Author: ریحان خان

  • امریکا کے تمام صدر اگر پہلوان ہوتے تو آج دنیا کیسی ہوتی؟

    امریکا کے تمام صدر اگر پہلوان ہوتے تو آج دنیا کیسی ہوتی؟

    امریکا میں اب تک آنے والے صدر اگر پہلوان ہوتے تو آج دنیا کیسی ہوتی آرٹیفیشل انٹیلجنس کے کمالات نے دلچسپ سوال اٹھا دیا۔

    سوشل میڈیا پر فوٹو شاپ کے ذریعے معروف شخصیات کی تصاویر کو نیا رنگ دینا کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن دنیا میں تیزی سے ترقی کرتی آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے اپنے کمالات کا دائرہ امریکا کے موجودہ اور سابق صدور کی جانب موڑ دیا ہے اور انہیں پہلوان کے نئے روپے میں دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر امریکی شہری کیم ہارلیس کے اکاؤنٹ سے آرٹیفشل انٹیلیجنس اور فوٹو شاپ کا استعمال کر کے امریکی صدور کو کسی اور شعبے سے وابستہ اور انہیں ایک الگ اور نئی شناخت دی گئی ہے۔

     

    کیم ہارلیس نے فوٹو شاپ کے ذریعے جن صدور کی تصاویر پر طبع آزمائی کرکے انہیں دلچسپ روپ دیا ہے ان میں موجودہ صدر جو بائیڈن سمیت سابق امریکی صدور ڈونلڈ ٹرمپ، براک اوباما، جارج بش سینیئر، جارج بش جونیئر، بل کلنٹن، رونالڈ ریگن  گارفیلڈ فورڈ سمیت ایک طویل فہرست ہے۔لیکن ہم آپ کی تفریح کے لیے صرف چند تصاویر یہاں شیئر کر رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر امریکی صدور کو تصوراتی طور پر پہلوان دکھایا گیا ہے اور ان کا یہ روپ صارفین کو اتنا بھایا ہے کہ اب تک لاکھوں صارفین اس کو دیکھ اور پسندیدگی کے ساتھ دلچسپ رائے کا اظہار کر چکے ہیں اور اس کا سلسلہ جاری ہے۔

    اگر یہ تمام افراد امریکا کے صدر کے بجائے پہلوان ہوتے تو آج دنیا کیسی ہوتی۔ آپ اس بارے میں کیا سوچتے ہیں؟ کمنٹس سیکشن میں اپنی رائے کا اظہار ضرور کریں۔

  • شاہین آفریدی نے شکست کی وجہ ’’ہوا‘‘ کو قرار دے دیا

    شاہین آفریدی نے شکست کی وجہ ’’ہوا‘‘ کو قرار دے دیا

    پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 84 رنز سے ہرا دیا شاہین شاہ نے شکست کی ذمے داری ہوا پر ڈال دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو با آسانی 84 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی جس کے باعث سلطانز نے تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    کوالیفائر میں یکطرفہ مقابلے میں بڑے مارجن سے میچ ہارنے اور بلے بازوں کے ڈھیر ہونے پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ نے موسم کو مورد الزام ٹھہرا دیا۔

    شاہین آفریدی نے کہا کہ موسم ہمارے بلے بازوں کی بری پرفارمنس کی وجہ بنا۔ ملتان جب بولنگ کرنے میدان میں آئی تو ہوا چلنے لگی اور ہوا چلنے سے ٹریل کو مدد ملی تاہم یہی قدرت کا نظام ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لاہور قلندرز کی رواں ایونٹ میں پرفارمنس بالخصوص ان فارم اوپنر فخر زمان کی موجودگی میں لگ رہا تھا کہ قلندرز میچ جیت جائیں گے۔

    تاہم جب قلندرز کے بلے باز میدان میں اترے تو خزاں رسیدہ پتوں کی طرح وکٹیں گرنے سے تمام شائقین کرکٹ بالخصوص لاہور کے فینز شدید حیرت اور مایوسی کا شکار ہوئے۔ قلندرز کی پوری ٹیم 14.3 اوورز میں صرف 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    اس بری شکست کے باوجود لاہور قلندرز کے فینز کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کی ٹیم کو فائنل میں پہنچنے اور اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کا ایک اور موقع کل ملے گا لیکن اس کے لیے اسے آج کے پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم کی دیوار کو گرانا ہوگا۔

  • پی ایس ایل 8 میں ریکارڈز کا انبار، کچھ عالمی تو کچھ منفرد

    پی ایس ایل 8 میں ریکارڈز کا انبار، کچھ عالمی تو کچھ منفرد

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے گروپ اسٹیج میں ایسے ریکارڈ بھی بنے ہیں جس نے کئی عالمی ریکارڈز کو چکنا چور کردیا۔

    دنیا کی مقبول ترین لیگز میں شامل پاکستان سپر لیگ ہر سیزن میں کامیابی اور مقبولیت کے نئے سنگ میل طے کر رہا ہے۔ رواں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 8 میں شائقین کرکٹ کو گروپ اسٹیج میں جہاں کئی دلچسپ، سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے دیکھنے کو ملے وہیں اس ایونٹ میں کچھ ایسے نئے اور منفرد ریکارڈز بھی بنے جس نے عالمی ریکارڈز کو چکنا چور کر دیا۔

    پی ایس ایل 8 میں جہاں ٹی 20 کی تاریخ میں ایک میچ میں مجموع طور پر بننے والے رنز کا عالمی ریکارڈ ٹوٹا وہیں مختصر دورانیے کی کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ہدف بھی حاصل کیا گیا تو وہیں مہنگے ترین بولر کا منفی ریکارڈ بھی حصے میں آیا۔

    ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے خلاف 262 رنز سجائے جو اب تک پاکستان سپر لیگ میں سب سے بڑا ٹوٹل بنا تاہم اس میچ میں ایسا کچھ بھی ہوا جو ٹی 20 کرکٹ کی بیس سالہ تاریخ میں اس سے قبل کبھی نہیں ہوا تھا۔

    اس میچ میں ملتان سلطانز کے 262 رنز کے جواب میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 253 رنز بنائے۔ یوں ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار دونوں ٹیموں نے 250 سے زائد رنز اسکور کیے اس کے ساتھ ہی ایک میچ میں مجموعی طور پر 515 رنز بھی بنے جو اس سے قبل کبھی نہیں بنے تھے یوں دو عالمی اعزاز پی ایس ایل 8 نے اپنے نام کیے۔

    رواں ایونٹ کے گروپ اسٹیج میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 243 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کرکے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں دوسرا بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔ مختصر دورانیے کی اس کرکٹ میں سب سے بڑا ہدف عبور کرنے کا اعزاز صرف ایک رنز کے فرق سے آسٹریلیا کے پاس ہے جو اس نے نیوزی لینڈ کے خلاف 2018 میں 244 کا ہدف حاصل کرنے بنایا تھا۔

    پی ایس ایل 8 کو یہ بھی اعزاز حاص ہوگیا کہ ایونٹ کے کسی ایک بھی سیزن میں سب سے زیادہ سنچریاں بھی رواں ٹورنامنٹ میں یہ بنی ہیں جن کی تعداد 7 ہے جب کہ چار میچز جاری ہیں۔ ان میں سے 4 سنچریاں ملکی جب کہ 3 سنچریاں غیر ملکی کھلاڑیوں نے بنائیں۔ ایونٹ کے 4 میچز باقی ہے اور سنچریوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ نوجوان صائم ایوب نے 5 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔

    عثمان خان نے جہاں 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کر ڈالا تو وہیں جیسن روئے نے 145 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیل کر لیگ کی اب تک کی سب سے بڑی اننگ داغ دی۔

    رواں پی ایس ایل لاہور قلندرز کے فخر زمان 26 چھکے لگا کر سب سے آگے ہیں تو بابر اعظم سب سے زیادہ 47 چوکے لگا چکے ہیں اور دونوں ہی بلے باز پلے آف میں اپنا ریکارڈ مزید بہتر بنانے کی جستجو کریں گے۔
    رواں پی ایس ایل میں ایک ہیٹ ٹرک کے ساتھ 22 وکٹیں لے کر ملتان سلطانز کے عباس آفریدی ٹاپ بولر ہیں تو اسی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود احسان اللہ 12 رنز کے عوض 5 شکار کرکے بہترین بولنگ فیگرز کا اعزاز لے اڑے۔

    پی ایس ایل 8 کا ایک منفی ریکارڈ قیص احمد کا مہنگا ترین اسپیل رہا جس میں انہوں نے چار اوورز کے کوٹے میں مخالف ٹیم کو 77 رنز دے ڈالے۔

  • عمران خان کی گرفتاری کیلیے آپریشن، زخمیوں کی تعداد 65 سے زائد ہوگئی

    عمران خان کی گرفتاری کیلیے آپریشن، زخمیوں کی تعداد 65 سے زائد ہوگئی

    عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس کا زمان پارک میں آپریشن جاری ہے اور زخمیوں کی تعداد 65 سے زائد ہوگئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس کا زمان پارک میں آپریشن گزشتہ روز سے تاحال جاری ہے۔ پولیس اور کارکنوں کی آنکھ مچولی جاری رہنے کے باعث علاقہ میدان جنگ بنا ہوا ہے۔

    آپریشن کے باعث لاہور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی کا نفاذ برقرار اور جھڑپوں میں زخمیوں کی تعداد 65 سے تجاوز کرگئی ہے۔ سروسز اسپتال میں 65 زخمیوں کو لایا گیا ہے ان میں 55 پولیس اہلکاروں کے ساتھ 8 شہری بھی شامل ہیں جب کہ میئو اسپتال میں تصادم سے زخمی تین پولیس اہلکار زیرعلاج ہیں۔

    ڈاکٹرز کے مطابق ڈنڈوں سے تشدد کے باعث پولیس اہلکاروں کو فریکچرز آئے ہیں۔ بیشتر اہلکاروں کے سر، ہاتھوں اور ٹانگوں پر زخم آئے ہیں۔ ایم ایس سروسز اسپتال کا کہنا ہے کہ معمولی زخمیوں کو ڈسچارج کیا جا رہا ہے۔

  • مشیل یوہ بہترین اداکارہ کا آسکر جیتنے والی پہلی ایشیائی خاتون

    مشیل یوہ بہترین اداکارہ کا آسکر جیتنے والی پہلی ایشیائی خاتون

    مشیل یوہ نے فلم ’’ایوری تھنگ، ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘‘ کے لیے بہترین اداکاری کا آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی ایشیائی خاتون بن گئی ہیں۔

    ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے مشیل یوہ نے گزشتہ روز جب لاس اینجلنس کیلیفورنیا میں 95 ویں اکیڈمی ایوارڈ کی رنگا رنگ تقریب میں فلم ’’ایوری تھنگ، ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘‘ کے لیے بہترین اداکاری کا آسکر ایوارڈ تھاما تو اس کے ساتھ ہی یہ اعزاز بھی ان کے نام ہوگیا کہ وہ بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ جیتنے والی پہلی ایشیائی خاتون بن گئیں۔

    مشیل یوہ نے اس سے قبل گولڈن گلوب ایوارڈ جیتنے والی ملائیشیا کی پہلی اداکارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ رواں سال کے آغاز میں انہیں بہترین اداکارہ کا گولڈن گلوب ایوارڈ بھی اسی فلم کے لیے دیا گیا تھا۔

    مشیل یوہ نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا تھا کہ میں یہاں کھڑے ہو کر کچھ دیر اس منظر کو سمونا چاہتی ہوں کیونکہ یہاں پہنچنے میں 40 برس لگے۔

    60 سالہ اداکارہ نے مزید کہا کہ "ہالی ووڈ ایک خواب تھا جب تک میں یہاں نہیں آئی،” انہوں نے مزید کہا کہ انہیں "اقلیتی” کہا جاتا ہے اور پوچھا کہ کیا وہ اپنے کیریئر کے شروع میں انگریزی بول سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ بہترین فلم کے اکیڈمی اور گولڈن گلوب ایوارڈز جیتنے والی ’’ایوری تھنگ، ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘‘ یہ فلم اب تک 178 بین الاقوامی ایوارڈز جیت چکی ہے۔

    عالمی شہرت یافتہ اس فلم میں مشیل نے ایویلین وینگ کا کردار ادا کیا ہے، جو ادھیڑ عمر چینی مہاجر ہے اور کائنات کے راز کھوجنے کا ایڈونچر کرتی ہے۔

  • پی ایس ایل 8 پہلا مرحلہ، کس نے بلّا چلایا اور کس نے گیند سے کمال دکھایا؟

    پی ایس ایل 8 پہلا مرحلہ، کس نے بلّا چلایا اور کس نے گیند سے کمال دکھایا؟

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ اس مرحلے میں بیٹنگ اور بولنگ میں پاکستانی کھلاڑی ہی سب سے آگے رہے۔

    دنیا کی مقبول ترین لیگز میں شامل پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے پہلے مرحلے کا اختتام ہوگیا۔ 30 میچوں پر مشتمل اس مرحلے میں شائقین کرکٹ کو کئی سنسنی خیز، دل کی دھڑکنیں تیز کرنے والے اعصاب شکن اور دلچسپ میچز دیکھنے کو ملے۔

    پی ایس ایل میں دنیا بھر سے کرکٹ کے بڑے بڑے کھلاڑی شریک ہیں تاہم پہلے مرحلے کے اختتام پر بیٹنگ اور بولنگ کے شعبے میں پاکستانی کھلاڑی ہی سر فہرست نظر آ رہے ہیں۔

    محمد رضوان

    بیٹنگ کی بات کی جائے تو ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان سب سے آگے نظر آتے ہیں جو رواں ایونٹ میں 10 میچز کھیل کر 60.37 کی اوسط سے 483 رنز بنائے ہیں۔

    محمد رضوان نے ایک سنچری اور اور 4 نصف سنچریاں جڑی ہیں۔ کراچی کنگز کے خلاف صرف 64 گیندوں پر 110 کی ناقابل شکست اننگ ان کی ایونٹ میں ناقابل فراموش کارکردگی ہے۔

    بابر اعظم

    قومی ٹیم کے ساتھ پشاور زلمی کی قیادت کرنے والے بابر اعظم پی ایس ایل 8 کے بلے بازوں کی ٹاپ فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 9 میچز کی 9 اننگز میں 52 کی اوسط سے 416 رنز بنا رکھے ہیں۔

    بابر اعظم نے بھی ایک سنچری اور 4 نصف سنچریاں جڑی ہیں۔ کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے خلاف 65 رنز پر ان کے جارحانہ 115 رنز پی ایس ایل کی یادگار اننگز میں سے ایک ہے۔

    عماد وسیم

    کراچی کنگز پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں تو کوالیفائی نہیں کرسکی تاہم اس کے کپتان عماد وسیم نے ایونٹ میں اپنے بلے اور گیند دونوں سے جادو جگایا اسی بدولت وہ ٹاپ بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 404 رنز بنائے۔

    عماد وسیم کی بیٹنگ کی خاص بات یہ ہے کہ وہ 10 اننگز میں 7 بار ناقابل شکست رہے اور ان کا بیٹنگ ایوریج سب سے زیادہ 134.66 رہا ہے۔ انہوں نے تین نصف سنچریاں بنائیں۔

    بولنگ کے شعبے میں بھی پاکستانی بولرز ہی چھائے رہے۔

    عباس آفریدی

    ملتان سلطانز کے رائٹ آرم میڈیم فاسٹ بولر عباس آفریدی کا نام ٹاپ بولرز کی فہرست میں سب سے پہلے جگمگا رہا ہے جنہوں نے ایونٹ کے پہلے مرحلے میں 10 میچز کھیل کر 14.95 کی اوسط سے 22 وکٹیں حاصل کرکے قومی ٹیم میں سلیکشن کے لیے سلیکٹرز کی نظریں خود پر مرکوز کرالی ہیں۔

    کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے خلاف 47 رنز کے عوض 5 وکٹوں کی کارکردگی سے ان کا نام کرکٹ کے حلقوں میں گونجا جب کہ اسی ایونٹ میں وہ دو بار چار وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی انجام دے چکے ہیں۔

    احسان اللہ

    اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود احسان اللہ کا تعلق بھی ملتان سلطانز سے ہے جنہوں نے 20 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ ان کی بہترین کارکردگی گلیڈیئٹرز کے خلاف رہی جس میں انہوں نے صرف 12 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے کوئٹہ کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا تھا۔

    احسان اللہ رواں ماہ افغانستان کے خلاف شارجہ میں کھیلی جا رہی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم میں جگہ پاکر اپنی اس بے مثال کارکردگی کا صلہ پا چکے ہیں۔

    راشد خان

    افغانستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر جو پی ایس ایل 8 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ 8 میچز میں 15 وکٹیں حاصل کرکے تیسرے نمبر پر ہیں۔

  • خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں خاتون جج کو دھمکی دینے کی کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ رانا مجاہد رحیم نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو 29 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

    آج صبح سول جج رانا مجاہد رحیم نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت شروع کی تو عمران خان کے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی۔

    عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جانب سے آج پھر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ہے۔ عدالتی اوقات تک انتظار کر لیتے ہیں۔ آج پیش نہیں ہوتے تو وارنٹ جاری کردیں گے۔

    دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے کہا کہ جو کاپیاں فراہم کی گئی ہیں وہ مکمل نہیں۔ درخواست گزار سابق وزیراعظم ہیں جن پر قاتلانہ حملہ ہوا اور ان کے زخم ابھی مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئے جب کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے ذمے داروں کو سزا بھی نہیں دی جا سکی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزرائے اعظم جب قومی مفاد کیلیے فیصلے کرتے ہیں تو ان کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ استحقاق ایکٹ سیکشن 17 کہتا ہے کہ وزیراعظم کا آفس ہولڈ کرنے والے کو مناسب سکیورٹی دی جائیگی لیکن عمران خان جو سابق وزیراعظم ہیں ان سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔ انہیں سیکیورٹی فراہمی کے لیے لاہور ہائیکورٹ کو درخواست دی گئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کیخلاف جھوٹے اور بے بنیاد کیسز درج کیے گئے ہیں۔ ہم عدالت کی کارروائی سے بھاگ نہیں رہے اور نہ کوئی بہانہ بنا رہے ہیں۔ عمران خان کئی مرتبہ عدالتوں کے سامنے پیش ہو چکے ہیں لیکن ان پر حملے کے بعد بہت سی چیزیں بدل چکی ہیں۔

    عدالت نے عمران خان کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو دوپہر 2 بجے کے بعد سنایا گیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اسی کیس میں 9 مارچ کو ہونے والی سماعت پر عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین کی اس دن عدالت سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کو 13 مارچ تک ملتوی کر دیا تھا۔

  • 95 ویں آسکرز ایوارڈ، کس نے میدان مارا اور کون رہا ناکام؟

    95 ویں آسکرز ایوارڈ، کس نے میدان مارا اور کون رہا ناکام؟

    95 ویں اکیڈمی (آسکر) ایوارڈ میں ہالی ووڈ فلم ایوری تھنگ، ایوری ویئر آل ایٹ ونس نے 7 ایوارڈ حاصل کرکے میدان مار لیا۔

     دنیائے فلم کے سب سے معتبر اور مقبول آسکر ایوارڈ میں ہالی ووڈ فلم ایوری تھنگ، ایوری ویئر آل ایٹ ونس نے میدان مار لیا۔ 95 ویں اکیڈمی ایوارڈ کی رنگا رنگ تقریب جمی آسکرز کی میزبانی میں امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے قبل ریڈ کارپٹ پر فلمی ستاروں نے جلوے بکھیرے۔

       ہالی ووڈ باکس آفس پر دھوم مچانے والی فلم ’’ ایوری تھنگ، ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘‘ نے اکیڈمی ایوارڈ میں بھی دھوم مچائی اور 7 ایوارڈ حاصل کرکے میدان مارا۔
    مذکورہ فلم نے بہترین فلم، بہترین ہدایتکار، بہترین اداکارہ، بہترین معاون اداکار، بہترین معاون اداکارہ، بہترین اوریجنل اسکرین پلے اور بہترین ایڈیٹنگ کے زمرے میں ایوارڈز اپنے نام کیے۔

    مشیل یوہ کو بہترین اداکارہ، ڈینیئل کوان اور ڈینیئل سینرٹ کو بہترین ہدایتکار، کی ہو کوان کو بہترین معاون اداکار، جمی کرلٹس کو بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔

    بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم ’’دی وہیل‘‘ میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار برینڈن فریزر کو دیا گیا۔ اسی فلم کو میک اپ اور ہیئر اسٹائلنگ کے شعبے میں بھی ایک ایوارڈ سے نوازا گیا۔

    95 ویں آسکر ایوارڈز میں جرمنی کی فلم ’’آل کوائیٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ‘‘ نے بھی کمال کر دکھایا اور بہترین انٹرنیشنل فیچر فلم ایوارڈ سمیت 4 اعزازات سمیٹ لیے۔

    مذکورہ فلم کے لیے والکر برٹلے مین کو بہترین اوریجنل اسکور کے زمرے میں جب کہ جیمز فرینڈز کو بہترین سینما ٹوگرافی کے شعبے میں ایوارڈز دیے گئے اس کے علاوہ اسی فلم نے پروڈکشن ڈیزائن کے شعبے میں بھی میدان مارا۔

    نوالنی نے بہترین دستاویزی فلم کا آسکر جیتا تو بہترین اینیمیٹڈ فلم کا ایوارڈ پینوکیو کے نام رہا۔ فلم ’’ویمن ٹاکنگ‘‘ کو بیسٹ ایڈاپٹڈ اسکرین پلے، ’’اواتار، دی وے آف واٹر‘‘ کو بہترین ویژول ایفیکیٹ، فلم ’’ٹاپ گن میورک‘‘ کو بہترین ساؤنڈ، دی جب کہ ’’بلیک پینتھر واکانڈا فار ایور‘‘ کے لیے رتھ کارٹر کو کاسٹیوم ڈیزائن کے شعبے میں انعام دیا گیا۔

    بھارت بھی دو آسکر ایوارڈ لے اڑا۔ فلم دی ایلیفینٹ وسپرز بیسٹ ڈاکومینٹری شارٹ فلم کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ بالی ووڈ باکس آفس پر دھوم مچانے والی فلم آر آر آر کے گانے ناٹو ناٹو کے لیے بیسٹ اوریجنل گانے کا آسکر ایوارڈ ایم ایم کیراونی اور چندر بوس کو ملا۔

    تقریب میں نوبل انعامہ یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بھی شرکت کی۔ ان کی مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم اسٹرینجر ایٹ دا گیٹ کو بھی آسکرز کے لیے نامزد تھی۔

  • افغانستان کیخلاف سیریز میں قومی کپتان کون ہوگا؟ آج پتہ چل جائے گا

    افغانستان کیخلاف سیریز میں قومی کپتان کون ہوگا؟ آج پتہ چل جائے گا

    افغانستان کے خلاف رواں ماہ شیڈول تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان کون ہوگا آج پتہ چل جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق افغانستان کے خلاف رواں ماہ 24 مارچ سے شارجہ میں کھیلی جانے والی تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان آج ہوگا۔

    چیئرمین سلیکشن کمیٹی ہارون رشید آج لاہور میں قومی اسکواڈ کا اعلان کریں گے جس کے ساتھ ہی کپتانی کے تنازع پر جاری افواہوں کا زور ٹوٹ جائے گا اور سب کو معلوم ہو جائے گا کہ اس سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کون کرے گا۔

    واضح رہے کہ میڈیا خبروں کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ افغانستان کے خلاف مذکورہ سیریز میں ریگولر قومی کپتان بابر اعظم کو آرام دے کر شاہین شاہ آفریدی کو قیادت سونپنا چاہتا ہے۔

    ان اطلاعات کے بعد کرکٹ حلقوں میں کپتانی کے معاملے پر افواہیں گردش کر رہی ہیں اور ذرائع یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ پی سی بی مستقبل کے لیے شاہین شاہ آفریدی کی قیادت کی صلاحیتوں کو آزمانا چاہتا ہے۔

    اس حوالے سے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا شاہین شاہ آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں اسٹار فاسٹ بولر نے قیادت کی ذمے داری لینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف سیریز میں قومی آل راؤنڈر عماد وسیم سمیت رواں پی ایس ایل 8 میں بہترین کارکردگی دکھانے والے بیٹرز صائم ایوب، اعظم خان اور بولر احسان اللہ کو بھی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

    پاکستان افغانستان کے درمیان تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز شارجہ میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا میچ 24 مارچ، دوسرا 26 جب کہ تیسرا میچ 27 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

  • تحریک انصاف کا کل تک ریلی ملتوی کرنے کا اعلان

    تحریک انصاف کا کل تک ریلی ملتوی کرنے کا اعلان

    پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی مہم کے سلسلے میں آج عمران خان کی زیر قیادت نکالی جانے والی ریلی کو کل تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی ریلی روکنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ اور راستے بند کیے جانے کے بعد کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے آج اعلان کردہ ریلی کل تک منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    یہ اعلان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کیا۔

    عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میں کل تک ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کرتا ہوں اور تمام کارکنوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس جال میں نہ پھنسیں۔

     

    دوسری جانب حماد اظہر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ریلی ملتوی کردی گئی ہے۔ ہم نے خون خرابے سے بچنے کے لیے ریلی ملتوی کی ہے۔ ریلی ملتوی کر دی ہے اس لیے لاہور کے تمام راستے کھول دیے جائیں جب کہ کارکنوں کو بھی کہوں گا کہ وہ پر امن رہیں اور مشتعل نہ ہوں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ  ہم پر امن حالات میں الیکشن چاہتے ہیں جب کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ تصادم ہو اور الیکشن ملتوی کردیے جائیں۔ یہ عمران خان کی مقبولیت سے گھبرا رہے ہیں۔ ریاستی جبر کے خلاف قانونی راستہ اپنایا ہوا ہے۔ کارکن اس وقت تک انتظار کریں اور کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لے۔ ہم لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کر رہے ہیں۔