Author: محمد صلاح الدین

  • کروڑوں کی کرپشن : پی آئی اے کے ڈپٹی جی ایم کی ایف آئی اے میں طلبی

    کروڑوں کی کرپشن : پی آئی اے کے ڈپٹی جی ایم کی ایف آئی اے میں طلبی

    کراچی : پی آئی اے میں بدعنوانیوں کے حوالے سے اے آروائی نیوز پر نشر کی جانے والی کی خبر کا ایف آئی اے نے نوٹس لے لیا، کرپشن میں ملوث ڈپٹی جنرل منیجر کو دستاویزات سمیت طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے گزشتہ روز قومی ادارے پی آئی اے میں کروڑوں روپے کی کرپشن سے متعلق خبرنشر کی تھی، خبر کے مطابق ادارے میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی تھی جس میں ڈپٹی جنرل منیجر نارتھ کے ملوث پونے کا انکشاف کیا گیا تھا۔

    ایف آئی اے نے خبر کا سختی سے نوٹس لیا، ایف آئی اے نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پی آئی اے میں کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ڈپٹی جنرل منیجرنارتھ حسن قریشی کو تمام دستاویزات سمیت طلب کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے حکام نے حکم نامہ طلبی حسب دفعہ160ضابطہ فوجداری کے تحت حسن قریشی کو طلب کیا ہے۔

    سال دو ہزار تیرہ میں آڈیٹر جنرل نے پی آئی اے کے شعبہ کیٹرنگ لاہور میں 303.29 ملین روپے کی بے ضابطگیوں کی رپورٹ شائع کی تھی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سات صفحات پر اس رپورٹ میں منیجر پی اینڈ ایل منیجر حسن قریشی کو بدعنوانی کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا، مذکورہ جعل سازی اور بدعنوانی سے متعلق وزیر اعظم سیکریٹریٹ نے بھی رپورٹ طلب کی تھی۔

  • پی آئی اے ملازمین نے حفظانِ صحت کے قوانین کی دھجیاں اڑادیں

    پی آئی اے ملازمین نے حفظانِ صحت کے قوانین کی دھجیاں اڑادیں

    کراچی: قومی ایئر لائن کے فلائٹ کچن میں حفظانِ صحت اور فوڈ کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں گئیں‘ اسٹاف کی بغیر دستانے پہنے کھانا پیک کرنے کی تصاویر منظرِ عام پر آگئیں‘ ترجمان نے اسے چند افراد کا ذاتی عمل قراردے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے فلائٹ کچن سے موصول ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ایئر لائن کا اسٹاف ننگے ہاتھوں سے کھانے کی پیکنگ میں مصروف ہے‘ یاد رہے کہ یہ عمل حفظانِ صحت کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی ملکی اور بین الاقوامی پروازوں میں اسٹاف مسافروں کو فراہم کرنے والا کھانا بغیر دستانوں کے پیک کردیتا ہے جس سے مہلک جراثیم کی منتقلی کے خدشات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔

    تصاویر کے منظر عام پر آنے سے روزانہ ہزاروں مسافروں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار پر سوالیہ نشان کھڑے کردیے ہیں۔ یاد رہے کہ پی آئی اے کی پروازوں میں مسافروں کو باسی کھانا فراہم کرنے کی شکایات بھی عام ہیں۔

    دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے فلائٹ کچن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے فلائٹ کچن میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق مسافروں کے لئے معیاری کھانے تیار کئے جاتے ہیں۔ پی آئی اے کا فلائٹ کچن بین الاقوامی معیار کے مطابق اور سند یافتہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فلائٹ کچن کے چند ملازمین کی دستانوں کے بغیر کھانا تیار کرتے ہوئے تصاویر قومی ائر لائن کو بدنام کرنے کی مذموم اور سوچی سمجھی سازش ہے جن کی تحقیقات کا آغاز دو روز پہلے ہی اس بات کا تعین کرنے کے لیے کر دیا گیا ہے کہ یہ تصاویر کس وقت بنائی گئیں۔یہ چند لوگوں کا ذاتی فعل ہے اور ایئر لائن کی فوڈ پالیسی سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ان تصاویر میں نظر آنے والے ملازمین اس بات سے آگاہ نظر آ رہے ہیں کہ ان کی تصاویربنائی جا رہی ہیں جس سے مذکورہ ملازمین کی بد نیتی ظاہر ہو رہی ہے۔

    پی آئی اے اس واقعے میں ملوث ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لے گی۔یہ بات نہایت افسوسناک ہے کہ چند افراد اپنے ہی ادارے اور روزگار کو بدنام کرنے کی سازش میں ملوث ہیں اور پی آئی اے کا وقار تباہ کر رہے ہیں۔

    پی آئی اے اپنے معزز مسافروں کو اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ دورانِ پرواز کھانوں کی فراہمی بین الاقوامی معیار اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کی جاتی ہے اور پی آئی اے انتظامیہ کی یہ اولین ترجیح ہے ۔


  • وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی مشیر ہوا بازی سے ملاقات

    وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی مشیر ہوا بازی سے ملاقات

    گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے سیاحوں کی سہولت کے لیے پی آئی اے کے کردار کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں حافظ حفیظ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سنہ2017 میں 20 لاکھ سے زائد سیاحوں نے گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیاحوں کی سہولت کے لیے پی آئی اے کے کردار کو سراہا۔

    مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اسکردو کے لیے ایئر بس 320 طیارہ آپریٹ کر رہی ہے جبکہ گلگت کے لیے اے ٹی آر طیارے استعمال ہو رہے ہیں۔ سیاحت کے فروغ کے لیے گلگت بلتستان کے لیے پی آئی اے اپنی پرواز میں اضافہ کرے گی۔

    مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی نے مزید کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ آئندہ سیزن میں گلگت، اسکردو اور دیگر علاقوں کے لیے اپنے پلان میں اضافہ کرے۔ گلگت بلتستان میں سیاحوں کی دلچسپی کی وجہ سے پاکستان کا امیج ابھر کر سامنے آیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جدید اورمحفوظ ترین ای پاسپورٹس کے اجراء کی تیاریاں مکمل

    جدید اورمحفوظ ترین ای پاسپورٹس کے اجراء کی تیاریاں مکمل

    کراچی : جعلسازی سے مکمل محفوظ ای پاسپورٹس کے اجراء کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، پہلے مرحلے میں سرکاری افسران اور سفارت کاروں کو جاری کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے مائیکرو چپ والے جدید ای پاسپورٹس کے اجراء کیلئے اقدامات کرلیے، اس سلسلے میں ابتدائی طور پر سفارت کاروں اور سرکاری افسران کو ای پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے، مذکورہ پاسپورٹس کو جعلسازی سے مکمل محفوظ رکھنے کیلئے مائیکرو چپ لگائی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق بلیو اورریڈ پاسپورٹس کے اجراء کا آغاز مارچ 2018 سے ہو گا جبکہ عام شہریوں کو ای پاسپورٹس کا اجراء دوسرے مرحلے میں کیا جائے گا۔

    سیکورٹی پرنٹنگ پریس سے بائیو میٹرک پاسپورٹس کی پہلی کھیپ اسلام آباد روانہ کردی گئی ہے، پہلے مرحلے میں پانچ سو آزمائشی ای پاسپورٹس جاری کئے جائیں گے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ای پاسپورٹس میں نئے محفوظ ترین سیکورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں، سیکیورٹی فیچرز میں کاربوریٹڈ صفحات، ایک عام فوٹو اور ایک ڈاٹیڈ فوٹو بھی شامل ہے۔

    کاربوریٹڈ صفحات سے پاسپورٹس میں کسی بھی قسم کی جعلسازی ناممکن ہو گی، بائیو میٹرک پاسپورٹ پر لگی مائیکرو چپ میں پاسپورٹ ہولڈر کے تمام کوائف درج ہوں گے۔

    دس سالہ ای پاسپورٹ کی فیس جاری کردہ عام پاسپورٹ کے برابر ہوگی، مخصوص مدت کے بعد موجودہ کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹس مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔

    واضح رہے کہ کزشتہ ماہ کے وسط میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے عوام کو خوشخبری دی تھی کہ شہریوں کو نئے سال 2018 کے وسط میں ای پاسپورٹ کا اجراء شرو ع کردیا جائے گا جس میں مائیکرو چپ لگی ہو گی، اس جدید پاسپورٹ کے اجراء سے جعلی کاغذات کے ذریعے بیرون ملک سفر کرنے والوں کا قلع قمع کیا جا سکے گا۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی برطرفی کے لیے بکرے کا صدقہ

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی برطرفی کے لیے بکرے کا صدقہ

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین نے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل عاصم سلیمان کی برطرفی کے لیے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے بکرے کا صدقہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین ادارے کے ڈائریکٹر جنرل عاصم سلیمان کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    اس سلسلے میں ملازمین نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے ڈی جی سی اے اے ہیڈ کوارٹر کے سامنے بکرے کا صدقہ دیا۔

    ملازمین کا کہنا ہے کہ ڈی جی کی برطرفی تک روزانہ بکروں کا صدقہ دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: اے ٹی آر طیارے کی اڑان سے قبل کالے بکرے کا صدقہ

    ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج ڈی جی سول ایوی ایشن کی جانب سے افسران اور ملازمین کے ساتھ تضحیک آمیز رویے پر کیا جا رہا ہے۔

    اس حوالے سے چیئرمین سی بی اے راؤ اسلم کا کہنا تھا کہ ہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پرائیویٹ ایوی ایشن بننے نہیں دیں گے۔ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فوری نہ ہٹایا گیا تو ملک بھر کے ایئر پورٹس پر احتجاج کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈی جی سی اے اے کی برطرفی کا معاملہ شدت اختیار کرگیا

    ڈی جی سی اے اے کی برطرفی کا معاملہ شدت اختیار کرگیا

    کراچی : ڈی جی سی اے اے کی برطرفی کا معاملہ شدت اختیار کرگیا، ڈائریکٹرز کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولرز بھی میدان میں آگئے، ڈی جی کیخلاف اعلیٰ حکام کو خط ارسال کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن  اتھارٹی کے خلاف افسران و ملازمین کا احتجاج جاری ہے، پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرولر کی نمائندہ تنظیم ائیر ٹریفک کنٹرول گلڈ بھی ڈی جی سول ایوی ایشن کے خلاف میدان میں آگئی۔

    ڈائریکٹرز کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے بھی ڈی جی سی اے اے کی برطرفی کا مطالبہ کردیا، ڈی جی سی اے اے کی برطرفی سے متعلق مشیر ہوا باز سردار مہتاب اور ایوی ایشن سیکریٹری کو خط ارسال کردیا گیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ کنٹرولر شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں جس سے سیفٹی کیلئے خطرات لاحق ہورہے ہیں، ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ملازمت انتہائی حساس ہے ذرا سی غفلت سے مسافروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    ایئر ٹریفک کنٹرولر پر ڈی جی سی اے اے کا شدید دباؤ ہے، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔


    مزید پڑھیں: ڈی جی سول ایوی ایشن کی برطرفی کیلئے ملازمین سراپا احتجاج


    اس قسم کے تنازعات سول ایوی ایشن کے حساس شعبوں کے لیے قطعی موزوں نہیں ہیں، موجودہ صورتحال کی وجہ سے ملازمین کے ذہن کام پر یکسو ہونے کے بجائے منتشر ہورہے ہیں۔

  • ڈی جی سول ایوی ایشن کی برطرفی کیلئے ملازمین سراپا احتجاج

    ڈی جی سول ایوی ایشن کی برطرفی کیلئے ملازمین سراپا احتجاج

    کراچی : ڈی جی سول ایوی ایشن کی بر طرفی کا مطالبہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔ اعلیٰ اور اہم عہدوں پر فائز ڈپٹی ڈائریکٹرز جنرلز اور ڈائریکٹرز کے بعد 145 سے زائد ایڈیشنل ڈائریکٹرز بھی میدان میں آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے ملازمین کی آفیسرز ایسوسی ایشن اور ایمپلائز یونین بھی ڈی جی سول ایوی ایشن عاصم سلیمان کی برطرفی کیلئے متحرک ہو گئیں۔

    پیر کے روز سے ڈی جی سی اے اے کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ مشیر ہوا بازی، سیکریٹری ایوی ایشن کو بھی ڈی جی سی اے اے عاصم سلیمان کی برطرفی کا مطالبہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن کی جانب سے افسران اور ملازمین کے ساتھ تضحیک آمیز رویئے پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔

    اس حوالے سے چیئر مین سی بی اے راؤ اسلم کا کہنا ہے کہ ہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پرائیویٹ ایوی ایشن بننے نہیں دیں گے، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فوری نہ ہٹایا گیا تو ملک بھر کے ایئر پورٹس پر احتجاج کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام سپریٹنڈنٹس کو عدالتی حکم کے بعد بھی ڈی جی سی اے اے نے ترقی نہیں دی۔ دوسری جانب آفیسرز ایسوی ایشن کے زونل چیف زرین گل درانی نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی جی سی اے اے عاصم سلیمان کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے، اس موقع پر سی اے اے ہیڈ کوارٹرز میں گو ڈی جی گو کے نعرے لگائے گئے۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر بنکاک جانے والا دہشت گرد گرفتار

    کراچی ایئرپورٹ پر بنکاک جانے والا دہشت گرد گرفتار

    کراچی : ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بنکاک جانے والے دہشت گرد گرفتار کرلیا، دہشت گرد سے 4 پستول، 8 میگزین، 70 گولیاں برآمد ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی کے سارے انتظامات دھرے رہ گئے، کراچی میں ملائشین باشندہ اسلحہ لے کر ایئرپورٹ کے اندر پہنچ گیا۔

    جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے بنکاک جانے والے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔

    اے ایس ایف حکام کے مطابق کارروائی کے دوران پکڑے جانا والا دہشت گرد بیس سالہ المہدالفی ملائیشین نژاد شہری ہے، گرفتار دہشت گرد نے اپنے سامان اور میں چار ٹی ٹی پستولیں، آٹھ میگزین چھپائے ہوئے تھے اور جوتے کے اندر ستر گولیاں چھپی ہوئی تھیں۔

    دہشت گرد نے پستولیں کھول کر سامان کے بیچ میں رکھی ہوئی تھیں تاکہ کسی کو پتا نہ چل سکے۔

    گرفتار دہشت گرد سے تحقیقات کے لیئے حساس ادارے کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئے، مزید تفتیش جاری ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سال 2017: قومی ایئرلائن کے لیے بدترین خسارے کا سال

    سال 2017: قومی ایئرلائن کے لیے بدترین خسارے کا سال

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ کی بدنظمی اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے مالیاتی خسارے کی اڑان آسمان کی جانب ہے، سال 2017 بھی قومی ایئرلائن کیلئے بدترین خسارے کے ساتھ مشکلات کا شکار رہا، مجموعی خسارہ400ارب روپے سے زائد تجاوز کرگیا جبکہ قرضوں کا حجم بھی 205ارب روپے تک جاپہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فضاوٴں کا سینہ چیر کر مسافروں کو منزل مقصود پر بحفاظت پہنچانے والی پی آئی اے جو کبھی اعتماد و فخر اور وقار کی علامت تھی، اب انتظامی نااہلی کی وجہ سے ہر دن ناکامی کا ایک نیا سفر طے کررہی ہے۔

    سال2017بھی پی آئی اے کے لئے اچھا ثابت نہیں ہوا، پی آئی اے میں بدعنوانی بھی اپنے عروج پر ہے، ناتجربہ کار افسران نے بھی ادارے کے لئے نقصان کا باعث بن رہے ہیں۔

    پی آئی اے مجموعی طور پر400ارب روپے سے زائد خسارے سے دوچار ہے، ہر سال 40ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچ رہا ہے، سال 2017میں بھی پی آئی اے کا سالانہ خسارہ بھی40سے45ارب روپے تک جا پہنچا ہے، پی آئی اے ہر سال 15ارب روپے سود کے ادا کر رہی ہے۔

    مالی بحران کی وجہ سے ملازمین کو تنخواہیں بھی تاخیر سے ادا کی جارہی ہے۔اس ضم میں قومی ایئرلائن قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ پی ایس او کے 15ارب روپے سے زائد واجبات جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 23ارب روپے سے زائد واجبات ہیں اور بین الاقوامی ایئرپورٹ کے چارجز بھی پی آئی اے پر بڑا بوجھ ہے۔

    پی آئی اے وزیراعظم کے احکامات کے باوجود2017میں اپنا بزنس پلان تیار کرنے میں بری طرح ناکام رہی، ناتجربہ کار افسران بزنس پلان تک بھی تیار نہ کرسکے، جس کی وجہ سے پی آئی اے کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے، طیاروں کے پرزہ جات خریدنے کیلئے 30ارب روپے سے زائد کی رقم درکار ہے ہنگامی بنیادوں پر رقم فراہم نہ کی گئی تو طیاروں کی مینٹیننس بھی متاثر ہوگی۔

    دوسری جانب ویتنام سے ویٹ لیز پر حاصل کئے گئے چار ایئربس 320طیارے جنوری 2018واپس ہونا شروع ہوجائیں گے، بزنس پلان تیار نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے دوسرے طیارے لیزپر حاصل نہیں کرسکا، جس کی وجہ سے گلف جانیوالی پروازوں کا شیڈول کے ساتھ ساتھ اندرون اور بیرون ملک جانیوالی پروازیں بھی بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔

    ناقص حکمت عملی کے باعث قرضوں کی واپسی کے بجائے سود کی ادائیگی قومی ایئرلائن پر سب سے بڑا بوجھ ہے، پی آئی اے کے مسافروں کو عدم سہولیات پالیسی میں فضائی مہمانوں کو دور کردیا ہے۔

    قومی فضائی کمپنی کو بہتر بنانے اور اس کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے حکومتی دعوے اس سال بھی دعوے ہی رہے، امید کی جاسکتی ہے کہ نیا سال اس کے لئے اچھا ثابت ہوگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے کے مالی بحران میں شدت، ملازمین تنخواہوں سے محروم

    پی آئی اے کے مالی بحران میں شدت، ملازمین تنخواہوں سے محروم

    کراچی : قومی ایئر لائن کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے، ملازمین کو نومبر کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اربوں روپے خسارے میں چلنے والے قومی ادارے پی آئی اے کا مالی بحران ایک بار پھر مزید شدت اختیار کرگیا ہے، شدید مالی بحران کے باعث ملازمین کی  تنخواہیں ایک بار پھر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    گزشتہ ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے، اس کے علاوہ ڈیلی ویجر ملازمین بھی تنخواہوں سے تاحال محروم ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی آئی اے حکام نے بلوچستان میں اسٹاف کینٹینز بھی بند کردیئے ہیں، ذرائع نے اے آروائی نیوز کو بتایا ہے کہ پی آئی اے حکام اسٹاف کینٹینز کو مالی لحاظ سے نقصان کا باعث سمجھ رہے ہیں جس کے تحت بلوچستان میں تمام کینٹینز بند کردی گئی ہیں۔


    مزید پڑھیں : پی آئی اے کا گمشدہ طیارہ، کارروائی کے لیے وزیر اعظم کو خط


    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کے لئے باہمی رابطے شروع کردیئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔