Author: ریحان خان

  • کراچی اور اسلام آباد کے کپتانوں نے کینسر کے مریض بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں، تحائف دیے

    کراچی اور اسلام آباد کے کپتانوں نے کینسر کے مریض بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں، تحائف دیے

    پی ایس ایل 8 میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ سے قبل کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتانوں نے کینسر کے مریض بچوں کو تحائف دیے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں گزشتہ روز کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کے موقع پر کینسر سے آگاہی کے لیے گولڈن ربن ڈے منایا گیا۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گولڈن کیپس اور ربن پہن کر میچ کھیلا جب کہ میچ سے قبل مدعو کیے گئے کینسر کے مریض بچوں سے ملاقات کرکے انہیں تحائف دیے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کینسر سے آگاہی کے دن کے موقع پر کینسر سے متاثرہ مریض بچوں اور شفا یاب بچوں اور ان کے اہلخانہ کو نیشنل بینک کرکٹ ارینا گراؤنڈ مٰں مدعو کیا گیا تھا جہاں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور اسلام آباد کنگز کے کپتان شاداب خان نے ان بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور انہیں دستخط شدہ ٹی شرٹس کے تحائف دیے۔

    اس موقع پر ننھے پھولوں کی خوشی دیدنی تھی اور وہ اس تقریب اور میچ سے بھرپور انداز سے محظوظ ہوئے جب کہ میچ کے دوران بڑی اسکرینز پر کینسر کے پھیلاؤ کو روکنے اور علامات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔

    گولڈن ربن ڈے کے موقع پر پی ایس ایل کے کھلاڑیوں نے اس موقع پر مختلف پیغامات بھی دیے۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ کینسر ایک موذی مرض ہے، بروقت تشخیص ہو تو علاج ممکن ہے۔ اس مرض سے لڑنے والے بچے ہمارے بہادر جنگجو ہیں۔

    اس کے علاوہ ڈیوڈ ویزے کا کہنا تھا کہ کینسر سے لڑنے کیلیے صبر اور فیملی کا ساتھ چاہیے ہوتا ہے۔ محمد حسنین نے کہا کہ کینسر میں مبتلا بچوں کو نارمل زندگی جینے کا موقع نہیں ملتا۔ فخر زمان نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچے کو کینسر سے لڑنے کے جذبے کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ مارٹن گپٹل نے کہا کہ بچوں کیلیے پیغام ہے، لڑتے رہیں اور اپنا حوصلہ بلند رکھیں۔

    ایک سروے کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں تقریباً 4 لاکھ بچے کینسر کا شکار ہوتے ہیں اور پاکستان میں یہ تعداد تقریباً 90 ہزار بتائی جاتی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے دوران ہر سال کینسر سے آگاہی کا دن مناتا ہے اور یہ لگا تار پانچواں سیزن ہے جس میں پی سی بی (پی ایس ایل) کے دوران اس دن کو منایا گیا۔

  • آج 2 دوست مدمقابل، بابر اعظم اور محمد رضوان کی ٹیمیں‌ ٹکرائیں گی

    آج 2 دوست مدمقابل، بابر اعظم اور محمد رضوان کی ٹیمیں‌ ٹکرائیں گی

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں آج دو دوست بابر اعظم اور محمد رضوان ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے سنسنی خیز میچز جاری ہیں۔ آج ملتان میں دو دوست بابر اعظم اور محمد رضوان ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز آج ایک دوسرے کو پچھاڑنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔

    پشاور زلمی نے ایونٹ میں ایک میچ کھیلا ہے اور اس میں فاتح رہی تھی جب کہ ملتان سلطانز اب تک دو میچ کھیل چکی ہے۔ ایک میں جیت اور ایک میں ہار ملی ہے۔

    ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں سلطانز کو سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک پی ایس ایل کے 11 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں 8 میں ملتان سلطانز نے فتح حاصل کی جب کہ زلمی 3 معرکے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔

    پہلے بیٹنگ میں بھی 5 میچز میں جیت اپنے نام کرکے ملتان آگے نظر آتی ہے تاہم دوسری بیٹنگ میں دونوں ٹیموں نے تین تین میچز جیت رکھے ہیں۔

    آج زلمی ایونٹ میں مسلسل دوسری جیت کا عزم لے کر میدان میں اترے گی تو سلطانز بھی اپنے ہوم گراؤنڈ پر کامیابی کا تسلسل برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    پشاور کی بیٹنگ مضبوط ہے۔ کپتان بابر اور کیڈ مور حریف بولرز پر قہر بن کر ٹوٹ سکتے ہیں ساتھ بولنگ کے شعبے میں وہاب ریاض کے تجربے کا ساتھ بھی حاصل ہے۔ وہیں ملتان کو رضوان پر اعتماد ہے، رلی روسو بھی کسی سے کم نہیں، بولنگ میں نوجوان پیس بیٹری بالخصوص کوئٹہ کو سرپرائز دینے والے احسان اللہ پشاور کیلیے بھی مشکل کھڑی کرسکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سابق بھارتی کرکٹر نے پی ایس ایل کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے

    میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔ پی ایس ایل کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • کراچی اور اسلام آباد کے کھلاڑی آج گولڈن کیپس پہن کر میدان میں اتریں گے

    کراچی اور اسلام آباد کے کھلاڑی آج گولڈن کیپس پہن کر میدان میں اتریں گے

    ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کا چوتھا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا دونوں ٹیموں کے کھلاڑی گولڈن کیپس پہن کر میدان میں اتریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ آج ایونٹ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹیڈ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں رات ساڑھے 7 بجے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔

    آج کے میچ کو جیت کر جہاں کراچی کنگز کم بیک کی کوشش کرے گی وہیں اسلام آباد یونائیٹیڈ بھی ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کے لیے بے قرار ہوگی۔ شائقین کرکٹ آج بھی ایک دلچسپ مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔

    میگا ایونٹ میں آج بچوں کے کینسر سے آگاہی کا دن منایا جائے گا۔ اسی مناسبت سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آج کے میچ میں گولڈن کیپس اور گولڈن ربنز پہن کر میدان میں اتریں گے۔

    پی سی بی کے مطابق آج کے میچ میں کینسر سے متاثرہ دو مریض بچوں اور کینسر سے صحتیاب ہونے والے 5 بچوں کی فیملیز کو دعوت دی گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان دستخط شدہ شرٹس انہیں پیش کریں گے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ آج کے میچ میں کمنٹیٹرز بھی گولڈن ربنز پہن کر کمنٹری کے دوران کینسر سے آگاہی کے پیغامات دیں گے۔ میچ کی اسٹمپس بھی گولڈن میں برینڈ کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ پی سی بی مسلسل پانچویں برس بچوں کے کینسر سے آگاہی کا دن منا رہا ہے۔

    دوسری جانب اگر اب تک پی ایس ایل ایونٹ میں دونوں ٹیموں کے باہمی مقابلوں کی بات کی جائے تو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک 18 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئے ہیں۔ اس میں یونائیٹڈ نے 12 فتوحات حاصل کیں جب کہ کراچی کنگز نے 6 بار میدان مارا ہے۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور سینیئر کھلاڑی شعیب ملک پشاور زلمی کے خلاف میچ میں پہلے ہی اپنی فارم دکھا چکے ہیں آج یونائیٹڈ کیخلاف میچ میں میتھیو ویڈ، شرجیل خان اور حیدر علی سے بھی امیدیں وابستہ ہیں۔ تو اسلام آباد یونائیٹڈ آل راؤنڈر کپتان شاداب خان سمیت پال اسٹرلنگ، منرو اور آصف بھی اپنے جارح مزاج بلے بازی سے مخالف بولرز کے چھکے چھڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 8، آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا جوڑ پڑے گا

    پی ایس ایل 8 کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • شاہین شاہ آفریدی انجری مسائل کا شکار؟ کیا پی ایس ایل کا اگلا میچ کھیلیں گے؟

    شاہین شاہ آفریدی انجری مسائل کا شکار؟ کیا پی ایس ایل کا اگلا میچ کھیلیں گے؟

    لاہور قلندر کے کپتان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک بار پھر انجری مسائل کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کے اگلے میچ میں شمولیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے؟

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کا ابھی آغاز ہی ہوا ہے کہ بولرز کو انجری مسائل نے آگھیرا ہے۔ پہلے ملتان سلطانز سے شاہنواز ڈھانی انجرڈ ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے۔ پھر کراچی کنگز کے میر حمزہ پشاور زلمی کے خلاف میچ میں انگلی میں فریکچر کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے اور اب اطلاعات ہیں کہ لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی بھی انجری مسائل کا شکار ہوگئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہین شاہ فٹبال کھیلتے ہوئے کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوئے ہیں جس کے بعد قلندر کپتان نے پریکٹس سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا۔

    اسٹار فاسٹ بولر کے اس طرح انجری مسائل سے دوچار ہونے کے باعث ان کے پی ایس ایل 8 کے اگلے میچ میں شمولیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے جو کہ اتوار 19 فروری کو کراچی کنگز کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    اس حوالے سے لاہور قلندر انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں زخمی ہونے کے بعد کئی ماہ تک کرکٹ سے دور رہے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 8، آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا جوڑ پڑے گا

    شاہین شاہ نے حال ہی میں گھٹنے کی انجری سے چھٹکارا حاصل کیا تھا اور پی ایس ایل ان کا فٹ ہونے کے بعد پہلا اسائنمنٹ ہے۔

  • پی ایس ایل 8، آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا جوڑ پڑے گا

    پی ایس ایل 8، آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا جوڑ پڑے گا

    ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں آج کراچی کنگز اسلام آباد یونائیٹیڈ کے مدمقابل آئے گی اور میچ جیت کر کم بیک کی کوشش کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ آج ایونٹ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹیڈ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گے۔

    آج کے میچ کو جیت کر جہاں کراچی کنگز کم بیک کی کوشش کرے گی وہیں اسلام آباد یونائیٹیڈ بھی ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کے لیے بے قرار ہوگی۔ شائقین کرکٹ آج بھی ایک دلچسپ مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔

    نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاکرا شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔ ایونٹ کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

    میچ کے حوالے سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ 7500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ایک ہزار ایس ایس یو کے ایک ہزار کمانڈوز کے ساتھ لیڈیز کمانڈوز اور اہلکار بھی ڈیوٹیاں انجام دیں گی۔

    واضح رہے کہ کراچی کنگز کو ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی سے 2 رنز سے شکست ہوئی تھی جب کہ اسلام آباد یونائیٹیڈ آج کے میچ سے ٹورنامنٹ میں اپنا آغاز کر رہی ہے۔

  • سابق بھارتی کرکٹر نے پی ایس ایل کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے

    سابق بھارتی کرکٹر نے پی ایس ایل کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے

    سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر آکاش چوپڑا بھی پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت متعرف ہوگئے اور اس کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔

    سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں پاکستان سپر لیگ کو دنیا کی دوسری سب سے بڑی لیگ قرار دے دیا اور کہا کہ آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز کی لیگ پی ایس ایل سے بہت پیچھے ہیں۔

    آکاش چوپڑا نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو دنیا کی دوسری بڑی لیگ سمجھتا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کی پریمیئر لیگ بھی بہت اچھی چل رہی ہے جہاں شائقین کو دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے تاہم آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ اور ویسٹ انڈیز کی کیریبیئن پریمیئر لیگ ابھی اس معیار سے بہت پیچھے ہیں۔

     

    واضح رہے کہ اس سے قبل سابق بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن بھی پاکستان سپر لیگ کو اپنی ملکی لیگ سے بہتر قرار دے چکے ہیں۔

    گزشتہ ماہ معروف آل راؤنڈر شکیب الحسن بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے معیار پر بھڑک اٹھے تھے اور اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ بی پی ایل کا معیار پاکستان سپر لیگ کے کہیں کم درجے کا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: شکیب الحسن نے بنگلہ لیگ کو کمتر قرار دیدیا، پی ایس ایل کی مدح سرائی

    یاد رہے کہ پی ایس ایل دنیا میں اس قدر زیادہ مقبولیت حاصل کرچکی ہے کہ کئی انٹرنیشنل غیر ملکی کھلاڑی اپنی قومی ذمے داریوں کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان سپر لیگ کھیلنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

    گزشتہ دنوں انگلینڈ کے کھلاڑی ایلکس ہیلز سمیت کئی انگلش کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش ٹور کے بجائے پی ایس ایل 8 کھیلنے کو ترجیح دی اور اپنی فرنچائز کو جوائن کرلیا۔

  • حکومتی اتحاد انتشاراور ن لیگ اختلافات کا شکار

    حکومتی اتحاد انتشاراور ن لیگ اختلافات کا شکار

    پاکستان کی سیاست میں‌ وقت بدلتے ہی وفاداریاں تبدیل کرنا ایک روایت بن چکا ہے۔ آج ایک جانب مسلم لیگ ن میں دراڑیں گہری ہو رہی ہیں تو دوسری جانب حکومتی اتحاد پی ڈی ایم میں بھی اتحاد کا فقدان آشکار ہو چکا ہے جو مستقبل قریب میں‌ بڑی سیاسی تبدیلیوں کا سبب بنے گا۔

    پاکستان کی موجودہ سیاست میں ایک جانب تنہا لیکن بھرپور اپوزیشن جماعت عمران خان کی ہے تو دوسری جانب 12 جماعتوں کا اتحاد پی ڈی ایم ہے اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی صورت میں ان کی حکم رانی ہے۔ لیکن جب سے یہ حکومت قائم ہوئی ہے تب سے بڑھتی مہنگائی اور سہولیات کی فراہمی میں ناکامی، ذاتی مفاد میں فیصلے اور ریلیف کے حصول کے لیے اقدامات سے اس کی مقبولیت کم ہوئی ہے جس کا ثبوت بعض غیر جانب دار سروے رپورٹس اور ایک سال کے دوران ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج ہیں۔

    یوں تو اس وقت پوری پی ڈی ایم ہی عمومی طور پر عوام کی ناراضی کا شکار ہے لیکن سیاسی طور پر اس وقت سب سے نازک صورتحال مسلم لیگ ن کی ہے۔ اتحادی حکومت ہونے کے باوجود تمام فیصلوں کو بوجھ تنہا ن لیگ ہی اٹھا رہی ہے اور اس کا خمیازہ اسے ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام میں بڑھتی غیر مقبولیت کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

    گزشتہ سال تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں جب پی ڈی ایم حکومت بنی تو اس کی بڑی اتحادی جماعتوں نے وہ عہدے اور وزارتیں حاصل کیں جن کا عوامی معاملات بالخصوص روزمرہ کے مسائل سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ جیسا کہ پی پی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ وزات خارجہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور دیگر عہدے اور وزارتیں حاصل کیں، جب کہ جے یو آئی نے بھی وزارت مواصلات اور دیگر وزارتوں پر ہاتھ صاف کیا جب کہ ن لیگ خزانہ، داخلہ، ترقی و منصوبہ بندی، تجارت جیسی وزارتیں لے کر سب سے خسارے میں یوں رہی کہ مہنگائی ہو یا دہشتگردی یہ سب ن لیگ کے کھاتے میں جا رہا ہے۔

    حکومت پہلے ہی اپنے ہر اقدام سے ملنے والے بیک باؤنس سے پریشان تھی اور اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ اس مشکل صورتحال سے کیسے نمٹا جائے۔ اسی پریشان کُن صورتحال میں اب ن لیگ میں اندرونی اختلافات نے اس کی قیادت کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ مسلم لیگ ن میں اب مریم نواز کی قیادت کو چیلنج اور ہوئے ان کی قیادت میں کام کرنے سے انکار کیا جانے لگا ہے۔

    سیاسی حلقوں میں تو پہلے ہی یہ بازگشت ہے کہ شریف خاندان میں دوریاں پیدا ہوچکی ہیں۔ نواز شریف اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں جس کا گاہے گاہے اظہار مریم نواز بھی کرتی رہتی ہیں۔ وزیراعظم کے صاحبزادے اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو سیاسی منظر سے غائب کر دیا گیا ہے اور اب یہ اطلاعات ہیں کہ ن لیگ میں تین سوچیں پنپنے لگی ہیں ایک وہ جو نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ہیں۔ دوسرے وہ جو شہباز شریف کی مفاہمانہ پالیسی کے حامی اور اس وقت حکومت میں موجود ہیں اور تیسرا پارٹی میں موجود سینیئر رہنماؤں کا وہ طبقہ جو مریم نواز کی قیادت کا بھرپور مخالف ہے۔

    مریم نواز کو جب سے مسلم لیگ ن کا چیف آرگنائزر اور سینیئر نائب صدر بنایا گیا ہے یہ اختلافات ڈرائنگ روم سے نکل کر عوام کے سامنے آچکے ہیں۔ سب سے پہلے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جو نواز شریف کے قریبی ساتھی مانے جاتے ہیں نے مریم نواز کو چیف آرگنائزر بنائے جانے پر پارٹی کے سینیئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے استعفیٰ دینے کے بعد متعدد مواقع پر اس بات کا میڈیا میں برملا اظہار کیا کہ انہیں مریم نواز کی قیادت میں کام کرنا منظور نہیں بلکہ اس سے ایک قدم آگے بڑھ کر شاہد خاقان عباسی نے مستقبل میں مریم کو ن لیگ کا صدر بنانے پر پارٹی چھوڑنے کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔

    صرف شاہد خاقان عباسی ہی نہیں ہیں جو مریم نواز کو پارٹی میں قائدانہ پوزیشن ملنے پر ناراض ہیں بلکہ کہا جارہا ہے کہ سینیئر رہنماؤں کی بڑی تعداد ان کی ہم خیال ہے جو وقت آنے پر کھل کر اس کا اظہار کرسکتے ہیں۔ شاہد خاقان کے بعد سینیئر رہنما اور صوبہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر سردار مہتاب عباسی بھی خاموش نہیں رہ سکے اور اقرار کر لیا کہ عمران خان کی حکومت کو گرانا اور پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر وفاقی حکومت بنانا بڑی غلطی تھی۔ کے پی میں ن لیگ کے خلاف سازش ہوئی۔ سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ ن لیگ چند لوگوں تک محدود کر دی گئی ہے۔ پہلے پارٹی فیصلے کرتی تھی اب صرف چند لوگ کرتے ہیں۔ مریم نواز پارٹی کی قائد کی بیٹی ہیں لیکن پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر اور جماعت کو ساتھ لے کر فیصلے کیے جائیں تو پارٹی کیلئے بھی اچھا ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے یہ سوال بھی اٹھا دیا کہ جس پارٹی میں شخصیات کی بنیاد پر معاملات چلائیں گے وہ ملک کیسے چلائے گی؟

    مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا میں بھی اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں، مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے ترجمان اور سابق رکن اسمبلی اختیار ولی نے ن لیگ کے وزرا کو مغرور قرار دیا ہے اور کہا کہ وفاقی وزرا مسلم لیگ ن کو پنجاب کے چند اضلاع تک محدود کرنا چاہتے ہیں۔

    نظریاتی اختلافات اب صرف پارٹی کے اندر اور خاندان سے باہر ہی نہیں رہے بلکہ خاندان کے اندر سے بھی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ مریم کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بھی پارٹی فیصلوں پر اپنی قیادت پر برس پڑے ہیں ۔ انہوں نے ڈھکے چھپے الفاظ میں ن لیگ کے غیر جمہوری رویوں اور پارٹی میں گروہ بندی کی جانب اشارہ کیا ہے۔ جس کے بعد اطلاعات ہیں کہ مریم نواز نے اپنے شوہر سے اظہار ناراضی کرتے ہوئے ان پر پارٹی پالیسی سے متعلق بیانات دینے پر پابندی لگا دی ہے۔

    چدہدری نثار جو نواز شریف کے کئی دہائیوں تک دست راست رہے انہوں نے بھی مریم نواز کو پارٹی میں سینیئر لیڈر شپ سے زیادہ اہمیت دینے پر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور کئی سال سے سیاسی خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جب کہ حال ہی میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو اپنے خاندانی عزیز اسحاق ڈار کو منصب دینے کے لیے وزارت سے ہٹا کر پارٹی سے بھی سائیڈ لائن کیا گیا وہ پارٹی رہنماؤں میں پیدا ہونے والی بے چینی کی بھرپور عکاسی کر رہا ہے۔

    مریم نواز گو کہ شاہد خاقان عباسی کو اپنا بڑا بھائی اور ان کے اختلافات دور کرنے کے لیے بات چیت کرنے کا عندیہ دے چکی ہیں تاہم یہ صرف بیانات اور کارکنوں کو مطمئن کرنے کی زبانی کوشش کہا جا سکتا ہے کیونکہ شاہد خاقان پہلے ہی مریم نواز کی قیادت کو تسلیم نہ کرنے کا واضح اعلان کرچکے ہیں تو ان سے اب کیا بات ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب اس ساری صورتحال میں پارٹی کے اصل قائد نواز شریف کی پراسرار خاموشی اور خاقان سے کوئی رابطہ نہ کرنا بھی عیاں کر رہا ہے کہ شاہد خاقان اور پارٹی قیادت کی سوچ الگ الگ ہوچکی ہے۔

    ادھر وفاقی حکومت میں موجود 12 جماعتوں کا اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) بھی انتشار کا شکار ہے۔ قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی کے اراکین کے استعفوں کی منظوری کے بعد پہلے مرحلے میں 16 مارچ کو ملک بھر کے 33 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے اعلان پر پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اس میں حصہ نہ لینے کا دوٹوک اعلان کیا تھا۔ تاہم اس اعلان کو ان کے اتحادیوں نے کوئی اہمیت نہیں دی۔

    پہلے ایم کیو ایم نے کراچی سے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔ پھر پیپلز پارٹی نے یہ کہتے ہوئے کہ پی پی اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہے، مولانا فضل الرحمان کے اعلان سے انحراف کر گئی۔ حد تو یہ کہ کاغذات نامزدگی جمع ہوئے تو ن لیگ کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے ہیں۔

    اس تمام صورتحال کا مجموعی جائزہ لیا جائے تو صاف پتہ چلتا ہے کہ پی ٹی آئی کی مخالفت میں بننے والے اتحاد پی ڈی ایم میں سیاسی اتفاق نہیں ہے اور آئندہ عام انتخابات اب چاہے وہ قبل از وقت ہوں، مقررہ وقت پر یا پھر کچھ تاخیر سے جب بھی نئے الیکشن کا بگل بجے گا پی ڈی ایم خزاں رسیدہ پتوں کی طرح بکھر جائے گا اور آج ہم نوالہ و ہم پیالہ کل ایک دوسرے کے گریبان پکڑ رہے ہوں گے اور ہوسکتا ہے کہ عوام کو پھر ’’پیٹ پھاڑنے، لاڑکانہ کی سڑکوں پر گھسیٹنے، ڈیزل پرمٹ کی آوازیں، کرپشن کے بادشاہوں کی کہانیاں‘‘ سننے کو ملنے لگیں کہ پاکستانی سیاست میں کچھ ناممکن نہیں ہے۔

  • شاہد آفریدی کے امریکا میں چرچے، مگر وجہ کرکٹ نہیں!

    شاہد آفریدی کے امریکا میں چرچے، مگر وجہ کرکٹ نہیں!

    سابق کپتان بوم بوم شاہد خان آفریدی نے اپنے جارحانہ کھیل سے تو ایک دنیا کو اپنا دیوانہ بنائے رکھا مگر اب ان کے ہیئر اسٹائل کے چرچے بھی امریکا میں ہو رہے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بوم بوم کے نام سے دنیا بھر میں شہرت پانے والے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنے جارحانہ کھیل سے ایک دنیا کو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے لیکن اب تو ان کی شہرت امریکا تک جا پہنچی ہے اور اس کی وجہ ان کا کھیل کرکٹ یا چوکے چھکے نہیں بلکہ ان کا ہیئر اسٹائل ہے۔

    دنیا بھر میں عموماً ہیئر ڈریسر نوجوانوں کو لبھانے کے لیے اپنی شاپس پر نت نئے بالوں کے نت نئے اسٹائل کی تصاویر بڑے بورڈ کی صورت میں رکھتے ہیں تاکہ ان کی دکان پر آنے والے گاہک اپنی مرضی کا ہیئر اسٹائل منتخب کرسکیں۔

    ایسا ہی کچھ ہوا ہے امریکا میں جہاں نیویارک کی ایک سڑک پر واقع ہیئر ڈریسر کی دکان کے باہر بورڈ پر مختلف شخصیات کے بالوں کے اسٹائل کی تصاویر پر مبنی بورڈ لگایا گیا ہے جس میں ماضی کے اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کی تصویر بھی شامل ہے جو تصاویر کی ترتیب میں پہلے نمبر پر ہے۔

     

    بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے حجام نے اپنی دکان میں شاہد آفریدی اور بھارتی اداکاروں کی تصاویر کا انتخاب اپنے گاہکوں کے لیے کیا ہے۔ بورڈ پر مختلف اسٹائل کی ہیئر کٹنگ پر مبنی 9 تصاویر شامل کی گئی ہیں۔

    یہ حجام دکان پر آنے والے اپنے گاہکوں سے پہلے سوال کرتا ہے کہ وہ ان تصاویر میں سے کس شخصیت کے جیسی ہیئر کٹنگ کروانا چاہتے ہیں۔ تصاویر میں شاہد آفریدی کے علاوہ بھارتی اداکار سلمان خان اور عمران ہاشمی کی تصاویر بھی شامل ہیں۔

  • عدالت نے جیو سوپر کو پی ایس ایل کے میچز دکھانے سے روک دیا

    عدالت نے جیو سوپر کو پی ایس ایل کے میچز دکھانے سے روک دیا

    جیو سوپر کا بغیر رائٹس پی ایس ایل کے میچز دکھانے کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ سنا دیا ہے اور عدالت نے جیو سوپر کو پی ایس ایل کے میچز دکھانے سے روک دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جیو سوپر کا بغیر رائٹس پی ایس ایل کے میچز دکھانے کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ سنا دیا ہے اور عدالت نے جیو سوپر کو پی ایس ایل کے میچز دکھانے سے روک دیا ہے اور فریقین کی درخواستوں پر 17 فروری کیلئےنوٹس جاری کر دیے ہیں۔

    اس حوالے سے بیرسٹر ایان میمن نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے  ہوئے بتایا کہ جیو سوپر بغیر رائٹس کے میچز دکھا رہا تھا۔ جیو سوپر کی جانب سے میچز دکھانے پر عدالت سے رجوع کیا گیا اور سندھ ہائیکورٹ نے اے آر وائی کے ساتھ ہونے والے اصل معاہدے کی روشنی میں فیصلہ دیا ہے۔

    بیرسٹر ایان ملک نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل رائٹس کیلیے جیو نے بڈنگ کم دی تھی۔ جیو سوپر کی جانب سے میچز دکھانا معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے معاہدے کو دیکھ کر فیصلہ جاری کیا اور کہا کہ معاہدے کے مطابق جیو سوپر پی ایس ایل 8 کے میچز نہیں دکھا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عدالت کے اس فیصلے بعد جیو سوپر اب پی ایس ایل 8 کے میچز نہیں دکھا سکتا ہے۔ اگر اس نے میچز دکھائے تو یہ توہین عدالت ہوگی۔

    بیرسٹر ایان ملک نے بتایا کہ فیصلے کے وقت پی ٹی وی اور جیو سوپر کے وکیل بھی عدالت میں موجود تھے۔ پی ٹی وی اور جیو سوپر کے درمیان ایک معاہدہ ہوا جس پر13 فروری کی تاریخ ہے۔ پی ٹی وی کا مؤقف تھا کہ ہم نے جیو سوپر کو سب لائسنس دیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل رائٹس کیلیے پی سی بی نے پی ٹی وی اور اے آر وائی نیوز سے معاہدہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے مطابق اے آر وائی نیوز، ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی کو میچز دکھانے کی اجازت ہے۔ جیو سوپر اور پی ٹی وی کے معاہدے پر اے آر وائی نیوز کی رضامندی شامل نہیں۔-

  • جوش اور جنون بڑھاتا کراچی کنگز کا آفیشل ترانہ ریلیز

    جوش اور جنون بڑھاتا کراچی کنگز کا آفیشل ترانہ ریلیز

    پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ پی ایس ایل 8 شروع ہوچکا ہے ٹورنامنٹ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز نے اپنا آفیشل نغمہ جاری کردیا ہے۔

    جوش وجذبہ بڑھاتا، امیدوں کی کرن کو روشن رکھتے کراچی کنگز کے آفیشل ترانے میں پاکستان کے مقبول ترین گلوکاروں علی عظمت اور عاصم اظہر نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جب کہ نوجوانریپر رامس علی نے اس میں ریپ کا تڑکا لگایا ہے۔

    ’’نہ جھکنا کبھی، نہ رکنا ابھی، ہے منزل وہ دور نہیں‘‘ جیسے بولوں پر مبنی یہ نغمہ دیکھنے اور سننے والوں پر ایک سحر طاری کر رہا ہے شائقین کرکٹ کا جوش وجذبہ اور کراچی کے فینز کے امیدوں کو مزید ممہیز بخش رہا ہے۔

    کراچی کنگز کے آفیشل ٹوئٹر پیج پر صرف چند گھنٹے قبل ریلیز کیے گئے نغمے کو صارفین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ ترانہ وائرل ہوکر اب ہر ایک کے لبوں پر سج رہا ہے۔

    ہزاروں صارفین اس ترانے کو دیکھ کر پسندیدگی کا اظہار کرچکے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی مقبولیت بڑھتی جا رہی ہے۔

     

    اس آفیشل ترانے میں کراچی کنگز کے تمام کھلاڑیوں کو دکھایا اور شہر قائد کی اہم مقامات کی عکاسی کے ساتھ نوجوانوں میں کرکٹ کا جنون بھی دکھایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ لیگ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز آج سے پی ایس ایل 8 میں اپنی پیش قدمی کا آغاز کر رہی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رات 8 بجے کراچی کنگز کے شیر پشاور زلمی کا مقابلہ کریں گے۔