Author: ریحان عابدی

  • جیل میں‌ قید شوہر کو فرار کرانے کی کوشش میں‌ اہلیہ گرفتار

    جیل میں‌ قید شوہر کو فرار کرانے کی کوشش میں‌ اہلیہ گرفتار

    خرطوم : معزول سوڈانی صدر عمر البشیر کی بھابی نوری الھدیٰ کو جیل میں قید شوہر کو فرار کرنے کی منصوبہ بندی اور جیل حکام کو زہر دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کے معزول صدر عمر البشیر کے بھائی کی اہلیہ نوری الھدیٰ محمد شفیع کو حراست میں لیا گیا ہے جن پر کوبر جیل میں قید اپنے شوہر کو جیل سے فرار کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے اس نے جیل اہلکاروں کو زہر دینے کر ہلاک کرنے کی کوشش کی، اس پر آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت اقدام قتل کا مقدمہ چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

    سوڈانی پراسیکیوٹر کے ذرائع کا کہنا تھا کہ نوری الھدیٰ محمد شفیع کو حراست میں لے کر اس کے خلاف قانون کے مطابق اقدام قتل کے جرم میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نوری الھدیٰ کا شوہر اور معزول صدر عمر البشیر کا بھائی اس وقت کوبر جیل میں قید ہے۔

    نوری الھدیٰ اپنے شوہر کو جیل سے فرار کرنا چاہتی تھی، اس نے اس مقصد کے لیے جیل کےافسران کو زہر دینے کی کوشش کی تھی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اہم فوجی عہدے پر تعینات رہنے والی نوری الھدیٰ گرفتاری تک اس منصب پر فائز تھی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق جیل اہلکاروں کو زہر دینے کا انکشاف اس وقت ہوا جب جیل کے متعدد افسران کا پیٹ اور معدے میں شدید تکلیف کی شکایت پر ان کا طبی معائنہ کیا گیا تو پتا چلا کہ انہیں مضر صحت کھانا دیا گیا ہے اور یہ کھانا نوری الھدیٰ کی طرف سے بھجوایا گیا تھا۔

    جیل میں اہلکاروں کو زہریلا کھانا کھلائے جانے کے کوبر جیل میں خوف کی فضاء پائی جا رہی ہے۔

  • امریکی کمپنیوں نے غریب عوام کے خون کی برآمد شروع کردی

    امریکی کمپنیوں نے غریب عوام کے خون کی برآمد شروع کردی

    واشنگٹن : امریکا کے غریب اور محنت کش شہریوں نے اپنی ضروریات زندگی پورا کرنے کےلیے اپنا خون فروخت کرنا شروع کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں صنعتی اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے معیشت کو کافی مضبوط کردیا تھا لیکن شہری ٹیکنالوجی کے انقلاب کے بعد ایک مرتبہ پھر مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

    امریکا کے 40 فیصد شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں غذائے خورد و نوش، رہائش، یوٹیلٹی اور صحت کی سہولیات کی ادائیگی کےلیے سخت جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکیوں کے حالات اس حد تک خراب ہوچکے ہیں کہ انہوں نے اپنی ضروریات زندگی پورا کرنے کےلیے اپنا خون بیچنا شروع کردیا ہے۔

    امریکا کی چند خون آشام کارپوریشنز حقیقت میں لوگوں کا خون چوس کر دنیا بھر میں فروخت کرتی ہیں۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں خون کی طلب اور رسد کی وجہ سے کلیکشن سنسرز کی تعداد 14، 15 برسوں میں دوگنی ہوگئی ہے، امریکا کی برآمدات کا دو فیصد سے بھی زیادہ خون کی فروخت سے حاصل ہوتا ہے۔ یہ مکئی کی برآمدات سے حاصل ہونے والی رقم سے زیادہ ہے۔

    دنیا کے اکثر ممالک میں خون کی خرید و فروخت غیر قانونی ہے لیکن امریکا میں ہفتے میں دو بار قانونی طور پر پلازما کو ڈونیٹ کیا جاسکتا ہے اور عطیہ دینے والے شخص کو ہر بار 30 دئیے جاتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پلازمہ کی طلب کا 70 فیصد حصّہ امریکا پورا کرتا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی امریکی پلازما کا 15 فیصد خریدتا ہے اور اس کے دوسرے خریداروں میں چین اور جاپان بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا ہے کہ 2016 اور 2017 کے درمیان امریکیوں نے اتنا زیادہ خون فروخت کیا کہ اس کی برآمدات میں 13 فیصد سے زیادہ ہوگیا۔ جس کے باعث خون کی برآمدات 28.6 ارب ڈالر ہو گئی۔

    ایک اور تحقیق کے مطابق کلیولینڈ میں خون کا عطیہ دینے والے اپنی آمدن کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ اپنا خون فروخت کرکے کماتے ہیں۔

    خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ خون کی خرید اور فروخت کی صنعت امریکا کی تیزی سے پھلتی پھولتی صنعتوں میں سے ایک ہے۔

  • سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم درجنوں پاکستانی گرفتار

    سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم درجنوں پاکستانی گرفتار

    ریاض : سعودی پولیس نے غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہوکر کھیتوں اور پہاڑوں میں پناہ لینے والے درجنوں پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق خلیجی ملک سعودی عرب کے سیکیورٹی اداروں نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کھیتوں اور پہاڑوں میں پناہ لینے والے 65 پاکستانیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مکہ پولیس نے دیہی علاقے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں چھاپہ مار کارروائی کی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ علاقہ آبادی سے خاصہ دور اور ویرانے میں ہے، اس کے باوجود سیکیورٹی فورس کے اہلکار وہاں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق دیہی علاقوں کے رہائیشوں نے غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرنے میں مدد فراہم کی، مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن کے پاس شناختی دستاویزات نہیں تھے۔

  • چلی فضائیہ کا طیارہ 38 افراد سمیت لاپتہ

    چلی فضائیہ کا طیارہ 38 افراد سمیت لاپتہ

    سانتیاگو : جنوبی امریکی ملک چلی کی فضائیہ کا طیارہ انٹارکٹکا جاتے ہوئے 38 مسافروں کے ہمراہ لاپتہ ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چلی کی فضائی افواج کا کہنا ہے ہرکولیس سی 130 طیارے نے انٹارکٹکا بیس کےلیے اڑان بھری تھی اور اس پر 38 لوگ سوار تھے جن میں 35 فوجی شامل ہیں۔

    دوران پرواز طیارے سے تقریبا سوا گھنٹے تک رابطہ رہا ہے تاہم جیسے ہی طیارے نے اپنی منزل تک پہنچنے کےلیے آدھا راستہ طے کیا طیارے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

    چلی حکام نے الرٹ جاری کرتے ہوئے طیارے کی تلاش کے لیے امدادی ٹیم روانہ کی لیکن تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، سرچ آپریشن میں ایک بحری جہاز بھی حصہ لے رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارے پر سوار افراد میں ایئر فورس کے 32 اہلکار، 3 آرمی، ایک سائنس دان اور 2 مسافر شامل ہیں جن کا تعلق ایک ہی کمپنی سے تھا۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ افراد انٹارکٹکا میں واقع چلی کے ایک فوجی اڈے میں سہولیات کی دیکھ بھال کے لیے جارہے تھے۔

    واضح رہے کہ انٹارکٹکا برف سے ڈھکا ہوا دنیا کا انتہائی جنوبی براعظم ہے جہاں قطب جنوبی واقع ہے، وہاں کوئی مستقل انسانی بستی نہیں ہے، صرف سائنسی تجربات کے لیے مختلف ممالک کے سائنس دان مقیم ہیں۔

  • اسرائیلی وزیر اعظم کے وکیل پر بھی کرپشن کے الزامات عائد

    اسرائیلی وزیر اعظم کے وکیل پر بھی کرپشن کے الزامات عائد

    تل ابیب : کرپشن، خیانت اور دھوکہ جیسے سنگین الزامات میں گھرے سخت گیر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کے وکیل پر بھی منی لانڈرنگ کا الزام لگا ہے جس کے بعد نیتن یاھوکی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے اٹارنی جنرل نے کہا کہ عن قریب سبکدوش ہونے والے وزیراعظم نیتن یاھو کے وکیل پر جرمنی کی کمپنی ٹیسن کرپ سے آبدوزیں خریدنے کے سودے میں منی لانڈرنگ کی جس پران کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا ارادہ کیا گیا۔

    اسرائیلی وزارت انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس معاملے میں دو دیگر افراد کے ساتھ بدعنوانی کے الزامات دائر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ان میں سے ایک اہم کاروباری شخصیت ہے جو اسرائیل میں جرمن کمپنی کی نمائندگی کرتا ہے جب کہ دوسرا اسرائیلی بحریہ کا سابق عہدیدار تھا۔

    عرب میڈیا کے مطابق گذشتہ ماہ اٹارنی جنرل مینڈل بلٹ نے نیتن یاہو پر رشوت ، فراڈ اور بے ایمانی کے الزامات میں فرد جرم عائد کی تھی۔

    اسرائیلی وزارت انصاف نے نتن یاہو کے وکیل ، ڈیوڈ شمرون ، تاجر مائیکل گانور ، اور سابق سینئربحری عہدیدار ایلیزر ماروم سمیت متعدد افراد کو فائل 3000 کے نام سے مشہور کیس مجرم قرار دینے کے اپنے ارادے کا بھی اعلان کیا۔

    اسرائیلی پولیس نے جرمنی کی آبدوزیں اور جنگی کشتیاں تیار کرنے والی کمپنی ٹیسن کرپ کے ساتھ ایک دفاعی سودے میں بدعنوانی کے شبہات کی تحقیقات کرلی ہیں۔ اس ڈیل میں تقریبا دو ارب ڈالر کا لین دین کیا گیا۔

    پولیس نے 2018ء میں کہا تھا کہ نیتن یاھو کے وکیل اور رشتہ دار ڈیوڈ شمرون سمیت متعدد مشتبہ افراد پر الزامات عاید کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں، اس الزام کے بعد نیتن یاھو اسرائیلی تاریخ کے پہلے حاضر سروس کرپٹ وزیر اعظم بن گئے۔

    نیتن یاھو اسرائیلی تاریخ میں طویل عرصے تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہنے والے سیاست دان ہیں، نیتن یاھو نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات من گھڑت اوربے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ میرے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات قائم کیے گئے اور میں ان تمام مقدمات کا مقابلہ کروں گا۔

  • بیٹی کی رخصتی پر کسان نے ہیلی کاپٹر کرائے پر لےلیا

    بیٹی کی رخصتی پر کسان نے ہیلی کاپٹر کرائے پر لےلیا

    نئی دہلی : بھارتی کسان نے دلہن بنی بیٹی کی خواہش پوری کرنے کےلیے ہیلی کاپٹر کرائے پر لے لیا۔

    شادی کے وقت ہر باپ کی تمنا ہوتی ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی ہر خواہش پوری کرے اور دنیا کی تمام خوشیاں اس کی جھولی میں ڈال دے۔ بھارتی ریاست راجھستان سے تعلق رکھنے والے کسان کی بھی یہی تمنا تھی اور اس نے اپنی بیٹی کی خواہش ایسے پوری کی کہ لوگ دنگ رہ گئے۔

    بھارتی کسان مہندرا سنگھ جو کئی برسوں سے ملازمت کی غرض سے بیرون ملک مقیم تھا کی بیٹی رینا نے اپنے باپ سے کہا تھا کہ ’آپ تو ہوائی جہاز میں آتے جاتے رہتے ہیں، میں کب جہاز میں بیٹھ کر ہواؤں میں اڑوں گی‘۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مہندا سنگھ جس نے اپنی بیٹی پر خواہش پوری کی تھی نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی کے موقع پر اسے عزت سے رخصت کرے گا لہذا اس نے ہیلی بک کرنے کےلیے انتظامیہ سے اجازت لی اور بیٹی کی رخصتی کےلیے ہیلی کاپٹر بُک کرلیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ رینا اس موقع پر اپنی تمام دوستوں کو بھی مدعو کیا ہوا تھا، جو رینا کی شاندار رخصتی دیکھ کر حیران رہ گئیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ رخصتی کے وقت روایتی رسم و رواج کے بعد ہیلی کاپٹر نے پرواز بھری اور دلہا دلہن لے کر اجیتپور رواںہ ہوگیا اور رینا کی سسرال سلطانہ پیلس میں لینڈ کرکے رینا کا خواب پورا کردیا۔

  • کتے کی زبان کا کیڑا بزرگ شہری کی آنکھ سے نکل آیا

    کتے کی زبان کا کیڑا بزرگ شہری کی آنکھ سے نکل آیا

    نئی دہلی : بھارت میں ڈاکٹرز نے ایک شخص کی آنکھ سے 7 سینٹی میٹر لمبا کیڑا نکالا ہے جس نے گزشتہ کچھ سالوں سے بزرگ شہری کی آنکھ میں مسکن بنایا ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت ریاست گجرات کے 70 سالہ جسّو بھائی پٹیل نامی شہری نے آنکھ میں تکلیف اور خارش کے نجات کےلیے متعدد ڈاکٹرز سے رابطہ کیا تاہم کوئی ڈاکٹر بزرگ شہری آنکھ میں تکلیف کی وجہ نہیں جان سکا۔ جو مسلسل اس کی بیماری کا باعث بن رہی تھی۔

    کچھ ماہ پہلے ایک ڈاکٹر نے انکشاف کیا کہ جسّو بھائی کی آنکھ میں ایک رینگنے والے کیڑے نے اپنا مسکن بنایا ہوا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی رونگٹے کھڑے کردینے والی ویڈیو میں ڈاکٹر میلان پنچل کو آنکھ سے کیڑا نکالتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر اس کیڑے کو شہری کی آنکھ سے نہ نکالا گیا تو یہ بزرگ شخص کو مکمل طور پر نابینا کرسکتا ہے اور دماغ میں بھی جاسکتا ہے جس کے بعد دماغ کی سرجری کرکے کیڑے کو نکالنا پڑے گا۔

    ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ جسّو بھائی پٹیل کی آنکھ سے نکالا گیا کیڑا مبینہ طور پر کتے کے کاٹنے کی وجہ سے آنکھ میں گیا تھا۔

    ڈاکٹر میلان کا کہنا تھا کہ ہم اس کیس پر تحقیق کررہے ہیں لیکن ممکن ہے کہ کتے کے کاٹنے کے بعد کیڑا خون کے ذریعے آنکھ تک پہنچا ہو۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے اور بلی کی زبان پر کیٹرے ہوتے ہیں۔

  • فیس بک و ٹوئٹر کی ٹکر پر سوشل سائٹ متعارف

    فیس بک و ٹوئٹر کی ٹکر پر سوشل سائٹ متعارف

    لندن : وکی پیڈیا کے شریک بانی جیمی ویلز نے فیس بک اور ٹوئٹر کے معیار کی نئی سوشل ویب سائٹ متعارف کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ پر تقریبا دنیا کے ہر موضوع پر مفت معلومات فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کانٹینٹ ویب سائٹ ’وکی پیڈیا‘ کے شریک بانی جمی ویلز نے فیس بک اور ٹوئٹر کے ٹکر کی نئی سوشل ویب سائٹ متعارف کرا دی۔

    جمی ویلز کی جانب سے ’ڈبلیو ٹی سوشل‘ کے نام کی متعارف کرائی گئی سوشل ویب سائٹ دراصل ان کی جانب سے 2 سال قبل متعارف کرائی گئی نیوز ویب سائٹ کا تسلسل ہے۔

    جمی ویلز نے 2017 میں ’وکی ٹربیون‘ نامی وکی پیڈیا طرز کی ایب نیوز ویب سائٹ متعارف کرائی تھی، اس ویب سائٹ کا مقصد دنیا بھر کے حالات کو جوں کا توں شائقین تک پہچانا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ’وکی ٹربیون‘ دنیا کی ایک ایسی منفرد نیوز ویب سائٹ ہے جسے کے مضامین اور خبروں کو ’وکی پیڈیا‘ کی طرح دوسرے لوگ بھی ایڈٹ اور تبدیل کر سکتے ہیں اور اسی وجہ سے اسے دیگر نیوز سائٹس کے مقابلے کم شہرت ملی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ’وکی ٹربیون‘ کے بعد اب اس کے بانی جمی ویلز نے ’ڈبلیو ٹی سوشل‘ نامی سوشل انفارمیشن شیئرنگ ویب سائٹ متعارف کرادی۔

    جیمز ویلز نے اس نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ایک ماہ قبل آزمائشی بنیادوں پر متعارف کرایا تھا تاہم اب اسے باقاعدہ طور پر متعارف کرادیا گیا۔

    جمی ویلز نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی جانب سے متعارف کرائی گئی سوشل ویب سائٹ پر ایک لاکھ صارفین نے اپنے اکاؤنٹ بنا لیے۔

    جمی ویلز کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے متعارف کرائی گئی سوشل انفارمیشن ویب سائٹ جہاں ایک طرف فیس بک اور ٹوئٹر کی طرح کام کرے گی، وہیں وہ منفرد بھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چوں کہ فیس بک اور ٹوئٹر صحافتی اداروں کا مواد پھیلانے کے لیے ایڈوٹائزنگ کی مد میں پیسے کماتے ہیں اس لیے وہاں پر کمائی کی لالچ میں صارفین تک غلط معلومات بھی پھیلائی جاتی ہے۔

    جمی ویلز کے مطابق ’ڈبلیو ٹی سوشل‘ پر اشتہارات نہیں دیے جائیں گے البتہ اس فورم پر لوگوں سے ’ڈونیشن‘ کا مطالبہ کیا جائے گا۔

    جمی ویلز نے بتایا کہ یہ استعمال کرنے والے صارف پر انحصار ہے کہ وہ ’ڈبلیو ٹی سوشل‘ کو ’ڈونیشن‘ فراہم کرتا ہے یا نہیں، کیوں کہ ویب سائٹ میں ڈونیشن کے فیچر کو اسکپ کرنے کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ بغیر کسی معاوضے اور کمائی والی ان کی سوشل انفارمیشن ویب سائیٹ پر لوگوں دوسرے افراد تک درست اور معنی خیز معلومات پہنچانے کا کارنامہ سر انجام دیں گے۔

  • اسکول بس کو خوفناک حادثہ، خاتون اور بچہ معجزانہ طور پر محفوظ

    اسکول بس کو خوفناک حادثہ، خاتون اور بچہ معجزانہ طور پر محفوظ

    نئی دہلی : بھارت میں اسکول بس میں سفر کرتی خاتون ٹیچر اور طالبعلم خوفناک حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ بچ گئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے والی کہاوت تو آپ نے سن رکھی ہوگی لیکن بھارت میں ایک خاتون ٹیچر اور طالب علم خطرناک بس حادثے میں معجزانہ طور بلکل محفوظ رہے جو اس کہاوت کے عین مطابق ہے۔

    بھارت میں نامعلوم سڑک پر بچوں میں علم کی روشنی پھیلانے والی خاتون ٹیچر اور حصول علم کی غرض سے اسکول جانے والے طالب علم کی بس اچانک ایک گاڑی ٹکرانے کے باعث الٹ گئی لیکن اسکول بس میں سوار خاتون اور بچہ بلکل بحفوظ رہے۔

    بس حادثے کا خوفناک واقعہ 9 جولائی 2019 کو بھارت میں پیش آیا جو بس میں لگے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اچانک ایک چھوٹی بس اسکول بس سے ٹکرائی اور اسکول بس الٹ گئی جس کے باعث خاتون ڈھڑام بس دھڑام سے بس کی چھت سے لگی اور پھر نیچے آگری جبکہ بچہ منہ بل نیچے پلٹ گیا۔

    حادثے کے نتیجے میں خاتون اور بچے کو یقیناً معمولی زخم آئے ہوں گے لیکن سنجیدہ نوعیت کی چوٹ نہیں لگی تاہم یہ متاثرہ افراد، ان کے اہل خانہ اور ڈرائیور کے لیے یہ ایک تکلیف دہ لمحہ تھا۔

  • فن لینڈ کا 30 برس بعد عراق میں دوبارہ سفارت خانہ کھولنے کا اعلان

    فن لینڈ کا 30 برس بعد عراق میں دوبارہ سفارت خانہ کھولنے کا اعلان

    ہیلسنکی : فن لینڈ حکومت نے عراق میں‌ تین عشروں بعد سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر عراق میں چار افراد فن لینڈ کی جانب سے سفارتی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک فن لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ عراق میں اپنے سفارت خانے کو دوبارہ کھولے گا اور تقریبا 30 برس کے بعد اپنا سفیر بغداد بھیجے گا، اس اقدام کا مقصد دو طرفہ تعلقات کا ازسر نو آغاز کرنا، عراق کی تعمیر نو میں مدد اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مضبوط بنانا ہے۔

    فن لینڈ میں غیر قانونی طور پر مقیم ہزاروں عراقیوں کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد ان افراد کی واپسی اور بے دخلی ابھی تک دونوں ملکوں کے بیچ پرخار معاملے کی حیثیت رکھتی ہے۔

    یاد رہے کہ 2015 میں تقریبا 20 ہزار عراقی شہریوں نے فن لینڈ کا رخ کیا تھا۔

    فن لینڈ کے سفیر ویسا ہیکینن نے سرکاری طور پر اپنا نیا منصب سنبھالنے سے ایک روز قبل جمعرات کو امریکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں واضح کیا کہ ان کا ملک جو یورپی یونین کا رکن ہے، اس نے جنوری 1991 میں خلیج کی جنگ کے فوری بعد عراق میں اپنا سفارتی وجود ختم کر دیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر عراق میں فن لینڈ کے سفارت خانے میں 4 افراد ہوں گے، یہ سفارت خانہ بغداد میں ایک عمارت میں واقع ہے۔ اس عمارت میں سعودی سفارت خانہ بھی ہے۔