Author: محمد صلاح الدین

  • پی آئی اے کا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ سی ای او

    پی آئی اے کا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ سی ای او

    کراچی: قومی ایئر لائن کی دو روزہ مارکیٹنگ کانفرنس جاری ہے‘ کانفرنس میں دنیا بھر سے پی آئی اے کے کنٹری منیجرشرکت کررہے ہیں‘ سی ای او کا کہنا ہے کہ ادارے کی کارکردگی میں اضافہ ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کانفرنس کی صدارت وزیراعظم کے ممشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی کررہے ہیں اور کانفرنس میں پی آئی اے کا منافع بڑھانے کے ممکنہ پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔

    کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے سردار مہتاب عبادی نے کہا کہ اوپن اسکائی پالیسی کو منصفانہ ہونا چاہئے‘ ماضی میں اوپن اسکائی پالیسی نے پی آئی اے کو نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی ملک کو فراخ دلانہ طور پر رائٹس نہیں دیئے جانے چاہئے‘ ہمیں اپنے ملک کا مفاد مقدم رکھنا ہوگا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کے نیٹ ورک میں اضافے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں‘ ملازمین کو بھی ایئرلائن کے لئے اونر شپ لینا ہوگی۔

    اس موقع پر ایئر لائن کے سی ای او نیئر حیات کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں ‘ہمیں ایئرلائن کی بحالی کیلئے نئے بزنس ماڈل اختیار کرنا ہوں گے۔

    انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ پی آئی اے کی کارکردگی میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے‘ سیٹ فیکٹر کے ساتھ ساتھ روینیو میں بھی اضافہ ہوا ہے۔


    پی آئی اے ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کی نادہندہ نکلی


     خیال رہے کہ پاکستان کی قومی ایئرلائن طویل عرصے سے خسارے میں چل رہی ہے‘ گزشتہ دنوں ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو پانچواں اور آخری خط ارسال کرکے واجب الادا چالیس لاکھ ریال ادا کرنے کی یاد دہانی کرائی تھی۔

    قومی ایئر لائن نے ریاض ایئرپورٹ کے لاکھوں ریال ادا نہیں کیے ہیں جس کے سبب ایئرپورٹ اتھارٹی نے آپریشن بند کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • پی آئی اے ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کی نادہندہ ہوگئی

    پی آئی اے ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کی نادہندہ ہوگئی

    کراچی: قومی ایئر لائن نے ریاض ایئرپورٹ کے لاکھوں ریال ادا نہیں کیے جس کے سبب ایئرپورٹ اتھارٹی نے آپریشن بند کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خسارے سے دوچار پی آئی اے نے ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کے واجب الادا چالیس لاکھ ریال سے زائد کے واجبات ادا نہیں کیے ہیں۔

    ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو پانچواں اور آخری یادہانی خط جاری کردیا ہے‘ خط کی کاپی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

    خط کے متن کے مطابق پی آئی اے نے 4ملین ریال سے زائد کے واجبات ادا نہیں کئے ہیں اور ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی نے فوری طور پر واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کے واجبات ادا نہیں کئے تو آپریشن بند کرنے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

    ایک جانب پی آئی اے غیر ملکی ایئر پورٹس کے واجبات اد انہ کرکے دنیا بھر میں ملک کی بدنامی کا سبب بن رہی ہے تو دوسری جانب بھاری معاوضے پر افسران کی بھرتیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    مالی خسارے کے باوجود پی آئی اے نے انیس جولائی کو کراچی میں دو روزہ مارکیٹنگ کانفرنس کا انعقاد کیا ہے جس میں ادارے کو کروڑوں روپے کے اخراجات برداشت کر نا پڑیں گے‘ یاد رہے کہ اس کانفرنس میں دنیا بھر سےپی آئی اے کے کنٹری مینجرز شرکت کر یں گے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے جھیل میں تبدیل

    اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے جھیل میں تبدیل

    اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت و لاپرواہی کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے بارشوں کے بعد جھیل کا منظر پیش کر رہا ہے۔ رن وے پر بے تحاشہ پانی کھڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اس وقت سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت اور بد اتنظامی کا بدترین ثبوت پیش کررہا ہے۔

    ائیرپورٹ کے رن وے پر بے تحاشہ پانی کھڑا ہے جس کے باعث رن وے کسی جھیل کا منظر پیش کررہا ہے۔

    بارش کے پانی کی نکاسی کا کام تاحال نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازیں متاثر ہوگئی ہیں۔

    رن وے کے کارگو ایریا میں جہاں سے مسافروں کا سامان اتارا اور چڑھایا جاتا ہے، کنٹینر بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رواں مون سون میں غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں جس کے بعد شہر کی متعدد سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔

    شہر میں جا بجا بارش کا پانی کھڑا ہے جس کو نکالنے کے لیے مقامی انتظامیہ کا کام جاری ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے نے اخراجات میں کمی اور ریونیو میں اضافے کا فیصلہ کرلیا

    پی آئی اے نے اخراجات میں کمی اور ریونیو میں اضافے کا فیصلہ کرلیا

    کراچی : پی آئی اے نے اپنے اخراجات میں کمی اور ریونیو میں اضافے کیلئے کرائے پر لی گئی عمارتوں میں قائم دفاتر خالی کرنے کا فیصلہ کیاہے، اس کے علاوہ ائرلائن کی ملکیتی عمارتوں کے اضاٖفی حصے کرائے پر دئیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے اپنے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے اخراجات کو کم کرنے اور ملک کے مختلف شہروں میں کرائے پر لی گئی عمارتوں میں قائم دفاتر خالی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، خالی کئے جانے والے دفاتر میں مختلف شہروں کے دفاتر شامل ہیں۔

    اس حوالے سے کراچی میں قائم پی آئی اے میڈیکل او پی ڈی کی عمارت خالی کی جائے گی، او پی ڈی کو ابتدائی طور پر پی آئی اے ڈائگناسٹک سینٹر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بعد ازاں اوپی ڈی کو گلستان جوہر میں ائرلائن کی ملکیتی عمارت میں منتقل کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں راولپنڈی کے میڈیکل سینٹرز بھی پی آئی اے کی ملکیتی عمارت میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورلاہور کے میڈیکل سینٹر کو پی آئی اے کی ملکیتی عمارت میں منتقلی بھی پائپ لائن میں شامل ہے۔

    کراچی میں کرائے کی عمارت میں موجود پی آئی اے انویسٹمنٹ کو بھی منتقل کیا جائے گا، سڈکو سیںٹر میں موجود ائرلائن کے ملکیتی ایک فلور کو خالی کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے، پہلی منزل پر قائم ایڈمن اور فنانس دفاتر کی ائر لائن ہیڈ آفس منتقلی کی کارروائی جاری ہے۔

    ڈسٹرکٹ منیجر اور سیلز کے دفاتر کو گراؤنڈ فلور پر بکنگ آفس منتقل کیا جائےگا، منتقلی کے لئے گراؤنڈ فلور کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، گراؤنڈ فلور پر موجود بین الا قوامی سیلز کو ڈومیسٹک کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

  • پی آئی اے حج آپریشن: بزرگ عازمین کیلئے بزنس کلاس سیٹیں مختص

    پی آئی اے حج آپریشن: بزرگ عازمین کیلئے بزنس کلاس سیٹیں مختص

    کراچی : پی آئی اے کی حج فلائیٹس کی فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس سیٹوں کے اجراء میں پہلی مرتبہ صوابدیدی اختیارات کا خاتمہ کردیا گیا، مذکورہ سیٹیں صرف معمر عازمین حج کیلئے مخصوص کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیرہوابازی سردارمہتاب احمد خان کی زیرصدارت ہیڈ آفس میں حج فلائیٹس آپریشن کے انتظامات کے سلسلے میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار مہتاب خان نے ہدایت کی کہ حج پروازوں میں فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس کی سیٹیں صرف بزرگ حجاج کرام کیلئے ہی مخصوص کی جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ باراثرافراد کی بجائے اب معمر عازمین ہی کسی اضافی وصولی کے بغیر ان اعلیٰ سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے۔

    مشیر ہوابازی نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بزرگ حجاج کو فرسٹ اور بزنس کلاس سیٹوں کی بکنگ میں کسی بھی دباؤ یا اثر کو خاطر میں نہ لایا جائے۔

    سردار مہتاب نے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ ایک عظیم سعادت بھی ہے، عازمین حج کی رہنمائی اور شکایات کے ازالہ کے لئے ہیلپ لائن کو مؤثر بنایا جائے اور تمام ائرپورٹس پر ہیلپ لائنز میں 24 گھنٹے مستعد عملہ تعینات کیا جائے۔

  • پی آئی اے کی ایک اور پرواز بال بال بچ گئی

    پی آئی اے کی ایک اور پرواز بال بال بچ گئی

    کراچی: پی آئی اے کی پرواز فنی خرابی کے سبب حادثےکا شکار ہونے سے بال بال بچ گئی ‘ کپتان نے جہاز کو ایئرپورٹ پر باحفاظت اتار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی ابوظہبی سے پشاور آنیوالی پرواز کو کپتان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر باحفاظت اتار لیا۔

    ذرائع کے مطابق ایئربس320کے طیارے کو پی آئی اے کے کپتان علی منصور آپریٹ کررہے تھے ‘ طیارے کا رجسٹریشن نمبرAP-BLB ہے۔

    دوران پرواز طیارے کے الٹے ہاتھ کے پر میں خرابی کی اطلاع موصول ہوئی۔ لینڈنگ کے بعد معائنہ کرنے پر پتا چلا کہ طیارے کے بائیں پر کے زیریں حصے میں نصب تین اسکرو بھی غائب ہیں اور پر کے پاس سے طیارے کی اسکن بھی ادھڑی ہوئی ہے۔

    کپتان نے پشاور ایئرپورٹ اترنے کے بعد واقعے کی تمام تر صورتحال لاگ بک میں درج کردی ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • پی آئی اے کےجہاز سے مسافر کا سامان چوری

    پی آئی اے کےجہاز سے مسافر کا سامان چوری

    کراچی : پی آئی اے میں بک کرائے گئے سامان کے بعد جہاز میں عملے کے حوالے کیا گیا سامان بھی چوری ہوگیا، متاثرہ مسافر کی شکایت پر کسی نے نوٹس نہیں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی دبئی سے اسلام آباد کی پرواز نمبر پی کے 212 کے مسافر سرتاج عالم نے ایئر پورٹ منیجر کو تحریری درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میں نے کیبنٹس میں جگہ نہ ہونے پر اپنا ہینڈ کیری لگیج پرواز پر تعینات عملے کے حوالے کیا تھا۔

    اس سامان سے قیمتی موبائل اور ٹیب مبینہ طور پر چوری ہوگیا ہے، درخواست کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، درخواست میں مزید کہا گیا کہ ہینڈ کیری لگیج لاک نہ ہونے کے بارے میں آگاہ کرنے پر عملے نے مجھے بے فکر ہونے کو کہا کہ آپ کا سامان کہیں نہیں جائے گا۔

    سرتاج عالم کے مطابق آٹھ اور9جولائی کی درمیانی شب اسلام آباد پہنچنے پر اپنا سامان متعلقہ عملے سے وصول کیا اور گھر پہنچے پر سامان میں موجود قیمتی موبائل فون بمعہ ٹیب موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا۔

    متاثرہ مسافر نے کہا ہے کہ آج صبح دس بجے ائر لائن دفتر میں چوری کی شکایت درج کرانا چاہی تو عملے نے شکایت درج کرنے کے بجائے پیر کو منیجر سے ملنے کا کہا۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ایئر لائن دفتر میں موجود رضوان نامی اہلکار کا رویہ بھی انتہائی نامناسب تھا، اس حوالے سے سی اے اے کو شکایت کرائی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

    مسافر کا کہنا ہے کہ بک کرائے گئے سامان کو کنویئر بیلٹ سے لینے کے بعد عملے نے لگیج ٹیگ بھی چیک نہیں کئے تھے، سامان کے لگیج ٹیگ مجھ سے نہیں لئے گئے ہیں جو کہ اب تک میرے پاس موجود ہیں۔

  • دبئی سے ڈی پورٹ ہونے والا مسافرلاہورایئرپورٹ سے غائب

    دبئی سے ڈی پورٹ ہونے والا مسافرلاہورایئرپورٹ سے غائب

    لاہور: دبئی سے ڈی پورٹ ہوکر لاہور آنے والا مسافر لاہور ایئرپورٹ پر اچانک غائب ہوگیا، پی آئی اے کے عملے نے مبینہ طور پر اسے رشوت لے کر چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی سے ڈی پورٹ ہوکر لاہور آنے والا سلہریا علی اظہر نامی مسافر ایئر پورٹ پہنچ کر غائب ہوگیا، علی اظہر دبئی سے لاہور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 204 یکم جولائی کو لاہور پہنچا تھا۔

    پی آئی اے کے عملے نے مبینہ طور پر اس سے جرمانہ وصول کرنے کے بجائے رشوت لے کر چھوڑدیا، قوانین کے مطابق ڈی پورٹ ہوکر واپس آنے والے مسافر کا پاسپورٹ پی آئی اے اپنی تحویل میں لیتی ہے مسافر سے ٹاؤن آفس میں جرمانہ وصول کرکے پاسپورٹ واپس کیا جاتا ہے۔

    ڈی پورٹ مسافر پر دبئی میں 5 ہزار 700 درہم جرمانہ بھی عائد ہوا تھا ، پی آئی اے کے ٹریفک کے عملے نے مسافر کے لاہور پہنچنے پر مسافر سے مبینہ طور پر ڈھائی ہزار درہم رشوت لے کر چھوڑدیا تھا۔

    ضابطے کی کارروائی کے لیے ایف آئی اے نے جب پی آئی اے سے مسافر علی اظہر اور اس کا پاسپورٹ طلب کیا تو عملے نے لاعلمی کا اظہارکیا جس پر ایف آئی اے نے پی آئی اے کے خلاف تحقیقات شروع کردیں۔

    اس ضمن میں پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر نے ٹریفک کے عملے کے خلاف تحقیقات شروع کرتے ہوئے اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔

  • پی آئی اے: تقرری کے بغیرناتجربہ کارافسران کی اجلاس میں شرکت

    پی آئی اے: تقرری کے بغیرناتجربہ کارافسران کی اجلاس میں شرکت

    کراچی: پی آئی اے ہیڈ آفس میں حج آپریشن اور دیگر امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا، نامزد اور ناتجربہ کار چیف آپریٹنگ افسر اور چیف کمرشل افسر نے تقرری کے بغیر ہی اجلاس میں شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق حج آپریشن اور دیگر امور طے کرنے کے حوالے سے پی آئی اے ہیڈ آفس میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس کی اہم بات یہ تھی کہ پی آئی اے کے نامزد سی او او ضیا قادر قریشی اورسی سی او بلال منیر اپنی تقرری کے بغیر ہی اجلاس میں شریک ہوگئے۔

    ان افسران کو تاحال تقررنامے جاری نہیں کئے گئے، ذرائع کے مطابق تقررنامے کے لئے درکار دستاویزات بھی نامزد افسران نے اب تک انتظامیہ کو فراہم نہیں کی ہیں، قواعد کے مطابق ضابطے کی مکمل کارروائی کے بغیر تقرر نامے جاری نہیں کئے جا سکتے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ باضابطہ تقررناموں کے بغیر افسران کی اجلاس میں شرکت بھی کمپنی قواعد کی خلاف ورزی ہے، قواعد و ضوابط کے تحت دونوں افسران تاحال ائر لائن کے ملازم نہیں ہیں۔

    قواعد کے تحت نامزد افسران کو کمپنی آفر لیٹرزکے ساتھ متعلقہ دستاویزات پیش کرنا لازم ہے، ایوی ایشن تجربے سے محروم دونوں افسران کو فی کس 15لاکھ ماہانہ سے زائد تنخواہ ادا کی جائے گی۔


    مزید پڑھیں: پی آئی اے حج آپریشن کی تیاریوں میں ناکام


    ذرائع کے مطابق نامزد افسران کی سر پرست شخصیات کی جانب سے ان افسران کو فوری تقرر نامے اجراء کے لئے انتظامیہ پر دباؤ دالا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا مؤقف جاننے کے لئے بارہا ٹیلیفون کالز کی گئیں لیکن وہ دستیاب نہ ہو سکے۔

  • پی آئی اے حج آپریشن کی تیاریوں میں ناکام

    پی آئی اے حج آپریشن کی تیاریوں میں ناکام

    کراچی: قومی ایئرلائن حج آپریشن کے سلسلے میں مطلوبہ تعداد میں ویزے حاصل نہ کرسکی‘ جس کے سبب حج آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے 24 جولائی سے شروع ہونے والے حج آپریشن کے لیےدرکار 345 ویزے حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے جس کے سبب آزمینِ حج کو مشکلات پیش آنے کا اندیشہ ہے۔

    معاملے کی نزاکت کے پیشِ نظر وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب کراچی پہنچ گئے ہیں اور پی آئی اے انتظامیہ ان کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے سعودی ایوی ایشن کو حج آپریشن میں استعمال ہونے والے پروازوں کا شیڈول نہیں دیا تھا جس کے سبب سعودی گراونڈ سروسز نے پی آئی اے کو ویزے بھی جاری نہیں کیے۔


    پی آئی اے کے حج آپریشن کو حتمی شکل دے دی گئی


    خیال رہے کہ پی آئی اے کا حج آپریشن 24 جولائی سے شروع ہو کر 26 اگست تک عازمین کو حجاز مقدس تک پہنچانے کے لیے جاری رہے گا جس کی لیے تیاریاں مکمل ہونے کی نوید سنائی گئی تھی۔

    پی آئی اے اس سال 133 سے زائد پروازوں کے ذریعے 75 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔ 56 ہزار سے زائد سرکاری اسکیم کے تحت جبکہ 25 ہزار سے زائد عازمین پرائیوٹ اسکیم کے تحت سعودی عرب جائیں گے۔

    حج آپریشن کے دوسرے مرحلے میں حجاج کرام کی واپسی کا عمل 6 ستمبر سے شروع ہوگا اور 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔