Author: Abdul Rasheed

  • پشاور: سکھوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے والے دو دہشت گردوں کے خاکے جاری

    پشاور: سکھوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے والے دو دہشت گردوں کے خاکے جاری

    پشاور: پشاور میں سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دو دہشت گردوں کے خاکے اےآر وائی نیوز نے حاصل کرلئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق دونوں دہشت گرد سکھ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہی ۔ ان کی فائرنگ سے تین سکھ مارے گئے تھے اور ایک سکھ زخمی ہوگیا تھا۔

    دہشت گردوں کے خاکے صوبے بھر کے ڈی پی اوز، آر پی اوز کو بھیج دیے گئے ہیں جبکہ ٹارگٹ کلرز کی نشاندہی کے لئے شہر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔

    دونوں ٹارگٹ کلرزقتل اور دہشت گردی کے مقدمات میں ہشت نگری، حیات آباد، اور صدر کےتھانوں کو مطلوب ہیں۔

  • سینٹ کی قائمہ کمیٹی نے رادھا کشن واقعے کو پولیس کی غفلت قرار دیدیا

    سینٹ کی قائمہ کمیٹی نے رادھا کشن واقعے کو پولیس کی غفلت قرار دیدیا

    اسلام آباد: سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے کوٹ رادھا کش واقعہ کو پولیس کی غفلت قرار دیتے ہوئے بشمول مولوی واقعہ کے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی سفارش کردی ہے۔

    قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کااجلاس حافظ حمد اللہ کی صدارت میں آج اسلام آباد میں ہوا ہے ۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے حکام کی جانب سے بریفنگ میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ سجاد مسیح کا والد نادر مسیح روحانی پیشوا تھا اور اس کے پاس قرآن پاک کا نسخہ تھا جسے اس کے انتقال کے بعد اس کی بہو شمع نے جلا کر کوڑ ے دان میں ڈال دیا تھا۔

    مسجد میں اعلان کے بعد قریبی چار دیہات میں اشتعال پھیل گیا اور مشتعل ہجوم نے بھٹہ پر پہنچ کر مسیحی جوڑے کو تشدد کے بعد بھٹہ میں ڈال دیا تھا۔ کمیٹی کاکہناتھاکہ اس واقعہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے سپریم کورٹ ملزمان کو سزا دے کر مثال قائم کرے۔

    حافظ حمد اللہ کاکہنا تھا کہ واقعہ غیر اسلامی اور غیر انسانی ہے سزا دینا ہجوم کا کام نہیں عدالت کا کام ہے۔ قبل ازیں کمیٹی کو حج آپریشن 2014 سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ۔
    دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ کوٹ رادھا کشن کے 16 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ آج صبح پولیس کی جانب سے سانحہ کوٹ رادھا کشن کے 16 ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ پولیس نے استدعا کی کہ ملزمان سے تفتیش باقی ہے، جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

     

    ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو صرف شک کی بنا پر گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس واقعہ میں ملوث ہونے کے کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی۔ عدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت اس سے پہلے 4 مرکزی ملزمان سمیت 43 افراد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا چکی ہے۔

  • وعدہ پورے کرنے آیا ہوں ورنہ دل کی تکلیف کے باعث چل بھی نہیں سکتا، طاہرالقادری

    وعدہ پورے کرنے آیا ہوں ورنہ دل کی تکلیف کے باعث چل بھی نہیں سکتا، طاہرالقادری

    بھکر: ڈاکٹر طاہرالقادری کہتے ہیں کہ دل کی تکلیف کے باعث چلا بھی نہیں جا رہا بھکر صرف وعدہ پورا کرنے کیلئے شہدا کے گھر آیا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی طبیعت ناساز ہوگئی ہے۔ اپنے جوش خطابت سے ہزاروں کے مجمے میں جان ڈالنے والے ڈاکٹر طاہرالقادری دل کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ بھکر میں جامعِ مسجد نورسلطان القادری کے افتتاح کے موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری بہت بیمار دکھائی دے رہے تھے۔

    اس موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دل کی تکلیف ہے جس کے باعث چل بھی نہیں پا رہا ہوں۔انھوں نے بتایا کہ انھیں دل کی تکلیف انیس سو بیاسی سے ہے اور ڈاکٹرز نے دل کے عارضے کی ادویات تبدیل کی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ صحت زیادہ اچھی نہیں ہے، اللہ کرم کرے گا۔
    بھکر میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ موجود اُن کے ڈاکٹر زبیر اے خان نے اے آروائی نیوز سے خصوصی بات کرتےہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی طبیعت ناساز ہے اور وہ دل کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ انھیں آرام کی سخت ضرورت ہے۔

    بعد ازاں عوامی تحریک کےسربراہ علامہ طاہرالقادری نے آج بھکر میں مصروف ترین دن گزارا ہے انھوں نے سینےمیں شدید تکلیف کےباوجود جامعہ مسجد نورسلطان القادری کاافتتاح کیا اور وعدے کے مطابق شہداء کےلواحقین سے تعزیت کےلئے ان کے گھر پہنچےاور ان کی دلجوئی کی۔ طاہر القادری چار جوڑوں کی اجتماعی شادی میں شریک ہوئے جبکہ علاقہ معززین کی جانب سےان کی اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔

  • لاہور: جناح اسپتال میں ڈاکٹر کی نرس سے بدسلوکی  کیخلاف نرسیں صوبے بھر میں سراپا احتجاج

    لاہور: جناح اسپتال میں ڈاکٹر کی نرس سے بدسلوکی کیخلاف نرسیں صوبے بھر میں سراپا احتجاج

    لاہور: لاہور کے جناح اسپتال میں ڈاکٹرکی نرس سے بدتمیزی کےواقعہ پرنرسوں نے اپنے احتجاج کادائرہ وسیع کردیا ہے اور پنجاب کے تمام اسپتالوں کے ان ڈور اور آؤٹ ڈورز میں آج سے کام بند کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے جناح اسپتال میں ڈاکٹرکی نرس سے بتمیزی کیخلاف نرسیں کئی روز سے سراپا احتجاج ہیں۔ جناح اسپتال میں نرسوں نے ان ڈور اور آؤٹ دورکام بند کررکھا ہے اور آج احتجاجی نرسوں نے احتجاج کا دائرہ وسیع کر کے صوبے بھر تک وسیع کردیا ہے۔ جس کے بعد پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں نرسوں کی جانب سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور کام بند کردیا گیا ہے۔ صرف ایمرجنسی اور آئی سی یو میں نرسیں موجود ہیں۔

    مذکورہ واقع کے حوالے سے نرسوں کا کہنا تھا کہ جس ڈاکٹر نے بد تمیزی کی ہے اس کو معطل کیا جائے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے کوششیں کی جائیں۔

    صوبے بھر میں نرسوں کی احتجاج کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    دوسری جانب رحیم یار خان میں بھی نرسوں نےشیخ زید اسپتال کے شعبہ آوٹ ڈور کےسامنےاحتجاج کیا ہے۔ نرسوں نے ہاتھوں میں پلےکارڈز اٹھارکھےتھے جس پر بدتمیزی کرنے والے ڈاکٹرکوسزا دینے کے مطالبات درج تھے۔ ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری ثمینہ خوشی نے مطالبہ کیا کہ لاہور میں نرس کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے ڈاکٹر کو جب تک سزا نہیں دی جاتی اُس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔

  • تھر: مزید 3زندگیاں ابدی نیند سوگئیں، جاں بھق بچوں کی تعداد 117ہو گئی

    تھر: مزید 3زندگیاں ابدی نیند سوگئیں، جاں بھق بچوں کی تعداد 117ہو گئی

    تھرپارکر: تھر میں بھوک نےمزید3زندگیوں سےموت کاپیٹ بھردیا ہے اور غذائی قلت سےجاں بحق بچوں کی تعداد117ہوگئی ہے۔ طبی سہولیات کےفقدان نے ایک خاتون کی جان بھی لے لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھر میں موت کے سائے چھائے ہوئے ہیں۔ تھر میں موت غذائی قلت کا بھیس بدل کر معصوم زندگیوں کو نگلنے کا کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مٹھی کے سول استپال میں غذائی قلت کے باعث پندرہ دن کا ایک اور معصوم بچہ دم توڑ گیا ہے۔

    چھاچھرو کے گاؤں میں بھی اٹھارہ ماہ کا بچہ زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔ تھری باسیوں کو پانی اور غذائی کمی کے عفریت کا سامنا ہے جس کے باعث ماوں کی کمزور جسمانی حالت کے باعث شیر خْوار بچے ماں کے دودھ سے محروم ہیں۔

    تھر میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں کے دعووں کے باوجو د برسر زمین حقائق اس کے برعکس نظر آتے ہیں۔ جس کا نتیجہ بچوں کی اموات اور تھر سے نقل مکانی کی صورت میں نکل رہا ہے۔

    دولاکھ مربع کلومیٹر تک پھیلا ہوا صحرائے تھر، پاکستان کا سب سے بڑا اور دنیا کا ساتواں بڑا صحرا ہے جہاں ہمیشہ سے بھوک اور قحط کا ڈیرا ہے۔ روایتی لبادے میں لپٹے صحرائی واسیوں کی پیاسی نظریں، پانی کی تلاش میں آسمان سے ہوتی ہوئی پاتال میں گڑ جاتی ہیں۔

    بھوک سے بلکتے بچوں کی خاطر نقل مکانی یہاں کے لوگوں کا مستقل عمل بن چکی ہے۔ دوردراز علاقوں میں بچوں کو موت سے بچانے کے لئے تھر کے لوگ کر تے رہتے ہیں اپنی سے کو ششیں، مگر قریب میں کوئی اسپتال کوئی ایمرجنسی یونٹ موجود ہی نہیں ہے۔

    شہروں سے قریب علاقوں کو تو امداد بھی مل جاتی ہے مگر دوردراز گائوں میں قحط سے مرتے لوگوں کی آواز اقتدار کے ایوانوں تک نہیں پہنچ پاتی ہے۔

  • وفاقی اداروں میں سندھ ملازمین کے کوٹے کا خیال رکھا جائے، قائم علی شاہ کا وزیراعظم کو خط

    وفاقی اداروں میں سندھ ملازمین کے کوٹے کا خیال رکھا جائے، قائم علی شاہ کا وزیراعظم کو خط

      کراچی: وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ نے وزیراعظم کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اداروں میں ملازمین کےکوٹے پرعمل کیاجائے اور وفاق میں ہماری نمایندگی نا ہو نے کے برابر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کو وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے خط ارسال کیا ہے۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اداروں میں سندھ کے کوٹے پرعملد رآمد نہیں کیاجارہا۔ خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ وفاقی اداروں میں ملازمین کے کوٹے پرعمل درآمد کیا جائے کیونکہ وفاق میں سندھ کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم کو خط لکھا ہے جس میں بیوروکریسی اور آئین کے مطابق کوٹے پر عملدرآمد نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی بیوروکریسی میں صوبہ سندھ کا کوٹہ آئین کے مطابق پر کرنے اور سندھ کو اس کی آبادی کے حساب سے جائز حق دینے کی سفارش کی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کاکہنا ہے کہ وفاقی بیوروکریسی حکومتی پالیسز مرتب کرنے اور اس پر عمل کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے اور آئین اس معاملے میں صوبوں کو آبادی کی بنیاد پر کوٹہ دیتا ہے لیکن اس پر بدقسمتی سے عمل نہیں ہورہا ہے اور وفاق میں سندھ کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے خط میں اس بات پر بھی تشویش کی ہے کہ افسران کے پروموشن اس بنیاد پرنہ روکے جائیں کہ انہوں نے پی پی کے دور میں اہم اسامیوں پر کام کیا ہے۔ اہل لوگوں کو ان کاحق ملنا چاہیے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ کو فیڈرل سیکریٹری اور چیف سیکریٹری کی اسامیوں پر بھی جائز حق دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کوٹے پر عمل نہیں کیا گیا تو یہ عمل محرومیوں کو جنم دے گا۔

  • وزیر اعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

    وزیر اعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیراعظمِ پاکستان نوازشریف سے آج ڈی جی آئی ایس آئی نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران آپریشن ضرب عضب سمیت ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے وزیر اعظم کو سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی ہے۔

  • پاک فوج کا تھرپارکر متاثرین کیلئے لاہور میں ریلیف کیمپ قائم

    پاک فوج کا تھرپارکر متاثرین کیلئے لاہور میں ریلیف کیمپ قائم

    لاہور: پاک فوج کی جانب سے تھرپارکر میں متاثرینِ خشک سالی کی امداد کیلیے لاہور میں سات ریلیف کیمپ قائم کردئیے ہے۔ کیمپوں میں امدادی سامان، ادویات اور نقد عطیات اکھٹا کئے جارہے ہیں۔

    تھر میں غذائی قلت کی وجہ سے معصوم بچوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تھر کے باسیوں کیلئے مختلف سیاسی جماعتیں اور فلاحی اداروں سمیت پاک فوج  کی جانب سے امدادی سامان بھیجا جارہا ہے۔

    پاک فوج نے لاہور میں تھر کے متاثرین کی امداد کیلئے سات ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں۔ کیمپوں میں امدادی سامان، ادویات اور نقد عطیات اکھٹا کے جارہے ہیں۔ ریلیف کیمپ فورٹرس اسٹیڈیم، ایوب اسٹیڈیم، قذافی اسٹیڈیم، والٹن روڈ، مسجد چوک ڈی ایچ اے، وطین چوک ڈی ایچ اے اور شیخوپورہ روڈ پر قائم کیے گئے ہیں۔

    متاثرین تھر کیلئے نقد عطیات عسکری بینک طفیل روڈ لاہور کینٹ برانچ اور آرمی ریلیف اکاؤنٹ جی ایچ کیو میں جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

  • سپریم کورٹ: چیف الیکشن کمیشن کی تقرری، حکومت کو مزید وقت دینے سے انکار

    سپریم کورٹ: چیف الیکشن کمیشن کی تقرری، حکومت کو مزید وقت دینے سے انکار

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے حکومت کو مزید مہلت دینے سے انکارکردیا ہے۔

    سپریم کورٹ کی تیسری ڈیڈ لائن ختم ہونے پر بھی چیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہ ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر تقرر کے حوالے سے سپریم کورٹ نے حکومت کو مزید مہلت دینے سے انکار کردیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر تقرری کیس کی سماعت یکم دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ یکم دسمبر تک اگر چیف الیکشن کمشنر تقرری نہیں ہوئی تو وزیراعظم اور اپوزیشن کو نوٹسز جاری کرسکتے ہیں، اس حوالے سے مذید مہلت نہیں دی جائے گی۔

    اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ وزیراعظم اور قائدحزب اختلاف ایک ہی نام پرمتفق تھے، لیکن ایک سیاسی جماعت نے عوامی جلسے میں نام پراعتراض اٹھایا تھا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ نام پراعتراض اٹھانے کے بعدمتعلقہ شخصیت نے چیف الیکشن کمشنربننےسےمعذرت کرلی ہے۔ اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ چندروزکی مہلت دی جائے معاملہ حل کرلیاجائےگا۔

  • صادق آباد: سپریم کورٹ احکامات، 320لیڈی ہیلتھ ورکرز میں تقرری اسناد تقسیم

    صادق آباد: سپریم کورٹ احکامات، 320لیڈی ہیلتھ ورکرز میں تقرری اسناد تقسیم

    صادق آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر صادق آباد کی 320لیڈی ہیلتھ ورکرز میں تقرری کی اسناد کی تقسیم کر دی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد صادق آباد میں تحصیل بھر کی 29یونین کونسلوں کی خواتین لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تحصیل کونسل صادق آباد میں مستقل تقرری کے احکامات کی اسناد تقسیم کی گئیں ہیں۔

    اسناد کی تقسیم کے موقع پر ن لیگی رہنماؤں چوہدری قیوم، اظہر شفیق، عبدالصبور چوہدری سمیت میڈیکل افسران بھی موجود تھے۔ مستقل تقرری کے احکامات ملنے پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خوشی قابل دید تھی۔

    لیڈی ہیلتھ ورکرز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکاما ت کے بعد ہماری پندرہ سالہ جدوجہد آج رنگ لے آئی ہے ہم پہلے سے بڑھ کر اپنے فرائض منصبی تن دہی سے انجام دینگی۔