Author: ریحان خان

  • فیفا ورلڈ کپ، سیمی فائنل لائن اپ مکمل

    فیفا ورلڈ کپ، سیمی فائنل لائن اپ مکمل

    قطر میں جاری دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال ورلڈ کپ کا رنگا رنگ میلہ اختتام کی جانب گامزن ہے سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال ورلڈ کپ کا رنگا رنگ میلہ اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ سیمی فائنل مقابلے منگل اور بدھ کو ہوں گے۔

    فیفا ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل میسی کی ارجنٹینا اور کروشیا کے مابین منگل 13 دسمبر کو ہوگا جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس بدھ 14 دسمبر کو رونالڈو کی فیورٹ ورلڈ کپ فیورٹ پُرتگال کو اپ سیٹ شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کرنے والی پہلی عرب مسلم ٹیم مراکش سے ٹکرائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ، دفاعی چمیپئن فرانس نے انگلینڈ کو شکست دے دی

    دونوں سیمی فائنل کی فاتح ٹیمیں آئندہ اتوار 18 دسمبر کو دنیائے فٹبال کی آئندہ چار سالہ حکمرانی کی جنگ جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ اس سے قبل ناکام سیمی فائنلسٹ ہفتہ 17 دسمبر کو تیسری پوزیشن کے حصول کے لیے میچ کھیلیں گی۔

  • جنید جمشید 6 سال بعد بھی دلوں میں زندہ

    جنید جمشید 6 سال بعد بھی دلوں میں زندہ

    دل دل پاکستان سے میرا دل بدل دے تک شہرت کی بلندیوں کا سفر کرنے والے جنید جمشید کو دنیا سے گئے 6 برس بیت گئے وہ آج بھی دلوں میں زندہ ہیں۔

    جنید جمشید جنہوں نے دل دل پاکستان جیسا ملی نغمہ گا کر راتوں رات شہرت حاصل کی تھی اور پھر کئی سال تک اس شعبے سے وابستہ رہ کر نام کماتے رہے لیکن پھر کایا پلٹ ہوئی اور انہوں نے شوبز کی دنیا ترک کرکے مذہب کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا اور لوگوں کے دلوں میں اپنی قدر وقیمت میں اضافہ کیا۔

    پاکستان کے نامور گلوکار سے مذہبی اسکالر بننے والے جنید جمشید 6 سال قبل ہوا بازی کے عالمی دن کے موقع پر ہی 7 دسمبر کو چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے ایک فضائی حادثے میں جاں بحق ہوئے ان کے ساتھ اہلیہ سمیت 45 دیگر مسافر بھی لقمہ اجل بن گئے۔

    دل دل پاکستان سے لے کر میرا دل بدل دے تک جو گایا اور جوپڑھا وہ سننے والوں کے دل میں اترگیا۔ جنید جمشید اب ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن اپنی دل سوز آواز کی وجہ سے وہ آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔۔

    وہ زندگی میں ایک بڑی اور مثبت تبدیلی سے نوجوانوں کیلیے رول ماڈل بنے۔ انہوں نے اے آر وائی کی رمضان ٹرانسمیشن کی شان بڑھائی۔

    جنید جمشید کا 7 دسمبر 2016 کو چترال سے اسلام آباد تک کا فضائی سفر زندگی کا آخری سفر ثابت ہوا۔ وہ قومی ایئر لائن پی کے 661 کی پرواز سے چترال سے واپس آرہے تھے کہ حویلیاں کے قریب طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔ اس حادثے میں جنید جمشید، ان کی اہلیہ نیہا جمشید سمیت 47 مسافروں کی زندگی کا سفر تمام ہوا۔

    جنید جمشید نے اپنی زندگی کا بھرپور عروج دیکھا۔ وہ 3 ستمبر 1964 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ والد کا تعلق پاکستان ائیر فورس سے تھا اسی لیے ان کی خواہش تھی کہ بیٹا بھی اسی شعبے سے وابستہ ہو لیکن قدرت نے ان کے لیے کچھ اور ہی سوچ رکھا تھا۔

    جنید جمشید یونیورسٹی دور میں میوزک سے لگاؤ ہونے کے بعد دوستوں کے ساتھ مل کر ایک بینڈ تشکیل دیا۔ جس نے 1983 میں پشاور اور پھر اسلام آباد یونیورسٹی میں اپنی فن کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں اس چھوٹے سے بینڈ وائٹل سائنس نے دنیا بھر میں نام روشن کیا اور دل دل پاکستان جیسے مشہور قومی نغموں کو تخلیق کیا۔

    اپنے گلوکاری کے کیریئر کی بلندی پر پہنچنے کے بعد اللہ تعالیٰ نے انہیں دین کی راہ دکھادی جس کے بعد انہوں نے موسیقی کو خیرباد کہا اور اللہ والوں سے ناطہ جوڑ لیا۔ جب انہوں نے دین کی سربلندی کا علم اٹھایا تو کسی مشکل کی پروا نہ کی۔

    تبلیغی جماعت سے وابستگی کے بعد جنید جمشید دین کی تبلیغ کے لیے دیس دیس گئے۔ اسی دوران انہوں نے حمد و ثنا اور نعت خوانی کا آغاز بھی کیا۔ جنید جمشید نے وسیم بادامی کے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والی رمضان نشریات کی شان بڑھائی۔ بیت بازی کا مقابلہ ہو، سوال جواب کی نشست یا پھر افطار اور سحر کے اوقات کی دعائیں جنید جمشید پیش پیش نظر آتے تھے۔

    جنید جمشید کا آخری سفر بھی دین کی تبلیغ کے لیے تھا اور انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام چترال میں دین اسلام کی تبلیغ اور لوگوں کو حقیقی روشنی کی طرف آنے کی دعوت دیتے ہوئے گزارے تھے۔

  • کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل، کون سی ٹیم کس کے مدمقابل ہوگی؟

    کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل، کون سی ٹیم کس کے مدمقابل ہوگی؟

    فیفا ورلڈ کپ 2022 کا پری کوارٹر فائنل مرحلہ ختم اور کوارٹر فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی یہ مقابلے 9 اور 10 دسمبر کو ہوں گے۔

    قطر میں جاری دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلوں میں مزید سنسنی آنے والی ہے اور پری کوارٹر فائنل کا مرحلہ ختم ہونے کے ساتھ ہی کوارٹر فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی۔ اس مرحلے میں 8 ٹیمیں چار میچز میں ایک دوسرے کے مدقابل ہوں گی۔ یہ میچز 9 اور 10 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔

    فیفا ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے کے لیے دفاعی چیمپئن فرانس، سابق عالمی چمیپئن پرتگال، برازیل، ارجنٹینا کے علاوہ کروشیا، نیدر لینڈ، انگلینڈ اور مراکش نے کوالیفائی کیا ہے۔ ان میں مراکش واحد ٹیم ہے جو پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچی ہے۔

    کوارٹر فائنل مرحلے کا پہلا میچ برازیل اور کروشیا کے مابین 9 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ اسی روز ارجنٹینا اور نیدر لینڈ ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ فاتح ٹیمیں سیمی فائنل اور ناکام گھروں کو واپس جائیں گی۔

    دوسرے روز فٹبال کی بادشاہت کا تاج سجانے کی جنگ میں پرتگال پہلی بار کوارٹر فائنل کھیلنے والی مراکش کا سامنا کرے گی جب کہ دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن اپنے اعزاز کے دفاع کیلیے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے عزم کے ساتھ انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: کپتان رونالڈو کے بغیر بھی پرتگال نے سوئٹزر لینڈ کو با آسانی زیر کرلیا

    میگا ایونٹ کے تمام میچ اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • انگلینڈ نے کوارٹر فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا، سینیگال کو شکست

    انگلینڈ نے کوارٹر فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا، سینیگال کو شکست

    فیفا ورلڈ کپ 2022 کے ناک آؤٹ مرحلے میں پری کوارٹر فائنل کے مقابلے جاری ہیں انگلینڈ نے سینیگال کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قطر میں جاری دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔

    گزشتہ روز انگلینڈ نے سینیگال کو آؤٹ کلاس کردیا اور تین صفر نے فتح اپنے نام کرکے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرلی جب کہ سینیگال ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

    انگلینڈ میچ میں شروع سے ہی سینیگال پر حاوی رہا اور پہلے ہاف میں انگلش فٹبالر ہینڈرسن اور ہیری کین نے گول اسکور کیے۔ دوسرے ہاف میں ساکا نے مزید ایک گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔

    سینیگال کے کھلاڑیوں نے کئی بار گیند کو مخالف گول پوسٹ میں پہنچانے کی کوشش کی لیکن ناکامی ہوئی اور تین صفر سے ہار کے بعد ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

    اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمیئن فرانس نے پولینڈ ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے ٹرافی کی جانب ایک قدم اور بڑھا دیا۔

    فیفا ورلڈ کپ کے تمام میچ اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • میسی کا جادو چل گیا، آسٹریلیا کو ہرا کر ٹرافی کیجانب ایک اور قدم بڑھا دیا

    میسی کا جادو چل گیا، آسٹریلیا کو ہرا کر ٹرافی کیجانب ایک اور قدم بڑھا دیا

    قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ پری کوارٹر فائنل مرحلے میں میسی کی ارجنٹائن نے آسٹریلیا کو شکست دے کر ٹرافی کی جانب ایک قدم اور بڑھا دیا۔

    قطر میں جاری دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال ورلڈ کپ سنسنی خیز ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز میسی کی ارجنٹائن نے دوسرے پری کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر گھر کا راستہ دکھا دیا۔

    پری کوارٹر فائنل میں میسی کا جادو چلا اور کپتان نے پہلے ہی ہاف میں شاندار گول کردیا۔ کھیل کے 57 ویں منٹ میں الواریز نے دوسرا گول کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔

    آسٹریلیا کے فرنینڈز نے گول کر کے برتری کو کم کیا لیکن کھیل کے اختتام تک مزید کوئی گول نہ ہوسکا یوں ارجنٹینا نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر کینگروز کو واپسی کا ٹکٹ تھمایا۔

    اس سے قبل کھیلے گئے پہلے پری کوارٹر فائنل میں نیدر لینڈز امریکا پر کاری وار کیا اور تین ایک سے فتح اپنے نام کرکے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

  • 30 سیکنڈ تک یہ تصویر دیکھیں پھر بتائیں کیا محسوس ہوا؟

    30 سیکنڈ تک یہ تصویر دیکھیں پھر بتائیں کیا محسوس ہوا؟

    تصاویر کا مصوری ایک فن ہے بعض اوقات اس کو اس طرح تخلیق کیا جاتا ہے کہ دیکھنے والے کا سر چکرا جاتا ہے ایسا ہی کچھ اس تصویر کے ساتھ ہے۔

    ہم ہمیشہ آپ کے لیے بصری دھوکے پر مبنی تصویری پہیلیاں بوجھنے کے لیے لاتے ہیں جو آپ کی دماغی صلاحیتوں کا امتحان اور ایک طرح سے ورزش ہوتی ہیں اور اس کو کافی پذیرائی بھی ملی ہے لیکن آج کی تصویر جو انٹرنیٹ پر کافی مقبول ہو رہی ہے۔ آپ نے اس میں چھپا کوئی ہندسہ، جانور یا معمہ نہیں ڈھونڈنا بس 30 سینکنڈ تک اسے دیکھنا ہے اور پھر بتانا ہے کہ آپ نے کیا محسوس کیا۔

    اب تک جس نے بھی اس تصویر کو دیکھا ہے وہ الجھ کر رہ گیا ہے بلکہ یہ کہیں تو زیادہ بہتر ہے کہ تصویر کو دیکھتے ہوئے چکرا جاتا ہے کہ آخر تصویر میں ایسا کیا ہے جو دیگر تصویروں سے مختلف ہے۔

    تصویر پر سرسری نظر ڈالیں تو یہ ایک سیاہ بیک سائیڈ پر سرمئی سلاخوں کے ساتھ مربع نما جالی کی تصویر لگتی ہے جس کے ہر خانے کے کونے پر ایک دائرہ موجود ہے اور یہی دائرہ تو دیکھنے والوں کو وہم میں مبتلا کرتا ہے اور بعض لوگوں کو تو چکرا کر رکھ دیتا ہے۔

    اس تصویر کی خاص بات یہ ہے کہ ہر مربع کے کونے پر بنا دائرہ دیکھنے کے دوران کبھی سیاہ تو کبھی سفید رنگ بدلتا ہے جس کی وجہ سے تصویر پر صحیح توجہ مرکوز نہیں ہوپاتی اور دماغ الجھنے لگتا ہے۔

    کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ آپ کے دماغ کو کیسے چلاتا ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ وہم کسی بھی قسم کا گرڈ ہے جو کسی شخص کی بصارت کو دھوکا دیتا ہے اور اس دھوکے کی دو عام قسمیں ہیں جو کہ ہرمن گرڈ وہم اور سکنٹیلیٹنگ گرڈ وہم کہلاتی ہے۔

    inverse.com کے مطابق اس عمل کو معدومیت کے اثر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ کیونکہ سیاہ نقطوں کے سفید دائرے کا طواف جہاں سرمئی گلیوں سے ملتا ہے، وہاں سیاہ اور سرمئی کے درمیان کم تضاد ہوتا ہے اور دماغ یہ سوچنے میں دھوکا کھا جاتا ہے کہ یہ نقطہ دراصل ہے کیا؟

    ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ ٹشو کی شیٹ میں موجود ریٹنا خلیے جو کہ آنکھ کے عقبی حصے کے ریٹینا کہلاتے ہیں وہ اس کے برعکس دکھاتے ہیں جو کہ سامنے ہوتا ہے۔

    ہمیں یقین ہے کہ آپ 30 سیکنڈ تک یہ تصویر دیکھ کر چکرا گئے ہوں گے تو کیا خیال ہے اب اسے اپنے دوستوں اور اہلخانہ سے شیئر کرکے ان کی آزمائش کریں۔

  • قطر میں‌ فٹبال کے میدان فلسطینیوں کیلیے سفارتکار بن گئے

    قطر میں‌ فٹبال کے میدان فلسطینیوں کیلیے سفارتکار بن گئے

    قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں میدان فلسطینیوں کے لیے سفارت کار بن گئے اور میچ کسی بھی ملک کو پرچم فلسطین کے لہرائے جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قطر میں جاری دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال ورلڈ کپ 2022 میں جہاں ایک طرف دنیا کی 32 ٹیموں اور ان کے شائقین میں جوش و خروش پایا جاتا ہے وہیں یہ گراؤنڈ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے میدانوں میں تبدیل ہو کر مظلوم فلسطینیوں کے لیے سفارت کار بن گئے ہیں۔ میچ کسی بھی ملک کا ہو پرچم فلسطین کے لہرائے جا رہے ہیں۔

    دنیا بھر سے فٹبال کے عالمی مقابلے دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کھیل میدانوں میں فلسطینی پرچم لہرا کر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور قابض اسرائیل کے خلاف اپنے ردعمل کا اظہار کرکے صہیونیوں کو دو ٹوک پیغام دے رہے ہیں۔

    گزشتہ روز تیونس اور فرانس کے میچ میں ایک فین فلسطین کا جھنڈا لے کر میدان میں آیا اور میچ کی اسرائیلی براہ راست نشریات میں شائقین نے فلسطین کے حق میں نعرے لگائے جس کے بعد صہیونی صحافیوں کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایک صحافی کو شائقین سے بات کرتے ہوئے اُس وقت سخت شرمندگی اٹھانا پڑ گئی، جب اس نے اپنا تعارف بطور اسرائیلی کروایا۔ عرب شائقین نے بھی اسرائیلی صحافیوں کو دھتکارتے ہوئے دو ٹوک بتا دیا ہے کہ اسرائیل نہیں بلکہ فلسطین ہی حقیقت ہے۔

  • جاپان اور اسپین پری کوارٹر فائنل میں، سابق عالمی چیمپئن جرمنی باہر

    جاپان اور اسپین پری کوارٹر فائنل میں، سابق عالمی چیمپئن جرمنی باہر

    قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے راؤنڈ میچز کا آج آخری دن ہے جاپان اور اسپین نے عالمی کپ کے ناک آؤٹ پری کوارٹر مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    گزشتہ روز گروپ ای کے پہلے میچ میں جاپان نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی تاہم شکست کے باوجود اسپین بہتر گول اوسط کی بنیاد پر گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے جاپان کے ساتھ پری کوارٹر کے لیے جگہ پکی کرلی۔

    میچ کے پہلے ہاف کے 11 ویں منٹ میں اسپین کے فٹبالر الوارو موراتا نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی لیکن بعد میں انہیں حریف ٹیم جاپان کی جانب سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے پہلے ہاف میں جاپان نے کوئی گول نہیں کیا لیکن دوسرے ہاف میں انہوں نے 2 گول داغ کر میچ اپنے نام کرلیا۔

    جاپان کی جانب سے رٹسو ڈوآن نے 48 ویں منٹ اور آو تناکا نے 51 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔

    گروپ اِی میں جاپان نے 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور اسپین نے 4 پوائنٹس لے کر بہتر گول اوسط کی بنیاد پر دوسری پوزیشن حاصل کی اور ناک آؤٹ مرحلے کیلیے کوالیفائی کرلیا۔

    گروپ ای کے دوسرے میچ میں سابق ورلڈ چیمپئن جرمنی کی کوسٹاریکا کو 2-4 سے شکست بھی اسے ٹورنامنٹ میں آگے لے کر نہ جاسکی اور گروپ میں چار پوائنٹ کے باوجود گول اوسط کی بنیاد پر تیسری پوزیشن کے ساتھ ورلڈ کپ میں اس کا سفر تمام ہوگیا۔ کوسٹاریکا بھی خالی ہاتھ وطن واپس لوٹے گی۔ اس سے قبل دنیا کی دوسری نمبر کی ٹیم بیلجیئم ایونٹ کے پہلے ہی راونڈ سے باہر ہوچکی ہے۔

    اس سے قبل نیدر لینڈ، سینیگال، برازیل، آسٹریلیا، پرتگال، ارجنٹینا، پولینڈ، فرانس، مراکش اور کروشیا کی ٹیمیں فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے پری کوارٹر مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

    فیفا ورلڈ کپ کے تمام میچ اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • فٹبال ورلڈ کپ کی 88 سالہ تاریخ کا آج یادگار دن، مگر کیوں؟

    فٹبال ورلڈ کپ کی 88 سالہ تاریخ کا آج یادگار دن، مگر کیوں؟

    قطر میں دنیائے اسپورٹس کے سب سے مقبول کھیل مینز فٹبال ورلڈ کپ کے عالمی مقابلے جاری ہے آج ان عالمی مقابلوں کی 88 سالہ تاریخ کا یادگار دن ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قطر میں دنیا کے سب سے مقبول ترین کھیل فٹبال عالمی کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں تاہم آج کا دن اس کھیل کے عالمی کپ کی تاریخ کا یادگار دن ہوگا کیونکہ آج 88 سالہ تاریخ میں پہلی بار 3 خواتین ریفری میچ سپروائز کریں گی۔

    آج جب جرمنی اور کوسٹاریکا میچ کے لیے میدان میں اتریں گی تو میچ سپروائز کرنے کے لیے فرانس کی اسٹیفنی فیپرٹ میدان میں چارج سنبھالیں گی۔

    اس میچ میں برازیل کی نیوزا بیک اور میکسیکو کی کارین ڈیاز بھی اسٹیفنی کی معاونت کے لیے میدان میں موجود ہوں گی۔

    واضح رہے کہ آج چار میچز کھیلے جائیں گے۔ کروشیا اور بیلجیئم ٹکرائیں گی، مراکش اور کینیڈا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ تیسرے میچ میں جاپان اور اسپین میدان اتریں گے جب کہ آخری میچ جرمنی اور کوسٹاریکا کے مابین کھیلا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: فٹبال ورلڈ کپ، ٹرافی کی تاریخ، ساخت اور قیمت جان کر حیران رہ جائیں

    فیفا ورلڈ کپ کے تمام میچ اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • ایک فون کال پر لوگ اپنی قیمتی رقم سے محروم ہونے لگے

    ایک فون کال پر لوگ اپنی قیمتی رقم سے محروم ہونے لگے

    نوسر بازوں کے فراڈ بڑھ گئے ہیں اور اب ایک فون کال پر ہی لوگ اپنی قیمتی رقم سے محروم ہوجاتے ہیں اس حوالے سے شہری ہوشیار رہیں۔

    جب سے دنیا بنی ہے نیکی اور بدی ساتھ ساتھ چل رہی ہے۔ دھوکا دینا بھی انسانی فطرت کا حصہ ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نوسر باز اپنی دھوکا دہی کی وارداتوں میں بھی جدت لے آئے ہیں۔ ان کی حرکات و سکنات اور ہر چال میں اصل کا گمان ہوتا ہے اور اسی گمان میں لوگ لٹتے ہیں۔

    آج کل فون پر شہریوں سے فراڈ کے ذریعے بھاری رقوم لوٹی جا رہی ہیں کہیں جعلساز بینک کا نمائندہ بن کر شہریوں سے فون پر ان کی معلومات لے کر انہیں قیمتی رقوم سے محروم کردیتا ہے تو کہیں انعامات کا لالچ دے کر لوٹا جاتا ہے۔ اس فراڈ کا شکار صرف سادہ لوح افراد ہی نہیں بلکہ پڑھا لکھا طبقہ بھی ہو رہا ہے۔

    نوسر باز کس طرح بھولے بھالے افراد سے فراڈ کرکے انہیں زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کرتے ہیں اور اس سے بچنے کے لیے کیا کیا جائے؟ اس حوالے سے سابق ڈی جی ایف آئی اے عمار جعفری نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخیر سویرا میں کئی اہم تجاویز شہریوں کو دی ہیں۔

    عمار جعفری نے کہا کہ فراڈ اور دھوکے سے لوگوں کو ٹھگنا نیا نہیں صدیوں پرانا ہے۔ انگریزوں نے انیسویں صدی عیسوی میں اس سے بچنے کے لیے اینٹی ٹھگ قانون نافذ کیا تھا اب بدلتے وقت کے ساتھ لوٹنے کے انداز بھی بدل گئے ہیں۔ جعلساز لوگوں کی سوشل سرچنگ کرتے ہیں پھر انہیں اپنا نشانہ بناتے ہیں۔

    آج کل فون کرکے لوٹنا عام ہوگیا ہے۔ فراڈی سچ اور جھوٹ کی ایسی آمیزش کرکے اپنا بیانیہ دیتے ہیں کہ سادہ لوح تو کیا اچھے خاصے پڑھے لکھے افراد بھی ان کے دھوکے میں آجاتے ہیں اور اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی لٹا دیتے ہیں۔

    سابق ڈی جی ایف آئی نے کہا کہ مقامی کرمنلز تنہا نہیں ہوتے بلکہ ان کے بھی باقاعدہ تھنک ٹینک ہوتے ہیں اور انہیں بیرون ملک سے گینگز سپورٹ کرتے ہیں۔ جدید آلات فراہم کیے جاتے ہیں۔ اب تو ایسے پراکسی سرور آگئے ہیں کہ جو ایسے نمبر بنا لیتے ہیں جو کسی کے پاس نہیں ہوتے۔

     

    انہوں نے کہا کہ جب سے بینکنگ ڈیجیٹلائز ہوئی ہے دھوکا دہی اور لوٹ مار بڑھ گئی ہے کیونکہ لوگوں کے پاس اس ترقی سے متعلق معلومات نہیں ہوتی جس کے باعث کرمنلز کے لیے وہ آسان شکار ہوتے ہیں۔ جب کہ ڈیجیٹل فراڈ بڑھنے کی دوسری وجہ یہ ہے کہ ہمارے ملک میں جرم پکڑنے کے لیے ادارہ ایف آئی اے موجود ہے لیکن اس کی آگاہی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

    اس ڈیجیٹل دھوکا دہی کی روک تھام کے لیے میڈیا سمیت تمام ادارے لوگوں کو آگاہی دیں اور شہری بھی کسی مشکوک کا غیر متوقع کال پر متعلقہ ادارے سے رابطہ کرکے شکایات درج کرائیں۔