Author: صفدر عباس

  • حجاب پر پابندیاں، دنیا نقاب سے کیوں خوفزدہ ہے؟

    حجاب پر پابندیاں، دنیا نقاب سے کیوں خوفزدہ ہے؟

    یورپی میں ممالک میں حجاب پابندیاں لگانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، حال ہی میں سوئٹزرلینڈ کے حکام نے بھی خواتین کے حجاب پہننے پر پابندی لگادی ہے، حجاب پر پابندی کی ابتداء کے حوالے سے اگر بات کی جائے تو سب سے پہلے اس کی ابتداء فرانس سے 2010 میں ہوئی تھی، وہاں کے قانون میں یہ بات واضح طور کہ دے گئی ہے کہ عوامی مقامات پر ایسا لباس نہیں پہنا جاسکتا جس سے آپ کا چہرا چھپ جائے۔ قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    نقاب کی خصوصیات:

    مسلم ممالک میں خواتین عام طور پر نقاب لگاتی ہیں، نقاب لینے سے خواتین کا چہرہ چھپ جاتا ہے، جبکہ عبایا زیب تن کرنے سے خواتین کے پردے کا مکمل انتظام ہوجاتا ہے، عبایا کی ایک قسم برقعہ بھی ہے، یہ خاص طور پر افغانستان میں پہنا جاتا ہے جبکہ پاکستان کے کچھ علاقوں میں بھی اس کا رواج ہے، اس میں خواتین کی صرف آنکھیں نظر آتی ہیں باقی سارا جسم چھپ جاتا ہے۔ موجودہ زمانے کی اگر بات کی جائے تو حجاب کی اصطلاح صرف سر پر اسکارف لینے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

    مہیسا امینی کی موت:

    گزشتہ سال ایران میں 22سالہ کرد خاتون مہیسا امینی کو حجاب نہ لینے پر حراست میں لیا گیا تھا، تاہم دوران حراست خاتون کی موت واقع ہوگئی تھی، جس کے بعد ایران میں احتجاجی مظاہروں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا تھا، مشتعل مظاہرین کی جانب سے مملکت میں بڑے پیمانے پر سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا، سیکورٹی اداروں نے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے باعث درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا تھا اور انہیں سخت سزائیں بھی سنائی گئیں، ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ مملکت میں ہونے والے مظاہروں کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے، امریکا کی ایما پر ایران میں احتجاجی مظاہروں کو طول دیا گیا۔

    بھارتی طالبہ ”مسکان“ کا معاملہ:

    بھارتی ریاست کرناٹک میں گزشتہ سال فروری میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جب مسلمان طالبہ ”مسکان“ اپنے کالج کی جانب بڑھی تو ہندو انتہا پسندوں نے نہتی لڑکی کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی اور شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر طالبہ نے ڈرنے کے بجائے ”اللہ اکبر“ کی صدائیں بلند کرنا شروع کردیں، طالبہ کا کہنا تھا کہ میں حجاب لے کر کالج میں داخل ہوتی ہوں مگر اپنی کلاس میں داخل ہونے کے بعد حجاب کو اتار دیتی ہوں، پرنسپل نے کبھی اس چیز پر اعتراض نہیں کیا یہ ایک مخصوص ٹولہ ہے جس نے جان بوجھ کر یہ سب کچھ کیا۔

    لندن اور امریکہ میں بھی مسلم خواتین غیر محفوظ:

    گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر کچھ ایسے ویڈیوز دیکھنے کا اتفاق ہوا جنہیں دیکھ کر دل غمگین ہوگیا، حجاب لئے ہوئے مسلمان خواتین جو لندن اور امریکا کی ٹرینوں یا بسوں میں سفر کررہی ہوتی ہیں، ان کے ساتھ انتہائی غیر مناسب رویہ اختیار کیا گیا، خواتین کے حجاب کو کھینچ کر اتار دیا گیا یا پھر ان خواتین کو تشدد کو نشانہ بنایا گیا، مگر افسوس غیر انسانی رویہ اختیار کرنے والے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

    مغربی دنیا کی مذہب سے دوری:

    مغربی دنیا نے اپنے مذاہب سے اس قدر دوری اختیار کرلی ہے کہ ان کی مذہب سے عدم دلچسپی اور لا تعلقی نے مذہب کی جگہ ان کے کلچر اور تہذیب نے لے لی ہے، اس لئے اگر کوئی دوسرا شخص اپنے مذہب پر عمل کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے تو یہ چیز انہیں پسند نہیں آتی اور یہ افراد انتہاپسندانہ اقدام کرنے سے پہلے بھی گریز نہیں کرتے، یہی ایک بڑی وجہ ہے کہ عالمی دنیا میں تیزی سے حجاب پابندی لگانے کا سلسلہ جاری ہے، جس پر کھلے دل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

  • یو اے ای، پہاڑوں کے درمیان موجود جھونپڑی کیوں وائرل ہورہی ہے؟

    یو اے ای، پہاڑوں کے درمیان موجود جھونپڑی کیوں وائرل ہورہی ہے؟

    یو اے ای کے پہاڑوں کے درمیان موجود جھونپڑی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے، کیونکہ اس جھونپڑی سے سیاحوں کو مفت چائے کی پیشکش کی جارہی ہے، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کررہی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ جھونپڑی آنے والے سیاحوں کو مفت گرم چائے، کافی پیش کرکے دیرپا رشتہ قائم کرتی ہے۔ یہاں کی چائے اتنی مقبول ہے کہ لوگ یہاں کے مفت مشروب کا ایک گھونٹ چکھنے کے لیے سینکڑوں کلومیٹر کا سفر طے کرتے ہیں۔

    یہاں کی خاصیت یہ ہے کہ کھجور کے پتوں سے بنی جھونپڑی میں بیٹھا، شخض ہر ایک کو مسکراہٹ کے ساتھ خوش آمدید کہتا ہے۔ جھونپڑی پر موجود شخص کا کہنا تھا کہ مجھے یہاں سیاحوں کو چائے اور کافی پیش کرنے اور اماراتی اسپانسر کی طرف سے مسجد کی دیکھ بھال کے لیے لایا گیا۔

    مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ یہاں آنے والے مہمانوں میں یورپی، عرب اور ایشیائی ہیں۔ وہ میری چائے کو پسند کرتے ہیں اور میرا اور میرے اسپانسر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ کارکنوں سے بھری بس ہر متبادل دن میری چائے کے لیے یہاں رکتی ہے۔

    اندازاً 2,000 لوگ ہر ماہ مفت چائے سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں کا رخ کرتے ہیں اور روزانہ چائے کے تقریباً 70 کے قریب کپ بناتا ہوں۔

    نوجوان کا کہنا تھا کہ عرب افراد گہوا کو ترجیح دیتے ہیں، اور یورپی سلیمانی چائے پینا پسند کرتے ہیں، نوجوان نے بتایا کہ اس کی ذمہ داریوں میں شیڈ کے بالکل پیچھے ایک چھوٹی مسجد کی دیکھ بھال شامل ہے۔نوجوان نے کہا کہ مسجد میں خدمات انجام دے کر دلی سکون محسوس کرتا ہوں۔

  • چترانگدا سنگھ کی نئی تصاویر نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی

    چترانگدا سنگھ کی نئی تصاویر نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی

    معروف بھارتی اداکارہ چترانگدا سنگھ نے اپنی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی ہیں، جنہیں دیکھ کر ان چاہنے والوں کی جانب سے پسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    بھارتی اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگر ام پر تصاویر شیئر کی تو کچھ ہی دیر بعد ان کے مداحوں کی جانب سے ہزاروں لائکس موصول ہوچکے تھے۔

    چترانگدا سنگھ کی جانب سے جو تصاویر شیئر کی گئی ہیں ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے نیلے کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے، اداکارہ کے مداحوں کی جانب سے ان کی تصاویر پر تعریفی کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

    تاہم اس سے قبل چترانگدا سنگھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جسے مداحوں کی جانب سے کافی پسند کیا گیا تھا۔

    بلیک اینڈ وائٹ ویڈیو میں وہ ساڑھی میں ملبوس ہیں جبکہ پس منظر میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی بھارتی فلم کلا کا گانا گھوڑے پر سوار چل رہا ہے۔

    خیال رہے کہ بالی ووڈ کی متعدد فلموں میں گلیمرس رولز کرنے والی اداکارہ کے پاکستان اور بھارت میں مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

  • ٹی سی پی کا ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد  کرنے کا فیصلہ

    ٹی سی پی کا ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ

    لاہور: ٹی سی پی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، امپورٹڈ چینی 220 روپے کلو کے حساب سے منگوائی جائے گی۔

    ذرائع محکمہ خوراک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ محکمہ خوراک کے پاس 10 لاکھ ٹن سرپلس چینی کا ذخیرہ موجود ہے، جب کہ امپورٹڈ چینی 220 روپے کلو کے حساب سے منگوائی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک کو سرپلس چینی کے ذخائر استعمال کرنا پڑیں گے، سرپلس چینی کے ذخائر ختم کرنے سے امپورٹڈ چینی مارکیٹ میں آ جائے گی۔

    ذرائع محکمہ خوراک پنجاب کا کہنا ہے کہ شہری 100 روپے کلو سرکاری نرخ والی چینی 220 روپے کلو میں خریدنے پر مجبور ہوں گے، شہریوں کو ایک کلو چینی پر 120 روپے زیادہ ادا کرنا پڑیں گے۔

    دوسری جانب واضح رہے کہ کراچی میں ایک ہی دن کے دوران فی کلو چینی کی قیمت میں ریکارڈ چھ روپے کا اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد چینی کی قیمت 180 روپے پر پہنچ گئی۔

    کراچی کے ہول سیل بازارمیں فی کلو چینی کی قیمت میں ریکارڈ چھ روپے کا اضافہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد ہول سیل بازار میں ایک کلو چینی کی قیمت 165روپے جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں 180روپے تک پہنچ گئی ہے۔

    ہول سیل گروسرز ایسوی ایشن کے چیئرمین روف ابراہیم کے مطابق یکم اگست سے ابتک چینی کی فی کلو قیمت میں 21 روپے اضافہ ہوا ہے اور صرف ایک ہی دن میں ایکس مل قیمت میں بھی ایک دن میں ساڑھے پانچ روپے اور ہول سیل بازار میں چینی کی قیمت میں چھ روپے اضافہ ہوا ہے۔

  • ملک میں ایتھلیٹکس کی سہولتیں دی جائیں تو نتائج بہتر آئیں گے، ارشد ندیم

    ملک میں ایتھلیٹکس کی سہولتیں دی جائیں تو نتائج بہتر آئیں گے، ارشد ندیم

    لاہور: ورلڈ اتھیلٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، لاہور ایئرپورٹ پر ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    ایئرپورٹ پر وہاب ریاض، اسپورٹس بورڈ پنجاب کے نمائندوں نے ان کا استقبال کیا،ارشد ندیم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے۔

    ارشد ندیم نے ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا، ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ ہنگری کے دارالحکومت پڈایسٹ میں منعقد ہوئی۔

    لاہور ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کیلئے بہت محنت کی تھی اللہ تعالیٰ مجھے کامیابی عطا کی، انہوں نے کہا کہ ملک میں ایتھلیٹکس کی سہولتیں دی جائیں تو نتائج بہتر آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مکمل فٹ ہوں،ایشین گیمز کیلئے بھرپور تیاری کروں گا، پیرس اولمپکس 2024 میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

    ارشدندیم نے کہا کہ پاکستان میں ایتھلیٹکس کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں ہونی چاہئیں، عالمی معیار کی سہولتوں اور کوچنگ سے مزید بہتر پرفارم کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تاریخ میں پاکستان نے پہلی مرتبہ میڈل جیتا، فائنل میں ارشد ندیم نے 87.82میٹر دور نیزہ پھینک کر دوسری پوزیشن حاصل کی، یاد رہے کہ ارشد ندیم پہلے ہی پیرس اولمپکس 2024 کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

  • آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل بڑا دھچکا

    آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل بڑا دھچکا

    میلبرن: آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے لئے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل بری سامنے آگئی، آل راؤنڈر گلین میکسویل انجری کا شکار ہو کر سیریز سے باہر ہو گئے۔

    کرکٹ آسٹریلیا کا اس حوالے سے بیان سامنے آیا ہے کہ گلین میکسویل بائیں ٹخنے کی انجری میں مبتلا ہوئے ہیں، جس کے باعث انہیں جلد وطن واپس لوٹنا پڑے گا، میتھیو ویڈ کو میکسویل کی جگہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 30 اگست کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔

    ورلڈکپ تک گلین میکسویل کے فٹ ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے،گلین میکسویل فیملی کمٹمنٹ کی وجہ سے پہلے ہی جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہیں تھے۔

    واضح رہے کہ ساؤتھ افریقہ کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، کیمرون گرین اور ڈیوڈ وارنر پہلے ہی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈ جمی نیشم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ نہیں لیں گے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ کا اس حوالے سے بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فیملی کمٹمنٹ کی وجہ سے جمی نیشم انگلینڈ سے وطن واپس روانہ ہورہے ہیں۔

    انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے جمی نیشم کی جگہ کول میکونچی کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے، واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بدھ کو چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلا جائے گا۔

  • سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار

    سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار

    کراچی:سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 کارندوں کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 کارندے اللہ رکھیو منگی اوریاسر حسن لاشاری کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزمان سے 2 دستی بم، 2 پستول، موٹر سائیکل اور فنڈنگ باکس برآمد کرلئے ہیں، اس کے علاوہ ملزمان سے چندے کی رسیدیں، رقم اور کالعدم تنظیم کے پمفلٹ بھی برآمد کئے گئے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے 5 ٹارگٹ کی ریکی مکمل کرنیکا انکشاف کیا ہے، جبکہ ملزمان نے 4 مارچ کو قمبر شہداد کوٹ میں مکینک کو گولیاں مار کر زخمی کیا تھا۔

    ملزم اللہ رکھیو 2021 میں گرفتار ہو کر لاڑکانہ میں قید کاٹ چکا ہے، جبکہ گرفتار کئے گئے دونوں ملزمان کیخلاف سی ٹی ڈی کراچی میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • نیوزی لینڈ کے جمی نیشم کا انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ نہ لینے فیصلہ

    نیوزی لینڈ کے جمی نیشم کا انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ نہ لینے فیصلہ

    نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈ جمی نیشم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ نہیں لیں گے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ کا اس حوالے سے بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فیملی کمٹمنٹ کی وجہ سے جمی نیشم انگلینڈ سے وطن واپس روانہ ہورہے ہیں۔

    انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے جمی نیشم کی جگہ کول میکونچی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بدھ کو چیسٹرلی اسٹریٹ میں کھیلا جائے گا۔

    جمی نیشن کا شمار نیوزی لینڈ کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے، اس سے قبل انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ایک ناقابل یقین چھکا لگایا تھا، جسے دیکھ کر شائقین کرکٹ حیران رہ گئے تھے۔


    یہ میچ کیوی آل راؤنڈر جیمز نیشم کے لئے یادگار بن گیا تھا، ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں پہلی بار نمبر چار پر بیٹنگ کے لئے آنے والے جیمز نیشم نے کریز پر آتے ہی مسلسل تین گیندوں پر لگاتار تین چھکے جڑ کر کینگروز پر اپنے عزائم ظاہر کئے۔

    جیمز نیشم نے میچ کے آخری لمحات میں 16 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اس اننگز میں چھ بلند وبالا چھکے اور ایک چوکا شامل تھا، اس اننگز میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 281.25 رہا تھا۔

  • ٹیکساس چارجرز نے یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ میں فتح اپنے نام کرلی

    ٹیکساس چارجرز نے یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ میں فتح اپنے نام کرلی

    قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کی ٹیم ٹیکساس چارجرز نے یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ میں فتح کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔

    مصباح الحق کی نیویارک واریئرز کے خلاف فائنل میں میچ برابر ہونے کے بعد سپر اوور دیا گیا، جس میں محمد حفیظ کی ٹیم نے 15 رنز بنائے جبکہ مصباح کی ٹیم واریئرز 13 رنز اسکور کرسکی۔

    فائنل میں نیویارک واریئرز کا آغاز ڈرامائی رہا، پہلی گیند پر کامران اکمل آؤٹ ہوئے، پھر دلشان نے 18 اور رچرڈ لیوی نے 17 رنز بنائے، مصباح 5، شاہد آفریدی ایک اور عبدالرزاق 3 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    جوناتھن کارٹر نے 17 گیندوں پر 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 6 وکٹ پر 92 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    ٹیکساس چارجرز کے مختار ہدف کے تعاقب میں 6 رن بنا کرپویلین لوٹ گئے، دوسری جانب سے محمد حفیظ نے لاٹھی چارج کیا، 4 چھکے اور 4 چوکے لگائے، بین ڈنک نے بھی 20 رنز رنز جوڑے۔

    محمد حفیظ نے17 گیندوں پر 46 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، لیکن پھر دھڑا دھڑ وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں، پہلے عمید آصف نے وکٹ لی۔ پھر سہیل خان نے ایک اوور میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    میچ کی آخری دو گیندوں پر شاہد آفریدی نے 2 وکٹیں اڑائیں اور میچ برابر ہو گیا۔

    تاہم سپر اوور میں محمد حفیظ کی ٹیم چارجرز نے 15 رنز بنائے، جواب میں واریئرز صرف 13رنز اسکور کرسکی اور یوں محمد حفیظ کی ٹیم نے میچ سپر اوور میں 2 رنز سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

  • تیندوے کی موجودگی کی اطلاع سے خوف و ہراس پھیل گیا

    تیندوے کی موجودگی کی اطلاع سے خوف و ہراس پھیل گیا

    حیدرآباد: ہندوستان کے شہر حیدرآباد کے مضافات میں خطرناک تیندوے کی موجودگی کی اطلاع نے خوف و ہراس پھیلا دیا، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے گھر کی چھت پر خطرناک تیندوے کو دیکھا تھا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکھیل نام کے ایک نوجوان نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے رات ساڑھے 12 بجے ایک مکان کی چھت پر خطرناک تیندوا دیکھا، اس موقع پر فوری طور پر پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی گئی، مگر اتنی دیر میں تیندا رفو چکر ہوچکا تھا۔

    مذکورہ واقعے رپورٹ ہونے کے بعد محکمہ جنگلات کے حکام بھی موقع پرپہنچ گئے، انہوں نے تیندوے کے قدموں کے نشانات کی جانچ شروع کردی تاکہ اس بات کا معلوم ہوسکے کہ وہ حقیقت میں تیندوا ہی تھا یا کوئی اور جنگلی جانور تھا۔

    اس سے قبل ریاست آندھرا پردیش کے علاقے تروپتی میں مقامی پولیس کی مدد سے تین سالہ بچے کو تیندوے کے حملے سے بچالیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق کمسن بچہ اپنے دادا کے ساتھ پیدل جارہا تھا کہ تیندوا لڑکے پر جھپٹ پڑا اور گردن سے دبوچ کر اسے گھسیٹ کر دور لے گیا۔

    پولیس کے مطابق پانچ سے چھ اہلکار قریب ٹھہرے ہوئے تھے وہ فوری طور پر موبائل کی روشنی میں لاٹھیوں کے ساتھ جنگل میں اسی سمت روانہ ہوئے جہاں تیندوا بچے کو لے گیا تھا۔

    پولیس اہلکاروں کی چیخ و پکار سننے کے بعد تیندوے نے لڑکے کو چھوڑ دیا، بعدازاں گارڈ نے بچے کے رونے کی آواز سنی اور اسے بچالیا۔

    بچہ حملے میں شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔