Author: ریحان خان

  • پیپلز پارٹی کا تحریک عدم اعتماد سے متعلق اہم بیان

    پیپلز پارٹی کا تحریک عدم اعتماد سے متعلق اہم بیان

    پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا آپشن نہیں چھوڑا، حکومت کےخلاف ہرجمہوری حربہ استعمال کریں گے

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ جب سے موجودہ حکومت آئی ہے ملک کو اندرونی اور بیرونی طورپرنقصان ہوا، پاکستان بیرونی طور پر تنہائی کا شکار ہے

    , انہوں نے کہا کہ منی بجٹ ہم پر مسلط کیا گیا ہے، جو چیزیں سستی تھیں اب ان پر بھی ٹیکس لگایا جارہا ہےمہنگائی عروج پر ہے لوگوں سے چھت چھین لی گئی ہے۔

    شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ کسانوں کے مسائل بڑھ رہے ہیں، کھاد کے بحران سے ملک میں گندم کی قلت کا خدشہ ہے، پیپلز پارٹی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی پارلیمنٹ اور سڑکوں پر احتجاج کریں گے، ڈویژن سطح پر ٹریکٹر ٹرالیاں نکالی جائیں گی۔

    پی پی سیکریٹری اطلاعات نے وزیر دفاع کی گفتگو کی مذمت کرتے ہوئے کہا عمران خان کا ٹولہ روز لوگوں کو گالیاں دے رہا ہےپی ٹی آئی رہنماؤں جیسی گندی ذہنیت کسی پارٹی میں نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں جیسی گندی ذہنیت کسی کی نہیں دیکھی، یہ جتنی بدزبانی کرلیں عمران برانڈ نہیں بک سکے گا، عمران خان کو پتہ ہے کہ انتخابات میں ان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے اسی لیے یہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔

    شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ ستائیس فروری کے لانگ مارچ سے متعلق بلاول بھٹو نے ہدایات دی ہیں پی پی پی کے سندھ اور بلوچستان صوبائی کونسل کے اجلاس جاری ہیں جو کل بھی ہوں گے۔

  • ٹماٹر سے دماغی بیماریوں کا علاج

    ٹماٹر سے دماغی بیماریوں کا علاج

    جاپان میں جید تیکنیک سے تیار کیا گیا ہے ایسا ٹماٹر جونیند کی کمی دور کرنے کے ساتھ اینگزائٹی کا خاتمہ، بلڈپریشر کم کرتا ہے

    یہ دعویٰ کیا ہے جاپانی بایو ٹیکنالوجی کمپنی ‘سناٹیک سیڈ’ نے جس نے جینیاتی انجینئرنگ کی جدید تیکنیک ‘کرسپر’ کی مدد سے ایسا ٹماٹر تیار کیا ہے جن میں ‘گیماامائنو بیوٹائرک ایسڈ’ (گابا) نامی مادہ قدرتی طور پر بنتا ہے جو بلڈپریشر کم کرنے کے ساتھ ساتھ اعصاب کو بھی سکون بخشتا ہے۔

    اس حوالے سے سناٹیک سیڈ کی چیف ٹیکنالوجی آفیسر جو سوکوبا یونیورسٹی جاپان میں پلانٹ مالیکیولر بائیالوجسٹ بھی ہیں کا کہنا ہے کہ گابا جاپان میں ایک مشہور صحت بخش مرکب کے طور پر فروخت ہوتا ہے اور یہ وٹامن سی کی طرح ہے اسی لیے ہم نے اپنی جینیوم ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کے لیے اسے سب سے پہلے ہدف کے طور پر منتخب کیا ہے،

    جاپان میں ‘‘گابا ٹماٹروں کو 2020 میں فروخت کے لیے منظور کیا گیا اور اب یہ ٹماٹر فروخت کیے جارہے جب کہ سناٹیک کمپنی نے بھی ان ٹماٹروں کی پنیری کی فروخت شروع کردی ہے تاکہ مقامی کسان بھی انہیں کاشت کرکے اپنے منافع میں اضافہ کرسکیں۔

    تمام دعوے اور اقدامات ایک طرف لیکن ‘نیچر بایوٹیکنالوجی’ کی رپورٹر ایمیلی والٹز نے اپنی حالیہ خبر میں شکوک وشبہات کا اظہار کرتے ہوئے ٹماٹروں کی اس نئی قسم اور افادیت پر سوالیہ نشان لگادیا ہے، رپورٹر نے لکھا ہے کہ یہ دعویٰ بالترتیب 2003 اور 2009 میں ہونیوالی دو ایسی تحقیقات کی بنیاد پر کیا جارہا ہے جن پر اعتماد کرنا مشکل ہے

  • بوڑھی خاتون کی دریا دلی، لاٹری میں جیتا آدھا انعام بانٹ دیا، ویڈیو وائرل

    بوڑھی خاتون کی دریا دلی، لاٹری میں جیتا آدھا انعام بانٹ دیا، ویڈیو وائرل

    امریکا میں لاٹری جیتنے والی 84 سالہ خاتون نے اپنے انعام کی آدھی رقم لاٹری فروخت کرنے والے کیشیئر کو دے دی

     آج جب مال وزر کے لالچ نے خون کے رشتوں میں بھی دراڑیں ڈال دی ہیں اس   نفسانفسی کے دور میں بھی دنیا میں ایسے لوگ موجود ہیں جو اپنی خوشیوں میں دوسروں کو شریک کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں

    ایک 84 سالہ خاتون نے لاٹری جیتی تو رقم کا نصف لاٹری فروخت کرنے والے کیشیئر کو دینے کا فیصلہ کیا لیکن یہ جیک پاٹ نہیں تھا۔

    میرین فاریسٹ نامی بوڑھی خاتون نے صرف 300ڈالر کا انعام جیتا اور فیصلہ کیا کہ اس کا نصف حصہ وہ لاٹری کا ٹکٹ فروخت کرنے والے کیشیئر کو دے گی۔

    مذکورہ خاتون ڈیوک منی مارٹ کی مستقل گاہک ہے، کیشیئر والٹر نے اسے ترغیب دلائی تھی کہ وہ لاٹری کا ٹکٹ خریدے جس کا سب سے بڑا انعام 5لاکھ ڈالر ہے۔

    فاریسٹ نے لاٹری ٹکٹ خریدنے کے بعد کیشیئر سے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ لاٹری جیت گئی تو اس کا بھی خیال رکھے گی۔

    فاریسٹ اگرچہ جیک پاٹ پرائز نہیں جیت سکی لیکن300 ڈالر کا انعام جیتنے کے بعد بھی اسے اپنا وعدہ یاد رہا اور اس نے انعام کا نصف والٹر کو دینے کا فیصلہ کیا

    سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بوڑھی خاتون اسٹور میں ایک لفافہ اور دو غبارے پکڑے داخل ہورہی ہے، جس پر لکھا ہے والٹر وِن

    خاتون نے رقم کا لفافہ والٹر کو پکڑایا اور اسے دنیا کا بہت پیارا شخص قرار دیا۔

    فاریسٹ کی اس فراخدلی پر مارٹ میں موجود لوگوں نے تالیاں بجائیں جبکہ والٹر نے فرط جذبات میں بوڑھی خاتون کو گلے لگا لیا۔

    سوشل میڈیا پر یہ کلپ وائرل ہونے کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے اسے سراہا اور اب تک اسے ڈھائی لاکھ کے قریب لائکس مل چکے ہیں۔

    صارفین نے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا ہے جس میں خاتون کے جذبے کو خوب سراہا گیا ہے۔

  • انسانی بال: شہری کا حیرت انگیز کارنامہ، ریکارڈ بنا ڈالا

    انسانی بال: شہری کا حیرت انگیز کارنامہ، ریکارڈ بنا ڈالا

    امریکا میں ایک شہری نے انسانی بالوں سے وزن 225.13 پاؤنڈ وزنی گیند بنا کر گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرالیا

    منفرد رہنے کی خواہش انسانی جبلت میں شامل ہے اور اس خواہش کی تکمیل کے لیے وہ ہر دم اس جستجو میں لگا رہتا ہے کہ وہ کوئی ایساکام انجام دے جو اس سے پہلے کسی نے نہ کیا ہو، ایسا ہی انوکھا کام کرکے دکھایا ہے ایک امریکی شہری اسٹیو وارڈن نے۔

    جی ہاں امریکی ریاست اوہایو کے علاقے کیمرج میں واقع بلوکرز سیلون کے مالک اسٹیو وارڈن نے انسانی بالوں سے ایک بڑی گیند بنائی ہے جس نے دنیا میں انسانی بالوں سے بنی سب سے وزنی گیند کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

    گیند کا وزن 225.13 پاؤنڈ ہے جس نے 2014 میں 167 پاؤنڈ وزنی گیند کا ریکارڈ توڑ کر نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    گیند بنانے والے باہمت اسٹیو وارڈن کا کہنا ہے کہ اس کے بیٹے اسے  انسانی بالوں سے گیند بنانے کی تحریک دی تاکہ اس گیند کو امریکا کے مشہور میوزم ‘‘رپلائز بلیو اٹ اور ناٹ’’ میں رکھا جاسکے۔

    بیٹے کے ہمت بندھانے پر اس نے سیلون آنے والوں کے بال جمع کرکے انہیں گیند کی صورت دینا شروع کردیا۔

    میوزیم میں رکھنے سے قبل اسے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرنے کے لیے اس گیند کو فلوریڈا ایکسپو میں رکھا گیا اور وہاں آنے والوں سے اس گیند کو مزید بڑا بنانے کے لیے بالوں کے عطیات دینے کی درخواست کی گئی۔

    اس گزارش پر  مثبت ردعمل آیا اورلوگوں کی بڑی تعداد نے اپنے بال عطیہ کیے یوں یہ دنیا کی سب سے بڑی اور وزنی انسانی بالوں سے بنی گیند قرار پائی۔

    گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیے جانے کے بعد گیند کے بانی اسٹیو نے اپنی کاوش کو اپنے اہل خانہ کے نام  کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب میں نے اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کی محبت میں کیا ہے۔

     

  • ایک حادثہ بنا مائیکرو ویو کی ایجاد کا سبب

    ایک حادثہ بنا مائیکرو ویو کی ایجاد کا سبب

    مائیکرو ویو اوون آج تقریباْ ہر گھر میں استعمال ہوتا ہے، لوگوں کی زندگیوں میں آسانی لانے والی یہ مشین ایک حادثے کے نتیجے میں معرض وجود میں آئی

    حادثات زندگی کا خاصہ ہیں جو کبھی زندگی میں تباہی لاتے ہیں تو کبھی لوگوں کی زندگیاں سنوارنے کا سبب بھی بنتے ہیں آج ہم ایک ایسے ہی خوشگوار حادثے سے آپ کو آگاہ کررہے ہیں جس کے نتیجے میں ایجاد ہونے والا مائیکرو ویو آج ہر گھر کی ضرورت بن چکا ہے۔

    ہوا کچھ یوں کہ ریتھیون کارپوریشن کمپنی میں انجینئر پرسی ایک روز میگنیٹر ون نامی ریڈار ڈیوائس پر کام کر رہا تھا کہ اس کی جیب میں رکھی چاکلیٹ پگھلنا شروع ہوگئی، اسے اندازہ ہوگیا کہ ایسا ان شعاعوں کی وجہ سے ہورہا ہے جو اس ڈیوائس سے خارج ہورہی ہیں۔

    پرسی نے پھر مائیکرو ویو میں رکھی گئی دنیا کی پہلی غذا پاپ کارن پر تجربہ کیا اور وہ بھی کامیاب رہا، نتائج کو سامنے رکھ کر مائیکرو ویوز شعاعوں کو ایک محفوظ ڈبے میں بند کرنے کا سوچا گیا۔

    آٹھ اکتوبر 1945میں پرسی نے سند ایجاد کے لیے درخواست دائر کردی جس کے بعد پرسی نے پہلے مائیکرو ویو اوون کی نمائش کی جسے ابتدائی طور پر ریڈار رینج کا نام دیا گیا تھا اور اس کا سائز ایک ریفریجریٹر کے برابر تھا۔

    1967 میں مائیکرو ویو کو مارکیٹ میں پہلی بار فروخت کے لیے پیش کیا گیا

  • کراچی: فیکٹری میں 4 افراد کی ہلاکت واقعہ

    کراچی: فیکٹری میں 4 افراد کی ہلاکت واقعہ

    شاہ لطیف کالونی میں اے آر وائی ٹیم چار افراد کی ہلاکت کے واقعے کے بعد کوریج لیے فیکٹری گئی تھی، سیکیورٹی اسٹآف نے دروازے بند کردیے.

    فیکٹری کے سیکیورٹی اسٹاف نے فیکٹری کے دروازے بند کرکے ملازمین کو نیوز ٹیم سے بات کرنے سے روک دیا۔اے آر وائی نیوز کے سوال پر

    سیکیورٹی پر تعینات شخص نے گول مول جواب دیا اور کہا کہ فیکٹری میں کسی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہیں دی، سیکیورٹی گارڈ کا کہنا تھا کہ واقعے کے بارے میں کچھ نہیں بتا سکتا، صبح آنا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد بھی فیکٹری انتظامیہ معاملے کو چھپاتی رہی، ابتدا میں انتظامیہ نے ریسکیو کو آگاہ کیا کہ مزدور ٹینک میں گر گئے ہیں جبکہ پولیس کو فیکٹری انتظامیہ نے بیان دیا کہ زہریلی گیس کا اخراج ہوا ہے۔

    متوفیان کے ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ ملازمین کو تیزاب کا ٹینک صاف کرنے کے لیے اتارا گیا، ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات ہوچکے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے، واقعاتی شواہد کی روشنی میں ذمے داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کریں گے۔

  • شارجہ: قمست ہو تو ایسی! کچرے کے پہاڑ سے خاتون کو قیمتی چیز مل گئی

    شارجہ: قمست ہو تو ایسی! کچرے کے پہاڑ سے خاتون کو قیمتی چیز مل گئی

    شارجہ میں ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کے ملازمین نے فلپائنی خاتون کا بٹوا تین سو ٹن کچرے کے ڈھیر سے بڑی تگ و دو کے بعد ڈھونڈ نکالا، بٹوا ملنے پر خاتون خوشی سے رو پڑی

    واقعہ کچھ یوں ہے کہ شارجہ میں ایک فلپائی خاتون جو کہ ہیلتھ ورکر بھی ہیں اپنے کام سے گھر واپس جانے کے دوران راستے میں چپس کا خالی پیکٹ اور کوڑے سے بھرا ایک بیگ کچرے کے ڈبے میں پھینکا جس میں اس کا بٹوا بھی موجودتھا۔

    خاتون کو اگلی صبح بٹوا گم ہونے کا پتہ چلا تو وہ فوراْ اس جگہ گئی جہاں اس نے کچرا پھینکا تھا لیکن وہاں جب اس نے کچرے کا ڈبا خالی دیکھا تو اس کے ہوش ہی اڑ گئے، خالی ڈبہ دیکھ کر وہ رونے لگی تو قریب سے گزرنے والی ایک بھاری خاتون نے اسے دلاسا دیا اور صورتحال جاننے کے بعد فلپائنی ہیلتھ ورکر کو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ببیبا کے دفتر لے گئی

    کمپنی مینجر لوئی گیبیلاگون کے مطابق جب متاثرہ خاتون اپنی درخواست لے کر ہمارے پاس آئی تو اس وقت ہماری سائٹ پر تین سو ٹن کے قریب کچرا موجود تھا اور کچرے کے اس ڈھیر میں سے بٹوا ڈھونڈنا نہایت مشکل تھا تاہم بٹوا پولیتھین بیگ میں تھا جس کے بعد اس کی تلاش ممکن ہوئی۔

    مینجر نے بتایا کہ ہم نے خاتون کی بتائی ہوئی جگہ سے کچرا اٹھا کر لانے والے ٹرک کو ٹریس کیا اور پتہ لگایا کہ اس ٹرک کا کچرا کہاں پھینکا گیا تھا اس کے بعد جہاں جہاں پولیتھین بیگ نٖظر آئے ان سب کو کھنگالنا شروع کیا اور بالآخر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد خاتون کا بٹوا ملا۔

    گیبیلا گون کے مطابق جس وقت بٹوا ملا تو اس وقت خاتون کی خوشی دیدنی تھی اور اس کی آنکھوں سے خوشی کے مارے آنسو بہہ رہے تھے، بٹوے میں نقدی اور بینک کارڈا کے علاوہ اماراتی شناختی کارڈ اور دیگر ضروری اشیا موجود تھیں، خاتون نے بٹوا ڈھونڈنے پر کمپنی اور ملازمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

    کمپبی مینیجر کے کہنا تھا کہ ان کے پاس یومیہ بنیادوں پر درجنوں افراد کی جانب سے مختلف اشیا کی گمشدگی کی کالز آتی ہیں جن میں سے اکثر پاسپورٹ سے متعلق ہوتی ہیں

  • بہاولپور میں ٹریفک حادثہ: پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق

    بہاولپور میں ٹریفک حادثہ: پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق

    پنجاب کے  ضلع بہاولپور میں خوفناک ٹریفک حادثے میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق حادثہ بہاولپور میں ٹامیوالی اڈا اسرانی پر پیش آیا جہاں 2 تیز رفتار مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہیں ایمبولینسیں، پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

    ریسکیو بہاولپور کے مطابق حادثے میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے بہاولپور کے وکٹوریہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہےجن میں‌بعض کی حالت تشویشناک ہے اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے.