Author: ریحان خان

  • ملتان کیا تم تیار ہو؟ میچ سے قبل سلطانز نے کچھ یادگار لمحات کی ویڈیو شیئر کر دی

    ملتان کیا تم تیار ہو؟ میچ سے قبل سلطانز نے کچھ یادگار لمحات کی ویڈیو شیئر کر دی

    پاکستان سپر لیگ 8 کا آج ملتان میں افتتاح ہو رہا ہے رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور میزبان ملتان سلطان میدان میں اتریں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ 8 کا آج افتتاح ہو رہا ہے۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور پی ایس ایل 7 کی دوسری فائنلسٹ میزبان ملتان سلطانز ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ میچ سے قبل دونوں جانب سے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے شائقین کرکٹ کا جوش بڑھانے کے لیے ٹوئٹر کے آفیشل پیچ پر گزشتہ پی ایس ایل کے لاہور قلندرز سے مقابلے کے کچھ یادگار لمحات کو شیئر کیا گیا ہے جس شائقین کرکٹ بے حد سراہ رہے ہیں۔

     

    اس ویڈیو کو ملتان کیا تم تیار ہو؟ کے عنوان سے شیئر کیا گیا ہے جس میں مزید لکھا ہے کہ اسٹیج تیار ہے ٹیمیں بھی یہاں ہیں۔

    ویڈیو میں ایک جانب ملتان سلطانز کے بیٹرز کو چھکے چوکے لگاتے تو دوسری جانب بولرز کو لاہور قلندرز کی وکٹیں اڑاتے دکھایا گیا ہے۔

     

    دوسری جانب ملتان سلطانز کے غیر ملکی کھلاڑی کیرون پولارڈ، ڈیوڈ ملر، اکیل حسین نے بھی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے جس کی اطلاع بھی فرنچائز کے آفیشل ٹوئٹر پیج پر دی گئی ہے۔

     

  • پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم ’’کراچی کنگز‘‘ کی بھرپور تیاری جاری، ویڈیو

    پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم ’’کراچی کنگز‘‘ کی بھرپور تیاری جاری، ویڈیو

    پاکستان سپر لیگ 8 کا آج سے آغاز ہو رہا ہے کل کراچی کنگز اور پشاور زلمی مدمقابل ہوں گے جس کے لیے شیروں کی بھرپور تیاری جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ 8 کا آج سے ملتان میں آغاز ہو رہا ہے۔ لیگ کی سب سے مقبول ٹیم ’’کراچی کنگز‘‘ کل اپنے ہوم گراؤنڈ میں پشاور زلمی سے ٹکرائے گی۔ اس کے لیے شیروں کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔

    کل کے میچ میں طاقت، صلاحیت اور اسپرٹ کا مظاہرہ کرنے کے لیے کراچی کنگز کے شیروں نے جم سیشن میں لہو گرمایا جس کی ویڈیو کراچی کنگز کے ٹوئٹر آفیشل پیج پر جاری کردی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 8 کا سفر آج وہیں سے شروع ہوگا جہاں سیزن 7 کا سفر تمام ہوا تھا

    ویڈیو میں آل راؤنڈر شعیب ملک سمیت دیگر کھلاڑیوں نے جان لگا کر ایکسرسائز کی۔ ویڈیو کو دیکھنے والے کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کی میچ کے لیے تیاریوں کو سراہ رہے ہیں۔

     

  • ویڈیو: فاسٹ بولر حارث رؤف گلوکار بھی بن گئے

    ویڈیو: فاسٹ بولر حارث رؤف گلوکار بھی بن گئے

    قومی فاسٹ بولر اور پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے اہم رکن حارث رؤف کرکٹ کے میدان میں تو اپنی صلاحیتیں منوا چکے لیکن وہ اچھا گا بھی لیتے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے اہم رکن حارث رؤف کرکٹ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں لیکن وہ سُریلے بھی ہیں اور اچھا خاصا گنگنا لیتے ہیں اس کا ادراک قلندر نائٹ کی ویڈیو میں ہوا جو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئی ہے۔

    قلندر نائٹ کی ویڈیو میں گلوکار اسرار شاہ ’’مست ہوا، برباد ہوا‘‘ خوبصورت انداز میں اسٹیج پر گا رہے ہیں اور سامنے بیٹھی ٹیم کے کچھ کھلاڑی اسے زیر لب گنگاتے دکھائی دیتے ہیں۔

    تاہم ان میں نمایاں حارث رؤف نظر آتے ہیں جن کی قدرے بلند آواز سے ان کے خوش گلو ہونے کا پتہ چلتا ہے کہ جب کہ وہ اس دوران ساتھ ہی بیٹھے اپنے دوست اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کچھ ایکسپریشنز بھی دیتے ہیں۔

    اسرار شاہ حارث رؤف کی فنکارانہ صلاحیتوں سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہیں اسٹیج پر بلا لیا لیکن اسٹیج پر پہنچ کر حارث رؤف تھوڑا شرما جاتے ہیں بعد ازاں گلوکار کے ساتھ چند مصرعے گانے کے بعد وہ اسٹیج سے اتر کر واپس اپنے ساتھیوں کے پاس آکر بیٹھ جاتے ہیں۔

     

    فاسٹ بولر حارث رؤف کی قلندرز نائٹ میں گلوکار اسرار شاہ کے ساتھ گنگنانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    یوٹیوب پر اس ویڈیو کو دیکھنے والے صارفین حارث رؤف کی اس چھپی صلاحیت پر بھی اظہار خیال کر رہے ہیں۔

  • ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ، پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا

    ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ، پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا

    آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ آج ہوگا کیپ ٹاؤن میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج مدمقابل آئیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ٹی 20 ویمنز ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ آج ہوگا۔ کیپ ٹاؤن میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج میدان میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔

    ٹورنامنٹ کے اس سب سے بڑے میچ سے قبل قومی ٹیم نے بڑی تیاریاں کیں۔ کھلاڑیوں نے پریکٹس کے دوران کوچز کی نگرانی میں ٹارگٹ بولنگ اور بیٹنگ کی مشقیں کیں۔

    آل راؤنڈر عالیہ ریاض کہتی ہیں، بھرپور تیاری ہے، حکمت عملی کے تحت کھیل کر اچھا پُر فارم کریں گے۔

  • ویڈیو: سوشل میڈیا پر لیک گانا کیا پی ایس ایل 8 کا آفیشل ترانہ ہے؟

    ویڈیو: سوشل میڈیا پر لیک گانا کیا پی ایس ایل 8 کا آفیشل ترانہ ہے؟

    پاکستان سپر لیگ شروع ہونے میں صرف تین روز باقی ہیں لیکن اس کے آغاز سے قبل ہی سوشل میڈیا پر ایک گیت لیک ہوگیا جس کو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ کہا جا رہا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختلف اکاؤنٹس سے گانے کے کچھ چھوٹے کلپ وائرل ہوئے ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ پی ایس ایل 8 کا آفیشل ترانہ ہے جس کی ریکارڈنگ کے دوران ویڈیو بنا کر لیک کیا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک قدرے اونچے اسٹیج پر عبداللہ صدیقی سمیت دیگر فنکار گانے پر پرفارم کر رہے ہیں جب کہ نیچے شائقین کھڑے اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جب کہ عقب میں آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

    مذکورہ گیت کے کلپس ’’پی ایس ایل 8 کے ترانے کا شوٹ لیک‘‘ کے عنوان سے شیئر کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل پی ایس ایل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اعلان کیا گیا تھا کہ ترانہ عبداللہ صدیقی، فارس شفیع، عاصم اظہر اور شے گل کی آواز میں ریلیز کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 8 کا آغاز 13 فروری کو ملتان میں ہو رہا ہے جس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندر اور میزبان ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ان ویڈیو کلپس کو لاکھوں صارفین دیکھ اور پسندیدگی کا اظہار کرچکے ہیں۔

  • نسیم شاہ شادی کب کریں گے؟ پیسر نے بتا دیا

    نسیم شاہ شادی کب کریں گے؟ پیسر نے بتا دیا

    پاکستان کرکٹ ٹیم میں شادیوں کا سیزن چل رہا ہے ایسے میں قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنی شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم میں شادیوں کا سیزن چل رہا ہے اور کنوارے کھلاڑی تیزی سے دولہا کے درجے پر فائز ہو رہے ہیں۔ پہلے حارث رؤف شادی کے بندھن میں بندھے، پھر شان مسعود نے اپنے سر پر سہرا سجایا۔ شاداب خان کا نکاح گزشتہ ماہ ثقلین مشتاق کی صاحبزادی سے ہوا اور اب ان کی شادی کی تقریبات شروع ہوچکی ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی بھی گزشتہ ہفتے سابق کپتان شاہد آفریدی کے داماد بن گئے۔

    شادیوں کے اس سیزن میں اب تمام شائقین کرکٹ کی نظریں ٹیم کے باقی کنوارے کھلاڑیوں پر جم گئی ہیں کہ وہ شادی کا یہ لڈو کب کھاتے ہیں۔ کپتان بابر اعظم، محمد رضوان کے ساتھ نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی اس حوالے سے ریڈار پر آگئے ہیں۔

    گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے نسیم شاہ سے سوال کرلیا کہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کھیل لیے۔ ڈی ایس پی بھی بن گئے، اب دلہن کب لا رہے ہیں جس کا انہوں نے بڑی سعادت مندی سے جواب دیا۔

    صحافی کے اس باؤنسر جیسے سوال کا نسیم شاہ نے خوبصورتی سے دفاع کرتے ہوئے اپنے والد کو آگے کر دیا اور کہا کہ شادی کا سوال میرے ابو سے کریں وہ جب بولیں گے دلہن تیار ہے تو میں شادی کر لوں گا۔

    بولر کا کہنا تھا کہ میں صرف ابو کے کہنے پر ہی شادی کروں گا وہ جو لڑکی میرے لیے پسند کریں گے میں اس شادی کرلوں گا۔

    اس موقع پر صحافی نے نسیم شاہ سے کہا کہ لڑکیوں کو آپ پر کرش ہے جس پر فاسٹ بولر نے کہا کہ کرش کیا ہوتا ہے؟

  • پی ایس ایل 8، کراچی کنگز کی نئی کٹ کے چرچے

    پی ایس ایل 8، کراچی کنگز کی نئی کٹ کے چرچے

    پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں سیزن شروع ہونے میں صرف 4 دن باقی ہیں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ٹیم کی نئی کٹ متعارف کرا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن 8 شروع ہونے میں صرف 4 دن باقی ہیں۔ لیگ کی سب سے مقبول فرنچائز کراچی کنگز کے شیر بھی ایونٹ میں دھاڑنے کو تیار ہیں۔ کھیل کو مزید پرجوش بنانے کے لیے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ٹیم کی نئی کٹ متعارف کرا دی ہے۔

    سلمان اقبال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں اس نئی کٹ کو متعارف کرایا اور کہا کہ کراچی کنگز نئی کٹ میں کنگز کی طرح گرجیں گے۔

    ٹوئٹر پر کراچی کنگز کی نئی کٹ متعارف کرائے جانے کے بعد سے اب تک لاکھوں صارفین اس کو دیکھ اور پسندیدگی کی سند دے چکے ہیں۔

    دوسری جانب پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کے کھلاڑیوں کی کراچی آمد شروع ہوچکی ہے۔ حیدرعلی، طیب طاہر اور عرفان خان نیازی نے رپورٹ کر دی۔

    پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کا آغاز 13 فروری کو ملتان میں ہوگا جب کہ کراچی کنگز اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی سے 14 فروری کو ٹکرائے گی۔

  • پرویز مشرف کی وفات پر قومی کرکٹرز اداس، آفریدی نے سابق صدر کے ہمراہ تصویر شیئر کر دی

    پرویز مشرف کی وفات پر قومی کرکٹرز اداس، آفریدی نے سابق صدر کے ہمراہ تصویر شیئر کر دی

    سابق صدر پرویز مشرف کی وفات نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی اداس کردیا ہے اور انہوں نے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف گزشتہ روز دبئی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کے انتقال پر ملک سمیت دنیا بھر سے تعزیتی بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ پرویز مشرف کے انتقال نے قومی کرکٹرز کو بھی اداس کردیا ہے اور انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ پر سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھ ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے اور لکھا ہے کہ ہم سب اسی کے بندے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

    شاہد آفریدی نے سابق صدر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پرویز مشرف کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔

    سابق کپتان شعیب ملک نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان نے بہترین لیڈروں میں سے ایک کو کھو دیا ہے۔

    انہوں نے پرویز مشرف کے لیے دعائیں اور اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی سابق صدر پرویز مشرف کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم سابق صدر کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

     

    قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ سابق صدر کے انتقال کی خبر سن کر گہرا دکھ ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان کی مغفرت اور اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

     

    سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

     

  • افتخار احمد نے وزیر کھیل کے چھکے چھڑا دیے، آخری اوور میں لگاتار 6 چھکے، ویڈیو

    افتخار احمد نے وزیر کھیل کے چھکے چھڑا دیے، آخری اوور میں لگاتار 6 چھکے، ویڈیو

    پاکستان سپر لیگ کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈیئٹر کے مڈل آرڈر جارح مزاج بلے باز افتخار احمد نے وہاب ریاض کے آخری اوور میں مسلسل 6 چھکے لگا کر شائقین کا جوش بڑھا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے درمیان نمائشی میچ کھیلا جا رہا ہے۔ میچ کا آخری اوور خاصہ سنسنی خیز ثابت ہوا جب کوئٹہ کے جارح مزاج بلے باز نے حریف بولر وہاب ریاض کے چھکے چھڑا دیے۔

    کوئٹہ گلیڈیئٹر کی ٹیم نے اننگ کے 19 ویں اوور کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنا رکھے تھے اور آخری اوور کرانے پشاور زلمی کے فاسٹ بولر وہاب ریاض جو پنجاب کی نگراں حکومت میں وزیر کھیل کا عہدہ بھی رکھتے ہیں کرانے آئے تھے۔

    وہاب ریاض نے اس سے قبل اپنے کرائے گئے 3 اوورز میں حریف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا تھا اور دو وکٹیں لینے کے ساتھ صرف 11 رنز بنانے دیے تھے۔ ان تین اوورز میں انہوں نے 11 بالز ڈاٹ کرائی تھیں۔

    فاسٹ بولر کی اس کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یقیناً پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود شائقین بھی یہ توقع کر رہے تھے کہ یہ اوور زلمی کیلیے اچھا ہوگا تاہم وہاب ریاض کے ایکشن میں آتے ہی افتخار احمد کا جو ری ایکشن ہوا اس نے تو پنجاب کے وزیر کھیل کے چھکے ہی چھڑا دیے۔

    وہاب ریاض نے پہلی گیند پر چھکا کھایا، دوسری بال کو بھی افتخار احمد نے فضا میں ہی باؤنڈری پار کا راستہ دکھایا۔ تیسری بال بھی پہلی دو کے نقش قدم پر ہوا میں بلند ہوکر چھکے کی حد پار کر گئیں۔

     

    لگاتار تین چھکوں کے بعد اسٹیڈیم میں تو شائقین کا جوش وخروش دیدنی ہوگیا اور ہوم ٹیم کے بلے باز کی شاندار کارکردگی نے شائقین کو افتخار احمد کے حق میں نعرے لگانے پر مجبور کردیا۔

    اگلی گیند وہاب ریاض نے اس امید سے کرائی کہ شاید افتخار ناکام ہو لیکن بلے باز نے نہ صرف اوور کی چوتھی بلکہ پانچویں اور چھٹی گیند پر بھی چھکے لگا کر ناقابل یقین کارنامہ انجام دے ڈالا۔ افتخار احمد نے 50 گیندوں پر 94 رنز کی برق رفتار غیر معمولی اننگ کھیلی

    کوئٹہ گلیڈیئٹر نے 5 وکٹوں پر 184 رنز بنا کر پشاور زلمی کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا ہے۔

  • ریما اور ماہرہ خان سے لڑائی کیوں؟ میرا کا انوکھا انکشاف

    ریما اور ماہرہ خان سے لڑائی کیوں؟ میرا کا انوکھا انکشاف

    پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا اپنے دلچسپ بیانات پر خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں اب انہوں نے ماضی میں اپنے ریما اور ماہرہ خان سے اختلافات سے متعلق انوکھا انکشاف کیا ہے۔

    میرا جن کے ماضی میں اپنی ہم عصر اداکارہ ریما خان اور موجودہ دور کی نامور اداکارہ ماہرہ خان سے لڑائیاں میڈیا کی زینت بنی ہیں اور اس حوالے سے فریقین کی جانب سے کئی بیانات بھی سامنے آئے ہیں لیکن اب میرا نے ان لڑائیوں یا اختلافات کی انوکھی وجہ بتا کر سب کو ایک بار پھر مسکرانے پر مجبور کردیا۔

    میرا جو حال ہی میں ایک نجی پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے تین دہائیوں پر مبنی شوبز کے سفر سمیت اپنی ذاتی زندگی سے جڑے کئی معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

    میرا سے بات ہو اور وہاں ریما خان اور ماہرہ خان کا ذکر نہ آئے ایسا کیسے ہوسکتا ہے تو اس پروگرام میں بھی ایسا ہی ہوا اور میرا نے انکشاف کیا کہ ان کے ریما اور ماہرہ سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں بلکہ ان کی دونوں اداکاراؤں سے لڑائی عوام کے لیے ہے۔

    میرا کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سب کے لیے اچھا سوچتی ہوں چاہے وہ ماہرہ ہو یا ریما، ہماری سوچ میں اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہماری آپس میں کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے، یہ تمام لڑائیاں اور رنجشیں عوام کے لیے ہوتی ہیں۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ کام کے محاذ پر وہ کسی کی دوست نہیں ہیں اور ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنی ساتھی اداکاراؤں سے سخت مقابلہ کریں کیونکہ یہ ان کے کام کا حصہ ہے۔

    میرا نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کے پاس اداکاراؤں اور مشہور شخصیات کے بارے میں ٹرولنگ اور بُرے تبصروں کے لیے کافی وقت ہوتا ہے۔