Author: صفدر عباس

  • انضمام الحق کو بڑے عہدے کی پیشکش کردی گئی

    انضمام الحق کو بڑے عہدے کی پیشکش کردی گئی

    قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق آج پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے اہم ذمہ داری سنبھالیں گے، چیف سلیکٹر ہارون رشید کی جگہ اب انضمام الحق کو چیف سلیکٹر بننے کے لیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق انضمام الحق چیف سلیکٹر کا چارج لینے کے بعد ایشیا کپ اور افغانستان کی سیریز کے لئے ٹیم کا انتخاب کریں گے، جس کا اعلان جمعرات تک متوقع ہے۔

    ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق کی جانب سے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن، ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، بولنگ اور بیٹنگ کوچز کو نہ چھیڑنے کا مشورہ دیا گیاہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے سینٹرل کنٹریکٹ پر سری لنکا میں کھلاڑیوں سے ویڈیو لنک پر طویل میٹنگ کرکے مطالبات جاننے کی کوشش کی ہے۔

    یہ بھی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ افغان سیریز اور ایشیا کپ کے لیے ایک ہی ٹیم منتخب کی جائے گی۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق لاہور میں ذکا اشرف سے ملاقات کرکے چیف سلیکٹر کی ذمے داری سنبھالیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے قیام کے بعد سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کیا جائے گا، جس میں وائٹ بال اور ریڈ بال کیٹگریز ختم کر کے معاوضوں میں ایک سو فیصد سے زائد اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے، میچ فیس میں اضافہ کیا جا رہا ہے، ٹیسٹ میچ فیس میں پچاس فیصد اضافہ ہوگا۔

  • رضوانہ تشدد کیس، عدالت نے سومیا عاصم کیخلاف کیس کاریکارڈ طلب کرلیا

    رضوانہ تشدد کیس، عدالت نے سومیا عاصم کیخلاف کیس کاریکارڈ طلب کرلیا

    اسلام آباد: رضوانہ تشدد کیس میں ملزمہ سومیا عاصم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پرسماعت ہوئی، سماعت کے دوران جج فرخ فرید نے سومیا عاصم کیخلاف کیس کاریکارڈ طلب کرلیا۔

    ایڈیشنل سیشن جج فرخ فرید کی عدالت میں ملزمہ سومیا عاصم وکلا کے ہمراہ پیش ہوئیں۔ جج فرخ فرید نے استفسار کیا کہ ملزمہ سومیاعاصم کیخلاف کیس کا ریکارڈ کدھر ہے؟

    وکیل ملزمہ نے عدالت بتایا کہ سومیاعاصم جےآئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں اور اپنی بےگناہی کااظہار کیا، ریکارڈ میں پولیس نےلکھا ہے کہ ملزمہ سومیاعاصم نے تشدد نہیں کیا۔

    وکیل ملزمہ کے مطابق سومیاعاصم نے ملازمہ کو واپس بھیجنے کا بار بار کہا، ڈھائی گھنٹے بچی بس اسٹاپ پر بیٹھی جو اس وقت اٹھ نہیں پارہی۔

    وکیل ملزمہ نے کہا کہ سومیاعاصم نے کم سن بچی کو اس کی ماں کو صحیح سلامت دیا، آج دوپہر کو جےآئی ٹی نے بچی کی ماں کو بلایا ہوا ہے۔

    وکیل نے کہا کہ شام تک انتظار کرلیا جائےتو بہتر ہوگا، جے آئی ٹی کی تفتیش مکمل ہو جائےگی، ہم کہتے ہیں ویڈیو موجود ہے ویڈیو لیں، کیا تفتیشی نے ویڈیو حاصل کی؟۔

    بچی کی بس اسٹاپ پر 3 گھنٹے کی ویڈیو موجود ہے، کل آخری دن ہے ویڈیو کا ڈیٹا ختم ہوجائیگا پھر کہا جائیگا پتہ نہیں یہ اس کیمرے کی ہے یا نہیں۔

    عدالت نے ملزمہ کی وکیل کا موقف سننے کے بعد تفتیشی افسرکو ویڈیو لینے کی ہدایت کر دی۔

  • دی ہنڈریڈ: شاہین شاہ آفریدی نے بیٹرز کو خوفزدہ کردیا

    دی ہنڈریڈ: شاہین شاہ آفریدی نے بیٹرز کو خوفزدہ کردیا

    شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ میں منعقدہ ‘دی ہنڈریڈ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ کے میچ میں بلے بازوں کو خوفزدہ کردیا، فاسٹ بولر نے پہلی گیند پر وکٹ لینے کی روایت کو برقرار رکھا۔

    شاہین آفریدی جوکہ دی ہنڈریڈ ایونٹ میں ولیش فائر کی نمائندگی کررہے ہیں انہوں نے آتے ہی حریف بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    اوول انونسبلس کے جیسن روئے کو شاہین شاہ آفریدی نے پہلی گیند پر آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی نے آج 20 گیندوں پر 22 رنز دیے اور مجموعی طور پر دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

    انہوں نے 20 گیندوں میں 12 ڈاٹ بالز کرائیں، دو چوکے، ایک چھکا کھایا جبکہ حارث رؤف نے 20 گیندوں پر بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے،27 رنز دیے۔

    واضح رہے کہ ویلش فائر نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 138 رنز بنائے تھے جبکہ جواب میں انونسبلس کی ٹیم بھی 7 وکٹوں پر 138 رنز بناسکی سکی تھی۔

    ولیش فائر اور اوول انونسبلس کے درمیان کھیلے جانے والا میچ کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ہی ختم ہوگیا۔

  • پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ

    پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ

    پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا، پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا اورچشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تربیلا کے مقام سے2 لاکھ 44 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے، چشمہ ہیڈ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 71 ہزار 324، اخراج 2 لاکھ 56 ہزار 124 کیوسک ہے۔

    ترجمان کے مطابق دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، دریائے ستلج میں اسلام ہیڈ پرنچلے درجے کا سیلاب ہے۔

    ہیڈ اسلام کے مقام سے 62 ہزار751 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ خانکی، تریموں کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تمام بڑے دریاؤں کےبالائی علاقوں میں بارشوں کاسلسلہ 7اگست تک جاری رہے گا، اگست کے دوسرے ہفتےبارشوں کے سلسلے میں کمی کا امکان ہے۔

  • بھارت میں کرکٹ ورلڈکپ کاانعقاد انتظامیہ کیلئے چیلنج بن گیا

    بھارت میں کرکٹ ورلڈکپ کاانعقاد انتظامیہ کیلئے چیلنج بن گیا

    بھارت میں کرکٹ ورلڈکپ کاانعقاد انتظامیہ کیلئے چیلنج بن گیا، کلکتہ پولیس نے پاکستان انگلینڈ میچ ری شیڈول کرنے کی درخواست کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ورلڈکپ میں پاکستان کا انگلینڈ میچ 12 نومبر کو کلکتہ میں شیڈول ہے، پولیس 12 نومبر کو میچ کیلئے مکمل سیکیورٹی دینے سے قاصر ہے۔

    کلکتہ پولیس کا کہنا ہے کہ 12نومبر کو کالی پوجا کی وجہ سے سیکیورٹی دینے میں مسئلہ ہوگا، کلکتہ پولیس نے میچ ری شیڈول کرنے کیلئے ایسوسی ایشن آف بنگال سے رابطہ کرلیا ہے۔

    بھارتی صحافی کہنا تھا کہ کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے میچ ایک روز قبل 11 اکتوبر کو کرانے کی سفارش کی ہے، بی سی سی آئی انٹر نیشنل کرکٹ کونسل سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریگا۔

    دوسری جانب اگر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کی بات کو تسلیم کرلیا گیا تو میچ ایک روز پہلے کرادیا جائے گا، 11 نومبر کو ورلڈکپ میں ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا اور آئی سی سی ورلڈ کپ کا تبدیل شدہ شیڈول منگل تک جاری کرے گا۔

  • یوٹیوب شارٹس نے کانٹینٹ بنانے والوں کیلئے نئے آلات متعارف کرادیئے

    یوٹیوب شارٹس نے کانٹینٹ بنانے والوں کیلئے نئے آلات متعارف کرادیئے

    ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے مختصر ویڈیوز کے سیکشن یوٹیوب شارٹس نے نئے کانٹینٹ کے تخلیق کاروں کے لئے آلات متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

    یوٹیوب شارٹس کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے فیچرز میں سب سے اہم اضافہ ’کولیب‘ فیچر کا ہوگا جس کے باعث ’سائیڈ بائی سائیڈ فارمیٹ‘ پر کسی دوسری یوٹیوب ویڈیو یا دیگر شارٹ کے برابر میں شارٹ ریکارڈ کیا جاسکے گا۔

    صارفین جلد ہی اپنے شارٹس میں سوال و جواب کے اسٹِکر کو بھی شامل کرپائیں گے، شارٹس کی جانب سے ایک اور فیچر متعارف کرایا جائے گا جو شارٹس فیڈ میں لائیو ویڈیوز کی جھلکیاں دِکھائے گا۔

    پلیٹ فارم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کچھ دنوں میں ’ری کمپوزیشن ٹولز‘ کی آزمائش شروع کی جائے جس کو استعمال کرتے ہوئے صارفین یوٹیوب ویڈیوز کو باآسانی شارٹس میں تبدیل کرسکیں گے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ رواں برس دوسرے سہ ماہی میں 2 ارب لاگڈ اِن صارفین نے ہر ماہ یوٹیوب شارٹس کا مشاہدہ کیا، 2022 میں یہ تعداد 1.5 ارب تھی۔ واضح رہے کہ یوٹیوب کی جانب سے کچھ عرصے میں شارٹس کے عوض دی جانے والی رقم میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

  • پی ٹی ٹیچر کی طالبہ سے غیر اخلاقی حرکت

    پی ٹی ٹیچر کی طالبہ سے غیر اخلاقی حرکت

    بھارت میں جنسی ہراسانی کے واقعات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے، پی ٹی ٹیچر کی جانب سے حیدرآباد کے ایک اسکول میں کم عمر طالبہ کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کا واقعہ پیش آیا ہے، بچی کے والدین کو جب اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے اسکول پر دھاوا بول دیا گیا اور واقعے میں ملوث ٹیچر کی درگت بنادی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق راجندر نگر، عطاپور کے ایک پرائیویٹ اسکول میں کم عمر لڑکی 8ویں جماعت میں زیر تعلیم ہے۔اسی اسکول کے پی ٹی ٹیچر کی جانب سے طالبہ کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پی ٹی ٹیچر مذکورہ طالبہ کو فون پر مسلسل ہراساں کررہا تھا، جب طالبہ نے اس بات کا ذکر اپنے والدین سے کیا تو وہ فوری طور پر اسکول پہنچ گئے اور رشتہ داروں کے ساتھ مل کر اسکول میں ہنگامہ آرائی کی، جبکہ مذکورہ ٹیچر کی جم کر پٹائی کی۔

    بچی کے والدین اور رشتہ داروں کی جانب سے اسکول کے پرنسپل اور دیگر اساتذہ پر بھی حملہ کیا گیا، جبکہ پی ٹی ٹیچر کو اسکول کے احاطے میں ہی پکڑ لیا گیا تھا۔

    پولیس کی جانب سے مداخلت کرنے پر بچی کے والدین نے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا، عطاپور پولیس کے ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت

    ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت

    پاکستان ٹیم کے تھنک ٹینک نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے لیے 12 سے 13 پلیئرز کے ناموں پر اتفاق کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کا تھنک ٹینک نئے چیف سلیکٹر کی تعیناتی کا انتظار کررہا ہے، چیف سلیکٹر کی تعیناتی کے بعد قومی ٹیم کے اسکواڈ کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کی ٹیم کے حوالے سے گرانٹ براڈ برن، مکی آرتھر، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور حسن چیمہ میں ابتدائی مشاورت کرلی گئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق تھنک ٹینک نے بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، شاداب خان، حارث روف، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور آغا سلمان کے ناموں پر اتفاق کیا ہے۔

    ورلڈ کپ سے قبل افغانستان سیریز اور ایشیا کپ کے دوران اسکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی، ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے شان مسعود، عبداللہ شفیق، سرفراز احمد، سعود شکیل، محمد حارث اور طیب طاہر میں سے دو کھلاڑیوں کے نام فائنل کئے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کا حتمی فیصلہ چیف سلیکٹر کرے گا، نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کے بعد تھنک ٹینک اپنی تجاویز ان کے سامنے رکھے گا۔

  • شمعون عباسی کار حادثے میں شدید زخمی

    شمعون عباسی کار حادثے میں شدید زخمی

    معروف اداکار شمعون عباسی کار حادثے میں شدید زخمی ہوگئے، حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ان کا دانت بھی ٹوٹ گیا۔

    سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر تصاویر کے ساتھ اسٹیٹس شیئرکرتے ہوئے شمعون عباسی نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کے حوالے سے تفصیلات شیئر کیں۔

    شیئر کئے گئے اسٹیٹس میں شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ میری گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں دانت ٹوٹ گئے ہیں جبکہ چوٹ لگنے کی وجہ سے خون بھی نکلا ہے۔

    شمعون عباسی کا مزید کہنا تھا کہ خطرے کی بات نہیں ہے، انہوں نے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

    شمعون عباسی کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے دعائیہ کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

  • نیپرا، کے الیکٹرک اور وائٹ کالر کرمنلز کا شیطانی اتحاد ہے، حافظ نعیم

    نیپرا، کے الیکٹرک اور وائٹ کالر کرمنلز کا شیطانی اتحاد ہے، حافظ نعیم

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ غریب لوگ مجبور ہوکر وڈیروں کا ساتھ دیتے ہیں، پیپلز پارٹی آج تک گڈاپ کے لوگوں کو بھی پانی نہ دے سکی۔

    واٹر بورڈ آفس کے باہر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہمارے نمائندے اختیار نہ ملنے کے باوجود کام کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان ہیں، نیپرا، کے الیکٹرک اور وائٹ کالر کرمنلز کا شیطانی اتحاد ہے، گڈاپ میں معصوم بچیوں کو میت کا غسل دینے کا بھی پانی موجود نہیں۔

    حافظ نعیم نے کہا کہ مرادعلی شاہ گڈاپ میں پانی نہ دے سکے کراچی کے عوام کو کیسے دینگے، ایم کیو ایم نے مشرف سے ملکر کے ای ایس سی کو کھمبوں کی قیمت میں بیچا۔

    کراچی کے عوام کچے اور پکے کے ڈاکوؤں سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، حافظ نعیم نے مطالبہ کہ کے الیکٹرک لائسنس فوری منسوخ اور فارنزک آڈٹ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ وڈیرہ شاہی نظام انسانوں کو غلام بنانے کا نام ہے۔

    انگریزوں کے غلاموں کی اولادیں پاکستان کی قسمت کا فیصلہ کررہی ہیں، کراچی کے لوگ بہت پریشان حال ہیں،کراچی کے سودا گر 35 سال سے کھیل، کھیل رہے تھے۔

    مراد علی شاہ صاحب کہتے تھے ہماری تحریک ختم ہوجائیگی۔ مراد علی شاہ صاحب ہماری تحریک پھر سے شروع ہوگئی ہے، اس سارے کرپٹ ٹولے کو رخصت کرکے دم لیں گے۔