Author: محمد صلاح الدین

  • اے ایس ایف اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے، جنرل علی عباس حیدر

    اے ایس ایف اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے، جنرل علی عباس حیدر

    کراچی : ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل علی عباس حیدر نے کہا ہے کہ اے ایس ایف ملک بھر کے ایئرپورٹس پر اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے، تمام ایئرپورٹس کو جدید ترین آلات اور ہتھیاروں کی فراہمی سے محفوظ بنادیا گیا ہے۔

    کراچی میں اے ایس ایف سٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی عباس حیدر کا کہنا تھا کہ فورس کے شہداء کے اہل خانہ سمیت ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

    ڈی جی اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ شہداء کے اہل خانہ سمیت فورس کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اے ایس ایف فاؤنڈیشن کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

    ڈپٹی ڈی جی بریگیڈیئرمحمد زبیر کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف کے جوانوں کو دور جدید کے مطابق تربیت دی گئی ہے۔ تمام ایئرپورٹس پر اے ایس ایف کو پیشہ وارانہ اور جدید ہتھیاروں اور گاڑیوں سے بھی لیس کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، ریونیو میں کمی پر اظہار برہمی

    پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، ریونیو میں کمی پر اظہار برہمی

    کراچی : پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس چیئرمین عرفان الہٰی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں پی آئی اے کے جنوری تا مارچ کی سہ ماہی کارکردگی اور مالی حسابات کا جائزہ لیا گیا۔

    اس موقع پر بورڈ اراکین نے ماضی کی صورتحال اور ریونیو میں مجموعی کمی پر برہمی کا اظہار کیا، اراکین نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ سے بزنس پلان پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے سے متعلق باز پرس کی جائے۔

    بورڈ اراکین کی جانب سے پی آئی اے کے چار جہاز کی دم اور کلر اسکیم تبدیل کئے جانے کی منظوری دی گئی، اجلاس میں جہازوں کی کلر اسکیم کی تبدیلی کو جہازوں کے سی چیک سے مشروط کردیا گیا۔

    مذکورہ جہاز مرحلہ وار انجنئیرنگ میں آمد پر کلر تبدیلی کی کارروائی مکمل کی جائے گیاس کے علاوہ بورڈ کی جانب سے ائیرکرافٹ انجنئیرز کے مطالبات کی منظوری بھی دی گئی۔

  • کراچی میں لوڈ شیڈنگ: وزیر اعظم نے بجلی کے بحران کا نوٹس لے لیا

    کراچی میں لوڈ شیڈنگ: وزیر اعظم نے بجلی کے بحران کا نوٹس لے لیا

    کراچی : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں بجلی کے بحران کا نوٹس لے لیا، وہ پیر کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس نیپرا کے بعد وزیر اعظم نے بھی لے لیا، وزیراعظم کل ایک روزہ دورے پر کراچی آئیں گے، شاہد خاقان عباسی کراچی میں لوڈشیڈنگ پر کابینہ برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت بھی کریںگے۔

    اجلاس گورنر ہاؤس میں ہوگا، اجلاس میں وفاقی وزیر سردار اویس خان لغاری، مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل، کے الیکٹرک کے سی ای او طیب ترین، ایس ایس جی کے ایم ڈی امین راجپوت، سیکرٹری فنانس صنعت و تجارت کے قائم مقام صدر مظہر الناصر بھی شریک ہونگے۔

    اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بجلی کے بحران کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی جائے گی جبکہ کے الیکٹرک اور سوئی سودرن گیس سے بھی بجلی کے بحران کے حوالے سے رپورٹ طلب کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل نیپرا (نیشنل پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی) نے بھی کراچی میں بجلی کے بحران کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھہرایا تھا۔

    مزید پڑھیں: کے الیکٹرک بجلی کی بحران کی ذمہ دار ہے، قانونی کارروائی کی جائے گی، نیپرا

    اپنی جاری کردہ رپورٹ میں نیپرا کا مؤقف تھا کہ گیس نہیں ہے تو کے الیکٹرک فرنس آئل سے بجلی کیوں نہیں بنارہی؟ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کورنگی کمبائنڈ پلانٹ اور بن قاسم پلانٹ دو متبال فیول سے چلائے تو لوڈشیڈنگ میں کمی آسکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • خسارے میں ڈوبے پی آئی اے افسران کی شاہ خرچیاں عروج پر

    خسارے میں ڈوبے پی آئی اے افسران کی شاہ خرچیاں عروج پر

    کراچی : اربوں روپے کے خسارے میں ڈوبی ہوئی قومی ایئرلائن پی آئی اے میں کنٹریکٹ پر بھرتی کئے گئے افسران کی شاہ خرچیاں اپنے عروج پر پہنچ گئیں، انتظامیہ نے ایک افسر کو دوماہ کے موبائل فون بل کی مد میں تین لاکھ روپے ادا کیے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں تنخواہیں اور  پی ایس او سمیت دیگر اداروں کو  واجبات ادا کرنے کیلئے فنڈز موجود نہیں ہیں لیکن افسران کی شاہ خرچیاں رکنے کا نام نہیں لے رہیں۔

    ذرائع کے مطابق اخراجات کا یہ عالم ہے کہ پی آئی اے کے چیف سسٹم آفیسر نے ایک سو تیرہ دنوں میں سینتالیس غیر ملکی دورے کیے، چیف سسٹم آفیسر کے غیر ملکی دوروں میں آن کارپوریشن سروسز کی مد میں (او سی ایس ) سترہ لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔

    چیف سسٹم آفیسر کو سرکاری طور پر موبائل فون استعمال کرنے پر پندرہ ہزار روپے ادا کئے جاتے ہیں جبکہ مذکورہ افسر کو پی آئی اے نے دو ماہ کے دوران ساڑھے تین لاکھ روپے موبائل فون بل کی مد میں ادا کئے۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے کا مالی بحران سنگین، ملازمین تنخواہوں سے محروم

    بلوں کی ادائیگی کے حوالے سے دستاویزات اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئیں، دستاویزات کے مطابق جنوری میں ڈھائی لاکھ روپے اور فروری میں ایک لاکھ روپے موبائل فون بلوں کی مد میں ادائیگیاں کی گئیں۔

    مزید پڑھیں: واجبات کی عدم ادائیگی، پی ایس او کا پی آئی اے کو ایندھن دینے سے انکار

    مذکورہ افسر کے پاس آئی ٹی کا تجربہ اور ڈگری نہ ہونے کی بنا پر ان کا عہدہ تبدیل کیا گیا، ذرائع کا  مزیدکہنا ہے کہ اس کے علاوہ ایک اہم شخصیت کی سفارش پر چیف سسٹم آفیسر کے نام پر ایک اور شخص کو بھاری تنخواہ پر بھرتی بھی کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دنیا کے سب سے بھاری طیارے کی  کراچی ایئر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ

    دنیا کے سب سے بھاری طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ

    کراچی : دنیا کے سب سے بھاری طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پرٹیکنیکل لینڈنگ کرائی گئی، طیارہ کوالالمپور سے دمام جارہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کا سب سے بڑے انجنوں پر مشتمل کارگو طیارے میں اچانک فیول کی کمی پیدا ہوگئی، جس کے باعث کپتان نے کراچی ایئرپورٹ پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرتے ہوئے ٹیکنیکل لینڈنگ کی اجازت طلب کی ۔

    اجازت ملنے پر روسی ساختہ ہیوی طیارہ انتونوو این-225 مریا کو باحفاظت کراچی ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔

    ایئرپورٹ منیجر کے مطابق طیارے کو فیول فراہم کردیا گیا ہے۔کیبن کروکے ریسٹ کی وجہ سے طیارہ شام تک روانہ کردیا جائے گا۔

     

    کرچی ایئرپورٹ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ دنیا کا ہیوی ترین طیارہ دوسری بار لینڈ کیا ہے، دو سال قبل بھی دنیا کے ہیوی ترین طیارے نے فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی ۔

    یہ دنیا کا واحد ایسا طیارہ ہے، جس کا ونگ ایریا بوئنگ 747 طیارہ کے ونگ ایریا سے تقریبا دوگنا ہے، یہ طیارہ دو ایئر کرافٹ یا 10 برطانوی ٹینک لے کر لے اڑان بھر سکتا ہے، طویل عرصہ تک اس کارگو طیارہ کا استعمال سوویت آرمی کی طرف سے کیا گیا تھا، ساتھ ہی اسپیس شپ لے جانے کے لئے بھی اس کارگو طیارہ کا استعمال ناسا کر چکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بدقسمتی سے ملک میں گالی کی سیاست ہورہی ہے، خورشید شاہ

    بدقسمتی سے ملک میں گالی کی سیاست ہورہی ہے، خورشید شاہ

    کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آج بدقسمتی سے ملک میں گالی کی سیاست ہورہی ہے، گالی کی سیاست سے میرے جیسے سیاسی لیڈر کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے لیڈروں نے ثابت کیا مرنا اور جینا عوام کے ساتھ ہے، ذوالفقار بھٹو نے ملک کو آئینی حیثیت دی، سیاست سمجھائی۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وجہ سے شکوک و شبہات نے جنم لیا، نواز شریف نے پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی، پارلیمنٹ نے ہر چیز کا مقابلہ کیا، سارے کنٹینر چلے گئے، پارلیمنٹ کی آواز 20 کروڑ عوام کی آواز ہے، پارلیمنٹ کی طاقت کو محسوس نہ کرنے سے 1971ء میں ملک دولخت ہوا۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ انسان خوشحال ہوگا تو ملک میں ترقی بھی ہوگی، مزدور خوشحال نظر آئے تو سمجھ آتی ہے پہیہ چل رہا ہے، نوجوان خوشحال نظر آئے تو سمجھ آئے گا کہ روزگار چل رہا ہے۔

    خورشید شاہ نے کہا کہ ہمیں پہچان نہیں کہ کون سا لیڈر اچھا ہے، پڑھے لکھے نوجوان ایسی گلی میں جارہے ہیں جہاں اندھیرا ہے، پاکستان کے نوجوان بلبلے کے پیچھے جارہے ہیں۔

    اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا سیکریٹری سول ایوی ایشن کوخط

     اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سیکریٹری سول ایوی ایشن کو خط لکھ کر پی آئی اے میں بھاری تنخواہیں، دہری شہریت رکھنے والے افسران پر اظہار تشویش کیا، انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر، جی ایم کو قوانین کے تحت ترقی دینے کے بجائے بھرتیاں کی گئیں۔

    انہوں نے تجربے سے محروم جونیئر افسران کی سینئر پوسٹوں پر تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او کے اقدام محنتی اور سینئر افسران کی حوصلہ شکنی کا باعث بنے، سی اے اے انتظامیہ جلد پی اے سی کے روبرو پیش ہوکر وضاحت دے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے ریفرنڈم، اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کامیاب

    پی آئی اے ریفرنڈم، اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کامیاب

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن میں ہونے والے ریفرنڈم میں پیپلز یونٹی چار ہزار اٹھائیس ووٹ لے کر کامیاب قرار پائی جبکہ ن لیگ کی حمایت یافتہ سی بی اے یونین ایئر لیگ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ریفرنڈم میں ن لیگ کی حمایت یافتہ سی بی اے یونین ایئر لیگ کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کام دکھا گیا اور پی آئی اے ریفرنڈم میں میں بھی سینیٹ الیکشن جیسی صورت حال دیکھنے میں آئی۔

    نتائج کے مطابق پیپلز یونٹی چار ہزار اٹھائس ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائی جبکہ سویپ ائر لیگ نے صرف سترہ سو ستناویں ووٹ حاصل کیے جبکہ مجوعی چھ ہزار ووٹ کاسٹ کیے گئے۔

    پی آئی اے میں خواتین پائلٹس کے کوٹے پر عمل درآمد کا حکم

    اپوزیشن جماعتوں کی حمایت یافتہ یونین انصاف فرنٹ، پیاسی یونائٹڈ ورکرز فرنٹ اور آسکا ی ویز نے پیپلز یونٹی کا ریفرنڈم میں بھرپور ساتھ دیا علاوہ ازیں پی آئی اے میں منعقد ہونے والے ریفرنڈم میں گرینڈ الائنس نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔

    صدر پیپلز یونٹی ہدایت اللہ نے ریفرنڈم سے متعلق کامیابی پر یونٹی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز یونٹی نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر قاتل لیگ کا بھرپور مقابلہ کیا اور کامیابی اپنے نام کی۔

    پی آئی اے: ایگزیکٹیو کمیٹی کے دوسالہ انتخابی نتائج کا اعلان، رضوان گوندل صدر منتخب

    دوسری جانب رہنما یونائیٹڈ فرنٹ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی بقاء کے لیے ملازمین نے تاریخی اتحاد کا مظاہرہ کیا اور ایئر لیگ کو شکست فاش کی، آگے بھی اسی طرح کامیابیاں سمیٹیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔

  • واجبات کی عدم ادائیگی: پی ایس او کا پی آئی اے کو ایندھن دینے سے انکار

    واجبات کی عدم ادائیگی: پی ایس او کا پی آئی اے کو ایندھن دینے سے انکار

    کراچی : پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کردی ہے، جس کے باعث کوالالمپور جانے والی فلائٹ دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکا ررہی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے اڑان نہ بھر سکی، اربوں روپے کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے قومی ائیر لائن کو فیول کی فراہمی بند کردی۔

    پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان تنازعہ دوسرے روز بھی جاری رہا، واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے دوسرے روز بھی پی آئی اے کے طیاروں کو فیول کی فراہمی بند کردی تھی۔

    کراچی سے کوالالمپور جانے والی پرواز کو فیول کی سپلائی اچانک بند کردی جس کے باعث پرواز تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی۔ پرواز کی روانگی میں تاخیر کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

    سکھر جانے والی پرواز بھی دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ پی آئی اے ترجمان مشہود تاجور کے مطابق پی ایس او کو آج دوپہر تیس کروڑ روپے کے واجبات ادا کردیئے گئے ہیں, پی ایس او کو رقم منتقل ہونے میں تاخیر ہوئی کیونکہ بینک ٹرانسفر میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس او نے پی آئی اے اور مسافروں کے ساتھ سراسر زیادتی کی ہے کیونکہ پی آئی اے نے اپنے وعدے کے مطابق پی ایس او کو واجبات کی رقم ادا کردی تھی اس کے باوجود طیاروں کے فیول کی فراہمی بند کرنا قابل افسوس ہے۔

    دوسری جانب پی ایس او کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے دوپہر تک رقم کی ادائیگی نہیں کی تھی جس کی وجہ سے ان کو وارننگ دی گئی تھی۔

    پی آئی اے نے یومیہ بنیادوں پر رقم کی ادائیگی کا وعدہ کیا تھا جو نو دن سے پورا نہیں کیا گیا۔ پی آئی اے پر اس سے پہلے ہی کئی ارب روپے کے واجبات ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی واجبات کی عدم ادائیگی پر  پی ایس او کی جانب سے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کی جاچکی ہے، جسے مذاکرات کے بعد بحال کردیا گیا تھا۔

  • اسلام آباد ائیرپورٹ: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی کا پول کھل گیا

    اسلام آباد ائیرپورٹ: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی کا پول کھل گیا

    اسلام آباد : نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر ناکافی انتظامات نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی کا پول کھول دیا،  اے ایس ایف بیس کیمپ کی عمارت تاحال مکمل نہ ہوسکی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ناکافی انتظامات سے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کا افتتاح کھٹائی میں پڑ گیا، اے ایس ایف بیس کیمپ کی عمارت تاحال نامکمل ہے اب تک صرف دو بلاک تیار کیے جا سکے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی اے ایس ایف بلاک کا اسٹرکچر تیار کرکے مطمئن ہو گئی، لیڈیز ہاسٹل، یوایس بلاک، میس ، یوٹیلیٹی بلاک ، ایڈمن بلاک، کوٹ میگزین بھی مکمل نہ ہو سکا۔

    ائیرپورٹ کی سیکورٹی کے لیے ڈھائی ہزار کی بجائے صرف گیارہ سو ایس ایف اہلکار ہی پہنچ پائے، نیو ائیرپورٹ پر نہ پینے کا پانی اور نہ ہی سوئی گیس اور بجلی موجود ہے، نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پرٹھیکیدار جنریٹر کا استعمال کر کے بجلی چلانے لگا۔

    اے ایس ایف بیس کیمپ تک پہنچنے کیلئے تاحال گلیاں بھی پختہ نہ کی جا سکیں، ناکافی اقدامات پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عہدیداران کی سرزنش بھی کی۔

    نیو ائرپورٹ کے اندر جا بجا گندگی کے ڈھیر موجود ہیں، کیفے ٹیریا کی سہولت بھی میسر نہیں، ڈومیسٹک ڈیپارچر کی متعدد جگہوں پر کام باقی ہے۔

    اس کے علاوہ  مسافروں کی آمد کے راستوں پر بھی تاحال کوئی صفائی نہیں ہوئی وزیر اعظم نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے انتظامات کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔

     

  • ایئرپورٹ ہوٹل کے بھارتی مسافروں کے بلاک پر پولیس کا دوبارہ قبضہ

    ایئرپورٹ ہوٹل کے بھارتی مسافروں کے بلاک پر پولیس کا دوبارہ قبضہ

    کراچی : محکمہ پولیس کا ایک اور کارنامہ سامنے آیا ہے، دو ماہ قبل ائرپورٹ ہوٹل میں قائم بھارتی مسافروں کیلئے قائم بلاک خالی کرنے کے بعد اسپیشل برانچ نے دوبارہ قبضہ کرلیا۔

    چالیس کمروں پرمشتمل بلاک سے پولیس کا انخلاء فروری میں انتظامیہ کے آئی جی کو لکھے گئے خط کے ذریعے عمل میں آیا تھا، ایس ایس پی سیکیورٹی اسپیشل برانچ نےدوبارہ پولیس تعینات کردی۔

    ٹرانزٹ بھارتی شہریوں کی سیکورٹی کے حوالے سے ہوٹل کا مذکورہ بلاک 28 سال سے اسپیشل برانچ کے کنٹرول میں تھا، مذکورہ بلاک کو پی آئی اے کی بھارتی پروازوں کی معطلی کے باعث28سال بعد23فروری کو کمرشل استعمال کے لئے خالی کرایا گیا تھا، جس کے بعد9اپریل کوایس ایس پی سیکیورٹی اسپیشل برانچ نے ٹرانزٹ پسنجرز یونٹ کی دوباری انٹری کے لئے خط جاری کیا،۔

    جاری خط میں ٹرانزٹ پسنجر کے ممکنہ فرار یا گم ہوجانے کو رپورٹ کرنے کے لئے یونٹ کی دوبارہ انٹری کا کہا گیا، خط میں ایس ایس پی سیکیورٹی نے یونٹ کے انخلاء کے لئے20فروری کے جاری خط کو کینسل قرار دیا،۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مذکورہ بلاک میں اب ٹھہرنے والے ٹرانزٹ پسنجرز میں کوئی بھی غیر ملکی شامل نہیں ہے۔

    ماضی میں اسپیشل برانچ کی ہوٹل میں تعیناتی بھارتی اور غیر ملکی ٹرانزٹ مسافروں کے حوالے سے تھی،ترجمان کے مطابق پولیس کے اعلیٰ حکام سمیت قانونی چارہ جوئی کے تمام آپشز کھلے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی ائرپورٹ پر بھارتی مسافروں کیلئے قائم ہوٹل کا بلاک خالی کرالیا گیا

    واضح رہے کہ بھارت کے ٹرانزٹ مسافروں کے لئے28سال سے قائم کراچی ایئر پورٹ ہوٹل کا بلاک اسپیشل برانچ سے23فروری کو خالی کرایا گیا تھا۔

    بھارتی پروازوں کے ذریعے کراچی آنے والے بھارتی شہریوں کو سیکیورٹی کی بنا پر ایئر پورٹ ہوٹل کے مذکورہ بلاک میں رکھا جاتا تھا جو پروازوں کی معطلی کے بعد بند کردیا گیاتھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔