Author: ریحان عابدی

  • کامیڈی کنگ عمر شریف کی زندگی پر ایک نظر

    کامیڈی کنگ عمر شریف کی زندگی پر ایک نظر

    پاکستان کے معاشی حب کراچی کے مشہور علاقے لیاقت آباد میں 19 اپریل 1955 کو محمد عمر نامی بچے نے جنم لیا بعدازاں وہ بچہ کامیڈی کنگ عمر شریف کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہوا۔

    عمر شریف نے اپنی زندگی کی چودہ بہاریں دیکھنے کے بعد 14 برس کی عمر میں اسٹیج ڈراموں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور کامیابی کی سیڑھیاں کچھ اس انداز میں چڑھنا شروع کی کہ پھر پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔

    عمر شریف نے تھیٹر، اسٹیج، فلم اور ٹی وی میں اپنی جاندار اور بے مثال اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن ان کی بنیادی وجہ شہرت مزاحیہ اسٹیج ڈرامے ہیں۔

    کامیڈی کنگ کا اصل نام محمد عمر تھا لیکن عمر شریف لڑکپن سے ہی برصغیر کے بےمثل مزاحیہ اداکار منور ظریف کے دیوانے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ منورظریف میرے روحانی استاد ہیں۔ کریئر کی ابتدا میں عمرشریف نے اپنا نام عمر ظریف بھی رکھا لیکن 70 کی دہائی میں مصری اداکار عمر شریف کی فلم ’لارنس آف عریبیا‘ کی نمائش ہوئی تو جواں سال محمد عمر، عمر شریف بن گئے، بعدازاں عمر شریف کے نام دنیا میں اپنی پہنچان بنائی۔

    اسٹیج ڈراموں کے بے تاج بادشاہ نے 1980ء میں پہلی بار آڈیو کیسٹ سے اپنے ڈرامے ریلیز کیے، جو پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی کافی مقبول ہوئے۔

    عمر شریف کے مقبول ڈراموں میں 1989 میں ریلیز ہونے والا مشہور مزاحیہ ڈرامہ ’بکرا قسطوں پر 1، 2، 3، 4، 5، بڈھا گھر پر ہے، میری بھی تو عید کرا دے، ماموں مذاق مت کرو اور دیگر شامل ہیں۔

    عمر شریف نے 70 سے زائد ڈراموں کے سکرپٹ لکھے جن کے مصنف، ہدایتکار اور اداکار وہ خود تھے اور ان ڈراموں نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے۔

    عمر شریف نے اکتوبر 2009 میں اپنے لیٹ نائٹ ٹاک شو ’دی شریف شو‘ کا آغاز کیا اور متعدد اداکار، فنکار، گلوکار اور سیاست دانوں کے انٹرویوز کیے، انہوں نے اداکاری اور میزبانی کے ساتھ ساتھ متعدد پروگراموں میں بطور جج بھی شرکت کی جس میں بھارت کا مقبول ترین پروگرام ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ سرفہرست ہے، جہاں نوجوت سنگھ سدھو ان کے ہمراہ جج کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

    انسانی خدمت

    کامیڈی کنگ اداکاری کی دنیا میں شہرت حاصل کرنے کے باوجود انسانیت کے جذبے سے سرشار تھے، جس کے باعث انہوں نے 2006 میں عمر شریف ویلفیئر ٹرسٹ قائم کی جس کے تحت ماں کے نام سے اسپتال قائم کیا جہاں مریضوں کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

    ماں اسپتال

    ایوارڈز

    عمر شریف نے سال 1992 میں فلم ’مسٹر۔420‘ میں بہترین اداکاری اور ہدایت کاری کرنے پر نیشنل ایوارڈ حاصل کیا۔

    کامیڈی کنگ نے اپنی زندگی میں دس نگار ایوارڈ اپنے نام کیے اور عمر شریف واحد اداکار ہیں جنہوں نے ایک ہی سال میں چار مرتبہ نگار ایوارڈ حاصل کیا، آپ کو حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

    تمغہ امتیاز

    انتقال

    سن 2017 میں عمر شریف کے انتقال سے متعلق جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں، جس کے بعد ان کے صاحبزادے جواد عمر نے خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمر شریف حیات اور تندرست ہیں، بعدازاں ستمبر 2021 میں عمر شریف ایک مرتبہ پھر موت سے متعلق جھوٹی خبروں کا شکار ہوئے۔

    بھارت کے مشہور مزاحیہ اداکار جونی لیور اور راجو شریواستو سے ’دی گارڈ آف ایشین کامیڈی‘ کا لقب پانے والے کامیڈی کنگ عمر شریف 2 اکتوبر 2021 میں عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث 66 برس کی عمر میں جرمنی میں دوران علاج انتقال کرگئے۔

  • صارفین کیلئے خوشخبری: گوگل میٹ میں نئے فیچرز کا اضافہ

    صارفین کیلئے خوشخبری: گوگل میٹ میں نئے فیچرز کا اضافہ

    گوگل نے اپنی ویڈیو کمیونیکیشن سروس میٹ میں نئے فیچرز کا اضافہ کردیا جس کا مقصد صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق گوگل کی ویڈیو کانفرنسنگ سروس میٹ میں نئے فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    گوگل میٹ کے ویب ورژن میں اب کسی فرد کے ویب کیم میں کم روشنی کو ڈیٹکٹ کرنے والے سسٹم کا اضافہ کیا جارہا ہے۔

    اس ورژن کے تحت جس صارف کی اسکرین پر روشنی کم ہوگی گوگل میٹ خود کال برائٹنس کو بڑھا دے جس کی مدد سے دیگر صارفین اپنے ساتھی کو ویڈیو کال کے دوران دیکھ سکیں گے۔

    گوگل کے مطابق اکتوبر کے وسط سے یہ فیچر ورک اسپیس، جی سیوٹ بیسک اور بزنس صارفین سمیت تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    خیال رہے کہ گوگل کی جانب سے گزشتہ برس لو لائٹ موڈ متعارف کرایا گیا تھا جس کو نئے فیچر کی مدد سے اپ گریڈ کیا گیا ہے، لو لائٹ موڈ کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے جو روشنی کا معائنہ کرنے کے بعد برائٹنس کو بڑھا دیتی ہے۔

  • روزانہ رائی دانہ کھانے کے صحت پر حیران کن اثرات

    روزانہ رائی دانہ کھانے کے صحت پر حیران کن اثرات

    آپ نے بھی کبھی مبالغہ آرائی، کسی بات کو طول دینے یا اسے بحث کے سبب بگاڑ کی حد تک لے جانے پر بڑے بوڑھوں سے خاص طور پر سنا ہو گا کہ وہ تو رائی کا پہاڑ بنانا جانتا ہے یا اس نے رائی کا پہاڑ بنا لیا۔

    یہی رائی ہمارے کچن میں پکوان سے لے کر صحت و علاج کے لیے بھی استعمال ہوتی ہے۔ اسے ہم مصالہ جات میں شمار کرتے ہیں جو چھوٹے چھوٹے دانوں‌ کی شکل میں‌ ہوتی ہے۔

    رائی دانے ہماری صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں جن میں گلوکوسینولیٹ پایا جاتا ہے، یہ اسے منفرد ذائقہ دیتا ہے۔

    ماہرین کہتے ہیں کہ رائی دانے مختلف علاقوں میں کاشت ہونے کے سبب رنگ اور جسامت میں‌ مختلف ہوسکتے ہیں۔رائی دانے فیٹی ایسڈز ’اومیگا تھری، سیلینیوم، مینگنیز، میگنیشیم، کیلشیم، پروٹین، زِنک سے بھرپور ہوتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق رائی میں چنبل کے سبب ہوجانے والے زخموں اور انفیکشنز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

    ماہرین کی جانب سے رائی دانے کو روزانہ کی بنیاد پر خوراک میں شامل کرنا اور اس سے مستفید ہونا تجویز کیا جاتا ہے۔

    رائی دانے کے روزانہ کی بنیاد پر حاصل ہونے والے بے شمار طبی فوائد اور رونما ہونے والی جسمانی تبدیلیاں مندرجہ ذیل ہیں۔

    بلڈ پریشر کے مسائل میں معاون

    رائی دانے میں موجود میگنیشیم بلند فشار خون کو کم کرتا ہے اور یہ آدھے سر کے درد کی شدت میں بھی کمی لاتا ہے۔

    بہتر نظام ہاضمہ

    ہاضمے کی بہتر کارکردگی کے لیے رائی دانہ بہترین سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہ انسانی جسم میں میٹابولزم کے عمل کو مضبوط بناتے ہیں اور ہاضمے کے مسائل کو کم کرتے ہیں، اس کے نتیجے میں انسان کا جسمانی وزن کم ہوتا ہےخصوصاً باہر نکلا پیٹ اندر جانے لگتا ہے۔

    جوڑوں کے درد کا علاج

    کیلشیم اور میگنیشیم سے بھرپور ہونے کے سبب یہ عمر بڑھنے کے ساتھ خواتین کو ہڈیوں سے متعلق مسائل سے محفوظ رکھتے ہیں، چہرے سے جھریوں کا خاتمہ کرتے ہیں۔

    کمر کے درد یا پٹھوں کی اکڑن کے مسئلے سے دوچار افراد رائی دانے چبا لیں، اس سے درد میں کمی آئے گی اور پٹھوں کی سختی اور سوجن کم ہوگی۔

    وائرل انفیکشن، الرجی میں افاقہ

    رائی دانوں کی یہ خاصیت ہے کہ یہ نزلے کی شدت کو کم کرتے ہیں اور سانس کی نالی میں تنگی سے نجات حاصل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

    اگر کسی کو مٹی سے الرجی کے سبب سانس لینے میں دشواری پیش آتی ہے تو وہ رائی کے بیج چبالے، افاقہ ہوگا۔

    کینسر سے نجات

    رائی دانوں کے اندر ایسے انزائمز پائے جاتے ہیں جو بڑی آنت کے سرطان کا خاتمہ کرتے ہیں، یہ سرطانی خلیوں کو بڑھنے اور پیدا ہونے سے روکنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔

  • ایپل کی جدید اسمارٹ واچ ’آئی سیون‘ حیران کن فیچر کیساتھ متعارف

    ایپل کی جدید اسمارٹ واچ ’آئی سیون‘ حیران کن فیچر کیساتھ متعارف

    ایپل نے اپنی نئی اسمارٹ واچ میں صحت اور تندرستی کے حوالے سے حیرت انگیز فیچرز شامل کردئیے جن کی مدد سے گھڑی بلڈ پریشر کے ساتھ ساتھ صارف کے جسم کا درجہ حرارت بھی بتائے گی۔

    مشہور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی اسمارٹ واچ صحت سے متعلق معلومات تو پہلے بھی فراہم کرتی تھی لیکن کمپنی نے نئی اسمارٹ واچ سیون میں ایسا منفرد فیچر شامل کیا ہے جو صارف کی فزیکل فٹنس کا بھی خیال رکھتا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے نئی اسمارٹ واچ میں ایسے سینسرز شامل کیے گئے ہیں جو صارف کا بلڈ پریشر جانچنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جسم کا درجہ حرارت بھی نوٹ کرے گا۔

    ایپل کی اسمارٹ واچ دل کی ڈھرکن تو پہلے بھی نوٹ کرتی تھی لیکن اب ان سینسرز کی مدد سے نئی گھڑی دھڑکن میں بے قاعدگی کی صورت میں الارم بجائے گی اور صارف کے ڈاکٹر کو ای میل پیغام کے ذریعے آگاہ کرے گی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئی واچ سیون نیند کا دورانیہ بھی جانچ کر آپ کو بستر پرجانے کا وقت بتائے گی۔

    نئی اسمارٹ واچ میں خون میں آکسیجن سطح اور شوگر کی مقدار ناپنے کی صلاحیت بھی ہوگی جو کمی کی صورت میں صارف کو آگاہ کرے گی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی واچ سیون دنیا کے 436 ملین شوگر کے مریضوں کےلیے اُمید کی نئی کرن ثابت ہوسکتی ہے۔

  • اینڈرائیڈ و آئی فون صارفین کیلئے خوشخبری! واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف

    اینڈرائیڈ و آئی فون صارفین کیلئے خوشخبری! واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف

    سان فرانسسکو : پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی دنیا کی مقبول ترین موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے صارفین کی بڑی مشکل حل کردی۔

    واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد دو ارب سے زائد ہے، جن کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمپنی کی جانب سے آئے روز نت نئے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں۔

    واٹس ایپ صارفین کو ایک مشکل تھی کہ اگر وہ اینڈرائیڈ سے آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم پر منتقل ہوتے ہیں تو اُن کی چیٹ ضائع ہوجاتی ہے۔

    اب واٹس ایپ نے صارفین کی اس مشکل کو حل کرتے ہوئے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین نے بتایا کہ فی الوقت یہ سہولت سام سنگ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

    اینڈرائیڈ 10 یا 11 آپریٹنگ سسٹم والے فونز سے آئی او ایس سسٹم پر صارف چیٹ ، ایموجی، تصاویر منتقل کرسکے گا۔

    واٹس ایپ کے مطابق اینڈرائیڈ صارف اس فیچر کی واٹس ایپ کی تمام ہسٹری آئی او ایس پر منتقل کرسکیں گے لیکن اس کے لیے آپ کو اپنے سام سنگ فون میں واٹس ایپ انسٹال کرنا پڑے گا جس کے بعد ایک آپشن نظر آئے گا۔

    یہ آپشن چیٹس کو کسی آئی فون سے محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کا ہوگا اور اس کام کے لیے یو ایس سی ٹو لائٹننگ کیبل کی ضرورت ہوگی۔

    اس منتقلی میں اکاؤنٹس انفارمیشن، پروفائل فوٹو، انفرادی چیٹس، گروپ چیٹس، چیٹ ہسٹری، میڈیا (وائس میسجز، تصاویر اور ویڈیوز) اور سیٹنگز سب کچھ ایک سے دوسرے فون میں ٹرانسفر ہوجائے گا۔

    مگر کال ہسٹری اور ڈسپلے نیم چیٹ ٹرانسفر کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    اس کا مکمل طریقہ کار اور ضروریات کو اس لنک پر جاکر دیکھ سکتے ہیں مگر اس کے لیے سام سنگ اسمارٹ سوئچ کی ضرورت ہوگی اور بظاہر ڈیٹا ٹرانسفر اسی وقت ہوسکے گا جب آپ کا سام سنگ فون نیا ہو یا آپ نے فیکٹری سیٹںگز کو ری سیٹ کیا ہو۔

    خیال رہے کہ اگست کے آغاز میں کمپنی نے اس فیچر کو لانچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیچر بہت مشکل سے تیار کیا گیا کیونکہ صارفین کے میسجز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ اور موبائل میں محفوظ ہوتے ہیں، اس کام کو یقینی بنانے کے لیے موبائل کمپنیوں نے بھی اضافی کام کیا اور سب کی مشترکہ کاوش کے بعد ہی فیچر تیار کیا گیا۔

    یہ ٹول صارفین کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا کیونکہ وہ مختلف ڈیوائسز اور پلیٹ فارمز پر اپنے اکاؤنٹ کا تمام ڈیٹا کسی بھی آپریٹنگ سسٹم میں منتقل کر کے اُسے استعمال کرسکیں گے۔

    واٹس ایپ کے سربراہ ول کیٹ کارٹ نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صارف سام سنگ کے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر دستیاب ہوگی، جلد تمام اینڈرائیڈ صارفین فیچر استعمال کرسکیں گے۔

  • ڈیڑھ کروڑ تاوان کیلئے اغوا 2 دوست بازیاب

    ڈیڑھ کروڑ تاوان کیلئے اغوا 2 دوست بازیاب

    فیصل آباد : پنجاب پولیس نے اغوا برائے تاوان میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے دو مغوی دوستوں کو بازیاب کرالیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے معراج پورہ کے باوا چک سے دو مغوی دوستوں کو گرفتار کرایا گیا ہے جنہیں ڈیڑھ کروڑ تاوان کےلیے اغوا کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا برائے تاوان میں ملوث نو ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، ملزمان نے رہائی کےلیے ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

    پولیس نے دونوں مغویوں کے ماموں کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرکے ملزمان کو گرفتار کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم ارسلان باوا چک کا رہائشی اور مغوی کا دوست ہے جس نے موبائل دینے کے بہانے متاثرہ جوان کو بلا کر اغوا کیا تھا۔

  • میٹھا سوڈا کینسر کا مفید علاج ثابت ہوسکتا ہے!

    میٹھا سوڈا کینسر کا مفید علاج ثابت ہوسکتا ہے!

    کینسر جیسے موذی مرض سے بچاؤ کیلئے ماہرین نے بیکنگ سوڈا سے نیا طریقہ علاج دریافت کرلیا ججو سرطان کو قابو کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    طبی ماہرین جانتے ہیں کہ کینسر کی رسولیوں کا بڑا حصہ ایسا ہوتا ہے جہاں آکسیجن نہیں پہنچتی اور اسی وجہ سے ان مقامات کا علاج کرنا مشکل ہوتا ہے۔

    خلیے کو جب مناسب آکسیجن نہیں ملتی تو وہ ایک خاص حالت میں چلا جاتا ہے جسے کوشنٹ اسٹیٹ کہا جاتا ہے۔

    اس موقع پر ایم ٹی او آر سی ون نامی ایک مالیکیولر سوئچ خلیے کی صورتحال کا جائزہ لے کر بتاتا ہے کہ خلیے کو تقسیم ہونا ہے یا نہیں۔ اگر ایم ٹی او آر سی1 موجود نہ ہو تو خلیہ کا اندرونی کام ٹھپ ہوجاتا ہے اور سرطانی رسولی کے اندر اس مالیکیول کی سرگرمی ختم ہوجاتی ہے اور بیکنگ سوڈا سرگرمی کو دوبارہ سے شروع کرتا ہے۔

    یونیورسٹی آف پنسلوانیا کی تحقیق میں ماہرین نے میٹھے سوڈے سے کینسر کا علاج دریافت کیا ہے جس کی مدد سے کینسر کا علاج ممکن ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بیکنگ سوڈے میں آٹو امیون امراض سے مقابلے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے، بیکنگ سوڈا کو اگر پانی میں ملا کر کینسر کے مریض کو پلایا جائے تو علاج کی نئی راہیں کھلیں گیں۔

  • صارف کو خراب اور اصل کے بدلے دوسرے فرنیچر دینا دکاندار کو مہنگا پڑگیا

    صارف کو خراب اور اصل کے بدلے دوسرے فرنیچر دینا دکاندار کو مہنگا پڑگیا

    کراچی : صارف کو خراب اور اصل کے بدلے دوسرا فرنیچر دینا دکاندار کو مہنگا پڑگیا، عدالت نے دکاندار پر بھاری جرمانہ عائد کردیا۔

    تتفصیلات کے مطابق کراچی کی کنزیومر کورٹ نے صارف کی خراب فرنیچر سے متعلق دائر درخواست پر فیصلہ سنا دیا، عدالت نے خراب فرنیچر دینے والے دکاندار پر 33 ہزار جرمانہ عائد کردیا۔

    کنزیومر کورٹ نے حکام دیا کہ صارف کو خراب فرنیچر کے بدلے نیا فرنیچر فراہم کیا جائے اور اگر فرنیچر نہیں تو فرنیچر کے پیسے صارف کو واپس کیے جائیں۔

    درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ رواں سال 31 جنوری کو غریب آباد سے گھر کا فرنیچر خریدا تھا، مجموعی طور پر تمام فرنیچر کی مد میں 86 ہزار ایڈوانس ادا کیا۔

    متاثرہ صارف کا کہنا تھا کہ جو فرنیچر پسند کرکے آیا تھا دکاندار نے اس کے بدلے دوسرا اور خراب فرنیچر بھیج دیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کنزیومر کورٹ صارفین سے دھوکہ دہی میں ملوث دکانداروں کے خلاف فیصلے سنا چکی ہے۔

  • اس تصویر میں ’کتا‘ کہاں ہے؟

    اس تصویر میں ’کتا‘ کہاں ہے؟

    اے آر وائی نیوز اردو نے قارئین کی دلچسپی کو دیکتے ہوئے پہیلی سلسلے کا آغاز کیا تھا، جن میں قارئین کو کبھی پزل، کبھی ریاضی اور کبھی تصاویر میں فرق تلاش کرنے کا چلینج دیا جاتا ہے۔

    یوں تو انٹرنیٹ پر روز ہی متعدد پہلیاں شیئر ہوتی ہیں، جن میں سے چند ایک کو منتخب کر کے ہم انہیں آپ کے سامنے پیش کرتے ہیں اور درست جواب تلاش کرنے کا چیلنج دیتے ہیں۔

    جہاں یہ پہلیاں لوگوں کو کے لیے درد سر بنتی ہیں وہیں ذہین قارئین ان پہیلیوں کو چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہیں اور درست جواب تلاش کرتے ہیں اور پھر وہ اپنے قریبی دوستوں کو بھی یہی چیلنج دیتے ہیں جس کی وجہ سے یہ وائرل بھی ہوجاتی ہیں۔

    آج جو پہیلی یا چیلنج آپ کے سامنے پیش کررہے ہیں وہ بظاہر بہت خاص اور دلچسپ ہے، جس کا جواب یقیناً مشکل ہے کیوں کہ آپ کی بصارت کا امتحان ہے۔

    درج ذیل پہیلی میں نظر آنے والی تصویر میں متعدد پانڈے کی شکلیں نظر آرہی ہیں، لیکن ان کے درمیان میں ایک کتا بھی موجود ہے۔

     

    آپ نے تصویر دیکھ کر اس پہیلی کا جواب دینا ہے کہ کتا کہاں  چھپا ہوا ہے۔

    تو آپ کے خیال میں اس پہیلی کا درست جواب کیا ہوگا؟ آپ نے جواب تلاش کرلیا نہیں آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ درست جواب کیا ہے۔

    دراصل نیچے سے دوسری صف میں دائیں سے بائیں طرف دیکھتے ہوئے چوتھےنمبر پر موجود جانور کتا ہے جو پانڈوں کے درمیان چھپ کر بیٹھا ہے۔

  • گھر میں 2 فٹ لمبا کنکھجورا نکل آیا! اہل خانہ خوف میں مبتلا

    گھر میں 2 فٹ لمبا کنکھجورا نکل آیا! اہل خانہ خوف میں مبتلا

    کنکھوجورا تقریباً ہر گھر میں ہی دیکھا گیا ہوگا لیکن اگر آپ کے کمرے میں 2 فٹ لمبا کنکھجورا نکل آئے تو آپ کیا کریں گے؟

    جی ہاں! جاپان کے رہائشی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ریڈٹ پر اپنے گھر میں نکلنے والے کنکھجورے کی تصویر شیئر کی جسے دیکھ کر صارفین بھی شدید خوف میں مبتلا ہوگئے۔

    تصویر میں نظر آرہا ہے کہ کنکھجورا اپنی عام جسامت سے بہت زیادہ بڑا ہے اور لوہے سے بنے کھڑکی کے اوپری حصے پر رینگ رہا ہے۔

    صارف نے کمنٹ میں بتایا کہ اس طویل القامت کنکھجورے کی رفتار 1.3 فٹ فی سیکنڈ تھی۔

    واضح رہے کہ کنکھجورا جسے ڈس لے اس کے جسم میں زہر پھیل جاتا ہے اور تکلیف بھی بہت زیادہ ہوتی ہے، اور اس کے ڈسنے سے متاثرہ شخص کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جب کہ دل کی تکلیف اور دماغ میں زہر بھرنے کے مسائل بھی پیش آسکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کنکھجورے کی 8 ہزار اقسام پائی جاتی ہیں لیکن ابھی تک صرف 3 ہزار اقسام کا ہی پتہ لگایا جاسکا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کنکھجورے برساتی جنگلات میں بھی پائے گئے حتیٰ کہ صحرا اور دیگر جگہوں پر بھی کنکھجورے کی قسمیں پائی گئیں۔