Author: محمد صلاح الدین

  • پی آئی اے کی جدید خطوط پرتنظیم نوکی جا رہی ہے، سردارمہتاب خان

    پی آئی اے کی جدید خطوط پرتنظیم نوکی جا رہی ہے، سردارمہتاب خان

    کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ جدید خطوط پر پی آئی اے کی تنظیم نو کرکے ائرلائن انتظامیہ میں تبدیلیوں کے ذریعے اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی ائر لائن میں نئی روح پھونکی جا رہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز کاروباری شخصیت اور پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق ممبرعارف حبیب سے ملاقات کے دوران کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جو کہ ہوابازی کی صنعت میں صف اوّل کا مقام رکھتی تھی اب اس کو کمرشل کمپنی کے طور پر کام کرنا ہوگا اور اس میں کارپوریٹ کلچر کو فروغ دیا جانا چاہیئے۔

    سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ پی آئی اے کو کامیاب ائرلائنوں میں شامل کرنے کے لئے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تا کہ وہ دنیا کی کامیاب ائرلائنوں کی سطح پرآسکے۔

    انہوں نے کہا کہ اس قسم کا فیصلہ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی دفعہ کیا گیا ہے جس کے آنے والے وقتوں میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

    پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس کے لئے اس کے انفراسٹرکچر، لوجسٹکس اور ہیومن ریسورسز میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

    اس موقع پر عارف حبیب نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار مہتاب قومی ائر لائن کی بہتری کےلئے دلیرانہ انداز میں مشکل فیصلے کر رہے ہیں۔

  • ملک کے تمام ایئر پورٹس مکمل طور پر محفوظ ہیں: ڈی جی اے ایس ایف

    ملک کے تمام ایئر پورٹس مکمل طور پر محفوظ ہیں: ڈی جی اے ایس ایف

    کراچی: ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل سہیل احمد خان کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر جدید انٹرگریٹیڈ سسٹم نصب کیا جائے گا جس کے لیے حکومت سے مشاورت جاری ہے۔

    تفصیلات کے کراچی میں اے ایس ایف کے تعمیراتی منصوبے کی بیلٹنگ کے موقعے پر ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل سہیل احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ کوئیک رسپانس فورس، جدید آلات اور ہتھیاروں کے بعد ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس محفوظ ہیں۔

    ڈی جی اے ایس ایف نے کہا کہ مجھ سمیت اے ایس ایف کے ہر افسر اور جوان کی 95 فیصد توانائی اور وقت اپنے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر خرچ ہورہا ہے جبکہ آپریشنلی مضبوط ہونے کے بعد 5 فیصد دیگر سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ کسی بھی فورس کا مورال بلند رکھنے کے لیے فلاح و بہبود کے کام بھی نہایت اہم اور ضروری ہیں۔

    میجر جنرل سہیل احمد کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف کو جدید ہتھیاروں، آلات اور بکتر بند گاڑیوں سے لیس کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: اے ایس ایف کو 10 جدید بکتر بند گاڑیوں کی فراہمی

    انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکیورٹی اور تعمیراتی منصوبوں کی بنیاد رکھی ہے اور انہیں پروان چڑھائیں گے۔ اے ایس ایف اسمارٹ سٹی میں دنیا کے جدید طرز تعمیر کو متعارف کروایا جائے گا۔

    ان کے مطابق اپارٹمنٹس، بنگلوز اور پلاٹ کے منصوبوں سے جہاں عام شہریوں کو بہترین طرز رہائش میسر آئے گی، وہیں اے ایس ایف کے ریٹائرڈ ملازمین اور شہدا کو بھی اس منصوبے کے تحت زمینیں الاٹ کی جائیں گی۔

    میجر جنرل سہیل احمد خان نے مزید کہا کہ کسی بھی ادارے سے افراد کے چلے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وہ ذاتی طور اب تک ہونے والے کاموں سے مطمئن ہیں۔

  • پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کا نوٹیفیکشن جاری

    پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کا نوٹیفیکشن جاری

    کراچی : پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز کو خسارے سے نکال کر اسے ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے قومی ائرلائن کی ری اسٹرکچرنگ کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ہے۔

    دنیا کی کامیاب ائرلائنز کے ماڈلز کی پیروی کرتے ہوئے پی آئی ائی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قومی ائرلائن کو جدید پیشہ ورانہ خطوط پر استوار کرنے کے لئے اس امر کی منظوری دی ہے کہ پی آئی اے میں مختلف شعبوں کی سربراہی کے لئے ڈائریکٹرز کی جگہ چیف آفیسرز کی تقرری عمل میں لائی جائے۔

    ری اسٹرکچرنگ کے ان انتظامی اصلاحات کے تحت اب چیف آپریٹنگ آفیسر, چیف کمرشل آفیسر, چیف ٹیکنیکل آفیسر, چیف فنانشل آفیسر, چیف ہیومن ریسورس آفیسر, چیف کارپوریٹ ڈویلپمنٹ آفیسر, جنرل منیجر پروکیورمنٹ اینڈ لاجسٹکس, چیف انفارمیشن آفیسر, چیف آفیسر/جنرل منیجر سیفٹی اینڈ کوالٹی ایشورنس اپنے متعلقہ شعبوں کے سربراہان ہوں گے۔

    ceo-order

    یہ تمام افسران پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر کو رپورٹ کریں گے۔جس کے لئے پی آئی اے انتظامیہ نے نوٹیفیکشن جاری کردیا۔

    دریں اثنا بدھ کی شام عشائیہ کے دوران وزیراعظم کے مشیر ہوابازی سردار مہتاب احمدخان نے پی آئی اے کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز, جنرل منیجرز, چیف انجنیئرز, پالپا و دیگر پیشہ ورانہ یونینز کے اور عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے بورڈ کے فیصلوں پر عملدرآمد کو خوش آئند قرار دیا۔

    اس ضمن میں انہوں نے پی آئی اے حکام اور کارکنان کے تعاون کا خیرمقدم کیا انہوں نے کہا کہ پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلوں پر عمل درآمد کے نتیجہ میں ان انتظامی اصلاحات اقدام کا مقصد وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق پی آئی اے کو ایک مستعد, فعال اور ذمہ دار انتظامیہ کے ذریعہ پی آئی اے کو ایک کامیاب کمرشل ادارہ میں ڈھالنا ہے۔

    اس طرح پی آئی اے کو خسارے, زبوں حالی اور بحرانوں سے نکال کر ایک بار پھر قابل فخر قومی اثاثہ بنایا جائے گا جس میں فلائٹ سیفٹی کے ساتھ دوران پرواز اعلیٰ ترین معیار کی خدمات کی فراہمی کو اولیت دی جاٰے گی۔

    انہوں نے کہا کہ شاندار ماضی کا حامل یہ ادارہ ایک بار پھر قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور خطہ میں رونما ہونے والی اقتصادی و معاشی ترقی کے نئے مواقع میں حصہ دار بن سکتا ہے۔

  • پی آئی اے میں ایک بار پھرلازمی سروسزایکٹ نافذ کر دیا گیا

    پی آئی اے میں ایک بار پھرلازمی سروسزایکٹ نافذ کر دیا گیا

    کراچی : پی آ ئی اے میں لازمی سروس ایکٹ دوبارہ لا گو کردیا گیا، لازمی سر وس ایکٹ تیسری بار لاگو کیا گیا ہے، ائیر لیگ سی بی اے یو نین نے اس ایکٹ کی پر زور مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں ایک بار پھر لازمی سروسز ایکٹ کا نفاذ کردیا گیا ہے، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق فوری طور پرنافذ العمل مذکورہ لازمی سروسز ایکٹ چھ ماہ تک لاگو رہے گا۔

    ایکٹ کا نفاذ ائرلائن کے تمام درجات کے ملازمین پریکساں طور سے ہو گا، فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری رکھنے کے لئے ایکٹ کا نفاذ ضروری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس ملازمین کے احتجاج اور اس کے بعد بھی یہ ایکٹ نافذ کیا گیا تھا، ایکٹ کے نفاذ کا مبینہ مقصد قومی ائر لائن میں بڑے فیصلوں کے ردعمل سے بچنا ہے۔

    pia-post-01

    حکومت پاکستان کی رائے میں پبلک سیفٹی، عوام کی ویلفیئر کے لئے بھی اس ایکٹ کا نفاذ ضروری ہے، سی بی اے کے سیکرٹری جنر ل ناصر مہدی جنجوعہ نے کہا ہے کہ ایکٹ کا دوبارہ نفاذ پی آئی اے ملازمین کے بنیا دی حق کے منا فی ہے۔

    اس ا یکٹ کے نفاذ کا مقصد اس ایکٹ کی آڑ میں پی آئی اے میں مبینہ اربو ں رو پے کی کرپشن کے خلاف کسی بھی قسم کی مزاحمت کو دبانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس ایکٹ کو کالعد م کروانے کے لیے عد الت سے رجو ع کریں گے، جس سی ای او کا مبینہ کرپشن کے الزام پر ای سی ایل میں نام شامل ہے، اس کی ایڈ وائس پر اس ایکٹ کا نفا ذ ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

  • پی آئی اے : دو بڑے افسران کی تعیناتی کیلئے شرائط کی تبدیلی

    پی آئی اے : دو بڑے افسران کی تعیناتی کیلئے شرائط کی تبدیلی

    کراچی : پی آئی اے نے بھرتیوں پر پابندی کے باوجود دو بڑے عہدوں پر افسران کی تعیناتی کی تیاریاں کرلی ہیں، اشتہارات میں من پسند افراد کو نوازنے کیلئے عمرکی حد اوردیگر شرائط میں تبدیلی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں بھرتیوں پر پابندی کے باوجود 2 بڑے عہدوں پر افسران کی تعیناتی کی تیاری کرلی گئی ہے، سی ای او، چیف کمرشل افسر کےعہدوں کیلئے شرائط کو تبدیل کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھرتی کے اشتہارات میں من پسند افراد کو نوازنے کیلئے عمرکی حد اوردیگرشرائط میں تبدیلی کی گئی ہے۔ پی آئی اے میں بھرتیوں پرپابندی کاحکم نامہ 20 فروری کو جاری کیا گیا تھا۔ پندرہ مارچ کو اخبارات میں دئیے گئے اشتہار میں دونوں عہدوں کے لئے عمر کی حد درج کی گئی تاہم ایک دن کے بعد 17مارچ کو شائع شدہ اشتہار میں عمر کی شرط ختم کردی گئی۔

    pia-post-01

    پی آئی اے میں جاری ری اسٹرکچرنگ کی تکمیل تک بھرتیوں پر پابندی کا حکم نامہ 20 فروری کو جاری کیا گیا تھا، جاری حکم نامے میں حکومت پاکستان ایوی ایشن ڈویژن کے جاری نامے میں وزیر اعظم کی مشیر کی جانب سے بھرتیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر کی جانب سے اپنی ہی عائد کردہ پابندی کی خلاف ورزی پر مبنی ترمیم شدہ اشتہار کا کوئی نوٹس بھی نہیں لیا گیا، دونوں عہدوں پر بھرتی کے لئے سیاسی مداخلت بھی کی جارہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں قومی ائرلائن کا انتظام سنبھالنے والی سیاسی شخصیت کی جانب سے بھی قومی ائرلائن میں تبادلے و تقرریوں کا بھی امکان ہے۔

    ائر لائن کی ایس ای سی پی میں بطور پی آئی اے سی ایل رجسٹریشن کے بعد مذکورہ معاملے میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

  • اربوں روپے کے واجبات ، سول ایوی ایشن کا پی آئی اے کو نوٹس

    اربوں روپے کے واجبات ، سول ایوی ایشن کا پی آئی اے کو نوٹس

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو نوٹس جاری کردیا،  پی آئی اے پر سی اے اے کے 32ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن برینڈ کو خط تحریر کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے نے وعدے کے مطابق واجبات ادا نہیں کیے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری ندیم شریف نے پی آئی اے چیف ایگیزیکٹو آفیسر کو تحریر کیے گئے خط میں کہا ہے کہ پی آئی اے نے واجبات کی ادائیگیوں کے حوالے سے خود شیڈول طے کیا مگر انتظامیہ اس پر پورا نہیں اتری۔

    letter

    خط میں مزید کہا گیاہے کہ پی آئی اے کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث سول ایوی ایشن کو مختلف ائیرپورٹس پر دی جانے والی سہولیات میں دشواری پیدا ہورہی ہے۔

    سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اگر پی آئی اے کی جانب سے واجبات کی ادائیگی فوری طور پر نہ کی گئی تو ادارہ کوئی بھی انتہائی قدم اٹھاسکتا ہے۔

    پڑھیں: ’’ پی آئی اے کی کارکردگی میں بہت بہتری آئی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ‘‘

  • رن وے کو محفوظ بنانے کے لیے 6 رکنی کمیٹی قائم

    رن وے کو محفوظ بنانے کے لیے 6 رکنی کمیٹی قائم

    کراچی: قائد اعظم انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے اور لیزر بیم کے واقعات میں اضافے کے بعد سول ایوی ایشن نے 6  رکنی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے اور قریبی عمارتوں سے لیزر لائٹ مارنے کے واقعات میں اضافے کے بعد ائیرپورٹ انتظامیہ نے 6 رکنی ماحولیاتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ائیرپورٹ انتظامیہ کے فیصلے کے مطابق سول ایوی ایشن کی اس کمیٹی میں مقامی انتظامیہ اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے نمائندوں کا شامل کیا جائے گا اور یہ کمیٹی متعلقہ ائیرپورٹ مینیجر کی سربراہی میں کام کرے گی۔

    لیزر بیم زون پر عملدرآمد اور رن وے کو جنگلی جانوروں سے محفوظ بنانے کے لیے کمیٹی کے اراکین اپنی سفارشات پیش کریں گے تاکہ پروازوں کو کسی بھی حادثاے سے بچایا جاسکے۔

    pia-2

    ماحولیاتی (انوائرمینٹل) کمیٹی کا قیام نیشنل ائیرفیلڈ کلئرنس اور کنٹرول آف نیشنل گروتھ کے تحت عمل میں لایا گیا ہے، کمیٹی کو فعال اور مضبوط بنانے کے لیے سینئرجوائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ کمیٹی، سنیئر جوائنٹ ڈائریکٹر لیگ کمیٹی کے اراکین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ پانچ سال کے دوران پرازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات اور طیاروں پر لیزر لائٹ ڈالنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 2011 سے 2016 تک 3 سو سے زائد پروازوں سے پرنڈے ٹکرا چکے ہیں۔

  • پی آئی اے کے انجینئرزکا کارنامہ، طیاروں کی اوورہالنگ خود کرینگے

    پی آئی اے کے انجینئرزکا کارنامہ، طیاروں کی اوورہالنگ خود کرینگے

    کراچی : قومی ایئرلائن نےبچت مہم اورخود انحصاری کا کامیاب منصوبہ بنالیا، پی آئی اے اپنے طیاروں کے انجن کی بیرون ملک اوورہالنگ کی بجائے اب خود کرے گی ، جس سے ادارے کو کروڑوں ڈالر کا فائدہ حاصل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ایئربس 320 طیاروں کی انجنوں کی اوورہالنگ اب پی آئی اے کے انجینئرز خود کریں گے، جس سے پی آئی اے کو بڑے پیمانے پر فوائد حاصل ہوں گے۔

    اس سے قبل ایک طیارے کی انجن کی اوورہالنگ پر بیرون ملک بھیجنے پر ساٹھ لاکھ ڈالر کے اخراجات آتے تھے اب یہ کام پی آئی اے کے انجنیئرزانجن اوورہالنگ شاپ میں خود انجام دیا کریں گے جس سے فی کس انجن پر ادارے کو 1.1 ملین ڈالر کافائدہ ہوگا۔

    pia-post-02

    اس طرح سے چار انجنوں کی اور ہالنگ کے بعد تمام اخراجات پورے ہوجائیں گے اور پانچویں انجن سے پی آئی اے کو مزید روینیو حاصل ہوگا۔۔

    قائم مقام چیئرمین پی آئی اے اور سیکریٹری ایوی ایشن عرفان الہٰی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ایئر بس اے تین سو بیس کے اوور ہالنگ سے پی آئی اے کو خاصہ روینیو حاصل ہوگا اور اس کے ساتھ ساتھ قومی خزانے کو بھی فائدہ ہوگا۔

    post

    پی آئی اے کے انجنیئروں کی کاوشوں کی وجہ سے ایئربس اے 320 کے لینڈنگ گیئر کے اوور ہالنگ کا کامیاب تجربہ ہوا اس کے بعد پانچ ملین ڈالر انجن کی اوور ہالنگ کیلئے رکھے گئے ہیں اس کے ساتھ ساتھ پی آئی اے اپنی ایئر لائن کے علاوہ غیرملکی ایئرلائن کے انجنوں کی اوور ہالنگ کرسکے گی۔

    pia-post-01

    دوسری جانب سوسائٹی آف انجنیئرنگ ایئرکرافٹ (سیپ) کے صدر ذاکر فاروق کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی آئی اے کی کاوشوں کی وجہ سے انجنیئرز ایئر بس 320 کے کامیاب تجربے کے بعد اب ایئربس 320 کے انجن کی اوور ہالنگ کریں گے جو پی آئی اے کیلئے اعزازہوگا۔

  • دبئی جانے والی خواتین کے پاس سے غیر ملکی کرنسی برآمد

    دبئی جانے والی خواتین کے پاس سے غیر ملکی کرنسی برآمد

    کراچی: کراچی سے دبئی جانے والی دو خواتین کے پاس سے غیر قانونی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی۔ دونوں خواتین کا عدالت سے 3 روزہ ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والی 2 خواتین کو گرفتار کرلیا گیا۔

    دونوں خواتین کے قبضے سے 12 ہزار ریال، 50 ہزار درہم اور 50 ہزار جاپانی ین برآمد کیے گئے۔

    ایئرپورٹ عملے کا کہنا ہے کہ خواتین نے برآمد شدہ کرنسی اپنے لباس میں چھپائی ہوئی تھی۔ ملزمان امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 601 کے ذریعے کراچی سے دبئی جا رہی تھیں۔

    مزید پڑھیں: ہیروئن اسمگلنگ کے الزام میں پی آئی اے کے 12 ملازمین گرفتار

    دونوں خواتین کی گرفتاری کے بعد عدالت سے ان کا 3 روزہ ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

  • یوم پاکستان: پاک فضائیہ کے جوانوں‌ کا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ

    یوم پاکستان: پاک فضائیہ کے جوانوں‌ کا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ

    اسلام آباد: ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستانی قوم آج یومِ پاکستان آج جوش وخروش سےمنارہی ہے۔ دن کاآغازوفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔

    یوم پاکستان پرمساجد میں نمازِفجر کے بعد ملکی ترقی خوشحالی اوریکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔


    یومِ پاکستان کی پریڈ براہ راست دیکھئے



    یوم پاکستان کی پروقارتقریب اورفوجی پریڈ


    اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ کے مقام پر شاندار فوجی پریڈ جاری ہے، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کےچاک وچوبند دستے پرفارمنس کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

    فوجی پریڈ کی اس پروقارتقریب میں مہمان خصوصی صدرپاکستان ممنون حسین، وزیر اعظم نوازشریف اورآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سمیت دیگرمسلح افواج کے سربران، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگررہنما اورغیرملکی سفیرشریک ہیں۔


    مزید پڑھیں: یوم پاکستان پرتوپوں کی سلامی سے دن کاآغاز


    چین کی تینوں مسلح افواج، سعودی عرب کی اسپیشل فورسز کا دستہ بھی اس پریڈ میں شریک ہے۔ تقریب میں ترکی کا ملٹری بینڈ ترانوں پرسربکھیرے گا۔ یومِ پاکستان کی اس خصوصی تقریب میں جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کےسربراہ بھی شریک ہیں۔

    پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین صدارتی بَگھی پرسوار ہوکر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔

    یوم پاکستان کی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوارہوکرمسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔


    ایئر چیف مارشل کا شاندار فلائی پاسٹ


    ایئر چیف مارشل سہیل امان نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی۔ انہوں نے ایف 16 طیارے میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔

    ایئرچیف مارشل کی جانب سے فلائی پاسٹ کے بعد پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔


    صدرپاکستان کا فوجی پریڈ سے خطاب


    صدرِمملکت نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ آپ سب کویوم پاکستان مبارک ہو،آج کا دن ایک عزم کی کہانی بیان کرتا ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نےکہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، مگر بھارت کی جارحیت نے خطے کے امن کو داؤ پرلگادیا ہے۔

    صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ خطے میں امن اورترقی کے لیے مذاکراتکرنے کوتیار ہے، مگرساتھ ہی پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

    صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف لڑرہا ہے، پاک فوج اورعسکری و سیکیورٹی اداروں کی کوششوں سے امن کا قیام ممکن ہوا۔

    صدرممنون حسین نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے، ہمارا مقصد علاقائی اورعالمی امن کو یقینی بنانا ہے۔

    صدر مملکت نے یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت پرچین، ترکی اور سعودی عرب کے فوجی دستوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے فوجی دستوں کو بھیجنے پران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔


    چین اورسعودی عرب کے دستوں کی سلامی


    یوم پاکستان کی فوجی پریڈ میں سعودی عرب اور چین کےچاک وچوبند فوجی دستوں نے بھی سلامی دی۔

    سعودی عرب کے فوجی دستےنےسب سے پہلےسلامی دی، جس کے بعد چین کے فوجی بینڈ نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا،چینی دستے میں بری وفضائی فوج کے اہلکار بھی شامل تھے۔

    فوجی پریڈ میں چین اورسعودی عرب کی فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

    پریڈ میں ترکی کے فوجی بینڈ ’مہتر‘ نے بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا،ترکی کے بینڈ نے اپنے روایتی لباس اور سازوں کے ساتھ سلامی دی۔

    ترکی کے مہتر فوجی بینڈ کی بنیادی 1299 میں رکھی گئی تھی،اس بینڈ کا شمار دنیا کےقدیم ترین بینڈز میں ہوتا ہے۔ترک بینڈ نے’جیوے جیوے پاکستان‘ کی دھن پر پرفارمنس کی۔


    پریڈ کے دستے میں مین بیٹل ٹینک الخالد اور الضرار بھی شامل


    الخالد ٹینک کیمیائی اور ایٹمی حملے سے بچنے کی صلاحیت رکھتا ہے،جبکہ الضرار ٹینک بھی جدید ترین ٹینکوں میں شمار ہوتا ہے۔

    پریڈ کےدوران ریڈارز،ٹینکس اور فوجی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سےمنسلک دیگر جدید روایتی اورغیر روایتی ہتھیاروں کو بھی پیش کیاگیا۔

    یوم پاکستان کی فوجی پریڈ میں ساٹھ کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے نصر میزائل، 900 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والےشاہین میزائل پیش کیے گئے۔

    اس کے علاوہ 1300 کلو میٹر تک روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے والے غوری میزائل سمیت کروز میزائل بابر اوردیگرمیزائل بھی پیش کیےگئے۔

    روایتی اورغیر روایتی ہتھیاروں کےساتھ دشمن کو2700 کلومیٹر تک نشانہ بنانے والےشاہین تھری میزائل کو بھی پیش کیاگیا۔


    چاروں صوبوں کی ثقافت کا عکس


    یوم پاکستان کی پریڈ میں پاکستان کے چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی روایتی ثقافتی پریڈ بھی پیش کی گئی۔

    چاروں صوبوں کی جانب سے پیش کی جانے والی ثقافتی پریڈ میں جہاں علاقائی ثقافت کو پیش کیا گیا، وہیں صوبے کےمشہور اور تاریخی جگہوں کے ماڈل بھی پیش کیےگئے۔


    آرمی ایوی ایشن کا فلائی پاسٹ


    آرمی ایوی ایشن کی جانب سےفلائی پاسٹ میں کوبرا، پوما، فینک اور ایم آئی 17سمیت 19ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا۔سب سے پہلےدن اور رات کےدرمیان آپریشن کے لیےمفید کوبرا ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فلائی پاسٹ کیا گیا۔

    کوبراہیلی کاپٹرز کے بعد’فینک‘ ہیلی کاپٹرز کی جانب سے فلائی پاسٹ پیش کیا گیا، یہ ہیلی کاپٹرز فوج کی جانب سے فوری نقل و حرکت اور آپریشن کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

    فوجی پریڈ کی تقریب میں سب سے آخر میں ایم آئی 17 ہیلی کاپٹرز کی جانب سے بھی فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔


    پاک فضائیہ کے شیردل فارمیشن کا دلکش فضائی مظاہرہ


    پریڈ کے دوران پاک فضائیہ کےشیردل فارمیشن نے دلکش فضائی مظاہرےمیں 6 طیارے شامل تھےجنہوں نے ایک ساتھ اور علیحدہ علیحدہ آسمان کی بلندیوں میں مظاہرہ کیا۔

    پاک فضائیہ کے طیاروں نے مظاہرے کے دوران فضائوں میں لہراتے ہوئے رنگ بکھیرے اور پریڈ اوینیو سے باہر اور ہزاروں کلو میٹرز کی بلندی تک مظاہرہ کیا۔

    واضح رہےکہ اسلام آباد میں پریڈ کے موقع پرسیکیورٹی اقدامات کے تحت جڑواں شہروں میں صبح 5 بجے سے دن 3 بجےتک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔