Author: محمد صلاح الدین

  • سول ایوی ایشن نے کاک پٹ میں سگریٹ نوشی پرپابندی عائد کردی

    سول ایوی ایشن نے کاک پٹ میں سگریٹ نوشی پرپابندی عائد کردی

    کراچی : دوران ِپرواز کاک پٹ میں سگریٹ نوشی کرنے والے کپتانوں کی شامت آگئی‘ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سولہ سال بعد حکومتی آرڈی ننس پر عمل کرتے ہوئے دوران پرواز کاک پٹ میں سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کردی ۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ کیپٹن عارف مجید کے ذیر دستخط آرڈر کے ذریعے سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سگریٹ نوشی کے عادی کپتانوں کے لیے آٹھ گھنٹے سے زائد پرواز کرنا دشوار ہوجائے گا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ خط کے مطابق دوران پرواز سگریٹ نوشی سیفٹی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔دوران ِپرواز کوئی بھی کاک پٹ عملہ سگریٹ نوشی میں ملوث پایا گیا تو اس کا لائسنس تین ماہ کیلئے معطل کردیا جائے گا جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسری غلطی پر کاک پٹ عملے کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ خط کی کاپی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی۔خط کے مطابق کارروائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہیلتھ آرڈیننس 2002کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔بین الاقوامی سیفٹی ایجنسی سافا کی جانب سے متعدد بار رپورٹ کی گئی ہے کہ دوران پرواز پاکستانی پائلٹ سگریٹ نوشی کے مرتکب ہوتے ہیں جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی پی آئی اے کے کپتانوں کی جانب سے سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی معمول کی بات ہے ‘ رواں سال کے اوائل میں بین الاقوامی مانیٹرنگ ایجنسی نے برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورت پر پی آئی اے کی 28 پروازوں کی لینڈنگ کو خلاف قانون رجسٹرڈ کیا ہے۔ مجموعی طور پر 40 پروازوں نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی ‘ جن میں سے 28 نے غلطی کی۔

    گزشتہ سال پی آئی اے کی پرواز852میں جہاز کے کپتان نے ایک غیر ملکی خاتون کو خلاف قانون کاک پٹ میں بٹھا لیاتھا، مذکورہ لڑکی جہاز کے ٹیک آف سے لے کر لینڈنگ تک کاک پٹ میں ہی رہی۔ بعد ازاں مذکورہ کپتان کے خلاف پی آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی نے ضابطے کے مطابق کارروائی انجام دی ۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • موسم بہارکی آمد، پی آئی اے کی پروازمہندی کی تقریب میں تبدیل

    موسم بہارکی آمد، پی آئی اے کی پروازمہندی کی تقریب میں تبدیل

    کراچی : پی آئی اے نے موسم بہار کی آمد کی خوشی میں مسافروں کا انوکھے اور دلچسپ انداز میں استقبال کیا، مسافروں میں مٹھائی، گجرے اور چوڑیاں تقسیم کی گئیں، پرواز میں مہندی کی تقریب جیسا ماحول پیدا ہوگیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو کی دھوم مچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے موسم بہار کی آمد پر دوران پرواز مسافروں کا دلچسپ اور انوکھے انداز سے استقبال کیا گیا.

    مسافروں کے سفر کو خوشگوار بنانے کیلیے فضائی میزبانوں نے دلچسپ انداز اپنایا، کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پروازمیں اس وقت خوشگوار ماحول بن گیا جب فضائی میزبانوں نے خواتین مسافروں میں گجرے اور چوڑیاں جبکہ مردوں میں تحائف تقسیم کیے۔

    اس کے علاوہ رنگ بھرے اس ماحول میں دوران پرواز حدیقہ کیانی کے مشہور گیت ’’بوہے باریاں‘‘ پر فضائی میزبانوں نے رقص بھی کیا۔

    اس موقع پران کے ساتھ دیگر مسافر بھی محو رقص ہوگئے، دوران پرواز مختلف مشہور پاکستانی گانے بھی چلائے گئے۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ موسم بہارکی آمد پرمختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں، مسافروں کیلئے ایک ماہ تک مختلف رعایتیں بھی متعارف کرائی جائیں گی۔

    سوشل میڈیا پر آنے کے بعد یہ ویڈیو خوب وائرل ہوئی اور صارفین نے پوسٹ پر انتہائی دلچسپ اور اس کی پذیرائی میں کمنٹس بھی کیے۔

     

     


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • خسارے کا شکار قومی ایئرلائن کے افسران‘ یورپ کے دورے پر

    خسارے کا شکار قومی ایئرلائن کے افسران‘ یورپ کے دورے پر

    کراچی: پی آئی اے میں ایک جانب تو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی معاشی مشکلات کے سبب بحرانی کیفیت کا شکاررہتی ہے‘ تاہم افسران کے بیرونِ ملک دوروں پر کروڑوں روپے خرچ کردیے جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق افسران کا ایک وفد چیف کمرشل آفیسر کی سربراہی میں جمعے کے روز ادارے کے خرچے پر یورپ روانہ ہورہا ہے‘ یہ وفد 10 روز تک ادارے کے خرچے پر یورپ کا دورہ کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے چیف کمرشل آفیسر بلال منیر شیخ کی سربراہی میں 3رکنی وفد جمعہ کو یورپ روانہ ہورہا ہے‘ مذکورہ افسرانروزانہ او سی ایس(اون کارپوریشن سروسز )کے نام پر یومیہ 400ڈالر یومیہ الاوئنس بھی لیں گے۔

    یاد رہے کہ پی آئی اے پہلے ہی اربوں روپے کے خسارے سے دوچار ہے اور اس کی بنیادی وجہ افسران کی شاہ خرچیاں قرار دی جاتی ہیں۔ یورپ جانے والے وفد کی سفری دستاویزات اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی ہیں۔

    یاد رہے کہ ملازمین کو تنخواہیں‘ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو پنشن دینے کے لیے پی آئی اے کے پاس رقم بھی موجود نہیں ہے لیکن پھر بھی افسران کے بیرونِ ملک دورے پرقومی ایئرلائن خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے۔

    یاد رہے کہ مالی بحران کے شکار اہم قومی ادارے پی آئی اے کی انتظامیہ نے گزشتہ ماہ ملازمین پر جبری ریٹائرمنٹ کی تلوار چلا تے ہوئے دو افسران کو بغیر پیشگی اطلاع دیے ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا ہے جس سے دیگر ملازمین میں بے چینی اور خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    قومی ایئر لائن کی انتظامیہ کی جانب سے جدہ میں کوآرڈنیٹر آفیسر شاہ محمد جمالی اور سیل پروموشن افسرحمید کلہوڑو کو ملازمت سے سبکدوش کرنے کا لیٹر دے دیا گیا تھاجب کہ اسائمنٹ افسران سمیت 30 سے زائد دیگر افسران کو بھی فارغ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے جس کے لیے افسران کی فہرست مرتب کی جا رہی ہے۔

    یاد رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں کہا گیا تھا کہ قومی ایئر لائن نے سال 2017 میں اٹھاسی ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا تاہم ایئرلائن کو چھیالیس ارب روپے نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پی آئی اے انجینئرز کا کارنامہ، اے-320 جہازکا پہلا چیک اے مکمل

    پی آئی اے انجینئرز کا کارنامہ، اے-320 جہازکا پہلا چیک اے مکمل

    اسلام آباد : پی آئی اے کے انجینئرز نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اے-320 جہاز کا پہلا چیک اے مکمل کرلیا۔ سردار مہتاب کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے انجینئیرز ہمارا اثاثہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بےنظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد پر پہلے جہاز کی مرمت سازی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی مشیر ہوا بازی سردار مہتاب تھے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار مہتاب نے پہلے جہاز کی مرمت سازی پی آئی اے کے چئیرمین، سی ای او اور انجینئیرز کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ پہلے جہازوں کی مرمت کا کام صرف کراچی میں ہوتا تھا، اب اسلام آباد میں بھی جہازوں کی مرمت سازی سے ادارے کو وقت اور پیسے کی بھی بچت ہوگی۔

    سردار مہتاب کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کے انجینئیرز ہمارا اثاثہ ہیں، پی آئی اے کے انجینئرز نے کم وقت میں زبردست نتائج دئیے۔


    مزید پڑھیں: پی آئی اے فلائٹ سروس نے جدید آئی ایس او سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا


    واضح رہے کہ اے 320 جہاز کو 750 اُڑانوں کے بعد چیک اے کیا جاتا ہے، قومی ائیر لائن کے انجینئرز نے ایک سال کے کم عرصہ میں منصوبہ مکمل کیا، مُلکی اور غیر مُلکی جہازوں کی مرمت سے سرمائے میں بھی اضافہ ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے قوانین کی سنگین خلاف ورزی، جونیئرافسران بڑے عہدوں پرتعینات

    پی آئی اے قوانین کی سنگین خلاف ورزی، جونیئرافسران بڑے عہدوں پرتعینات

    کراچی : پی آئی اے میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بغیر جونیئر افسران کی تعیناتی کردی گئی، قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے گروپ نو کی عہدے پر جونیر افسران کو تعینات کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ لاجواب سروس کے دعویدار قومی ادارے پی آئی اے میں قوانین اور سنیارٹی کی دھجیاں اڑادیں گئیں، بورڈ کی منظوری کے بغیر گروپ نو کی عہدے پر جونیر افسران کو متعین کردیا گیا۔

    بیرون ملک تعیناتی میں گروپ نو کے افسران کی تعیناتی کی جاتی ہے مگر قوانین کے برعکس منظور نظر افسران کو تعینات کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق انیس افسران میں زیادہ تر گروپ آٹھ کے افسران شامل ہیں، جدہ، دبئی، پیرس، یوایس اے، گوپن ہیگن سمیت دیگر ممالک میں جونیر افسران تعینات کردیئے گئے۔

    اس کے علاوہ نیویارک اسٹیشن بند ہونے کے باوجود جنید شاہ کو جنرل مینجر یوایس اے تعینات کردیا گیا۔

  • پی آئی اے فلائٹ سروس نے جدید آئی ایس او سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا

    پی آئی اے فلائٹ سروس نے جدید آئی ایس او سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا

    کراچی : پی آئی اے نے نئے اسٹینڈرڈ آئی ایس او کی سرٹیفکیشن حاصل کرلی، خطے میں پہلی سرٹیفائیڈائر لائن ہونے کا اعزازحاصل کرکے ایک اور سنگِ میل عبورکرلیا۔

    پی آئی اے کے شعبہ فلائٹ سروس کا بین الاقوامی آڈٹ کمپنی بیورو ورٹاس نے نئے کوالٹی منیجمنٹ اسٹینڈرڈ کے حوالے سے آڈٹ کیا۔

    اس بیرونی آڈٹ میں بیس اسٹیشنز کے علاوہ ائر لائن کے ہیڈ آفس کا انتخاب کیا گیا جس میں بغیر کسی دشواری کے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔

    پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے چیف آپریٹنگ آفیسر ضیاء قادر قریشی اور ائر لائن کے شعبہ فلائٹ سروسز کو کامیابی سے آئی ایس او سرٹیفکیشن کے دوبارہ سے حصول پر مبارکباد دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس سرٹیفکیشن کے تحت کوالٹی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ان اقدامات کو حقیقی معنوں میں لاگو کیا جائے تا کہ پی آئی اے کو سفر کے لئے مسافروں کی پہلی ترجیح بنایا جا سکے۔

    انہوں نے یہ سرٹیفکیٹ45 دن کی ریکارڈ مدت میں حاصل کرنے پر شعبہ فلائٹ سروس کی کار کردگی کو سراہا۔

    یاد رہے کہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار اسٹینڈرائزیشن نامی یہ تنظیم مختلف شعبوں میں بین الاقوامی میعارات کا تعین کرتی ہے، جس کی جانب سے پی آئی اے کو سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان عہدے سے برطرف

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان عہدے سے برطرف

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان کو عہدے سے برطرف کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا، برطرفی کا نوٹس اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جاری کیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق عاصم سلیمان کو ایک ماہ کی تنخواہ بھی ادا کی جائے گی جبکہ ائیروائس مارشل ریٹائرڈ اوسید الرحمان کو ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جب تک نئے ڈی جی کا تقرر نہیں ہوجاتا اس وقت تک اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

    یاد رہے کہ عاصم سلیمان کیخلاف سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین،ڈائریکٹران اور جنرل منیجرز کی جانب سے ان کی برطرفی کیلئے احتجاجی مہم شروع کی تھی، جو دو مہینے سے جاری تھی۔

    ملازمین اور افسران کا مطالبہ تھا کہ انھیں فوری طور پر برطرف کیا جائے، جس پر مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے ملازمین و افسران کو یقین دلایا تھا کہ فروری کے آخر تک ان کو عہدے سے برطرف کردیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ عاصم سلیمان کی برطرفی سے متعلق اے آروائی نیوز نے سب سے پہلے خبر نشر کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے کے چار اہم ترین لیپ ٹاپ چوری

    پی آئی اے کے چار اہم ترین لیپ ٹاپ چوری

    کراچی: پی آئی اے ہیڈ آفس سےشعبہ فنانس کے چارانتہائی اہمیت کے حامل لیپ ٹاپ چوری ہوگئے‘ یہ لیپ ٹاپ ڈپٹی جنرل منیجر اکاؤنٹنگ ، انجینئرنگ فنانس اور آڈٹ ڈپارٹمنٹ سے چوری کیے گئے ۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ہی روز میں پی آئی اے کےفنانس ڈیپارٹمنٹ سے چار اہم ترین ڈیٹا کے حامل لیپ ٹاپ چوری کرلیے گئے‘ سی سی ٹی وی کیمروں سمیت ادارے کے تمام تر سیکیورٹی انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دو لیپ ٹاپ ڈپٹی جنرل منیجر اکاؤنٹنگ تنویربنگش کے دفترسے چوری ہوئے جبکہ نامعلوم چورانجینئرنگ فنانس اورآڈٹ ڈپارٹمنٹ کا لیپ ٹاپ بھی لے اڑے۔

    ڈپٹی جنرل منیجراکاؤنٹنگ تنویربنگش نے حکام کو آگاہ کر دیا ہے‘ پی آئی اے سیکیورٹی ایک ہفتہ گذرجانے کے بعد بھی لیپ ٹاپ برآمد نہ کرا سکی ہے۔ کہا جارہاہے کہ پی آئی اے کے اہم ترین شعبہ جات کے حساس ڈیٹا کے حامل یہ لیپ ٹاپ ملی بھگت سے چرائے گئے ہیں۔

    چوری ہوجانے والے لیپ ٹاپس میں سب سے اہم اہم ترین لیپ ٹاپ آڈٹ ڈپارٹمنٹ کا تھا ، جس میں حساس نوعیت کا ریکارڈ موجود تھا جبکہ ایک لیپ ٹاپ میں شعبہ فنانس کااہم ریکارڈ موجود تھا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہیڈ آفس سے ڈیوٹی اوقات ختم ہونے کے بعد چوری کی واردات ہوئی ہے۔سکیورٹی اورشعبہ ورکس کےملازمین کو شامل تفتیش کیا جائےگا۔

    پی آئی اے کے ترجمان مشہور تاجور نے اپنی نوعیت کے اس انوکھی چوری کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں ، جلد چوروں کا سراغ لگالیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پرایمبولفٹرگرنےسے5 مسافرزخمی

    بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پرایمبولفٹرگرنےسے5 مسافرزخمی

    راولپنڈی: بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرغیرملی ایئرلائن کی پرواز کے ساتھ وہیل چیئر پر سوار مسافروں کے لیے لگائی گئی ایمبولفٹر گرنے سے 3 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرغیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ساتھ لگائی گئی ایمبولفٹر گرنے سے 3 خواتین سمیت 5 مسافر زخمی ہوگئے‘ امبولفٹر وہیل چیئر پر سوار مسافروں کو جہاز میں پہنچانے کے کام آتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر موجود لفٹ خراب ہونے پرمعذورمسافروں کو سیڑھی کے ذریعے جہازپرپہنچایا جا رہا تھا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں  جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔


    پی آئی اے کی سینئرسٹیزن اورمعذورافراد کیلئے خصوصی رعایت ختم


    خیال رہے کہ یکم فروری کو پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ نے معذوراورعمررسیدہ افراد سے ان کا حق چھین لیا تھا اور اندرون اور بیرون ملک جانے والی پروازوں پررعایت ختم کردی تھی۔

    اس موقع پر ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ہدایت پر اسلام آباد ایئرپورٹ سمیت تمام ایئرپورٹ پر گراونڈ ہینڈلنگ کے آلات اور ایمبولفٹر کی معائنے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق تمام گراونڈ ہینڈلنگ کے استعمال ہونیوالی مشینری کی مکمل جانچ کی جائے گی اور غفلت اور کوتاہی برتنے والوں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔

  • پی آئی اے: ایگزیکٹیو کمیٹی کے دوسالہ انتخابی نتائج کا اعلان، رضوان گوندل صدر منتخب

    پی آئی اے: ایگزیکٹیو کمیٹی کے دوسالہ انتخابی نتائج کا اعلان، رضوان گوندل صدر منتخب

    کراچی: پاکستان انٹرنیشل ایئرلائن کے کپتانوں کی نمائندہ تنظیم پالپا نے ایگزیکٹیو کمیٹی کے دوسالہ انتخابی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایگزیکٹیو کمیٹی سے متعلق جاری پولنگ میں ووٹ کا تناسب چھیانوے فیصد رہا جبکہ چارسوچھبیس ووٹوں میں سے تین سواٹھانوے ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    انتخابات کے نتائج کے بعد کیپٹن رضوان گوندل صدر منتخب ہوگئے جس کے تحت صدر اور منتخب نمائندے 2018 سے 2020 کے لیے کام کریں گے۔

    پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان تناؤ بڑھ گیا، 88 پروازیں منسوخ

    نتائج کے مطابق نائب صدرکپٹن جہانگیر خان، سیکریٹری جنرل علی منصورقریشی، جوائنٹ کیپٹن چاکرشاہ، کیپٹن ناریجو اور ریحان حقی اورعدنان صدیقی بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔

    علاوہ ازیں مجلس عاملہ کے اراکین کیلئے کیپٹن فیصل حمید، کیپٹن ربانی، کیپٹن بلال چغتائی، کیپٹن حسیب علی خان، اور کیپٹن فواد علی شاہ منتخب ہوئے۔

    ایل پی آر و سپروائزری عہدوں پرتعینات کپتانوں کوفارغ کیا جائے، پالپا

    خیال رہے گذشتہ برسوں میں پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان گہرا تناؤ رہا ہے، پی آئی اے کے پائلٹس اور انتظامیہ کے درمیان تنازعات کے باعث ماضی میں پچاس کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا جبکہ زیادہ تر مسافروں نے اپنے ٹکٹ ریفنڈ کروا کر نجی ایئرلائن کے ٹکٹ خریدنے پر مجبور ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔