Author: Abdul Rasheed

  • قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام شروع ہوگا

    قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام شروع ہوگا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کا سولھواں اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت آج شام ہوگا۔ اجلاس میں بھارتی جارحیت، کوٹ رادھا کشن واقعے اورتحریک انصاف کے جلسے سمیت دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔

    اجلاس دو ہفتے جاری رہے گا۔ اجلاس میں بجلی کے بلوں اور مہنگائی میں اضافے، بھارتی جارحیت، کوٹ رادھا کشن واقعے اور چین کے ساتھ اربوں ڈالر کےمعاہدوں سمیت دیگرایشوز زیربحث آئیں گے۔

    ایوان میں تھرکی صورتحال اور بچوں کی ہلاکتوں کے معاملے پر بھی بحث ہوگی۔ اہم امور پر قانون سازی بھی متوقع ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اس حوالے سے بھی اہم ہوگا کہ پاکستان تحریک انصاف نے تیس نومبر کو ریڈزون میں احتجاجی جلسے کااعلان کر رکھا ہے تو دوسری طرف حکومت ریڈزون کو سیل کر رہی ہے۔

  • لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں چیلنج

    لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں چیلنج

    لاہور: حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام بنانے کیلئے کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہیں۔ لاہور ہائيکورٹ ميں تحريک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاريوں کو چیلنج کردیا گیا ہے۔

    لاہور ہائيکورٹ ميں دائر پٹيشن ميں درخواست گزار تحريک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تحريک انصاف کے کارکنوں کو تيس نومبر کے جلسے ميں شرکت سے روکنے کےليے گرفتاريوں کا سلسلہ شروع کر ديا ہے، جو آئين کے تحت بنيادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست گزار نے مزید کہا ہے کہ حکومت نے اسلام آباد جانے والے راستوں پر کنٹينر بھی لگادیئے ہيں، انھوں نے عدالت سے استدعا کی کہ تمام کارکنوں کی رہائی کا حکام دیا جائے۔

  • ایم کیو ایم سینٹر بابر غوری کا وزیراعظم کو خط

    ایم کیو ایم سینٹر بابر غوری کا وزیراعظم کو خط

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما سینیٹر بابر غوری نے وزیر اعظم نواز شریف کو لکھے گئے اپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں ہونیوالی بھرتیوں میں میرٹ کو ترجیح دی جائے۔

    خط میں بابرغوری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کیجانب سےدی جانیوالی صوبائی ملازمتوں میں قواعد و ضوابط کے کسی اصول پر عملدرآمد نہیں کیاجارہاہے۔ بابر غوری نے وزیر اعظم کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن صرف ان امیدواروں کو ترجیح دیتی ہےجنکی سفارش پی پی قیادت کرتی ہے۔

    خط میں کہاگیا ہےکہ وفاقی حکومت بھرتیوں میں میرٹ کو ترجیح دے۔ انہوں نےاپیل کی کہ وزیراعظم وزیراعلی سندھ سے این ایف سی کی مد میں وفاقی حکومت سے پانچ سو ارب روپے وصولی اور اسکی کھپت کاگوشوارہ طلب کریں۔

    خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ کی دیہی آباد ی کو بھی نظر انداز کیاگیا جس کے باعث تھر پارکر میں معصوم انسان قحط سے جاں بحق ہوئے۔

  • سندھ ہائی کورٹ نے تھر قحط سے متعلق صوبائی حکومت کی رپورٹ مسترد کردی

    سندھ ہائی کورٹ نے تھر قحط سے متعلق صوبائی حکومت کی رپورٹ مسترد کردی

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے تھر میں قحط سے متعلق صوبائی حکومت کی رپورٹ مستردکری ہے۔ سیشن جج کی رپورٹ میں تھر میں دو سو سے زائد ڈاکٹرز کی اسامیاں خالی ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

    تھر ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں چیف سیکریٹری، سیکریٹری صحت اور سیشن جج مٹھی نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، سیشن جج مٹھی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تھرمیں چار سوایک ڈاکٹرز کی اسامیوں میں سے دو سو سترہ اسامیاں خالی ہیں۔ اسی طرح انتیس بنیادی ہیلتھ کے مراکز میں سے اٹھارہ غیر فعال ہیں۔

    چیف سیکریٹری کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قحط کے باعث دو سو دس اموات ہوئیں ہیں اور حکومت قحط سالی روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

    درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی ایڈوکیٹ نے رپورٹ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ جوڈیشل رپورٹ کے مطابق چار سو چھبیس افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

    عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو چار دسمبر کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی کہ تھر میں قحط سالی روکنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔

  • مٹھی کے اسپتال میں ایک اوربچی دم توڑگئی، تعداد119 ہوگئی

    مٹھی کے اسپتال میں ایک اوربچی دم توڑگئی، تعداد119 ہوگئی

    مٹھی: مٹھی کے اسپتال میں قحط اورخشک سالی سے ایک اوربچی زندگی کی بازی ہار گئی ہے۔ تھرپارکر میں جاں بحق بچوں کی تعداد 119 ہو گئی ہے۔

    مٹھی چھاچھرو کے تعلقہ اسپتال میں زیرِعلاج اٹھارہ ماہ کی بچی ثمینہ دم توڑگئی ہے، جس کے بعد اب تک مرنے والے بچوں کی تعداد ایک سو انیس ہوگئی ہے۔ سول اسپتال مٹھی میں سینتالیس بچے زیرِعلاج ہیں جبکہ تین بچوں کی حالت تشویشناک ہونے پراُنہیں حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے۔

    تھرمیں قحط اورخشک سالی کے باعث روزانہ بچوں کی ہلاکت میں اضافہ ہورہا ہے۔

  • تھر متاثرین، پاک فوج نے 80ٹن امدادی سامان روانہ کردیا

    تھر متاثرین، پاک فوج نے 80ٹن امدادی سامان روانہ کردیا

    لاہور: پاک فوج نے تھر کے قحط سے متاثرہ افراد کے لئے بارہ ٹرکوں پر مشتمل اسی ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔ لاہور گیریژن کی جانب سے اب تک 148ٹن سامان بھیجا جا چکا ہے۔

    فورٹریس سٹیڈیم لاہور گیریژن سے بھیجے جانے والے ٹرکوں میں کھانے پینے کی اشیائ، ادویات اور دیگر گھریلو استعمال کا سامان موجود ہے۔ بریگیڈئر مظہر کیانی نے اس موقع پر کہا کہ گذشتہ ایک ماہ سے تھرپارکر کے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    سامان بھیجنے کی تقریب کے دوران امریکن بزنس فورم کی جانب سے پندرہ لاکھ روپے کا امدادی چیک بھی پاک فوج کے حوالے کیا گیا۔ لاہور گیریژن کے زیر اہتمام سات مقامات پر ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ جو فورٹریس سٹیڈیم، ایوب سٹیڈیم، قذافی سٹیڈیم، والٹن روڈ، ڈی ایچ اے اور شیخوپورہ میں قائم کئے گئے ہیں۔

  • لاہور: جناح اسپتال میں ینگ نرسز کی ہڑتال ختم

    لاہور: جناح اسپتال میں ینگ نرسز کی ہڑتال ختم

    لاہور: لاہور کے جناح اسپتال میں ینگ نرسز نے ڈاکٹر کی تحریری معذرت کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور نرسوں کی جانب سے صوبے بھر میں کام شروع کردیا گیا ہے۔

    جناح اسپتال لاہور کے آئی سی یو میں ڈاکٹر کی نرس کے ساتھ مبینہ بدتمیزی پر ینگ نرسز نے ہڑتال کا اعلان کرنے کے بعد کام کرنے سے انکا کر دیا تھا۔ جس کے بعد گذشتہ روز نرسز اور حکومتی اہلکاروں کے درمیان مزاکرات ہوئے تھے۔

    جنرل سیکرٹری ینگ نرسز سسٹر شہناز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کی جانب سے تحریری طور پر معذرت کر لی گئی ہے جس کے بعد وہ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتی ہیں۔ مذکورہ اعلان کے بعد ینگ نرسز نے اپنے شعبوں میں کام دوبارہ شروع کر دیا ہے جبکہ صوبے بھر میں احتجاج ختم کردیا گیا اور اسپتالوں میں کام شروع ہو گیا ہے۔

  • بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ،بچوں کی نرسری کے10 انکیوبیٹر خراب

    بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ،بچوں کی نرسری کے10 انکیوبیٹر خراب

    کوئٹہ: بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال کوئٹہ میں بچوں کی نرسری کے دس انکیوبیٹر خراب ہیں۔ انکیوبیٹر کی کمی کے باعث مریضوں کو نجی اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔

    محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق بی ایم سی اسپتال کے بچوں کی نرسری کے دس انکیوبیٹر عرصہ دراز سے خراب ہیں۔ نرسری میں صرف چار انکیوبیٹرز کام کررہے ہیں جو روزانہ بڑی تعداد میں نرسرسی آنے والے بچوں کے لئے نا کافی ہے۔

    ڈاکٹر کے مطابق اس وقت صوبے کے سب سے بڑے اسپتال بولان میڈیکل اسپتال کو کم از کم پچیس انکیوبیٹر کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے محکمہ صحت بلو چستان اوردیگر اداروں کو درخواست دے چکے ہیں تاہم اب تک انکیوبیٹرز فراہم نہیں کیے جا سکے ہیں۔

  • قرضہ معاف کرایا اور نہ ہی نادہندہ ہیں، چودھری پرویز الٰہی

    قرضہ معاف کرایا اور نہ ہی نادہندہ ہیں، چودھری پرویز الٰہی

    لاہور: مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ قرضہ معاف کرایا اور نہ ہی نادہندہ ہیں، چیئرمین نجکاری جھوٹے الزام لگا رہے ہیں۔

    چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ نواز اور شہبازشریف نیشنل اور پنجاب بینک سمیت مختلف بینکوں اور مالیاتی اداروں کے نو ارب روپے کے نادہندہ ہیں، جس پر پردہ ڈالنے کیلئے دوسروں پر جھوٹے الزام لگوا رہے ہیں۔

    چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر رواں سال تیرہ لاکھ انچاس ہزار روپے ٹیکس ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیرعمر ن لیگ کے سیاسی مخالفین کے خلاف الزام تراشی کر رہے ہیں اور ان کے جھوٹے الزامات کے جواب میں نواز، شہبازشریف کے بارے میں مستند حقائق سامنے آئیں گے۔

  • پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام بنانے کی کوشش، حکومت نے کمر کس لی

    پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام بنانے کی کوشش، حکومت نے کمر کس لی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام بنانے کیلئے حکومت نے کارکنوں کی پنجاب میں پکڑدھکڑ کی منصوبہ بندی کرلی ہے اور اسلام آباد کو کنٹینر سٹی بنانے کے بعد واٹرکینن بھی تیارکرلی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تیس نومبر کا بخار حکومت کے سر پر سوار ہوگیا ہے۔ ٹائیگرز کاراستہ روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے طرح طرح کی تدابیر کی جارہیں ہیں۔ شہر اقتدار کو کنٹینر سٹی بنا کر بھی اطمینان نہ ہوا تو حکومت نے پکڑدھکڑ کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔

    آئی جی پنجاب کے حکم پر پی ٹی آئی کے تمام اضلاع میں سرگرم کارکنوں اور مقامی قیادت کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں۔ ٹرانسپورٹرز پرگاڑیاں فراہم نہ کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

    نارووال پولیس نےکارکنوں کو چار کیٹیگریز میں تقسیم کرکے قیادت کی کیٹگری سے چار اور موبلائزر کی کیٹگری میں تین کارکن گرفتار کرلیے ہیں۔ تمام تر اقدامات کے باوجود پی ٹی آئی کے کارکن اسلام آباد پہنچے کو ہیں تیار اور جلسے کی بھی تیاریاں عروج پر ہیں۔

    وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈزون میں تعینات اہلکاروں سے اسلحہ تو واپس لیے لیا گیا ہے لیکن ہنگامہ آئی پر واٹرکینن، لاٹھی چارج اور شیلنگ کے ساتھ ربرکی گولیاں استعمال ہوسکتی ہیں۔ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ بھی ہائیکورٹ میں چیلنج کردیاہے۔ کون ہوگا کامیاب، تیس نومبرکو ہے حکومت اورپی ٹی آئی دونوں کا امتحان ہے۔