Author: ریحان عابدی

  • ایران جنگ کے عراق پر بھیانک اثرات مرتب ہوں گے، جرمن وزیر خارجہ

    ایران جنگ کے عراق پر بھیانک اثرات مرتب ہوں گے، جرمن وزیر خارجہ

    بغداد : جرمن وزیر خارجہ نے ایران کے معاملے پر عراق سے اپنی مصالحتی کوششوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس مشرق وسطی میں کشیدگی میں کمی کے لئے خلیجی ممالک کے چار روزہ دورے پر ہفتہ کو بغداد پہنچے تھے جہاں انہوں نے ایران امریکا کشیدگی سے متعلق گفتگو کی۔

    جرمن وزیر خارجہ کے مطابق مشرق وسطیٰ کا استحکام بہت ضروری ہے اور امریکا اور اس کے اتحادیوں کی ایران کے ساتھ کسی ممکنہ جنگ کے نتیجے میں عراق پر بھیانک اثرات مرتب ہوں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمن وزیر خارجہ بعد میں متحدہ عرب امارات اور ایران بھی جائیں گے۔

    یاد رہے امریکا نے ایران کی مزید 39 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا، جن میں ایران سب سے بڑی اورمنافع بخش پیٹروکیمیکل ہولڈنگ کمپنیوں سمیت ان کے ذیلی ادارے بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے امریکا اور ایران کے درمیان سنہ 1979 میں رونما ہونے والے انقلاب اسلامی کے بعد تنازعہ جاری ہے اور امریکا کی جانب سے برسوں سے ایران پر معاشی پابندیاں عائد تھیں، جن میں 2015 میں جوہری معاہدے کے بعد نرمی کی گئی تھی تاہم ٹرمپ نے گزشتہ برس معاہدے سے انخلاء کے بعد دوبارہ ایران پر سخت ترین پابندیاں عائد کردیں۔

  • اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن، پولیس نے اوباش نوجوانوں کو حراست میں لے لیا

    اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن، پولیس نے اوباش نوجوانوں کو حراست میں لے لیا

    کراچی : اے ایس پی کلفٹن عمران مرزا سادہ لباس میں سی ویو پہنچ گئے، موٹر سائیکل پر کرتب دکھانے والے اوباش نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے سی ویو، شاہراہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں اوباش نوجوانوں کی جانب سے فیملز اور خواتین کو ہراساں کرنے کی خبر اے آر وائی نیوز نے نشر کی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    اے ایس پی کلفٹن عمران مرزا کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی عید کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    اے ایس پی عمران مرزا کا کہنا تھا کہ سی ویو پر پہلے سے دفعہ 144 نافذ ہے، سمندر میں نہانے والے 30 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

    پولیس نے شارع فیصل پر کرتب دکھانے والے 14 موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیا گیا، موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ نوجوانوں کی بدتمیزیوں سے سی ویو سمیت دیگر تفریحی مقامات پر جانے والی فیملیز بھی تنگ آگئیں تھیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نے بتایا کہ شارع فیصل پر خاتون کو چھیڑنے والے تین موٹر سائیکل سواروں کی فیملز سے تلخ کلامی بھی ہوئی، ہر سڑک پر اسی طرح کے نوجوان نظر آرہے ہیں جو فیملیز کو تنگ کررہے ہیں۔

  • برطانیہ بغیر ڈیل کے ہی یورپی یونین سے نکل جائے، ٹرمپ

    برطانیہ بغیر ڈیل کے ہی یورپی یونین سے نکل جائے، ٹرمپ

    لندن/واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کو بغیر ڈیل کے بریگزٹ کرنا چاہیے، برطانوی حکومت کو بریگزٹ کی خاطر 39 بلین پاؤنڈ کی ادائیگی نہیں کرنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر برطانیہ بریگزٹ کے لیے ایک اچھی ڈیل کو حتمی شکل نہیں دے سکتا تو اسے کسی ڈیل کے بغیر ہی یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کر لینا چاہیے۔

    امریکی ٹی وی کے مطابق اپنے دورہ برطانیہ سے قبل انہوں نے کہا کہ لندن حکومت کو بریگزٹ کی خاطر 39 بلین پاؤنڈ کی ادائیگی نہیں کرنی چاہیے۔

    سنڈے ٹائمز سے انٹرویو میں ٹرمپ نے مزید کہا کہ برطانیہ کو رواں برس کے دوران ہی یورپی یونین کو چھوڑ دینا چاہیے۔ امریکی صدر پیر کے دن برطانیہ پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ وزیر اعظم ٹریزا مے کے ساتھ ملاقات میں عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    یاد ریے کہ  دو روز قبل ٹوری پارٹی قیادت کی دوڑ میں شامل وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے متنبہ کیا تھا کہ اگر ان کی پارٹی نے نوڈیل بریگزٹ پر بریگزٹ کی کوشش کی تو یہ ان کی پارٹی کے لیے خودکشی کے مترادف ہوگا۔

    مزید پڑھیں : نوڈیل پر بریگزٹ پارٹی کے لیے خودکشی کے مترادف ہوگا، جیرمی ہنٹ

    انہوں نے کہا کہ نوڈیل کی وکالت کرنے والا وزیراعظم پارلیمںٹ سے اعتماد کا ووٹ کھو دے گا اور عام انتخابات کا انعقاد بھی ایسا ہی ہوگا، عام انتخابات کے ذریعے نوڈیل کوئی حل نہیں بلکہ یہ سیاسی خودکشی ہوگی۔

    جریمی ہنٹ نے کہا کہ اگر میں جیت گیا تو یورپی یونین سے ایک نئے معاہدے کی کوشش کریں گے۔

  • ہنگری کے دریائے ڈینیوب میں ڈوبنے والے جنوی کوریائی سیاحوں کی تلاش جاری

    ہنگری کے دریائے ڈینیوب میں ڈوبنے والے جنوی کوریائی سیاحوں کی تلاش جاری

    بداپسٹ : ہنگری کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دریا کے بہاﺅ کی سمت میں پچاس کلومیٹر تک لاپتہ افراد کی نعشوں کو تلاش کرنے کا پلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں سے گزرنے والے دریائے ڈینیوب میں ڈوبنے والے جنوبی کوریائی سیاحوں کی تلاش کے علاقے کو وسیع کر دیا گیا ہے۔

    میڈیا پورٹس کے مطابق پانچ روز قبل خراب موسم میں سیاحتی کشتی کی حادثے میں صرف سات افراد زندہ بچ سکے تھے اور سات نعشوں کو تلاش کیا گیا تھا، کشتی پر تیس جنوبی کوریائی سیاح، تین گائیڈز اور عملے کے دو ارکان سوار تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ہنگری کی وزارت داخلہ کے مطابق دریائی پانی شدید گدلا ہے اور اس باعث نعشوں کی تلاش میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ حکام نے بڈاپسٹ سے دریا کے بہا ﺅکی سمت پچاس کلومیٹر تک لاپتہ افراد کی نعشوں کو تلاش کرنے کا پلان کیا ہے۔

  • جمعتہ الوداع پر لاکھوں فلسطینیوں کی قبلہ اول میں حاضری

    جمعتہ الوداع پر لاکھوں فلسطینیوں کی قبلہ اول میں حاضری

    بیت المقدس : جمعتہ الوداع کے روز جگہ جگہ چیک پوسٹیں اور ناکے لگا کر فلسطینیوں کو قبلہ اول تک رسائی سے روکا جاتا رہا، کئی شہری نہ پہنچ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق قابض صہیونی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے سخت رکاوٹوں اور شدید گرمی کے باوجود اڑھائی لاکھ سے زاید فلسطینیوں نے قبلہ اول میں جمعة الوداع کے موقع پر حاضری دی۔

    مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ماہ صیام کے چوتھے اورآخری جمعہ کے موقع پر اسرائیلی فوج کی بھاری نفری بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے آس پاس کے مقامات پر تعینات کی گئی تھی تاکہ فلسطینی شہریوں کو قبلہ اول تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صیہونی ظلم و تشدد کے باوجود صہیونی انتظامیہ کی رکاوٹیں توڑ کر اڑھائی لاکھ فلسطینی مسجد اقصیٰ پہنچنے میں کامیاب رہے، شدید گرمی سے بچاﺅ کے لیے اسلامی اوقاف کی طرف سے نمازیوں پر پانی بھی چھڑکا گیا۔

    فلسطینی میڈیا کا کہنا تھا کہ پرانے بیت المقدس اور اطراف کے مقامات پر جگہ جگہ چیک پوسٹیں اور ناکے لگا کر فلسطینیوں کو قبلہ اول تک رسائی سے روکا جاتا رہا، فلسطینی شہریوں اور قابض فوج کے درمیان کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    قابض فوج نے مسجد اقصیٰ میں داخلے کے لیے عمر کی کم سے کم حد 40 سال مقرر کی تھی۔ اس پابندی کی وجہ سے لاکھوں فلسطینی روزہ دار قبلہ اول پہنچنے سے محروم رہے۔

  • برطانوی شہری نے 52 برس بعد کتاب لائبریری کو واپس کردی

    برطانوی شہری نے 52 برس بعد کتاب لائبریری کو واپس کردی

    لندن : برطانوی شہری نے ایمانداری کی مثال کردی، 52 برس قبل لائبریری سے لی گئی کتاب جرمانے کے ساتھ لائبریری انتظامیہ کو لوٹا دی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ایک شخص نے 1967 میں لائبریری سے لی گئی کتاب 52 سال بعد جرمانے کی رقم کا چیک لائبریری میں دوبارہ جمع کرادی۔

    لائبریری کے مینیجر کا کہنا تھا کہ قاری (کتاب پڑھنے والا) کئی برس کتاب اپنے پاس رکھنے پر شرمندہ تھا۔

    برطانوی شہری نے کتاب لائبریری کو لوٹاتے ہوئے 100 پاؤنڈ کا چیک بھی بطور جرمانہ مینیجر کے حوالے کیا۔

    مینیجر نے میڈیا کو بتایا کہ میں بہت حیران ہوں کہ میتھا فزیکل شاعر کی کی کتاب دوبارہ اپنی جگہ پر آگئی ہے، خاتون مینیجر کا کہنا تھا کہ شہری نے کتاب لوٹاتے ہوئے ایک تحریر بھی جمع کروائی جس میں تاخیر کی وجوہات تحریر ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کتاب پر سنہ 1967 کی مہر بھی ثبت ہے جسے کتاب کی واپسی پر کتاب پر ثبت کی جاتی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق قاری پر 52 برس میں 100 پاؤنڈ جرمانہ ہوا کیوں کہ ہر ہفتے ان پر پرانی کرنسی کے اعتبار سے 3 پینس جرمنانہ بڑھتا جارہا تھا جو اب 15 پاؤنڈ ایک دن کا کرایہ ہے۔

  • اسکول کی فیس کیوں نہیں دی؟ استاد نے طالبعلم کے بازو پر ٹھپّا لگا دیا

    اسکول کی فیس کیوں نہیں دی؟ استاد نے طالبعلم کے بازو پر ٹھپّا لگا دیا

    نئی دہلی : لدھانیا میں نجی اسکول میں فیس کی عدم ادائیگی پر استاد کے ذلت آمیز رویّے کے بعد طالب علم نے اسکول جانے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی صوبہ پنجاب میں ایک سکول نے فیس نہ دینے پر طالب علم کے بازو پر ادائیگی نہ کرنے سے متعلق مہر لگا دی، جس کے بعد حکام نے اس واقعے پر تحقیق شروع کر دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 13 سالہ لڑکے کے خاندان کا کہنا ہے کہ اس ’ذلت آمیز‘ واقعے کے بعد اس نے سکول جانے سے انکار کر دیا ہے۔

    لدھانیا میں اس نجی سکول کے پرنسپل نے یہ واقعہ تسلیم کیا، لیکن ان کا کہنا ہے کہ بچے کے بازو پر ٹھپہ صرف اس لیے لگایا گیا تھا کیونکہ وہ ’اپنی نوٹ بُک بھول گیا تھا۔

    انھوں نے کہا حالانکہ ٹھپہ دھویا جا سکتا ہے، استاد کا یہ عمل پھر بھی غلط تھا، سکول کا کہنا ہے کہ طالب علم کے خاندان نے متعدد بار یاد دہانی کے باوجود دو مہینے سے فیس نہیں بھری تھی۔

    دوسری جانب خاندان کے مطابق یہ واقعہ نامناسب تھا، لڑکے کے والد خود رکشا چلاتے ہیں۔ انھوں نے بی بی سی پنجابی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیس مانگنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔

    ان کے مطابق انھوں نے اسکول سے فیس بھرنے کے لیے وقت بھی مانگا تھا لیکن اب ان کا پورا خاندان شرمندگی محسوس کر رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ضلع کے تعلیمی افسر سورنجیت کور نے کہا ہے کہ سکول نے بالکل غلط کیا اور انھوں نے اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا عہد کیا۔

  • جیل میں دو گروہ کے درمیان خونی تصادم، 40 قیدی ہلاک

    جیل میں دو گروہ کے درمیان خونی تصادم، 40 قیدی ہلاک

    ساؤ پاؤلو : برازیلن جیل میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہوگئے، دونوں گروہ کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب مہمانوں کی ملاقات کا وقت تھا۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کی جیل میں قیدیوں اور ان کے مہمانوں کے دو گروہ کے درمیان خوں ریز تصادم میں ہلاکتوں کی تعداد 40 ہوگئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کی ایک خطرناک جیل میں قیدیوں کے درمیان جھڑپ سے جیل میدان جنگ بن گیا، قیدیوں نے چاقوﺅں، خار دار برشوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے دو گروہ کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب مہمانوں کی ملاقات کا وقت تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مہمانوں کے گروہ کے درمیان بھی جھڑپ شروع ہوگئی، پولیس نے فساد پر قابو پانے کے لیے مزید نفری طلب کی جس کے بعد ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے اکثر تیز دھار آلہ کی ضرب کا نشانہ بنے جب کہ کچھ قیدیوں کو گلا گھونٹ کر بھی ہلاک کیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ محکمہ جیل خانہ جات نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ جیل شمالی برازیل کی ریاست ایمیزوناس میں واقع ہے اور دو برس قبل اسی جیل میں قیدیوں کی بغاوت کو کچلنے کے دوران 56 قیدی مارے گئے تھے۔

  • اسرائیل میں شدید گرمی سے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی،45 عمارتیں تباہ

    اسرائیل میں شدید گرمی سے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی،45 عمارتیں تباہ

    تل ابیب : اسرائیل میں خوفناک آتشزدگی کے باعث تین ہزار افراد کو گھر چھوڑنا پڑے، کچھ مقام پر درجہ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے وسطی حصے میں جنگلات میں آگ لگ گئی، بتایا گیا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ شدید گرمی کی لہر ہے۔ جنگلاتی آگ کی وجہ سے اب تک تین ہزار افراد کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے، جب کہ 45 عمارتیں تباہ ہوگئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل میں کچھ مقام پر درجہ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

    اسرائیلی حکام کے مطابق اس جنگلاتی آگ کی وجہ سے اب تک تین ہزار افراد کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے، جب کہ 45 عمارتیں تباہ ہوگئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزرات خارجہ کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کی کارروائیوں میں قبرص، کروشیا، یونان اور اٹلی کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

    اسرائیلی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چاریورپی ممالک سمیت مصر نے آگ پر قابو  پانے کے لئے خصوصی طیارے اسرائیل بھیجے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے آتشزدگی کا باعث فلسطینیوں کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے مشرقی یروشلم کے رہائشی تین فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے کہ جن پر مبینہ طور پر آتشزدگی کے مختلف واقعات میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق 19 سالہ اور 15 سالہ فلسطینیوں نوجوانوں پر یروشلم کے ماؤنٹ اسکوپس ایریا میں آگ لگانے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ 30 سالہ شخص پر وادی کنڈرن میں ہونے والی آتشزدگی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

  • ہماری دفاعی تیاریاں سدراہ ہیں، جنگ کیلئے نہیں، پینٹاگون

    ہماری دفاعی تیاریاں سدراہ ہیں، جنگ کیلئے نہیں، پینٹاگون

    واشنگٹن : قائم مقام امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کی طرف سے خطے کو درپیش خطرات کے تدارک کےلئے کام کر رہی ہے، ہمارا مقصد ایران کےخلاف جنگ چھیڑنا نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شاناھن نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کی طرف سے دھمکی آمیز بیانات کے بعد مشرق وسطیٰ میں اپنی فوج تعینات کر دی ہے۔

    کانگریس کو ایران کی طرف سے دھمکیوں کے بارے میں بریفنگ کے بعد قائم مقام امریکی وزیردفاع نے کہا کہ ہم نے خلیج میں اپنی فوج تعینات کرکے ایران کو حملوں سے روک دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری توجہ ایران کی طرف سے غلط فیصلوں پرعمل درآمد اور جنگ کے خطرات سے نمٹنے پر مرکوز ہے۔

    پیٹرک شاناھن نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کی طرف سے درپیش خطرات کے تدارک کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہمارا مقصد ایران کے خلاف جنگ چھیڑنا نہیں۔ قبل ازیں انہوں نے کانگریس کو ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بارے میںبریفنگ دی۔

    جنرل شاناھن نے مزید کہا کہ ہماری دفاعی تیاریاں ”سد راہ“ ہیں، جنگ کے لیے نہیں۔ ہم ایران کے خلاف جنگ کی طرف نہیں جا رہے ہیں۔ صحافیوں سے بات چیت سے قبل انہوں نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ایک بند کمرہ اجلاس میں بھی ملاقات کی۔

    امریکی کانگریس کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے باور کرایا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں کرنا چاہتے تاہم انہوں نے تہران کے خلاف آخری آپشن کے طورپر فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔

    امریکی قائم مقام وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کی جانب سے شام، لبنان اورعراق میں معاندانہ پالیسیاں جاری ہیں۔ کانگریس نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ایران کی طرف سے درپیش خطرات کے بارے میں بھی بریفنگ سنی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران پر جنگ مسلط نہیں کرے گا مگر ایران کی طرف سے کسی بھی خطرے کا پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، رکن کانگریس کا کہنا تھا کہ مائیک پومپیو نے یمن اور سعودی پر ایرانی ایجنٹوں کے حملوںکے بارے میںبھی بریفنگ دی۔