Author: ریحان خان

  • (ویڈیوز) 12 گیندوں پر 11 چھکے، ایک اوور میں 40 رنز, کون ہے یہ طوفانی بلے باز؟

    (ویڈیوز) 12 گیندوں پر 11 چھکے، ایک اوور میں 40 رنز, کون ہے یہ طوفانی بلے باز؟

    (31 اگست 2025): کرکٹ میں بعض اوقات نا قابل یقین ریکارڈ بن جاتے ہیں جیسا کہ ایک بلے باز نے 12 گیندوں پر 11 چھکے اور ایک اوور میں 40 رنز بنا ڈالے۔

    کرکٹ دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں سے ایک ہے۔ اس میں لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال اور سنسنی خیزی میچز کو دلچسپ بناتی ہے اور جب سے ٹی 20 فارمیٹ آیا ہے، تب سے یہ کھیل شائقین کرکٹ کے لیے مزید ولولہ انگیز ہو گیا ہے۔ ایسے ہی ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں طوفانی بلے باز نے حیرت انگیز اور ناقابل یقین ریکارڈ بناتے ہوئے 12 گیندوں پر 11 چھکے اور ایک اوور میں 40 رنز بنا ڈالے۔

    یہ میچ بھارت میں کیرالہ کرکٹ لیگ میں کھیلا گیا اور چھکوں کی برسات سلمان نظار کے بلے سے برسی، جس کو دیکھ کر شائقین اور ماہرین کرکٹ دنگ رہ گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ کرکٹ لیگ میں اڈانی ترویندرم رائلز کے خلاف ٹی 20 میچ میں کالی کٹ گلوبسٹرس کی نمائندگی کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے بلے باز سلمان نظار نے ریکارڈ بک کو تہس نہس کر دیا اور نئے ریکارڈ اپنے نام درج کرا لیے۔

    گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بائیں ہاتھ کے بلے باز نے آخری 12 گیندوں پر 11 چھکے لگائے اور ایک اوور میں 40 رنز بنا کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔

    میچ کے 19 ویں اوور میں سلمان نظار نے باسل تھمپی کی گیندوں پر لگاتار 5 چھکے لگائے اور آخری گیند پر ایک رن لے کر آخری اوور میں اسٹرائیک اپنے ہاتھ میں رکھی۔

     

    آخری اور ڈرامائی اوور ابھیجیت پراوین نے کرایا جس پر جارح مزاج طوفانی بلے باز نے لگاتار 6 چھکے لگائے۔ اس اوور کے دوران بولر نے ایک وائیڈ اور ایک نو بال کرائی، جس پر ایک، ایک رن اضافی ملا۔ جب کہ بیٹر نے نو بال پر بھاگ کر 2 رنز بنا لیے۔ یوں اس اوور میں مجموعی طور پر 40 رنز بنے۔

     

    سلمان نظار نے اس میچ میں صرف 26 گیندوں پر ناقابل شکست 86 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کالی کٹ گلوبسٹرز کا اسکور 6 وکٹوں پر 186 پہنچایا۔ جواب میں اڈانی تریویندرم رائلز کی ٹیم 19.3 اوورز میں 173 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور یوں کالی کٹ کو 13 رنز سے فتح ملی۔

    میچ ختم ہونے کے بعد بھارت بھر میں سلمان نظار سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا۔ صارفین نے نوجوان بیٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ یہ آدمی کھیل نہیں رہا تھا، بلکہ وہ صرف کھیلواڑ کر رہا تھا۔

  • بلدیاتی نظام سے مطمئن نہیں تو الیکشن کیوں لڑا؟ امیر جماعت اسلامی نے کیا کہا؟

    بلدیاتی نظام سے مطمئن نہیں تو الیکشن کیوں لڑا؟ امیر جماعت اسلامی نے کیا کہا؟

    کراچی (31 اگست 2025): شہر قائد کے بلدیاتی نظام میں جماعت اسلامی دوسری بڑی پارٹی ہے تاہم وہ اس بلدیاتی نظام سے مطمئن نہیں ہے۔

    اے آر وائی کے پوڈکاسٹ میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر شریک ہوئے۔ ان سے میزبان ایاز سموں نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ بلدیاتی نظام سے مطمئن ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم بالکل بھی بلدیاتی نظام سے مطمئن نہیں ہیں۔ اس پر میزبان نے ایک سوال اور داغا کہ اگر مطمئن نہیں تو پھر لوکل باڈی الیکشن کیوں لڑا۔

    منعم ظفر نے کہا کہ ہم بلدیاتی نظام سے مطمئن نہیں، لیکن آپ دیکھیں کہ ہم نے فائٹ کی اور آج کراچی کے عوام کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت کے امیر جماعت اسلامی کراچی (موجودہ امیر جماعت اسلامی پاکستان) حافظ نعیم نے کراچی کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جیسا بھی لوڑا لنگڑا نظام ہوگا ہم عوام کی خدمت کریں گے۔ اور جتنے بھی وسائل اور اختیارات ملیں گے اس میں کام کر کے دکھائیں گے۔

    منعم ظفر نے کہا کہ ہم کراچی کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر رہے ہیں۔ اختیارات اور وسائل نہ ہونے کے باوجود آج اپنے وسائل اور اختیار سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں اور اپنے شہر کے عوام کی خدمت کے لیے مستقبل میں بھی یہ کام کرتے رہیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/town-chairman-salary-how-much/

  • ٹاؤن چیئرمین کی تنخواہ کتنی ہوتی ہے؟ جانیے

    ٹاؤن چیئرمین کی تنخواہ کتنی ہوتی ہے؟ جانیے

    کراچی (31 اگست 2025) عوام کی اکثریت بلدیاتی نظام میں چیئرمین کی تنخواہ نہیں جانتے تاہم اس اے آر وائی پوڈکاسٹ کے ذریعہ انہیں پتہ چل جائے گا۔

    اے آر وائی کے پوڈکاسٹ میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر شریک ہوئے۔ ان سے میزبان ایاز سموں نے بلدیاتی نظام سے متعلق متعدد سوالات کیے۔ ایک سوال یہ بھی پوچھا کہ ٹاؤن ناظم کی تنخواہ کتنی ہوتی ہے۔

    منعم ظفر نے بتایا کہ ایک ٹاؤن ناظم کی ماہانہ تنخواہ تقریباً 50 ہزار ہوتی ہے۔

    میزبان نے کراس کوئیسچن کرتے ہوئے استفسار کیا کہ پھر یہ جو بڑی بڑی گاڑیوں میں گھوم رہے ہوتے ہیں؟ اس پر امیر جماعت اسلامی کراچی نے وضاحت کہ ٹاؤن کی طرف سے صرف چیئرمین کو گاڑی ملتی ہے۔ یوسی چیئرمین اور کونسلرز کو ایسا کچھ نہیں ملتا۔

    ایاز سموں نے پھر سوال داغا کہ کچھ تو بنا لیتے ہوں گے یہ؟

    منعم ظفر نے بتایا کہ 2024 تک ہر یوسی کو آکٹرائے ٹیکس کی مد میں صرف 5 لاکھ ملتے تھے۔ تاہم ہر یو سی میں 9 ملازم ہوتے ہیں اور ان میں سے ہر ماہ ساڑھے چار یا پونے پانچ لاکھ تو تنخواہ میں چلے جاتے تھے۔ پھر پیچھے 25 ہزار بچتے تھے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے ہی شور مچایا کہ یوسی کا او زی ٹی شیئر بڑھاؤ تاکہ یوسی چیئرمین ڈیولپمنٹ کا کچھ تو کام کرا سکیں۔ کچھ نہیں تو گٹروں کے ڈھکن اور اسٹریٹ لائٹس ہی لگا دیں۔ اس کے بعد ہی یوسی کا او زی ٹی شیئر 5 لاکھ سے بڑھا کر 12 لاکھ کیا گیا۔

    اسی پوڈکاسٹ میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کرپٹ پارٹی ممبران کے خلاف پارٹی کی کارروائی سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/jamaat-e-islami-with-corrupt-party-members-munem-zafar-explains/

  • پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فتوحات سیلاب متاثرین کے نام کر دیں

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فتوحات سیلاب متاثرین کے نام کر دیں

    شارجہ (31 اگست 2025) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سہ ملکی سیریز میں مسلسل دو فتوحات پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کر دیں۔

    شارجہ میں کھیلی جا رہی سہ ملکی سیریز میں پاکستان نے پہلے افغانستان اور پھر یو اے ای کو زیر کیا اور فائنل تک پہنچنے کے لیے رستہ آسان کر لیا۔

    مسلسل دو فتوحات کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کر دیا اور اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک جذباتی پیغام پوسٹ کیا ہے۔

    مائیک ہیسن نے اپنی پوسٹ میں فتوحات کو سیلاب متاثرین کے نام کرتے ہوئے مزید لکھا کہ پاکستان میں کچھ لوگ اس وقت بہت مشکل میں ہیں۔ ہم ان کی حفاظت اور ہمت کے لیے دعاگو ہیں۔

     

    واضح رہے کہ پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز کے افتتاحی میچ میں افغانستان کو 39 رنز جب کہ میزبان یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے کر لگاتار دو فتوحات حاصل کی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/shahid-afridi-wants-psl-and-international-matches-held-in-peshawar-31-august-2025/

  • وفاقی وزیر کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی تباہ، گڑھے پڑ گئے

    وفاقی وزیر کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی تباہ، گڑھے پڑ گئے

    سیالکوٹ (31 اگست 2025): وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی سیلاب میں برباد ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیالکوٹ میں جہاں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں نے ہر چیز تہس نہس کی۔ وہیں اس علاقے سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اور ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے والد کے نام سے منسوب خواجہ صفدر روڈ بھی برباد ہو گیا اور اس میں گڑھے پڑ گئے ہیں۔

    مذکورہ شاہراہ 2019 میں بنائی گئی تھی جب کہ پانی کی نکاسی کے لیے شہر میں کروڑوں ڈالر (پاکستانی ارب سے زائد) کے پائپ ڈالے گئے تھے۔

    خواجہ آصف اپنے والد کے نام سے منسوب یہ سڑک دیکھ کر برہم ہوئے اور کہا کہ کروڑوں ڈالر کے پائپ یہاں ڈالے گئے تھے، جو ایک بارش کا بوجھ بھی برداشت نہ کر سکے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ جو بھی اس کا ذمہ دار ہے، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور پنجاب حکومت ان مجرموں کا احتساب ضرور کرے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں طوفانی بارش سے بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سب کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ خواجہ آصف نے اس سے قبل بھی سیالکوٹ کے طوفانی بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    وفاقی وزیر دفاع نے ضلعی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی حد ہے کہ تمام سڑکیں بارش میں بہہ گئیں۔ ایس ڈی او، ایکسین یا ٹھیکیدار سے کوئی سوال نہیں کرتا۔ کرپشن کی صورتحال یہ ہے کہ ذاتی طور پر کام کراؤ تو 50 ہزار لگتے ہیں، جب کہ سرکاری فنڈز سے وہی کام 5 کروڑ کا ہوتا ہے۔

    خواجہ آصف نے تباہی کی بڑی وجہ نالوں پر تجاوزات اور کرپشن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے بہاؤ کی جگہ پر تجاوزات ہیں، جو سٹی گورنمنٹ اور بلدیاتی اداروں کی ناکامی ہے۔ سرکاری اہلکار بھی تجاوزات میں ملوث ہوتے ہیں۔ شہر کا اسٹرکچر تباہ ہو گیا۔

     

  • دولہا سمیت بارات سیلاب میں پھنس گئی!

    دولہا سمیت بارات سیلاب میں پھنس گئی!

    عارف والا (31 اگست 2025) پنجاب میں اس وقت سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں ایک گاؤں میں دولہا سمیت بارات سیلابی پانی میں پھنس گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے عارف والا میں نمائندے محمد اسلم چوہدری نے علاقے میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے خبر دیتے ہوئے بتایا کہ گاؤں بلاڑا میں ایک بارات دلہن کے گھر جا رہی تھی کہ سیلابی پانی میں پھنس گئی۔

    اس موقع پر باراتی پریشان ہو گئے۔ تاہم دولہا کے بھائی نے ریسکیو 1122 رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کیا۔

    ریسکیو 1122 فوری طور پر کشتیوں ساتھ لے کر مدد کے لیے پہنچی اور دولہا سمیت بارات کو کشتیوں کے ذریعہ منزل مقصود تک پہنچایا۔

    اس موقع پر کشتیوں میں سوار باراتیوں نے ڈھول بجا کر رقص کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122 اور حکومت کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

    اس موقع پر دولہا کے بھائی نے بتایا کہ آج ان کے بھائی کی شادی تھی۔ ہم بارات لے کر جا رہے تھے، کہ سیلابی پانی میں پھنس گئے۔ رابطہ کرنے پر ریسکیو 1122 والے فوری مدد کو پہنچے اور ہمیں کشتیوں کے ذریعہ ہمیں وہاں تک پہنچایا۔

     

  • پشاور میں پی ایس ایل اور بین الاقوامی میچز کرائے جائیں، شاہد آفریدی

    پشاور میں پی ایس ایل اور بین الاقوامی میچز کرائے جائیں، شاہد آفریدی

    (31 اگست 2025): سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے چیئرمین پی سی بی سے پشاور میں پی ایس ایل سمیت بین الاقوامی کرکٹ میچز کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جنہوں نے سیلاب زدگان کے لیے عمران خان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چیریٹی میچ میں لیجنڈز الیون کی قیادت کی۔ انہوں نے آج پشاور پولیس لائن کا دورہ کیا اور شہدا کی یادگار پر پھول رکھنے کے ساتھ ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سابق قومی کپتان نے پشاور میں بھی پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز کے انعقاد کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے یہاں کے گراؤنڈ کا معیار انٹرنیشل معیار کا ہے۔

    انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے درخواست کی کہ پاکستان سپر لیگ اور بین الاقوامی کرکٹ میچز پشاور کے اسٹیڈیم میں بھی کرائے جائیں۔

    سابق کپتان نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے چیریٹی میچ کے انعقاد کو احسن اقدام کراتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد سے اندازہ ہوا کہ عوام اس طرح کی سرگرمیوں کو دیکھنا چاہتی ہے۔

    شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کی کارکردگی سے متعلق کہا کہ اس وقت تو پاکستان ٹیم اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ آگے ایشیا کپ ہے، جس کا شدت سے انتظار ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/peshawar-zalmi-vs-legend-xi-floods-relief-match/

  • شارجہ اسٹیڈیم سے جُڑی پاکستان کرکٹ کی سنہری یادیں

    شارجہ اسٹیڈیم سے جُڑی پاکستان کرکٹ کی سنہری یادیں

    کراچی (29 اگست 2025): شارجہ اسٹیڈیم کا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے اس میدان سے پاکستان کرکٹ کی سنہری یادیں بھی جڑی ہیں۔

    شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کو سب سے زیادہ میچز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے اور اس کا نام عالمی ریکارڈ کے حوالے سے مستند گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے۔ تاہم اس میدان کے تاریخی پنّوں میں پاکستان کرکٹ کی سنہری یادیں بھی درج ہیں۔

    شارجہ اسٹیڈیم میں پاکستانی کھلاڑیوں نے کرکٹ کے کھیل میں وہ کارنامے انجام دیے اور ایک سے بڑھ کر ایک سنسنی خیز میچ جیت کر نہ صرف پاکستانیوں کو بے شمار خوشگوار لمحات دیے بلکہ دنیا کو بھی حیران کیا۔

    اسی تاریخی میدان پر لیجنڈری جاوید میانداد کا تاریخی چھکا کوئی نہیں بھول سکتا۔ اپریل 1986 میں آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف فائنل میچ میں آخری اوور کی دو گیندیں باقی تھیں اور پاکستان کی آخری وکٹ باقی تھی۔

    پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 5 رنز درکار تھے، اور سامنے تھے توصیف احمد۔ چیتن شرما بھاگتے ہوئے آئے اور گیند کی، توصیف احمد نے ایک رن لے کر اسٹرائیک جاوید میانداد کو دی۔ اب ایک گیند پر چار رنز درکار تھے۔

    اور پھر وہ ہوا جو شاید کسی کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا۔ چیتن شرما نے فل ٹاس گیند کرائی جس کو جاوید میانداد نے اپنے بلے کی طاقت سے اتنا اوپر اچھالا کہ وہ باؤنڈری پار ہی جا کر گری۔ یہ پاکستان کی کسی بھی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پہلی ٹرافی تھی۔

    چار دہائیاں گزر جانے کے باوجود پاکستانی شائقین اس چھکے اور فتح سے لطف اندوز ہوتے جب کہ بھارتی شائقین کے ذہنوں پر یہ چھکا عفریت بن کر سوار رہتا ہے۔

    لیجنڈری وسیم اکرم نے بھی روایتی حریف بھارت کے خلاف 80 کی دہائی کے آخر میں آخری گیند پر چھکا مار کر جاوید میانداد کی چھکے کی یاد تازہ کی اور پاکستان کے ہاتھ ایک اور ٹرافی آئی۔ 90 کی دہائی میں مخالف بلے بازوں کیلیے خوف کی علامت بنے سوئنگ کے سلطان نے ون ڈے میں دو ہیٹ ٹرک بنائیں اور دونوں بار یہ کارنامہ اسی میدان میں انجام پایا۔

    پاکستان کی مسلسل فتوحات اور اپنی پے در پے شرمناک شکستوں سے نالاں بھارت نے شارجہ اسٹیڈیم کا بائیکاٹ کر دیا تاہم آج وہ اسی میدان میں دوبارہ کھیل رہی ہے۔

    سال 2022 کے ایشیا کپ میں نسیم شاہ ہیرو بنے اور ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں افغانستان کے جبڑوں سے فتح کھینچ لائے۔

    افغانستان کو تاریخی فتح کے لیے پاکستان کی صرف ایک وکٹ درکار تھی اور آخری اوور میں پاکستان کو 12 رنز درکار تھے۔ کریز پر ٹیل اینڈرز موجود تھے اور کسی کو پاکستان کے جیتنے کی امید نہ تھی، لیکن پھر وہی ہوا جو شاہین شارجہ کے میدان پر کرتے آئے ہیں۔

    نسیم شاہ نے دو چھکے مار کر پاکستان کو فتح یاب کرایا اور جشن منانے کی تیاریاں کرنے والے افغان شائقین پر بجلیاں گرا دیں۔

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اسٹائلش اوپنر سعید انور نے لگاتار تین سنچریاں بنانے کا کارنامہ بھی شارجہ میں ہی انجام دیا جب کہ قومی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے ایک میچ میں بھاتی ٹاپ آرڈر کو اڑاتے ہوئے ہیٹ ٹرک کو بھی اسی میدان میں یادگار بنایا۔

    اب گرین شرٹس سلمان آغا کی قیادت میں پہلے ٹرائی نیشن سیریز کی جنگ لڑنے کے لیے میدان میں اتر چکی ہے اور اس کے بعد ایشیا کپ میں اپنے ہنر کو آزمائیں گے۔

    پوری قوم امید کر رہی ہے کہ قومی ٹیم ماضی کی روایت کو دہراتے ہوئے ایک بار پھر ٹرافیاں گھر لائے گی اور سیلاب کی تباہ کاریوں میں گھرے پاکستانیوں کو خوشی کے لمحات فراہم کرے گی۔

  • گھر اور عمر بھر کی کمائی سب بہہ گئی، سوات کے سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے (ویڈیو)

    گھر اور عمر بھر کی کمائی سب بہہ گئی، سوات کے سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے (ویڈیو)

    سوات (29 اگست 2025) کے پی میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے بربادی کی نئی داستان رقم کی سوات میں متاثرین کی مشکلات ختم نہ ہوئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی میں گزشتہ دنوں آنے والے تاریخ کے بدترین سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ نے ہر طرف تباہی مچا دی۔ سیاحوں کے لیے پاکستان کا پیرس کہلانے والی وادی سوات کا حسن بھی سیلاب نے ماند کر دیا۔

    اسی سوات کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بربادی کے مناظر آج بھی لوگوں کے دل دہلا رہے ہیں اور لوگ اپنی زندگی بھر کی جمع پونچی سیلاب کی نذر ہونے کے بعد اب کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔

    ان ہی میں ایک عمر زادہ ہیں، جنہوں نے دن رات محنت کر کے چار کمروں کا گھر بنا کر اپنے خوابوں کی تعبیر پائی تھی۔ لیکن بے رحم سیلاب کی موجیں اس کا گھر بہا کر لے گئیں، اب یہاں صرف ویران چوکھٹیں بچی ہیں جب کہ دیواریں مٹی میں دب چکی ہیں۔

    سیلاب صرف عمر زادہ کا گھر ہی نہیں بلکہ کمائی کا واحد ذریعہ رکشا، 4 بھینسیں، فرنیچر اور دیگر سامان بھی اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔

    کھلے آسمان تلے اپنے گھر کے ملبے پر ٹینٹ لگا کر بیٹھے عمر زادہ آہ بھر کر کہتے ہیں کہ لوگ تو کبھی ہزار اور کبھی پندرہ سو روپے دے جاتے ہیں، لیکن حکومت کی طرف سے اب تک کوئی امداد نہیں دی گئی ہے۔

    عمر زادہ کا کہنا ہے کہ ہم اپنا سب کچھ سیلاب میں گنوا کر اس ویران جگہ پر بیٹھے ہیں، مگر اب تک حکومت کی جانب سے کوئی امداد نہیں آئی ہے۔

    عمر زادے کا کزن شیر محمد خان بھی اپنی کمائی کا ذریعہ سیلاب کی نذر کر چکا ہے۔ شیر محمد کا کہنا ہے کہ اس کی ایک دکان یہاں تھی، جس میں تقریباً 10 لاکھ روپے کا سامان تھا، سب سیلاب کی لہریں بہا کر لے گئیں۔ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ ہماری دادرسی کرے۔

    سیلاب کی ان کی زندگی بھر کی کمائی خوشیاں اور امیدیں سب چھین لیں۔ یہ بے آسرا اور بے چھت متاثرین اب حکومت کی طرف آس لگائے بیٹھے ہیں کہ کوئی آئے اور ان کے زخموں پر مرہم رکھے۔

     

  • اوورسیز پاکستانی سے 6 کروڑ کا فراڈ کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

    اوورسیز پاکستانی سے 6 کروڑ کا فراڈ کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

    لاہور (29 اگست 2025) بیرون ملک مقیم پاکستانی کو جھانسہ دے کر 6 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کرنے والے ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی ارسلان کو پلاٹ کی خریداری کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ یورو (6 کروڑ 56 لاکھ 40 ہزار روپے پاکستانی) کا فراڈ کیا۔

    رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ٹک ٹاکر خرم گجر نے اوورسیز پاکستانی ارسلان کو دھمکیاں دیں، جس کے بعد رانا ارسلان تھانہ ڈیفنس پہنچ گیا اور اس کی درخواست پر پولیس نے اس کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خرم گجر نے رانا ارسلان سے کمرشل پلاٹ کی خریداری کی مد میں اتنا بڑا مالی فراڈ کیا۔ اوورسیز پاکستانی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کیا۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا کے فروغ کے بعد دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ٹک ٹاک نشے کی طرح لوگوں بالخصوص نوجوانوں میں سرایت کرتا جا رہا ہے۔

    مختلف تنازعات میں اب تک کئی ٹک ٹاکر قتل ہو چکے ہیں جب کہ مختلف الزامات میں گرفتاریاں بھی ہو چکی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-police-arrest-tik-toker-over-durgs-suppy/