Author: محمد صلاح الدین

  • پی آئی اے کی نجف اوربنکاک کے لیے نئی پروازیں

    پی آئی اے کی نجف اوربنکاک کے لیے نئی پروازیں

    کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے نے عراق کے شہر نجف اور بنکاک کے لیے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ دونوں شہروں کے لیے ہفتے میں تین پروازیں مختص کی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے اپنے سفری مقامات میں دو نئے شہر نجف اور بنکاک کا اضافہ کرلیا ہے‘ نجف زیارات اور بنکاک سیاحت کے حوالے سے پاکستانی مسافروں کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔

    عراق کے شہر نجف کے لئے پی آئی اے کی پہلی پرواز 14 ستمبر کو کراچی سے روانہ ہوگی اور بنکا ک کےلیے پی آئی اے کی پہلی پرواز 16 ستمبر کو کراچی سے ہی روانہ ہوگی‘ دونوں سیکٹرز میں ہر ہفتے تین پروازیں رکھی گئی ہیں۔

    نئے سیکٹرز کی پروازوں کے لئے ایئر بس 320 طیارے آپریٹ کئے جائیں گے اور 160 نشستوں کی گنجائش کے حامل ان طیاروں کے لئے بکنگ تمام شہروں سے کی جائے گی‘ خواہش مند مسافروں کو منسلک پروازوں کے ذریعے کراچی لایا جائے گا۔

    پاکستان کے 3 ایئرپورٹس پر جدید ترین اسکینر نصب*

      حال ہی میں پاکستان میں ہوا بازی کے نظام کو مزید محفوظ بنانے لے لیے سول ایوی ایشن نے ملک کے تین بڑے ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی اسکیننگ کے لئے جدید ٹیکنک کے حامل مشینیں نصب کردی گئی ہیں۔

     کراچی‘ اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر ان مشینوں کے زریعے مسافروں کی فل باڈی اسکیننگ کی جائے گی جس سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ممکنہ دہشت گردی کو بھی ناکام بنانا ہے


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • نئی امریکی پالیسی خطے میں کشیدگی پیدا کرے گی: فیصل محمد

    نئی امریکی پالیسی خطے میں کشیدگی پیدا کرے گی: فیصل محمد

    برسلز: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان ‘ افغانستان اور بھارت کے حوالے سے حالیہ بیان پر فیصل محمد کا کہنا ہے کہ امریکہ نے اپنے بجائے بھارتی پالیسی اعلان کیا‘ ان کا کہنا تھا کہ نئی امریکی پالیسی خطے میں امن پیدا کرنے کے بجائے خطے میں مزید کشیدگی پیدا کرنے کا باعث ہوگی۔

    بین الاقوامی تنازعات کے عالمی ماہر فیصل محمد نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمہ میں پاکستان کے کردار کو عالمی برادری تسلیم کرتی ہے ۔

    امریکہ نے پاکستان کو اربوں ڈالر دیئے ہیں، نتائج چاہئیں، ٹرمپ* 

    مسئلہ کشمیرحل کیے بغیر بھارت کی سی پیک میں شمولیت خطرناک ہوگی*

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے واضح ثبوت ہمارے پاس ( یورپی یونین ) میں موجود ہیں اس کے برعکس ٹرمپ کا یہ کہنا کہ پاکستان دہشت گردوں کو پناہ دیتا پاکستان کے روایتی حریف بھارت کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے ۔

    فیصل محمد نے یہ بھی کہا کہ بھارت اور امریکہ کو پاک چائنا اقتصادی راہداری کے ذریعے دنیا میں چین اور پاکستان کے بڑھتی ہوئی اہمیت سے تحفظات لاحق ہیں اس لیے ان کی کوشش ہے کہ افغانستان کی جنگ کو پاکستان میں لایا جائے تاہم یہ امریکی منصوبہ روس اور چین کی موجودگی میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایک موقع پر اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل محمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت سی پیک میں شرکت کرکے فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے‘ لیکن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیربھارت کو ایسا موقع دینا خطرناک ثابت ہوگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • لاہورایئرپورٹ پرمسافر سے کروڑوں کی ہیروئن برآمد

    لاہورایئرپورٹ پرمسافر سے کروڑوں کی ہیروئن برآمد

    لاہور: علامہ اقبال ایئر پورٹ سیکیورٹی فورسز نے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے‘ ملزم کے قبضے سے ساڑھے تین کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی ہے

    تفصیلات کے مطابق  لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرسیکیورٹی فورس نے سعودی عرب جانے والی پرواز کے مسافر سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرکے مسافر کو حراست میں لے لیا ہے ۔

    اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر محمد ظہور نامی مسافر کے سامان کی جب تلاشی لی گئی تو بیگ کے خفیہ خانوں میں ساڑھے تین کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

    Heroine smuggling

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزم غیر ملکی ایئر لائن ’ عمان ایئر کی پرواز نمبر ڈبلیو وائی 342 کے ذریعے لاہور سے ریاض سفر کررہا تھا اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بورڈنگ سے قبل ہی حراست میں لے لیا۔

    ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ہیروئن کی اسمگلنگ میں ملوث مسافر سے ابتدائی تفتیش کے بعد اسے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    Heroine smuggling

    لاہورایئرپورٹ پرکارروائی‘ میاں بیوی ہیروئن اسمگلرزگرفتار

     دو ماہ قبل جون میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس نے کارروائی کرتے ہوئےخوشاب کے رہائشی میاں بیوی کے سامان سے تلاشی کے دوران 6کلو ہیروئن برآمد کی تھی ۔ ہیروئن کی عالمی منڈی میں مالیت پونے6کروڑ سےزائدتھی ۔

    اے ایس ایف ذرائع کا کہناتھا  کہ خوشاب کا رہائشی انور نامی شخص اپنی بیوی کے ہمراہ غیرملکی پرواز سے عمرہ ادا کرنے کےلیےجدہ جارہاتھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرقطر ایئرویز کی پرواز کیوآر 621 سے برآستہ دوحہ سعودی عرب جانے والے مسافر سے ڈھائی کروڑ سے زائد مالیت کی ہیروئن قبضے میں لی تھی۔ سرگودھا کا رہائشی نعیم مالٹے کے چھلکوں میں ہیروئن بھر کے لے جا رہا تھا۔


    اگر آپ بلاگر کے مضمون سے متفق نہیں ہیں تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئرکریں

  • پی آئی اے کا میزبان‘ خاتون کوہراساں کر نے پرمعطل

    پی آئی اے کا میزبان‘ خاتون کوہراساں کر نے پرمعطل

    کراچی: پی آئی اے کے فضائی میزبان پربرطانوی خاتون کو مبینہ جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے‘ پی آئی اے نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں ایک ہوٹل کی انتظامیہ کی جانب سے پی آئی اے کو ای میل کی گئی ہے جس میں پی آئی اے کے فضائی میزبان پر ہوٹل کی ملازمہ کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    PIA

    اے آروائی نیوز کو موصول ہونے والی ای میلز کے عکس کے مطابق پی آئی اے برمنگھم آفس کی انتظامیہ کو یہ ای میل ہوٹل جنرل مینیجر کی جانب سے موصول ہوئی ہے۔

    دورانِ پروازسونے والے پی آئی اے پائلٹ کے خلاف تحقیقات مکمل*

     واقعے میں ملوث فضائی میزبان اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز کے ساتھ برمنگھم پہنچا تھا جہاں اسے تین روز قیام کرنا تھا‘ ای میل کےمطابق ہراساں کرنے کا یہ واقعہ 16 اگست کو ہوٹل کی لابی میں پیش آیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان مشہور تاجور کا کہنا ہے کہ واقعے کے مبینہ ذمہ دار فضائی میزبان معطل کردیا گیا ہے اور وہ گزشتہ روز وطن واپس پہنچا ہے۔

    PIA

    ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے کراچی میں واقع ہیڈ آفس میں مذکورہ فضائی میزبان سے واقعے کے بارے میں تحقیقات کی جائیں گی‘ مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے واقعے میں ملوث فضائی میزبان کے خلاف کمپنی قوانین کے مطابق کارروائی جاری ہے۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ الزام ثابت ہونے کی صورت میں سخت ترین محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کے 3 ایئرپورٹس پر جدید ترین اسکینر نصب

    پاکستان کے 3 ایئرپورٹس پر جدید ترین اسکینر نصب

    کراچی: ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کو جدید ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ آلات سے بھی لیس کیا جارہا ہے ساتھ ہی ساتھ پاکستان کے تین بڑے ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی اسکیننگ کیلئے جدید ٹیکنک کے حامل مشینیں نصب کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی‘ اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر ان مشینوں کے زریعے مسافروں کی فل باڈی اسکیننگ کی جائے گی جس سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ممکنہ دہشت گردی کو بھی ناکام بنانا ہے۔

    اے ایس ایف کے ڈپٹی ڈی جی برگیڈیئر عمران الحق نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ 15 کروڑ کی لاگت سے جدید مشینیں جرمنی سے برآمد کی گئی ہیں ان مشینوں کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوگی اور نہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کی صحت کو نقصان ہوگا، ملک کے دیگرایئرپورٹس پر بھی مرحلہ وار جدید مشینیں نصب کی جائیں گی ۔


    کراچی ایئرپورٹ پرمسافروں سے کروڑوں کا سونا برآمد


    انہوں نے کہا کہ اے ایس ایف کو جدید ہتھیاروں سے بھی لیس کیا جارہا ہے ۔جدید فل باڈی اسکینر مشینوں کی دیکھ بھال سول ایوی ایشن کرے گی ۔جدید مشینوں کے نصب ہونے سے پاکستان بھی دنیا کے جدیدٹیکنالوجی استعمال کرنے والے ممالک میں شامل ہوجائے گا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز نے ایمرٹس ایئرلائن کی پرواز ای کے 602 سے دو مسافروں کو حراست میں لیا جنہوں نے لباس کے خفیہ حصوں سے سونا اور میموری کارڈ برآمد ہوئے تھے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے وی آئی پی کلچر کے خاتمے کیلئے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر ایف آئی اے کو پروٹوکول دینے پر پابندی عائد کردی ہے، یہ احکامات وفاقی وزیر داخلہ کے وزارت سنبھالنے کے بعد جاری کیے گئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • وی آئی پی کلچرکا خاتمہ: تمام ایئرپورٹ پرپروٹوکول دینے پرپابندی عائد

    وی آئی پی کلچرکا خاتمہ: تمام ایئرپورٹ پرپروٹوکول دینے پرپابندی عائد

    کراچی : وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے وی آئی پی کلچر کے خاتمے کیلئے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر ایف آئی اے کو پروٹوکول دینے پر پابندی عائد کردی ہے، یہ احکامات وفاقی وزیر داخلہ کے وزارت سنبھالنے کے بعد جاری کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر امیگریشن نے ملک بھر کے ایف آئی اے زونز کو خط لکھا ہے کہ ملک بھر کے ایئر پورٹس پر ایف آئی اے حکام پروٹوکول نہیں دیں گے۔ ا ے آروائی نیوز نے خط کی کاپی حاصل کرلی۔

    خط میں انتباہ کیاگیا ہے کہ پروٹوکول دینے پر امیگریشن کے عملے کو معطل کردیا جائے گا اورامیگریشن کے عملے ہی نہیں شفٹ انچارج کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ مسافروں کو ایف آئی اے کاونٹرز پر لائن میں لگنا ہوگا، خط میں مزید کہاگیا ہے کہ پروٹوکول دینے پر پابندی وزارت داخلہ کے حکم پر لگائی گئی ہے۔

    دریں اثناء بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ہراساں کرنے پر بھی کارروائی کی جائے گی جبکہ امیگریشن کاؤٴنٹرز کو سی سی ٹی وی کیمروں سے لازمی مانیٹر کیا جائے گا، جس کی متعلقہ سپروائزر امیگریشن کاوٴنٹرز کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کریں گے۔

  • کراچی ایئرپورٹ پرمسافروں سے کروڑوں کا سونا‘ میموری کارڈ برآمد

    کراچی ایئرپورٹ پرمسافروں سے کروڑوں کا سونا‘ میموری کارڈ برآمد

    کراچی: پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والی ایمرٹس ایئر لائن کے دو مسافروں سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور میموری کارڈز برآمد کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز نے ایمرٹس ایئرلائن کی پرواز ای کے 602 سے دو مسافروں کو حراست میں لیا جنہوں نے لباس کے خفیہ حصوں سے سونا اور میموری کارڈ برآمد ہوئے۔

    PIA customs

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کلکٹر کسٹم جناح انٹرنیشنل ایر پورٹ کراچی یوسف علی خان مگسی کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں دبئی سے کراچی آنے والی پرواز سے محمد عمران انیلا ‘ عمران اورحسین پٹیل نامی مسافروں کے قبضے سے 2 کروڑ روپے مالیت کے 5 کلو سونے کے طلائی زیورات اور 25 لاکھ روپے مالیت کے 24000 میموری کارڈ برآمد کیے ہیں۔


    پی آئی اے ایئر ہوسٹس سونا اسمگل کرتے ہوئے گرفتار


     برآمد شدہ زیورات اور میموری کارڈز کو تینوں مسافروں نے اپنے پہنے ہوئے ملبوسات میں خفیہ طریقے سے چھپایا ہوا تھا‘ تینوں مسافروں کو گرفتار کر کے مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ کسٹم حکام گزشتہ سال پی آئی اے کی سنیئر ایئر ہوسٹس سے ڈھائی کلوگرام سونا برآمد کرکے حراست میں لے لیا تھا، ایئر ہوسٹس سونا نیویارک اسمگلنگ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • مشرف رسول سیاں پی آئی اے کے سی ای او مقرر، حکم نامہ جاری

    مشرف رسول سیاں پی آئی اے کے سی ای او مقرر، حکم نامہ جاری

    کراچی : چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی آئی اے کےعہدے پر سابق بیورو کریٹ مشرف رسول سیاں کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، ایوی ایشن ڈویژن کا جاری کردہ تقرر نامہ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق بیورو کریٹ مشرف رسول سیاں کو پی آئی اے کا نیا چیف ایگزیکٹیو آفیسر مقرر کردیا گیا ہے، اس حوالے سے حکومت نے حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔

    انتہائی ضروری کے عنوان سے جاری کردہ تقرر نامہ ایئر لائن کے چیف ہیومن ریسورسز کو بذریعہ فیکس روانہ کیا گیا، خط کے مطابق مشرف رسول سیاں کی بطور سی ای او فوری تقرری کی منظوری وزیر اعظم نے دی ہے۔

    تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اس تقرری کی منظوری سابقہ یا موجودہ وزیراعظم میں سے کس نے دی ہے، مذکورہ تقرر نامے میں پی آئی اے کے21جولائی کے خط کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نئے سی ای او سابق مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب عباسی کے اسٹاف افسر بھی رہ چکے ہیں۔

  • نجی ایئرلائن کی مسافروں کو کاک پٹ میں سیلفی لینے کی اجازت

    نجی ایئرلائن کی مسافروں کو کاک پٹ میں سیلفی لینے کی اجازت

    کراچی : سیرین ایئرلائن نے سیلفی مقابلے کے نام پر جہاز مسافروں کو کاک پٹ میں داخلے کی اجازت دے کر ایک انوکھا کارنامہ انجام دیا، ایئر لائن کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیرین ائیر لائن نے کمرشل فائدے کے لئے سول ایوی ایشن قانون کی دھجیاں اڑا دیں، ایئر لائن انتظامیہ نے مسافروں کو ٹکٹ کا لالچ دے کر کاک پٹ کا دروازہ بھی مسافروں کے لئے کھول دیا اور مسافروں کو سیلفی مقابلے میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

    سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا سول ایوی ایشن قانون کسی ائر لائن کے مسافروں کو کاک پٹ میں جانے کی اجازت دیتا ہے؟ اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن قوانین کے تحت کاک پٹ میں تصویر نہیں کھینچی جا سکتی۔۔

    ترجمان نے کہا کہ اگر کسی ائر لائن نے ایسا کیا ہے تو اس کے خلا ف سول ایوی ایشن قانون کے تحت کاروائی کی جا سکتی ہے۔

    دوسری جانب ترجمان سرین ائرلائن کا مؤقف ہے کہ انتطامیہ نے کچھ مسافروں کو اجازت کے بعد کاک پٹ میں سیلفی بنانے کی اجازت دی تھی۔

    ترجمان سرین ائرلائن کا مزید کہنا ہے کہ ائرلائن انتظامیہ اپنی اجازت سے مسافر کو کاک پٹ میں سیلفی بنانے کی اجازت دے سکتی ہے۔

  • سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پرجرمانہ عائد کردیا

    سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پرجرمانہ عائد کردیا

    کراچی : سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے قومی ایئرلائن کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی پانچ لاکھ ریال جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ اورلاجواب سروس کا نعرہ لگانے والی قومی ائیر لائن پی آئی اے نےسعودی ایوی ایشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریگیولر پرواز کے ذریعے عازمین کا سامان حج ٹرمینل پر اتارنے کے بجائے جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتاردیا۔

    عازمین نے سامان نہ ملنے پر حج ٹرمینل ہر احتجاج کیا جس پرسعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے پر فی کس فلائٹ ایک لاکھ ریال جبکہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا ہے۔

    کراچی سے جانے والی دو، اسلام آباد ، اور لاہور سے تین پروازوں نے قوانین کی خلاف ورزی کی اور ریگیولر پروازوں کے ذریعے عازمین کا سامان حج ٹرمینل کے بجائے جدہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراتاراتھا۔

    واضح رہے کہ سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو وارننگ دی ہے کہ آئندہ خلاف ورزی کی گئی تو جرمانے کے علاوہ دیگر کاروائی بھی کی جا سکتی ہےجبکہ سعودی ایئرپورٹ اتھارٹی گاکا نے جرمانے کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔