Author: ریحان خان

  • عمرہ زائرین کے لیے خوشخبری، ایک بڑی سہولت بالکل مفت فراہم

    عمرہ زائرین کے لیے خوشخبری، ایک بڑی سہولت بالکل مفت فراہم

    سعودی عرب (28 اگست 2025): عمرہ زائرین کے لیے خوشخبری ہے کہ اب انہیں دوران عمرہ ایک بڑی سہولت بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔

    ماہ ربیع الاول میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے زائرین کی بڑی تعداد عمرہ ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ رہی ہے۔ ان کے لیے خوشخبری ہے کہ حرمین انتظامیہ کی جانب سے انہیں ایک عمرہ کے ایک اہم رکن کی سہولت مفت فراہم کی گئی ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق حرمین انتظامیہ کی جانب سے عمرہ ادائیگی کے بعد مرد زائرین کو حرم مکہ میں مفت بال کٹوانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    یہ سہولت صفا اور مروہ کے قریب فراہم کی گئی ہے اور اس سے سینکڑوں عمرہ زائرین مستفید ہو رہے ہیں۔

    حرمین انتظامیہ کی جانب سے صفا مروہ کے قریب زائرین کی آگہی کے لیے اس پیشکش مشتہر بورڈ بھی لگائے گئے ہیں۔ تاہم خواتین کا مذکورہ علاقے میں داخلہ منع ہے۔

    واضح رہے کہ عمرہ ادائیگی کا سب سے آخری اور لازمی رکن حلق (سر منڈوانا) یا قصر (ایک چوتھائی سر کے بالوں کے برابر بال کٹوانا) یہ حکم مرد عمرہ زائرین کے لیے ہے۔ اس کے بغیر وہ احرام نہیں اتار سکتے اور نہ ہی اس کی پابندیوں سے باہر آ سکتے ہیں۔

  • سنگین حادثے کے بعد فوری مدد، میانوالی میں یہ کیا ہوا؟ (ویڈیو رپورٹ)

    سنگین حادثے کے بعد فوری مدد، میانوالی میں یہ کیا ہوا؟ (ویڈیو رپورٹ)

    (28 اگست 2025): پاکستان میں اکثر حادثات کے بعد زخمیوں کو فوری طبی امداد نہیں ملتی لیکن میانوالی میں زخمی کو فوری ریسکیو اور طبی مدد دی گئی۔

    پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے بیشتر شہر میں خودکار کیمروں کا جال بچھا کر اور انہیں ایک مربوط نظام سے جوڑ کر سیف سٹی بنا دیا گیا ہے۔ یہ سیف سٹی کیمرے ہر وقت ہر کسی پر نظر رکھتے ہیں اور عوام کے لیے بروقت مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

    میانوالی کو بھی سیف سٹی کا درجہ حاصل ہے۔ یہاں لگے سیف سٹی کیمرے بھی ہر وقت نظر رکھتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ مصروف شاہراہ پر ہوا جہاں سیف سٹی نے ایک شخص کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    میانوالی کی مصروف شاہراہ پر ایک دل دہلا دینے والا حادثہ رونما ہوا۔ بے قابو لوڈر رکشا انتہائی تیز رفتاری سے موڑ مڑنے والی کار سے جا ٹکرایا۔ حادثے کا یہ منظر سی سی ٹی وی کیمرے کی آنکھ نے لمحہ بہ لمحہ محفوظ کیا۔

    جس وقت سی سی ٹی وی کیمرے یہ منظر دیکھ رہا تھا۔ عین اسی وقت کنٹرول روم میں بھی یہ حادثہ دیکھا جا رہا تھا۔

    سیف سٹی افسر نے حادثے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے فوری ایکشن لیا۔ انہوں نے ریسکیو ٹیم اور ٹریفک وارڈن کو موقع پر روانہ کیا۔ ریسکیو ٹیم نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد موقع پر فراہم کر کے اسپتال منتقل کیا۔

    پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یاد رکھیں! سڑک پر ایک لمحے کی لاپروائی، بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ سیف سٹی کیمرے ہر وقت متحرک ہیں لیکن اصل تحفظ تب ہی ہو سکتا ہے، جب ہم سب قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

  • پاکستانی طلبہ اپنی تعلیمی اسناد کی صرف 24 گھنٹے میں‌ آن لائن تصدیق کیسے کریں؟

    پاکستانی طلبہ اپنی تعلیمی اسناد کی صرف 24 گھنٹے میں‌ آن لائن تصدیق کیسے کریں؟

    اسلام آباد (27 اگست 2025): پاکستانی طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ وہ تعلیمی اسناد صرف 24 گھنٹے میں آن لائن تصدیق کر سکیں گے۔

    وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کسٹمر کیئر ڈیسک (سی سی ڈی) پورٹل کا افتتاح کیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد طلبہ کو ان کی تعلیمی اسناد کی آن لائن تصدیق اور دیگر خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے تعلیمی خدمات کو ڈیجیٹائز کرنے اور بیورو کریسی کے عمل کو طلبہ کے لیے مزید قابل رسائی اور شفاف بنانے کے لیے ایک قدم قرار دیا۔

    نئے متعارف کرائے جانے والے سی سی ڈی پورٹل کو انٹر بورڈ کمیٹی چیئرمین (آئی بی سی سی) نے ڈیزائن کیا ہے۔ جس سے ملک بھر کے طلبہ اپنی تعلیمی اسناد آن لائن کسٹمر سپورٹ سسٹم کے ذریعہ تصدیق کر سکیں گے۔

    اس حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام علی ملاح کا کہنا ہے کہ طلبہ اب اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل ایک کیو آر کوڈ سسٹم پر مبنی سسٹم کے تحت دیکھ بھی سکیں گے۔

    غلام علی ملاح کا کہنا تھا کہ عوام کی آسانی ہماری پہلی ترجیح ہے۔ اس پورٹل کی پہلے 6 ماہ تک ٹیسٹنگ کی گئی جس کے بعد اب اس کو عوام کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس سروس سے دنیا کے کسی بھی حصے میں مقیم پاکستانی طلبہ اور ان کے والدین بھی مستفید ہو سکیں گے۔ اس کے لیے انہیں کسٹمر کیئر ڈیسک کو ای میل کرنا ہوگا، جس کا جواب 24 گھنٹے میں دیا جائے گا۔ یہ ان کے لیے بہترین سہولت ہے، جو ذاتی طور پر نہیں آ سکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں رہنے والے طلبہ اب اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے ساتھ کوئی بھی شکایات یا درخواست بھی کسی بھی وقت بذریعہ پورٹل کر سکتے ہیں۔ سی سی ڈی کا مقصد ہے کہ وہ پراسیسنگ ٹائم کو کم کر کے طلبہ اور آئی بی سی سی کے درمیان رابطوں کو بہتر بنائے۔

  • پہلے افواج پاکستان نے جنگ جیتی اور اب قدرتی آفات سے نبرد آزما ہیں، وزیر دفاع

    پہلے افواج پاکستان نے جنگ جیتی اور اب قدرتی آفات سے نبرد آزما ہیں، وزیر دفاع

    سیالکوٹ (26 اگست 2025): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پہلے افواج پاکستان نے جنگ جیتی اور اب قدرتی آفات سے نبرد آزما ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے افواج پاکستان نے جنگ جیتی اور اب قدرتی آفات سے نبرد آزما ہیں۔ عوام کی جانیں بچا کر انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ یہ جنگ سویلین اداروں کو لڑنی چاہیے جو فوج لڑ رہی ہے اور یہ سب سویلین سیٹ اپ کی ناکامی ہے۔

    وزیر دفاع نے تباہی کی بڑی وجہ نالوں پر تجاوزات اور کرپشن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے بہاؤ کی جگہ پر تجاوزات ہیں، جو سٹی گورنمنٹ اور بلدیاتی اداروں کی ناکامی ہے۔ سرکاری اہلکار بھی تجاوزات میں ملوث ہوتے ہیں۔ شہر کا اسٹرکچر تباہ ہو گیا۔

    خواجہ آصف نے ضلعی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی حد ہے کہ تمام سڑکیں بارش میں بہہ گئیں۔ ایس ڈی او، ایکسین یا ٹھیکیدار سے کوئی سوال نہیں کرتا۔ کرپشن کی صورتحال یہ ہے کہ ذاتی طور پر کام کراؤ تو 50 ہزار لگتے ہیں، جب کہ سرکاری فنڈز سے وہی کام 5 کروڑ کا ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت میں آئے ہوئے صرف ڈیڑھ سال ہوا ہے۔ تعمیر نو ہو رہی ہے تو بلدیاتی ادارے میں مضبوط کرنا ہوں گے، تاہم تعمیر نو میں وقت لگے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-floods-ahsan-iqbal-visit-narowal-media-talk/

  • لگتا ہے بھارت پانی جمع کر کے پاکستان بھیج رہا ہے تاکہ نقصان زیادہ ہو، احسن اقبال

    لگتا ہے بھارت پانی جمع کر کے پاکستان بھیج رہا ہے تاکہ نقصان زیادہ ہو، احسن اقبال

    نارووال (27 اگست 2025): احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ لگتا ہے بھارت پانی جمع کر کے پاکستان بھیج رہا ہے تاکہ نقصان زیادہ ہو۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نارووال کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور کرتارپور کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے آبی جارحیت کی ہے اور پانی کو ہتھیار بنایا، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

    احسن اقبال نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کیساتھ ورکنگ انفارمیشن رکھتا تو نقصان کم ہوتا، لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ پانی جمع کر کے پاکستان بھیج رہا ہے تاکہ نقصان زیادہ ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ نارووال تاریخ کی بدترین سیلاب کا سامنا کر رہا ہے۔ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصل تباہ اور اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ یہ وہ آفت ہے اسےموسمیاتی تبدیلی کہتے ہیں۔ 2022 میں ہم نے بدترین سیلاب دیکھا تھا، جس نے سندھ اور بلوچستان کو سمندر میں تبدیل کر دیا تھا۔

    وفاقی وزیر منصوبہ بندی ہے کہ یہ وہ نئی آفت ہے، جس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر اور سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا اور صف بندی کرنی ہے۔ ہمیں مستقبل کی آفتوں سے نمٹنے کے لیے تیاری کرنا ہوگی۔

    انہوں نے کرتارپور کے دورے کے موقع پر وہاں ریسکیو کاموں کی نگرانی کی اور بتایا کہ میں بعض زائرین پانی کے ریلوں کے باعث محصور ہو گئے، جنہیں بحفاظت ریسکیو کیا جا رہا ہے۔

  • زندگی بھر لوگوں کو تفریح فراہم اور جانیں بچانے والے ملاح مایوس کیوں؟ (دیکھیے ویڈیو رپورٹ)

    زندگی بھر لوگوں کو تفریح فراہم اور جانیں بچانے والے ملاح مایوس کیوں؟ (دیکھیے ویڈیو رپورٹ)

    لاہور (26 اگست 2025): زندہ دلوں کا شہر کہلانے والے لاہور میں بہتے دریائے راوی کنارے بیٹھے ماہی گیر کشتی بانوں کی داستان کچھ الگ کہانی بیان کرتی ہے۔

    اس وقت تو سیلاب کے باعث دریائے راوی میں لہروں کی روانی ہے لیکن ایسا وقت بھی آتا ہے کہ جب دریا کی روانی رک جاتی ہے اور دریا صحرا بننے لگتا ہے۔ تاہم موج رواں کے دوران شہری دریا میں کشتی کی سیر کرنے آتے ہیں اور خوب محظوظ ہوتے ہیں۔

    راوی کنارے کھڑی کچھ آخری کشتیاں اور خاموشی کی نیند سوئے ہوئے راوی کے ان مسافروں کی داستان خود ان کی زبانی سننے آئے تو انہوں نے اپنے دل کھول کر سامنے رکھ دیے اور وقت کی ستم گری بتائی۔

    کشتیاں بناتے بناتے بچپن سے بڑھاپے میں پہنچ جانے والے یہ بزرگ بتاتے ہیں کہ ان کا یہ جدی پشتی کام ہے، بچپن میں جب کام شروع کیا تھا تو اس وقت تو بہت کام تھا، مگر اب کوئی کام نہیں بھوکا مرنے والا کام ہے۔ راوی میں 15 سے 20 کشتیاں چلتی ہیں، لیکن دفعہ 144 کی وجہ سے کشتیوں پر پابندی لگی ہوئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ جب کام شروع کیا تو اس وقت 250 روپے میں ایک کشتی بنتی تھی، اب اس پر 8 لاکھ روپے لاگت آتی ہے۔ ہماری کشتیاں ٹوٹی پھوٹی جا رہی ہیں، مگر ہمارے پاس ان کی مرمت کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

    بزرگ ملاح نے بتایا کہ میں ہر صورتحال میں فی سبیل اللہ لوگوں کو پہنچاتا رہا ہوں، سیلاب میں گھرے لوگوں کو نکال کر لاتا رہا ہوں۔ گورنمنٹ نے اس پر مجھ سند بھی دی ہے لیکن آج یہ صلہ مل رہا ہے کہ بھوکے مر رہے ہیں۔

    مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو رپورٹ دیکھیں:

     

  • علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہو جانا چاہیے؟ صحافی کے سوال پر جنید اکبر  نے کیا کہا؟

    علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہو جانا چاہیے؟ صحافی کے سوال پر جنید اکبر نے کیا کہا؟

    اسلام آباد (27 اگست 2025): پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔

    صحافی کے اس سوال پر جنید اکبر نے برملا کہا کہ اگر ہماری کے پی حکومت سے عمران خان کو کوئی فائدہ نہیں تو حکومت میں نہیں رہنا چاہیے۔ کیونکہ ہر وہ حکومت یا عہدہ جس کا بانی پی ٹی آئی کو فائدہ نہیں، اس کی ضرورت نہیں۔

    جنید اکبر نے مزید کہا کہ چاہے ہم اسمبلی میں ہوں یا صوبائی حکومت میں، اگر اس کا فائدہ ہمارے پارٹی کے بانی کو نہیں ہو رہا ہے پھر مستعفی ہو جانا چاہیے۔

    دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر جنید اکبر نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ چیف وہپ عامر ڈوگر کو بھجوایا ہے۔

    جنید اکبر نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم این اے سہیل سلطان نے بھی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا ہے، سہیل سلطان لا اینڈ جسٹس، واٹر ریسورسز اور سیفران کمیٹی سے مستعفی ہوگئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز علیمہ خان نے اڈیالہ جیل میں اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے تمام اراکین کو قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/imran-khan-instructed-the-party-to-resign-from-standing-committees-aleema-khan/

  • سورج کی روشنی کے انسانی صحت پر کیا اثرات ہوتے ہیں؟

    سورج کی روشنی کے انسانی صحت پر کیا اثرات ہوتے ہیں؟

    اسلام آباد (26 اگست 2025): سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے اجلاس میں سورج کی روشنی کے انسانی صحت پر اثرات پر بریفنگ دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کا اجلاس چیئرمین کامل علی آغا کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں سورج کی روشنی کے انسانی صحت پر اثرات اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    سیکریٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سورج سے زیادہ مسئلہ ماحولیاتی آلودگی کا ہے جو تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طرزِ زندگی نے ماحولیاتی تبدیلیوں میں اضافہ کیا ہے۔

    انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ موحولیاتی تبدیلی کے ساتھ بھارت میں بھی بارشوں کے دوران ڈیم بھرنے کے بعد پانی چھوڑنا ایک بڑا مسئلہ ہے۔

    جوائنٹ سیکریٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں گرمی اور بارش کی مقدار میں اضافہ ہوا ہے۔

    اس موقع پر کمیٹی کے رکن ناصر بٹ نے استفسار کیا کہ بادل پھٹنے کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ جس پر جس پر ماہرین نے وضاحت کی کہ بادل پھٹنے کا مطلب ایک ہی جگہ پر مسلسل اور تیز بارش ہونا ہے۔

    اجلاس میں ریکٹر کامسیٹس نے بھی شرکت کی اور بتایا کہ موسم کی تبدیلی بھی بادل پھٹنے کی وجہ ہے۔ زمین سے پانی کے بخارات اوپر جا کر بادل بناتے ہیں۔ بخارات کا عمل Evaporation اور بادل کی تشکیل Cloud Formation کہلاتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/chairman-ndma-inam-haider-breifing-about-flood-in-punjab/

  • گیٹس فاؤنڈیشن کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان

    گیٹس فاؤنڈیشن کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان

    اسلام آباد (27 اگست 2025): بل گیٹس کی ’’گیٹس فاؤنڈیشن‘‘ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔

    مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی فلاحی تنظیم ’’گیٹس فاؤنڈیشن‘‘ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعہ پاکستان کو فراہم کی جائے گی۔

    گیٹس فاؤنڈیشن کی یہ امداد چاروں صوبوں کے 33 متاثرہ اضلاع کے 4 لاکھ 65 ہزار متاثرین کے لیے ہے۔ اس امداد سے سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    ڈبلیو ایچ او پاکستان کے نمائندہ ڈاپنگ لو نے بروقت امداد فراہمی پر گیٹس فاونڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس امداد سے متاثرین کی زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی۔ ڈبلیو ایچ او انسانی جانوں کے تحفظ کیلیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    ڈاپنگ لو نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے مون سون شدت اختیار کر رہا ہے اور قدرتی آفات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ صحت عامہ کے تحفظ کیلیے بہتر تیاری و بروقت ردعمل ضروری ہے۔

    نمائندہ ڈبلیو ایچ او نے بتایا کہ 26 جون سے 27 اگست تک پاکستان بھر میں 802 اموات اور 1,088 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں 5,584 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جون سے اب تک 3 لاکھ 80 ہزار متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جا چکی ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب سے ملک بھر میں 7465 مکانات، 658 کلومیٹر سڑکیں، 238 پل، 7 صحت مراکز تباہ اور 89 مراکز کو نقصان پہنچا ہے۔ اب تک سیلاب اور طوفانی بارشوں نے سب سے زیادہ تباہی صوبہ خیبر پختونخوا میں مچائی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/flood-situation-punjabs-rivers-water-flow/

  • اگلے 25 سے 45 دنوں کی ارلی وارننگ، مزید بارشیں ہوں گی، چیئرمین این ڈی ایم اے

    اگلے 25 سے 45 دنوں کی ارلی وارننگ، مزید بارشیں ہوں گی، چیئرمین این ڈی ایم اے

    اسلام آباد (27 اگست 2025): چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر نے کہا ہے کہ اگلے 25 سے 45 دنوں کی ارلی وارننگ ہے مزید بارشیں ہوں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم انعام حیدر نے وزیر اطلاعات ونشریات اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ ملک میں سیلاب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اگلے 25 سے 45 دنوں کی ارلی وارننگ ہے مزید بارشیں ہوں گی۔ مون سون 2025 کے آٹھویں اور سیکنڈ لاسٹ مرحلے میں ہیں۔ 29 اگست سے 9 ستمبر تک بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، مزید بارشیں ہوئیں تو سیالکوٹ، نارروال اور گوجرانولہ میں دباؤ بڑھے گا۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ چناب، راوی اور دریائے ستلج کے ذریعے سیلابی ریلہ پاکستان میں داخل ہو چکا ہے۔ 10 لاکھ کیوسک کا ریلہ آنے سے قادر آباد پر دباؤ بڑھے گا۔ پنجند پہنچنے پر 58 ہزار کیوسک کا ریلہ 6 سے 7 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم پنجند سے ممکنہ دباؤ کے پیش نظر سندھ حکومت سے رابطے میں ہیں اور سارا ڈیٹا پی ڈی ایم اے سندھ کے ساتھ بھی شیئر کیا گیا ہے۔

    انعام حیدر نے مزید بتایا کہ ہیڈ مرالہ میں گزشتہ رات پانی کا بہاؤ7 لاکھ کیوسک تک پہنچ چکا تھا۔ شاہدرہ اور بلوکی میں پانی کا بہاؤ بڑھ رہا ہے جس کی نگرانی جاری ہے۔ شاہدرہ میں اس وقت 78 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ہے۔ شاہدرہ، بلوکی کے درمیان پانی کا شدید دباؤ 24 گھنٹے برقرار رہے گا جب کہ خانکی اور قادر آباد کے درمیان پانی کا دباؤ اسی طرح رہنے کا امکان ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بہت زیادہ بارشیں ہوئیں اور کلاؤڈ برسٹ سے نقصانات بھی زیادہ ہوئے ہیں۔ سیالکوٹ کے شمال مشرقی علاقوں میں بھی بارش 600 ملی میٹر سے تجاوز کر گئی۔ ان شدید بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی آئی۔

    چیرمین این ڈی ایم نے بتایا کہ پاک فوج عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کر رہی ہے اور اب تک دریائے ستلج کے اطراف سے 2لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ تمام ملٹری فارمیشنز کو بھی آرمی چیف کی طرف سے ہدایات دی جا چکی ہیں۔ جب کہ وزیراعظم شہباز شریف کل صبح سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/dg-ispr-on-pakistan-floods-27-august-2025/