Author: محمد صلاح الدین

  • کراچی میں آگ بجھانے کا نظام خطرے میں

    کراچی میں آگ بجھانے کا نظام خطرے میں

    کراچی:شہر ِ قائد کے بلدیاتی افسران کی غفلت سے سینٹرل فائر اسٹیشن سمیت 11فائر اسٹیشن بند ہوگئے جبکہ فائر بریگیڈ کی18گاڑیاں بھی خرا بی کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں 18 گاڑیوں کی مرمت کا کام فنڈز کی کمی کے سبب التوا کا شکار ہے جس کے سبب شہر کے 11 فائراسٹیشن شہریوں کو کسی بھی قسم کی فوری ریلیف فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بند ہونے والے فائر اسٹیشن میں ناظم آباد،شاہ فیصل کالونی،سوک سینٹر،بولٹن مارکیٹ،ماڑی پور ٹرک اڈہ،گلشن اقبال،گلشن معمار،ملیر سمیت دیگر شامل ہیں۔

    گڈانی سے پُرتعیش ہوٹل تک، حفاظتی اقدامات صفر

     چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی نے 11 فائر اسٹیشن بند ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے48فائر ٹینڈروں میں سے صرف11گاڑیاں کام کر رہی ہیں۔

    اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اگر کہیں بھی بڑی آگ لگ گئی تو اس پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ کے پاس گاڑیاں نہیں ہیں۔تمام فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو ٹھیک کرنے کے لئے کم از کم دس کروڑ روپے درکار ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک اسنارکل اور ایک ٹرن ٹیبل لیڈر صرف کام کر رہی ہیں ‘ دو اسنارکل خراب کھڑی ہیں ، جس کی مرمت کے لئے اعلی ٰحکام کو آگاہ کیا جاچکا ہے۔

    دوسری جانب سندھ حکومت کا موقف ہے کہ کراچی پیکج میں 57 کروڑ روپے محکمہ کی اپ گریڈیشن کے لئےمختص کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت اور کراچی کی بلدیاتی انتظامیہ کے درمیان فنڈز کی فراہمی اور اختیارات کی منتقلی کا معاملہ خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔ اس سیاسی کشمکش کا خمیازہ ملک کے سب سے بڑے شہر کو عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

  • قومی ایئرلائن کے اہم عہدوں پرقائم مقام افسران تعینات

    قومی ایئرلائن کے اہم عہدوں پرقائم مقام افسران تعینات

    کراچی : قومی ائیر لائن کے اعلیٰ انتظامی عہدے قائم مقام افسروں کے رحم‘ پر کوئی آفیسر مستقل تعینات نہیں ہے. پی آئی اے میں ایک سے زائد عہدے دینے کی روایت بھی عام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن قائم مقام اور اضافی چارجزپربراجمان عہدیداروں کا گڑھ بن گئی ہے۔ قائم مقام چیف ایگزیکٹیو آفیسرکوقائم مقام چیف آپریشن آفیسربھی بنادیاگیاہے۔

    دوسری جانب چیف آپریشن آفیسرکیپٹن قاسم حیات کی مدت ملازمت ختم ہونے ہونیوالی ہے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ ان کے پاس بھی اضافی چارجز تھے۔ لہذا وہ بھی دوران ملازمت دو چارجز سے لطف اندوز رہے ۔

    باخبر ذرائع کے مطابق کپٹن قاسم حیات کے چھٹی پرجانے کےبعد ایکٹنگ چارج سی ای اوکودے دیاگیا ہےجبکہ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ سی ای اوبرنڈ ہیلڈن برنڈ کے پاس بھی ایکٹنگ چارج ہے۔

    حاصل کردہ معلومات کے مطابق انتہائی اہم عہدوں پربراجمان جرمن شہری کی گیارہ ماہ بعد بھی سیکورٹی کلیئرنس نہیں ہوئی ہے ۔ ذرائع نے بتا یا کہ جرمن شہری کے پاس دودوایکٹنگ چارجز ہیں۔ائیر لائن کے قانون کے مطابق بغیرسیکورٹی کلیئرنس کے دواہم عہدےدینامجرمانہ غفلت ہے۔ جس پر حساس اداروں کوتحفظات ہیں۔

    ذرائع نے بتا یا کہ کے چیئرمین کے مستعفی ہونے والے چئیرمین پی آئی اے کا عہدہ اضافی طورسیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن ہے پاس ہے ۔

  • سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پرجرمانہ عائد کردیا

    سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پرجرمانہ عائد کردیا

    کراچی : سعودی ایئرپورٹ اتھارٹی نے قومی ایئرلائن پر مسافروں کا سامان پاکستان چھوڑکر آنے پر دس ہزار ریال کا جرمانہ عائد کردیا۔ مسافروں نے سامان کی عدم دستیابی پر پی آئی اے کیخلاف شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ اورلاجواب سروس کا نعرہ لگانے والی قومی ائیر لائن پی آئی اے سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے جس پرسعودی ایوی ایشن کی جانب سے ادارے کو بھاری جرمانہ بھی کردیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کی پروازیں کراچی لاہور اور دیگر علاقوں سے آنے والے مسافروں کا سامان چھوڑ کر سعودی عرب آرہی ہیں، جدہ اور مدینہ ایئرپورٹ پہنچنے پر مسافر اپنا سامان نہ ملنے پر سراپا احتجاج ہیں، مسافروں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے پی آئی اے پر اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا۔

    صورتحال کا سعودی ایوی ایشن نے نوٹس لے لیا۔ سعودی ایئرپورٹ اتھارٹی نے مسافروں کو سامان آنے تک پی آئی اے انتظامیہ پر ہوٹل اور سو یو ایس ڈی جرمانے کا حکم دیا ہے۔

  • پی آئی اےنے مسافروں کے لیے انٹرنیٹ سروس متعارف کرادی

    پی آئی اےنے مسافروں کے لیے انٹرنیٹ سروس متعارف کرادی

    کراچی: قومی ائیرلائن نے آج سےاپنی چند بہترین اندرون ملک پروازوں پرمسافروں کے لیے انٹرنیٹ کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اس سسٹم کو مسافر اپنے موبائل فون‘ ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپ سے منسلک کر کے اپنی پسند کی انٹرٹینمنٹ دیکھ اور سن سکیں گے۔

    شروع میں یہ سہولت کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کے درمیان پروازوں پر حاصل ہو گی جن میں پرواز PK300, PK-301, PK302, PK 303, PK304,PK305,PK308اورُPK309 شامل ہیں۔

    پہلے مرحلے میں 30گھنٹے کا انٹرٹینمنٹ دستیاب ہوگا جس میں ڈرامے‘ کامیڈی پروگرام‘ بچوں کی فلمیں‘ تلاوت ‘ ڈاکومینٹریز، حفاظتی فلمیں‘ اردو فلمیں اور گانے شامل ہیں۔

    دوسرے مرحلے کےلئے کام جاری ہے جس میں ایک ایپلی کیشن کے ذریعے انگریزی فلمیں، بچوں کےلئے گیمز اور نقشہ جات شامل ہوں گے۔

    اس سسٹم کو آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے اور مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی آراء کے بعد اگلے چند ہفتوں میں اس کو دوسری پروازوں پر بھی شروع کر دیا جائے گا۔

    قومی ایئر لائن نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ اس نئے سسٹم کے بارے میں ایئر لائن کو اپنی رائے سے آگاہ کریں۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے ان دنوں مالی مشکلات  کا شکار ہے کچھ روز قبل ادارےکے ملازمین کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تھا۔

  • پی آئی اے لندن آفس میں کروڑوں روپے کی خورد برد کا انکشاف

    پی آئی اے لندن آفس میں کروڑوں روپے کی خورد برد کا انکشاف

    اسلام آباد: پی آئی اے کی انٹرنل آڈیٹر ٹیم نے لندن آفس میں ہونے والے آڈٹ میں کروڑوں روپے کی خورد برد کا انکشاف کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے لندن آفس میں کروڑوں روپے کی خورد برد کا انکشاف ہوا ہے۔ پی آئی اے کی انٹر نل آڈیٹر ٹیم نے لندن آفس میں ہونے والی آڈٹ میں خلاف ورزیوں کی نشاندہی کردی۔

    پی آئی اے کے فنانس مینیجرلندن نے اظہر جاوید حسین نامی مارکیٹنگ اسسٹنٹ کو سیلز پروموشن آفیسر کے نام پر 30 ہزار پاؤنڈ غیر قانونی طریقے سے جاری کیے۔

    مذکورہ افسر نے ایک سال کے دوران الاؤنسز کی مد میں 30 ہزار پاؤنڈ وصول کیے۔

    پی آئی اے کی آڈیٹر ٹیم نے لندن فنانس مینیجر کو مذکورہ افسر کے خلاف کاروائی کی ہدایت جاری کردی۔

  • نصف تنخواہوں کی ادائیگی‘ ایئرلیگ کا احتجاج

    نصف تنخواہوں کی ادائیگی‘ ایئرلیگ کا احتجاج

    کراچی: قومی ایئر لائن میں نصف تنخواہوں کی ادائیگی کے خلاف ائیر لیگ نے پی آئی اے ہیڈ آفس پر مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایئر لیگ کے مرکزی صدر نے خطاب کرتے ہوئے لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے اعلیٰ افسران کی تنخواہ میں کٹوتی کا مطالبہ کیا ۔

    ان کا کہناتھا کہ لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے افسران کی مراعات میں کٹوتی کے بجائے ملازمین کونصف تنخواہ کی ادائیگی ناانصافی ہے۔

    ایئرلیگ کے صدر نےقومی ایئرلائن کی انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غلط فیصلوں کے سبب ایئر لائن ابتر صورتحال کا شکار ہے۔

    pia-post

    انہوں نے انتظامیہ پرغلط فیصلوں کے ذریعے ایئرلائن کومزیدابتری کی طرف لیجانے کا الزام عائد کرتے ہوئے قومی ایئرلائن کے لیے طیاروں کی خریداری سمیت قرضوں کی ری شوڈلنگ کی سہولت کی فراہمی کے باجودایئرلائن کی تنزلی کے بارے میں سوال اٹھایا۔

    مظاہرین نے انتظامیہ کومعاملات ٹھیک کرنے کے لیے الٹی میٹم دیتے ہوئے حکومت سے رابطہ کرنے کی بھی وارننگ دے دی۔

  • پی آئی اے مالی بحران کا شکار، ملازمین تنخواہ سے محروم

    پی آئی اے مالی بحران کا شکار، ملازمین تنخواہ سے محروم

    کراچی : پی آئی اے کا مالی بحران سنگین ہوگیا، ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کیلیے ادارے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اربوں روپے خسارے میں چلنے والے قومی ادارے پی آئی اے کا مالی بحران ایک بار پھر مزید شدت اختیار کرگیا ہے، شدید مالی بحران کے باعث ملازمین کی اس ماہ تنخواہیں ایک بار پھر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے، اس کے علاوہ ڈیلی ویجر ملازمین بھی تنخواہوں سے محروم ہیں، انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو ماہ دسمبر کی تنخواہ دو حصوں میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے متعلقہ بینک حکام کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ ملازمین کو نصف تنخواہ کی ادائیگی کی جائے اور باقی آدھی تنخواہ بعد میں ادا کی جائے جس کی تاریخ کا تا حال کوئی تعین نہیں کیا گیا۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی گزشتہ کئی ماہ سے سات تا دس تاریخ کو کی جا رہی ہے، ملازمین کی تنخواہوں کا ماہانہ حجم ایک ارب چھ کروڑ روپے ہے۔

    یاد رہے کہ پی آئی اے پہلے بھی سی اے اے اورفیول کمپنیوں کے اربوں روپے کی مبینہ نادہندہ ہے۔

  • سول ایوی ایشن حکام نے مسافرکا نوٹوں سے بھرا بٹوہ واپس کردیا

    سول ایوی ایشن حکام نے مسافرکا نوٹوں سے بھرا بٹوہ واپس کردیا

    اسلام آباد : سول ایوی ایشن حکام نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے بے نظیر انٹربیشنل ایئر پورٹ پرایک مسافر کے گرنے والے بٹوے  کو اس کے مالک تک پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر 30 دسمبر 2016 کو ایک مسافر کا انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج بی بی آئی اے پی میں بٹوہ گرگیا۔ وائلٹ میں تقریباً دس ہزار درہم اور صرف ایک یو اے ای بنک کا کریڈٹ کارڈ موجود تھا اورکوئی شناخت یا رہائشی پتا موجود نہیں تھا۔

    سی اے اے کے پسنجر فیڈ بیک اور سوجیشن سیل نے تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے سی سی ٹی وی نیٹ ورک کی مدد سے مسافر کی شناخت کی اور یو اے ای بینک اور امیگریشن سے رابطہ کرکے مسافرکا پتا معلوم کیا۔

    مزید پڑھیں : لاہور ایئرپورٹ: پورٹر نے مسافر کے گمشدہ ڈھائی لاکھ روپے واپس کردیے

    مذکورہ شخص قبائلی علاقہ جات متصل ڈی آئی خان کا رہائشی ہے اور اس کا نام شبیر مومن ہے۔ آج مورخہ 6 جنوری کو ائیر پورٹ مینجر بی بی آئی اے پی امان اللہ علوی نے شبیر مومن کو ائیر پورٹ پروائلٹ بمعہ رقم اس کے حوالے کر دیا۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی ڈرائیور کی دیانت داری، 17 لاکھ درہم واپس لوٹا دیے

    یاد رہے کہ اس سے چند روز قبل بھی سی اے اے نے کنکورس ہال میں فرش پر گرے  30,000 روپے کی رقم سی سی ٹی وی کی مدد سے مالک تلاش کر کے اس کے حوالے کی تھی۔

     

     

  • سینیٹ نے پی آئی اے کی بہتری کیلئے تجاویزطلب کرلیں

    سینیٹ نے پی آئی اے کی بہتری کیلئے تجاویزطلب کرلیں

    کراچی : سینیٹ کمیٹی نے پی آئی اے کے سی ای او سے اسرائیلی فلم کے لئے ایئر بس طیارے کی فروخت کے معاملے پر وضاحت طلب کرتے ہوئے مسافروں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کی ہدایت کی ہے، انتظامیہ سے پی آئی اے کی بہتری کیلئے ایک ہفتے میں تجاویز طلب کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی سب کمیٹی برائے پی آئی اے کا اجلاس سینیٹر مظفر حسین شاہ کی سر براہی میں پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس میں سینیٹر عبدالقیوم، فرحت اللہ بابر اور دیگر نے شر کت کی، اجلاس میں حویلیاں طیارہ حادثہ سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔

    کمیٹی کے سربراہ سینیٹر مظفر شاہ نے اسرائیلی فلم کے لئے ایئر بس طیارے کی فروخت کے معاملے پر سی ای او ہلڈن برنڈ سے وضاحت طلب کرلی۔ اس حوالے سے گزشتہ اجلاس میں دی گئی مدت کے دوران خصوصی رپورٹ پیش نہ کئے جانے پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا۔

    اجلاس میں لندن کی پروازوں میں گندگی کے علاوہ پرواز کو کراچی سے براہ راست آپریٹ نہ کئے جانے پر بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔ اسلام آباد اور لاہور کے راستے کراچی کے مسافروں کی روانگی کے ضمن میں درپیش مشکلات کے خاتمے کی ہدایت بھی کی گئی۔

    کمیٹی سربراہ کا کمنٹس کارڈ اور بذریعہ ای میل شکایات کا جواب نہ دینے پر ڈائریکٹر کسٹمر سروسز تبسم قادرپرشدید اظہاربرہمی کیا گیا۔ اجلاس میں انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ 3 سو بلین سے زائد گزشتہ چلے آنے والے قرضوں سے چھٹکارے کے بغیرایئرلائن کی بہتری ممکن نہیں، اخراجات کے مقابلے میں ماہانہ پانچ بلین سے زائد کیش فلو کی کمی بھی دشواریوں کا سبب ہے۔

    سینیٹر جنرل (ر) قیوم نے کہا کہ ایئرلائن کی ری اسٹرکچرنگ اور بزنس پلان کے علاوہ بہتر فیصلوں سے بہتری لائی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ خسارے کی رقم اگر حکومت ادا بھی کر دے تو کیا گارنٹی ہے کہ لوگ دوبارہ لوٹنا شروع نہیں کر دیں گے؟

    سینیٹر مظفرشاہ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ ایئرلائن کی بہتری کے لئے ایک ہفتے کے اندر خصوصاً کیش فلو اور بزنس پلان کے حوالے سے ٹھوس تجاویز ہمیں فراہم کرے، بورڈارکان کو ایئر لائن معاملات سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک رکن چیئرمین باٹلنگ، برطانیہ سے اسکولنگ کے بجائے ایوی ایشن سے تجربے کے حامل افراد کو بورڈ ارکان لگائے جائیں، کمیٹی کے سربراہ نے عمر رزاق نامی افسر اور ڈائریکٹر کسٹمر سروسز تبسم، کمپنی سیکرٹری اور دیگر ڈائریکٹرز کی تعلیمی قابلیت اور تین ڈائریکٹرز کی اسائنمنٹس کے بغیر تعیناتی پر تعجب کا اظہار کیا۔

    انہوں نے سوال کیا کہ ایک سال سے زائد عرصے سے متعدد افسران کو کام کے بغیر لاکھوں کی ادائیگیاں کیوں کی جا رہی ہیں۔

  • میئر کراچی کو قبضہ کیے گئے پلاٹ پر داخلے سے روک دیا گیا

    میئر کراچی کو قبضہ کیے گئے پلاٹ پر داخلے سے روک دیا گیا

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے شہر قائد کا دورہ کیا۔ اس موقع پرمئیر کو کلفٹن میں قبضہ کئے گئے ایک پلاٹ پر داخل ہونے سے روک دیا گیا، وسیم اختر نے نالے پر قبضہ کی گئی دیواروں کو گرانے کے احکامات جاری کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر شہر قائد کے دورے پر نکلے اورمختلف نالوں کا جائزہ لیا، کلفٹن میں نہر خیام کے نالے پر قبضہ کئے گئے پلاٹ پرمئیر کراچی نے داخل ہونے کی کوشش کی تو ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی گارڈ نے انہیں روک دیا۔ جس کے بعد وسیم اختر نے نالے پر قبضہ کئے گئے پلاٹ کی دیواروں کو فوری طور پر گرانے کے احکامات جاری کردیئے۔

    مئیر وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کے نالوں پر بڑ ے بڑے لوگوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، قبضہ مافیا مضبوط ہوتا جارہا ہے۔

    صحافی کی جانب سے میئرکراچی سے گجرنالے پر قائم غریبوں کی بستی توڑ نے کا سوال کیا گیا تو وسیم اختر نے کہا کہ پرانی باتوں کی نہیں آج کی بات کریں۔ اس موقع پر مئیرکراچی ایم کیوایم لندن کے حوالے سے کیے گئے سوال پرگفتگو ختم کرکے چلے گئے، مئیر کراچی کے ہمراہ کے ایم سی کے دیگر افسران بھی مو جود تھے۔