Author: روحہ فاطمہ

  • ڈھابوں ہوٹلوں پر 2 سے زیادہ کپ چائے موت کو دعوت، دل دہلا دینے والی ویڈیو رپورٹ

    ڈھابوں ہوٹلوں پر 2 سے زیادہ کپ چائے موت کو دعوت، دل دہلا دینے والی ویڈیو رپورٹ

    شہر کی سڑکوں پر بنے ڈھابے ہوں یا ہوٹل ۔ شہریوں کا ہجوم دھواں دیتی چائے کی چُسکی لیتا نظر آتا ہے!

    چائے ۔ جو کراچی والوں کے دن کا پہلا ساتھی ہے، اب ان کی صحت کا سب سے بڑا دشمن بن رہی ہے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے انکشاف کیا ہے کہ شہر بھر کے مختلف ہوٹلوں میں بننے والی چائے میں ناقص دودھ اور مضر صحت اشیا استعمال ہو رہی ہیں۔

    سندھ فوڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ میں یہ دل دہلا دینے والا انکشاف کیا گیا ہے کہ شہر کے مختلف چائے خانوں پر نہ صرف کیمیکل والا دودھ بلکہ چائے پتی میں بھی رنگ ملایا جا رہا ہے، جو انسانی صحت کو کھوکھلا کر رہا ہے۔


    چائے پینے کے شوقین افراد کس وقت یہ مشروب پیئں؟ ڈاکٹر نے بتادیا


    جمع کیے گئے نمونوں کا معائنہ سندھ فوڈ اتھارٹی اور کراچی یونیورسٹی کی مشترکہ لیبارٹری میں کیا گیا، جامعہ کراچی شعبہ فوڈ سائنسز کے ایسوسیٹ پروفیسر ڈاکٹر غفران کہتے ہیں کہ ملاوٹی چائے انسان کو کینسر جیسی بیماری میں مبتلا کر سکتی ہے۔

    شہری کہتے ہیں چائے کے بغیر تو دن ادھورا سا لگتا ہے، اسے چھوڑنا ممکن نہیں۔ ماہرین کے مطابق دن میں 2 سے زیادہ کپ ملاوٹ شدہ چائے پینا خود کو موت کے منہ میں دھکیلنے کے مانند ہے۔


    کیا نادرا عوام کو سہولیات دینے میں ناکام ہو رہا ہے؟ ویڈیو رپورٹ


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • کراچی: کبوتروں سے انسانوں میں پھیلنے والی بیماری، علامات کیا ہیں؟

    کراچی: کبوتروں سے انسانوں میں پھیلنے والی بیماری، علامات کیا ہیں؟

    کراچی: کبوتروں سے پھیلنے والی پھیپھڑوں کی بیماری میں اضافہ ہونے لگا تاہم اس کی علامات کیا ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کبوتروں سے انسانوں میں پھیلنے والی پھیپھڑوں کی بیماری میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    کبوتروں سے پھیلنے والی بیماری برڈ فینسرز لنگز سے زیادہ تر خواتین متاثرہو رہی ہیں ، اسپتالوں میں ایک ہفتے میں پندرہ سے بیس کیسزرپورٹ ہونے لگے۔

    ماہر امراض تنفس ڈاکٹر محمد عرفان نے بتایا کہ کبوتروں کے پروں اور فضلے کے باریک ذرات انسانی سانس کی نالی میں جمع ہو کر الرجی اور پھیپھڑوں کی سوجن کا باعث بنتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ بیماری سے بچاؤ کے لیے کبوتروں سے دوری اور احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے مگر کراچی میں جگہ جگہ لوگ کبوتروں کو دانا ڈالتے نظر آئیں گے، جو ایک خطرہ بھی ہے۔

    ڈاکٹروں کے مطابق نہ صرف کھلی جگہ بلکہ اے سی ، کھڑکی، یا کبوتروں کے چھپنے کی دوسری جگہ وائرس ہوسکتا ہے۔

    ڈاکٹروں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ بیماری سے بچاؤ کیلئے کبوتروں کے پاس جاتے وقت ماسک ضرور پہنیں۔

     علامات

    یہ بیماری مسلسل کھانسی، سانس لینے میں دشواری، بخار ، گبھراہٹ اور تھکاوٹ جیسی علامات سے شروع ہوتی ہے، جسے اکثر معمولی بیماری سمجھ لیا جاتا ہے تاہم اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو، یہ پھیپھڑوں کی خطرناک بیماری میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

    سنگین صورتوں میں اسٹیرائڈز، آکسیجن تھراپی یا حتیٰ کہ پھیپھڑوں کی پیوند کاری (lung transplant) کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

    ڈاکٹرز نے زور دیا کہ جو افراد بیماری کی ابتدائی علامات جیسے سانس پھولنا، کھانسی یا سینے میں جکڑن محسوس کریں، وہ فوری طور پر ماہر معالج سے رجوع کریں۔

  • 15 جون سے صرف ماحول دوست بیگز کی اجازت ہوگی

    15 جون سے صرف ماحول دوست بیگز کی اجازت ہوگی

    سندھ میں پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے، 15 جون سے صرف ماحول دوست بیگ کی اجازت ہوگی۔

    اس ویڈیو رپورٹ میں دیکھیں کہ کیا شہری اس پابندی پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں، کیا ان کے پاس کوئی متبادل موجود ہے؟


    کورٹ میرج قانون میں نہیں، تو پھر یہ رواج کہاں سے اور کیوں آیا؟ ویڈیو رپورٹ


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کیلئے کراچی کی پُرعزم بیٹی کا بڑا کارنامہ

    ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کیلئے کراچی کی پُرعزم بیٹی کا بڑا کارنامہ

    گرمیوں کا طویل ہو جانا اور سردیوں کا تاخیر سے آنا یہ مسائل ماحولیاتی بحران کے ہیں، شہر میں درختوں کی کمی کے باعث ماحولیاتی مسائل بڑھ رہے ہیں۔

    ان بنیادی مسائل کے حل کیلیے کراچی کی پُرعزم بیٹی عروسہ خلیل نے تن تنہا شہر قائد کو سرسبز و شاداب بنانے کا بیڑا اٹھا لیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عروسہ خلیل نے کہا کہ اگر ہم نے اپنے شہر کے موسم کو بہتر کرنا ہے تو اس کیلیے سائبان (درخت) لگانا ہوں گے۔

    اپنے اس مقصد کو حاصل کرنے کیلیے کراچی کی عروسہ خلیل نے ایک خاص مشن اپنا رکھا ہے۔ وہ بچوں میں پودے تقسیم کرکے نہ صرف انہیں سبزہ اگانے کی ترغیب دے رہی ہیں بلکہ ان میں ماحول سے محبت کا جذبہ بھی جگا رہی ہیں۔

    عروسہ روزانہ درجنوں پودے لے کر شہر کے مختلف مقامات کا رخ کرتی ہیں، لیکن یہ پودے وہ فروخت نہیں کرتیں بلکہ بلا معاوضہ بچوں کو تحفے میں دیتی ہیں۔

    عروسہ کا کہنا ہے کہ بچوں کو کم عمری سے درخت لگانے کی عادت ڈالنا بےحد ضروری ہے۔ کراچی کی یہ باہمت خاتون عروسہ بچوں کو صرف پودے ہی نہیں دے رہی بلکہ ان کی دیکھ بھال کا طریقہ بھی سکھا رہی ہیں۔

    اسلام آباد میں شجرکاری مہم کا آغاز

    علاوہ ازیں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر ڈپلومیٹک انکلیو میں شجرکاری مہم کا آغاز، نِفٹی اسفیئر انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ڈیزائنگ کے طلبا نے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیا، شجر کاری مہم میں حصے لینے والے طلبا کوسیکیورٹی ڈویژن خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

    ایس ایس پی سیکیورٹی محمد سرفراز ورک نے شجرکاری مہم پرطلبا کے کردار کو سراہا، طلبا کو تعریفی اسناد سے نوازا، انہوں نے کہا کہ درخت پاکستان کے بدلتے موسم، ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے اہم ہیں۔

  • کراچی کے پسماندہ علاقے میں قائم بچوں کا جمناسٹک کلب

    کراچی کے پسماندہ علاقے میں قائم بچوں کا جمناسٹک کلب

    کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں ایک ایسا جمناسٹک کلب بھی ہے جہاں غریب بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ جمناسٹک کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔

    خواب صرف دیکھنے کیلئے نہیں ہوتے انہیں حقیقت میں بدلنے کے لئے کوشش کرنا ہوتی ہے، کراچی کے پسماندہ علاقے مچھر کالونی میں ایک ایسا کلب بھی موجود ہے جہاں بچوں کو بلامعاوضہ تعلیم اور جمناسٹک سکھائی جاتی ہے۔

    اس علاقے میں بچوں کیلیے کوئی پارک اور کھیل کا میدان تو نہیں، لیکن وہاں کچھ بچے جمناسٹک سیکھ رہے ہیں، یہ بچے کون ہیں اور اس کا انتظام کس نے کیا ہے؟

    اس حوالے سے نمائندہ اے آر وائی نیوز کراچی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں سماجی ادارہ ’امکان‘ گزشتہ کئی سال سے یہاں کے بچوں کو جمناسٹک سکھا رہا ہے۔

    اس جمناسٹک کلب کے انسٹرکٹر محمد فرقان نے بتایا کہ گزشتہ دس سال سے میں یہاں جمناسٹک کی کوچنگ کررہا ہوں جب میں شروع میں یہاں آیا تھا تو یہاں کے بچوں کو صفائی ستھرائی سمیت کسی قسم کی سہولت میسر نہیں تھی لیکن آج ہماری محنت کے صلے میں اس کلب کی بچیاں پچھلے 5 سال سے جمناسٹک چیمپیئن ہیں۔

    اس جمناسٹک کلب میں سیکھنے والی زیادہ تر لڑکیاں ہیں جن کا کہنا ہے کہ اس کھیل سے ان کی زندگی میں کئی مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔ ایک بچی کا کہنا تھا کہ جو بچے اپنا وقت گھر میں بیکار گزارتے ہیں وہ یہاں ضرور آئیں اور کچھ سیکھیں۔

    ایک اور بچی نے بتایا کہ میں نے یہاں سے جمناسٹک سیکھ کر انٹر اسکول کے بعد نیشنل لیول پر بھی کھیلا ہے اور اسی کی بدولت مجھے پاک آرمی میں ملازمت ملی۔

    جمناسٹک کلب کے ان بچوں کا کہنا ہے کہ اگر ان کی سپورٹ کی جائے اور اچھے مواقع فراہم کیے جائیں تو ہم بھی عالمی سطح پر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرسکتے ہیں۔

     

  • ملک کے سب سے بڑے شہر میں‌ ایسٹر کا خوب صورت تہوار، ویڈیو رپورٹ

    ملک کے سب سے بڑے شہر میں‌ ایسٹر کا خوب صورت تہوار، ویڈیو رپورٹ

    کراچی سمیت ملک بھر میں آج مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا۔ مسیحی برادری نے رنگ برنگے کپڑوں میں ملبوس ہو کر شہر کے مختلف گرجا گھروں میں منعقدہ دعائیہ تقریبات میں شرکت کی۔

    سال کے چالیس روزوں کے اختتام پر ایسٹر کا تہوار منایا جاتا ہے، جسے کراچی کی مسیحی برادری نے بھرپور جوش و جذبے سے منایا، گھروں میں خصوصی عبادات کا سلسلہ رہا۔

    مسیحی برادری نے ایسٹر کو خوشیوں کا پیغام قرار دیا، کراچی کے سینٹرل بروکس میموریل سمیت مخلتف گرجا گھروں میں مسیحی برادری نے خصوصی عبادات کا انعقاد کیا، جہاں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ دعائیہ تقریب کے بعد مسیحی برادری نے ایک دوسرے کو گلے مل کر ایسٹر کی مبارک باد دی۔ گرجا گھروں میں عبادت کے بعد مسیحی برادری نے اپنے گھروں میں نت نئے کھانوں کے پروگرام بھی مرتب کر رکھے ہیں۔


    کراچی میں اپنی نوعیت کی منفرد ’ماؤنٹین بائی سائیکل ایمبولینس‘ سروس شروع ہو گئی


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • ویڈیو رپورٹ: باکسر رابعہ کی متاثر کن کہانی

    ویڈیو رپورٹ: باکسر رابعہ کی متاثر کن کہانی

    ملیے کراچی کی رابعہ سے جو میٹرک کی طالبہ ہیں، لیکن اپنے ہنر سے تمام معاشرتی قدغنوں کو توڑ کر دنیا میں اپنا نام بنا رہی ہیں۔ رابعہ اپنے خاندان کی پہلی لڑکی ہے، جنھوں نے باکسنگ کی دنیا میں قدم رکھا، اس ویڈیو میں جانتے ہیں رابعہ کی کہانی!

    رابعہ نے کم وسائل، محدود مواقع اور معاشرتی رکاوٹوں کو توڑا، 16 سالہ رابعہ جو کہ باکسنگ کی دنیا میں خود کی پہچان بنا رہی ہیں۔

    رابعہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ باکسنگ پریکٹس بھی جاری رکھے ہوئے ہے، وہ کہتی ہیں ’’میرا خواب ہے دنیا میں قومی پرچم کی اہمیت اُجاگر کرنا۔‘‘ کراچی کے پس ماندہ علاقے بلدیہ سے تعلق رکھنے والی یہ بہادر لڑکی باکسنگ کی دنیا میں بلندیوں کو چھونے کے لیے اسپانسرشپ کی منتظر ہیں۔


    بننے سنورنے کے لیے عید پر اب لڑکے بھی بیوٹی سیلونز کا رخ کرتے ہیں: ویڈیو رپورٹ


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • کھجلہ پھینی کی فروخت میں اضافہ

    کھجلہ پھینی کی فروخت میں اضافہ

    رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ رمضان آتے ہی سحری میں شوق سے کھائے جانے والی کھجلہ پھینی کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں کھجلہ پھینی کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔

    لچھے دار لذیذ پھینی کی تیاری عام طور پر کارخانوں میں ہوتی ہے، جہاں ایک ہی وقت میں کئی افراد اس کی تیاری میں مصروف عمل دکھائی دیتے ہیں۔ پھینی میدے سے تیار کی جاتی ہے، پہلے میدے کو آٹے کی طرح خوب گوندھا جاتا ہے، پھر گھی کا استعمال کر کے اس کے پیڑھے بنائے جاتے ہیں اور پھر اسے ہاتھوں سے بیل کر گھی میں تلا جاتا ہے۔

    پھینی کے ساتھ کھجلہ بھی رمضان کی خاص سوغات ہے اور یہ بھی میدے سے ہی تیار کیا جاتا ہے، شہری کہتے ہیں بڑے ہوں یا بچے کھجلہ پھینی کے سب ہی شوقین ہیں۔

    ماہ رمضان میں جہاں بہت سے کاروباروں میں رونقیں لگ جاتی ہیں، وہی کھجلہ پھینی بھی رمضان المبارک میں کئی افراد کے لیے روزگار کا سبب بنتی ہے۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • رمضان المبارک میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کردیا

    رمضان المبارک میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کردیا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان المبارک کے دوران موسم کے حوالے سے خبردار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا فوکل پرسن محکمہ موسمیات انجم نذیر نے رمضان المبارک کے دوران کراچی میں موسم کے حوالے سے کہا کہ رمضان کا آغاز معتدل موسم سے ہوگا جبکہ آخری عشرے میں شدید گرمی پڑے گی اور میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں رواں ہفتے مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہوگا لیکن کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

    دوسری ملک کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں دو دن سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں پھر اضافہ ہوگیا ہے۔

    مانسہرہ اوراس کے گرد و نواح میں بارشِ اوربالائی علاقوں میں برف باری ہورہی ہے، شوگراں میں دوانچ اور کاغان میں چارانچ سے زائد برف باری ریکارڈ کی گئی۔

    اسلام آباد میں وقفےوقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے خنکی میں اضافہ ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے رواں ہفتے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برف باری جاری رہے گی۔

  • کراچی کے نوجوانوں میں تیزی سے ڈپریشن کا مرض کیوں پھیل رہا ہے؟

    کراچی کے نوجوانوں میں تیزی سے ڈپریشن کا مرض کیوں پھیل رہا ہے؟

    کراچی کی نوجوان نسل میں ان دنوں ڈپریشن کا مرض کافی تیزی سے سرائیت کررہا ہے، جس کی مختلف وجوہات سامنے آرہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اکیلا محسوس کرنا، نے چین رہنا یا پھر غصہ کرنا، یہ علامات ڈپریشن کی ہیں، جس کے اثرات نوجوانوں میں زیادہ پائے جارہے ہیں، کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ کے شعبہ نفسیات میں روزانہ 30 فیصد نوجوان ڈپریشن کے آتے ہیں۔

    چڑچڑا پن اداسی، مایوسی محسو کرنا، یا پھر خود کو نقصان پہنچانے جیسی سوچ اگر کسی نوجوان میں پائی جاتی ہے تو یہ خطرے کی بات ہے اور اس کا علاج اشد ضروری ہے، اس کیفیت کو ڈپریشن کہا جاتا ہے۔

    ماہر نفسیات ماہ نور چنا نے کہا کہ ہر انسان میں ڈپریشن کی نوعیت مختلف ہوتی ہے، لوگوں کو تنہائی کا احساس زیادہ ہوتا جارہا ہے۔

    ماہ نور چنا نے بتایا کہ زندگی میں کافی مسابقت آگئی ہے، اسکول، یونیورسٹیز بھی مشکل ہوگئی ہیں، پھر نوجوان جاب کے بارے میں سوچتے ہیں، ہم لوگ زندگی کا تقابل کرنے لگے ہیں کہ اس کی زندگی ایسی ہے، اُس شخص کی زندگی ایسی ہے تو میری زندگی ایسی کیوں نہیں ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈپریشن کم کرنے کے لیے موبائل فون کم استعمال کریں، ورزش کرنے، ہریالی دکھنے اور واک کرنے سے بھی ڈپریشن کم ہوجاتا ہے۔

    کراچی میں روزانہ 30 فیصد نوجوان ڈپریشن میں مبتلا ہوکر ماہرین نفسیات سے رجوع کرتے ہیں لیکن اس ڈپریشن کی کیفیت کو بات چیت کے ذریعے اور ماہرین سے رجوع کرکے کم کیا جاسکتا ہے۔