Author: ریحان خان

  • انڈونیشیا: ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر ہزاروں افراد کا پارلیمنٹ کا گھیراؤ (ویڈیو)

    انڈونیشیا: ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر ہزاروں افراد کا پارلیمنٹ کا گھیراؤ (ویڈیو)

    انڈونیشیا (29 اگست 2025): اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے خلاف عوام مشتعل ہو گئی اور پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤ کر لیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا میں ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں اشتعال پایا جاتا ہے۔ گزشتہ روز دارالحکومت جکارتہ میں اس کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی۔ ہزاروں مظاہرین مارچ کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے اور ایوان نمائندگان کا گھیراؤ کر لیا۔

    رپورٹ کے مطابق اس مظاہرے میں انڈونیشیا میں فعال کئی تنظیمیں جن میں یونیورسٹی آف اندرا پراستا، انڈونیشین مسلم اسٹوڈنٹس یونین اور اسٹوڈنٹ ایگزیکٹو باڈی شامل تھیں کی جانب سے کیا گیا۔ احتجاج میں شامل نوجوانوں میں سے اکثریت نے سیاہ لباس پہن رکھے تھے۔

    مظاہرین کی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے اس وقت جھڑپ ہوئی، جب وہ آگے بڑھنے کے لیے ایک رکاوٹ کو توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس نے انہیں پیچھے دھکیلنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن فائر کیے۔

    پولیس کی شیلنگ کے جواب میں مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا، جس نے بعد پولیس نے پیش قدمی کرتے ہوئے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور کئی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا میں مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے جب کہ ارکان پارلیمنٹ اپنی تنخواہیں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ ایسا کرنا عوام پر ظلم اور ناانصافی ہے۔

     

  • سر ڈان بریڈ مین کی تاریخی کیپ 80 کروڑ میں نیلام! کس نے خریدی؟

    سر ڈان بریڈ مین کی تاریخی کیپ 80 کروڑ میں نیلام! کس نے خریدی؟

    (29 اگست 2025): کرکٹ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور آسٹریلیا کے لیجنڈری کرکٹر سر ڈان بریڈ مین کی 79 سال پرانی کیپ 80کروڑ میں نیلام ہو گئی۔

    کرکٹ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور ہر دور کے کرکٹر کے آئیڈل آسٹریلوی لیجنڈ سر ڈان بریڈ مین کی بیگی گرین کیپ 4 لاکھ 38 ہزار 500 آسٹریلوی ڈالر (پاکستانی کرنسی میں 80 کروڑ 78 لاکھ 470 روپے) میں نیلام ہو گئی۔

    کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ نیلامی کینبرا میں ہوئی جہاں نیشنل میوزیم نے یہ کیپ خریدی۔ نیلامی کی آدھی رقم براہ راست وفاقی حکومت کے خزانے میں گئی۔ کینبرا کی وزیر کا کہنا ہے یہ کیپ تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ اسے میوزیم میں شامل کرنا ہمارے لیے اعزاز ہے۔

    ڈان بریڈ مین نے نیلام ہونے والی یہ بیگی گرین کیپ 47-1946 کی ایشز سیریز میں ٹیم اؔسٹریلیا کی قیادت کرتے ہوئے پہنی تھی اور یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد انگلینڈ کے ساتھ پہلا مقابلہ تھا۔ اس سیریز میں کینگروز نے نا قابل تسخیر رہتے ہوئے تین صفر سے سیریز کو اپنے نام کیا تھا۔

    نیشنل میوزیم کی ڈائریکٹر کیتھرین میک موہن نے سر ڈان بریڈ مین کی بیگی گرین کیپ عجائب گھر کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ اس قومی خزانے کو آسٹریلیا کے نیشنل میوزیم میں رکھا جائے گا۔

    اس کیپ کو میوزیم کی جانب سے لینڈ مارکس گیلری میں فخر کے ساتھ ڈسپلے کیا گیا ہے اور یوں یہ بیگی گرین کیپ یہاں موجود ان دیگر یادگاروں میں شامل ہو گئی ہے جو آسٹریلیا کی تاریخ کے اہم اور یادگار لمحات کی نشاندہی کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سر ڈان بریڈ مین نے اپنے کیریئر میں 11 بیگی گرین کیپ پہنیں۔ ان میں سے ایک آسٹریلین اسپورٹس میوزیم میں اور اب یہ نیلام ہونے والی کیپ کینبرا میوزم میں رکھی جائے گی۔ باقی 9 کیپس مختلف نجی لوگوں نے ذاتی طور پر نیلامی میں حصہ لے کر حاصل کیں۔

     

  • ’’2025‘‘ بھارتی کرکٹ کیلیے ریٹائرمنٹ کا سال، 8 کھلاڑی الوداع کہہ چکے!

    ’’2025‘‘ بھارتی کرکٹ کیلیے ریٹائرمنٹ کا سال، 8 کھلاڑی الوداع کہہ چکے!

    بھارت (29 اگست 2025): رواں سال انڈین کرکٹ کے ایک دو نہیں بلکہ 8 کھلاڑی کھیل کو الوداع کہہ چکے جب کہ مزید کا میدان چھوڑنے کا امکان ہے۔

    بھارت جو اس وقت نہ صرف ٹی 20 کا عالمی چیمپئن ہے بلکہ چیمپنز ٹرافی بھی جیتی ہوئی ہے۔ تاہم بی سی سی آئی کے نظر انداز کرنے پر سینئر کھلاڑی آہستہ آہستہ کرکٹ سے کنارہ کش ہو رہے ہیں۔ 2025 کے ابتدائی 8 ماہ ابھی پورے بھی نہیں ہوئے لیکن بلیو شرٹس کے 8 کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ چکے۔ اگر اس سال کو بھارتی کرکٹ کیلیے ریٹائرمنٹ کا سال کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔

    روہت شرما:

    بھارتی کرکٹ شائقین کو سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب ایک سال میں اپنے ملک کے لیے دو ٹرافیاں (ٹی 20 ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی) جیتنے والے کپتان روہت شرما نے چیمپئنز ٹرافی کے کچھ عرصہ بعد اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    روہت شرما گوکہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے کے فوری بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے تھے۔ تاہم انہوں نے اس موقع پر ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں نظر انداز کرنے پر سینئر بیٹر اتنے مایوس ہوئے کہ طویل دورانیے کی کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

    اس موقع پر بھی انہوں نے ون ڈے کرکٹ جاری رکھنے کا اعلان کیا، لیکن انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی منتخب نہ کیے جانے پر ان کی انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کی خبریں گشت کر رہی ہیں۔

    ویرات کوہلی:

    بھارت کے ریکارڈ ساز بلے باز اور تن تنہا اپنے ملک کو کئی فتوحات دلانے والے سپر اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے بھی کپتان کی تقلید کرتے ہوئے 2024 میں ٹی 20 فارمیٹ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی توجہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز رکھیں گے۔

    تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما جیسی کہانی ویرات سے دہرائے جانے پر انہوں نے بھی اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، جس نے ان کے پرستاروں کو حیران اور افسردہ کر دیا اور اب ون ڈے کے لیے بھی نظر انداز کیے جانے پر ان کے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ کو الوداع کہنے کی افواہیں ہیں۔

    روی چندرن ایشون:

    بھارت کے مایہ ناز اسپنر آل راؤنڈر روی چندرن ایشون نے رواں برس کے آغاز میں دورہ آسٹریلیا کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ سے مکمل کنارہ کش ہونے کا اعلان کیا۔ 106 ٹیسٹ میں 537 وکٹیں لینے اور 3503 رنز بنانے والے آل راؤنڈ کے ٹیسٹ سیریز کے دوران پریس کانفرنس کے ذریعہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے پر بھی بھارتی شائقین حیرت زدہ رہ گئے۔

    چیتشور پجارا:

    بھارتی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اور طویل عرصہ تک بلیو شرٹس کے مڈل آرڈر میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے چیتشور پجارا نے حال ہی میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    پیوش چاؤلہ:

    بھارتی لیگ اسپنر پیوش چاولہ نے بھی رواں برس ریٹائرمنٹ لے لی۔ انڈین میڈیا کے مطابق چاؤلہ کے عرصہ دراز سے بی سی سی آئی کی جانب سے سلیکشن کے لیے نظر انداز کیے جانے پر مایوس ہو کر یہ قدم اٹھایا۔

    ریدھیمان ساہا:

    وکٹ کیپر بلے باز ریدھیمان ساہا بھی سال رواں کرکٹ کو الوداع کہنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں آتے ہیں۔ 40 ٹیسٹ اور 9 ون ڈے میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے ریدھیمان بھی بی سی سی آئی کے رویے سے نالاں رہے۔

    ورون آرون:

    بھارتی پیسر ورون آرون نے بھی اس سال تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ اس اعلان سے قبل وہ بھارت کے لیے 9 ٹیسٹ اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے تھے۔

    رشی دھون:

    بھارتی آل راؤنڈر رشی دھون نے رواں سال محدود اوورز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ وہ اب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے نظر نہیں آئیں گے۔ تاہم سلیکشن کمیٹی نے اب تک انہیں ٹیسٹ کرکٹ کا اہل نہیں جانا ہے اور امکان ہے کہ ان کا کرکٹ کیریئر بھی اختتام پذیر ہو چکا ہے۔

    سال 2025 ختم ہونے میں ابھی 4 ماہ باقی ہیں اور بھارتی میڈیا کے مطابق ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ مزید کچھ کھلاڑی میدان چھوڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ سینئر فاسٹ بولر محمد شامی کے جلد ریٹائرمنٹ لینے کی اطلاعات ہیں اور اس کو تقویت اس سے ملتی ہے کہ محمد شامی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ اگر بی سی سی آئی انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب نہیں کرتی ہے تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ جاری رکھیں گے۔

  • امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی

    امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی

    اسلام آباد (29 اگست 2025): وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے دوبارہ ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

    وزیر داخلہ اور امریکی قائم مقام سفیر کے درمیان پاکستان کو امریکا میں مطلوب پاکستانیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ بارڈر سیکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فرانزک شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا پاکستان میں تیل کے ذخائر بڑھنے کے لیے کام کرنے کا بیان خوش آئند ہے۔ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں تیل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    وزیر داخلہ نے امریکا کی سفیر نیٹلی بیکر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے امریکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    اس موقع پر قائم مقام سفیر نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سیلاب کے باعث جانی اور مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-us-trade-deal-islamabad-pakistan/

  • پنجاب کے سیلاب متاثرین میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے

    پنجاب کے سیلاب متاثرین میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے

    لاہور (29 اگست 2025): پنجاب میں سیلاب کے باعث متاثرین ایک اور بڑی مشکل کا شکار ہو گئے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت کی جانب سے آبی جارحیت اور ڈیموں سے پانی پاکستان میں چھوڑے جانے کے باعث صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور شہر سیلاب کی زد میں آ چکے ہیں۔ دریائے چناب، ستلج، راوی میں طغیانی کے باعث سیالکوٹ، نارووال سمیت کئی اضلاع میں صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔

    دریائے راوی کا پانی بے قابو ہو کر لاہور کے رہائشی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث علاقہ مکین موٹر وے پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ سیلاب کے باعث اب تک درجنوں اموات ہو چکی ہیں اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

    سیلاب متاثرین ابھی سیلاب کی تباہ کاریوں اور نقل مکانی کے مشکلات برداشت کر رہے تھے کہ ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض ڈینگی، ڈائریا، میلریا اور جلد کے امراض سر اٹھانے لگے ہیں۔

    صرف لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران مختلف وبائی امراض کے 9 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ دیگر شدید متاثرہ شہروں اور دیہات کا ڈیٹا صورتحال کو تشویشناک بنا رہا ہے۔

    اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے محکمہ صحت و آبادی کی ٹیموں کو ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگا دیے گئے ہیں۔

    وزیر صحت نے بتایا کہ تمام متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی دوائیں وافر مقدار میں موجود ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب فلڈ فور کاسٹنگ نے بتایا ہے کہ بھارت سے ایک اور سیلابی ریلا آج شام دریائے چناب ہیڈ تریموں بیراج پہنچے گا۔ یہ ریلا آنے کے بعد ہیڈ تریموں بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہوگا۔ جب کہ 2 ستمبر کو ہیڈ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا پہنچے گا۔

    بھارت سے ایک اور سیلابی ریلا آج شام پاکستان پہنچے گا، نیا مراسلہ جاری

    بھارت کی جانب سے نیا سیلابی ریلا آنے کی اطلاعات پر متاثرین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ مزید تباہ کاریوں کے خدشات سے خوفزدہ ہیں۔

  • کے پی حکومت سیلاب متاثرین کو کتنی مالی امداد دے رہی ہے؟ اہم خبر

    کے پی حکومت سیلاب متاثرین کو کتنی مالی امداد دے رہی ہے؟ اہم خبر

    خیبر پختونخوا (29 اگست 2025): صوبے میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کو علی امین گنڈاپور کی حکومت مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔

    رواں ماہ خیبر پختونخوا میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے تباہی کے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ تاریخ کے بدترین سیلاب نے 400 کے قریب انسانی جانیں نگل لیں۔ ہزاروں مویشی پانی میں بہہ گئے۔ سینکڑوں مکانات، ہوٹلز، اسکولز، مساجد اور سرکاری انفراسٹرکچر بھی سیلابی موجوں کے ساتھ بہہ گیا۔

    صوبے میں سیلاب میں اپنے پیاروں کو کھونے والے اور تباہ حال متاثرین کو کے پی حکومت مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔ کس کو کتنی امداد دی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم نے اعداد وشمار بتا دیے۔

    مزمل اسلم نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فی الوقت مویشیوں اور فصلوں کا نقصان اٹھانے والے متاثرین کو امداد نہیں دی جا رہی۔ تاہم ان کے نقصانات کے ازالے کے لیے معاملہ زیر غور ہے اور انہیں بھی امداد فراہم کی جائے گی۔

    مزمل اسلم نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت متاثرہ علاقوں میں مالی مدد اپنے وسائل اور فنڈز سے کرے گی۔ پنجاب حکومت کے پاس زیادہ وسائل ہیں، اور امید ہے وہ اپنے صوبے کے سیلاب متاثرین کی بہتر مالی مدد کرےگی۔

  • عمرہ پر جانے سے قبل زائرین اپنے یہ حقوق جان لیں!

    عمرہ پر جانے سے قبل زائرین اپنے یہ حقوق جان لیں!

    سعودی عرب (29 اگست 2025): دنیا بھر سے زائرین عمرے کی سعادت حاصل کرنے کیلیے مکہ مکرمہ آتے ہیں لیکن کیا وہ اپنے حقوق جانتے ہیں۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ہر سال عمرے کی سعادت حاصل کرنے اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت کے لیے مسلم امہ کے سب سے مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آتے ہیں۔ تاہم ان کے کچھ حقوق ہیں، جن سے اکثر زائرین لاعلم ہیں۔

    اس حوالے سے وزارتِ حج و عمرہ نے زائرین کے لیے آگہی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس کو مقصد عمرہ زائرین کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مناسک کے سفر کے دوران ان کے حقوق سے آگاہ کرنا ہے۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور آگہی مرکز کے تعاون سے اس آگہی مہم کا آغاز کیا ہے جس میں زائرین کو ٹیکسیوں کے استعمال کے دوران ان کے حقوق سے متعلق آگہی فراہم کی گئی ہے۔

    وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری ہدایات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ زائرین یہ یقینی بنائیں کہ ٹیکسی میں سفر کے آغاز ہی سے الیکٹرانک میٹر چلایا جائے۔

    اس کے علاوہ ٹیکسی کا کرایہ طے شدہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق ہونا چاہیے۔ آگہی مہم میں بتایا گیا ہے کہ زائر مسافر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں شکایت درج کرائے تاکہ اس کے حقوق محفوظ رہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ اقدام وزارت کی اُن کوششوں کا حصہ ہے جو نقل و حمل کی خدمات سے فائدہ اٹھانے والوں کے حقوق کے شعور کو بڑھانے اور عمرہ زائرین کو محفوظ اور منظم سفری تجربہ فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/good-news-for-umrah-pilgrims-a-facility-free/

  • ٹرائی سیریز: آج پاک افغان میچ میں دونوں ملکوں کے شائقین کیلیے الگ الگ انکلوژر

    ٹرائی سیریز: آج پاک افغان میچ میں دونوں ملکوں کے شائقین کیلیے الگ الگ انکلوژر

    یو اے ای (29 اگست 2025): ٹرائی سیریز کا افتتاحی میچ آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہوگا پر امن انعقاد کے لیے دونوں شائقین کیلیے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یو اے ای میں ایشیا کپ سے قبل ٹرائی سیریز کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ شارجہ کے میدان میں ہونے والے افتتاحی میچ میں پاکستان اور افغانستان مدمقابل ہوں گے۔ ماضی کے ناخوشگوار واقعہ کو مدنظر رکھتے ہوئے میچ کے پر امن انعقاد کے لیے دونوں ممالک کے شائقین کے لیے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے ہیں۔

    شارجہ میں 2022 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان سے جیتا ہوا میچ ہارنے کے بعد اپنی ٹیم کی شکست پر افغان شائقین آپے سے ایسے باہر ہوئے کہ ڈنڈوں اور کرسیوں سے پاکستانی فینز پر حملہ کر دیا تھا اور نازیبا جملے کسے تھے، جس کے بعد افغان فینز پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

    یہ وہ میچ تھا جس میں افغانستان کو تاریخی فتح کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی لین نسیم شاہ نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے دو چھکے مار کر نہ صرف پاکستان کو فتح یاب کرایا تھا بلکہ افغان فینز پر بجلیاں بھی گرا دی تھیں۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ جب افغان ٹیم نے پاکستانی شائقین پر حملہ کیا ہو۔ اس سے قبل 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان سے شکست کے بعد افغان شائقین کرکٹ نے پاکستانی ٹیم اور کھلاڑیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی تھی۔

    افغان پرستاروں نے چیمپئینز ٹرافی کے دوران نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کی کرسیاں توڑ دی تھیں۔

    ان واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے شارجہ انتظامیہ نے میچ کے انعقاد کو پر امن بنانے کے لیے آج اور اگلے پاک افغان میچ کے لیے دونوں ممالک کے شائقین کے لیے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے ہیں۔

    دوسری جانب بات کی جائے کہ دونوں ٹیموں میں سے کس کا میدان میں پلڑا بھاری ہے تو ٹی 20 فارمیٹ میں گرین شرٹس افغان ٹیم پر حاوی ہیں۔ اب تک کھیلے گئے 6 میچز میں سے قومی ٹیم 4 میں کامیاب رہی ہے۔ شارجہ میں تین دو سے پاکستان کو برتری حاصل ہے۔

    تاہم یو اے ای میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں جب بھی آمنے سامنے آئی ہیں۔ فینز کو ہائی وولٹیج مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں اور اس بار بھی شائقین کو کانٹے دار مقابلے کی امید ہے۔

    ٹرائی سیریز کی تیسری ٹیم میزبان یو اے ای ہے۔ تینوں ٹیمیں اس سیریز میں ایشیا کپ کے لیے اپنی تیاریوں کا جائزہ لیں گی۔ ایشیا کپ ٹرائی سیریز کے بعد یو اے ای میں ہی کھیلا جائے گا۔ پہلی بار اس میں 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

    سیریز کے تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوں گے۔

  • ’’ریکھا‘‘ کے ہاں 17ویں بچے کی پیدائش!

    ’’ریکھا‘‘ کے ہاں 17ویں بچے کی پیدائش!

    بھارت (28 اگست 2025): ریکھا نے 17 ویں بچے کو جنم دیا ہے 11 بیٹوں اور 6 بیٹیوں میں سے پانچ بچے پیدائش کے فوری بعد انتقال کر گئے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجھستان کے ضلع ادے پور میں ایک 55 سالہ خاتون ریکھا کلبیلیا نے 17 ویں بچے کو جنم دیا ہے۔ خاتون پہلے ہی نانی اور دادی کے درجے پر فائز ہو چکی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق خاتون کے شوہر کا نام کوارا رام کلبیلیا ہے۔ دونوں کے ہاں 11 بیٹوں اور 6 بیٹوں نے جنم لیا، تاہم ان میں سے چار بیٹے اور ایک بیٹی پیدائش کے فوری بعد انتقال کر گئے تھے۔ اب ان کے 12 بچے حیات ہیں، جن میں سات بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

    خاتون کے شوہر نے بتایا کہ ان کے دو بیٹے اور تین بیٹیاں شادی شدہ ہیں اور سب صاحب اولاد ہیں۔ یوں وہ 17 ویں بار ماں بننے سے قبل کئی بار نانی اور دادی بن چکی ہیں۔

    کاوارا رام کباڑ کا کام کرتا ہے اور ان کی مالی حالت انتہائی خراب ہے۔ مالی استطاعت نہ ہونے کی وجہ سے ان کے کسی بچے نے اسکول کی شکل تک نہیں دیکھی۔ بچوں کی شادیاں بھی سود پر قرض لے کر کیں۔

    ریکھا کے ہاں 17 ویں بچے کی پیدائش کا سن کر ان کے رشتہ اور گاؤں کے افراد سمیت ان کے اپنے نواسے، نواسیاں اور پوتے، پوتیاں انہیں مبارکباد دینے گھر آ رہے ہیں۔

    دوسری جانب ڈاکٹر روشن درنگی نے بتایا کہ جب ریکھا ڈیلیوری کے لیے آئی تو پہلے اس نے ظاہر کیا کہ یہ اس کی چوتھی ڈیلیوری ہے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ اس سے قبل 16 بچوں کو جنم دے چکی ہے۔

  • ترک صدر کی پاکستان کو مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی پیشکش

    ترک صدر کی پاکستان کو مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی پیشکش

    اسلام آباد (28 اگست 2025): ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کر کے مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا ٹیلفونک رابطہ ہوا جس میں ترک صدر نے پاکستان میں سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر اظہار افسوس اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

    اردوان نے وزیراعظم کو پاکستان کے اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں ترک صدر کے جذبات اور امداد کی پیشکش پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط، گہرے اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں کلاؤڈ برسٹ، طوفانی بارشوں، سیلابی ریلوں نے صوبہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تباہی مچائی۔ بالخصوص کے پی میں تاریخ کی بدترین تباہی ہوئی۔ 400 کے قریب اموات، ہزاروں گھر، دکانیں، مساجد، سرکاری عمارتیں، ہوٹلز پانی کے ریلوں کی نظر ہو گئے۔

    قوم ابھی اس آفت سے سنبھل نہ پائی تھی کہ بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی آئی اور اب سیلابی ریلے پورے صوبے میں تباہی کی نئی داستان رقم کر رہے ہیں۔

    پاکستان کے اس مشکل وقت میں برطانیہ اور گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے امداد کے اعلانات کیے جا چکے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/india-another-flood-will-reach-pakistan-tomorrow-new-report/