Author: صفدر عباس

  • دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ

    دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ

    کراچی: ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے جبکہ تربیلا ڈیم اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

    ترجمان کے مطابق چشمہ اور تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، دریائے جہلم چناب اور راوی میں پانی کا بہاؤمعمول پر ہے۔

    دریائے ستلج میں اسلام کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے راوی میں شاہدرہ اور سدھنائی کے مقام پر پانی میں اضافہ ہو رہاہے، دوسری جانب دریائے چناب میں ہیڈ خانکی کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔

    واضح رہے کہ تمام بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کاسلسلہ 8اگست تک جاری رہے گا، اگست کے دوسرے ہفتے بارشوں کے سلسلے میں کمی کا امکان ہے۔

  • کیا آپ جانتے ہیں کہ بھارتی یوٹیوبر بھوون بام یو ٹیوب سے کتنا کماتے ہیں؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ بھارتی یوٹیوبر بھوون بام یو ٹیوب سے کتنا کماتے ہیں؟

    ہندوستان کے معروف یوٹیوبر بھوون بام، جو اپنی بڑے پیمانے پر مقبول سیریز بی بی کی وائنز کے لیے مشہور ہیں، انہوں نے اپنے ہنر اور مزاحیہ ویڈیوز کی وجہ سے غیر معمولی شہرت اور فتح کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔

    بھارتی یو ٹیوبر نے یو ٹیوب سے نہ صرف بے پناہ مقبولیت حاصل کی بلکہ غیر معمولی رقم کما کر بڑے بڑے یو ٹیوبرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    اطلاعات کے مطابق بھارتی یو ٹیوبر بھوون بام کی یوٹیوب ویڈیوز سے آمدن کی مجموعی مالیت 100 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، جس کے باعث وہ تفریحی میدان میں سب سے زیادہ امیر ہندوستانی یو ٹیوبر بن چکے ہیں۔

    بھارتی یو ٹیوبر بھوون نے اپنے یوٹیوب کیریئر کا آغاز 2015 میں کیا تھا اور اب ان کے صارفین کی تعداد 26.3 ملین تک پہنچ چکی ہے۔

    ان کے چینل پر اپ لوڈ کردہ 190 ویڈیوز لاکھوں ویوز کو عبور کر چکی ہیں، OTT پلیٹ فارمز اور میوزک ویڈیوز میں ان کے وینچرز کے ساتھ، بھوون نے اپنے کیریئر کو بنایا اور اسی کی مدد سے خوب دولت بھی کمائی۔

    بھوون بام اب ہندوستان کی تفریحی صنعت میں ویب سیریز، فلموں اور یوٹیوب سمیت دیگر ذرائع سے بڑی آمدنی حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔

  • دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید رینجرز اہلکار کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

    دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید رینجرز اہلکار کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

    کراچی: لیاری بہارکالونی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہیدہونے والے رینجرزاہلکارکی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

    ذرائع کے مطابق شہید رینجرز اہلکار نائیک دلشادعلی کی نمازجنازہ ہیڈ کوارٹر رینجرز جناح کورٹس بلڈنگ میں اداکی گئی، نماز جنازہ میں ہوم سیکریٹری، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ،اعلیٰ افسران اورجوانوں نے شرکت کی۔

    رینجرز ترجمان کے مطابق شہید کا جسدخا کی آبائی گاؤں خیرپور میرس میں فوجی اعزاز کیساتھ تدفین کیلئے روانہ کیاگیا۔

    شہید نائیک دلشاد علی 23 سال قبل سندھ رینجرز میں بطور سپاہی بھرتی ہوئے تھے، شہید نائیک دلشاد علی نے نہایت جانفشانی سے اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دیئے۔

    واضح رہے کہ فائرنگ کا واقعہ لیاری کے علاقے بہارکالونی میں پیش آیا تھا، جہاں دہشت گردوں نے الفلاح روڈ پر قائم رینجرز چوکی پر فائرنگ کرکے ڈیوٹی پر مامور اہلکار کو شہید کردیا تھا۔

  • خواتین نے چھیڑ چھاڑ کرنے والے شرابی کو سبق سکھا دیا، ویڈیو وائرل

    خواتین نے چھیڑ چھاڑ کرنے والے شرابی کو سبق سکھا دیا، ویڈیو وائرل

    خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے واقعات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے، مگر بعض اوقات اس قسم کے واقعات میں ملوث افراد کے ساتھ موقع پر ہی انصاف کردیا جاتا ہے۔ریاست آندھراپردیش میں پیش آنے والے واقعے میں خواتین نے چھیڑ چھاڑ کرنے والے شخص کی درگت بنادی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق خواتین نے غیر مناسب حرکت کرنے والے شخص کی جم کر پٹائی کی، مذکورہ واقعہ بھارتی ریاست آندھراپردیش میں پیش آیا۔ایک شخص نے ضلع پرکاشم ضلع کے ڈورنالہ منڈل کے پیدا بوملاپورم میں حالت نشہ میں خواتین کے ساتھ غیر مناسب حرکات کرنے کی کوشش کی۔

    شراب کے نشے میں دھت شخص کی خواتین نے جم کر سرعام پٹائی کی، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے چند خواتین شرابی شخص کو پیٹ رہی ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے شخص کو خواتین نے سبق سکھانے کے بعد پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ جبکہ پولیس نے مزید کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

  • ڈاکوؤں نے خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھین لی، ویڈیو وائرل

    ڈاکوؤں نے خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھین لی، ویڈیو وائرل

    بھارت میں بدلا پور ہاؤسنگ سوسائٹی کے اندر 2 موٹر سائیکل سواروں نے راہ چلتی خاتون سے سونے کی چھین لی، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    خاتون اپنی سوسائٹی میں واک کررہی تھیں کہ ڈاکو جو موٹر سائیکل پر سوار تھے، ان کے قریب آئے اور باآسانی طلائی چین چھین کر فرار ہوگئے۔ انہوں نے چلتی ہوئی بائیک سے خاتون کے گلے سے چین کو کھینچا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    بھارت میں خواتین کے خلاف جرائم میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، مبینہ طور پر یہ واقعہ بدلا پور ویسٹ میں واقع اکشے سوسائٹی میں پیش آیا۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بدلا پور میں دو موٹر سائیکل سوار نوجوان دن دیہاڑے ایک خاتون سے اس کی سونے کی چین چھین رہے ہیں۔

    خاتون نے کچھ دور تک تو موٹر سائیکل سواروں کا بھاگ کر پیچھا کیا لیکن کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا۔ خاتون کو مدد کے لیے پکارتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے جب ڈاکو اس کے گلے سے چین چھین رہے تھے۔ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔اس معاملے میں ابھی تک کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

  • کونسی غذائیں دوبارہ گرم کرکے استعمال کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے؟

    کونسی غذائیں دوبارہ گرم کرکے استعمال کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے؟

    لوگ اپنی صحت کا خیال رکھنے کے لئے طرح طرح کی غذائیں استعمال کرتے ہیں، مگر وہ یہ نہیں جانتے کہ بعض غذائیں ایسی بھی ہیں جنہیں اگر دوبارہ گرم کرکے استعمال کیا جائے تو وہ صحت کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔

    طبی ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ اگر آپ کو اپنی صحت عزیز ہے تو فروزن فوڈز (جمی ہوئی غذائیں)، فاسٹ فوڈ اور تلی ہوئی غذاؤں سے اجتناب کرنا ہوگا، یہی نہیں بلکہ کچھ غذائیں ایسی بھی ہیں جنہیں اگر دوبارہ گرم کیا جائے تو وہ صحت کے لئے انتہائی خطرناک کردار ادا کرسکتی ہیں۔

    ماہرین کا دعویٰ ہے کہ پکی ہوئی غذاؤں کو بار بار مائیکرو ویو اوون میں گرم کرنا آپ کی صحت پر انتہائی مضر اثرات مرتب کرتا ہے۔

    سائنسی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ مخصوص غذائیں ایسی ہیں جنہیں کھانے کے لئے اگر دوبارہ گرم کیا جائے تو اِن میں مضرِ صحت بیکٹیریاز جنم لے لیتے ہیں اور یہ غذائیں آپ کو بیمار کرسکتی ہیں۔

    امریکا کے سینٹر فار فوڈ سیفٹی کی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ پکی ہوئی سبزیوں کو دوبارہ گرم کر کے کھانے سے یہ ناصرف خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں بلکہ ان کے استعمال سے آپ کی جان بھی جاسکتی ہے۔

    غذائی ماہرین کی تحقیق میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ جڑوں والی سبزیاں، پالک، دھنیا، ساگ، گاجر، شلجم کو دوبارہ گرم نہیں کرنا چاہئے۔

    ماہرین چاولوں کو بھی بار بار گرم کرنے سے منع کرتے ہیں۔ کیونکہ مائیکرو ویو اوون میں گرم کرنے سے ان میں مضرِ صحت جراثیم پیدا ہوسکتے ہیں۔ اِنہیں پہلے فریج سے نکال کر باہر رکھیں اور گیس کے چولہے پر ہلکی آنچ پر گرم کریں۔

    سمندر سے حاصل ہونے والی غذاؤں کو سرد درجہ حرارت میں نہ رکھا جائے تو ان میں جراثیم جنم لیتے ہیں، جنہیں گرم کرنے کے بعد بھی ختم نہیں کیاجاسکتا۔ اس لئے سمندر سے حاصل ہونے والی غذاؤں کو استعمال میں لانے سے قبل فریج میں لازمی رکھیں۔

    انڈے کو آملیٹ بنانے یا ابالنے کے بعد دوبارہ مائیکرو ویو اوون میں رکھنا صحت کے لیے مضر ثابت سکتا ہے۔انڈوں سے بنی غذاؤں کو اگر دوبارہ گرم کیا جائے تو اس میں سالمونیلا جیسے بیکٹیریاز جنم لیتے ہیں، جس کے باعث فوڈ پوائزننگ ہوسکتی ہے۔

    غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ آلوؤں کو بھی مائیکرو ویو اوون میں گرم کرنا صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اس سے آلوؤں میں سی بوٹولینم نامی جراثیم کا خدشہ پیدا ہوجاتا ہے۔

    مشرومزکو اگر دوبارہ گرم کیا جائے تو اس سے معدے پر اثر پڑتا ہے، اس لیے اگر پریشانی سے بچنا چاہتے ہیں تو مشرومز کو گرم کرنے سے پرہیز کریں۔

    سورج مکھی، کنولا آئل اور کھانا پکانے کے لیے استعمال ہونے والے دیگر ایسے آئل جنہیں ٹھنڈا کیا گیا ہو تو اِنہیں دوبارہ گرم کرنے سے پرہیز کریں، کوکنگ آئل میں اومیگا 3 موجود ہوتا ہے، جس کی حساسیت بہت زیادہ ہوتی ہے۔

    چکن کا بچا ہوا سالن بھی ایسی غذاؤں میں شمار ہوتا ہے جنہیں مائیکرو ویو اوون میں گرم کرنے سے پرہیز کرنا چاہئے۔

    غذائی ماہرین کے مطابق چکن کو جلدی گرم کرنے کے لیے مائیکرو ویو اوون میں رکھا جائے تو اس میں موجود پروٹین اپنی تاثیر بدل کر زہریلے مادے میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔

  • اداکار سمیع خان نے مداحوں کو خوشخبری سنادی

    اداکار سمیع خان نے مداحوں کو خوشخبری سنادی

    کراچی: پاکستانی معروف اداکار سمیع خان نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

    اپنے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکار سمیع خان نے اپنے چاہنے والوں سے خوشی کی خبر شیئر کی کہ وہ بیٹے کے باپ بن گئے ہیں۔

    سمیع خان نے اپنے معصوم بچے کے پیروں کی تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں تحریر تھا کہ ’ماشااللہ، الحمداللہ، میں ہمارے آنکھوں کے تارے شاہ میر خان کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے بہت پُرجوش اور خوش ہوں‘۔

    اداکار کی جانب سے اپنے چاہنے والوں سے دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست بھی کی گئی، واضح رہے کہ سمیع خان نے اپنے صاحبزادے کا نام شاہ میر خان رکھا ہے۔

    سمیع خان نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی جاندار اداکاری سے نام کمایا، ان کے معروف ڈراموں میں،عشق زہے نصیب، سیراب، یار نہ بچھڑے، انکار اور ایسی ہے تنہائی شامل ہے۔

  • رضوانہ تشدد کیس، تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کا اجلاس طلب

    رضوانہ تشدد کیس، تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کا اجلاس طلب

    اسلام آباد: گھریلو ملازمہ پر تشدد کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی نے آج اجلاس طلب کرلیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد ندیم بخاری نے اجلاس بطور کنونئیرطلب کیا۔

    جے آئی ٹی کے اجلاس میں گرفتار ملزمہ سے تفتیش کیلئے ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی، جبکہ گرفتار ملزمہ سومیا عاصم سے تھانہ ویمن میں تفتیش کی جائے گی، ملزمہ نے جے آئی ٹی کو بیان میں ملازمہ پر تشدد سے انکار کیا تھا۔

    واضح رہے کہ کمسن ملازمہ تشدد کیس میں ضمانت خارج ہونے پر ملزمہ سومیا عاصم کو احاطہ عدالت سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج فرخ فرید نے سومیہ عاصم کی ضمانت خارج کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

    پراسیکیوشن سے مکالمہ کرتے ہوئے جج فرخ فرید نے کہا کہ تھا معاملے کی تفتیش میرٹ پر ہونی چاہیے، شواہد ایمانداری سے جمع کریں اور کوئی دباؤ نہ لیں۔

  • اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ

    اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ

    کراچی: ڈالر کی اونچی اُڑان کا سلسلہ جاری ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر روپے کے مقابلے میں مزید 2روپے بڑھ گئی، جس کے بعد ڈالر 294پر پہنچ گیا۔

    آئی ایم ایف سے قرضے کے حصول کے باوجود ڈالر کی قدر میں نہ رکنے والے اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی قیمت اوپن مارکیٹ میں مزید 2روپے بڑھ گئی۔

    انٹربینک مارکیٹ جب کاروبار کا آغاز ہوا تو ڈالر کی قدر میں 21پیسے کی کمی تھی۔ تاہم اتار چڑھاؤ کا رجحان بھی دیکھنے کو ملا، دوپہر تک انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 42 پیسے اضافے سے 287 روپے 38 پیسے پر پہنچ گئی۔

    واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی آج تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 419 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 49004 کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔

  • کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

    کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

    کراچی: شہر قائد کے موسم کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کاموسم جزوی طور پر ابر آلود اورمرطوب رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق صبح اوررات میں کہیں ہلکی بارش اورکہیں بوندا باندی کا امکان موجود ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا، ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے۔

    محکمہ موسمیات کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ہفتہ کراچی میں گرمی کی شدت کم اور تیز ہواؤں کاسلسلہ جاری رہنے کاامکان ہے۔

    تیسرامون سون اسپیل اگلے ہفتے تک اندرون سندھ میں داخل ہوسکتا ہے۔

    Karachi Weather Updates- کراچی موسم کا حال