کراچی(22 اگست 2025): کراچی ایئرپورٹ پر بے تحاشا رش اور ایف آئی اے عملے کی مبینہ لاپرواہی کے سبب قتل کا ملزم ایف آئی اے امیگریشن کی حراست سے فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن عملے کی غفلت و لاپرواہی کے باعث ایف آئی اے امیگریشن کے زیر حراست مسافر ایئرپورٹ سے فرار ہو گیا جس کے بعد سب انسپکٹر خاتون شفٹ انچارج، ایک ہیڈ کانسٹیبل کو معطل کر کے زونل آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چند روز قبل مسافر کیخلاف خیرپور میں قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا، مسافر 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب سعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 705 کے ذریعے جدہ فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا، امیگریشن کی مینول لسٹ میں شامل ملزم کا نام ہونے کی وجہ سے ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے عبدالصمد نامی ملزم کو ہتھکڑی لگا کر حراست میں لے لیا تھا۔
تاہم رات کی شفٹ میں ملزم رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا، ہتھکڑی کے ساتھ باہر جاتے مسافر کو دیگر اداروں نے بھی چیک نہیں کیا جبکہ معطل ایف آئی اے افسر اور اہلکار کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
https://urdu.arynews.tv/fia-investigate-citizens-karachi-airport/