Author: ریحان خان

  • ایشیا کپ 2025 کے تمام میچز بالکل مفت دیکھیں اسٹیؔڈیم میں! مگر کیسے؟

    ایشیا کپ 2025 کے تمام میچز بالکل مفت دیکھیں اسٹیؔڈیم میں! مگر کیسے؟

    (28 اگست 2025) ایشیا کپ 2025 کا شدت سے انتظار کرنے والے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ اسٹیڈیم میں تمام میچز بالکل مفت دیکھ سکیں گے۔

    بھارت کی میزبانی میں کھیلے جانے والے ہاکی ایشیا کپ 2025 کا کل (جمعہ 29 اگست) سے آغاز ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل شائقین ہاکی کو خوشخبری دی گئی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز اسٹیڈیم میں آ کر مفت دیکھ سکتے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اعلان ہاکی انڈیا کے سیکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے گزشتہ روز کیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ شائقین بڑی تعداد میں اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرنے آئیں گے۔ یہ فیصلہ بھارت کے ہر کونے میں ہاکی کلچر کے فروغ اور پورے ٹورنامنٹ کے دوران اسٹیڈیم میں پرجوش ماحول کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

    ہاکی انڈیا کے صدر دلیپ ٹرکی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایشیا کپ کی میزبانی بھارتی ہاکی کے لیے تاریخی لمحہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس تاریخی سفر میں مداح ہمسفر بنیں۔

    واضح رہے کہ ہاکی ایشیا کپ 2025 کا انعقاد 29 اگست سے 7 ستمبر تک بہار کے نئے تعمیر شدہ راجگیر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    ہاکی ایشیا کپ 2025 میں میزبان بھارت کو جاپان، چین اور قازقستان کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کل میزبان بھارت اور چین کے درمیان ہوگا۔

    مفت ٹکٹ کیسے حاصل کریں:

    ہاکی ایشیا کپ 2025 کے میچوں کے مفت ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے، شائقین کو www.ticketgenie.in یا ہاکی انڈیا ایپ پر جا کر مفت ٹکٹوں کے لیے رجسٹر کرنا ہوگا۔ اس عمل کے مکمل ہونے پر، انہیں ورچوئل ٹکٹ مل جائے گا۔ اس پورے عمل کو بہت آسان بنایا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/phf-on-pakistan-hockey-team-played-or-not-asia-cup-in-india/

  • بابر اعظم کو بڑی آفر مل گئی!

    بابر اعظم کو بڑی آفر مل گئی!

    کراچی (28 اگست 2025) پاکستان کے اسٹار کرکٹر بابر اعظم کو ایشیا کپ کے اسکواڈ میں نظر انداز کر دیا گیا مگر بیٹر کو ایک بڑی پیشکش ہوئی ہے۔

    پاکستان کو کئی فتوحات دلانے، ریکارڈ پر ریکارڈ بنانے اور کئی آئی سی سی ایوارڈ جیتنے والے سابق قومی کپتان بابر اعظم طویل عرصہ سے فارم کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں، لیکن ان کا بیٹ ماضی قریب کی طرح رنز نہیں اگل رہا۔

    ان کی حالیہ معمولی کارکردگی کے باعث انہیں کچھ عرصہ سے ٹی 20 فارمیٹ میں نظر انداز کیا جا رہا ہے اور اب آئندہ ماہ یو اے ای میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ اسکواڈ میں بھی منتخب نہیں کیا گیا۔

    بابر اعظم کو نظر انداز کرنے پر جہاں کرکٹ حلقے اور شائقین حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ وہیں ان کے کیریئر کے برے وقت میں کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلنے کے لیے دو کاؤنٹیز نے کنگ کی عرفیت سے مشہور بیٹر سے رابطہ کیا ہے۔

    ایک کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بابر اعظم کو کاؤنٹی چیمپئن شپ کے بقیہ میچز کھیلنے کی پیشکش کی گئی۔ اسٹار قومی بیٹر کو یہ پیشکش کاؤنٹی کے دو معروف کلبز یارکشائر اور ورکشائر کی جانب سے کی گئی ہے۔

    تاہم انہوں نے یہ پیشکش قبول نہیں کی ہے اور چند وجوہات کے باعث یہ کاؤنٹی کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

    رپورٹ میں اس کی وجہ سابق قومی کپتان کی بگ بیش کے ساتھ کسی اور لیگ مکمل کھیلنے کے خواہش بتائی گئی ہے اور وہ بھی ایسے وقت میں شیڈول ہو جو قومی ذمہ داریوں (پاکستان ٹیم کی مصروفیات) سے متصام نہ ہو۔ اس حوالے سے ان کے دیگر لیگز سے بھی رابطے جاری ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/wasim-akram-urges-babar-azams-return-ahead-of-asia-cup-2025/

  • کراچی کے لیے نیا الرٹ جاری: شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کی پیشگوئی

    کراچی کے لیے نیا الرٹ جاری: شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کی پیشگوئی

    کراچی: (28 اگست 2025): کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کا نیا الرٹ جاری کر دیا شدید بارشیں اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کراچی کے علاوہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور اور دادو سمیت دیگر علاقوں میں بھی اسی دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کراچی میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

    اس سے قبل محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ شہر قائد میں آئندہ چند روز تک تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تاہم صبح و رات میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ کراچی میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے پورے شہر کو دریا میں تبدیل کر دیا تھا۔ کئی علاقوں میں کشتیاں چلا کر متاثرین کو ریسکیو کرنا پڑا۔ کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 15 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ پانی متعدد افراد کی زندگی بھر کی جمع پونجی برباد کر گیا۔

    مجموعی طور پر 200 ملی میٹر سے زائد بارشوں نے شہر کا نقشہ ہی بگاڑ دیا اور اب سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ دوسری جانب بارش ختم ہونے کے کئی روز بعد تک بجلی کی بندش نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کیے رکھا۔

    https://urdu.arynews.tv/reason-behind-karachi-drown-in-rains-experts-reveal/

  • پنجاب میں سیلاب: چیئرمین سینیٹ نے متاثرین کی مدد کی اپیل کر دی

    پنجاب میں سیلاب: چیئرمین سینیٹ نے متاثرین کی مدد کی اپیل کر دی

    اسلام آباد (28 اگست 2025): پنجاب کے دریاؤں میں شدید طغیانی اور سیلاب سے بڑی تباہی کے بعد چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مدد کی اپیل کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس وقت پنجاب کے بیشتر علاقے بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں شدید سیلاب کی زد میں ہیں۔ پانی جہاں سے گزر رہا ہے، وہاں تباہی کی ایک داستان رقم کر رہا ہے۔

    اس صورتحال میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پاکستانی عوام سے سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔

    یوسف رضا گیلانی نے اپنے بیان میں پاکستانی عوام سے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کریں۔ مخیر لوگ غریب اور بے سہارا عوام کو مشکل حالات میں سہارا دیں۔

    چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ سیلابی ریلوں کے باعث ہزاروں خاندان متاثر ہو سکتے ہیں۔ آزمائش کی گھڑی میں قوم اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھے۔ عوام حکومتی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ چناب، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور سیلابی ریلے اب جنوبی پنجاب کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ پیشگی اقدامات اور عوامی تعاون ناگزیر ہے۔

    یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لوگوں کی جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقلی کی ضرورت ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کو تیز تر بنایا جائے۔ عوام بھی احتیاطی تدابیر اختیار اور حکومت کی ہدایات پر عمل کریں

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-floods-ravi-river-flood-water-enter-houses-migration-of-people/

  • پولیس اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی ہدایت

    پولیس اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی ہدایت

    کراچی (28 اگست 2025): پولیس اہلکاروں کو ہدف بنانے کے واقعات کے بعد تمام اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میضں پولیس اہلکاروں کو ہدف بنانے کے واقعات سامنے آنے کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

    اے آئی جی کی جانب سے جاری ہدایت نامہ میں تمام پولیس اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹس پہننے اور اکیلے اہلکار کو پکٹ یا پٹرولنگ پر نہ بھیجنے کی ہدایات کی ہیں۔

    ہدایت نامہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متعلقہ ڈی ایس پیز ڈپلائنمنٹ سے پہلے اہلکاروں کو بریفنگ دیں۔ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز گشت کے دوران سیکیورٹی کا معائنہ کریں۔

    ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وی آئی پیز اور وی وی آئی پیز کے ساتھ تعینات سیکیورٹی گارڈز کو چیک کریں، اور انہیں دوران ڈیوٹی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی بریفنگ دیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے جاری یہ ہدایت نامہ کراچی رینج کے تمام ڈی آئی جیز کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سی آئی اے، ٹریفک اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی یہ ہدایت نامہ بھیجا گیا ہے۔ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • دریائے راوی بے قابو، سیلابی پانی گھروں میں داخل، لوگوں کی نقل مکانی

    دریائے راوی بے قابو، سیلابی پانی گھروں میں داخل، لوگوں کی نقل مکانی

    لاہور (28 اگست 2025): دریائے راوی کا سیلابی پانی کنارے کے قریب آبادیوں میں گھروں کے اندر بھی داخل ہو گیا رہائشیوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت کی آبی جارحیت کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں اس وقت شدید طغیانی ہے اور کئی اضلاع سیلاب کی زد میں آ چکے ہیں جب کہ 25 سے زائد افراد اپنی جانیں بھی گنوا چکے ہیں۔

    لاہور کے قریب سے گزرنے والے دریائے راوی میں بھی اس وقت سیلابی صورتحال ہے اور وہاں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ سیلابی پانی بے قابو ہو کر دریا کنارے کے قریب واقع آبادیوں کے گھروں تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث مکینوں کو مجبوراً نقل مکانی کرنی پڑی ہے۔

    سیلابی پانی راوی کنارے آباد فرخ آباد، کامران پارک اور دیگر قریبی آبادیوں میں داخل ہونے کے بعد وہاں کے گھروں میں بھی پہنچ گیا اور کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا۔ جب کہ اطراف کی مزید رہائشی کالونیوں کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

    فرخ آباد میں گھروں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے پر رہائشی افراد نے قیمتی سامان گھروں کی چھتوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا اور بڑی تعداد میں لوگوں نے وہاں سے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

    دوسری جانب کامران پارک اور قریبی آبادیوں میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ تاہم یہاں پانی داخل ہونے سے قبل ہی انتظامیہ نے 100 سے زائد گھروں کو خالی کرا کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ مقامی افراد قیمتی سامان سمیت نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

    دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کے مذکورہ رہائشی کالونی سمیت اطراف کی دیگر آبادیوں میں بھی ہنگامی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے لوگوں سے پانی سے دور رہنے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم لوگ انتظامیہ سے تعاون نہیں کر رہے اور وہ بے قابو پانی کے قریب سیلفیاں بنانے میں مصروف ہیں۔

    فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس وقت سائفن کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 13 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ سائفن اور شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

    دریں اثنا سیلاب کی صورتحال کے باعث اب تک پنجاب کے سات اضلاع میں فوج کو سول انتظامیہ کی مدد کے لیے طلب کر لیا گیا ہے اور پاک فوج کے جوان متاثرہ افراد کی ریلیف اور ریسکیو کے کاموں میں مصروف ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-floods-2-young-people-drowned-in-flood-while-taking-a-selfie/

  • سیلفی کا شوق جان لے گیا، سیلاب میں 2 نوجوان ڈوب گئے!

    سیلفی کا شوق جان لے گیا، سیلاب میں 2 نوجوان ڈوب گئے!

    (28 اگست 2025): شدید سیلاب میں بھی نوجوان سیلفی لینے سے باز نہ آئے لیکن یہ شوق ان کی جان لے گیا اور دو نوجوان سیلابی پانی میں ڈوب گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت کی آبی جارحیت کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں اس وقت شدید طغیانی ہے اور کئی اضلاع اور شہر سیلاب کی زد میں آ چکے ہیں جب کہ 25 سے زائد افراد اپنی جانیں بھی گنوا چکے ہیں۔

    وزیرآباد میں بھی سیلاب تباہی مچا رہا ہے۔ تاہم ایسے موقع پر بھی دو نوجوان دوست سیلفی لینے نکلے لیکن ان کا یہ شوق بہت مہنگا ثابت ہوا۔

     

    سیلفی بناتے ہوئے دونوں نوجوان توازن برقرار نہ رکھ سکے اور سیلاب میں ڈوب گئے۔ ریسکیو حکام فوری حرکت میں آئے، تاہم ایک نوجوان کو ہی بچا سکے، دوسرا جان سے گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/army-called-in-for-relief-activities-in-flood-hit-lodhran-28-august-2025/

  • سہ فریقی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی، تینوں کپتانوں کی شرکت

    سہ فریقی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی، تینوں کپتانوں کی شرکت

    یو اے ای (28 اگست 2025): متحدہ عرب امارات میں کل سے شروع ہونے والی ٹرائی نیشن ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوئی تینوں کپتانوں نے شرکت کی۔

    ایشیا کپ سے قبل یو اے ای میں سہ فریقی ٹی 20 سیریز کا آغاز کل سے ہو رہا ہے۔ اس میں میزبان یو اے ای کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

    سیریز کے آغاز سے ایک روز قبل ٹرائی نیشن سیریز کی خوبصورت ٹرافی کی رونمائی ہوئی۔ تقریب رونمائی میں پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا، افغان کپتان راشد خان اور یو اے ای کی ٹیم کے کپتان محمد وسیم نے شرکت کی اور ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

    29 اگست سے 7 ستمبر تک جاری رہنے والی سیریز کا افتتاحی میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہر ٹیم مخالف ٹیم سے دو، دو میچ کھیلے گی اور ٹاپ دو ٹیمیں 7 ستمبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

    سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستان ٹیم کئی روز قبل یو اے ای پہنچ چکی ہے اور سیریز کے لیے تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔

     

  • سعودی عرب میں پہلی بار گٹر کے ڈھکن چوری

    سعودی عرب میں پہلی بار گٹر کے ڈھکن چوری

    سعودی عرب (28 اگست 2025): حجاز مقدس میں سخت قوانین کے باعث چوری کے واقعات نہیں ہوتے تاہم پہلی بار گٹر کے ڈھکن چوری کر لیے گئے ہیں۔

    چوری کی یہ واردات سعودی عرب کے شہر جدہ کے علاقے الاجاوید میں رونما ہوئی ہے، جہاں 50 سے زائد گٹروں کے ڈھکن چوری کر لیے گئے ہیں۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق گٹروں کے ڈھکن چوری ہونے کے واقعات کے اہل علاقہ تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ جب کہ واردات کی اطلاع ملنے کے بعد نیشنل واٹر کمپنی کی فیلڈ ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو وہاں تمام گٹروں پر سے ڈھکن غٓئب تھے۔

    ڈھکن چوری ہونے کے بعد علاقے میں کھلے گٹروں میں پانی بھرنے کی وجہ سے نہ صرف تعفن پھیل رہا ہے بلکہ مچھروں کی افزائش بھی ہو رہی ہے، جس سے اہل علاقہ کی صحت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات کا مختلف علاقوں میں ہونا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ اسکریپ مارکیٹ کو فوری طور پر منظم اور موثر ضابطوں کے تحت لانا انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ سرگرمیاں انسانی جانوں اور املاک کے لیے بڑے خطرات پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سنگین معاشی اور سلامتی کے اثرات بھی مرتب کرتے ہیں۔

  • شادی کی خوشی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے دولہا ہلاک

    شادی کی خوشی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے دولہا ہلاک

    (28 اگست 2025): شادی کی تقریب میں خوشی میں کی گئی ہوائی فائرنگ سے دولہا جاں بحق ہو گیا خوشیوں کا گھر ماتم کدہ بن گیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ شمالی ترکی میں پیش آیا، جہاں شادی کی خوشی میں کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں گولی آکر دولہا کو لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    ترک میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 23 سالہ دولہا علی کے اپنی دلہن کو رخصت کرا کر گھر لے جا رہا تھا کہ ہوائی فائرنگ کی گولی اچانک آ کر اس کو لگی جو کچھ دیر بعد دم توڑ گیا۔

    رپورٹ کے مطابق یہ فائرنگ مبینہ طور پر دلہن کی ایک خاتون رشتہ دار نے کی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کرنے والی 47 سالہ خاتون کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ جب کہ اس کے پاس سے دو غیر لائسنس یافتہ پستول بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ترکی کے شمال مشرقی صوبے ترابزون میں بھی شادی سے پہلے کی گئی فائرنگ میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد شادی کو منسوخ کر دیا گیا تھا جب کہ دو افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، ان میں ایک پولیس افسر بھی شامل تھا۔