Author: Abdul Rasheed

  • سرگودھا کے ہسپتال میں آٹھ بچوں کی ہلاکت پر انکوائری ٹیم تشکیل

    سرگودھا کے ہسپتال میں آٹھ بچوں کی ہلاکت پر انکوائری ٹیم تشکیل

    سرگودھا: سرگودھا کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں آٹھ بچوں کی ہلاکت کے حوالے ایم ایس نے انکوائری ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ہلاک ہو نے والے بچوں کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ عملے کی غفلت اور ڈاکٹرز کی عدم موجودگی نے بچوں کی جان لے لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال کے بچہ وارڈ میں ڈاکٹرزکی عدم دستیابی اور عملے کی غفلت کے باعث پانچ سے زائد بچے دم توڑگئے ہیں۔

    والدین اور لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ بچوں کی موت کا ذمہ دارہسپتال کا عملہ ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ وارڈ میں موجود عملہ تعاون کے بجائے بدتمیزی کرتا ہے۔

    ادھر عملے نے ہلاکتوں کی تصدیق کرنے اوراپنا موقف دینے سے انکار کردیا ہے جبکہ سرگودھا کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں پانچ بچوں کی ہلاکت کے حوالے ایم ایس نے انکوائری ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

  • محکمہ تعلیم سندھ کا گوسٹ اساتذہ کیخلاف کاروائی کا آغاز

    محکمہ تعلیم سندھ کا گوسٹ اساتذہ کیخلاف کاروائی کا آغاز

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے صو بے بھر میں گھوسٹ اساتذہ کے خلاف کارروائی کرتے ہو ئے پہلے مرحلے میں وزیر اعلی سندھ کے حلقہ انتخاب خیر پور کے77اساتذہ کو معطل کردیا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں کئی ہزار گھوسٹ اساتذہ کو معطل کیا جائے گا۔

    حکمرانوں کے تعلیم کے بارے میں غیر سنجیدہ رویئے کا اندازہ اس با ت سے لگا یا جا سکتا ہے ملک بھر میں ایسے اساتذہ موجود ہیں جو تنخواہ تو لیتے ہیں لیکن اسکو ل نہیں جا تے ہیں۔ محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے وزیراعلی قائم علی شاہ کے آبائی حلقے میں ستتر ایسے اساتذہ کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جو گھو سٹ ہیں۔ اسی طرح کی مہم ماضی میں ملک کے تمام صوبوں میں چلتی رہی ہیں لیکن سیاست اور طاقت کے ہتھیا روں سے لیس گھوسٹ اساتذہ کیخلاف کارروائی کے بجا ئے انہیں ترقیوں سے نوازا جاتا رہا ہے۔

    اب دیکھنا یہ ہے صو بہ سندھ میں چلنے والی حالیہ کارروائی کا کو ئی نتیجہ برآمد ہو تا ہے یا یہ مہم بھی محکمہ پولیس کی ہتھیاروں کی برآمد گی مہم کی مانند اپنی موت آپ مرجاتی ہے۔

  • تھر پارکر: صوبائی حکومت کی مجرمانہ غفلت یا کچھ اور،بچوں کی اموات 95 ہوگئیں

    تھر پارکر: صوبائی حکومت کی مجرمانہ غفلت یا کچھ اور،بچوں کی اموات 95 ہوگئیں

    تھرپارکر: تھر پارکر میں نو مو لود بچوں کی اموات کا سلسلہ تھمنے کا نا م ہی نہیں لے رہا ہے، ضلع میں مزید دس بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہے اور تھر پارکر میں اموات کی تعداد پچانوے ہوگئی ہے۔

    ایک جانب حکومتی دعوے ہیں اور دوسری جانب تھر میں موت کا رقصاں جاری ہے۔ صوبہ سندھ  کا ضلع تھرپار کر جہاں ننھے معصوم بچوں کے مرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    صوبائی حکومت کی جا نب سے سہولیات کی فراہمی کے بلند و با نگ دعوےکئے جارہیں ہیں اور وزرا کے دوروں اور فوٹو سیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے لیکن عملا ً پے درپے بچوں کی اموات کی سدباب کیلئے عملی طور پر کچھ نہیں کیا جارہا ہے۔

    سسکتے بلکتے بچے کبھی دوا اور کبھی غذا کی کمی کے سبب موت کا شکار ہورہے ہیں اور کسی حکومتی عہدیدار پر کوئی اثر نہیں ہورہا ہے۔ مٹھی کے سول اسپتال میں بچے مسلسل موت کے منہ میں جارہے ہیں۔ گزشتہ تین دنوں میں مرنے والے بچوں کی تعداد اٹھا ئیس ہے اور ڈیڑھ ماہ کے دوران مرنے والے بچوں کی تعداد ترانوے ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب وزیر اعلی قائم علی شاہ کارکردگی کے دعوے کرتے ہوئے نہیں تھکتے اور تھر میں بڑھتی ہوئی اموات بھی حکومت کو نیند سے نہ جگا سکیں۔ تھر میں بڑھتی ہو ئی اموات پر حکومتی کارکردگی ابھی تک سوالیہ نشان ہے۔

    وزیر اعلی سند ھ نے لاہور میں گفتگو کر تے ہو ئے فرمایا کہ تھر میں غربت آج سے نہیں بہت پہلے سے ہے اور حکومت وہاں فری گندم فراہم کر رہی ہے۔ قائم علی شاہ دوسری جانب سندھ اسمبلی میں تھر کے مسئلے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان لفظی جنگ بھی جاری ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما محمد حسین نے کہا ایک دن میں دس بچوں کی اموات افسوسناک ہے۔ جس پر ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کا کہنا تھا کہ تھرکے معاملے پر سندھ اسمبلی میں کمیٹی بن چکی ہے۔

    ان باتوں سے قطع نظر اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ تھر کے باسی بھو ک، پیاس، غربت، اموات، بیماری، دواؤں کی کمی اور ڈاکٹرز کی کمی جیسے مسائل سے پہلے بھی دو چار تھے اور آج بھی ہیں۔

  • کمالیہ: گھرمیں گھس کراندھادھند فائرنگ،4 افراد ہلاک

    کمالیہ: گھرمیں گھس کراندھادھند فائرنگ،4 افراد ہلاک

    کمالیہ: کمالیہ میں بیوی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ملزم نے چار افراد کو گولیوں سے بھون دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمالیہ کے نواحی گائوں میں چھ ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والی تئیس سالہ گوشیہ رانی کو اسکے چچا نے غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔ کچھ روز قبل بھتیجی کا قاتل چچا نواز مدعی کے ساتھ صلح کے بعد جیل سے رہا ہوگیا تھا۔

    نواز گھر والوں کے ساتھ سو رہا تھا کہ ملزم عبدالغفار ساتھیوں کے ساتھ اندر گھس گیا اوراندھا دھند فائرنگ کردی جس سے محمد انور ،محمد نواز ،سعیداں بی بی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ شمیشم بی بی ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئی۔ ایک بچے دو خواتین نے گھر میں چھپ کر اپنی جان بچائی ۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے واقعے کے فوری بعد کاروائی شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لئے چھاپوں کا سلسہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

  • منی لانڈرنگ پیسہ ملک سے باہر لیجانے کا سادہ عمل ہے، اسحاق ڈار

    منی لانڈرنگ پیسہ ملک سے باہر لیجانے کا سادہ عمل ہے، اسحاق ڈار

    اسلام آباد: وزیرخزانہ اسحاق ڈارنےمنی لانڈرنگ کو پیسہ باہرلیجانےکاسادہ عمل قرار دے دیا ہے جبکہ بین الاقوامی اصطلاح میں منی لانڈرنگ غیرقانونی دولت کی نقل وحمل کانام ہے۔

    منی لانڈرنگ کیا ہے، اس بارے میں دنیا بھر میں رائج اصطلاح کامطلب ہے پیسے کی غرقانونی نقل وحمل تاہم لغوی مطلب بھی دیکھ لیا جائے تو منی کا مطلب پیسہ، لانڈرنگ کا سنتہائی سادہ سا مطلب دھونا یعنی پیسہ دھونا ہے۔ لفظوں کے کھلاڑی کہتے ہیں کہ دھویا ایسی چیز کو جاتا ہے جومیلی ہو یعنی میلی دولت کو دھونا منی لانڈرنگ کہلاتا ہے۔

    دوسری جانب وزیرخزانہ اسحاق ڈار انتہائی سادگی سے اسے محض ملک سے پیسہ باہر لیجانے کا عمل قرار دیتے ہیں۔  پاکستان کے وزیرخزانہ ہوں یا حکومت کے بگ برادرز سب پرمنی لانڈرنگ کے الزام لگتے رہے ہیں۔

    سابقہ دور میں توایٹمی دھماکوں سے پہلے ہی لاکھوں ڈالرزکی بیرون ملک منتقلی بھی موجودہ حکمران خاندان کےکھاتے میں شامل ہے اور اسی لیے منی لانڈرنگ کی اصطلاح ان کی چڑ بنتی جارہی ہے۔ اسلئے اسحاق ڈار بھی اس حوالےسے ایک سوال پر مشکل میں نظرآئے۔ اسحاق ڈار وزیرخزانہ منی لانڈرنگ کی مجرمانہ اصطلاح کوجانےکیوں ہلکا کردکھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس کاجواب توماہرین معاشیات دے سکتے ہیں یا پھر اپوزیشن۔

  • کراچی: ائیر پورٹ حملہ کیس کا ملزم کو پولیس رپورٹ پر بری

    کراچی: ائیر پورٹ حملہ کیس کا ملزم کو پولیس رپورٹ پر بری

    کراچی: کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس کے ملزم ماسٹر عیسی کو پولیس رپورٹ پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بری کردیا ہے۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی ہے۔ حملے میں دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے چار ملزمان عدالت میں پیش کئے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ ماسٹر عیسیٰ کے خلاف ثبوت نہیں ملے ہے، جس پر عدالت نے انھیں بری کرنے کا حکم دیدیا اور دیگرملزمان ثرمد صدیقی، ندیم برگر اورآصف ظہیر کے ریمانڈمیں دو دن کی توسیع کردی۔

    دوسری جانب ائیر پورٹ حملے میں دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے ملزمان کی تصاویر اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیں۔ ملزمان ندیم برگر اور سرمد صدیقی پہلے بھی سنگین مقدمات میں جیل جاچکے ہیں۔ ان ملزمان کو عینی شاہدین نے بھی شناخت کرلیا ہے۔

  • پاکستان پہنچ رہا ہوں، ہمت ہےتوگرفتارکرلو،طاہرالقادری

    پاکستان پہنچ رہا ہوں، ہمت ہےتوگرفتارکرلو،طاہرالقادری

    لندن: پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ڈاکٹرطاہرالقادری نے حکومت کو چیلنج دیا ہے کہ وہ بیس نومبر کو پاکستان پہنچیں گے  اور حکومت میں ہمت ہے تو انہیں گرفتار کرلیں۔

    لندن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ماڈل ٹاؤن سانحےمیں ملوث پولیس افسران کو سازش کے تحت ملک سے باہر تعینات کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف گواہ نہ بن سکیں۔

    عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر میں نام ہونے پر وزیراعلی کو استعفی دینا چاہیئے تاہم کئی ماہ گزر جانے کے بعد بھی وہ مستعفی نہیں ہو ئے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے اس واقعے میں ملوث قاتلوں کو سزا دلوانے کی درخواست بھی کردی ہے۔

  • لاڑکانہ میں تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں جاری

    لاڑکانہ میں تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں جاری

    لاڑکانہ: پی ٹی آئی کا بڑھتا ہوا سونامی حکومت کیلئے روکنا مشکل ہوتا جارہا ہے اور حکومتی مشینری سرتوڑ کوشش کے بعد بھی عمران خان کی پاکستان میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کو روک نہیں پا رہی ہے۔

    پی ٹی آئی نے پنجاب میں مسلم لیگ نواز کو مشکل وقت دینے کے بعد پیپلز پارٹی کا سندھ بھر میں مقابلہ کر نے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کیلئے عمران خان نے پیپلز پارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں جلسہ کر نے کا عندیہ دے دیا ہے اور اس حوالے سے لاڑکانہ میں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں کی جارہیں ہیں۔

    عمران خان کے اعلان کے بعد لاڑکانہ میں تحریک انصاف کے جلسے کیلئے پنڈال کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکن اکیس نومبر کے جلسے کی تیاریوں کیلئےشب وروز مصروف ہیں۔

    بارہ ایکڑ پرمحیط جلسہ گاہ کوہموار کرنے کے بعدکرسیاں پہنچا دی گئی ہیں۔ اسٹیج کی تیاری کاعمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے جلسہ گاہ کادورہ کیا اور جلسے کی تیاریوں کاجائزہ لیا۔

  • کانگو میں پولیس نے مبینہ آپریشن میں 51 افراد مار دیئے، ہیومن رائٹس واچ

    کانگو میں پولیس نے مبینہ آپریشن میں 51 افراد مار دیئے، ہیومن رائٹس واچ

    کنشاسا: ہیومن رائٹس واچ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جمہوریہ کانگو نے پولیس کے ذریعے سے اپنے مخالفین کو قتل کرنا شروع کردیا ہے اور حالیہ واقعے میں 51افراد کو قتل کردیا گیا ہے اور33افراد لاپتہ ہیں۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کانگو کی حکومت کی جانب سے گزشتہ نومبر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈان شروع کیا تھا تاہم جرائم پیشہ افراد کی آڑ میں آپریشن کے ذریعے حکومت اپنے مخالفین کو قتل کررہی ہے۔

    رپورٹ میں بتائےگئے واقعے کے حوالے سے کانگو کی حکومت نے ناتو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید جبکہ حکومتہ عہدیداروں نے کسی قسم کا تبصرہ کر نے سے بھی گریز کیا ہے، تاہم حکومت کے نمائندوں نے مذکورہ رپورٹ کو مسترد کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ اس طرح کی رپورٹس کا مقصد کانگو حکومت کو غیر مستحکم کرنا ہے۔

    ہیومن رائٹس واچ نے رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے مقامی آبادی میں خوف و حراس پیدا کرنے کیلئے خاندان کے اراکین کے سامنے اور بازاروں میں نہتے نوجوان مردوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے واقع کی شدید الفاظ میں مزمت کی گئی ہے اور کانگو کی حکومت کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ملک میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔

  • کابل میں طالبان کا حملہ، دو افغان اہلکار ہلاک

    کابل میں طالبان کا حملہ، دو افغان اہلکار ہلاک

    کابل: افغانستان میں طالبان کی جانب سے کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور طالبان نے حالیہ حملے میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں غیر ملکی افواج کے اڈے کو نشانہ بنایا جس میں دو افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق منگل کی صبح کیے گئے حملے کی ذمے داری افغان طالبان نے قبول کر لی ہے۔ جیسے جیسے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا وقت قریب آتا جا رہا ہے غیر ملکی افواج اور افغان حکومت پر حملوں میں تیزی آتی جا رہی ہے۔

    کابل پولیس کے سربراہ جنرل محمد ظاہر کے مطابق منگل کو مشرقی کابل کے ضلع پل چرخی میں غیر ملکی افواج کے اڈے کو نشانہ بنایا جس میں دو افغان سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہو گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہے تاہم ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا خیز مواد فوجی اڈے پر مٹی لے کر آنے والے ٹرک میں چھپایا گیا تھا۔

    طالبان ترجمان زبیح اللہ مجاہد نے ای میل میں بھیجے گئے بیان میں کہا کہ ٹرک بم کا مقصد غیر ملکی افواج کے انٹیلی جنس سینٹر کو نشانہ بنانا تھا۔