Author: ریحان عابدی

  • امریکہ کے کمپیوٹر نیٹ ورکس کو خطرہ‘ صدر ٹرمپ کا قومی ہنگامی صورتحال کا اعلان

    امریکہ کے کمپیوٹر نیٹ ورکس کو خطرہ‘ صدر ٹرمپ کا قومی ہنگامی صورتحال کا اعلان

    واشنگٹں : صدر ٹرمپ نے اپنے آرڈر کے ذریعے امریکی کمپنیوں کو غیر ملکی حریف ٹیلی کام کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے سے منع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے کمپیوٹرنیٹ ورکس کوغیر ملکی حریف کمپنیوں سے بچانے کے لیے قومی ہنگامی صورت حال کا اعلان کر دیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے ذریعے امریکی کمپنیوں کو غیر ملکی حریف ٹیلی کام کمپنیوں کی خدمات استعمال کرنے سے منع کیا جن کے بارے میں یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر میں کسی بھی کمپنی کا نام خاص طور پر نہیں لیا ہے۔تاہم تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ نے خاص طور پر چین کی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے حوالے سے یہ اقدام اٹھایا ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک جن میں امریکہ بھی شامل ہے نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ چین نگرانی کے لیے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی مصنوعات کو استعمال کر سکتا ہے۔

    دوسری جانب ہواوے نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا کام کسی کے لیے بھی خطرے کا باعث نہیں ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے آرڈر کے ذریعے امریکی کمپنیوں کو غیر ملکی حریف ٹیلی کام کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے سے منع کر دیا ہے۔

    وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کے آرڈر کا مقصد ’امریکہ کو غیر ملکی حریف کمپنیوں سے بچانا ہے جو فعال اور تیزی سے معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی اور خدمات کے مسلسل استعمال کے لیے حساس ہیں۔

    بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ اقدام کامرس سیکریٹری کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ ’ایسے ٹرانزیکشن کو روکے جو ملک کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

    امریکہ کی وفاقی کمیونیکیشنز کمیشن کے چیئرمین اجیت پائی نے امریکی صدر کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ایک بیان میں ان کا کہنا ہے یہ اقدام امریکہ کے نیٹ ورکس کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

    خیال رہے کہ امریکہ پہلے ہی وفاقی ایجنسیوں کو ہواوے کمپنی کی مصنوعات کے استعمال کو محدود کر چکا ہے اور اپنے اتحادیوں کو ایسا کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے نیکسٹ جینریشن کے فائیو جی موبائل نیٹ ورکس میں چینی کمپنی ہواوے گیئر کے استعمال کو روک دیا ہے۔

    لیکن چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے نے شدت سے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔دریں اثنا ہواوے کے چیئرمین لیانگ ہو نے کہا ہے کہ وہ منگل کو لندن میں ہونے والے ایک ملاقات کے دوران ’حکومتوں کے ساتھ غیر جاسوسی معاہدوں پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔

  • عالمی برادری القدس اور قضیہ فلسطین کے حل پر خصوصی توجہ دے، ترک صدر

    عالمی برادری القدس اور قضیہ فلسطین کے حل پر خصوصی توجہ دے، ترک صدر

    انقرہ : طیب اردوان کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے کہنا ہے کہ عالمی برادری نے قضیہ فلسطین اور القدس کے مسئلے کو پس پشت ڈال دیا مگرترکی کوششیں جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ قضیہ فلسطین اور القدس کے مسئلے کے حل کے لیے موثر اقدامات کرے۔

    ترکی قضیہ فلسطین اور القدس کے مسئلے کے موثر، دیر پا اور منصفانہ حل کی کوششیں جاری رکھے گا، صہیونی ریاست ذرائع ابلاغ کو نشانہ بنا کر اپنے ریاستی جرائم دنیا سے چھپانے میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر نے انقرہ میں غیر ملکی سفیروں کے لیے منعقدہ ایک افطار پارٹی سے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری نے قضیہ فلسطین کو پس پشت ڈال دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ترکی قضیہ فلسطین اور القدس کے مسئلے کے موثر، دیر پا اور منصفانہ حل کی کوششیں جاری رکھے گا۔ ترک صدر نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں چند ایام قبل اسرائیلی بمباری اور اس میں غزہ میں اناطولیہ نیوز ایجنسی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں اادارے کے مطابق طیب اردوآن نے کہا کہ صہیونی ریاست ذرائع ابلاغ کو نشانہ بنا کر اپنے ریاستی جرائم دنیا سے چھپانے میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔

  • یوکرائن میں کوئلے کی کان میں‌ ہولناک دھماکا، 13 افراد ہلاک

    یوکرائن میں کوئلے کی کان میں‌ ہولناک دھماکا، 13 افراد ہلاک

    کیف : یوکرائن کے باغیوں کے زیر کنٹرول مشرقی علاقے میں واقع ایک کان میں خوفناک دھماکے کے باعث تیرا افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائن کے مشرقی علاقے میں واقع کوئلے کی کان میں دھماکے کی رپورٹ لوہانسک اطلاعاتی مرکز سے جاری کی گئی۔ اس حادثے میں متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی تصدیق کر دی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کان میں دھماکے کے بعد ہنگامی امدادی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہنگامی خدمات انجام دینی والی ٹیموں نے کان سے 13 کان کنوں کی لاشیں نکال لی ہیں، میڈیا ذرائع کے مطابق ان کے علاوہ ہلاک ہونے والے چار افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ کان علاقائی دارالحکومت لوہانسک کے مغرب میں واقع ہے۔ یہ کان سن 2014 میں مسلح جھڑپوں کے دور میں بند کر دی گئی تھی اور حال ہی میں اسے دوبارہ کھولا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روس کی وزارت ہنگامی خدمات کی جانب سے یوکرائنی حکام کی درخواست کے بعد ریسکیو ٹیمیں مشرقی یوکرائن روانہ کی گئی تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یوکرائن میں سب سے زیادہ کوئلا مشرقی حصّے سے ہی برآمد ہوتا ہے، جہاں جاری خانہ جنگی کی قیمت 13 ہزار انسانی جانوں کی صورت میں ادا کرنی پڑی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کاکہنا تھا کہ یوکرائنی حکومت نے مشرقی یوکرائن میں باغیوں سے نمٹنے کےلیے جاری آپریشن کا دائرہ کار وسیع کرنے کی کوشش کی تھی۔

  • حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    مکہ مکرمہ : ڈپٹی گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ بدر بن سلطان نے حرم الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کا جائزہ لیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈپٹی گورنر کو بتایا گیا کہ جاری ترقیاتی کام رمضان المبارک کے آغاز تک مکمل ہو جائے گا جبکہ مسجد نبوی الشریف میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے استقبال رمضان کے حوالے سے جاری تیاریوں کے ضمن میں اسمارٹ قالین بچھانے کا آغاز کر دیا گیا-

    حرم مکی شریف کے تیسرے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں بیک وقت 2 لاکھ 80 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔ ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر سے معتمرین کی آمد جاری رہتی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اس ماہ مبارک میں عمرہ کی سعاد ت حاصل کرتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حرم مکی الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کی تکمیل سے معتمرین اور زائرین کو کافی سہولت ہو گی۔

    حرم مکی شریف کی تیسری توسیع کا سب سے بڑا مرحلہ شاہ عبد العزیز گیٹ اور اسکے سامنے بس اسٹینڈ کا ہے جہاں رمضان المبارک کے دروان سب سے زیادہ اژدھام رہتا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بس اسٹینڈ سے فی گھنٹہ 50 ہزار افراد مستفیض ہوتے ہیں جو حرم شریف سے تقریبا 10 سے 15 کلو میٹر دور کدی کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کر کے شٹل بس سروس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    واضح رہے رمضان المبارک اور حج سیزن میںدیگر شہروں سے اپنی گاڑیوں میں مکہ مکرمہ آنے والوں کیلئے کدی کے علاقے میں وسیع و عریض پارکنگ لاٹس مخصوص ہیں جہاں وہ اپنی گاڑیاں پارک کرکے بس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    ادارہ امور مسجد نبوی الشریف کے ڈائریکٹر بندر الحسینی نے سعودی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ نئے قالین مکمل طور پر سعودی عرب میں تیار کئے گئے ہیں جن میں اسمارٹ چپ لگائی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نئے تیار کئے گئے خصوصی قالینوں کو مخصوص انداز میں بنایا گیا ہے جو موسمی اثرات سے محفوظ رہیں گے اور انکے استعمال کی مدت بھی زیادہ ہو گی۔ نئے بچھائے جانے والے قالینوں کی تعداد 20ہزار 700 ہو گی۔

  • اُن اور پیوٹن کا دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے کا عزم

    اُن اور پیوٹن کا دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے کا عزم

    پیانگ یانگ/ماسکو : شمالی کوریا کے رہنما اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران روسی صدر کا کہنا تھا کہ جزیرہ نما کوریا میں مثبت پیشرفت کی حمایت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن ان دنوں روس کے تاریخی دورے شہر ولادیوسٹوک میں پہنچ ہیں، جہاں انہوں نے صدر ولادی میر پیوٹن سے بھی اہم ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اورعالمی امورپرتبادلہ خیال کیا۔

    کریملن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے سربراہوں نے جوہری ہتھیاروں کے ختم یا کرنے پر گفتگو کی، لیکن کم جونگ اُن امریکا سے مذاکرات میں ناکامی کے بعد روسی حمایت کی توقع کررہے تھے۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ ’شمالی کوریائی رہنما کے دورہ روس کے حوالے سے بہت پُر امید ہیں، روس باہمی دلچسپی کے ساتھ کورین پیننسولا کے معاملے کا حل نکال سکتے ہیں‘۔

    دوسری جانب کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ موجودہ ملاقات دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے حوالے خوشگوار ثابت ہوگی، ہماری دوستی طویل اور تاریخی ہے جو مزید مضبوط ہوگی‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کم جونگ ان روس کے اہم تاریخی دورے پر اپنی مسلح ٹرین کے ذریعے گزشتہ روسی شہر ولادیوسٹوک پہنچے تھے جہاں ان کا پُر تپاک استقبال کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ کم جانگ ان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد سے روس کا پہلا دورہ ہے، دونوں ملکوں کے درمیان آخری سربراہی ملاقات 8 سال قبل ہوئی تھی جب کم جانگ اُن کے والد کم جانگ اِل نے اس وقت کے روسی صدر دیمیتری میدویدیف سے ملاقات کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روس کے شمالی کوریا سے نسبتاً اچھے تعلقات ہیں اور ماسکو، پیانگ یانگ حکومت کو خوراک اور دیگر امداد بھی دیتا آیا ہے۔

  • جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین، آرٹسٹ نے حجاب میں‌ ملبوس 25 میٹر لمبی تصویر بنادی

    جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین، آرٹسٹ نے حجاب میں‌ ملبوس 25 میٹر لمبی تصویر بنادی

    سڈنی/ولنگٹن : معروف آسٹریلوی مصّور نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسندا آرڈرن کی حجاب میں ملبوس 25 میٹر لمبی تصویر بنادی جس نے مسلمانوں کے دلوں کو چھو لیا۔

     نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کے بعد ملک کی وزیراعظم جیسنڈا ارڈرن نے جس انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا اس پر پوری دنیا نے ان کی تحسین کی۔ اب آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ایک آرٹسٹ نے جیسنڈا ارڈرن کی ایک 25 میٹر اونچی تصویر بنائی ہے جس نے مسلمانوں کے دل موہ لیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ وہی تصویر ہے جس میں جیسنڈا ارڈرن نے سانحے میں شہید ہونے والے ایک شخص کی رشتہ دار خاتون کو گلے لگایا ہوا ہے اور وزیراعظم کے چہرے پر کرب و الم کے تاثرات نمایاں ہوتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس تصویر کے نیچے لفظ ’سلام‘ لکھا گیا ہے۔ یہ تصویر معروف آرٹسٹ لوریٹا لیزیو نے بنائی ہے جو دیواروں پر پینٹنگز بنانے کے حوالے سے دنیا بھر میں معروف ہے اور اب تک درجنوں ممالک میں اپنے فن کے جوہر دکھا چکا ہے۔

    لوریٹا نے جب اس تصویر کو بنانے کے لیے چندے کی اپیل کی تو صرف ایک دن میں ہی لوگوں نے اسے 11 ہزار آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 11لاکھ روپے) چندہ دے دیا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم جیسنڈا ارڈرن کی یہی تصویر دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر بھی روشنیوں کی شکل میں آویزاں کی جا چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اتنے لوگوں کی جان لینے والا موت کا حقدار ہے، کزن برینٹن ٹرینٹ

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے، پولیس نے چوبیس گھنٹے کے اندر مرکزی حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا جس کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی تھی، حملہ آور آسٹریلوی شہری تھا جس کی آسٹریلیا نے بھی تصدیق کردی تھی۔

  • یونان کا جرمنی سے 290 ارب یورو بطور ہرجانہ طلب کرنے کا فیصلہ

    یونان کا جرمنی سے 290 ارب یورو بطور ہرجانہ طلب کرنے کا فیصلہ

    ایتھنز: یونان کی پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ جرمنی دوسری جنگ عظیم کے دوران نازی جرمنی کے خوفناک جنگی جرائم اور یونان کو پہنچنے والے مالی نقصانات کا ازالہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کی پارلیمنٹ کے فیصلے کے تحت دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے 70 سال سے بھی زائد عرصے کے بعد جرمنی سے باضابطہ مطالبہ کیا جائے گا کہ برلن ایتھنز کو سینکڑوں ارب یورو بطور زر تلافی ادا کرے۔

    عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ یونان کی پارلیمنٹ نے یہ فیصلہ اکثریت کی بنیاد پر کیا، ایوان میں مسودہ قرارداد پارلیمانی اسپیکر نیکوس ووٹسِس نے پیش کیا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایسے تمام سفارتی اور قانونی اقدامات کرے جو جرمنی سے مالی ازالے کی وصولی کےلئے ناگزیر ہوں۔

    یونان کی پارلیمنٹ میں پیش کردہ قرار داد کے مطابق ابتدا میں یونان جرمنی سے یہ مطالبہ زبانی طور پربذریعہ سیاسی قیادت کرے گا۔

    یونان کے وزیر اعظم الیکسس سپراس نے اس ضمن میں پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی سے اس زر تلافی کی ادائیگی کا مطالبہ کرنا ہمارا ایسا تاریخی اور اخلاقی فرض ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جا سکتی ہے۔

    وزیراعظم کے مطابق ایتھنز کے اس مطالبے کا یونان کو درپیش مالیاتی بحران سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یونان کی یہ خواہش ہے کہ اس طرح اس کے ذمے واجب الادا کئی سو ارب یورو کے قرضوں کی واپسی کے عمل کو تیز تر کیا جا سکے۔

    الیکسس سپراس نے یہ دعویٰ کیا کہ مالیاتی بحران کے سلسلے میں بین الاقوامی بیل آوٹ پیکجز کے بعد اب وہ مناسب ترین وقت ہے کہ یونان جرمنی سے اس زر تلافی کی ادائیگی کا مطالبہ کرے۔

    یونان کے وزیراعظم سپراس 2015 کے پارلیمانی الیکشن میں یونانی عوام سے جن وعدوں کے بعد برسر اقتدارآئے تھے ان میں یہ وعدہ بھی شامل تھا کہ وہ اپنے ملک کے عوام کو دوسری عالمی جنگ کے دوران نازی جرمن دستوں کی طرف سے کی گئی زیادتیوں اور جنگی جرائم کی تلافی کے لیے ازالے کی رقوم دلوائیں گے۔

    یونان کے اس مطالبے کے متعلق حکومتی ترجمان اشٹیفن زائبرٹ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو اس بارے میں بہت افسوس ہے اور گہرا احساس جرم بھی کہ نازی دور میں جرمن دستوں نے یونان پر قبضے کے وقت وہاں کیا کیا ظلم ڈھائے تھے؟ لیکن اس کے با وجود کسی مالی ازالے کی ممکنہ ادائیگی سے متعلق جرمن حکومت کی سوچ اب بھی وہی ہے جو پہلے تھی۔

  • اعلیٰ فوجی افسر پر شرمناک ویڈیوز بنانے پر فرد جرم عائد

    اعلیٰ فوجی افسر پر شرمناک ویڈیوز بنانے پر فرد جرم عائد

    ولنگٹن : نیوزی لینڈ کی عدالت نے ملک کے اعلیٰ فوجی افسر کو سفارتخانے کے بیت الخلاء میں خفیہ کیمرا نصب کرکے لوگوں کی قابل اعتراض ریکارڈنگ کرنے کا مجرم قرار دےدیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ولنگٹن کی عدالت نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں قائم کیوی سفارت خانے میں تعینات 59 سالہ ملٹری اتاشی پر نازیبا ویڈیو فلمانے کا الزام تھا، الزام ثابت ہونے پر عدالت نے فوجی افسر پر فرد جرم عائد کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 59 سالہ فوجی افسر پر الزام تھا کہ انہوں نے امریکا میں موجود نیوزی لینڈ کے سفارتخانے کے باتھ روم میں خفیہ کیمرا نصب کرکے لوگوں کی قابل اعتراض ریکارڈنگ کی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر 2017 میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ کیٹنگ الفریڈ نے سفارتخانے کے باتھ روم میں انتہائی چھوٹا خفیہ کیمرا نصب کیا اور بعد ازاں ان کے خلاف مقدمے کا آغاز کیا گیا تھا۔

    رواں برس کے آغاز میں ہی کیٹنگ الفریڈ کے خلاف ٹرائل کا آغاز کیا گیا تھا اور رواں ماہ اپریل کے آغاز میں ہی ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا نے مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 59 سالہ کیٹنگ الفریڈ کو مقامی عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملٹری اتاشی نے لوگوں کی قابل اعتراض ریکارڈنگ کی۔

    رپورٹ کے مطابق اب سابق ملٹری اتاشی کو سزا سنائے جانے کے ٹرائل کا آغاز جون میں ہوگا اور انہیں 25 جون کو سزا سنائی جائے گی، سابق اعلیٰ فوجی افسر کو لوگوں کی شرمناک ریکارڈنگ کرنے کے جرم میں کم سے کم 18 ماہ جیل کی سزا سنائی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سابق ملٹری اتاشی نے ٹرائل کے دوران عدالت سے درخواست کی تھی کہ مقدمے میں ان کی شناخت اور نام خفیہ رکھا جائے کیوں کہ اس سے نہ صرف ان کے مستقبل کو خطرہ ہے بلکہ اس سے ملک کی فوج بھی بدنام ہوگی تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مقدمے میں ان کی شناخت عام رکھی۔

  • بچوں کی فحش فلموں تک رسائی روکنے کے لیے اہم فیصلہ

    بچوں کی فحش فلموں تک رسائی روکنے کے لیے اہم فیصلہ

    لندن : برطانیہ میں انٹرنیٹ پرموجود فحش مواد تک رسائی کو صارفین کی عمر کے ساتھ مشروط کردیا گیا، برطانیہ دنیا کا پہلا ملک بن گیا جہاں صارفین کو پورن فلم دیکھنے سے قبل قانونی طور پر اپنی عمر کی تصدیق کروانی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے بچوں کی فحش فلموں تک رسائی روکنے کےلیے نیا قانون منظور کیا گیا ہے، ماضی میں برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید بچوں کی جنسی بے راہ روی کے حوالے سخت قوانین بنانے کا عندیہ دے چکے تھے۔

    اس حوالے سے بتایا گیا کہ نیا قانون 15 جولائی سے نافذ ہوگا جس کے تحت کمرشل بنیادوں پر فحش مواد پیش کرنے والی کمپنیاں اس امر کو یقینی بنائیں گی کہ صارف کی عمر 18 برس سے زائد ہو۔

    چائلڈ پروٹیکشن گروپ نے حکومت کے مذکورہ اقدام کی تعریف کی تاہم ڈیجیٹل رائٹس گروپ نے خبردار کیا کہ قانون کے اطلاق سے صارفین کا ڈیٹا چوری اور اس کی پروائیوسی متاثر ہو سکتی ہے۔

    خبررساں ادارے کے مطابق مختلف سائٹس صارف کی عمر کی تصدیق کے لیے پاسپورٹ، کریڈٹ کارڈ سمیت اسپیشل واچر طلب کرسکیں گے۔

    وزارت ڈیجیٹل کے وزیر مارگوٹ جیمس نے کہا کہ ’کوئی قانونی قدغن نہ ہونے کی وجہ سے تمام عمر کے بچوں کو پورنوگرافی مواد تک آسانی سے رسائی حاصل تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ فحاش مواد فراہم کرنے والی ویب سائٹس نے عمر کی تصدیق کے قانون پر عمل نہیں کیا تو برطانوی صارفین کے لیے ان کی سائٹس غیر فعال کردی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ طبی ماہرین متفق ہیں کہ پورنوگرافی مواد دیکھنے سے ذہین بری طرح متاثر ہوتا ہے اور اس کے منفی اثرات جنسی خواہشات کی تکمیل کے لیے انسان کو مجرمانہ حد تک فعل کرنے پر مجبور کردیتے ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارت میں 12 جون کو واقعہ پیش آیا تھا جس میں فحاش ویڈیوز کے عادی 14 سالہ لڑکے نے اپنی بڑی بہن کے ساتھ ریپ کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارتی عدالت نے گاؤں کموتھے کے رہائشی 14 سالہ لڑکے کو اپنی 16 سالہ بہن کے ساتھ ریپ اور اسے حاملہ کرنے کے الزام میں بچوں کی جیل منتقل کردیا تھا۔

    ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس آفیسر سب انسپکٹر پارشورام بھاتوسے کا کہنا تھا کہ ’ملزم اپنے موبائل پر فحاش ویڈیوز دیکھنے کا عادی تھا اور اس نے جنسی تسکین حاصل کرنے کے لیے اپنی بڑی بہن کو نشانہ بنایا۔

  • پاکستانی شہری نے دبئی میں لاکھوں کی بائیک جیت لی

    پاکستانی شہری نے دبئی میں لاکھوں کی بائیک جیت لی

    دبئی : لاٹری ٹکٹ خریدنا ہر کسی کے لیے ممکن نہیں ہوتا لیکن جس نے ٹکٹ کی خریداری ممکن بنالی، اس کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا، پاکستانی نوجوان نے دبئی میں لاکھوں کی بائیک جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد نوجوان محمد صدر نے اپنی قسمت آزمانے کےلیے پہلی مرتبہ ٹکٹ خریدا اور ان کی امید بر آئی اور ان کا قرعہ اندازی میں نام نکل آیا، یعنی اب وہ تقریباً 19 لاکھ روپے کی بائیک کے مالک بن گئے ہیں۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہےکہ محمد صفدر نے بائیک تو جیت لیتاہم ابھی تک ان کا کچھ نہیں چلا، لاٹری انتظامیہ نے محمد صفدر کو تلاش کررہی ہے یہاں تک کہ اس نے اشتہار بھی دے دیا’کیا آپ محمد صفدر کو جانتے ہیں‘۔

    لاٹری انتظامیہ کے مطابق محمد نامی اس پاکستانی شہری کے ٹکٹ نمبر 0941 حال ہی میں ہونے والے لکی ڈرا میں انعام کا حقدار قرار پایا ہے۔

    محمد صدر گزشتہ کچھ سال سے ملازمت کے سلسلے میں دبئی میں مقیم ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اس لکی ڈرا میں اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    بھارتی لڑکی نے 10 لاکھ امریکی ڈالر جیت کر کروڑپتی بن گئی

    دوسری جانب بھارت سے تعلق رکھنے والی 9 سالہ لڑکی نے اپنی ناقابل یقین قسمت کے باعث دس لاکھ امریکی ڈالر کی لاتری جیت لی ہے، اس سے قبل اسی لڑکی نے 2013 میں بیش قیمت گاڑی لاٹری میں جیتی تھی۔

    یاد رہے کہ دبئی ڈیوٹی فری ریفل ٹکٹ کے نام سے جانے والے اس ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار درہم ہے جبکہ بائیک کی قرعہ اندازی میں شامل ہونے کےلیے 250 درہم کا ٹکٹ خریدنا پڑتا ہے جو کہ دبئی میں مقیم کسی بھی پاکستانی کے لیے ایک زیادہ بڑی رقم نہیں ہے۔