Author: Abdul Rasheed

  • کراچی میں آپریشن کے نام پر سیا سی انتقام لیا جا رہا ہے، رشید گوڈیل

    کراچی میں آپریشن کے نام پر سیا سی انتقام لیا جا رہا ہے، رشید گوڈیل

    اسلام آباد: ایم کیوایم کے رہنما رشید گوڈیل کہتے ہیں کراچی میں آپریشن کے نام پر سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، حکومت ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لے۔

    قومی اسمبلی کااجلاس آج ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی کی صدارت میں ہوا ہے۔ اجلاس کے دوران ایم کیوایم کے رہنما رشید گوڈیل نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سےکہتےہیں تو صوبائی معاملہ کہاجاتاہے، حکومت کراچی میں دہشتگردی کے واقعات کا نوٹس لے۔

    رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ سندھ کوملازمتوں کے کوٹے سے محروم کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حق مانگتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ کوٹہ نہیں ہے۔

    ایم کیوایم نے کے پی ٹی میں ایک ہزار غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف احتجاج بھی کیا۔ اجلاس کے دوران کامران مائیکل نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دور میں کراچی کو منی پاکستان سمجھ کر بھرتیاں کردی گئی ہیں۔ غیر قانونی بھرتیو ں کی تحقیقات جا ری ہے، انھوں نے کہا کہ آئندہ بھرتیاں میرٹ پرکی جا ئیگی۔

    اجلاس میں پی آئی اے کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بھی بحث ہوئی۔نبیل گبول کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ایک بوجھ بن چکا ہےنہیں چل سکتی تو نجکاری کر دی جائے۔

  • طاہر القادری کل صبح امریکا روانہ ہونگے

    طاہر القادری کل صبح امریکا روانہ ہونگے

    لاہور:  پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی علاج کی غرض سے کل صبح امریکا کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔ ڈاکٹروں نے طاہر القادری کو ملک سے باہر جا کر فوری علاج کروانے کا مشورہ دیدیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری علاج کے غرض سے آئندہ چوبیس گھنٹے میں امریکا روانہ ہو جائیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا امریکی معالج پر مشتمل پانچ رکنی ڈاکٹرز کے پینل نے آج معائنہ کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ جلد از جلد علاج شروع کرائیں، تاخیر کی صورت میں پیچیدگیاں بڑھ سکتی ہیں۔

    میڈیا ایڈوائزر نے طبی معائنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ڈاکٹر امریکہ سے ہنگامی طور پر رات لاہور پہنچے۔ میڈیا ایڈوائزر کا کہنا تھا کہ علاج سے متعلق حتمی فیصلہ ڈاکٹرز کرینگے تاہم ڈاکٹروں نےانہیں بیرون ملک جا کرعلاج کا مشورہ دیدیا ہے۔

    اس دوران انکی عیادت کیلئے مختلف سیاسی رہنمائوں کیجانب سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نےعوامی تحریک کے قائد سےرابطہ کیا اور انکی خیریت دریافت کی۔

    ادھرحکومت نے طاہر القادری کو علاج کیلئےخصوصی ایمبولینس طیارے میں بھجوانے کیلئے پیشکش کی ہے جس کا تاحال طاہر القادری اور انکے اہلِ خانہ نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

  • سیاسی بحران کو حل نہ کیا تو ملک میں کوئی بڑا سانحہ ہو سکتا ہے، سراج الحق

    سیاسی بحران کو حل نہ کیا تو ملک میں کوئی بڑا سانحہ ہو سکتا ہے، سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر سیاسی بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل نہ کیا گیا تو ملک میں کوئی بڑا سانحہ ہوسکتا ہے۔

    لاہور میں دینی ادارہ سنابل الخیر کے آفس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ خوشی ہے کہ تحریک انصاف کے بعد حکومت بھی مذاکرات کی میز پر آنے کی خواہش کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو انا کی لکیر عبور کرکے مذاکرات کرنا چاہئیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ قوم کو پتہ چلنا چاہیے کہ دھاندلی کس نے کی اوراس میں کون ملوث تھا۔ انھوں نے کہا کہ اصلاحات کے بغیر آئندہ انتخابات کرائے گئے تو کوئی اسے تسلیم نہیں کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ایسے کیمیکل اور ہتھیار استعمال کیے گئے جسکے نتائج ہیروشیما اور ناگاساکی جیسے نکلیں گے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری نے پچیس دسمبر کا کراچی کا جلسہ ملتوی کرکے جماعت اسلامی کو جلسہ کرنے کی اجازت دی ہے۔

  • گوجرانوالہ میں عابد شیر علی کی ایک اور کھلی کچہری

    گوجرانوالہ میں عابد شیر علی کی ایک اور کھلی کچہری

    گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کی کھلی کچہری میں لوگوں نے شکایات کا انبار لگا دئیے، لوگوں کی بڑی تعداد کھلی کچہری میں پہنچ گئی، عابد شیر علی نے لوگوں کے مسائل سننے کے بعد موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

    وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے گوجرانوالہ میں ریجنل ہیڈ کوارٹر گیپکو میں کھلی کچہری لگائی اور لوگوں کے مسائل سنے ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد بجلی کے اوور بلوں اور ریڈنگ کی کمی بیشی کی شکایات کرتی ہوئی نظر آئی ہے۔
    شہریوں کا کہنا تھا کہ ہر ماہ انہیں بجلی کے بلوں میں زائد یونٹ ڈال دیئے جاتے ہیں جن کی درستگی کے لیے گیپکو ملازمین تعاون نہیں کرتے اور انہیں زائد بل جمع کروانا پڑتا ہے، شہریوں نے کہا کہ اگر کہیں بجلی کی سپلائی میں خرابی پیدا ہو جائے تو بار بار ٹیلی فون پر کمپلین درج کروانے کے باوجود گیپکو ملازمین لائن ٹھیک کرنے نہیں آتے جبکہ ایک بیوہ عذرا کی طرف سے چار مرلہ کے گھر میں ایک لاکھ پچہتر ہزار بل کی شکایت سامنے آئی ہے۔

    لوگوں نے عابد شیر علی کو بتایا کہ شہر کے پوش علاقوں کی نسبت چھوٹے اور دیہاتی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اس سلسلہ میں بھی گیپکو حکام کوئی نوٹس نہیں لیتے ہیں۔

    شہریوں کے مسائل سننے کے بعد عابد شیر علی نے موقع پر ہی دو میٹر ریڈر، ایک لائن سپرٹنڈنٹ اور دو ایس ڈی او کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیےہیں، اس موقع پر گیپکو چیف اور لیگی ارکان اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • امریکی ڈاکٹروں نے طاہرالقادری کا طبی معائنہ شروع کردیا

    امریکی ڈاکٹروں نے طاہرالقادری کا طبی معائنہ شروع کردیا

    لاہور: پانچ امریکی ڈاکٹرز نے طاہرالقادری کا طبی معائنہ شروع کردیا ہے، طاہر القادری کی شدید علالت کے سبب ایک ڈاکٹر امریکہ سے ہنگامی طورپر رات گئے لاہور پہنچے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا امریکی معالج پر مبنی پانچ رکنی ڈاکٹرز کے پینل نے معائنہ شروع کردیا ہے۔ سربراہ عوامی تحریک کے ڈاکٹروں کے مطابق علاج شروع کرنے میں تاخیر سے مزید پیچیدگیاں بڑھ سکتی ہیں۔

    ڈاکٹروں کے پینل کا کہنا ہے کہ دو بجے تک معائنہ مکمل ہو جائے گا۔

    دوسری جانب طاہر القادری کے میڈیا ایڈوائزر کی طرف سے طبی معائنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ علاج سے متعلق حتمی فیصلہ ڈاکٹرز کریں گے۔ ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ ایک ڈاکٹر امریکہ سے ہنگامی طور پر رات گئے لاہور پہنچے ہیں۔

  • کوئٹہ: جماعت الدعوۃ کا قافلہ مینار پاکستان کیلئے روانہ

    کوئٹہ: جماعت الدعوۃ کا قافلہ مینار پاکستان کیلئے روانہ

    کوئٹہ: کوئٹہ سے جماعت الدعوة کے کارکنوں کا قافلہ لاہور میں مینار پاکستان پر مرکزی اجتماع میں شرکت کے لئے روانہ ہوگیا ہے۔

    ،جماعت الدعوة بلوچستان کے امیر کی قیادت میں صوبے کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے چار سے پانچ سو کے قریب کارکن بذریعہ ٹرین کوئٹہ ریلوے اسٹیشن لاہور کے لئے روانہ ہوگئے ہیں جو 4اور 5 دسمبر کو لاہور میں جماعت الدعوة کے مرکزی اجتماع میں شریک ہوں گے۔

    روانگی کے موقع پر جماعت الدعوة بلوچستان کے صوبائی امیر حافظ محمد قاسم کا کہنا تھا کہ مرکزی اجتماع کا مقصد قوم اور امت مسلمہ کے درمیان نفرتوں کو مٹا کر اتحاد پیدا کرنا ہے۔

  • ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان

    ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، جبکہ ملک کے بیشتر شہروں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

    پاکستان بھر میں موسم کے تیور نرالے ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے گرمی سے پریشان شہریوں کے لیے سردی کا پیغام سنا دیا ہے۔ ملک بھر میں کہیں بارش اور کہیں ہواوں کا راج ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس بار کڑاکے کا جاڑا پڑے گا۔ ادھر ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں سردی میں مزید اضافہ ہوگا اور کئی شہروں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ، استور اور کالام میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں انتخابات کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع

    مقبوضہ کشمیرمیں انتخابات کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع

    سرنگر: مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ حریت کانفرنس اور دیگرجماعتوں نے انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے اٹھارہ حلقوں کے لئے ہونے والے نام نہاد انتخابات میں ایک سوپچھترامیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد بارہ لاکھ ہے جن کے لئے انیس ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

    کُل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پرمقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے اور ووٹنگ ٹرن آؤٹ بہت کم ہے۔ انتخابات کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں اور متعدد کشمیری رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔

  • انتخابی اصلاحات کیس، سپریم کورٹ نےحکومت سےجواب طلب کرلیا

    انتخابی اصلاحات کیس، سپریم کورٹ نےحکومت سےجواب طلب کرلیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نےانتخابی اصلاحات سے متعلق درخواست سماعت کے لئے منظورکرتے ہوئےالیکشن کمیشن اورحکومت کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

    انتخابی اصلاحات سےمتعلق پٹیشن عابد حسن منٹو ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی۔ دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ابھی تک لازمی ووٹ ڈالنے کا قانون نہیں بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن اصلاحات کے حوالے سےعدالتی حکم پر بھی عمل نہیں ہورہا ہے۔

    اس موقع پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ لازمی ووٹ کا قانون بنانا حکومت کا کام ہے، اس ملک کی بنیاد جمہوریت اور جمہوریت کی بنیاد انتخابات پر ہے۔

    اعلیٰ عدالت نے دلائل سُننے کے بعد درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی اور الیکشن کمیشن اورحکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔

  • کوئٹہ: دھماکہ اور فائرنگ، صوبائی مشیر تعلیم سرداررضا محمد  بال بال بچ گئے

    کوئٹہ: دھماکہ اور فائرنگ، صوبائی مشیر تعلیم سرداررضا محمد بال بال بچ گئے

    کوئٹہ: کو ئٹہ کے جوائنٹ روڈ پر زوردار دھماکہ اور فائرنگ ، صبائی مشیر تعلیم بال بال بچ گئے، پولیس، ایف سی اور رسیکیو ٹیموں نے امدادی کاروائیاں شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں جوائنٹ روڈ پر ہیلتھ  سینٹر کے قریب زوردار دھماکہ ہوا ہے، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کوئٹہ بھر میں سنی گئی ہے۔ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی کئی گئی ہے، دھماکے کے مقام پر ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پہنچنا شروع کردیا ہے۔

    اے آر وائی کے نمائندے کے مطابق دھماکہ کوئٹہ میں جوائنٹ روڈ پر قائم ایک سرکاری پرائمری اسکول کے سامنے ہوا ہے، جہاں دھماکہ خیز مواد نصب تھا۔ نمائندے کے مطابق مذکورہ روڈ سے دھماکے کے وقت صوبائی مشیر تعلیم سردار رضا محمد کی گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکے میں وہ معمولی زخمی ہوئے تاہم محفوظ رہے ہیں لیکن ان کی گاڑی تباہ ہو گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد ہونے والی فائرنگ سردار رضا محمد کے گارڈز کی جانب سے کی گئی تھی۔

    نمائندے کے مطابق جس مقام پر دھماکہ ہوا ہے اس مقام پر لوگوں کا ہجوم ہوتا ہے کیونکہ مزکوری روڈ پر اہم دفاتر، ہیلتھ سینٹر اور فوسٹ آفس بھی موجود ہیں، جہاں دن بھر لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے تاہم کو ئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

    دھماکے کے فوری بعد مزکورہ علاقے کو پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں نے گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی ٹمیوں نے روڈ کو بحال کرنے کیلئے اپنی کاروائی کا آغاز بھی کردیا ہے۔

    پولیس کی جانب سے دھماکے کے مقام سے شواہد جمع کرنا شروع کر دیئے گئے ہیں۔