Author: Abdul Rasheed

  • معذوروں کیلئے خوشخبری، آنکھوں کی حرکت سے چلنے والا ماؤس آگیا

    معذوروں کیلئے خوشخبری، آنکھوں کی حرکت سے چلنے والا ماؤس آگیا

    اب معذوراور بیمار افراد بھی کمپیوٹر استعمال کرسکیں گے،معروف کورین کمپنی نے آنکھوں کی حرکت سے چلنے والا ماؤس متعارف کرادیا ہے۔

    ٹیکنالوجی ماہرین نے معذور اور بیمار افراد کے لیے آئی اسکین پلس نامی ڈیوائس متعارف کروائی ہے، جو ماؤس اور کی بورڈ کا متبادل ثابت ہوسکے گی۔

    اس ڈیوائس سے معذور اور بیمار افراد کو دستاویز تحریر کرنے اور انٹرنیٹ براؤزنگ اپنی انکھوں کی حرکت کے ذریعے کرنے میں مدد ملے گی۔

    یہ ڈیوائس وائر لیس کی طرح کام کرتی ہے جبکہ تئیس سے ستائس انچ کی دوری تک کار آمد ثابت ہوتی ہے۔

  • کولیسٹرول کے مریضوں کیلئے خوشخبری،دہی استعمال کریں

    کولیسٹرول کے مریضوں کیلئے خوشخبری،دہی استعمال کریں

    ماہرینِ طب کہتے ہیں کہ دہی کا روزانہ استعمال کو لیسٹرول میں کمی لاتا ہے۔

    ہاورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ کے ماہرین کے مطابق دل کے دورے کی سب سے بڑی وجہ کولیسٹرول کی زیادتی ہے، جسے دہی کم کرتا ہے۔

    دہی میں پائے جانے والا کیلشیم، پروٹین ، وٹامن بی، فولک ایسڈ بڑھتے ہوئے کولیسٹرول کوکم کرنے کیلئے نہایت مفید ہے۔ اگر روزانہ دو پیالے دہی کھایا جائے تواس خطرناک مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

  • ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ میں پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی

    ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ میں پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی

    کیپ ٹاون: ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ میں پاکستان نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

    کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ کے دوسرے روز پاکستان کا مقابلہ میزبان ٹیم جنوبی افریقہ سے ہوا ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے ایک سو چودہ رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بی تھری کیٹیگری بولر اسرار حسن نے تین وکٹیں حاصل کیں ہے۔

    مطلوبہ ہدف پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ہے۔ بی ٹو کیٹیگری کے بیٹسمین نثار علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باسٹھ رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ پاکستان ٹیم اپنے تیسرے میچ میں آج انگلینڈ سے مدمقابل ہوگی۔

  • 65اور71کی جنگ کے ہیرو کیپٹن سیسل کے نام پر لاہور میں روڈ منسوب

    65اور71کی جنگ کے ہیرو کیپٹن سیسل کے نام پر لاہور میں روڈ منسوب

    لاہور: انیس سو پینسٹھ اور اکہتر کی جنگ کے ہیرو گروپ کیپٹن سیسل چوہدری کے نام سے لاہور میں لارنس روڈ کے حصے کومنسوب کردیا گیا ہے۔

    سینٹ انتھونی ہائی اسکول میں منعقد ہونے والی تقریب میں لاہور کے ریگل چوک سے پلازہ چوک تک لارنس روڈ کوسیسل چوہدری کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جس میں سیسل چوہدری کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

    تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل مجاہد انور خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیسل چوہدری ایئر فورس کا سرمایہ ہیں، جنھوں نے انیس سو پینسٹھ اور اکہتر کی جنگ میں ملک کا دفاع کیا اور اپنی زندگی کی آخری سانسوں تک سیسل چوہدری ملک میں تعلیم کے فروغ انسانی حقوق اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے خدمات سرانجام دیتے رہے۔

    سیسل کے صاحبزادہ سچن سیسل چوہدری نے لارنس روڈ کا حصہ والد کے نام سے منسوب کرنے پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس موقع پر سیسل چوہدری پر بنائی گئی دستاویزی فلم بھی دکھائی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

  • سراج الحق کا 25دسمبر سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کااعلان

    سراج الحق کا 25دسمبر سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کااعلان

    پشاور: جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسٹیٹس کو کے خلاف نئی تحریک کا آغاز پچیس دسمبرکومزارقائد کراچی سے کیا جائے گا۔

    پشاورمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ موجودہ پاکستان وڈیروں اور جاگیرداروں کا ہے۔ موجودہ حکمرانوں کی مثال دیوار کی طرح ہے جو نہ سنتے ہیں اور نہ کچھ کرتے ہیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ حکومت بتائے علما کے قاتلوں کو کون پکڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں چوبیس ہزار سے زائد شہری قتل ہوئے اور قاتل کھلے عام پھررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اندھے حکمرانوں کوحکومت کرنے کا حق نہیں ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا اسٹیل ملز اور پی آئی اے جیسے اداروں کوفروخت نہیں کرنے دیں گے۔

  • پیپلز پارٹی یوم تاسیس 30نومبر کو منانے جارہی ہے

    پیپلز پارٹی یوم تاسیس 30نومبر کو منانے جارہی ہے

    لاہور: پیپلز پارٹی اپنا یوم تاسیس تیس نومبر کو منانے جارہی ہے، بلاول ہاؤس لاہور میں یوم تاسیس کنونشن کی صدارت سابق صدر آصف علی زرداری کریں گے۔

    تیس نومبر انیس سو سڑسٹھ کو قائم ہونے والی پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی مرکزی تقریب بلاول ہاوس لاہور میں منعقد ہوگی، جسے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    تیس نومبر کے یوم تاسیس میں سینٹرل اور جنوبی پنجاب کے تنظیمی عہدیدار شریک ہوں گے جبکہ دو دسمبر کو سندھ،بلوچستا ن، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اوت آزاد کشمیر سے کارکن شریک ہوں گے۔

    بلاول بھٹو زرداری کی مصروفیات کے باعث کنونشن سے شریک چیئرمین آصف علی زرداری یوسف رضا گیلانی راجہ پرویز اشرف اور منظور وٹو خطاب کریں گے۔

    لاہور کی سڑکوں پر کنونشن کے حوالے سے خیر مقدمی بینرز اور فلیکسز بھی لگا دیئے گئے ہیں۔

  • مولانا فضل الرحمان کا خالد سومرو کے قتل کیخلاف ملک گیر احتجاج اعلان

    مولانا فضل الرحمان کا خالد سومرو کے قتل کیخلاف ملک گیر احتجاج اعلان

    اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے رہنماخالد محمودسومروکے قتل پر جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

    مولانافضل الرحمان نے خالد سومرو کے قتل کیخلاف کل ملک بھرکی شاہراہیں جام کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، انھوں نے کہا ہے کہ ریاست تحفظ دینے میں بےبس نظرآتی ہے۔

    مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ تحقیقات کے نام پرمسائل کو ٹالا جاتا ہے  اور قانون ہاتھ میں لینے کا الزام دیا جاتا ہے۔

  • وزیرِاعظم نے ہزارہ موٹرووے کاسنگِ بنیادرکھ دیا

    وزیرِاعظم نے ہزارہ موٹرووے کاسنگِ بنیادرکھ دیا

    ایبٹ آباد: وزیراعظم نوازشریف نے ہزارہ موٹرووے کا سنگِ بنیادرکھ دیا ہے۔

    نوازشریف ایبٹ آباد پہنچ گئے جہاں انہوں نے حویلیاں کوپشاور سے ملانے کے لئے ہزارہ موٹرووے کا سنگِ بنیاد رکھا۔ موٹرووے ساٹھ کلومیٹرطویل ہوگی جبکہ اس پربتیس لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔

    منصوبے پر پاک چین راہداری منصوبہ کے تحت کام جاری ہے۔ موٹروے بننے سے اسلام آباد سے حویلیاں تک کا سفر آدھے گھنٹے میں طے کیا جا سکےگا۔

  • مصرکےسابق صدرحسنی مبارک قتل کے الزامات سے بری

    مصرکےسابق صدرحسنی مبارک قتل کے الزامات سے بری

    قاہرہ: مصرکی عدالت نے سابق صدرحسنی مبارک کو قتل اور بدعنوانی کے الزامات سے بری کردیا ہے۔ حسنی مبارک پردوہزارگیارہ میں حکومت مخالف مظاہرین کے قتل کا الزام تھا۔

    غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق سابق صدرحسنی مبارک کے علاوہ سابق وزیرداخلہ اور حسنی مبارک کے پانچ کمانڈوز کو بھی قتل کے الزامات سے بری کردیا گیا ہے۔

    حسنی مبارک پرمالی بدعنوانی اوردوہزاگیارہ میں حکومت مخالف تحریک میں شریک افراد کے قتل کی سازش کے الزامات تھے۔

    چھیاسی سالہ حسنی مبارک نے تمام الزامات کوبے بنیاد قراردیا تھا۔

  • این اے 122دھاندلی کیس کی سماعت، عمران خان 6دسمبر کو طلب

    این اے 122دھاندلی کیس کی سماعت، عمران خان 6دسمبر کو طلب

    لاہور: لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 122 دھاندلی کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو چھ دسمبر کو طلب کرلیا ہے۔

    الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم ملک نے کیس کی سماعت کی ہے۔ چھ گواہان نے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے جس پر جرح مکمل کر لی گئی۔

    عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دھاندلی سے حلقہ این اے ایک سوبائیس میں کامیابی حاصل کی لہذا الیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔

    اس سے پہلے سردار ایاز صادق نے الیکشن ٹریبونل کی کارروائی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی تھی جس پر تیرہ ماہ تک الیکشن ٹریبونل کی کارروائی معطل رہی تاہم ہائیکورٹ کی جانب سے درخواست خارج کیے جانے کے بعد باقاعدہ سماعت کا آغاز کیا گیا تھا۔