Author: محمد صلاح الدین

  • سیالکوٹ ایئرپورٹ پر آپریشن بحال، ائرلائنز کے شیڈول جاری

    سیالکوٹ ایئرپورٹ پر آپریشن بحال، ائرلائنز کے شیڈول جاری

    سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، اور بحالی کے بعد پہلی بین الاقوامی پرواز کی تھوڑی دیر میں سیالکوٹ آمد متوقع ہے۔

    سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کردیا گیا، جس کے بعد شارجہ سے بین الاقوامی پرواز سیالکوٹ روانہ کردی گئی، پرواز میں 170 مسافر سوار تھے۔

    سیالکوٹ ایئرپورٹ پر رن وے، ایپرون، ٹرمنل بلڈنگ و ضروری آلات سیلاب سے مکمل محفوظ ہیں۔

    فضائی آپریشن بحال ہوتے ہی تمام ائرلائنز نے فوری شیڈول جاری کردیا، ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

  • پیرس کی عالمی ٹیکسٹائل نمائش میں کون سی پاکستانی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں؟

    پیرس کی عالمی ٹیکسٹائل نمائش میں کون سی پاکستانی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں؟

    کراچی (01 ستمبر 2025): یورپ کی ٹیکسٹائل، اپیرل اور لیدر انڈسٹریز کی سب سے بڑی تجارتی نمائش ’’ٹیکس ورلڈ – اپیرل سورسنگ – لیدر ورلڈ پیرس‘‘ اس ستمبر نئی توانائی اور جدت کے ساتھ ایک بار پھر منعقد ہو رہی ہے۔ یہ میلہ سال میں 2 بار پیرس میں منعقد کیا جاتا ہے، اور اس بار یہ 15 تا 17 ستمبر 2025 کو پیرس لی بورجے میں منعقد کیا جائے گا۔

    یہ عالمی شہرت یافتہ نمائش دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد نمائش کنندگان کو یکجا کرتی ہے اور پروفیشنل خریداروں کے لیے ایک اہم سورسنگ پلیٹ فارم کا کردار ادا کرتی ہے۔ یہاں بنیادی خام مال سے لے کر جدید فیشن اور اعلیٰ معیار کی ٹیکسٹائل انوویشنز تک کی وسیع رینج دستیاب ہوتی ہے۔

    نمائش میں مزید ایک خصوصی اقدام کے تحت پاکستان ان کمپنیوں کو بھی اجاگر کرے گا، جو پائیدار اور ذمہ دار فیشن پریکٹسز میں نمایاں ہیں۔ 7 پاکستانی کمپنیاں، جنھیں پائیدار ترقی کے اقدامات پر جرمن حکومتی ادارہ GIZ نے سراہا ہے، اپنی تیار شدہ مصنوعات Sustainable Pakistan Pavilion میں پیش کریں گے۔

    نمائش میں پاکستان کی جانب سے ٹیکس ولڈ میں نمائندگی کرنے والی دو کمپنیاں یونائیٹڈ امپیکس، وائی میٹرکس ہیں، جب کہ اپیرل سورسنگ میں شامل ہیں: ایجیلیٹی ٹیکسٹائل پرائیویٹ لمیٹڈ، برلی ٹیکس پرائیویٹ لمیٹڈ، اے۔ مجید اینڈ سنز، گلف اینڈ اسپورٹس، جمشید اپیرل، ایس ایچ زیڈ ٹیکسٹائلز، اسپائیکی انٹرنیشنل، ٹرینڈ مینوفیکچرنگ کمپنی، المکہ اکیسپورٹس، زیڈ کے انٹرنیشنل، آدم جی ٹیکسٹائل ملز، ففٹی فورٹیکس، انفارمیشن پاکستان، رائزنگ، ویوو انٹرنیشنل، زیفیرز ٹیکسٹائل، کوہِ نور ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ، بلیگل امپیکس لمیٹڈ، ٹیکس اسٹائل کارپوریشن، نگاریہ ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ، ایم جی اپیرل لمیٹڈ، میرز انٹرنیشنل۔

    پاکستان کی یہ رنگا رنگ شرکت عالمی ٹیکسٹائل افق پر اس کی ابھرتی ہوئی شناخت کی خبر دیتی ہے۔ پیرس میں اس بین الاقوامی میلے میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت، معیار، جدت اور دو طرفہ تجارتی روابط کے نئے در کھولنے کے عزم کی گواہ ہے۔

  • پی آئی اے : روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری ایک بار پھر التوا کا شکار

    پی آئی اے : روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری ایک بار پھر التوا کا شکار

    کراچی (28 اگست 2025) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)  کے امریکا میں روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری ایک بار پھر التوا کا شکار ہوگئی۔

    اس حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ نجکاری سے متعلق نئے مالیاتی مشیر کی تقرری کے لیے نئی درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔

    نجکاری کمیشن نے فنانشل ایڈوائزر کے لیے کمپنیوں سے درخواست طلب کرلی، درخواست کے ساتھ ایک ہزار امریکی ڈالر جمع کرانا لازمی ہونگے۔

    ذرائع کے مطابق مالیاتی مشیر کی سروس کے لیے درخواستیں نجکاری کمیشن اسلام آباد کو 2 ستمبر تک ارسال کرنا ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری، 3 آپشنز زیر غور

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جولائی میں قومی ایئر لائن کے امریکی روز ویلٹ ہوٹل سے ایک ارب ڈالر کی تاریخ ساز آمدن متوقع تھی، متعلقہ حکام کو امید تھی کہ نجکاری کی کوششیں بارآور ثابت ہونگی۔

    حکومت کی جانب سے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے سلسلے میں کوششیں کامیاب ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا، اس حوالے سے ذرائع نجکاری کا کہنا تھا کہ روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے سلسلے میں اس وقت 3 آپشنز پر غور کیا جا رہا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/manhattan-hotel-migrant-shelter-will-close/

  • تین سال بعد اورلینڈو میں کلین شو کی نئی توانائی کے ساتھ واپسی، پاکستان کا تجارتی نمائش میں نمایاں کردار

    تین سال بعد اورلینڈو میں کلین شو کی نئی توانائی کے ساتھ واپسی، پاکستان کا تجارتی نمائش میں نمایاں کردار

    کراچی (27 اگست 2025): تین سال کے وقفے کے بعد عالمی تجارتی نمائش ’کلین شو 2025‘ کی ایک نئی توانائی کے ساتھ واپسی ہوئی ہے، جس میں پاکستان نے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

    شمالی امریکا کی ٹیکسٹائل کیئر کے شعبے کے لیے تین روزہ سب سے بڑی ٹریڈ ایگزیبیشن 23 سے 26 اگست تک اورلینڈو، امریکا میں منعقد ہوئی، اس میں 20 ممالک سے 393 نمائش کنندگان اور دنیا بھر سے بڑی تعداد میں تجارتی وزیٹرز نے شرکت کی۔

    شمالی امریکا کی اس نمائش میں پاکستان کا بھی نمایاں کردار رہا اور پانچ کمپینوں نے پاکستان کی نمائندگی کی، جن میں اسپن ٹیکس انڈسٹریز (ایچ آر کاٹن یو ایس اے)، عبداللہ ٹیکسٹائل (کنٹیکس گروپ)، الرّحیم ٹیکسٹائلز، حسین ٹیکسٹائلز اور ہارون فیبرکس شامل ہیں۔

    کلین شو ٹیکسٹائلز تجارتی ایگزیبیشن اورلینڈو

    ان کمپنیوں نے ہوٹل اور اسپتال کے ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ پائیدار مصنوعات کی رینج پیش کی اور عالمی خریداروں اور صنعت کے ماہرین سے ملاقاتیں بھی کیں۔ نمائش کنندگان نے اس مارکیٹ کی حاضری اور وزیٹرز کے معیار کو سراہا۔

    پاکستانی ٹیکسٹائلز ایشیا کی سب سے بڑی نمائش میں شرکت کے لیے تیار

    اس موقع پر سی ای او الرّحیم ٹیکسٹائلز احسن عبدالعزیز نے کہا ’’ہم اس سال کے کلین شو سے حاصل ہونے والے روابط اور لیڈز سے بہت مطمئن ہیں۔ میری کئی فیصلہ ساز افراد سے حوصلہ افزا ملاقاتیں ہوئیں اور میں مستقبل میں ان سے بات چیت کو جاری رکھنے کا منتظر ہوں۔‘‘

    کلین شو ٹیکسٹائلز تجارتی ایگزیبیشن اورلینڈو

    پارٹنر اسپن ٹیکس انڈسٹریز محمد علی انصاری نے بھی مثبت تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ہمیں کلین شو سے بے حد اطمینان حاصل ہوا، ہماری بہت سے بین الاقوامی خریداروں سے ملاقاتیں ہوئیں اور بزنس کو لے کر انتہائی عمدہ بات چیت ہوئی۔‘‘

    سی ای او حسین ٹیکسٹائلز محمد حسین نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا اور کہا ’’اس سال کی نمائش میں شو فلور کو مزید وسعت دی گئی، پہلی بار شرکت کرنے والے نمائش کنندگان کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا، اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور شرکت دیکھنے کو ملی۔ مجموعی طور پر ہم اس تجربے سے مطمئن ہیں۔‘‘

    کلین شو 2025 میں اس بار ریکارڈ بین الاقوامی شمولیت اور تقریباً 100 نئے نمائش کنندگان شامل تھے۔ نمایاں پہلوؤں میں انوویشن ایوارڈز، خصوصی تعلیمی سیشنز اور روزانہ نیٹ ورکنگ ایونٹس شامل تھے۔ یہ ایک بار پھر ٹیکسٹائل کیئر انڈسٹری کے لیے ایک اہم عالمی مرکز ثابت ہوا اور پاکستان کی موجودگی نے اس ابھرتے ہوئے شعبے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔

  • سونے کی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے اہلکاروں  کے خلاف کارروائی کا آغاز

    سونے کی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز

    پشاور : باچا خان ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے گروپ 5 کے 2 سیکیورٹی سپر وائزروں کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے اہلکاروں کی گرفتاری کا معاملہ پی آئی اے انتظامیہ نے ایکشن لے لیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ پشاور ائیرپورٹ پر اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے گروپ 5 کے دو سیکورٹی سپر وائزروں کو انتظامیہ نے شوکاز نوٹس جاری کر کے انضباطی کا روئی کا آغاز کردیا۔

    گذشتہ روز باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر سونے کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے پی آئی اے کے دو اہلکاروں کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد کر لیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کے اہلکار سونا اسمگل کرتے ہوئے پکڑے گئے

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور اور اے ایس ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان ناصر خان اور شاہد اللہ کو گرفتار کیا، دونوں ملزمان پشاور ایئرپورٹ پر تعینات تھے اور ان کے قبضے سے 7 ہزار 740 گرام سونا برآمد ہوا، جسے بیرون ملک اسمگل کیا جانا تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے تاہم دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

    ادھر پی آئی اے انتظامیہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے گروپ 5 کے دو سیکیورٹی سپروائزرز کو معطل کر دیا ہے اور ان کے خلاف انضباطی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • پاکستانی ٹیکسٹائلز ایشیا کی سب سے بڑی نمائش میں شرکت کے لیے تیار

    پاکستانی ٹیکسٹائلز ایشیا کی سب سے بڑی نمائش میں شرکت کے لیے تیار

    کراچی (25 اگست 2025): پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر انٹرٹیکسٹائل شنگھائی اپیرل فیبرکس اور یارن ایکسپو، آٹم ایڈیشن 2025 میں بھرپور شرکت کے لیے تیار ہے۔ یہ ایشیا کا نمایاں ترین ٹیکسٹائل پلیٹ فارم ہے، جس کی نمائش 2 سے 4 ستمبر تک نیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر شنگھائی، چین میں منعقد کی جائے گی۔

    ’انٹرٹیکسٹائل شنگھائی اپیرل فیبرکس‘ اس وقت ایشیا کی سب سے بڑی اور جامع نمائش ہے، جو مکمل طور پر گارمنٹس فیبرکس اور اس سے متعلقہ اشیا پر مبنی ہے۔ دور جدید میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں تیزی سے ترقی کے ساتھ فائبر، یارن اور فیبرکس کی مانگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس سے بیرونی ممالک کے مینوفیکچررز کے لیے سازگار تجارتی مواقع فراہم ہوئے ہیں۔

    انٹرٹیکسٹائل شنگھائی اپیرل فیبرکس 2024 کے ایڈیشن میں 26 ممالک کے 4,000 سے زائد نمائش کنندگان شریک اور 115 ممالک سے 100,000 سے زائد پیشہ ور خریداروں نے نمائش کا دورہ کیا تھا، جو اس کی عالمی وسعت اور اثر و رسوخ کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی طرح یارن ایکسپو آٹم 2024 میں 538 نمائش کنندگان اور 81 ممالک سے 22,000 خریدار شریک ہوئے تھے۔

    انٹرٹیکسٹائل شنگھائی اپیرل فیبرکس 2025 میں پاکستان کے 3 نمائش کندگان ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے پویلین کے تحت شرکت کریں گے، جن میں ندیم انٹرپرائزز، سفائر ٹیکسٹائل ملز، اور ٹیکس ہب شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 4 معروف پاکستانی کمپنیاں — کوہ نور ملز لمیٹڈ، ازگارڈ نائن لمیٹڈ، ڈائمنڈ فیبرکس لمیٹڈ اور محمود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ انفرادی طور پر نمائش میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یارن ایکسپو آٹم 2025 میں شریک ہونے والی کمپنیاں یہ ہیں: ابٹکس انٹرنیشنل، احسن کاٹن اور زیامن من نسیم ٹریڈ کمپنی لمیٹڈ۔

    پاکستان کی یہ مسلسل شرکت اس کے عالمی مارکیٹ شیئر کو بڑھانے اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں جدت لانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔انٹرٹیکسٹائل اور یارن ایکسپو کے 2025 ایڈیشنز سے تجارت، تعاون اور بین الاقوامی شراکت داری کے نئے مواقع متوقع ہیں۔

  • پی آئی اے کے اہلکار سونا اسمگل کرتے ہوئے پکڑے گئے

    پی آئی اے کے اہلکار سونا اسمگل کرتے ہوئے پکڑے گئے

    ایف آئی اے نے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور  پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے سونے کی بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ایف آئی اےکمرشل بینکنگ سرکل پشاور اور اےایس ایف نےکارروائی کرتے ہوئے سونے کی بیرون ملک اسمگلنگ میں ملوث  پی آئی اے کے 2 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں ناصر خان اور شاہد اللہ شامل ہیں اور ملزمان کے قبضے سے 7740 گرام سونا برآمد کر لیا گیا ہے۔

    گرفتار ملزمان پشاور ایئرپورٹ پر تعینات ہیں اور ان سے برآمد شدہ سونا بیرون ملک اسمگل کیا جانا تھا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے اور درکار معلومات ملنے پر دیگر کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں کی جائیں گی۔

  • پیرس کا فضائی سفر کرنے والوں کے لیے بری خبر

    پیرس کا فضائی سفر کرنے والوں کے لیے بری خبر

    کراچی (24 اگست 2025): پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے یورپ میں پیرس کے لیے فضائی آپریشنز محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    پی آئی اے ذرائع کے مطابق لاہور اور پیرس کے درمیان فلائٹ آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ پیرس سے لاہور کے لیے آخری پرواز 12 ستمبر کو روانہ ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے پیرس کی آخری پرواز 17 ستمبر کو آپریٹ ہوگی، اسلام آباد سے پیرس کے لیے دو طرفہ فلائٹ آپریشن فعال رہے گا، ترجمان نے بتایا کہ ستمبر اور اکتوبر میں جہازوں کی تزئین و آرائش کے لیے آپریشنل بیڑہ محدود کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کے بیڑے میں 12 بوئنگ 777 طیاروں میں سے 7 طیارے پہلے ہی گراؤنڈ ہیں، اور پی آئی اے یہ طیارے سعودی عرب، پیرس اور ٹورنٹو کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

    پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا

    یاد رہے کہ رواں ماہ پی آئی اے کا پیرس میں ایک طیارہ گراؤنڈ ہونے سے قومی ایئر لائن کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا، طیارے میں فنی خرابی آ گئی تھی، جس پر طیارہ گراؤنڈ کرنا پڑا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بوئنگ 777 طیارے کے ایک انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث طیارے کو پیرس ایئر پورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا تھا، طیارہ گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے پیرس سے لاہور اور اسلام آباد کی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا تھا، ہزاروں ڈالر کے نقصان کے علاوہ پاکستان جانے والے مسافروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنی پڑی تھی۔

  • فیصل آباد میں نیا ایئرپورٹ بنانے کا فیصلہ

    فیصل آباد میں نیا ایئرپورٹ بنانے کا فیصلہ

    کراچی (23 اگست 2025): پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے فیصل آباد میں نیا ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    فیصل آباد میں نئے ایئرپورٹ کے ڈیزائن، ماسٹر پلان اور فزیبلٹی کیلیے کنسلٹنسی خدمات کیلیے پیشکش طلب کر لی گئی۔ پی اے اے نے کہا کہ دلچسپی رکھنے والی کمپنیاں 12 اکتوبر 2025 تک درخواستیں جمع کروائیں۔

    وفاقی حکومت نے اپریل 2025 میں سمندر پار پاکستانیوں کے مطالبے پر آزاد جموں و کشمیر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس حوالے سے کچھ عرصہ قبل وزیر اعظم شہباز شریف کو اس سلسلے میں کشمیری نژاد برطانوی ممبران پارلیمنٹ کا لکھا گیا ایک خط بھی منظر عام پر آیا تھا جس میں اس مطالبے کی حمایت کی گئی۔

    برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر آزاد جموں و کشمیر میں ایئرپورٹ کی تعمیر پر زور دیا تھا۔

    اوور سیز پاکستانیوں کے پُرزور مطالبہ کے بعد وفاقی حکومت کی ہدایت پر اسلام آباد میں ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس منصوبے کیلیے کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کرنے کا اشتہار بھی جاری کر دیا۔

  • پی آئی اے کو یورپ و برطانیہ کیلئے کارگو کی اجازت ملنے کی قوی امید

    پی آئی اے کو یورپ و برطانیہ کیلئے کارگو کی اجازت ملنے کی قوی امید

    اسلام آباد : برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے آڈٹ کامیابی کی صورت میں پی آئی اے کو یورپ و برطانیہ کیلئے کارگو کی اجازت ملنے کے امکانات روشن ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ (DFT) کی جانب سے مقرر کردہ بین الاقوامی توسیع کنندہ ویلیڈیٹر نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) سمیت تمام کارگو سیکیورٹی سسٹمز کی جامع جانچ پڑتال مکمل کرلی۔

    عالمی ویلیڈیٹر اسٹیون اوگاڈا نے پی آئی اے کارگو کے سیکیورٹی اور سیفٹی سسٹمز کا تفصیلی معائنہ کیا، آڈٹ ٹیم نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو سیکشنز کا مکمل جائزہ لیا۔ اس دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کے حکام بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔

    آڈٹ کی تکمیل کے بعد اسٹیون اوگاڈا پاکستان سے روانہ ہوگئے جبکہ ان کی تیار کردہ ویلیڈیشن رپورٹ برطانیہ اور یورپی یونین کے متعلقہ حکام کو جمع کرائی جائے گی۔

    یہ رپورٹ پی آئی اے کارگو آپریشنز کو ان اہم مقامات کے لیے کلیئرنس دلوانے میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق امید ہے کہ کارگو سیکیورٹی آڈٹ میں کامیابی کے بعد پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے برطانیہ اور یورپ کے لیے کارگو آپریشنز بحال کیے جا سکیں گے۔

    مزید یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل قریب میں پی آئی اے کی مسافر پروازوں سے متعلق اجازت نامہ بھی جاری کردیا جائے گا۔