Author: ریحان خان

  • یو اے ای: مزدوروں کی جان بچانے والے پاکستانیوں پر انعامات کی بارش

    یو اے ای: مزدوروں کی جان بچانے والے پاکستانیوں پر انعامات کی بارش

    دبئی میں 3سیکیورٹی گارڈز نے ٹینک میں نیم بے ہوشی کی حالت میں پھنسے 2 ٹھیکیداروں کی زندگی بچائیں تو کمپنی نے  انہیں انعامات سے نوازا۔

    ایک غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق ٹرانس گارڈ گروپ کے سیکیورٹی گارڈز میں 2 پاکستانیوں محمد زبیر، محمد افتخار اور فلپائنی شہری رچرڈ ایسٹیبٹ کو دبئی میں ایک مصروف سیاحتی مقام پر تعینات کیا گیا تھا۔

    رپورٹ کیے گئے واقعے کے مطابق مذکورہ گارڈز میں سے زبیر مکینیکل روم کے قریب لوگوں کا ہجوم اکھٹا ہوتے دیکھ کر وہاں گیا تو دیکھا کہ 2ٹھیکیدار ٹینک کے اندر نیم بے ہوشی کی حالت میں پھنسے ہوئے ہیں۔

    اس موقع پر گارڈ کے دیگر ساتھی محمد افتخار اور رچرڈ ایسٹبیٹ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ٹھیکیداروں کو بچانے کے لیے فوری طور پر ٹینک میں اترنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے فوری طور پر ماسک پہنے اور ٹینک میں اتر دونوں ٹھیکیداروں کو باہر نکالا۔

    مقامی حکام کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے مطابق ٹینک میں زہریلی گیس موجود تھی۔

    اس حوالے سے زبیر، افتخار اور رچرڈ کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہمارے ذہن میں صرف یہ تھا کہ ٹینک کے اندر انسان موجود ہیں اگر انہیں فوری نہ نکالا گیا تو یہ مر سکتے ہیں اور بطور سیکیورٹی گارڈ لوگوں کی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنانا ہماری ذمے داری ہے۔

    ٹرانس گارڈ گروپ نے اپنے گارڈز کی اس کارکردگی پر ان کے لیے خصوصی تقریب رکھی جس میں تینوں گارڈز  زبیر، افتخار اور رچرڈ کو اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

    اس حوالے سے گروپ کے ایم ڈی ڈاکٹر گریگ وارڈ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ان تینوں گارڈز پر انتہائی فخر ہے کہ انہوں نے غیر معمولی صورتحال میں بروقت ہمت کا مظاہرہ کیا۔

  • بینکنگ سیکٹر میں 54 ارب روپے کے فراڈ کا کیس، ایف آئی اے

    بینکنگ سیکٹر میں 54 ارب روپے کے فراڈ کا کیس، ایف آئی اے

    بینکنگ سیکٹر میں 54 ارب روپے کے فراڈ کے کیس کے ثبوت ملنے کے بعد نجی کمپنی اور قومی بینک کے افسران سمیت 30 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق بینکنگ سیکٹر میں 54 ارب روپے کے فراڈ کیس کے ثبوت مل گئے ہیں اور نجی کمپنی اور قومی بینک کے افسران سمیت 30 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے فراڈ ،منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کو گرفتار بھی کیا ہے۔

    تفتیش میں ملزمان نے ملی بھگت سے قومی بینک سےاربوں روپے کا قرضہ حاصل کا انکشاف کیا ہے اور اس رقم کو
    مالیاتی فراڈکےذریعےمنی لانڈرنگ کیلئےاستعمال کیاگیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق اس حوالے سے نجی کمپنی، عہدیداروں کےاکاؤنٹس، سیل پرچیز، اسٹوریج ریکارڈ کی چھان بین کی گئی جب کہ کمیشن، کک بیکس میں بیرون ملک سےلاکھوں ڈالرزکی ٹرانزیکشنزکا ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا۔

    تحقیقات کے دوران جعلی ایل سیز کا انکشاف بھی ہوا ہے جس کی مزید چھان بین جاری ہے۔

    ترجمان کے مطابق 2نجی کمپنیوں نے مختلف بینکوں سے جعلی ایل سیز کھولیں جبکہ19 بینکوں کے ذریعے 540 ارب روپے کی جعلی ایل سی کھولی گئیں۔

  • سابق برطانوی خاتون وزیر بھی مسلم مخالف رویے کا شکار

    سابق برطانوی خاتون وزیر بھی مسلم مخالف رویے کا شکار

    برطانوی رکن پارلیمنٹ نصرت غنی نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں صرف مسلمان ہونے کی وجہ سے وزارت کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

    دنیا بھر میں مسلمانوں سے روا رکھا جانے والا نفرت انگیزسلوک کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، عام مسلمان ہی نہیں اہم عہدوں پر تعینات افراد کو بھی متعصبانہ رویے کا شکار ہونا پڑتا ہے، جس میں برطانوی رکن پارلیمنٹ نصرت غنی بھی شامل ہیں۔

    برطانوی رکن پارلیمنٹ نصرت غنی نے اتوار کے روز  انکشاف کیا کہ انہیں صرف مسلمان ہونے کی وجہ سے وزارت کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

    دوسری جانب برطانیہ کے چیف وہپ مارک اسپینسر نے کنزرویٹو  ایم پی کے اس الزام کی تردید کی ہے۔

    نصرت غنی ٹرانسپورٹ کی وزیر تھیں جنہیں 2020 میں وزارتوں کے ردوبدل کے دوران ان کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

    ایک غیر ملکی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے نصرت غنی نے کہا کہ انہیں ایک وہپ کے ذریعہ بتایا گیا تھا کہ ڈاؤننگ اسٹریٹ کی ایک میٹنگ میں ان کی مسلم شناخت کا معاملہ اٹھایا گیا تھا، ساتھ ہی میٹنگ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ مسلم خواتین کا وزیر ہونا معاونوں کو پریشانی کا احساس دلاتا ہے۔

    خاتون برطانوی رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ انہوں نے اس معاملے کو اس وقت چھوڑ دیا جب انہیں بتایا گیا کہ اگر وہ اس معاملے کو اٹھاتی ہیں تو ان کا بائیکاٹ کردیا جائے گا اور اس سے ان کا کیریئر اور وقار تباہ ہوجائے گا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چیف وہپ مارک اسپینسر نے خود کو وہی شخص بتایا ہے جس کے بارے میں نصرت غنی نے دعویٰ کیا ہے اور انہوں نے خاتون کے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

  • پشاور میں پولیس موبائل پر دستی بم حملہ

    پشاور میں پولیس موبائل پر دستی بم حملہ

    پشاور میں پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایس آئی سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے بڈھ پیر میں پولیس موبائل کو دستی بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکار اور امدادی رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

    زخمی ہونے والوں‌میں سب انسپکٹر فرید خان اور 2 کانسٹیبل شامل ہیں، واقعے کے بعد بڈھ پیر اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    سی سی پی او عباس احسن کے مطابق سرچ آپریشن میں‌ ایلیٹ فورس اور ابابیل اسکواڈ شامل ہے۔

    سی سی پی او نے اس موقع پر کہا کہ کسی کو بھی شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے اور اس کے لیے کسی بھی قربانی سے ۔دریغ نہیں کریں گے۔

  • خلابازوں سے متعلق تحقیق میں سنسنی خیز انکشاف

    خلابازوں سے متعلق تحقیق میں سنسنی خیز انکشاف

    ماہرین نے حالیہ تحقیق میں یہ انکشاف کیا ہے کہ خلا میں انسانی جسم میں فی سیکنڈ 30 لاکھ  سرخ خلیوں کی تباہی سے وہ خون کی شدید کمی (اینیمیا ) کا شکار ہوجاتا ہے

    یہ انکشاف کینیڈا کی اوٹاوا یونیورسٹی میں ہونے والی حالیہ تحقیق میں کیا گیا ہے۔

    تحقیق کے مطابق زمین کے مدار میں رہنے والے خلا بازوں کے جسم میں خون کے سرخ خلیات کے تباہ ہونے کی شرح 54 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔

    تحقیق کی سربراہی کرنے والے ڈاکٹر گے ڈروڈل کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے خلائی ادارے خلابازوں کو درپیش مسائل پر قابو پانے کے لیے کام کررہے ہیں اور اب نئی تحقیق کے بعد خلانوردوں کو لاحق خون کی شدید کمی کو بھی ان چیلنجز کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

    کینیڈا کے خلائی مرکز میں 14 خلانوردوں پر ہونے والی اس ریسرچ کے مطابق زمین پر ہمارا جسم فی سیکنڈ 20 لاکھ خون کے خلیات کو بناتا اور تباہ کرتا ہے لیکن خلا میں 6 ماہ تک رہنے والے خلانوردوں کے جسم میں یہ عمل 30 لاکھ فی سیکنڈ تک پہنچ جاتا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق خلابازوں میں سرخ خلیات کی اس تباہی کو ہیمولائسز کہا جاتا ہے جو کہ اینیمیا کی ہی ایک قسم ہے اور یہ عمل خلا میں مکمل کشش ثقل اور وزن نہ ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے۔

    ڈٓاکٹر ٹروڈل کا مزید کہنا ہے کہ اینیمیا خلا میں جانے والوں کو لاحق بنیادی اثر ہے کیونکہ جتنا عرصہ خلا میں گزارا جاتا ہے اتنے ہی سرخ خلیات تباہ ہوتے ہیں تاہم جس طرح زمین پر ہمارا جسم اتنے ہی خلیات دوبارہ بنادیتا ہے یہی عمل خلا میں خلانوردوں کے ساتھ ہوتا ہے۔

  • خود اپنے بچے کو قبر میں اتارا، اسد صدیقی زندگی کے المیے پر بول پڑے

    خود اپنے بچے کو قبر میں اتارا، اسد صدیقی زندگی کے المیے پر بول پڑے

    معروف اداکار اسد صدیقی نے گزشتہ دنوں ایک ویب شو میں انکشاف کیا کہ ان کے ہاں بچے کی  پیدائش قبل از وقت ہوئی تھی جو کچھ عرصے  بعد انتقال کرگیا

    ٹیلیویژن کی نامور اداکار جوڑی اسد صدیقی اور زارا نور نے 2017 میں نئی زندگی کا سفر شروع کیا اور کچھ عرصہ قبل ان کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی لیکن بچہ جلد ہی فوت ہوگیا۔

    اسد صدیقی نے اس واقعے سے متعلق گزشتہ دنوں ایک ویب شو میں لب کشائی کی اور اس سلسلے میں ہونے والی تمام افواہوں کو رد کردیا۔

    اسد صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمارا بچہ ضائع(مس کیرج) نہیں ہوا تھا بلکہ اہلیہ زارا نور نے ایک بیٹے کو جنم دیا تھا جس کا نام ہم نے اورنگزیب رکھا تھا۔

    اسد نے بتایا کہ بچے کی قبل از وقت پانچویں یا چھٹے مہینے میں پیدائش ہوگئی تھی، شروع میں سب بہتر لگ رہا تھا لیکن بعد میں کچھ پیچیدگیاں ہوتی گئیں اور ہم نے اپنا بچہ کھو دیا جس کو میں نے خود اپنے ہاتھوں سے سپردخاک کیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہمارے لیے کافی تکلیف دہ تھا لیکن ہم نے اللہ کی مرضی جان کر اس پر صبر کیا، کیونکہ جب آپ یہ جانتے ہیں کہ اوپر کوئی ذات ہے جو آپ کے معاملات دیکھ رہا ہے اور وہ آپ کو اس سے بہتر عطا کرے گا جو آپ سے لیا گیا ہے تو پھر دکھ ختم ہوجاتا ہے۔

    اداکار نے یہ بھی بتایا کہ اس سانحہ کے بعد زارا کی حالت بھی کافی خراب ہوگئی تھی، مجھے لگتا ہے کہ یہ چیز مرد سے زیادہ عورت کو متاثر کرتی ہے۔

    اس موقع پر اسد صدیقی نے لوگوں کی جانب سے اس حوالے سے کیے جانے والے تبصروں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کبھی کبھار کمنٹس پڑھتا ہوں، لوگ آپ کو پرکھنے لگ جاتے ہیں یہ جانے بغیر کہ دوسری طرف جو شخص ہے وہ کس پریشانی یا تکلیف سے گزر رہا ہے۔

  • منی بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت نے کمر کس لی

    منی بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت نے کمر کس لی

    فنانس ترمیمی بل کی منظوری کے لیے حکومت نے حتمی لائحہ عمل طے کرلیا، حکومتی اراکین اسمبلی اسلام آباد میں جمع ہوگئے۔

    متحدہ اپوزیشن کی جانب سے فنانس ترمیمی بل کی شدید مخالفت اور حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے تحفظات کے بعد پی ٹی آئی حکومت نے بھی جمعرات کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ترمیمی بل کی منظوری کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فنانس ترمیمی بل کی منظوری کے لیے حکومت نے حتمی لائحہ عمل طے کرلیا ہے اور حکومتی اراکین اسمبلی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداراوروزیراعلیٰ کےپی محمود خان بھی اسلام آباد آچکے ہیں۔

    دونوں وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں سے منتخب اراکین قومی اسمبلی کے اعزاز میں الگ الگ عشایے بھی دیے ہیں جن میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا شہریار آفریدی، علی محمد خان، عمر ایوب نے بھی شرکت کی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جو جمعرات کی دوپہر قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل ہوگا، جس میں اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج اور حکومتی حکمت عملی پر غور ہوگا۔

    پارٹی قیادت کی جانب سے تمام اراکین اسمبلی کو دوپہر دو بجے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان بھی کل پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں گے۔

  • کراچی میں کورونا کی شرح میں‌ خطرناک اضافہ

    کراچی میں کورونا کی شرح میں‌ خطرناک اضافہ

      گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  پاکستان  کے معاشی حب کراچی میں کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی شرح 20 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔

    کورونا کی پانچویں لہر نے آہستہ آہستہ ملک بھر میں پنجے گاڑنا شروع کردیے ہیں تاہم  کراچی والے ہوجائیں خبردار کہ  سب  سے بڑی آبادی والے شہر میں  کورونا کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز  کو  محکمہ صحت کی موصولہ رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  شہر قائد میں کورونا کیسز کی شرح 20.22 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شرح کے حساب سے دوسرے نمبر پر میرپورآزادکشمیر ہے جہاں 24 گھنٹوں کے دوران 10 فیصد افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق لاہور میں کورونا کیسز کی شرح 7.15 فیصد، اسلام آباد میں 4.56 فیصد، پشاور میں 3.53 فیصد، حیدرآباد میں 3.32 فیصد، صوابی میں 2.55 اور کوئٹہ میں 1.47 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 7 اضلاع میں کورونا کی شرح ایک فیصد سے کم ریکارڈ کی گئی جن میں ملتان، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان، اسکردو، غذر، بنوں، مردان، ایبٹ آباد، بہاولپور، سوات، نوشہرہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی کورونا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق کورونا کی حالیہ لہر کے حوالے سے ملک بھر کے 25 اضلاع اہم ہیں۔

    واضح  رہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کورونا کی نئی لہر کے حوالے سے پہلے ہی انتباہ جاری کرچکے تھے۔

  • پنکچرکا درد سر ہوا ختم، سخت جان ایئر لیس ٹائر تیار

    پنکچرکا درد سر ہوا ختم، سخت جان ایئر لیس ٹائر تیار

    ہینکوک کمپنی نے دس سال کی طویل محنت کے بعد ایسا سخت جان ٹائر تیار کرلیا جس کا تیز دھار کیل بھی کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔

    آپ سفر پر نکلے اور سنسان شاہراہ پر ہوگیا گاڑی کا ٹائر پنکچر، اضافی ٹائر ہے نہ دور دور تک پنکچر بنانے والی کی دکان، اب آپ سر نہ تھامیں گے تو کیا کریں گے؟ لیکن اب ٹائر پنکچر ہونے کا درد سر ہوا دور۔

    ٹائر بنانے والی ایک کمپنی ہینکوک نے جانوروں کے خلیات کے نمونے پر ایک ایسا ایئرلیس ٹائر تیار کیا گیا ہے جو پنکچر پروف ہے۔

    ایئرفلیکس نامی اس ٹائر کا پہلا عملی مظاہرہ لاس ویگاس کے کنزیومر الیکٹرانکس شو میں کیا گیا جہاں اسے ہونڈائی کاروں کے 4 ماڈیولز میں لگا کر بہت تیزی سے گھمایا گیا اور مکمل سائنسی اور بایو میٹرک مطالعے سے بار بار ٹائر کے فیچر نوٹ کیے گئے۔

    جانوروں کے خلیات دیکھ کر تیار ٹائر کا قطر 15 انچ سے زائد اور چوڑائی 4انچ سے زیادہ ہے، اس کی اندرونی ساخت ایسی رکھی گئی ہے کہ ایک حصہ دوسرے سے جڑا ہوا ہے اس طرح سہ رخی ساخت تشکیل پاتی ہے جو بہترین لچک کے ساتھ ہر قسم کا دھچکا برداشت کرسکتی ہے۔

    اس ٹائر کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا بڑا حصہ سڑک سے جڑا رہتا ہے، مختلف مٹیریل سے بنی اندرونی ساخت شہد کے چھتے جیسی ہے۔

    اب آپ اپنی گاڑی میں یہ ٹائر لگوائیں اور بے فکر ہوکر ناہموار راستوں پر بھی گاڑی دوڑائیں۔

  • جاوید اختر کا نریندر مودی کو کرارا جواب

    جاوید اختر کا نریندر مودی کو کرارا جواب

    بھارت میں مسلمانوں کو نسل کشی کی کھلے عام دھمکیوں پر مودی کی مجرمانہ خاموشی پر معروف نغمہ نگار جاوید اختر بھڑک اٹھے۔

    بھارت میں سیکیولر ازم کا کھوکھلا دعویٰ کیا جاتا ہے مگر یہ ملک تیزی سے ہندو توا کی جانب گامزن ہے، گزشتہ دنوں مسلمانوں کو ختم کرنے کی کھلے عام دھمکیوں پر وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی نے کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    معروف نغمہ نگار جاوید اختر نے اس حوالے سے مودی ہندو انتہا پسندی کی تائید کرتی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی ہے۔

    اپنے ایک ٹوئٹ میں جاوید اختر نے کہا ہے کہ ہمارے وزیراعظم نریندر مودی نے محافظوں کے گھیرے میں بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر صدر مملکت سے فرضی خطرات کے بارے میں بات کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مودی نے اس وقت ایک لفظ بھی نہیں کہا جب کھلے عام 20 کروڑ بھارتی مسلمانوں کو نسل کشی کی دھمکی دی جارہی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں ہری دوار میں ایک تقریفب میں مسلمانوں کی نسل کشی سے متعلق دھمکی آمیز تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میانمار کی طرح ہماری فوج، پولیس، سیاستدانوں اور ہر ہندو کو ہتھیار اٹھاکر صفائی کرنی چاہیے کیونکہ اب اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔

    مذکورہ دھمکی آمیز تقریر پر اس وقت کوئی کارروائی نہیں کی گئی،تاہم جب یہ تقاریر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو لوگوں کے اشتعال کے باعث کچھ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ جاوید اختر اس سے قبل بھی نریندر مودی کی ہندوانتہا پسندانہ پالیسیوں پر انہیں آڑھے ہاتھوں لے چکے ہیں۔