ہوئے اپنی 93 ویں سالگرہ کو یادگار بنا لیا۔

    بز ایلڈرن نے چوتھی شادی کے لیے اپنے سے 30 سالہ کم عمر خاتون کا انتخاب کیا اور 63 سالہ ڈاکٹر اینکا فور کو جیون ساتھی بنایا جو ان کی دیرینہ دوست بھی ہیں۔ دونوں کے درمیان 30 سالہ پرانی دوستی ہے اور اینکا چار سال سے بز کی فاؤنڈیشن میں بھی کام کر رہی تھیں۔

    امریکی خلانورد بز ایلڈرن نے اپنی چوتھی شادی کی اطلاع سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دی جہاں انہوں نے اینکا کے ساتھ اپنی شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر بتایا کہ انہوں نے اپنی 93 ویں سالگرہ کے دن اپنی دوست 63 سالہ ڈاکٹر اینکا فور سے شادی کی ہے۔

    اپنی پوسٹ پر انہوں نے مزید لکھا کہ میری 93 ویں سالگرہ جس دن مجھے لیونگ لیجنڈز آف ایوی ایشن کی طرف سے بھی اعزاز سے نوازا جائے گا مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میری دیرینہ محبت ڈاکٹر اینکا فور اور میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ ہم لاس میں ایک چھوٹی سی نجی تقریب میں شادی کی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی خلائی مشن کے خلا نورد بز ایلڈرن چاند پر قدم رکھنے والے دوسرے آدمی تھے۔ ان سے محض 16 منٹ قبل ان کے سینیئر ساتھی نیل آرم اسٹرانگ نے چاند پر قدم رکھ کر چاند پر پہنچنے والے پہلے انسان کا خطاب حاصل کیا تھا۔

    بز ایلڈرن 1971 میں امریکی خلائی ادارے ناسا سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے اور اس کے بعد ایک این جی او بنائی اور اس کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہیں ان کی ملاقات کیمیکل میں پی ایچ ڈی کرنے والی خاتون ڈاکٹر اینکا فور سے ہوئی۔

  • سرفراز کی بیٹے کے ہمراہ مدینے کی گلیوں میں نعت پڑھنے کی ویڈیو وائرل

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اپنے بیٹے کو کاندھوں پر بٹھائے مدینہ منورہ کی گلیوں میں چل رہے ہیں اور ان لے لبوں پر نعت رسول مقبول ﷺ ہے۔

    ہر عاشق رسول ﷺ کے لبوں سے ہر وقت درود وسلام کے نذرانے یا نبی آخر الزماں ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول ہی نچھاور ہوتے ہیں اور اگر بات ہو شہر مدینہ کی تو پھر عشق اپنی انتہا پر ہوتا ہے اور اس کی چلتی پھرتی مثالیں اکثر لوگ اپنی آنکھوں سے دیکھتے رہتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی اپنے بیٹے عبداللہ کے ہمراہ مدینۃ المنورہ کی گلیوں میں نعت رسول مقبول ﷺ پڑھنے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔

    اس وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سرفراز احمد اپنے 5 سالہ بیٹے عبداللہ کو کاندھوں پر بٹھائے ہوئے ہیں اور دونوں باپ بیٹے جذبہ عشق رسول ﷺ سے لبریز ہوکر بارگاہ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کر رہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ سرفراز احمد اور عبداللہ لہک لہک کر نعت رسول مقبول ﷺ ’’پھر کرم ہوگیا میں مدینے چلا‘‘ پڑھ رہے ہیں۔

     

    جس نے بھی اس ویڈیو کو دیکھا وہ دیکھتا ہی چلا گیا اور باپ بیٹے کی اس عقیدت نے ان کے دلوں کو جیت لیا۔

  • شان مسعود کے سر سہرا سج گیا، تصاویر اور ویڈیوز

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز شان مسعود کے سر بھی سہرا سج گیا اور وہ گزشتہ شب اپنی دوست نیشے خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی کرکٹرز کی شادیوں کا سیزن جاری ہے اور اب پاکستانی ٹاپ آرڈر بلے باز شان مسعود کے سر بھی سہرا سج گیا۔ گزشتہ شب وہ کراچی سے بارات لے کر پشاور گئے جہاں وہ اپنی دوست نیشے خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور اپنی دولہنیا کو رخصت کراکے اپنے ساتھ لے گئے۔

    شان مسعود کے باراتیوں میں کپتان بابر اعظم، سابق کپتان مصباح الحق، اوپنر امام الحق سمیت دیگر کرکٹرز نے شرکت کی اور دولہا دلہن کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائے۔

     

    زندگی کے اس یادگار دن پر دولہا شان مسعود نے سفید رنگ کی شیروانی جب کہ ان کی دلہنیا نیشے نے سنہری رنگ کا عروسی لباس زیب تن کر رکھا تھا اور جوڑا انتہائی خوبصورت لگ رہا تھا۔

     

    معروف بینکر منصور مسعود خان کے صاحبزادے شان مسعود اور ان کی اہلیہ پرانے دوست ہیں۔ تین بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر کے شان مسعود کی تقریب ولیمہ 27 جنوری کو کراچی میں منعقد ہوگی تاہم اس نجی تقریب میں چند ہی معروف شخصیات اور دوست کرکٹرز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

  • دنیائے فٹبال کے بادشاہوں سے بالی ووڈ شہنشاہ کی ملاقات، ویڈیو دیکھیں

    سعودی عرب میں نمائشی میچ سے قبل بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے دنیائے فٹبال کے دو بادشاہوں میسی اور رونالڈو سے ملاقات اور مصافحہ کیا۔

    سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گزشتہ شب فرانسیسی کلب پی ایس جی اور رونالڈو کی سعودی آل اسٹار الیون کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا۔ میچ سے قابل بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے شہنشاہ کہلائے جانے والے عالمی شہرت یافتہ اداکار امیتابھ بچن نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

    امیتابھ بچن نے اسٹار فٹبالر سے ملاقات کی یہ ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن سعودی عرب کے درالحکومت ریاض کے کنگ فہد اسٹیڈیم میں شہنشاہوں کی طرح داخل ہو رہے ہیں۔ ایونٹ کے منتظم امیتابھ کا ہاتھ تھام کر انہیں احترام کے ساتھ گراؤنڈ میں لاتے ہیں جہاں وہ پی ایس جی اور سعودی آل اسٹار الیون کے تمام کھلاڑیوں سے ملاقات اور مصافحہ کرتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سر زمین عرب پر میسی اور رونالڈو میں دلچسپ مقابلہ ہوا، لگاتار گولز سے شائقین محظوظ ہوتے رہے

    تاہم بالی ووڈ شہنشاہ جب لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے پاس پہنچتے ہیں تو ان سے انتہائی گرمجوشی سے ہاتھ ملاتے ہیں اور کچھ دیر رک ان کا احوال دریافت کرنے کے ساتھ ان کے کھیل کی بھی تعریف کرتے ہیں۔

    امیتابھ بچن نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’ ریاض میں ایک شام اور یہ کیا شام ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، ایمباپے، نیمار سب ایک ساتھ کھیل رہے ہیں۔‘‘

    ’’ناقابل یقین‘‘

     

  • ویڈیو: میسی کی محبت میں مداح نے کھیت کو ہی کینوس بنا ڈالا

    فیفا ورلڈ کپ 2022 کے فاتح کپتان لیونل میسی کے دیوانے مداح نے اپنے ہیرو کو خراج تحسین پیش کرنے کیلیے انوکھا انداز اختیار کیا۔

    دنیائے فٹبال کے عصر حاضر کے عظیم کھلاڑی اور فیفا ورلڈ کپ میں اپنے ملک ارجنٹینا کو 36 سال بعد عالمی چیمپئن بنانے والے کپتان لیونل میسی کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں جو ان کو مختلف انداز میں خراج تحسین پیش کرتے رہتے ہیں لیکن حال ہی میں ایک دیوانے مداح نے اپنے ہیرو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے انوکھا انداز اختیار کیا۔

    لیونل میسی کے ایک مداح نے اسٹار فٹبالر سے محبت کے اظہار کیلیے وہ انوکھا انداز اختیار کیا جو اس سے پہلے کسی کھلاڑی کے مداح نے نہیں کیا۔

    چیمپئن کپتان کے چاہنے والے نے اپنے ہیرو کے لیے مکئی کے کھیت کو ہی کینوس بنا ڈالا اور ورلڈ کپ فاتح لیونل میسی کی ایک بڑی تصویر بنا ڈالی جس کا فضائی منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔

     

    اس فضائی منظر کو جس جس نے دیکھا ہے وہ حیرت سے دنگ رہ گیا اور مداح کی دیوانگی کو سراہا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ایک مداح نے فاتح کپتان کی سب سے بڑی جرسی بنا ڈالی تھی۔

    اس جرسی کی لمبائی تقریباً 20 میٹر اور چوڑائی 17 میٹر ہے۔ یہ دنیا کی اب تک کی سب سے بڑی جرسی قرار دی جا رہی ہے۔

     

    کولمبیا کے آرٹسٹ نے لیونل میسی کی غبارہ نما شرٹ بنا کر فٹبال گراؤنڈ میں نصب کر دی جس کے اندر بچے فٹبال کھیلیں گے۔

  • پی سی بی اور پرستاروں کا سخت ردعمل، آسٹریلوی میڈیا نے بابر اعظم کیخلاف جھوٹی ٹویٹ ڈیلیٹ کردی

    پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ شائقین نے قومی کپتان بابر اعظم کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر مبنی خبروں پر سخت ردعمل کا اظہار کیا جس کے آسٹریلوی میڈیا نے وہ ٹویٹ ڈیلیٹ کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ایک لڑکی سے فون پر بات چیت کی ویڈیو کو بنیاد بناتے ہوئے آسٹریلین براڈ کاسٹر فوکس اسپورٹس نے اس پر نامناسب خبر دی جس پر پی سی بی فوری حرکت میں آگیا اور سخت ردعمل کا اظہار کیا جب کہ کرکٹ کے پرستاروں نے بھی آسٹریلوی میڈیا کی غیر ذمے دارانہ رپورٹنگ پر اسے کھری کھری سنا دی جس کے بعد اس متنازع ٹویٹ کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورٖڈ نے آسٹریلین براڈ کاسٹر فوکس اسپورٹس کے اس غیر ذمے دارانہ طرز عمل پر اس کی ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بطور ہمارے میڈیا پارٹنر فوکس کو اس قسم کی خبروں سے گریز کرنا چاہیے تھا۔ اس خبرمیں کوئی صداقت نہیں۔ بابر اعظم نے بھی اس پر وضاحت دینا ضروری نہیں سمجھا۔

    فوکس نیوز کے اس جھوٹی خبر پر مبنی ٹویٹ کے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین اور بابر اعظم کے فینز بھی میدان میں آگئے اور ٹوئٹر پر ’’We stand with Babar Azam‘‘ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا اور پرستاروں نے قومی کپتان کے حق میں ٹویٹس کی بھرمار کردی۔

    ایک صارف تطہیر زہرہ نے بابراعظم کی تصویر کے ساتھ ایک ٹویٹ کیا جس میں لکھا کہ ’کپتان آپ ہمارا فخر ہو اور پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔‘

    خالدہ نامی ٹوئٹر صارف نے بابراعظم کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’بابر بیٹا میں تمہارے ساتھ ہوں اور تمہارے ساتھ ملاقات میری کرکٹ کی یادداشتوں میں سے ایک زبردست یادداشت ہے۔‘

     

    حسنین اعظم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’اگر دنیا بابر کے خلاف ہے تو میں دنیا کے خلاف ہوں۔‘

    بابر اعظم کے ایک مداح ابریش نے مبینہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’بہن اگلی بار ایڈیٹنگ سیکھ کر آنا۔ ہمیں اپنے کنگ پر ہمیشہ سے یقین تھا، ہے اور رہے گا۔‘

    واضح رہے کہ فاکس کرکٹ نے اپنی پہلی خبر میں صرف الزامات کا لفظ لکھا تھا تاہم اب اسے ’جھوٹے الزام‘ کے ساتھ تبدیل کر دیا گیا ہے اور ٹویٹ بھی ڈیلیٹ کر دی گئی ہے۔