Author: رضیہ دیسائی

  • دبئی پولیس کا ’بچھو‘ آپریشن، 23 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

    دبئی پولیس کا ’بچھو‘ آپریشن، 23 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پولیس نے500 کلو گرام کوکین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس نے اتوار کے روز خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے  500 کلوگرام کوکین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ منشیات کی مالیت پچاس کروڑ اماراتی درہم (23 ارب روپے) سے زیادہ ہے۔ پولیس فورس نے اس کارروائی کو خطے میں منشیات کے خلاف سب سے بڑی کارروائی قرار دیا۔ پولیس حکام کے مطابق منشیات فروشی میں ملوث عالمی گروہ کے کارندے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ منشیات کی بھاری مقدار مال بردار کنٹینر کے پینل میں چھپا کر لائی گئی تھی، دبئی بندر گاہ آمد کے حوالے سے پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی، جس پر پولیس نے اپنی ٹیموں کو خصوصی ٹاسک دیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ منشیات والے کنٹینر کو امارات کے ایک گودام میں پہنچا دیا گیا تھا، بعد ازاں ملزم کو گرائینڈر سمیت بجلی کے اوزار خریدتے دیکھا گیا، جب اس کا پیچھا کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اُس نے اوزاروں سے کنٹینر کو کھولنے کا پلان بنایا تھا۔ پولیس نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کی کارروائی کو ’آپریشن بچھو‘ کا نام دیا۔

    انسداد منشیات (اینٹی نارکوٹکس فورس) کے جنرل ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرنل خالد بن معیز نے کہا ہے کہ پولیس نے گودام پرچھاپہ مارا اوراس مشتبہ شخص کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر منشیات قبضے میں لے لی ہے۔ دبئی پولیس نے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی البتہ اُس کا تعلق مشرقِ وسطیٰ سے بتایا ہے۔

  • پاکستانیوں نے اخلاقیات کے معاملے میں ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کیا، عارف علوی

    پاکستانیوں نے اخلاقیات کے معاملے میں ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کیا، عارف علوی

    دبئی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے چالیس سال افغان مہاجرین کی میزبانی کی، کسی پاکستانی لیڈر نے افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کی بات نہیں کی۔ پاکستانیوں نے اخلاقیات کے معاملے میں ملک کا نام دنیا بھرمیں روشن کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدرڈاکٹرعارف علوی نے دبئی میں منعقد ہونے والی روشن اپناگھراسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے ایکسپو 2020 کے آغاز کو کامیاب قرار دیا اور پاکستانی پویلین کی تعریف کی۔

    صدر مملکت نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملک کی ترقی میں  اہم کردار ہے، پاکستان نے 70، 80کی دہائی میں اچھے ڈاکٹرز اور انجینئرز پیداکیے، بعد میں وہ ڈاکٹرز اور انجینئرز بیرون ملک  چلےگئے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے40سال افغان مہاجرین کو پناہ دی اور اُن کی میزبانی کی، کسی  پاکستانی لیڈرنے نہیں کہا کہ افغان مہاجرین کو واپس بھیجاجائے، پاکستانیوں نے اخلاقیات میں دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف جنگ میں80 ہزار جانوں کی قربانی دی اور اربوں ڈالرز کا نقصان برداشت کی۔

    صدر عارف علوی نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران پاکستانیوں نے ذمہ داری کا ثبوت دیا، وزیراعظم عمران خان دنیا کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے مکمل  لاک ڈاؤن کی مخالفت کی، پاکستان نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی اور کامیابی کے ساتھ کرونا پر قابو پایا‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’دنیامیں انفارمیشن ٹیکنالوجی فروغ پارہی ہے، پاکستان میں بھی آئی ٹی  کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں‘۔

  • دبئی ایکسپو 2020: بلوچی دھن پر غیر ملکی بھی جھومنے لگے

    دبئی ایکسپو 2020: بلوچی دھن پر غیر ملکی بھی جھومنے لگے

    دبئی میں منعقد ہونے والی سب سے بڑی نمائش میں پاکستانی مصنوعات ، ثقافت اور موسیقی نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی۔

    دبئی میں رنگا رنگ ایکسپو 2020 کا آغاز چار روز پہلے ہوا، جو آئندہ چھ ماہ یعنی مارچ 2022 تک جاری رہے گی۔ اس نمائش میں پاکستانی پویلین بھی بنایا گیا ہے جہاں  پاکستانی ثقافت کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جارہا ہے،

    دبئی ایکسپو میں بلوچی ثقافت مقبول ہورہی ہے جبکہ منتظمین کی جانب سے پاکستانی الیکٹرک کارز، بلوچی کلچر اور ماحولیات پر سیمینار کرائے گئے، علاوہ ازیں  پاکستانی بچوں کی مصوری کی نمائش بھی کی گئی، جس نے لوگوں کی توجہ حاصل کی۔

    پاکستانی پویلین ہر کسی کی توجہ کا مرکز ہے، جہاں آنے والے ثقافت اورجدت کےحسین امتزاج  اور بالخصوص بلوچ گانوں کی دھن سُن کر جھوم اٹھتے ہیں۔  بلوچستان کی ثقافتی موسیقی اور رقص دیکھ کر غیر ملکی بھی خوشی سے جھومنے پر مجبور ہورہے ہیں۔

    بلوچستان فاریکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سےسینیمار میں پاکستان میں سیاحت کو بڑھانےکےلئے بلوچستان کی خوبصورتی اجاگر کی گئی۔

    دبئی ایکسپومیں انوسٹمنٹ بورڈپاکستان، آٹوموبائل انڈسٹری کابھی سینیمار ہوا، جس میں پاکستان کی ماحول دوست الیکٹرک کاروں کو پذیرائی حاصل ہوئی۔

    دبئی میں رہنےوالے پاکستانی بچوں نےفن کا مظاہرہ کیا،خوبصورت پینٹنگزسے دبئی ایکسپو کی رونق میں اضافہ ہوا۔بچوں نے رنگوں سےکھیل کرماحولیاتی آلودگی کےخلاف آگاہی دی۔

  • متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات میں‌ ہر روز بہتری آرہی ہے، شاہ محمود قریشی

    متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات میں‌ ہر روز بہتری آرہی ہے، شاہ محمود قریشی

    دبئی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارتی تعلقات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری آرہی ہے، پاکستانی معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لارہا ہے۔

    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کے اعزاز میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ مہمان کی آمد پر کونسل کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے وزیرخارجہ کا پرتپاک استقبال کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان معاشی سفارت کاری کو بروئےکار لا رہا ہے، جس کے تحت دنیا کی توجہ پاکستان میں کثیرکاروباری مواقعوں پر مبذول کرائی جارہی ہے، وبائی صورتحال کے باوجود معاشی سفارت کاری کے مثبت نتائج مل رہے ہیں، یواےای کے ساتھ کثیرالجہتی، تجارتی تعلقات میں روز بروز بہتری آرہی ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھاکہ ’متحدہ عرب امارات کے دورےکا مقصد کثیر الجہتی شعبہ جات میں تجارتی روابط اور تعاون کا فروغ ہے، خوشی ہے پاکستانیوں کی کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے، پاکستانی کمیونٹی محنت و لگن سے تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کررہی ہے‘۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’اوور سیز پاکستانیوں کی فلاح وبہبود اور اُن کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے‘۔

    وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم اور افطار ڈنر کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ عشائیے میں پاکستانی سفیر افضال محمود، قونصل جنرل دبئی احمد امجد علی اور سفارتخانے کے سینئر افسران بھی شریک تھے۔

    مزید پڑھیں: وزارتِ خارجہ کا سعودی عرب میں‌ تعینات پاکستانی سفارت کاروں کے خلاف ایکشن

    واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں، اس دورے میں وہ یو اے ای حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

  • وزارتِ خارجہ کا سعودی عرب میں‌ تعینات پاکستانی سفارت کاروں کے خلاف ایکشن

    وزارتِ خارجہ کا سعودی عرب میں‌ تعینات پاکستانی سفارت کاروں کے خلاف ایکشن

    دبئی: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کی شکایات کے بعد سفارت کاروں کو وطن واپس بلا لیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں پاکستانی سفارت کاروں کی شکایات ملی تھیں، پاکستانی شہریوں کی شکایت پر مذکورہ سفارت کاروں کو وطن واپس بلا لیا ہے‘۔

    وفاقی وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ ’اگر کسی اور ملک سے سفارت کاروں کی شکایت ملی تو انہیں بھی وطن واپس بلا لیا جائے گا‘۔

    واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں، اس دورے میں وہ یو اے ای حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیر خارجہ کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام

    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کے اعزاز میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں آمد پر کونسل کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے وزیرخارجہ کا پرتپاک استقبال کیا، جس پر شاہ محمود قریشی نے میزبانوں کا شکریہ ادا  بھی کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان معاشی سفارت کاری کو بروئےکار لا رہا ہے، جس کے تحت دنیا کی توجہ پاکستان میں کثیرکاروباری مواقعوں پر مبذول کرائی جارہی ہے، وبائی صورتحال کے باوجود معاشی سفارت کاری کے مثبت نتائج مل رہے ہیں، یواےای کے ساتھ کثیرالجہتی، تجارتی تعلقات میں روز بروز بہتری آرہی ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھاکہ ’یو اے ای دورےکا مقصد کثیر الجہتی شعبہ جات میں تجارتی روابط  اور تعاون کا فروغ ہے، خوشی ہے پاکستانیوں کی  کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے، پاکستانی کمیونٹی محنت و لگن سے تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کررہی ہے‘۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’اوور سیز پاکستانیوں کی فلاح وبہبود اور اُن کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے‘۔

    وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم اور افطار ڈنر کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ عشائیے میں پاکستانی سفیر افضال محمود، قونصل جنرل دبئی احمد امجد علی اور سفارتخانے کے سینئر افسران بھی شریک تھے۔

    یو اے ای میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کی بیک وقت موجودگی پر دفتر خارجہ کی وضاحت

    متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی موجودگی کے بعد مختلف قیاس آرائیوں نے جنم لیا۔ جس پر دفتر خارجہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ کی بھارتی ہم منصب سےملاقات شیڈول نہیں اور نہ ہی اس کا کوئی امکان ہے’۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  3 روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 3 روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    دبئی : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 3 روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، دورے کے دوران شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سمیت اعلیٰ اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ، دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اماراتی وزارت خارجہ کے سینئر حکام، یو اے ای میں تعینات پاکستانی سفیر افضال محمود اور دبئی میں تعینات قونصل جنرل احمد امجد علی نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

    شاہ محمود قریشی دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سمیت اعلیٰ اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات ، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئیں گے۔

    وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان کے نکتہ نظر کی وضاحت کریں گے۔

    خیال رہے وزیر خارجہ کا یہ دورہ ،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ہے ، توقع ہے کہ وزیر خارجہ کے اس دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

  • دبئی میں اے آر وائی لاگونا سٹی کے لیے پلیٹنیم ایجنٹ کا اعلان

    دبئی میں اے آر وائی لاگونا سٹی کے لیے پلیٹنیم ایجنٹ کا اعلان

    دبئی: اے آر وائی لاگونا سٹی نے دبئی میں میگا پراجیکٹ کے لیے پلیٹنیم ایجنٹس کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی لاگونا سٹی نے میگا پراجیکٹ کے لیے ایچ اینڈ ایس رئیل اسٹیٹ کو مشرق وسطیٰ اور برطانیہ کے لئے ایون اینڈ ٹرسل کو اپنا پلاٹینیم ایجنٹ نامزد کردیا۔

    اے آر وائی لاگونا سٹی کی شاندار تقریب میں اے آر وائی گروپ کے سی ای او صدر سلمان اقبال ودیگر موجود تھے۔

    اے آر وائی گروپ کے سی ای او صدر سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ میگا پروجیکٹ اے آر وائی لاگونا جنوبی ایشیا کا پہلا ایسا پروجیکٹ ہے جس میں  مصنوعی بیچ شامل ہے ۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم نے اسکروٹنی کے ساتھ مختلف ایجنسیز اور بروکرز کو شامل کیا ہےچونکہ مشرق وسطیٰ کے اندر نمبر ون ایجنسی ایچ اینڈ ایس ہی ہے، اور اس ایجنسی کے کلائنٹس دنیا بھر میں موجود ہیں جو کہ اس پراجیکٹ اور ڈی ایچ اے سٹی کو دنیا بھر کے خریداروں تک رسائی دے سکتے ہیں۔

    پلیٹنیم ایجنٹ کے نظریے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پلیٹنیم ایجنٹس وہ ہوں گے جن کے بپاس فارم دستیاب ہوں گے اور خریدار ان سے مزید معلومات حاصل کرسکیں گے۔۔

    سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ جو ڈیلرز اور ایجنسی کی دنیا ہے اس کو دور نہ رکھے بلکہ ان کو اپنے ساتھ رکھ کر کام کریں۔

    ایم ڈی ایچ اینڈ ایس عماد الحق کا کہنا تھا کہ اے آر وائی لاگونا سندھ کا نقشہ بدل دے گا، ہم سرمایہ کاروں کو وہ چیز فروخت کرنا چاہتے ہیں جس سے ان کو فائد ہ ہو۔

    ایون اینڈ ٹرسل کے سی ای او سلیم کارساز کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی اگلے چند سالوں میں اے آر وائی لاگونا ڈی ایچ اے سٹی کے آغاز پر کام کرنے کی منتظر ہے،ڈی ایچ اے پاکستان کا سب سے زیادہ شہرت پانے والا پروجیکٹ ہے، اے آر وائی نیٹ ورک ملک کا سب سے بڑا میڈیا ہاؤس ہے، یقین ہے کہ یہ ایک کامیاب منصوبہ ثابت ہوگا۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی لاگونا سٹی کے میگا پراجیکٹ کا اعلان رواں سال 19 فروری کو کیا گیا تھا۔

    سلمان اقبال نے کہا کہ ہم نے سوچا کہ کیا ہم ریزورٹ سائیڈ کے لیے پانی لاسکتے ہیں ہم نے سوچا پانی کے پاس نہیں جاتے پانی کو اپنے پاس لے آتے ہیں۔

    اس موقع پر سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ پروجیکٹ میں استعمال ہونے والا 80 فیصد سامان میڈ ان پاکستان ہوگا، پروجیکٹ کے ذریعے روزگار کے متعدد مواقع میسر آئیں گے، ہم دنیا کی جدید ٹیکنالوجی پاکستان لے کر آئیں گے، پاکستان ناصرف ٹیکنالوجی میں آگے بڑھے گا بلکہ مالی خسارہ بھی کم ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواب کی تعبیر ہوجائے تو اللہ کا احسان ماننا چاہئے، ایسے بہت سے خواب ہمارے بزرگوں نے بھی دیکھے، اے آر وائی گولڈ کا خواب دیکھا جس کی تعبیر ہوئی، اے آر وائی میڈیا گروپ کا خواب دیکھا جس کی تعبیر ہوئی۔

  • امارات سے وطن واپسی کے خواہشمند غیر معتبر ذرائع سے ٹکٹ نہ خریدیں: پاکستانی قونصل جنرل

    امارات سے وطن واپسی کے خواہشمند غیر معتبر ذرائع سے ٹکٹ نہ خریدیں: پاکستانی قونصل جنرل

    دبئی: پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی نے کہا ہے کہ وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانی صرف پی آئی اے کے کاؤنٹر سے ٹکٹ حاصل کریں اور غیر معتبر ذرائع سے ٹکٹ خریدنے سے پرہیز کریں۔

    دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے جو فلائٹس مختص کی ہیں ان کا ٹکٹ صرف پی آئی اے کاؤنٹر سے ہی حاصل کیا جائے۔

    قونصل جنرل نے کہا کہ پی آئی اے نے کراچی کے لیے اکانومی کلاس کا کرایہ 810 درہم، بزنس کلاس کے لیے 19 سو درہم، پشاور اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کے لیے اکانومی کلاس کا کرایہ 11 سو 20 درہم اور بزنس کلاس کے لیے 22 سو درہم رکھا ہے، اس رقم کے علاوہ مزید کوئی اضافی رقم نہ دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسی شکایات آرہی ہیں کہ کچھ ایجنٹ اضافی پیسے وصول کر کے ٹکٹ فروخت کر رہے ہیںِ، ایسے افراد کو کوئی اضافی رقم نہ دی جائے۔

    قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ایجنٹ دبئی یا شمالی امارات میں پی آئی اے کے ٹکٹ فروخت کرنے کا مجاز نہیں ہے چنانچہ کسی بھی شخص سے ٹکٹ نہ خریدیں۔

    ان کے مطابق ٹکٹ صرف پی آئی اے کاؤنٹر سے ایشو ہوگا، خود وہاں جائیں اور ٹکٹ خرید کر نقد یا کارڈ سے ادائیگی کریں۔ اس کے علاوہ نہ تو کسی شخص کو پیسے دیں اور نہ کسی کو رقم آن لائن ٹرانسفر کریں۔

    قونصل جنرل نے مزید کہا کہ کاؤنٹر پر بھی اگر کوئی شخص کہے کہ وہ ایمبسی یا قونصلیٹ کا نمائندہ ہے تو یاد رکھیں کہ ہماری طرف سے ایسا کوئی نمائندہ وہاں نہیں بھیجا گیا۔ اسی طرح اگر لائن میں آگے لگوانے کے لیے بھی کوئی شخص رقم کا تقاضا کرتا ہے اور آپ اس کو رقم دے دیتے ہیں تو نقصان کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے۔

    انہوں نے اپیل کی کہ ایسے افراد کے بارے میں پولیس، پی آئی اے انتظامیہ یا قونصلیٹ عملے کو اطلاع کریں جو غیر ضروری طور پر رقم کا تقاضہ کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات سے وطن واپسی کے لیے اب تک 70 ہزار پاکستانی، دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ میں اپنی رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔