Author: محمد صلاح الدین

  • پی آئی اے کو زائد المیعاد طیارے استعمال کی اجازت دینے سے انکار

    پی آئی اے کو زائد المیعاد طیارے استعمال کی اجازت دینے سے انکار

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پی آئی اے کو زائد المیعاد طیاروں کے استعمال کی اجازت نہ دینے کا مبینہ فیصلہ کرلیا، پی آئی اے نے تین ائر بس 310 طیاروں کو محدود مدت کے لئے دوبارہ استعمال کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سی اےاے نے پی آئی اے کو زائد المیعاد طیاروں کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے سی اے اے کی جانب سے 3ریٹائرڈ ایئربس 310 طیاروں کے استعمال کی اجازت مانگی گئی تھی۔

    رجسٹریشن کے حامل طیاروں کو پی آئی اے دسمبر 2016 میں اپنے فلیٹ سے ریٹائر کر چکی ہے، پی آئی اے نے کچھ عرصہ کے لئے ان طیاروں کے استعمال کی اجازت کے لئے سیکرٹری ایوی ایشن کو خط لکھا تھا۔

    ذرائع کے مطابق بیس سال سے زائد پرانے طیاروں کے استعمال پر قومی ایوی ایشن پالیسی میں بھی پابندی عائد ہے، اس کے علاوہ ایئر لائن نے طیاروں کے انجن کے تین سو سے زائد سائیکلز استعمال کے لئے ایئربس کمپنی سے بھی اجازت طلب کر رکھی ہے۔

    یاد رہے کہ ایئر بس کمپنی کی اجازت بھی سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کے ایئر وردینس ڈیپارٹمنٹ کی کلیئرنس سے مشروط ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ایوی ایشن کی جانب سے مذکورہ خط اجازت کے لئے سی اے اے کو روانہ کیا گیا تھا، سی اے اے کے شعبہ ائر وردینس نے طیاروں کو دوبارہ استعمال کی کلیئرنس نہ دینے کا مبینہ فیصلہ کیا ہے، شعبہ ائر وردینس کی جانب سے رپورٹ چند روز میں ڈی جی سی اے اے کو روانہ کر دی جائے گی۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے کہا ہے کہ طیاروں کے دوبارہ استعمال کا فیصلہ سی اے اے اور ائر بس کمپنی کی اجازت ملنے پر ہی کیا جائے گا، کلیئرنس نہ ملنے پر طیاروں کو بطور اسکریپ فروخت کر دیا جائے گا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر اسکیننگ مشین خراب‘ پروازیں تاخیر کا شکار

    کراچی ایئرپورٹ پر اسکیننگ مشین خراب‘ پروازیں تاخیر کا شکار

    کراچی : شہرِ قائد کے جناح ایئرپورٹ پرمسافروں کا سامان اسکین کرنے والی مشین میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کے سبب غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر سامان اسکین کرنے والی مشین میں خرابی کے سبب مسافروں کا سامان اسکین نہ ہوسکا‘جس کی و جہ سے پی آئی اے کی لندن جانیوالی پرواز پی کے787اور ٹورنٹو جانیوالی پرواز پی کے783میں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔


    جاپان پاکستانی ایئرپورٹس کے لیے سیکیورٹی سسٹم فراہم کرے گا


    Jinnah airport

     ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کا سامان اسکین نہ ہونے کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کا خاصا رش لگ گیا ہے اور تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں او رشیڈول پروازوں کے مسافر ایک وقت میں لاؤنج میں جمع ہوگئے ہیں۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق اسکینرمشین میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی ہے جسے ہنگامی بنیاد پر دور کیا جارہا ہے۔

  • پی آئی اے کے آئی ٹی نظام میں فنی خرابی، دنیا بھر سے رابطے منقطع

    پی آئی اے کے آئی ٹی نظام میں فنی خرابی، دنیا بھر سے رابطے منقطع

    کراچی : پی آئی اے کا آئی ٹی سسٹم بیٹھ گیا، جس کے بعد قومی ائیر لائن کےدنیابھرسے رابطے منقطع ہوگئے، خرابی کے باعث اندرون اور بیرون ملک جانے والی کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے آئی ٹی نظام میں فنی خرابی کے باعث دنیا بھر سے رابطے منقطع ہوگئے ، پی آئی اے کا نظام رات 12بجے سے خراب ہے لیکن لاکھوں روپے تنخواہ لینے والا عملہ بارہ گھنٹے بعد بھی خرابی دور نہ کرسکا۔

    فنی خرابی کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے، اندرون اور بیرون ملک جانے والی کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوگئیں، کراچی سے لاہور جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے302تین گھنٹے ، ریاض سے کراچی آنیوالی پروازپی کے726چار گھنٹے سے زائد جبکہ لاہور سے دبئی جانیوالی پرواز پی کے203تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہیں۔

    پروازوں کی منسوخی سے بھی مسافروں رل گئے ہیں، پروازوں کی روانگی میں تاخیر پر مسافروں نے ایئرپورٹ پر احتجاج کر رہے ہیں، بالخصوص بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافر موجودہ صورتحال میں پی آئی اے سےشدید نالاں نظرآتے ہیں۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • پی آئی اے کے بوئنگ 777طیارے نے پروازوں کا آغازکردیا

    پی آئی اے کے بوئنگ 777طیارے نے پروازوں کا آغازکردیا

    کراچی : پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والے بارہویں بوئنگ 777طیارے نے پروازیں شروع کر دیں، بوئنگ 777 طیارہ کل سے بین الاقوامی پروازیں بھی شروع کر دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ بارہویں بوئنگ 777 طیارے نے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے کے بعد پروازوں کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلی پرواز پی کے 308 کراچی سے اسلام آباد کے لئے شام چار بجے روانہ ہوئی، تین سو مسافروں کو پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر ضیاء قادر قریشی نے رخصت کیا۔

    بوئنگ  777 طیارہ ڈرائی لیز پر حاصل کیا گیا ہے اور اس پر پی آئی اے کا رنگ و روغن کیا گیا ہے۔ پی آئی اے کے چیئرمین عرفان الٰہی نے نئے طیارے کی فضائی آپریشن میں شمولیت اور پروازوں کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

    اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر نیئر حیات نے کہا کہ اس بارہویں  777 طیارے کی شمولیت سے پی آئی اے کی پروازوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

  • کراچی میں اے ایس ایف کی 46 ویں سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ

    کراچی میں اے ایس ایف کی 46 ویں سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ

    کراچی: سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الہٰی نے کہا ہے کہ اے ایس ایف فضائی قزاقی اور دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے، اے ایس ایف کی ان صلاحیتوں کا اعتراف ہوابازی کے بین الاقوامی ادارے بارہا کرچکے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اے ایس ایف کی 46 ویں سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نو سو دس اہلکاروں میں سے ایک سو اننچاس خواتین کیڈٹس نے تربیت مکمل کی۔

    پاسنگ آؤٹ پریڈ میں سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الہٰی ڈی جی اے ایس ایف میجرجنرل علی عباس حیدرنے بھی شرکت کی جنہیں تربیت حاصل کرنے والے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی اور جوانوں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

    تقریب میں اے ایس ایف کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الہٰی نے کہا کہ اے ایس ایف اپنی حساس ذمہ داریوں کی وجہ سے ممتاز مقام رکھتی ہے یہ وجہ ہے کہ اے ایس ایف کا اعلیٰ معیار محنت کا واضح ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اے ایس ایف مسافروں کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے میں کلیدی کردارادا کررہی یے اے ایس ایف فضائی قزاقی اور دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آٹھ جون2014کو اے ایس ایف کی ایئرپورٹ پرقربانی کوبھلایا نہیں جاسکتا، اے ایس ایف کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، پوری قوم کو اے ایس ایف کے شہدا پر فخر ہے، اے ایس ایف میں جدید ہتھیاروں کے ساتھ نئی ٹرانسپورٹ کو بھی لایا جارہا یے جبکہ اے ایس ایف ملازمین کی فلاح بہبود میں ایوی ایشن ڈویژن ساتھ ساتھ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن سیکورٹی میں شامل ہونے والے اہلکاروں پربھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں جبکہ یہ مسافروں اور جہازوں کے تحفظ کے لیے کلیدی کردار کی حامل ہے، اے ایس ایف نے اس مختصرعرصے میں اپنا اہم کردار ادا کیا جو قابل ستائش ہے۔

    انہوں نے پریڈ کے اعلیٰ معیار کو اے ایس ایف کی انتھک محنت کا واضح ثبوت قرار دیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایوی ایشن اے ایس ایف کے فلاح وبہبود کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔

    اس حوالے سے ملک بھر کے تمام ائرپورٹس کے اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر سنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، تمام ایئر پورٹس کو مزید ہتھیاروں اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائیگا۔

  • اےایس ایف کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل

    اےایس ایف کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل

    کراچی : اےایس ایف کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل کراچی میں منعقد ہوئی، ریہرسل میں910اہلکاروں میں 149خواتین کیڈٹس شامل تھیں۔

    ریہرسل میں ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل علی عباس نے بھی شرکت کی۔ تربیت حاصل کرنے والےچاک وچوبند دستے نے ڈی جی اے ایس ایف کو سلامی پیش کی.

    اس موقع پر اے ایس ایف کے جوانوں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ پیش کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجرجنرل علی عباس حیدر نے کہا کہ اے ایس ایف اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے.

    اےایس ایف میں خواتین دستے کی شمولیت خوش آئند ہے، ان کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف ایئرپورٹس پرچیلنجز سے نمٹنےکی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

  • سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستانی آئین کے مطابق درست ہے:عالمی مصالحت کار

    سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستانی آئین کے مطابق درست ہے:عالمی مصالحت کار

    ہیگ : نواز شریف کی نااہلی سے مطعلق پاکستانی عدالتوں کا فیصلہ پاکستان کے آئین کے عین مطابق ہے اور قانون کی بالادستی ہی ریاستوں کے استحکام کا باعث ہوتی ہے۔

    اس بات کا اظہار بین الاقوامی تنازعات میں ثالثی کے عالمی ماہر فیصل محمد نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہی۔

    انھوں نے کہا کہ چند ایشائی ممالک میں کمزور جمہوریت اور قانون میں سقم کی وجہ سے ان ممالک کے اکثر سیاسی خاندان مالی بد عنوانیوں کے مرتکب پائے گئے جن میں پاکستان کے سابقہ وزیر اعظم بھی شامل ہیں ۔

    فیصل محمد کے مطابق نواز شریف پارلیمنٹ کے فلور سمیت دیگر معاملات میں بھی کئی بار متضاد بیانی اور کئی اہم معلومات خفیہ رکھنے کے مرتکب ہوئے جو کہ نہ صرف پاکستانی آئین بلکہ کئی دیگر ممالک کے قوانین میں بھی قابل گرفت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ یہ فیصلہ پاکستان سے بدعنوانی اور دہشت گردی کو ختم کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوگا کیونکہ دنیا میں ہرجگہ دہشت گردی کے پیچھے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی ہی سب سے بڑی وجہ پائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ کے پانچ ججز پر مشتمل لارجر بنچ نے پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو نا اہل قرار دیا تھا جس کے بعد انہوں نے عہدہ چھوڑدیا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • پی آئی اے انتظامیہ کے اخراجات میں کمی کیلئے اہم اقدامات

    پی آئی اے انتظامیہ کے اخراجات میں کمی کیلئے اہم اقدامات

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے اخراجات میں کمی کے لئے یونین سے معاہدہ کیا ہے، ایئر لیگ سے کیے گئے اس معاہدے کے تحت حج آپریشن میں کیبن کریو کے لئے ہوٹل کی سہولت ختم کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  پی آئی اے انتظامیہ نے اخراجات میں کمی کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں، پی آئی اے کی یونین ایئر لیگ سے کیے گئے معاہدے میں طے کیا گیا ہے کہ حج آپریشن میں کیبن کریو کے لئے ہوٹل کی سہولت ختم کردی جائے گی۔

    ہوٹل کی سہولت کے متبادل کی مد میں کیبن کریو کو رقم کی نقد ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوطرفہ حج پرواز کی واپسی پر کریو کو کیش ادائیگی کے نوٹیفکیشن کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بارہ گھنٹے سے زائد ڈیوٹی کرنے والے کیبن کریو کو پرواز کی واپسی پر پانچ ہزار روپے کی کیش ادائیگی کی جائے گی۔

    اس سے قبل حج پروازوں پر تعینات کیبن کریو کو ہوٹل کی مد میں ایئر لائن کو64ملین سے زائد کے اخراجات کا سامنا تھا، معاہدے کے بعد کیش ادائیگی کی مد میں کیبن کریو کو ادا کی جانے والی رقم صرف 13 ملین رہ جائے گی،۔

    ذرائع کے مطابق جدہ اور مدینہ میں ہوٹل کی سہولت کے خاتمے سے ایئر لائن کو پانچ کروڑ روپے سے زائد کی بچت ہوگی، معاہدے کے لئے قابل عمل تجاویز جی ایم فلائٹ سروسز یعقوب نعیم نے پیش کیں، اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے نیر حیات کا کہنا ہے کہ معاہدے کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے متعلقہ قوانین کو مد نظر رکھا گیا ہے۔

  • پی آئی اے نے قبل ازوقت حج آپریشن کا آغازکردیا

    پی آئی اے نے قبل ازوقت حج آپریشن کا آغازکردیا

    کراچی : پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائن کل بروز پیر سے قبل از وقت حج آپریشن شروع کر رہی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ملک بھر کے ایئرپورٹس پر فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کی روانگی کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاکھوں فرزندان توحید رب العزت کی عبودیت کا اعتراف کرتے ہوئے فریضہ حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں، اس حوالے سے رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے مجموعی طور پر ملک بھر سے ایک لاکھ 85 ہزارسے زائد پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

    نجی ایئرلائن شاہین ائیر ملک بھر کے مختلف شہروں سے 49 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی، پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد عازمین کو 300 سے زائد پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

    پی آئی اے کی 133 پروازیں 75 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائیں گی۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نیئر حیات کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، حج آپریشن میں بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کیے جائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ عازمین کو ایئر پورٹ پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی عازمین حج کی سہولت کیلئے مختلف ایئرپورٹس پرامیگریشن، کسٹم، اے این ایف سمیت تمام متعلقہ اداروں کے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے ہیں۔

    سی ای او پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ حجاج کرام کی رہنمائی کے لئے معلوماتی ویڈیوز بھی چلائی جائیں گی اور مفت پورٹر سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے حجاج کرام کو سفری سہولت کی ہر ممکن فراہمی وزارت حج ، قومی ایئرلائن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اولین ترجیح ہونی چاہئیے۔

  • وزیر اعظم نے سی ای اوپی آئی اے کیلئے مشرف رسول کے نام کی منظوری دیدی

    وزیر اعظم نے سی ای اوپی آئی اے کیلئے مشرف رسول کے نام کی منظوری دیدی

    اسلام آباد : پانامہ کیس سے پریشان وزیراعظم نے نا تجربہ کار شخص کو پی آئی اے سی ای او لگا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے سی ای اوپی آئی اے کیلئے مشرف رسول کے نام کی منظوری دیدی، پی آئی اے سی ای اوکیلئے وزیراعظم کو تین نام بھیجے گئے تھے، جن میں سے وزیر اعظم نے مشرف رسول کو چن لیا اور ایوی ایشن ڈویژن کی سمری پردستخط کردیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرف رسول کے پاس ہوا بازی کی صنعت کا کوئی تجربہ نہیں وہ ایم ایم بی ایس ڈاکٹر ہیں اور امریکی شہریت رکھتے ہیں، انہوں نے مختلف مشاورتی کمپنیوں میں ملازمت بھی کی ہے۔

    خیال رہے کہ مشرف رسول سے پہلے ہی پی آئی اے میں دو نا تجربے کار افسران چیف کمرشل آفیسر بلال منیر اور ضیا قادر کو بھاری معاوضے پر بھرتی کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ  اس سے قبل قومی ایئر لائن سی ای او جرمن تھے اور انہیں کرپشن کے الزامات کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔