Author: محمد صلاح الدین

  • پی آئی اے کو 6 ماہ میں 21 ارب روپے سے زائد کا نقصان

    پی آئی اے کو 6 ماہ میں 21 ارب روپے سے زائد کا نقصان

    کراچی: ناقص حکمت عملی کے باعث قومی ایئر لائن پی آئی اے کو 6 ماہ میں 21 ارب 50 کروڑ روپے کا آپریٹنگ نقصان برداشت کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق ناقص حکمت عملی کے باعث قومی ایئر لائن کے خسارے میں مزید اضافہ ہوگیا۔

    پی آئی اے کو 6 ماہ میں 21 ارب 50 کروڑ روپے کا آپریٹنگ نقصان اٹھانا پڑا۔ اس سے قبل گزشتہ 2 ماہ میں پی آئی اے کو 6 ارب 50 کروڑ روپے نقصان کا سامنا رہا تھا۔

    سنہ 2017 کے 3 ماہ کے دوران پی آئی اے کو 15 ارب کا آپریٹنگ نقصان ہوا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو طیاروں کی کمی اور ان کے گراؤنڈ ہونے سے بھی نقصان ہوا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے نے بین الاقوامی پرواز کے معیارکی دھجیاں اڑا دیں

    پی آئی اے نے بین الاقوامی پرواز کے معیارکی دھجیاں اڑا دیں

    لاہور : قومی ایئر لائن پی آئی اے کی انتظامیہ کے بہتری اور ترقی کے دعوے کھوکھلے نکلے، بین الاقوامی پرواز کے معیار (فلائٹ اسٹینڈرڈ) کی دھجیاں اڑا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے یورپ اور خلیجی ممالک کی پروازوں میں انٹرٹینمنٹ سسٹم اور سہولیات کا فقدان دیکھنے میں آرہا ہے، مسافروں کو لمبے سفر کے لیے انٹرٹینمنٹ سسٹم اور آرام کے لیے کمبل تو کیا تکیہ تک فراہم نہیں کیا جا رہا۔

    مسافروں کی جانب سے پوچھے جانے پر عملے کا جواب ہوتا ہے کہ یورپی ممالک کی پروازوں پر مطلوبہ سامان فراہم نہیں کیا جاتا۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کی لندن سے پاکستان آنے والی سات گھنٹے کی پرواز کا پول ایک مسافر خاتون نے کھول دیا۔

    خاتون مسافر کی لندن سے لاہور پرواز اور سسٹمز کی عدم فراہمی کے حوالے سے بنائی گئی موبائل ویڈیو اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، ان کا کہنا ہے کہ لندن سے لاہور کی پرواز پر مسافروں کو بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کی جا رہیں۔

    واضح رہے کہ دوران پرواز طیاروں میں ناقص انتظامات کی وجہ سے پاکستانی مسافر غیر ملکی ایئر لائنز میں سفر کو ترجیح دینے لگے ہیں، پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کی ناقص پالیسیوں نے خسارے میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے نے ایئر لائن کی کوتاہی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کی جانب سے کی جانے والی نشاندہی پر کارروائی کے ساتھ بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے۔

  • پی آئی اے چیئرمین عرفان الٰہی کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

    پی آئی اے چیئرمین عرفان الٰہی کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

    کراچی : پی آئی اے چیئرمین عرفان الٰہی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا، عرفان الٰہی پی آئی اے کی کارکردگی پر چیئرمین نالاں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے چیئرمین عرفان الٰہی نے مزید کام کرنے سے معذوری ظاہر کردی ہے، جس کے بعد پی آئی اے نے نئے چیئرمین کی تلاش شروع کردی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی کارکردگی پر چیئرمین نالاں تھے اور گذشتہ دنوں بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں بھی ممبران نے پی آئی اے کی کارکردگی پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

    دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ چیئرمین عرفان الٰہی نے تحریری طور پر کوئی استعفیٰ دیا اور نہ ہی مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں اعظم سہگل کے استعفی کے بعد دوسری مرتبہ عرفان الٰہی کو قائمقام چیئرمین پی آئی اے مقرر کیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں :  2017میں قومی ایئرلائن کو 43 ارب 65 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا


    واضح رہے کہ وزیر انچارج ہوا بازی ڈویژن نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کرادیا، جس میں بتایا گیا تھا کہ 2017 میں قومی ایئرلائن کو 43 ارب 65 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا۔

    تحریری جواب میں پی آئی اےکے659ملازمین کی جعلی ڈگریوں کا انکشاف ہوا تھا اور بتایا گیا تھا کہ جعلی ڈگریوں پر391 ملازمین کو برطرف کر دیا گیا جبکہ 251 ملازمین کے کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور 17 ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پیرس میں پی آئی اے کے طیاروں کی سراغ رساں کتوں سے جانچ پڑتال

    پیرس میں پی آئی اے کے طیاروں کی سراغ رساں کتوں سے جانچ پڑتال

    پیرس : فرانس میں پی آئی اے کے فضائی میزبانوں سے ہیروئن برآمدگی کے واقعے کے بعد فرانس میں پی آئی اے کی تمام پروازوں کی جانچ پڑتال کا عمل مزید سخت کردیا گیا ہے۔

    پاکستان سے پیرس پہنچنے والی پی آئی اے کی پروازوں کی سراغ رساں کتوں کی مدد سے مکمل جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق لاہور سے پیرس پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز کے مسافروں کو بھی اترنے کی اجازت نہیں دی گئی، انتظامیہ کی جانب سے سراغ رساں کتوں کی مدد سے طیارے کو پہلے سرچ کیا گیا۔

    پیرس ایئر پورٹ پر کسٹم کے عملے نے پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کی مکمل طور پر جامہ تلاشی لی، طیارہ کلیئر ہونے کے بعد مسافروں کو باہر جانے کی اجازت دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے فضائی میزبان گلزار تنویر کے قبضے سے چار کلو ہیروئن برآمد ہونے کے بعد ان کے دوسرے ساتھی کی گرفتاری اور سزا کے بعد پی آئی اے کی پروازوں پر سختی کی گئی ہے۔

  • پی آئی اے میں کروڑوں کے گھپلے، ایف آئی اے نے دو افسران کو طلب کرلیا

    پی آئی اے میں کروڑوں کے گھپلے، ایف آئی اے نے دو افسران کو طلب کرلیا

    کراچی : ایف آئی اے نے پی آئی اے میں ہونیوا لی مبینہ گھپلوں کی تحقیقات شروع کردیں، جعلی بلوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کرنے والے اسٹاف آفیسر اور منیجر کوآرڈی نیشن کو طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ لاجواب سروس کی دعویدار قومی ایئرلائن میں مالی بے ضابطگیوں اور گھپلوں کا معاملہ اہم موڑ اختیار کرگیا۔

    اے آروائی نیوز پرنشر کی جانے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ادارے میں جعلی بلوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی ادائیگیوں پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد نے مشیر ہوابازی کے اسٹاف آفیسر ،سی ای او کے منیجر کوآرڈی نیشن کو جواب دہی کیلئے طلب کرلیا۔

    خبر کے مطابق پی آئی اے میں جعلی بلوں کے ذریعے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کی گئی تھیں، ایف آئی اے کے خط کی کاپی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے سال 2017 میں پی آئی اے کی جانب سے ادارے کی امیج بلڈنگ کے نام پرجو کروڑوں روپے خرچ کئے گئے تھے ان کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ  انتظامیہ سے ایک ہفتہ کے اندر اندرتمام ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔

     یاد رہے کہ اے آروائی نیوز نے پی آئی اے میں مختلف مد میں جعلی بلوں کی ادائیگی کے حوالے سے خبر نشر کی تھی، جس کے مطابق مشیر ہوا بازی کے منیجر کو آرڈنیشن نے جعلی بلوں کے ذریعے لاکھوں روپے مالیت کے بلوں کی منظوری دباؤ ڈال کرکرائی تھی۔

    ذرائع کے مطابق مختلف مد میں جعلی بل تیار کئے گئے جس سے لاکھوں روپے خزانے سے وصول کئے گئے۔ پی آئی اے کے دو افسران کی جانب سے خلاف ضابطہ اختیارات کا غیر قانونی استعمال کیا گیا۔

      جعلی بلوں میں مہنگی اشیاء کی خریداری مختلف نجی فرم اور ہوٹلز کے بل شامل ہیں، جعلی بلوں کے ذریعے سے ادارے کو نقصان پہنچایا گیا۔

    واضح رہے کہ سی ای او کے منیجر کوآرڈنیشن کیخلاف مبینہ جعلسازی کے حوالے سے پہلے ہی تحقیقات جاری ہیں، انہوں نے جعل سازی کے ذریعے پی آئی اے میں بھرتی اور ترقی حاصل کی تھی۔

     ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے محکمہ فنانس نے بلوں کو ادا کرنے سے انکار کردیا تھا اور اس کی منظوری چیئرمین سے مشروط کردی تھی۔

  • اے ایس ایف پاکستان کا ایک قابل فخر ادارہ ہے، جنرل شاہد بیگ مرزا

    اے ایس ایف پاکستان کا ایک قابل فخر ادارہ ہے، جنرل شاہد بیگ مرزا

    کراچی : کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے کہا ہے کہ اے ایس ایف دہشتگردی اور ہوائی قضاقی سے نمٹنے کا کام بخوبی انجام دے رہی ہے، یہ پاکستان کا ایک قابل فخر ادارہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ایس ایف کی سینتالیسوی بیسک ایوی ایشن کورس اور تیئیس آفیسرز بیسک سیکیورٹی کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    کور کمانڈر کراچی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور دوران تربیت اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آفیسرز اور ریکروٹس میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف پاکستان کا ایک قابل فخر ادارہ ہے اور اے ایس ایف ہردم مستعد، ہوشیار اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

    اس ادارے کے شہداء کی قربانی ہمارے لئے قابل فخر ہے، تقریب میں ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل علی عباس حیدر، ڈپٹی ڈی جی بریگیڈئیرمحمد زبیر، ڈی جی رینجرز کے علاوہ اعلی افسران اور کورس کی تکمیل کرنے آفیسرز و ریکروٹس کے عزیزواقارب نے بھی شرکت کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی ایئرپورٹ حملہ: چارسال بعد بھی حفاظتی انتظامات جوں کے توں

    کراچی ایئرپورٹ حملہ: چارسال بعد بھی حفاظتی انتظامات جوں کے توں

    کراچی : آج سے چار سال پہلے کراچی ائر پورٹ پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کے بعد ایئر پورٹس پر حفاظتی انتطامات کرنے کے حکومتی دعوے محض دعوے ہی ثابت ہوئے، حکومتی اعلان پر آج تک عمل درآمد نہ ہوسکا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایرپورٹ پر دہشت گرد حملے کو ہوئے چار سال بیت گئے، ائر پورٹس کے حفاظتی امور بہتر بنانے کے حکومتی وعدے چار سال بعد بھی وعدے ہی رہے۔

    وفاقی حکومت نے ہوائی اڈوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کیلئے پانچ ارب ستر کروڑ روپے خرچ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہوجائے، 8جون 2014 کو کراچی ایرپورٹ پر دہشت گرد حملہ ایرپورٹس پر ہونے والے تمام دہشت گرد حملوں میں سب سے بڑا اور زیادہ جان لیوا حملہ تھا۔

    تحقیقات کے مطابق کراچی ائرپورٹ پر دہشت گرد حملہ ناکام تو بنا دیا گیا لیکن بہتر ہتھیاروں اور اہم حفاظتی سازوسامان کی کمی کے سبب جانی ومالی نقصان زیادہ ہوا۔

    اس تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ائرپورٹس کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کیلئے وفاقی حکومت نے 5 ارب70 کروڑ روپے کے خرچ سے 50  بکتربند گاڑیوں، جدید مشین گنوں، ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹس کے علاوہ ائرپورٹس کی بیرونی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کیمرے اور دیگر حساس آلات کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔

    تاہم اب تک سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذریعے اے ایس ایف کو صرف ایک ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں، مذکورہ رقم سے50کی جگہ صرف دس بکتربند گاڑیاں ہی خریدی جاسکیں جبکہ پانچ ایرپورٹس کی جگہ صرف لاہور ایرپورٹ کی بیرونی حفاظتی باڑ کو کیمروں اور سینسرز کے زریعہ محفوظ بنایا جاسکا۔


    مزید پڑھیں: ایئرپورٹ حملہ، 19افراد جاں بحق ،25 زخمی،10 دہشتگرد ہلاک


    اے ایس ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ بقیہ چار ارب ستر کروڑ روپے کی فراہمی کیلئے ایوی ایشن ڈویژن کے ذریعہ وفاقی حکومت کو متعدد خطوط لکھے گئے لیکن حکومت نے اس بارے میں چار سال سے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • گرفتار پی آئی اے فضائی میزبانوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا، ڈی جی اے ایس ایف

    گرفتار پی آئی اے فضائی میزبانوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا، ڈی جی اے ایس ایف

    کراچی : ڈی جی اے ایس ایف میجرجنرل علی عباس حیدر نے کہا ہے کہ فرانس میں گرفتار پی آئی اے فضائی میزبانوں کی ہیروئن اسمگلنگ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے ایس ایف کی فل ڈریس ریہرسل پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کی فل ڈریس ریہرسل پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی اے ایس ایف میجرجنرل علی عباس حیدر تھے، اس موقع پر ڈی جی اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ائر پورٹ پر اے ایس ایف کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ٹیم بیرون ملک فضائی میزبانوں کی گرفتاری سے متعلق تحقیقات میں مصروف ہے

    میجرجنرل علی عباس حیدر نے مزید کہا کہ تحقیقات میں دیگر متعلقہ اداروں سے بھی معلومات حاصل کی جائیں گی، اس کے علاوہ اسلام آباد ائر پورٹ کے تمام متعلقہ جگہوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لی جارہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کی روک تھام سے کوئی تعلق نہ ہونے کے باوجود اے ایس ایف نے بڑے پیمانے پر منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی ہیں، تاہم کارگو اور فلائٹ کچن جیسے مقامات پر اے ایس ایف عملے کا عمل دخل نہیں ہے۔

    پاسنگ آؤٹ پریڈ ریہرسل کی تقریب سے خطاب میں ڈی جی اے ایس ایف علی عباس حیدر نے کہا کہ سیکیورٹی فورس کی فل ڈریس پریڈ کا معیار دیکھ کربہت خوشی ہوئی۔

    انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو مختلف شعبہ جات ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، سفارش پر اچھی پوسٹنگ مل بھی جائے تو اگلی پوسٹنگ بدترین ہوگی۔


    مزید پڑھیں: اے ایس ایف میں بڑے پیمانے پرترقیوں کی منظوری


    ڈی جی اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ آٹے میں نمک برابر لوگوں کی وجہ سے پورے ادارے کو شرمندگی اٹھانا پڑتی ہے، امید ہے آپ لوگ ایسے کاموں سے اجتناب برتیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے  لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • پیرس میں پی آئی اے کی پروازسے ہیروئن برآمد

    پیرس میں پی آئی اے کی پروازسے ہیروئن برآمد

    پیرس : پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز پی کے 750 کے فضائی میزبان سے پیرس میں ہیروئن برآمد ہونے پر فرانسیسی حکام نے اسے حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے براستہ میلان پیرس پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز 750 کو ایئرپورٹ پر لینڈ کرتے ہی سیکورٹی حکام نے گھیرے میں لے لیا، تلاشی کے دوران فضائی میزبان سے بڑی مقدار میں ہیروئن برآمد کی گئی۔

    فرانسیسی کسٹم حکام نے فضائی میزبان گلزار تنویر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی جبکہ فلائٹ کو بھی اڑان بھرنے سے روک لیا گیا، طیارے میں فلائٹ کمرشل افسر سمیت چار پی آئی اے کے افسران سوار تھے جو میلان اترے تھے۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق فلائٹ اسٹیورڈ گلزار تنویر سے ہیروئن برآمد ہونے پر اسے معطل کر دیا ہے جبکہ جرم ثابت ہونے پراسے ملازمت سے فارغ کر دیا جائے گا۔

    ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ پیرس سے واپس پاکستان کے لیے پرواز اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہو گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال مئی میں لندن کے ہیتھروایئرپورٹ پر پی آئی اے کی اسلام آباد سے آنے والی پرواز پی کے 785 سے ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اےآر وائی کی خبرپرسرکاری رقم لٹانے والا پی آئی اے افسرمعطل

    اےآر وائی کی خبرپرسرکاری رقم لٹانے والا پی آئی اے افسرمعطل

    کراچی: سیلز کی رقم ایک افسر پر لٹانے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر نشر ہونے کے بعد افسران بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے، بغیر تحقیق کے اپنے ہی افسر کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں سیلز کی رقم ایک افسر پر لٹانے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز پرنشر ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ منیجر اسلام آباد فواد بنوری کو پہلے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا بعد ازاں بغیر تحقیق کیے معطل بھی کر دیا گیا۔

    باکمال لوگوں کے لاجواب کارنامے سامنے آگئے، واضح رہے کہ اے آروائی نیوز نے فویٹیج کے ساتھ رقم لٹانے کی خبر گزشتہ سال بارہ دسمبر2017 کو نشر کی تھی جس کا اثر انتظامیہ پر تین ماہ بعد ہوا۔

    انتظامیہ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے اپنا نزلہ ڈسٹرکٹ منیجر اسلام آباد پر گرادیا، انتظامیہ نے شو کاز نوٹس میں واضح کیا کہ یہ وڈیو کلپ اے آروائی نیوز کو فراہم کرکے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کی گئی ہے جبکہ نوٹ لٹانے والے افسران کا تعلق سیلز ڈیپارٹمنٹ سے تھا۔


    مزید پٖڑھیں: پی آئی اے افسران، سرکاری رقوم، موج مستیاں، انتظامیہ کا نوٹس


    خیال رہے کہ اے آر وائی نیوز نے تین ماہ قبل پی آئی اے کے سیلز افسران کی دفتری اوقات میں ریزرویشن کی مد میں جمع ہونے والی رقوم کو ادارے کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے بجائے ایک دوسرے پر نچھاور کرنے اور ان رقوم سے موج مستی کرنے کی خبر ویڈیو کے ساتھ نشر کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔