Author: محمد صلاح الدین

  • پی آئی اے نے پریمئر سروس کے لیے حاصل کردہ طیارہ واپس کردیا

    پی آئی اے نے پریمئر سروس کے لیے حاصل کردہ طیارہ واپس کردیا

    کراچی: پی آئی اے پریمیئر سروس کے لئے مہنگی لیز پر موجود طیارہ واپس کیا جارہا ہے‘ سری لنکن ایئر کے ایئربس 330 طیارے کے لئے قومی ایئر لائن نے 19 ملین ڈالرز سے زائد ادا کئے۔

    تفصٰلات کے مطابق پی آئی اے پریمیئر کے لیے لیزپرلیے گئے طیارے کے فلائنگ آورز کی مد میں مبینہ طور پر 6 ماہ تک فی گھنٹہ 8 ہزار ڈالرزسے زائد کی ادائیگی کی جاتی رہی۔ مجموعی ادا شدہ رقم طیارے کے ساتھ موجود غیرملکی عملے کی تنخواہ،لیز رقم کی مد میں صرف ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ طیارے کی لندن سیکٹر پروازوں پر سیٹ اور لوڈ فیکٹر مبینہ طور پر پلان کے مطابق نہیں رہا۔ اگست 2016 میں حاصل کردہ طیارے کو لندن کے لئے پرئیمیر پروازوں پر استعمال کیا گیا۔

    پی آئی اے کی پریمیئرسروس ادارے کیلئے وبالِ جان بن گئی

    پریمیئر سروس کا افتتاح وزیراعظم نے گزشتہ برس 14 اگست کو کیا تھا۔ ویٹ لیز پر موجود طیارہ 8 فروری کو قومی ایئر لائن کے فلیٹ سے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ منتقل کیا گیا۔ جہاں اس طیارے پر سے قومی ایئرلائن کا مونو گرام اور پینٹ اتاراگیا۔

    یاد رہے کہ طیارے کا حصول پیپرا قوانین کے تحت مارکیٹ ریٹ پر کیا گیا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق لیز پر لیا جانے والا طیارہ نیا اور درکار ضروریات کے مطابق تھا۔ ادا شدہ رقم میں عملے کی تنخواہ سمیت تمام اخراجات شامل ہیں۔

  • سندھ میں پاسپورٹ کے اٹھارہ نئے مراکز کھل گئے

    سندھ میں پاسپورٹ کے اٹھارہ نئے مراکز کھل گئے

    کراچی: وزارتِ داخلہ کی ہدایت پر سندھ کے آٹھ شہروں میں پاسپورٹ کے اٹھارہ مراکز قائم کردیے گئے ہیں‘ جن سے عوام کو باآسانی پاسپورٹ بنانے کی سہولت میسر آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر اندرون سندھ شہریوں کو مقامی سطح پر شہریوں کو پاسپورٹ کی فراہمی کے لئے 18نئے دفاتر قائم کرنے کی منظوری دی تھی جن میں سے 10دفاتر پہلے ہی مکمل کئے جاچکے ہیں باقی 8دفاتروں میں آئندہ ہفتہ کام مکمل کرلیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اندرون سندھ مقامی سطح پر پاسپورٹ کی فراہمی کیلئے8نئے پاسپورٹ دفاتر میں درکار آلات اور عملے کی تعیناتی کا کام مکمل کیا جاچکا ہے۔

    سندھ کے جن شہروں میں نئے دفاتر قائم کیے گئے ہیں ان میں میر پور ماتھیلو، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، عمرکوٹ، ٹنڈوالہ یار، مٹیاری، ٹنڈومحمدخان اور مٹھی شامل ہیں۔

    ان علاقوں میں پاسپورٹ کے دفاتر باقاعدہ افتتاح کے بعد کام کرنا شروع کردیں گے۔ وزارت داخلہ کے مطابق ان دفاتروں میں پاسپورٹ بنانے اور ان کے حصول کیلئے مقامی سطح پر اندرون سندھ کے شہریوں کیلئے یہ سہولت فرایم کی گئی ہے اسی طرح ملک کے دیگر شہری اور دیہی علاقوں میں بھی پاسپورٹ آفس کام کئے جائیں گے۔

    آن لائن پاسپورٹ کا افتتاح

    واضح رہے کہ اس سے قبل چھوٹے شہروں میں رہنے والے افراد کو پاسپورٹ کے حصول میں انتہائی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اورمعمولی کاموں کے لیے بھی بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا۔

    علاوہ ازیں وزارتِ داخلہ آن لائن پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے کا سلسلہ بھی شروع کرچکی ہے جس کے تحت گھر بیٹھے ایک عام شہری اپنا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ کا فارم خود آن لائن بھر کر اپلائی کرسکتا ہے اور اپنا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ بنا کسی جھنجھٹ کے حاصل کرسکتا ہے۔

  • سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی‘ پی آئی اے کے پائلٹ کو شوکاز جاری

    سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی‘ پی آئی اے کے پائلٹ کو شوکاز جاری

    کراچی: قومی ائئر لائن نے سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پی آئی اے کے کپتان اورعملے کے ایک اور رکن کو شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے‘ پائلٹ نے الزام کی تردید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیپٹن انور عادل نے 20جنوری کو کراچی سے مدینہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 743کے ذریعے چھ اضافی مسافروں کو جمپ سیٹ اور کاک پٹ میں سفر کرایا تھا۔

    پی آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کیپٹن انور عادل ، سینئر پرسرحنا تراب اورٹرمینل منیجر اکبر علی شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹن انورعادل شوکاز کے بعد جہاز بھی نہیں اڑا سکیں گے۔ کیپٹن انورعادل کے خلاف قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سی اے اے بھی تحقیقات کررہی ہے۔

    دوسری جانب کیپٹن انور عادل کی اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے‘ کہ میں نے کسی بھی اضافی مسافر کو جمپ سیٹ پر نہیں بٹھایا‘ جس نے بھی مسافروں کو جمپ سیٹ پر بٹھایا ہے ان کے خلاف تحقیقات صاف اور شفاف ہونی چاہئے۔

  • مہنگی لیز پر پی آئی اے طیاروں کے حصول کی تحقیقات کا آغاز

    مہنگی لیز پر پی آئی اے طیاروں کے حصول کی تحقیقات کا آغاز

    کراچی : پی آئی اے کے فلیٹ میں لیز پر موجود 12 طیاروں کا معاملہ اہم رخ اختیار کرگیا، ایف آئی اے نے مبینہ طور پرمہنگی لیز پر طیاروں کے حصول کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر امان اللہ کی سربراہی میں ٹیم ریکارڈ اکٹھا کرنے میں مصروف ہوگئی، ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ ابتدائی ریکارڈ کی جانچ پڑتال بھی جاری ہے۔

    leasing

    اس حوالے سے طیاروں کے لیز پر حصول میں شامل انتظامی افسران کے بیانات بھی قلمبند کئے جا رہے ہیں، تحقیقات میں مذکورہ طیاروں کے لئے دیگر فضائی کمپنیوں کی ادا کردہ لیز منی سے بھی تقابل کیا جائے گا۔

    دونوں اقسام کے طیاروں کی لیز منی مبینہ طور پر نسبتاً مہنگی ہونے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، پی آئی اے نے ڈرائی لیز پر 11 ایئر بس 320 جبکہ ویٹ لیز پر ایک ایئر بس تین سو تیس طیارہ حاصل کیا تھا۔

    ایئر بس 320 طیارے چیک ریپبلک، چین اور ایئر ایشیا سے جبکہ ایئر بس 330 طیارہ سری لنکا سے حاصل کیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق انکوائری ٹیم کی جانب سے مکمل رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کی جائے گی۔

  • سول ایوی ایشن نے تمام فلائنگ کلب کی تحقیقات کا حکم دے دیا

    سول ایوی ایشن نے تمام فلائنگ کلب کی تحقیقات کا حکم دے دیا

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے تمام فلائنگ کلبز کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق فلائنگ کلبوں کے انسٹرکٹرز کے لائسنس اور چھوٹے طیاروں کی جانچ پڑتال کی جائے گی جب تک جانچ پڑتال کا عمل مکمل نہیں ہوگا اس وقت تک فلائنگ کلب تربیت کے لیے سیسنا طیارے نہیں اڑاسکیں گے۔

    فیصل آباد میں تربیتی طیارے کے حادثے کے بعد ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جس کے بعد تمام فلائنگ کلبز کو چھوٹے طیاروں کو اڑانے کی اجازت نہیں دی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں اے آروائی نیوز نے لاہور کے فلائنگ کلب کے حوالے سے نشاندہی کی تھی کہ فلائنگ کلب اسٹوڈنٹس پائلٹ لائسنس (ایس پی ایل) کے بغیر تربیت حاصل کرنے والے طالب علموں سے فلائنگ کروائی جارہی تھی جو ایوی ایشن قوانین کی سخت خلاف ورزی تھی۔

    اے آروائی کی خبر نشر ہونے کے بعد سی اے اے نے لاہور کے نجی کلب پر تحقیقات شروع کردی تھی ، جس کے بعد آج فیصل آباد طیارہ حادثہ کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام فلائنگ کلبوں کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور تربیت کیلئے پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

  • غلط بیانی پر نواز شریف گرفت میں آسکتے ہیں، ماہر عالمی امور

    غلط بیانی پر نواز شریف گرفت میں آسکتے ہیں، ماہر عالمی امور

    برسلز: بین الاقوامی تنازعات میں ثالثی کے عالمی ماہر فیصل محمد نے کہا ہے کہ اختیارات کے ناجائز استعمال، ماورائے قانون اقرباء پروری اور پارلیمنٹ کے فلور پر غلط بیانی کے جرم میں نواز شریف گرفت میں آسکتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تین دہانیوں قبل پاکستان کی سیاست میں متحرک رہنے والے فیصل محمد نے بتایا کہ ان کی معلومات کے مطابق پاکستان میں پاناما کے حوالے سے چلنے والا مقدمہ پاکستان کی آئندہ سیاست کے لیے ایک اہم راہ متعین کرے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کے متوقع فیصلے کے نتیجہ میں نہ صرف دونوں فریقین کے مستقبل کی راہیں متعین ہوں گی بلکہ کرپشن کے حوالے سے دوسری بڑی جماعتوں اور سیاسی رہنماؤں کے لیے بھی مثال قائم ہوگی اسی لیے عالمی سطح پر بھی اس مقدمہ میں دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے۔

    پاکستان میں فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوجی عدالتوں کا قیام کوئی برا نہیں، عالمی سطح پر اس کی کئی مثالیں موجود ہیں، پاکستانی فوج کے نظام انصاف میں انتہائی شفافیت موجود ہے جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے اس لیے عارضی طور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اس کے قیام کی اہمیت ہے۔

  • پی آئی اے کی مسجد کے خطیب کا میٹرک سرٹیفکیٹ جعلی نکلا

    پی آئی اے کی مسجد کے خطیب کا میٹرک سرٹیفکیٹ جعلی نکلا

    کراچی : پی آئی کی مسجد کے خطیب کا میٹرک سرٹیفکیٹ جعلی ہونے پر انتظامیہ نے شو کاز نوٹس جاری کردیا، تعلیمی بورڈ نے مذکورہ خطیب سے وضاحت طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جامع مسجد کے خطیب اور گروپ نو کے افسر کا میٹرک سرٹیفکیٹ جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، بوگس سرٹیفکیٹ پر انتظامیہ کی جانب سے خطیب مولانا عطاء الحق کو شوکاز جاری کردیا گیا۔

    مذکورہ سرٹیفکیٹ چھ سال قبل ادارے میں بھرتی کے وقت جمع کرایا گیاتھا، مسجد کے خطیب کا سرٹیفکیٹ متعلقہ تعلیمی بورڈ نے بوگس قرار دے کر انہیں شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

    pia-post-01

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سات روزمیں جعلی سرٹیفکیٹ کے حوالے سے اپنا جواب داخل کریں، جواب داخل نہ کئے جانے کی صورت میں کارپوریشن قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ مولانا عطاء الحق مسجد کے خطیب کے علاوہ ایئرلائن کے شعبہ اسلامی میں بطور مدیر بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سال 2010 میں بھرتی ہونے والے خطیب کو حال ہی میں ڈپٹی جنرل منیجر کے عہدے پر ترقی بھی دی گئی۔

    دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی نے کہا ہے کہ مولانا عطاء الحق کو قوانین کے مطابق وضاحت کے لیے کہا گیا ہے، بصورت دیگر کمپنی قوانین کے مطابق تادیبی کارروائی ہوگی۔

  • وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی کا اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر کا دورہ

    وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی کا اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر کا دورہ

    کراچی: وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے۔ سردار مہتاب احمد خان نے شہدا اے ایس ایف کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے۔ ڈی جی اے ایس ایف نے ان کا استقبال کیا۔

    s-11

    سردار مہتاب احمد خان کو اے ایس ایف کے جوانوں نے سلامی پیش کی۔ بعد ازاں انہوں نے ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل سہیل احمد خان کے ہمراہ شہدا اے ایس ایف کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

    s33

    ڈی جی اے ایس ایف نے سردار مہتاب احمد خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹ پر اے ایس ایف احسن طریقے سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔

    مشیر ہوا بازی نے اے ایس ایف کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اے ایس ایف کو مزید مستحکم اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا۔

    s-22

    سردار مہتاب احمد خان کا کہنا تھا کہ مسافروں کی حفاظت اور ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے اور اے ایس ایف کو جدید ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ جدید گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔

  • پی آئی اے کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں، مہتاب عباسی

    پی آئی اے کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں، مہتاب عباسی

    کراچی : وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے ہدایت کی ہے کہ پی آئی اے کو دوبارہ سے صف اول کی ایئر لائنوں میں شامل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے پی آئی اے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیئے اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام فیصلوں میں میرٹ اور شفافیت کو مقدم رکھا جائے۔ انتظامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو عوام کے ٹیکس کے پیسے سے چلایا جاتا ہے اور اس کے خسارے میں کمی اور ادارے کو منافع بخش بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔

    حکومت نے متعدد مواقع پر پی آئی اے کی مدد کی ہے اور اب اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ائر لائن کو درپیش مشکلات دور کرنے کا قابل عمل حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے ایئر لائن انتظامیہ سے کہا کہ وہ پی آئی اے کے تمام شعبہ جات میں بہتری کیلئے ٹھوس تجاویز پیش کریں۔

    وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کااستعمال پی آئی اے کی ترجیح ہونی چاہئے اور اور زیادہ تر سرمایہ کاری اس مد میں کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سسٹم کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ نئے سسٹم متعارف کرانے چاہئیں تا کہ تمام شعبوں میں بہتری آئے۔

    اس سے پہلے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے پی آئی اے کے مختلف شعبہ جات کے متعلق بریفنگ دی جبکہ فلائٹ آپریشنز، فلیٹ پلاننگ، مارکیٹنگ، فلائٹ سیفٹی، انجینئرنگ اینڈ مینٹینس اور ٹریننگ سینٹر کے شعبہ جات کی جانب سے فرداً فرداً بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ بقایا شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ کل دی جائے گی۔

    پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ ایوی ایشن انڈسٹری دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہے اور ائر لائنز مسلسل جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی اس کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اےکا شمار legacy ایئر لائنز میں ہوتا ہے جن میں سے کئی بند ہو چکی ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے آپ کو وقت کے ساتھ بدلتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کیا۔ انہوں نے پی آئی اے کو درپیش مشکلات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے اس سال کم گنجائش اور بڑی جسامت والے مزید طیاروں کو اپنے فضائی بیڑے میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    اس کے علاوہ آئندہ مہینوں میں نئے مقامات کیلئے پروازیں شروع کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ منافع بخش روٹس پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا ہدف جلدازجلد آپریشنل منافع حاصل کرنا ہے۔ پی آئی اے کو سب سے بڑا چیلنج پرانے قرضہ جات کی ادائیگی کا ہے۔

    معاون خصوصی کو ائر لائن کی پروازوں کی بروقت آمدورفت میں بہتری، طیاروں کے کیبن کی صفائی، دوران پرواز کھانوں میں بہتری، اور نیٹ ورک کو وسعت دینے کے بارے میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

    انہیں بتایا گیا کہ 2015 ؁ء کی نسبت اس سال2016 ؁ء میں پی آئی اے سے 11 لاکھ زائد مسافروں نے سفر کیا جبکہ اندرون ملک مارکیٹ شیئر میں 19 فیصد اور بیرون ملک مارکیٹ شیئر میں 3 فیصد اضافہ بھی ہوا ہے۔ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر سید یاور علی اور سیکریٹری ایوی ایشن اور قائم مقام چیئرمین پی آئی محمد عرفان الہٰی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

  • پی آئی اے کے پائلٹ نے مسافروں کو کاک پٹ میں بٹھا لیا

    پی آئی اے کے پائلٹ نے مسافروں کو کاک پٹ میں بٹھا لیا

    کراچی : پی آئی اے کے پائلٹ نے ایئر ہوسٹسز کیلئے مختص نشستوں پر مسافروں کو بٹھا لیا، مسافروں کو کراچی سے مدینہ کیلئے سفر کرایا گیا، معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کا ایک اور کارنامہ سامنے آیا ہے، پی آئی اے کے پائلٹ نے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے فضائی میزبانوں کے لئے مختص نشستوں پرمسافروں کو سفر کرا ڈالا، کپتان انورعادل 4 افراد کو جمپ سیٹ اور 2 کو کاک پٹ میں بٹھاکر لے گیا۔

    ذرائع کے مطابق کیپٹن انورعادل نے مسافروں کو کراچی سے مدینہ کے لئے سفر کرایا، جہاز کے جمپ سیٹ پر صرف کیبن کریو کے بیٹھنے کی اجازت ہوتی ہے جبکہ خاص تعداد سے زائد مسافروں کی جمپ سیٹ پر موجودگی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    نشستوں کی دستیابی کی صورت میں اضافی مسافر پرواز پر لئے جاتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ عملے کے انکار پر کپتان نے پرواز نمبر 743 پر مسافروں کو لینے کے لئے اختیارات استعمال کئے۔

     اطلاع ملنے پر معاملے کی تحقیقات کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کمیٹی قائم کر دی ، کپتان اورفرسٹ افسرعدیل حامد کیخلاف تحقیقات کاحکم دے دیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، ذمہ داران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔